Tag: Iraq

  • تعزیت کے لیے آنے والے 37 افراد کرونا وائرس کا شکار ہوگئے

    تعزیت کے لیے آنے والے 37 افراد کرونا وائرس کا شکار ہوگئے

    بغداد: عراق کے شہر بصرہ میں ایک انتقال پر آنے والے 37 افراد کرونا وائرس کا شکار ہوگئے، تمام افراد کو ایک ہی شخص سے وائرس منتقل ہوا جو انتقال پر شریک ہوا تھا۔

    بین الاقوامی میڈیا کے مطابق عراق کی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ حکومت کی طرف سے ملک کے بیشتر شہروں میں سخت احتیاطی تدابیر پر عمل کرنے کی پابندی عائد ہے مگر اس کے باوجود بصرہ میں ایک شخص کے انتقال کے بعد تعزیت کے لیے متعدد افراد شریک ہوئے۔

    وزارت صحت کا کہنا ہے کہ اس موقع پر شریک افراد میں ایک شخص کرونا وائرس کا شکار تھا جس نے شرکا سے مصافحہ کیا اور بعض کو گلے بھی لگایا، اس ایک شخص کی وجہ سے مزید 37 شرکا کو وائرس منتقل ہوگیا۔

    ترجمان وزارت کا کہنا ہے کہ کرونا کے شکار تمام مریضوں کو قرنطینہ منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ باقی تمام شرکا کا بھی کرونا ٹیسٹ لیا گیا ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ملک گیر آگاہی مہم کے باوجود بعض لوگ ہدایات پر عمل نہیں کرتے اور بڑی تعداد میں اکٹھے ہو رہے ہیں، اسی رویے کی وجہ سے کرونا کے انسداد کی تمام تر کوششیں بے سود ہو رہی ہیں۔

    خیال رہے کہ عراق میں اب تک کرونا وائرس کے 1 ہزار 928 مریض سامنے آچکے ہیں جبکہ 90 اموات ہوچکی ہیں۔

  • بغداد : 80 افراد کورونا مریض کے گھر دعوت کھانے پہنچ گئے

    بغداد : 80 افراد کورونا مریض کے گھر دعوت کھانے پہنچ گئے

    بغداد : ایران سے وطن واپس آنے والے عراقی باشندے نے اپنے ساتھ80افراد کو بھی کرونا وائرس کی لپیٹ میں لے لیا، گھر پہ کھانے کی دعوت دے کر ان لوگوں کی زندگی خطرے میں ڈال دی۔

    تفصیلات کے مطابق ایران سے واپس آنے والے ایک عراقی نے اپنے عزیز و اقارب کو اپنے گھر کھانے پر مدعو کیا، ان لوگوں میں 80افراد شامل تھے۔

    عراقی ذرائع ابلاغ کے مطابق کھانے پرمدعو افراد یہ بات جان کر حیران رہ گئے کہ ان کا میزبان کورونا وائرس کا مریض ہے، جس کے بعد وہ سب خوفزدہ ہوگئے۔

    ان لوگوں نے اس بات پر افسوس اور غصہ کا بھی اظہار کیا کہ جب میزبان کو پتہ تھا کہ وہ وبا زدہ ملک ایران سے عراق پہنچا ہے اور خود بھی کورونا وائرس میں مبتلا ہے تو اسے کسی کو بھی کھانے پر اپنے گھر نہیں بلانا چاہئے تھا۔

    لاعلمی میں پہنچ گئے پتہ نہیں اب ہمارا کیا ہوگا؟ اس حوالے سے عراقی محکمہ صحت کے ڈائریکٹر الکرخ جاسب لطیف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اب ہمارے لیے یہ بڑا مسئلہ بن گیا ہے کہ کورونا کے مریض عراقی کے اہل خانہ کو کہاں اور کس طرح تلاش کیا جائے۔

    ان تمام افراد کو قرنطینہ میں رکھا جائے گا۔عراقی محکمہ صحت کے عہدیدار نے ذرائع ابلاغ کی مدد سے اپیل کی کہ وہ تمام افراد جو کورونا کے مریض عراقی کے یہاں مدعو تھے وہ 14 دن تک اپنے گھروں میں بند رہیں۔ الگ تھلگ رہیں اور احتیاطی تدابیر کا اہتمام کریں۔

