اسلام آباد ایئرپورٹ انتظامیہ نے دو روز کیلیے پروازوں کی آمد و رفت معطل کرنے کا اعلان کیا ہے۔
اس حوالے سے پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی نے نوٹم جاری کردیا جس کے تحت 11اور14اگست کو اسلام آباد ایئرپورٹ پر2گھنٹےکیلئے پروازوں کی آمد و رفت معطل رہے گی۔
نوٹم کے مطابق اسلام آباد ایئرپورٹ پر فضائی آپریشن صبح 11 سے دوپہر 1 بجے تک معطل رہے گا۔
پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی کا یہ نوٹم یوم آزادی ریہرسل کیلئے جاری کیا گیا ہے جس میں تمام ایئر لائنز کو ان اوقات میں پروازیں شیڈول نہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
اس حوالے سے ترجمان پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی نے واضح کیا کہ یہ پابندی صرف مختصر وقفوں کے لیے ہوگی اور ان اوقات کے علاوہ ایئرپورٹ پر پروازیں معمول کے مطابق جاری رہیں گی۔
وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ اسلام آباد ایئر پورٹ کی آؤٹ سورسنگ پر کام جاری ہے اس کے فوری بعد کراچی اور لاہور ایئرپورٹ بھی آؤٹ سورس کیے جائیں گے۔
یہ بات انہوں نے مالی سال 25-2024 کی اقتصادی سروے رپورٹ پیش کرتے ہوئے صحافی کی جانب سے حکومت کے سو دن کے حوالے سے کیے گئے ایک سوال کے جواب میں کہی۔
پی آئی اے کی نجکاری سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کی نجکاری کیلئے 6 پارٹیاں پری کوالیفائی کرچکی ہیں، اس کا حتمی نتیجہ آپ جولائی اگست تک دیکھ سکیں گے۔
وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ حکومت سرکاری اداروں میں ایک ہزار ارب روپے کا خسارہ برداشت نہیں کرسکتی۔
انہوں نے کہا کہ مہنگائی کی شرح کم ہونے کی وجہ سے شرح سود میں کمی ہوئی، مئی میں مہنگائی 11.8فیصد پر آئی، توانائی اور قرضوں کی بلند قیمتیں ریکارڈ کی گئیں، ہم آئندہ سال بھی قرض رول اوور کرائیں گے، قرضوں کی ادائیگی کیلئے رواں سال کا طریقہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔
وفاقی وزیر نے بتایا کہ جی ڈی پی کا مجموعی حجم ایک لاکھ 6ہزار 45ارب ریکارڈ کیا گیا، ہمارے پاس 9ارب ڈالر کے ذخائر موجود ہیں، رواں مالی سال میں جی ڈی پی گروتھ 2.38فیصد ریکارڈ کی گئی۔ آئندہ مالی سال کا آغاز بہتر انداز میں کریں گے۔
وزیر اعظم شہباز شریف کے دورہ چین کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ چین کا دورہ سی پیک میں نئی روح لایا ہے، چین کا دورہ سی پیک کے حوالے سے بہت اہم تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ خصوصی اقتصادی زونز سے چینی بزنس پاکستان شفٹ ہوگا، ہماری حکومت کا فوکس بزنس ٹو بزنس سرمایہ کاری ہے۔
اقتصادی سروے رپورٹ :
واضح رہے کہ وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے مالی سال 24-2023 کا اقتصادی سروے پیش کر دیا ہے۔
سروے رپورٹ کے مطابق ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی کھپت میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے، انڈسٹری، ٹرانسپورٹ اور پاور سیکٹر کی جانب سے تیل کی کھپت میں نمایاں کمی سامنے آئی۔
ماہ جولائی تا مارچ2023 کی نسبت 2024 میں انڈسٹری کی تیل کی کھپت8.365فیصد کم ہوئی ٹرانسپورٹ سیکٹر کی کھپت4.78فیصد اور پاورسیکٹر کی کھپت63.26فیصد کم ہوئی۔
اسلام آباد ایئرپورٹ سول ایوی ایشن اتھارٹی کے کنٹریکٹ ملازمین کی ہڑتال کے باعث ایئر پورٹ پر جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر پڑے ہوئے ہیں۔
صفائی عملے کے مرد و خواتین ملازمین نے گزشتہ رات سے ہڑتال شروع کی جو تاحال جاری ہے، ملازمین نے اپنے مطالبات کے حق میں احتجاج کرتے ہوئے نیو اسلام آباد ایئرپورٹ پر کام کرنا چھوڑ دیا۔
انٹرنیشنل ارائیول، ڈیپارچر پر کچرا اٹھانے والا کوئی نہیں، مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے، احتجاج کرنے والے کنٹریکٹ ملازمین نے سول ایوی ایشن کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔
اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ سی اے اے نے کنٹریکٹ ملازمین کو پرائیویٹ کنٹریکٹرز کے زیرنگرانی کام کے احکامات جاری کیے ہیں۔
ملازمین کا کہنا ہے کہ ٹھیکیدار نے ملازمین کی تنخواہ 16ہزار اور22ہزار مقرر کی ہے، سی اے اے نے پارلیمنٹ ملازمین بحالی کمیٹی کے احکامات ہوا میں اڑا دیئے۔
