Tag: ireland

  • آئرلینڈ اور اسرائیل میں کشیدہ تعلقات مزید تناؤ کا شکار ہو گئے

    آئرلینڈ اور اسرائیل میں کشیدہ تعلقات مزید تناؤ کا شکار ہو گئے

    اسرائیل نے ڈبلن میں اپنا سفارت خانہ بند کر دیا ہے، جس سے آئرلینڈ اور اسرائیل میں کشیدہ تعلقات مزید تناؤ کا شکار ہو گئے ہیں۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق آئرلینڈ کی جانب سے غزہ میں اسرائیلی نسل کشی کے خلاف ایکشن کے مطالبے پر اسرائیل نے دارالحکومت ڈبلن میں اپنا سفارت خانہ بند کر کے سفیر کو واپس بلا لیا ہے۔

    اسرائیل نے مؤقف اختیار کیا کہ آئرلینڈ کی اسرائیل مخالف پالیسیوں کی وجہ سے سفیر کو واپس بلایا ہے، اسرائیل کے وزیر خارجہ نے آئرش وزیر اعظم سائمن ہیرس کو ’یہود دشمن‘ قرار دے دیا۔

    آئرلینڈ کے وزیر اعظم سائمن ہیرس کا کہنا ہے کہ اسرائیل مخالف پالیسیوں کو جواز بنا کر اسرائیل کا آئرلینڈ میں اپنا سفارت خانہ بند کرنے کا فیصلہ انتہائی افسوس ناک ہے۔ آئرش وزیرِ اعطم نے ایکس پر لکھا کہ میں اس دعوے کو یکسر مسترد کرتا ہوں کہ آئرلینڈ اسرائیل مخالف ہے، آئرلینڈ امن و امان، انسانی حقوق اور عالمی قانون کا حامی ہے۔

    اسرائیل اور حماس کے درمیان عنقریب جنگ بندی معاہدہ : اہم خبر آگئی

    واضح رہے کہ اسرائیل کے سفارت خانہ بند کرنے اور سفیر کو واپس بلانے کے اقدام سے دونوں ممالک کے درمیان پہلے سے کشیدہ تعلقات مزید تناؤ کا شکار ہو گئے ہیں۔

    اسرائیلی وزیر خارجہ گڈون سار نے ایک بیان میں شدید تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ آئرلینڈ نے اسرائیل کے خلاف عالمی عدالت انصاف کے فیصلے کی حمایت کی، اور آئرلینڈ کے سام دشمن وزیر اعظم سائمن ہیرس نے ایک انٹرویو میں کہا کہ ’آئرلینڈ اسرائیل مخالف نہیں ہے لیکن بلاشبہ آئرلینڈ بچوں کی بھوک کا مخالف ہے۔‘ تو میں پوچھ رہا ہوں کہ کیا اسرائیل بچوں کو بھوکا مار رہا ہے؟ اسرائیل تو غزہ تک انسانی امداد پہنچانے کے لیے کام کر رہا ہے۔

  • اسرائیلی بربریت کے خلاف بڑا قدم، تین یورپی ممالک نے فلسطین کو بطور ریاست تسلیم کر لیا

    اسرائیلی بربریت کے خلاف بڑا قدم، تین یورپی ممالک نے فلسطین کو بطور ریاست تسلیم کر لیا

    اسرائیلی بربریت کے خلاف بڑا قدم اٹھاتے ہوئے تین یورپی ممالک نے فلسطین کو بطور ریاست تسلیم کر لیا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق آئرلینڈ، ناروے اور اسپین نے باضابطہ طور پر فلسطین کو ایک علیحدہ ریاست کے طور پر تسلیم کر لیا ہے، جس کے بعد اسرائیل نے دو یورپی ریاستوں سے اپنے سفیروں کو واپس بلا لیا ہے۔

    آئرلینڈ اور اسپین کی جانب سے وزرائے اعظم نے فلسطین کو بہ طور ریاست تسلیم کرنے کا اعلان کیا۔ بدھ کو آئرش وزیر اعظم سائمن ہیرس نے کہا آج فلسطین کو بطور ریاست تسلیم کرنے کا وقت آ گیا ہے۔