  • عراق میں امریکی فوجی اڈے پر راکٹ حملے

    عراق میں امریکی فوجی اڈے پر راکٹ حملے

    بغداد: عراق میں ایک بار پھر امریکی فوجی اڈے پر حملہ ہوگیا، کئی راکٹ فائر کیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق غیرملکی خبررساں ادارے کا کہنا ہےکہ عراق کے شہر تاجی میں فوجی اڈے پر راکٹ حملے ہوئے، فوجی اڈے میں امریکی فوجی موجود ہیں۔

    سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ فوجی اڈے پر متعدد راکٹ فائر کیے گئے، خوش قسمتی سے راکٹ حملے میں کوئی نقصان نہیں ہوا۔ خیال رہے کہ چند روز قبل تاجی فوجی اڈے پر راکٹ حملے میں 3 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

    ہلاک افراد میں برطانوی اور امریکی فوجی شامل تھے۔

    عراق میں اتحادی فورسز پر راکٹ حملہ، 2 امریکی، 1 برطانوی فوجی ہلاک

    خیال رہے کہ رواں سال جنوری کے آغاز میں امریکا ڈرون حملے میں ایرانی پاسداران انقلاب کے جنرل قاسم سلیمانی کو شہید کردیا تھا، جس کے بعد سے خطے کی صورتحال کشیدہ ہے۔

    عراق کے مختلف علاقوں میں قائم امریکی فوجی اڈوں پر حملوں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

  • عراق: داعش سے جھڑپ، 2 امریکی فوجی ہلاک

    عراق: داعش سے جھڑپ، 2 امریکی فوجی ہلاک

    بغداد: عراق میں امریکی فوجیوں اور شدت پسند تنظیم داعش کے درمیان جھڑپ کے نتیجے میں دو اہلکار ہلاک ہوگئے۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق امریکی فوجی اہلکاروں کی ہلاکت داعش سے جھڑپ کے باعث ہوئیں۔ تاہم حملے سے متعلق مکمل تفصیلات تاحال سامنے نہیں آئیں۔

    دولت اسلامیہ اور امریکی فوج کے درمیان جھڑپ کس مقام پر ہوئی اس سے متعلق بھی کوئی اطلاع نہیں ملی۔

    خیال رہے کہ ایرانی کمانڈر قاسم سلیمانی کی ہلاکت کے بعد امریکی فوج عراق میں مسلسل نشانوں پر ہے، اس سے قبل بھی ایرانی حملوں میں کچھ فوجی اہلکار مارے جاچکے ہیں۔

    جبکہ اس سے قبل متعدد بار داعش اور فوجی اہلکاروں کے درمیان جھڑپیں بھی ہوچکی ہیں۔

    یاد رہے کہ مئی 2016 میں عراق میں تعینات ایک امریکی نیوی فوجی افسر داعش کے حملے میں مارا گیا تھا۔

  • عراقی حکومت کے خلاف احتجاج، بزرگ تاجر دوران نشریات دوران دم توڑ گیا

    عراقی حکومت کے خلاف احتجاج، بزرگ تاجر دوران نشریات دوران دم توڑ گیا

    بغداد: عراق کے ایک بزرگ شہری حکومت کے سامنے اپنا احتجاج ریکارڈ کرواتے ہوئے براہ راست نشریات کے دوران دم توڑ گئے۔

    بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق   عراقی حکومت کیخلاف ہونے والے احتجاج کے موقع پر ایک بزرگ شہری کے پاس میڈیا کا نمائندہ پہنچا جو براہ راست انٹرویو کررہا تھا۔

    شہری نے کہا کہ ’یہاں ملازمتیں ویسی نہیں ہیں اور حکومت نے میری دکان بھی سیل کردی، ہمیں کس طرح کے مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اور عوام کتنی پریشان ہے، اس بات کا کسی کو اندازہ نہیں ہے‘۔

