Tag: Iraq

  • امریکی کمپنی کے زیر انتظام عراقی ایئر بیس پر راکٹوں سے حملہ

    امریکی کمپنی کے زیر انتظام عراقی ایئر بیس پر راکٹوں سے حملہ

    بغداد: عراق کے بلاد ایئر بیس پر پانچ راکٹوں سے حملہ کیا گیا ہے، تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں آئی۔

    تفصیلات کے مطابق عراق میں قائم بلاد ایئر بیس پر بدھ کی شام کو پانچ راکٹ داغے گئے تھے، عراقی سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ دو راکٹ جس علاقے میں گرے وہاں کوئی نقصان نہیں ہوا۔

    اے ایف پی کے مطابق اس علاقے کو پہلے بھی متعدد بار راکٹ حملوں سے نشانہ بنایا گیا ہے، بغداد کے شمال میں واقع بلاد ایئر بیس پر سیلی پورٹ نامی امریکی کمپنی، عراق کے ایف 16 لڑاکا طیاروں کی دیکھ بھال اور مرمت کی خدمات انجام دیتی ہے۔

    عراقی فوج اور سیکیورٹی ادارے کے عہدے دار نے بتایا کہ راکٹ بغداد انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر قائم ایک فوجی اڈے کے قریب بھی مارے گئے ہیں، راکٹ حملے کے باعث یہاں پر کام کرنے والی کمپنی کے کم از کم تین غیر ملکی اور ایک عراقی ملازم زخمی ہوا۔

    اس کے علاوہ ایک راکٹ سے ایئر پورٹ کے اس علاقے کو نشانہ بنایا گیا جو امریکی فوجی طیاروں کے زیر استعمال رہتا ہے۔

    عراقی حکام کا کہنا ہے کہ یہ راکٹ حملے ایسے ڈرون کے ذریعے کیے گئے ہیں جو ایران نواز گروپس کی جانب سے استعمال کیے جاتے ہیں، امریکا بھی عام طور پر ایسے حملوں کا الزام ایران کے حمایت یافتہ گروہوں پر لگاتا آ رہا ہے۔

    خیال رہے کہ مذکورہ ایئر بیس پر کام کرنے والے ملازمین کو امریکی کمپنی ہیڈ مارٹن گزشتہ ماہ ہی سیکیورٹی خدشات کے باعث ہٹا چکی تھی۔ ان راکٹ حملوں کے ذریعے واشنگٹن پر اپنے باقی تمام اہل کاروں کو عراق سے واپس لے جانے کے لیے دباؤ ڈالنے کا حربہ بھی سمجھا جا رہا ہے۔

  • عراق میں بھی سیاہ پھپھوندی سے دو مریضوں کی موت ہو گئی

    عراق میں بھی سیاہ پھپھوندی سے دو مریضوں کی موت ہو گئی

    نصیریہ: کرونا وائرس کی طرح کمزور قوت مدافعت والے افراد کو نشانہ بنانے والی بیماری سیاہ پھپھوندی (بلیک فنگس) عراق بھی پہنچ گئی ہے، بھارت میں اس بیماری پہلے ہی 200 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق عراقی ضلع ذی قار میں سیاہ پھپھوندی کے مرض سے پہلے دو افراد کی موت رپورٹ کی گئی ہے، محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ سرکاری سطح پر سیاہ پھپھوندی سے پہلی موت ایک ایسے شخص کی رپورٹ ہوئی ہے جس کی آنکھ میں اس کا انفیکشن ہوا تھا۔

    جنوبی عراق کے طبی ذرائع کا کہنا ہے کہ مریض میں بلیک فنگس کی تشخیص اس کی موت کے بعد کی گئی، فنگائی اس کی آنکھ میں ظاہر ہوئی تھی، اس تشخیص کے بعد ڈاکٹرز کو تشویش ہوئی کہ اسی طرح کے دیگر کیسز میں بھی اموات واقع ہو چکی ہیں لیکن ان میں بلیک فنگس کی تشخیص نہیں ہو سکی تھی۔