    انھوں نے کہا ’’آج آئرلینڈ، ناروے اور اسپین اعلان کر رہے ہیں کہ ہم فلسطین کی ریاست کو تسلیم کرتے ہیں، ہم میں سے ہر ایک اس فیصلے کو عملی جامہ پہنانے کے لیے جو بھی قومی اقدامات کرنے کی ضرورت ہوئی، وہ کرے گا۔‘‘

    سائمن ہیرس نے مزید کہا کہ انھیں یقین ہے کہ آنے والے ہفتوں میں مزید ممالک اس اہم قدم کو اٹھانے میں ہمارا ساتھ دیں گے، یہ اعلان دو ریاستی حل کے لیے واضح حمایت پر مبنی ہے، جو اسرائیل، فلسطین اور ان کے لوگوں کے لیے امن اور سلامتی کا واحد معتبر راستہ ہے۔

    ڈبلن میں سائمن ہیرس کے بیان کے فوراً بعد اسپین کے وزیر اعظم پیڈرو سانچیز اور ناروے کے وزیر خارجہ ایسپین بارتھ ایدے نے بھی اپنے بیانات میں کہا کہ دونوں ملک 28 مئی سے فلسطینی ریاست کو تسلیم کریں گے، پیڈرو سانچیز نے کہا کہ یہ واضح ہے کہ وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو کے پاس فلسطین کے لیے امن کا کوئی منصوبہ نہیں ہے، چاہے حماس کے خلاف اس کی لڑائی جائز کیوں نہ ہو۔

    ناروے کے وزیر اعظم حوناس گہر اسٹور نے بھی ایک بیان میں کہا کہ اگر فلسطین کو بہ طور الگ ریاست تسلیم نہ کیا جائے تو مشرق وسطیٰ میں امن نہیں ہو سکتا۔

    اس اعلان کے بعد اسرائیل کے وزیر خارجہ نے آئرلینڈ اور ناروے سے اسرائیل کے سفیروں کو فوری طور پر ملک واپس آنے کا حکم دے دیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ریاست تسلیم کرنے کا یہ اعلان غزہ میں قید اسرائیل کے یرغمالیوں کی واپسی کی کوششوں میں رکاوٹ بن سکتا ہے۔ واضح رہے کہ 173 میں سے 140 ممالک فلسطین کو بطور ریاست تسلیم کر چکے ہیں۔

  • آئرلینڈ میں یوکرینی پناہ گزینوں کے لیے تیارہ کردہ گھروں کو آگ لگا دی گئی

    آئرلینڈ میں یوکرینی پناہ گزینوں کے لیے تیارہ کردہ گھروں کو آگ لگا دی گئی

    ڈبلن: آئرلینڈ میں یوکرینی پناہ گزینوں کے لیے تیارہ کردہ گھروں کو آگ لگا دی گئی۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق آئرلینڈ میں یوکرین کے سیاسی پناہ گزینوں کے لیے تیارہ کردہ رہائش گاہ کو نذر آتش کیے جانے کا ایک اور واقعہ پیش آیا ہے، جس کی آئرش حکومت نے شدید مذمت کی ہے۔

    آئرلینڈ کی کاؤنٹی گالوے میں 70 سیاسی پناہ گزینوں کی رہائش کے لیے ایک قدیم اور خالی پڑے ہوٹل کی جگہ پر گھر تیار کیے گئے تھے، آئرلینڈ کی حکومت کا کہنا ہے کہ سیاسی پناہ گزینوں کے گھروں کو آگ لگانا انھیں ڈرانے کی مذموم کوشش ہے۔

    راس لیک ہاؤس ہوٹل میں تیارہ کردہ گھروں میں آتش زدگی کو آئرلینڈ میں پناہ گزینوں کے خلاف ردعمل کی علامت قرار دیا جا رہا ہے، ماضی میں بھی تواتر کے ساتھ ایسے واقعات پیش آتے رہے ہیں۔

    منصوبے کے مطابق ہوٹل کو اگلے جمعرات سے پناہ گزینوں کے لیے مرکز کے طور پر استعمال کیا جانا تھا، جسے آگ لگا کر ناکام بنانے کی کوشش کی گئی۔ آتش زدگی کے واقعے سے چند گھنٹے قبل ہوٹل کے باہر مقامی لوگوں نے احتجاجی مظاہرہ بھی کیا تھا۔