    یہ الفاظ بطور احتجاج ریکارڈ کرانے کے بعد وہ شخص وہیں گر گیا جس کے بعد اُسے اسپتال منتقل کیا جارہا تھا تو اس نے راستے میں ہی دم توڑ دیا۔ میڈیکل رپورٹ کے مطابق رپورٹر سے بات کرنے کے دوران شہری کو ہارٹ اٹیک ہوا جو اُس کی موت کی وجہ بنا۔

    رپورٹ کےمطابق عراقی حکومت نے ملک میں جاری مظاہروں کے پیش نظر   تمام دکانوں کو بلوائیوں سے محفوظ رکھنے کے لیے  سیل کردیا تھا۔

    بزرگ شہری نے اپنے آخری انٹرویو میں حکومت پر شدید تنقید کی اور کہا کہ اگر مظاہرین کو قابو نہیں کیا جاسکتا تو حکمران اپنا عہدہ چھوڑ دیں۔

  • عراق کراچی میں جلد دوبارہ قونصل خانہ کھولے گا

    عراق کراچی میں جلد دوبارہ قونصل خانہ کھولے گا

    کراچی: پاکستان میں عراقی سفارت خانے کے چارج ڈی افیئرز نے کہا ہے کہ عراق بہت جلد کراچی میں دوبارہ قونصل خانہ کھولے گا۔

    تفصیلات کے مطابق عراقی سفارت خانے کے چارج ڈی افیئرز عبدالسلام صدام موحیسین نے چیمبر آف کامرس میں خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ عراق بہت جلد کراچی میں دوبارہ قونصل خانہ کھولے گا جو کراچی پورٹ سٹی کے شہریوں کو ویزے سے متعلق تمام خدمات فراہم کرے گا۔

    عبدالسلام نے کہا کہ عراقی تاجروں اور سرمایہ کاروں کے لیے کراچی بہت اہم اور محفوظ مقام ہے، پاکستانی مینوفیکچررز اعلیٰ معیار کی مصنوعات تیار کر رہے ہیں جو عراق کو برآمد کی جا سکتی ہیں۔

    انھوں نے کہا کہ عراق نے پاکستان سے چاول کی درآمد پر کوئی پابندی عائد نہیں کی، غذائی اشیا سمیت پاکستان سے سیمنٹ بھی عراق میں برآمد کیا جا رہا ہے، عراقی و پاکستانی حکومتوں کو تجارت میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کے لیے اقدامات اٹھانا ہوں گے۔

    تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر کراچی چیمبر آغا شہاب نے کہا کہ سرحد پار کاروبار کے فروغ کے لیے دونوں ملکوں کی حکومتوں کو فعال کردار ادا کرنا ہوگا، 2018 میں پاکستان کی عراق کو برآمدات 23.71 ملین ڈالر کے برابر تھیں، جب کہ پاکستان کی عراق سے درآمدات 2018 میں 49.61 ملین ڈالر تھیں۔ انھوں نے کہا کہ عراق کے لیے سی پیک کے تحت وسیع مواقع موجود ہیں، خصوصی اکنامک زونز عراقی سرمایہ کاروں کے حق میں مشترکہ شراکت داری و سرمایہ کاری کے لیے مثالی ثابت ہوں گے۔

  • عراق کے شہر بغداد میں مزید 2 راکٹ حملے

    عراق کے شہر بغداد میں مزید 2 راکٹ حملے

    بغداد: عراق میں رات کو مزید دو راکٹ حملے ہوئے ہیں، عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ راکٹ بغداد کے گرین زون میں گرے۔

    تفصیلات کے مطابق عراق کے شہر بغداد کے گرین زون میں راکٹ حملے جاری ہیں، گزشتہ رات کو مزید دو راکٹ گرین زون میں گرے ہیں، عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ اس حملے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔

    عرب میڈیا کے مطابق گرین زون میں غیر ملکی مشنز اور سرکاری عمارتیں موجود ہیں، امریکی فوجی اڈہ بھی گرین زون میں امریکی سفارت خانے کے قریب واقع ہے۔