    ذی قار کے محکمہ صحت کی خاتون ترجمان عمار الزمیلی نے پیر کو اپنے بیان میں کہا کہ ضلع میں سیاہ پھپھوندی سے پہلی دو اموات رپورٹ ہوئی ہیں، دونوں اموات شہر نصیریہ میں واقع ہوئیں۔

    ترجمان نے بتایا کہ سیاہ پھپھوندی کا مرض کمیاب ہے، جو سڑی ہوئی چیزوں سے لگتا ہے، اور یہ مٹی، قدرتی کھاد، سڑے پھلوں اور سبزیوں میں پایا جاتا ہے۔ یہ ہڈیوں کے درمیان موجود خلا، دماغ اور پھیپھڑوں کو متاثر کرتا ہے اور ذیابیطس اور کم زور قوت مدافعت والے مریضوں کے لیے خطرے کی علامت ہے۔

    انھوں نے کہا کہ نصیریہ میں بلیک فنگس کا انکشاف ایک مریض کی موت پر اتفاقی طور پر ہوا ہے، ابتدائی طور پر مذکورہ شخص کی موت کے کاغذات میں وجہ موت آنکھ میں فنگس لکھا گیا تھا، تاہم ایک اسپیشلسٹ ڈاکٹر نے جب تجزیہ کیا تو معلوم ہوا کہ وہ سیاہ فنگس تھا۔

    اس سے قبل پیر کو ہی وزارت صحت میں ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر جنرل عبدالعامر الحلفی نے ایک میڈیا بریفنگ میں کہا تھا کہ عراق سیاہ پھپھوندی کے مرض سے پاک ہے، وزارت کے پاس ایسا کوئی ریکارڈ نہیں ہے جس میں کہا گیا ہو کہ بھارت سے آئے ہوئے عراقی شہریوں میں سیاہ پھپھوندی کا انفیکشن موجود تھا۔

    خیال رہے کہ بھارت سے آنے والے عراقی شہریوں کے لیے دو ہفتوں پر مشتمل قرنطینہ لازمی قرار دیا جا چکا ہے۔

    سیاہ پھپھوندی کے مرض سے بھارت میں دو ہزار سے زیادہ مریض ہلاک ہو چکے ہیں، جب کہ تقریباً 10 ہزار مریضوں میں ان علامتوں کی تشخیص ہوئی تھی۔

  • عراق: کرونا مریضوں پر قیامت ٹوٹ پڑی، 27 جل کر جاں بحق

    عراق: کرونا مریضوں پر قیامت ٹوٹ پڑی، 27 جل کر جاں بحق

    بغداد: عراق میں کرونا وائرس کے اسپتال میں آگ لگنے سے 27 افراد جاں بحق ہو گئے، جب کہ 46 افراد زخمی ہوئے۔

    تفصیلات کے مطابق عراق کے دارالحکومت بغداد میں ایک نہایت افسوس ناک واقعہ پیش آیا، دارالحکومت کے اسپتال ابن الخطیب میں گزشتہ رات خوف ناک آتش زدگی ستائیس افراد جاں بحق ہو گئے۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق آگ کرونا وائرس کے آئی سی یو میں آکسیجن کا سلنڈر پھٹنے سے لگی، اسپتال ذرائع کے مطابق آئی سی یو میں اچانک آگ بھڑکی جس سے آکسیجن ٹینک پھٹ گیا، جس سے شعلے بہت تیزی سے پھیل گئے۔

    عراق کے وزیر اعظم نے واقعے کی فوری تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے 3 روزہ سوگ کا اعلان کر دیا، دوسری طرف واقعے پر عوام میں شدید غم و غصہ پھیل گیا ہے اور مطالبہ کیا گیا ہے کہ اعلیٰ سطح کے عہدے داروں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔

    ادھر سول ڈیفنس حکام کا کہنا تھا کہ اسپتال میں آگ سے بچاؤ کا کوئی سسٹم موجود نہیں تھا، اور ناقص چھتوں نے شعلوں کو آگ پکڑنے والی دیگر اشیا تک آسانی سے پھیلا دیا۔

