Tag: ISB

  • اسلام آباد سمیت مختلف شہروں میں 6.0 شدت کا زلزلہ

    اسلام آباد سمیت مختلف شہروں میں 6.0 شدت کا زلزلہ

    اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف شہروں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے، ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 6.0 محسوس کی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور صوبہ خیبر پختونخواہ و پنجاب کے مختلف شہروں میں ایک بار پھر زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔

    زلزلے کے جھٹکے اسلام آباد اور راولپنڈی کے ساتھ ساتھ صوبہ خیبر پختونخواہ کے مختلف شہروں پشاور، سوات، بٹگرام، دیر بالا، صوابی، مالا کنڈ، کوہاٹ، لوئر دیر، بونیر، مہمند، مردان، چارسدہ، بنوں اور شانگلہ میں محسوس کیے گئے۔

    پنجاب کے جن شہروں میں زلزلہ محسوس ہوا ان میں مری، ظفر وال، شکر گڑھ، جلالپور بھٹیاں، سرائے عالمگیر، سرگودھا اور فیصل آباد شامل ہیں۔

    زلزلے سے شہری خوفزدہ ہو کر کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے۔

    زلزلہ پیما مرکز کا کہنا ہے کہ ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 6.0 ریکارڈ کی گئی، زلزلے کا مرکز افغانستان تاجکستان بارڈر تھا اور زلزلے کی گہرائی 223 کلومیٹر زیر زمین تھی۔

    پختونخواہ کی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کا کہنا ہے کہ تاحال کنٹرول روم کو کسی قسم کے نقصانات کی اطلاعات موصول نہیں ہوئیں، عوام ناخوشگوار واقعے کی اطلاع پی ڈی ایم اے کنٹرول روم کو 1700 پر دیں۔

    خیال رہے کہ اس سے قبل مارچ میں دارالحکومت اسلام آباد سمیت پنجاب، خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے مختلف شہروں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے تھے۔

    22 مارچ کی شب آنے والے زلزلے کی شدت 6.8 ریکارڈ کی گئی تھی جس کا مرکز افغانستان تھا۔

    زلزلے سے پختونخوا میں 9 افراد جاں بحق اور 44 زخمی بھی ہوئے تھے جبکہ 19 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا تھا۔

  • ایک کروڑ روپے کے لیے اغوا ہونے والا 5 سالہ بچہ بازیاب

    اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں اغوا ہونے والے 5 سالہ بچے کو بازیاب کروا لیا گیا، اغوا کاروں نے 1 کروڑ روپے کا تاوان طلب کیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) آپریشنز کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں 1 کروڑ روپے تاوان کے لیے اغوا کیے جانے والے 5 سال کے بچے کو بازیاب کرلیا گیا۔

    ڈی آئی جی کا کہنا ہے کہ برہان نامی بچے کو 2 موٹر سائیکل سوار افراد نے 31 دسمبر کو اغوا کیا تھا، بچے کی فیملی کو 1 کروڑ روپے تاوان کی کال موصول ہوئی ہوئی تھی۔

    ترجمان پولیس کے مطابق اغوا کاروں نے ایک اور کال کی اور بچے کو جان سے مار دینے کی دھمکی دی۔

    ترجمان پولیس کا مزید کہنا تھا کہ سیف سٹی اور ٹیکنیکل طریقے سے پولیس نے ملزمان کو ٹریس کیا، کارروائی کے دوران ایک ملزم کو گرفتار کر لیا گیا جبکہ دوسرے کی تلاش جاری ہے۔

  • لاہور ایئرپورٹ: بیرون ملک سے آنے والی 5 پروازوں کو اسلام آباد ایئرپورٹ پر اترنے کی ہدایت

    لاہور: صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں دھند کے باعث فضائی آپریشن شدید متاثر ہے، لاہور اترنے والی 5 اور لاہور سے روانہ ہونے والی 2 پروازوں کو اسلام آباد منتقل کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ایئرپورٹ پر دھند کے باعث فضائی آپریشن شدید متاثر ہوا ہے، دھند کے باعث 5 پروازوں کا رخ اسلام آباد کے لیے موڑ دیا گیا۔

    جن پروازوں کا رخ موڑا گیا ہے ان میں استنبول، کویت، کوالالمپور، جدہ اور شارجہ سے آنے والی پروازیں شامل ہیں۔

    لاہور سے جدہ اور مدینہ جانے والی پی آئی اے کی 2 پروازوں کو بھی اسلام آباد منتقل کر دیا گیا، پی آئی اے کی دونوں پروازیں اب لاہور کے بجائے اسلام آباد سے روانہ ہوں گی۔

