Tag: Isaac Herzog

  • غزہ میں 24 فوجیوں کی ہلاکت پر اسرائیل چیخ اٹھا

    غزہ میں 24 فوجیوں کی ہلاکت پر اسرائیل چیخ اٹھا

    تل ابیب: وسطی غزہ میں زمین لڑائی کے دوران ایک ہی دن 24 اسرائیلی فوجیوں کی ہلاکت پر اسرائیل چیخ اٹھا ہے، اسرائیلی وزیر اعظم، صدر اور قومی سلامتی کے وزیر نے ’مشکل ترین دن‘ کا اعتراف کر لیا۔

    روئٹرز کے مطابق 22 جنوری کا دن 7 اکتوبر کے بعد غزہ میں اسرائیلی فوجیوں کے لیے سب سے مہلک ترین دن رہا ہے، اسرائیل کے پریشان وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو نے کہا کہ 24 فوجیوں کی ہلاکتوں کے ساتھ یہ جنگ شروع ہونے کے بعد کا مشکل ترین دن ہے۔

    انھوں نے ڈھٹائی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کہا کہ ہم غزہ میں نہیں رکیں گے اور مکمل فتح تک لڑنا بند نہیں کریں گے۔ نیتن یاہو نے کہا فوج اس حملے کی تحقیقات کرے گی جس میں فلسطینی جنگجوؤں کی جانب سے راکٹ سے چلنے والے دستی بموں سے ایک ٹینک کو نشانہ بنایا گیا، جس سے ایک ثانوی دھماکا ہوا، جس سے فوجیوں پر دو عمارتیں گر گئیں۔

    غزہ میں زمینی لڑائی شدید، حماس کے حملے میں 24 اسرائیلی فوجی ہلاک

    اسرائیلی صدر آئزک ہرزوگ نے چوبیس فوجیوں کی ہلاکت کو ’ناقابل برداشت مشکل صبح‘ قرار دیا، انھوں نے کہا آج کی صبح ایک ناقابل برداشت مشکل صبح ہے کیوں کہ ہمارے اتنے سارے بہترین بیٹوں کے نام قبروں کے کتبوں میں شامل کیے جا رہے ہیں۔ اسرائیلی صدر نے غزہ کو ’انتہائی مشکل جگہ‘ بھی قرار دیا۔

    اسرائیلی قومی سلامتی کے انتہائی دائیں بازو کے وزیر ایتمار بن گویر نے اسرائیلی فوج کی ہلاکتوں کے واقعے پر آپے سے باہر ہو کر فلسطینی مزاحمت کو ’نازی دشمن‘ قرار دیا، اور کہا کہ اس کو شکست دینا پہلے سے زیادہ اہم بن گیا ہے۔

    انھوں نے کہا ایک ہی دن میں 24 فوجیوں کی ہلاکت سے یہ بات اب پہلے سے زیادہ واضح ہو گئی ہے کہ اسرائیل کو غزہ میں آپریشن بند نہیں کرنا چاہیے، اسرائیل کو غزہ میں نازی دشمن کو اپنی پوری طاقت سے زیر کرنا، کچلنا اور نابود کرنا جاری رکھنا چاہیے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز وسطی غزہ میں اسرائیل اور غزہ کی سرحد کے قریب بستی میں حماس نے ایک اسرائیلی ٹینک کو راکٹ سے چلنے والے گرنیڈ سے نشانہ بنایا تو اسرائیلی فوج کے ترجمان ڈینیئل ہگاری کے مطابق وہاں موجود دو عمارتوں کو منہدم کرنے کے لیے بچھائے گئے بارودی مواد میں چنگاری سے دھماکے ہوئے اور یہ عمارتیں فوجیوں کے اوپر منہدم ہو گئیں۔

  • صدر اسحاق ہرزوگ بحرین کا دورہ کرنے والے پہلے اسرائیلی صدر بن گئے

    صدر اسحاق ہرزوگ بحرین کا دورہ کرنے والے پہلے اسرائیلی صدر بن گئے

    منامہ: صدر اسحاق ہرزوگ بحرین کا دورہ کرنے والے پہلے اسرائیلی صدر بن گئے۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسرائیلی صدر اسحاق ہرزوگ خلیجی ریاست بحرین کا دورہ کرنے والے پہلے اسرائیلی سربراہ مملکت بن گئے۔