    اپنے بھائی کی عیادت کے لیے اسپتال آنے والے ایک عینی شاہد نے بتایا کہ جب آگ بھڑکی تو لوگ کھڑکیوں سے کودنے لگے کیوں کہ ایمرجنسی یونٹ میں آگ بہت تیزی سے پھیل رہی تھی۔

    ایک اور مریض کے رشتہ دار نے میڈیا کو بتایا کہ شروع میں ایک دھماکا ہوا، جس کے بعد افراتفری مچ گئی، کئی ڈاکٹر گاڑیوں پر جا کر گر گئے تھے اور لوگ چھلانگیں مار رہے تھے۔

    عراقی سول ڈیفنس یونٹ کے سربراہ کا کہنا تھا کہ اسپتال سے 120 مریضوں اور رشتہ داروں میں سے 90 کو بچایا گیا۔

  • پوپ فرانسس عراق کے ’تاریخی‘ دورے پر نجف پہنچ گئے

    پوپ فرانسس عراق کے ’تاریخی‘ دورے پر نجف پہنچ گئے

    بغداد: رومن کیتھولک کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس عراق پہنچ گئے ہیں، اپنے دورے میں وہ دنیا کی سب سے قدیم مسیحی برادری سے ملاقات کریں گے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق پوپ فرانسس کا یہ عراق کا پہلا دورہ ہے، اپنے اس تاریخی دورے میں وہ عراق کے عالم آیت اللہ علی السیستانی سے ملاقات کرینگے اس کے علاوہ پوپ فرانسس وزیراعظم اور صدر کے علاوہ دیگر اعلیٰ حکام کے ساتھ بھی ملیں گے۔

    دورہ عراق میں پوپ فرانسس سیریاک کیتھولک چرچ کا دورہ کریں گے،اس موقع پر وہ سیکیورٹی خدشات اور کورونا وائرس کی وبا کے باوجود دنیا کی سب سے قدیم اور امتیازی سلوک کا شکار مسیحی برادری سے ملاقات کریں گے۔

    بغداد ایئرپورٹ پہنچنے پر عراقی وزیراعظم نے پوپ فرانسس کا استقبال کیا، ایئرپورٹ پر پوپ فرانسس کے لیے ایک تقریب کا بھی اہتمام کیا گیا جس میں عراقی شہریوں نے روایتی رقص پیش کیا۔

  • افغانستان اور عراق سے امریکی فوجیوں کی واپسی کا فیصلہ

    افغانستان اور عراق سے امریکی فوجیوں کی واپسی کا فیصلہ

    واشنگٹن : وائٹ ہاؤس نے افغانستان اور عراق سے امریکی فوجیوں کی واپسی کا فیصلہ کرلیا ہے، رواں سال دسمبر تک افغانستان اور عراق سے2500 فوجی واپس آجائیں گے۔

    اس حوالے سے امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ افغانستان سے 2ہزار اور عراق سے 500 فوجی واپس بلائے جارہے ہیں، افغانستان میں اس وقت 4500 اور عراق میں3000 امریکی فوجی تعینات ہیں۔

    امریکی میڈیا کے مطابق دونوں ممالک سے امریکی فوجیوں کی کمی کا فیصلہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کیا ہے، دوسری جانب سینئر ملٹری کمانڈرز نے افغانستان سے فوجیوں کی کمی کے فیصلے کی مخالفت کر دی ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ امریکی چیئرمین جوائنٹ چیف آف اسٹاف جنرل مارک نے ٹرمپ کے فیصلے کی مخالفت کی ہے اس کے علاوہ سینٹریل کمانڈ کے سربراہ جنرل میک کینزی کی جانب سے بھی ٹرمپ کے اس فیصلے کی مخالفت کی جارہی ہے۔

    اس حوالے سے امریکی کمانڈرز کا کہنا ہے کہ افغانستان سے افواج میں کمی کا فیصلہ موسم گرما تک مؤخر کیا جائے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز امریکا کے نئے قائم مقام وزیر دفاع نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ امریکا القاعدہ کو شکست دینے کے لیے پُرعزم رہا ہے اور القاعدہ کو شکست دینے کے قریب ہے لیکن اب ایک گمبھیر صورتحال ہے جہاں ہم قیادت سے معاون کے کردار میں آرہے ہیں۔