    راس لیک ہاؤس ہوٹل کی ملکیت کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ اسے امریکی مالکان نے خریدا تھا اور اس کا نام تبدیل کر کے تزئین و آرائش اور بحالی کا کام کرنے والے تھے۔

    آئرلینڈ کے حکام نے بتایا کہ روسی حملے کے بعد یوکرینی باشندوں کی بہت بڑی تعداد پناہ کی تلاش میں آئی ہے، اور بین الاقوامی تحفظ کے متلاشی تقریباً 26 ہزار یوکرینیوں کو ریاستی ذرائع سے رہائش اور امدادی خدمات فراہم کی جا رہی ہیں۔

  • یورپی ملک میں ملازمتوں کے مواقع، ورک پرمٹس کا اجرا جاری

    یورپی ملک میں ملازمتوں کے مواقع، ورک پرمٹس کا اجرا جاری

    یورپی ملک آئر لینڈ نے پاکستانیوں سمیت غیر یورپی ممالک کے شہریوں کے لیے ورک پرمٹ اسکیم شروع کردی ہے اور اس کے لیے ویزوں کا اجرا بھی تیز کیا ہے، جنوری میں جاری کیے جانے والے ورک پرمٹس کی تعداد سامنے آگئی، جن میں پاکستانی بھی شامل ہیں۔

    دراصل آئر لینڈ کو بھی افرادی قوت کی قلت کا سامنا ہے جس کے لیے اس نے ورک پرمٹ اسکیم شروع کی ہے، اس سال کے پہلے ماہ جنوری میں جو ورک پرمٹ جاری کیے گئے ہیں، ان کی تفصیل سامنے آگئی ہے۔

    سال کے پہلے مہینے میں مجموعی طور پر 2 ہزار 525 ورک پرمٹس جاری کیے گئے ہیں، جن میں سے سب سے زیادہ ورک پرمٹ بھارتی شہریوں کو جاری ہوئے، ان کی تعداد 1 ہزار 59 بنتی ہے، دوسرے نمبر پر فلپائن کے شہری ہیں جنہیں 227 جبکہ برازیل 187 ورک پرمٹ کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہا۔

    پاکستانیوں کو 110 ورک پرمٹ جاری کیے گئے ہیں، چین 106 کے ساتھ پانچویں اور جنوبی افریقہ 101 کے ساتھ چھٹے نمبر پر ہے۔

    ورک پرمٹ کی 267 درخواستیں مسترد بھی کی گئی ہیں۔ آئرش حکومت ملک میں افرادی قوت کی کمی پر قابو پانے کے لیے ورک پرمٹ اسکیم کو آسان اور تیز رفتار بنا رہی ہے، جس کے لیے قوانین میں کئی تبدیلیاں کی گئی ہیں۔

    آئر لینڈ کے ڈپارٹمنٹ آف جسٹس نے یکم جنوری کو ورک پرمٹ پر آنے والوں کے لیے کم از کم تنخواہ کا فارمولا تبدیل کیا ہے جس کے تحت اب ورک پرمٹ پر ورکر بلانے کے لیے اس کی کم از کم سالانہ تنخواہ 30 ہزار یورو سے زائد رکھنا ضروری قرار دیا گیا ہے۔

    اس کے ساتھ ورک پرمٹ کے لیے پراسیسنگ کا وقت زیادہ سے زیادہ 90 دن مقرر کیا گیا ہے۔

  • آئرلینڈ یونیورسٹی کا ارشد شریف شہید کی یاد میں ایوارڈ کا اعلان

    آئرلینڈ کی السٹر یونیورسٹی نے ارشد شریف شہید کی یاد میں ان سے منسوب ایوارڈ کا اعلان کیا ہے، اس سلسلے میں یونیورسٹی انتظامیہ نے ارشد شریف کی بیوہ سمعیہ ارشد کو خط لکھ دیا۔

    اس حوالے سے ترجمان السٹر یونیورسٹی کا کہنا ہے کہ ارشد شریف ایوارڈ کا انعقاد تحقیقاتی صحافت کی بنیاد پر کیا گیا ہے، مذکورہ ایوارڈ بہترین تحقیقاتی صحافت کے معیار پر اترنے والے طالب علم کو دیا جائے گا۔