    یاد رہے کہ اتوار کو بھی شمالی بغداد میں امریکی فوجی اڈے پر 2 راکٹ حملے ہوئے تھے، یہ راکٹ امریکی ایئر بیس کے اندر گرے تھے، جس سے خبر ایجنسی کے مطابق 5 افراد زخمی ہوئے۔ جس کے بعد علاقے میں امریکی ہیلی کاپٹروں کی پروازیں شروع ہو گئی تھیں۔ امریکی میڈیا کا کہنا تھا کہ راکٹ حملے امریکی فوجیوں پر کیے گئے تھے، راکٹ حملے کے بعد امریکی سفارت خانے کے داخلی راستے بند کر دیے گئے تھے۔

    ایران نے امریکا پر جوابی وار کر دیا، فوجی اڈوں پر دو بڑے حملوں میں 80 ہلاک

    خیال رہے کہ دو دن قبل ایران نے امریکی فوجی عین الاسد اور دیگر پر راکٹوں کی بارش کر دی تھی، ایرانی وزارت خارجہ کا کہنا تھا کہ ان حملوں میں 80 افراد ہلاک ہوئے، تاہم گزشتہ روز امریکی صدر نے اپنے خطاب میں کہا کہ ان حملوں میں امریکی بیس کو نقصان پہنچا لیکن کوئی امریکی ہلاک نہیں ہوا۔

    امریکا اور ایران کے درمیان موجودہ کشیدگی کا آغاز اس وقت ہوا جب گزشتہ جمعے کو امریکا نے بغداد ایئر پورٹ کے قریب ایرانی جنرل قاسم سلیمانی کو راکٹ کا نشانہ بنا کر قتل کر دیا تھا۔

  • ایران نے حملے کی پیشگی اطلاع دے دی تھی: عراقی وزیر اعظم

    ایران نے حملے کی پیشگی اطلاع دے دی تھی: عراقی وزیر اعظم

    بغداد: عراق میں امریکی فوجی اڈوں پر ایران کے حملوں کے بعد عراق کے وزیر اعظم عادل عبدالمہدی کا بیان سامنے آگیا، ان کے مطابق ایران نے حملے کی پیشگی اطلاع دی تھی۔

    غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق عراقی وزیر اعظم عادل عبد المہدی کا کہنا ہے کہ ایران نے بغداد میں قائم امریکی فوجی اڈوں پر حملے کی پیشگی اطلاع دے دی تھی۔

    عراقی وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ ایران نے جوابی کارروائی صرف امریکی فوج تک محدود کرنے کی یقین دہانی کروائی تھی۔ ایرانی جنرل کے قتل کے امریکی اقدام سے خطے اور دنیا میں جنگ کے خطرات ہیں۔

    خیال رہے کہ ایران نے گزشتہ رات عراق میں امریکی فوجی اڈوں پر بیلسٹک میزائلوں سے حملے کیے ہیں۔

    ایرانی پاسداران انقلاب نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ انہوں نے درجنوں میزائلوں سے امریکی اڈے کو نشانہ بنایا، اڈوں پر زمین سے زمین پر مار کرنے والے میزائل داغے گئے، امریکا کے خلاف انتقامی کارروائیوں کا آغاز ہو چکا۔

    پینٹاگون نے تصدیق کی ہے کہ عراق میں 2 فوجی اڈے ایرانی حملوں کا نشانہ بنے۔ امریکی اور اتحادی افواج پر درجن سے زائد بیلسٹک میزائل فائر کیے گئے، ایرانی میزائلوں کا ہدف الاسد اور اربیل میں واقع فوجی اڈے تھے۔

    بعد ازاں ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے بیان دیا کہ حملے میں 80 ہلاکتیں ہوئیں، حملے سے متعلق اعداد و شمار فوجی حکام بتائیں گے۔

    حملے کے فوری بعد جواد ظریف نے اپنے ٹویٹ میں کہا تھا کہ ایران نے اقوام متحدہ کے چارٹر کے تحت اپنے دفاع میں مناسب اقدام اٹھایا ہے۔ ہم جنگ نہیں چاہتے لیکن اپنے خلاف ہونے والی جارحیت کا دفاع کریں گے۔

  • میزائل حملے میں عراق کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا: عراقی فوج

    میزائل حملے میں عراق کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا: عراقی فوج

    بغداد: عراقی فوج نے بیان جاری کیا ہے کہ میزائل حملے میں عراق کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