    وزارت دفاع کے بیان میں کہا گیا تھا کہ جنگوں کا خاتمہ سمجھوتا اور ساتھ مانگتا ہے، ہم نے چیلنجز کا مقابلہ کیا ہے اور اپنا سب کچھ دیا،اب گھر واپسی کا وقت ہے۔

  • ایران ،عراق اور شام میں مقدس مقامات کی زیارت پر جانے والوں کیلئے بڑی خوشخبری

    ایران ،عراق اور شام میں مقدس مقامات کی زیارت پر جانے والوں کیلئے بڑی خوشخبری

    اسلام آباد : ایران،عراق اور شام میں مقدس مقامات کی زیارت سے متعلق پالیسی تیار کرلی گئی، کراچی سے عراق فیری سروس شروع کی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق ایران،عراق اور شام میں مقدس مقامات کی زیارت سے متعلق پالیسی تیار کرلی گئی ، وزیرمذہبی امورکی سربراہی میں ذیلی کمیٹی نےپالیسی کو حتمی شکل دی، کمیٹی میں شیریں مزاری،علی زیدی،ندیم افضل چن،عاصم سلیم باجوہ شامل تھے۔

    مجوزہ پالیسی کے مطابق زائرین اور ٹورآپریٹرز کو وزارت مذہبی امور میں رجسٹرڈ کیا جائے گا، کوئٹہ، تفتان میں زائرین کی رہائش کیلئے انتظامات کئے جائیں گے۔

    پالیسی میں کہا گیا کوئٹہ تفتان روڈپرسروس ایریا تعمیرکئے جائیں گے، کراچی سےعراق فیری سروس شروع کی جائےگی جبکہ مستقبل میں گوادرسےعراق فیری سروس بھی شروع کی جائےگی، کراچی سےفیری سروس سے سفر کو سستا اور محفوظ بنایا جائے گا۔

    زیارت پالیسی کا حتمی مسودہ کابینہ سے منظوری کیلئے پیش کیا جائے گا ، وفاقی وزیرمذہبی امورنورالحق قادری نے کہا کہ زائرین کی سہولت کے لیے جامع زیارت پالیسی بنارہےہیں، زائرین کی صحت وسہولت کوبطورخاص مدنظررکھاجائےگا۔

  • کورونا کی نئی لہر، عراق نے پی آئی اے کی خصوصی پروازوں کا  اجازت نامہ منسوخ کردیا

    کورونا کی نئی لہر، عراق نے پی آئی اے کی خصوصی پروازوں کا اجازت نامہ منسوخ کردیا

    کراچی: کورونا کی نئی لہر کے باعث عراق نے اربعین کیلئے پی آئی اے کی خصوصی پروازوں کا اجازت نامہ منسوخ کردیا ، ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ بکنگ کرنیوالےبغیرکسی کٹوتی کے ریفنڈ حاصل کرسکیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق کوروناکی نئی لہرکے باعث عراق نے پی آئی اے کی اربعین کیلئے ترتیب دی گئی خصوصی پروازوں کا اجازت نامہ منسوخ کردیا، عراقی حکومت کی جانب سے اربعین پر نجف اور کربلا میں رش کو روکنے اور سماجی فاصلوں کو برقرار رکھنے کے ضمن میں فیصلہ کیا گیا۔

    ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ پی آئی اے کی 27 ستمبر سے خصوصی پروازیں ملتوی کی جارہی ہیں ، ‎ایسے تمام مہمانوں نے جنھوں نے بکنگ کروالی تھی وہ ریفنڈ بغیر کسی کٹوتی کے حاصل کرسکیں گے، ‎مہمانوں کو پیش آنے والی دشواری کیلئے معذرت خواہ ہیں۔
    یاد رہے پی آئی اے نے اربعین کے موقع پر عراق کی خصوصی پروازیں چلانے کا اعلان کرتے ہوئے اور نجف اور بغداد کے لئے خصوصی پروازیں کا شیڈول جاری کیا تھا۔