    السٹر یونیورسٹی کی جانب سے لکھے گئے خط میں کمیونیکیشن اینڈ میڈیا اسکول اسٹاف نے ارشد شریف کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

    ڈاکٹر کولم مرفی نے کہا کہ ارشد شریف 17 سال پہلے اسی یونیورسٹی کے طالب علم تھے، ارشد شریف نے السٹر یونیورٹی سے میڈیا اسٹڈیز میں ماسٹرز کیا۔

    انہوں نے کہا کہ ارشد شریف شمالی آئرلینڈ میں گہری دلچسپی رکھتے تھے، ان کے پاکستان میں صحافتی کارناموں پر ہمیں فخر ہے، بہادری، دیانت اور معاملہ فہمی پر ارشد شریف کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔

    اپنے خط میں ڈاکٹر کولم مرفی کا کہنا ہے کہ یونیورسٹی اوریٹری کے ٹری آف ہوپ میں شہید صحافی کا نام شامل کرلیا گیا ہے، ارشد شریف ایوارڈ یونیورسٹی خود اسپانسر کرے گی۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ارشد شریف ایوارڈ کا مقصد صحافیوں کی نئی نسل کی حوصلہ افزائی کرنا ہے، اپنے خط میں انہوں نے سمعیہ ارشد سے درخواست کی ارشد شریف ایوارڈ کے لئے ہمیں آپ کی رضامندی درکار ہے۔

  • آئرلینڈ نے پاکستان ویمن ٹیم کو شکست دے کر سیریز دو ایک سے جیت لی

    آئرلینڈ نے پاکستان ویمن ٹیم کو شکست دے کر سیریز دو ایک سے جیت لی

    لاہور: آئرلینڈ ویمن ٹیم نے تیسرے اور فیصلہ کُن ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان کو شکست دے کر سیریز دو ایک سے جیت لی ہے۔

    آئرلینڈ کی جانب سے دیے گئے 168 رنز کے ہدف کے جواب میں پاکستان ویمن ٹیم 18.5 اوورز میں 133 رن بنا کر پوری ٹیم پولین لوٹ گئی۔

    168 رنز کے تعاقب میں پاکستان کی جویریہ خان نے 36 گیندوں پر 7 چوکوں کی مدد سے نصف سنچری بنائی جو ان کی ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کیریر کی 10ویں نصف سنچری تھی۔

    اس سے قبل لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں آئرلینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 3 وکٹوں پر 167رنز بنائے، ایمی ہنٹر 40 اور گیبی لوئس 71 رنز بنا کر نمایاں رہیں۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل تین ون ڈے میچز کی سیریز میں پاکستان ویمن ٹیم نے آئرلینڈ کو کلین سوئپ شکست دی تھی۔

  • کس ملک میں 2 سال بعد کورونا پابندیاں ختم کردی گئیں؟

    کس ملک میں 2 سال بعد کورونا پابندیاں ختم کردی گئیں؟

    یورپی ملک آئرلینڈ میں کورونا سے بچاؤ کی اضافی ویکسینیشن کی کامیاب مہم کے بعد 2 سال سے جاری کورونا پابندیاں ختم کردی گئیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق آئرلینڈ میں اضافی ویکسینیشن کی کامیاب مہم سے ملک میں کورونا کے تشویشناک مریضوں کی تعداد میں اندازوں سے کئی گنا زیادہ کمی ہوئی ہے جس کے بعد وہاں کی حکومت نے2سال سے جاری تقریبا تمام پابندیاں اٹھالی ہیں۔

    آئرلینڈ کے وزیراعظم مائیکل مارٹن نے پابندیاں اٹھانے کا اعلان ٹی وی پر اپنے قوم سے خطاب میں کیا۔

     آئرش وزیراعظم نے کہا کہ ہم نے اومیکرون کے طوفان کا مقابلہ کیا ہے، کورونا وبا کے دوران اپنے عوام سے بہت برے وقت میں بات کی ہے لیکن اب اچھا وقت آگیا ہے۔

    مائیکل مارٹن کے مطابق اب ملک بھر میں ہوٹل اور بارز رات 8 بجے کے بعد بھی کھلے رہیں گے اور عوامی مقامات پر جانے والوں سے کورونا ویکسینیشن کا ثبوت نہیں مانگا جائے گا۔