    اسرائیلی صدر نے ​​شاہ حمد بن عیسیٰ الخلیفہ اور ولئ عہد شیخ سلمان بن حمد الخلیفہ سے ملاقات کی، اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے علاقائی سلامتی و تجارت سمیت دیگر مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔

    اسرائیل کی غزہ پر وحشیانہ بمباری میں 5 سالہ بچی سمیت 8 فلسطینی شہید

    ہرزوگ نے اتوار کو یہ دورہ 2020 میں دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کے معمول پر آنے کے بعد کیا ہے۔ دوسری طرف اسرائیلی صدر کے دورے کے خلاف منامہ میں فلسطین کے حق میں بڑی تعداد میں شہریوں نے جمع ہو کر احتجاج کیا۔

    ہرزوگ کے ہمراہ صنعت اور کاروباری نمائندوں کا ایک وفد بھی تھا، جس کا بحرین پہنچنے پر وزیر خارجہ عبداللطیف بن راشد الزیانی نے استقبال کیا۔ دونوں ممالک نے نجی شعبے کے نمائندگان کے درمیان روابط استوار کرنے کے حوالے سے خصوصی طور پر غور خوض کیا۔

    شاہ حمد بن عیسیٰ الخلیفہ نے کہا کہ ان کا ملک ایک منصفانہ، جامع اور پائیدار امن کے حصول کی حمایت کرتا ہے، جو فلسطینی عوام کے جائز حقوق کی ضمانت دیتا ہو، اور یہ فلسطینی اور اسرائیلی عوام کے ساتھ ساتھ خطے کے تمام لوگوں کے لیے استحکام، ترقی اور خوش حالی کا باعث بنے گا۔

    اسرائیلی صدر ہرزوگ شاہ بحرین کے لیے ایک تحفہ بھی لائے۔

  • اسرائیلی صدر کا طیارہ ترکی میں اتر گیا

    اسرائیلی صدر کا طیارہ ترکی میں اتر گیا

    انقرہ: اسرائیلی صدر 15 برس بعد ترکی کے دورے پر انقرہ پہنچ گئے۔

    تفصیلات کے مطابق اسرائیلی صدر آئزک ہرزوگ 2 روزہ سرکاری دورے پر انقرہ پہنچ گئے ہیں، اسرائیلی صدر کی ترک ہم منصب رجب طیب اردوان سے ابتدائی ملاقات بھی ہو گئی۔

    دونوں رہنماؤں کی ملاقات میں یوکرین بحران، اور مختلف شعبوں میں باہمی دوطرفہ تعاون پر تبادلہ خیال ہوا، میڈیا رپورٹس کے مطابق اس دورے کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان کئی برس سے جاری تناؤ کے بعد تعلقات بہتر بنانا ہے۔

    اسرائیلی صدر نے کہا کہ ترکی کے صدارتی کمپلیکس میں پُر تپاک استقبال کے لیے میں صدر اردوان کا شکر گزار ہوں، میں اس بات پر پختہ یقین رکھتا ہوں کہ ہمارے اس خطے میں تمام لوگ، عقائد اور ریاستیں امن کے ساتھ رہ سکتے ہیں اور رہنے چاہیئں، اور ہمارے درمیان یہ شراکت داری ہم سب کے لیے برکات اور خوش حالی لائے گی۔

    واضح رہے کہ اسرائیلی صدر آئزک ہرزوگ اپنی اہلیہ مشل کے ساتھ اردوان کی جانب سے دی گئی دعوت پر ترکی پہنچے ہیں، جب سے انھوں نے منصب سنبھالا ہے، تب سے انھوں نے ترکی کے ساتھ بات چیت کا آغاز کیا ہے۔

    اسرائیلی صدر کا کہنا ہے کہ ترکی کے ساتھ تعلقات استوار کرنا اور درمیان میں حائل خلیج پاٹنا، اسرائیل اور علاقائی مفاد میں ہے، اس لیے مجھے امید ہے کہ یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان ایک اہم مذاکرات کی طرف لے جائے گا۔