    مزید پڑھیں : پی آئی اے کا عراق کیلئے خصوصی پروازیں چلانے کا اعلان، پرکشش کرایہ متعارف

    جس کے مطابق اربعین کے موقع پر کراچی، اسلام آباد اور لاہور سے نجف اور بغداد کے لئے خصوصی پروازیں روانہ ہوں گی، 27 ستمبر سے 5 اکتوبر تک پروازیں چلائی جائیں گی۔

    سی ای او پی آئی اے ائیر مارشل ارشد ملک کے مطابق زائرین کے لئے کراچی، اسلام آباد، لاہور، ملتان اور ملک کے دیگر شہروں سے پرکشش کرایہ متعارف کروا دیا گیا، اربعین پر پروازوں کا مطالبہ بہت عرصے سے کیا جارہا تھا، تمام مذہبی موقعوں پر خصوصی پروازوں کا انعقاد پی آئی اے کی ہمیشہ سے روایت رہی ہے ۔

    یاد رہے کچھ عرصہ قبل سی ای او پی ائی اے ارشد ملک نے عراقی سفیر سے خصوصی ملاقات کرکے اجازت کی درخواست کی تھی، زائرین کی خدمت اور ان کی معاونت قومی ائیرلائن کی حیثیت سے ہماری ذمہ داری ہے، حکومت اور وزیر ہوابازی کی خصوصی ہدایات پر یہ پروازیں ایسے ترتیب دی جارہی ہیں کہ زائرین کو کسی قسم کی دشواری نہ ہو۔

  • سعودی عرب کی ترقی کیلئے اہم حکومتی اقدامات

    سعودی عرب کی ترقی کیلئے اہم حکومتی اقدامات

    ریاض : سعودی عراقی رابطہ کونسل نے اسٹراٹیجک تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے توانائی، سرمایہ کاری اور اسپورٹس کےشعبوں میں متعدد یادداشتوں پر دستخط کردیے۔

    رابطہ کونسل نے عراق اور سعودی عرب کے درمیان نجی اداروں میں شراکت کے فروغ و تعاون کے نئے دروازے کھولنے اور مشترکہ مفادات کے تحفظ کا عزم ظاہر کیا ہے۔

    سعودی خبررساں ادارے کے مطابق سعودی عراقی رابطہ کونسل نے جدیدۃ عرعر بری سرحدی چوکی کے معاملے پر تبادلہ خیال کیا اور طے کیا گیا کہ جیسے ہی تمام انتظٓامات مکمل ہوں گے بری سرحدی چوکی کھول دی جائے گی۔ دونوں ملکوں نے باہمی تعلقات کا معیار بلند کرنے کے لیے ٹھوس خواہش ظاہر کی ہے۔

    اس موقع پر یہ طے کیا گیا کہ تمام شعبوں میں دونوں ملکوں کے برادر عوام اور رہنماؤں کی آرزوؤں کی تکمیل کے لیے تعاون کے طور طریقے مضبوط کیے جائیں گے۔

    فریقین نے متعدد یادداشتوں پر دستخط کیے، ترقیاتی فنڈ، عراقی وزارت خزانہ کو عراق کے کئی ترقیاتی منصوبوں کے لیے قرضہ دے گا- یادداشت پر دستخط کردیے گئے۔

    سعودی عرب شاہی ہدایات پر عراق کو نئے کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے طبی سازوسامان و ادویہ فراہم کرے گا۔ فریقین نے صحت کے شعبے کے حوالے سے یادداشت پر دستخط کردیے۔

    وزیر مملکت برائے امور خارجہ عادل الجبیر نے کہاکہ تمام شعبوں میں سعودی عرب اورعراق کے تعلقات مسلسل بڑھ رہے ہیں۔ دونوں ملکوں کے قائدین تاریخی رشتوں کے شایان شان سٹراٹیجک تعلقات کو مستحکم بنانے کے خواہاں ہیں۔

    العربیہ نیٹ کے مطابق سعودی نائب وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان نے کہا ہے کہ عراق، مملکت کے لیے اور سعودی عرب، عراق کے لیے سٹراٹیجک اکائی کا درجہ رکھتے ہیں۔