    انہوں نے مزید کہا کہ فروری میں ہونے والی قومی رگبی چیمپیئن شپ میں بھی شائقین پر کوئی پابندی نہیں ہوگی جب کہ تمام انڈور اور آؤٹ ڈور تقریبات بھی ہوسکیں گی، تاہم لوگوں کو فروری تک پبلک ٹرانسپورٹ اور دکانوں میں ماسک کا استعمال کرنا ہوگا۔

    واضح رہے کہ کورونا وبا کے دوران آئرلینڈ یورپ کے ان چند محتاط ممالک میں شامل رہا جس نے اندرون اور بیرون ملک طویل ترین سفری پابندیاں عائد کیے رکھیں، 19 ماہ تک نائٹ کلبز بند رہے، تاہم اس دوران آئرلینڈ حکومت نے اپنے عوام کی سہولت کے لیے کئی موثر اقدامات بھی کیے تھے جنمیں ایک تہائی ٹیکس دہندگان کی ٹیکس ادائیگی کو موخر کرنا اور رواں برس اپریل تک خصوصی سبسڈی پروگرام کے تحت مالی مدد کی فراہمی شامل ہے۔

  • بھیڑ جیل پہنچ گئی … مگر کیوں؟

    بھیڑ جیل پہنچ گئی … مگر کیوں؟

    آئرلینڈ: جیلیں انسانوں کے لیے بنائی جاتی ہیں تاہم آئرلینڈ میں ایک بے چاری کھوئی ہوئی بھیڑ کو بھی رات جیل میں گزارنی پڑ گئی۔

    تفصیلات کے مطابق آئرلینڈ کی پولیس نے ایک دل چسپ واقعے سے متعلق بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ سڑک پر ایک بھیڑ ملی تھی جسے مالکان تک پہنچنے سے قبل جیل کی کھولی میں رات کاٹنی پڑی۔

    آئرلینڈ کی قومی پولیس فورس گرڈا کا کہنا ہے کہ اہل کاروں کو ایک ڈرائیور نے فون کر کے اطلاع دی تھی کہ دیہی قصبے ٹپریری میں ایک سڑک پر ایک لاوارث بھیڑ آوارہ گردی کرتے دیکھی گئی ہے۔

    پولیس اہل کاروں نے اطلاع ملنے کے بعد مذکورہ جگہ پہنچ کر بھیڑ کو اپنی تحویل میں لیا اور اسے جیل لے کر گئے، پولیس ایک طرف بھیڑ کے مالکان کی تلاش کر رہی تھی، دوسری طرف بھیڑ کو وہ رات جیل کی کھولی میں گزارنی پڑی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ اگلی صبح بھیڑ کے مالکان کا پتا چلا، اور بھیڑ کو ان کے حوالے کر دیا گیا۔

    معلوم ہوا کہ مذکورہ بھیڑ ریوڑ سے بچھڑ گئی تھی، اس کے بعد اس نے اپنا راستہ کھو دیا، مالک کو بھی پتا نہیں چلا، پولیس نے اس سلسلے میں ایک ٹوئٹ کرتے ہوئے فون کرنے والے شخص کا شکریہ ادا کیا جس نے بھیڑ کو سڑک پر دیکھا تھا۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ جیل میں بھیڑ کا خیال رکھا گیا اور اگلے دن صبح بھیڑ مالک کو لوٹائی گئی۔

  • آئرلینڈ میں آکسفورڈ کی ویکسین کا استعمال کیوں روکا گیا؟

    آئرلینڈ میں آکسفورڈ کی ویکسین کا استعمال کیوں روکا گیا؟

    ڈبلن: آئر لینڈ نے آکسفورڈ اور ایسٹرا زینکا کی ویکسین کا استعمال روک دیا، یہ فیصلہ ویکسین لگائے جانے والے افراد میں خون جمنے کی شکایات کے بعد کیا گیا۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق آئر لینڈ نے خون جمنے کے خدشات کے باعث احتیاط کے طور پر آکسفورڈ ایسٹرا زینکا ویکسین کا استعمال معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    ملک کے ڈپٹی چیف میڈیکل افسر کا کہنا ہے کہ ویکسین کے حوالے سے آئر لینڈ کی مشاورتی باڈی نے سفارش کی ہے کہ ایسٹرا زینکا کا استعمال فی الفور عارضی طور پر معطل کردیا جائے، اگرچہ اس بات کا کوئی ثبوت نہیں ہے کہ ویکسین خون جمنے کا سبب ہے۔