    لاہور سے مسافروں کو براستہ سڑک اسلام آباد پہنچنے کی اطلاع دے دی گئی۔

  • لاہور میں شدید دھند، بین الاقوامی پروازوں کے حوالے سے بڑا فیصلہ

    لاہور میں شدید دھند، بین الاقوامی پروازوں کے حوالے سے بڑا فیصلہ

    لاہور: صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں شدید دھند کے باعث قومی ایئر لائن نے رات 10 سے دن 11 بجے تک کی بین الاقوامی پروازوں کو اسلام آباد منتقل کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر دھند اور حد نگاہ کم ہونے کی وجہ سے پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) کی رات 10 سے دن 11 بجے تک کی بین الاقوامی آپریٹ پروازوں کو اسلام آباد منتقل کر دیا گیا ہے۔

    ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ پروازوں کی منتقلی مسافروں کو طویل انتظار سے بچانے کے لیے کی گئی ہے، منتقلی عارضی ہے، دھند کم ہونے پر صورتحال معمول پر آجائے گی۔

    ترجمان کے مطابق پروازوں کی منتقلی پر عمل درآمد آج رات سے کردیا جائے گا، مسافر پروازوں کی معلومات کے لیے کال سینٹر سے رجوع کریں۔

    خیال رہے کہ گزشتہ چند دن سے شدید دھند کے باعث لاہور ایئرپورٹ پر اندرون و بیرون ملک جانے والی متعدد پروازیں تاخیر کا شکار ہورہی تھیں، لاہور ایئرپورٹ پر صبح کے اوقات میں پروازوں کو لینڈنگ کی اجازت بھی نہیں دی جارہی تھی۔

  • فارن فنڈنگ کیس: پی ٹی آئی کو بڑا دھچکا

    فارن فنڈنگ کیس: پی ٹی آئی کو بڑا دھچکا

    اسلام آباد: پی ٹی آئی فارن فنڈنگ سے متعلق دائر متفرق درخواست پر الیکشن کمیشن نے اپنا فیصلہ سنادیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن میں پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس کی سماعت ہوئی، کیس کی سماعت کے موقع پر تمام فریقین پیش ہوئے، سماعت کے آغاز پر الیکشن کمیشن نے گزشتہ سماعت پر کیا گیا محفوظ فیصلہ سنادیا اور اکبر ایس بابر کو کیس سے الگ کرنے کی پی ٹی آئی کی درخواست مسترد کردی۔

    معاون وکیل نے عدالت کو بتایا کہ انور منصور سندھ اور شاہ خاور لاہور ہائیکورٹ میں مصروف ہونے کے باعث آج پیش نہیں ہوسکتے، کل ہی درخواست دی تھی کہ آج کی تاریخ تبدیل کی جائے۔

    معاون وکیل کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کا فیصلہ چیلنج کرینگے، مناسب ہوگا کمیشن دو ہفتے کا وقت دےتاکہ اپیل پر فیصلہ ہو سکے۔

    یہ بھی پڑھیں: فارن فنڈنگ کیس : تحریک انصاف کی سماعت ملتوی کرنے کی استدعا مسترد

    اس موقع پر ممبر بلوچستان شاہ محمد جتوئی نے کہا کہ اکبر بابر کے وکیل نے آج دلائل دینے ہیں، بار بار التوا مانگنا اچھی روایت نہیں، اسکروٹنی کمیٹی سے کئی سال بعد کیس آیا ہے اب فیصلہ ہونے دیں، اسکروٹنی کمیٹی سے کئی سال بعد کیس آیا ہے اب فیصلہ ہونے دیں۔

    معاون وکیل پی ٹی آئی نے عدالت سے استدعا کی کہ اسکروٹنی کمیٹی رپورٹ پر جواب اکبر ایس بابرکو نہ دیا جائے اور اکبر ایس بابر کی حیثیت پر اعلیٰ عدلیہ کو پہلے فیصلہ کرنے دیا جائے۔

    الیکشن کمیشن نے اکبر ایس بابر کے وکیل احمد احسن کو دلائل جاری رکھنے کی ہدایت کی اور معاون وکیل پی ٹی آئی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اکبر بابر کے وکیل دلائل دینگے آپ نوٹ کرکے سینئر وکیل کو بتا دیں۔