  • عراق کے متعدد ارکان پارلیمنٹ کرونا وائرس کا شکار

    عراق کے متعدد ارکان پارلیمنٹ کرونا وائرس کا شکار

    بغداد: عراق کے متعدد ارکان پارلیمنٹ کرونا وائرس کا شکار ہوگئے، اندازاً 20 سے زائد ارکان، جبکہ عملے کے بھی 28 افراد کووڈ 19 کا شکار ہوگئے ہیں۔

    عراقی میڈیا کے مطابق عراق میں پارلیمنٹ کے متعدد ارکان کرونا وائرس کا شکار ہوگئے ہیں، ملک میں مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے باعث پورا طبی نظام درہم برہم ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔

    عراقی پارلیمنٹ کے سربراہ محمد الحلبوسی کا کہنا ہے کہ 6 ارکان پارلیمنٹ نے مجھے خود فون کر کے بتایا ہے کہ انہیں کرونا وائرس لاحق ہوگیا ہے، ہمارا اندازہ ہے کہ 20 سے زائد ارکان پارلیمنٹ کرونا کا شکار ہوں گے تاہم اس کی تصدیق ابھی تک نہیں ہوئی۔

    انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ عملے کے بھی 28 ارکان وائرس کا شکار ہوئے ہیں جن کا تعلق مختلف پیشوں سے ہے۔

    سربراہ پارلیمنٹ کا کہنا ہے کہ ارکان کی موجودہ صورتحال کے باعث پارلیمنٹ اجلاس کا انعقاد ممکن نہیں، ہم سنگین مسئلے سے دو چار ہیں اور ملک کا پورا طبی نظام درہم برہم ہونے کا خدشہ ہے۔

    خیال رہے کہ عراق میں کرونا وائرس کے مریضوں کی کل تعداد 30 ہزار 868 ہوگئی ہے جبکہ اب تک 11 سو افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔

  • پی آئی اے کی خصوصی پرواز: عراق میں پھنسے 250 پاکستانیوں کی وطن واپسی

    پی آئی اے کی خصوصی پرواز: عراق میں پھنسے 250 پاکستانیوں کی وطن واپسی

    اسلام آباد: قومی ایئر لائن کی خصوصی پرواز عراق سے 250 سے زائد پاکستانی مسافروں کو لے کر وطن پہنچ گئی، تمام مسافروں کو اسکریننگ کے بعد قرنطینہ منتقل کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان انٹرنیشل ایئر لائن (پی آئی اے) کا خصوصی طیارہ عراق میں پھنسے پاکستانیوں کو لے کر وطن پہنچ گیا، پرواز پی کے 710 کے ذریعے 250 سے زائد مسافر اسلام آباد ایئر پورٹ پہنچے۔

    مذکورہ مسافر آئل اینڈ گیس سیکٹر میں ملازم تھے اور کئی ماہ سے عراق میں محصور تھے۔

    دارالحکومت اسلام آباد آمد پر ڈاکٹرز کی خصوصی ٹیم نے تمام مسافروں کی طبی جانچ اور اسکریننگ کی جس کے بعد مسافروں کو مختص ہوٹلز کے قرنطینہ مراکز میں منتقل کردیا گیا۔

    تمام مسافروں کے کرونا وائرس ٹیسٹ کے نمونے حاصل کیے جائیں گے، ٹیسٹ کلیئر آنے پر انہیں گھر جانے کی اجازت دی جائے گی۔

    اس سے قبل 11 مئی کو پی آئی اے کی خصوصی پرواز امریکی دارالحکومت واشنگٹن سے 179 مسافروں کو اسلام آباد پہنچا چکی ہے۔

    خیال رہے کہ پی آئی اے کا بیرون ملک پھنسے ہوئے ہم وطنوں کو وطن واپس پہنچانے کے لیے فلائٹ آپریشن جاری ہے، پی آئی اے کی متعدد خصوصی پروازیں اب تک مختلف ممالک میں پھنسے 2 ہزار سے زائد پاکستانیوں کو وطن واپس لا چکی ہے۔