    تفصیلات کے مطابق عراقی فوج کا کہنا ہے کہ بغداد میں امریکی فوجی اڈوں پر ایرانی بیلسٹک میزائل حملوں میں عراق کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔ ایران کی جانب سے فوجی اڈوں پر 22 بیلسٹک میزائل فائر کیے گئے۔

    اوپیک سیکریٹری جنرل کا کہنا ہے کہ عراقی تیل تنصیبات محفوظ اور ان سے تیل کی پیداوار جاری ہے۔ ادھر غیر ملکی خبر ایجنسی کا کہنا ہے کہ حملوں کے بعد امارات ایئر لائنز نے بغداد کے لیے پروازیں منسوخ کر دی ہیں۔

    ایران نے امریکا پر جوابی وار کر دیا، فوجی اڈوں پر دو بڑے حملوں میں 80 ہلاک

    برطانوی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران نے دبئی اور اسرائیل کو نشانہ بنانے کی دھمکی دے دی ہے، برطانوی میڈیا کے مطابق امریکا نے کارروائی کی تو ایران دبئی اور اسرائیل کو نشانہ بنا سکتا ہے۔

    ایران نے دبئی کو بھی نشانہ بنانے کی دھمکی دے دی

    ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ خطے میں امریکا کی نقل و حرکت پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے۔ خیال رہے کہ ایران کے سپریم لیڈر خامنہ ای نے آج کہا ہے کہ ہمیں دشمن کو سمجھنے میں غلطی نہیں کرنی چاہیے، امریکا پروپیگنڈے سے ذہن تبدیل کرنے کی کوشش کر رہا ہے، ہمیں خبردار رہنا ہوگا، خطے کے عوام کو لوٹنے والی کمپنیاں بھی ہماری دشمن ہیں۔

    گزشتہ رات جنرل سلیمانی کے قتل پر ایران نے امریکا پر جوابی وار کیا، عراق میں موجود امریکی فوجی اڈوں پر دو بڑے حملے کیے گئے، واشنگٹن نے حملوں کی تصدیق کی، ایرانی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ میزائل حملوں میں 80 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

  • اتحادی افواج ایرانی سرگرمیوں سے پریشان ہیں: نیٹو

    اتحادی افواج ایرانی سرگرمیوں سے پریشان ہیں: نیٹو

    برسلز: نیٹو کے سیکریٹری جنرل جینس اسٹولٹن برگ کا کہنا ہے کہ عراق میں ہمارے مشن کا مقصد داعش اور دہشت گردی روکنا ہے، اتحادی ایرانی سرگرمیوں سے پریشان ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق اپنے ایک بیان میں نیٹوسیکریٹری جنرل کا کہنا تھا کہ اس مشن کا مقصد عراقی فورسز کی صلاحیتوں کو بڑھانا بھی ہے۔ امریکا کی جانب سے سلیمانی کے قتل پر نیٹو کو بریفنگ دی گئی، البتہ تشویش ہے۔

    انہوں نے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی کو روکنا ضروری ہے، ایران کو جوہری ہتھیاروں کے حصول سے بھی روکنا ہوگا، نیٹو کا اتحاد مضبوط ہے، ایران کی دہشت گرد گروہوں کی حمایت پر اتحادیوں کو تشویش ہے۔

    جنرل سلیمانی سے متعلق غلط معلومات دینے پر ایک شخص گرفتار

    خیال رہے کہ 3 جنوری کو بغداد میں امریکی فضائی حملے میں ایرانی جنرل قاسم سلیمانی سمیت 9 افرادجاں بحق ہوگئے تھے ، ان کے قافلے کو میزائل سے نشانہ بنایا، پینٹاگون کا کہنا تھا کارروائی صدرٹرمپ کے حکم پرکی گئی۔

    اس حملے کے بعد مشرقی وسطیٰ میں جنگ کے خطرات بھی منڈلانے لگے ہیں۔

    ایرانی صدرحسن روحانی کا کہنا تھا کہ ایران اور خطے کے آزادی پسند ممالک جنرل سلیمانی کی موت کا بدلہ لیں گے، جنرل سلیمانی کی شہادت نے ایرانی عزم کو مزید مضبوط کیا ہے۔