  • اپوزیشن کو عوام کی نہیں کرپشن مقدمات کی فکر ہے، وزیراعظم

    اپوزیشن کو عوام کی نہیں کرپشن مقدمات کی فکر ہے، وزیراعظم

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت پارٹی کی سینئر قیادت کا اہم اجلاس ختم ہوگیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق قومی اسمبلی کے اجلاس سے متعلق وزیراعظم عمران خان نے سینئر قیادت کو مشاورت کےلئے بنی گالہ طلب کیا تھا، اہم ترین اجلاس میں پرویز خٹک، علی زیدی، فواد چوہدری اور شفقت محمود سمیت کئی اہم وفاقی وزرا اور پارٹی رہنماؤں نے شرکت کی۔

    ذرائع کے مطابق اجلاس میں تحریک عدم اعتماد سے متعلق حکمت عملی پر مشاورت کی گئی اور اپوزیشن کے حربے کو ناکام بنانے کی حکمت عملی تیار کی گئی۔

    اجلاس میں وزیراعظم کو بریفنگ دی گئی کہ ناراض پارٹی ارکان سے رابطے جاری ہیں جبکہ اتحادیوں کے ساتھ مسلسل رابطے جاری رکھے ہوئے ہیں۔

    اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کو عوام کی نہیں کرپشن مقدمات کی فکر ہے۔

    دوسری جانب وزیراعظم عمران خان کے خلاف عدم اعتماد سے قبل حکومت کو بڑا دھچکا ملا ہے، مسلم لیگ (ق) سے سات اراکین قومی اسمبلی نے خفیہ ملاقات کی اور (ق) لیگ کو ساتھ دینے کی یقین دہانی کرادی ہے۔

    یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی کی سینیئر قیادت بنی گالہ طلب

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ان ایم این ایز نے گذشتہ تین روز کے دوران اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الہیٰ اور صدر مسلم لیگ (ق) چوہدری شجاعت سے ملاقات کی، کن کن ارکان اسمبلی نے قاف لیگی قیادت سے خفیہ ملاقاتیں کیں؟ فی الحال نام سامنے نہیں آسکے ہیں۔

    دوسری جانب حکومت نے موجودہ صورتحال میں پی ٹی آئی میں فاروڈ بلاک بنانے، اپوزیشن رہنماؤں سے مل کر پارٹی کی پیٹھ میں چھرا گھونپنے والوں کیخلاف قانونی چارہ جوئی کا فیصلہ کیا ہے۔

  • ایف آئی اے آفیسر نے فرض شناسی کی اعلیٰ مثال قائم کردی، اشتہاری ملزم گرفتار

    ایف آئی اے آفیسر نے فرض شناسی کی اعلیٰ مثال قائم کردی، اشتہاری ملزم گرفتار

    اسلام آباد : ایف آئی اے آفیسر نے چھٹی کے دن بھی اپنے فرائض سے غفلت نہ برتی انتہائی سنگین مقدمات میں مطلوب ملزم کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے آفیسر نے شادی کی چھٹیوں کے دوران اشتہاری ملزم کو گرفتار کرلیا، سب انسپکٹر اسفندیار اپنی شادی کی شاپنگ کے سلسلے میں بازار میں موجود تھا کہ اس دوران اس نے ماسک پہنے اشتہاری ملزم کو پہچان لیا۔

    سب انسپکٹر نے اپنی حاضر دماغی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حکمت عملی کے ساتھ اپنی فیملی کو چھوڑ کر ملزم کو قابو میں کرلیا۔ ملزم ایف آئی اے کارپوریٹ کرائم سرکل کو متعدد مقدمات میں مطلوب تھا، ملزم کا نام صیغہ راز میں رکھا گیا ہے۔

    سب انسپکٹر اسفندیار کی حاضر دماغی اور فرائض کی لگن پر ڈائریکٹر اسلام آباد کی جانب سے انہیں نقد انعام دیا گیا۔

  • قائد اعظمؒ کے وژن پرعمل درآمد کرنا ہوگا، وزیر اعظم

    قائد اعظمؒ کے وژن پرعمل درآمد کرنا ہوگا، وزیر اعظم

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ہم قائد اعظم کے وژن پر عمل نہ کرنے کے باعث اپنی صلاحیتوں سے استفادہ کرنے میں ناکام رہے۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں وزیر اعظم نے کہا کہ اب تک ہم زبردست صلاحیتوں سے استفادہ کرنے میں ناکام رہے، اس کی بنیادی وجہ قائد کے وژن پرعمل درآمد نہ کرنا ہے۔

    وزیراعظم کا کہنا تھا کہ آج پاکستان اپنے ٹریک پر واپس آ چکا ہے، عمران خان نے اپنے پیغام میں مزید کہا کہ طاقتور کو قانون کی حکمرانی کے تابع لایا گیا۔ فلاحی ریاست کیلئے پناہ گاہوں، ہیلتھ کارڈز سے غریب طبقے کا احساس کیا گیا۔