    یاد رہے کہ عالمی ادارہ صحت اور ویکسین بنانے کی کمپنی نے تمام خدشات کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ ویکسین اور خون میں پھٹکیاں بننے کا کوئی براہ راست تعلق نہیں ہے۔

    ایسٹرا زینکا نے حال ہی میں ایک اور بیان میں کہا ہے کہ ویکسین لینے والے افراد کے ڈیٹا کا جائزہ لینے سے ابھی تک ایسا کوئی ثبوت نہیں ملا کہ اس ویکسین سے خون جمنے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔

    ایسٹرا زنیکا کے ایک ترجمان کے مطابق 10 ملین سے زیادہ حفاظتی ڈیٹا کے تجزیے میں کسی بھی عمر، جنس اور کسی مخصوص ملک میں خون کے جمنے کا کوئی ثبوت نہیں ملا۔

    عالمی ادارے صحت کا کہنا ہے کہ دنیا بھر میں اب تک 260 ملین سے زیادہ کرونا وائرس کی خوراکیں دی گئی ہیں اور اس ویکسین سے کوئی موت واقع نہیں ہوئی۔

    اس سے قبل ڈنمارک، ناروے اور آئس لینڈ میں بھی خون جمنے کی شکایات سامنے آنے کے بعد احتیاط کے طور پر ایسٹرا زنیکا کی ویکسین کا استعمال روک دیا گیا تھا۔

  • آئر لینڈ کے ساحل پر اڑن طشتریوں کی پرواز

    آئر لینڈ کے ساحل پر اڑن طشتریوں کی پرواز

    یورپی جزیرے آئرلینڈ میں چند پراسرار روشنیاں دیکھی گئیں جنہیں اڑن طشتریاں کہا جارہا ہے، واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔

    یہ روشنیاں مقامی وقت کے مطابق 6 بج کر 47 منٹ پر آئرلینڈ کے جنوب مغربی ساحل پر دیکھی گئیں۔

    مذکورہ مقام پر پرواز کرنے والے برٹش ایئر ویز کے طیارے کی پائلٹ نے آئرش ایئرپورٹ شینن کے کنٹرول ٹاور سے رابطہ کیا اور دریافت کیا کہ کیا مذکورہ مقام پر کسی قسم کی فوجی مشقیں جاری ہیں؟

    پائلٹ کا کہنا تھا کہ اسے بہت تیز روشنیاں نظر آرہی ہیں تاہم کنٹرول ٹاور نے کسی بھی قسم کی فوجی مشقوں کے انعقاد سے انکار کیا۔

    برٹش ایئر ویز کا یہ طیارہ مونٹریال سے ہیتھرو جا رہا تھا۔ پائلٹ کا کہنا تھا کہ اسے دکھائی دینے والی روشنیاں بہت تیز تھیں جو طیارے کے بائیں جانب سے نمودار ہوئیں اور تیزی سے شمال کی طرف غائب ہوگئیں۔

    مزید پڑھیں: امریکا میں اڑن طشتری کی واضح تصاویر

    اسی مقام سے قریب سفر کرنے والے ورجن ایئر لائن کے طیارے کے پائلٹ نے بھی ان روشنیوں کو دیکھا۔ ان کا خیال تھا کہ یہ شہاب ثاقب ہیں جو زمین کی فضا میں داخل ہوگئے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ان کی رفتار بے حد تیز تھی جسے آواز کی رفتار سے دوگنا کہا جاسکتا ہے۔ واقعے کے رپورٹ ہونے کے بعد آئرش ایوی ایشن نے تحقیقات شروع کردی ہیں۔

    خیال رہے کہ اڑن طشتریوں کے زمین پر آنے کے دعوے نئے نہیں ہیں۔

    اس سے قبل بھی کئی لوگوں نے مختلف مقامات پر پراسرار روشنیاں دیکھنے کا دعویٰ کیا اور انہیں اڑن طشتری کہا تاہم حتمی طور اب تک اس کی تصدیق نہیں ہوسکی کہ واقعی کوئی اڑن طشتری زمین پر آئی ہے۔