کراچی: ایرانی قونصل جنرل حسن نوریان کا کہنا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان سیاحت کے فروغ کے لیے کراچی سے 3 ایرانی فضائی کمپنیاں سروس فراہم کر رہی ہیں، جب کہ سیاحوں کو آن ارائیول ویزہ سہولت فراہمی کے لیے بھی کارروائی جاری ہے۔
کراچی کے مقامی ہوٹل میں ’’ایران تصاویر کے آئینے میں‘‘ کے عنوان سے تیسری کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، قونصل جنرل ایران نے اس کانفرنس کے ذریعے دونوں ممالک کے درمیان سیاحت کے فروغ کے عزم کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے بارڈر پر تجارتی سرگرمیوں کو سمندری راستے تک توسیع دی جائے گی۔
صوبائی وزیر سید ناصر حسین شاہ نے اس موقع پر کہا کہ باہمی تجارت دنوں ممالک کی معیشیت کے لیے بہتر ہے۔
اس کانفرنس میں ایران کے ثقافتی ورثے، مذہبی و تاریخی عمارات سمیت کئی ہزار سال پرانی تاریخ، موسیقی اور مختلف سیاحتی مقامات کے حوالے سے ویڈیوز بھی دکھائی گئیں۔ کانفرنس میں معروف تاریخ دان اور محقق افتخار صلاح الدین نے ایران کے مختلف ادوار میں طرز حکمرانی، شاعری، اور ثقافت پر مبنی ویڈیوز کے ذریعے مفصل جائزہ پیش کیا۔
کانفرنس میں شہر کے تاجروں، صنعت کاروں اور مختلف سفارت کاروں نے شرکت کی۔