    علامہ اقبال کا تصور ریاست مدینہ کے اصولوں پر مبنی تھا،15صدی پہلے نبی کریم نے مدینہ میں پہلی فلاحی ریاست قائم کی، ریاست مدینہ قانون کی حکمرانی،جمہوریت اور رواداری پر مبنی تھی، ریاست مدینہ میں علم کی تلاش مقدس فریضہ تھی۔

    چند دہائیوں میں مسلمان اگلی چند صدیوں کی سب سے بڑی تہذیب بنے، مسلمان رہنما اصولوں سے دور ہوئے تو ان کی تہذیب زوال پذیر ہوگئی، 81سال پہلے قائداعظم نے ہمیں پاکستان کا خواب دکھایا جس کا تصور عظیم فلسفی اور شاعر علامہ اقبال نے پیش کیا تھا۔

  • اسلام آباد کے پارک میں اپنا کنسرٹ منعقد کرنے والا باصلاحیت گلوکار

    اسلام آباد کے پارک میں اپنا کنسرٹ منعقد کرنے والا باصلاحیت گلوکار

    خوبصورت آواز اور سر بغیر کسی ٹیکنالوجی اور آلات موسیقی کے کسی کو بھی اپنے سحر میں مبتلا کرسکتے ہیں، اسلام آباد کا ایک گمنام گلوکار بھی اپنے سروں سے مقامی افراد کو مسحور کردیتا ہے۔

    وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے رہائشی حق نواز کو خدا نے نہایت خوبصورت آواز سے نوازا ہے، 36 سالہ یہ گلوکار 30 سال سے گلوکاری کر رہا ہے۔

    حق نواز اسلام آباد کے ایف نائن پارک میں لائیو کنسرٹ منعقد کرتا ہے جسے ہر خاص و عام بغیر کسی ٹکٹ کے سن سکتا ہے، سننے والے حق نواز کی خوبصورت آواز کے سحر میں مبتلا ہوجاتے ہیں۔

    شہریوں کا کہنا ہے کہ وہ روز اس باصلاحیت گلوکار کا کنسرٹ سنتے ہیں اور چاہتے ہیں کہ اسے بہتر مواقع ملیں کہ تاکہ وہ اپنا ٹیلنٹ دنیا کے سامنے لاسکے۔

  • حکومت نے نواز شریف کی طلبی کے معاملے پر عدالت سے رجوع کرلیا

    حکومت نے نواز شریف کی طلبی کے معاملے پر عدالت سے رجوع کرلیا

    اسلام آباد: حکومت نے نواز شریف کی طلبی کے معاملے پر اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست جمع کروادی۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق نواز شریف کی طلبی کے معاملے پر حکومت نے عدالت سے رجوع کرلیا، وفاق کی جانب سے دائر 2 متفرق درخواستیں سماعت کے لیے مقرر کرلی گئیں۔

    ایڈیشنل اٹارنی جنرل طارق کھوکھر نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست جمع کروائی، کیس کی سماعت جسٹس عامر فاروق، جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل بنچ کرے گا۔

    درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ عدالت نے 7 اکتوبر کے حکم میں دو ملکی اخبارات میں اشتہارات شائع کرانے کا حکم دیا تھا، نواز شریف برطانیہ میں ہیں، لہٰذا طلبی کے لیے برطانوی اخبتارات میں اشتہارت دئیے جائیں۔

    مزید پڑھیں: نواز شریف کی طلبی کا اشتہار تیار ، 24 نومبر کو عدالت میں طلب

    درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ برطانوی اخبارات میں اشتہار شائع کروانے کی اجازت دی جائے۔

    ایڈیشنل اٹارنی جنرل کا کہنا تھا کہ وفاق نے نواز شریف کی طلبی کے اشتہار کے لیے رقم عدالت میں جمع کروادی، رجسٹرار آفس نے نواز شریف کی طلبہ کے لیے کاز لسٹ جاری کردی۔

    یاد رہے عدالت نے 2 اخبارات میں نواز شریف کی طلبی کا اشتہار جاری کرنے کا حکم دیا تھا اور ڈپٹی اٹارنی جنرل آفس سے اشتہارات کی مد میں 60 ہزار روپے ہائی کورٹ رجسٹرارآفس کو مل گئے تھے۔

    خیال رہے اسلام آبادہائی کورٹ نے نواز شریف کے اشتہارجاری کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا تھا کہ 30 دن کے اندر اگر ملزم پیش نہیں ہوتے تو اشتہاری قرار دیا جائے۔