کراچی : بین الاقوامی سطح کے اسلام آباد ائرپورٹ پر وائی فائی اور مسافروں کے سامان کی ترسیل سے متعلق سی اے اے کی وضاحت سامنے آگئی۔
اس حوالے سے ترجمان سول ایویشن اتھارٹی کا کہنا ہے کہ اسلام اباد ایئرپورٹ میں بلا معاوضہ وائی فائی کی سہولت پسینجر ٹرمینل بلڈنگ کے تمام حصوں میں بلا تعطل دستیاب ہوتی ہے۔
ترجمان نے کہا ہے کہ رجسٹرڈ سمز والے مسافر آن لائن پورٹل کے ذریعے خود بخود رجسٹرڈ ہو جاتے ہیں، تاہم غیر رجسٹرڈ سمز اور غیرملکی سمز رکھنے والے مسافروں کو سول ایویشن انفارمیشن ڈیسک کے ذریعے (پی ٹی اے) کے وضع کردہ طریقہ کار کے تحت جلد از جلد سہولت فراہم کردی جاتی ہے۔
سول ایویشن کی تکنیکی ٹیم24گھنٹے بلا تعطل وائی فائی سہولت کی فراہمی کو یقینی بناتی ہے، تاہم کبھی کبھار سروس پروائیڈر کے بیک اینڈ مسائل یا بیک وقت صارفین کی ضرورت سے زیادہ تعداد کی وجہ سے یہ خدمات متاثر ہوسکتی ہیں۔
اس کے علاوہ صارفین کی جانب سے موصول ہونے والی شکایات کی روشنی میں سول ایویشن مسائل کو حل کرنے اور اپنی خدمات کے معیار کو مزید بہتر بنانے کی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے
ترجمان کے مطابق مسافروں کے سامان کی ترسیل سے متعلق مقررہ معیار/ بینچ مارکس کے مطابق اسلام اباد ایئرپورٹ پر سامان بروقت مسافروں تک پہنچایا جا رہا ہے۔
اپنے ایک جاری بیان میں سی اے اے ترجمان نے کہا کہ 600سے 700 بیگ لے جانے والی پرواز کے لیے سامان کی ترسیل کا وقت زیادہ سے زیادہ 50 سے 60منٹ ہے۔
تاہم بہت کم مواقعوں پر جیسا کہ عمرہ پروازوں کے دوران جہاں مختلف قسم کے سامان کی تعداد عموماً 800 سے تجاوز کرجاتی ہے، ترسیل کا وقت ایک گھنٹے سے زیادہ ہو سکتا ہے۔
اسلام آباد کے بین الاقوامی ائرپورٹ میں ایئرلائنز/گراؤنڈ ہینڈلرز کے لئے سامان کی ترسیل کے نظام کار کی نگرانی کا ایک مربوط طریقہ کار بھی موجود ہے جس کے تحت ایئر لائن/جی ایچ اے پر وقت مقررہ سے زیادہ وقت لینے پر جرمانہ عائد کیا جاسکتا ہے۔
کراچی : اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر جیب کتروں کی بھرمار ہے، مسافروں نے موقع پر ہی تین جیب تراش دھر لئے۔
تفصیلات کے مطابق ایئر پورٹس پر مسافروں کے رش اور ان کی مصروفیت کا فائدہ اٹھا کر جیبیں کاٹنے والا گروہ سرگرم ہوگیا، مسافروں کی بڑی تعداد اپنی جمع پونجی سے محروم ہوگئی۔
اسلام آباد ایئرپورٹ پر مسافروں نے چار جیب کتروں کو رنگے ہاتھوں پکڑ لیا، لاتوں اور گھونسوں سے ٹھیک ٹھاک دھلائی کے بعد انہیں پولیس کے حوالے کردیا۔
اسی دھکم پیل میں ایک ملزم لوگوں کو چکمہ دے کر فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا، مسافروں نے ایئرپورٹ سے پکڑے جانے والے تین ملزمان کو تھانہ ایئرپورٹ چوکی کے حوالے کردیا
اس حوالے سے پولیس حکام کا کہنا ہے کہ تینوں ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی کے بعد تفتیش شروع کردی گئی ہے، فرار ہونے والے ملزم کی تلاش بھی جاری ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق مذکورہ جیب تراش حج پروازوں کے مسافروں کی جیبوں سے پیسے نکال رہے تھے، اے ایس ایف، سول ایوی ایشن ویجیلنس سمیت دیگر ادارے اس معاملے سے لاعلم تھے، مسافروں نے اپنی مدد آپ کے تحت ان جیب تراشوں کو پکڑا۔
اسلام آباد : اے ایس ایف کے عملے نے اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے منشیات بیرون ملک اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی۔
تفصیلات کے مطابق ایئرپورٹس سیکورٹی فورس نے اسلام آباد ائر پورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے ابوظبی جانے والے مسافر سے 2.350 کلو گرام آئس ہیروئن برآمد کرلی
مسافر لالدار خان نے ہیروئن بیگ کی تہہ میں کالے رنگ کی ٹیپ میں لپیٹ کر مہارت سے چھپا رکھی تھی تاہم اے ایس ایف کے عملے نے سامان کی تلاشی کے دوران منشیات برآمد کرکے اسمگلنگ کی کوششں ناکام بنا دی۔
ملزم کو ابتدائی تفتیش کے بعدبرآمد شدہ منشیات سمیت مزید قانونی کارروائی کے لئے اے این ایف حکام کے حوالے کر دیا گیا، مزید تفتیش جاری ہے۔
اسلام آباد اے این ایف کے عملے نے اسلام آباد ائیرپورٹ پر کامیاب کارروائی کرتے ہوئے تین بین الاقوامی اسمگلروں کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق اینٹی نارکوٹکس فورس کی ٹیم نے بیرون ملک منشیات اسمگلنگ کا نیٹ ورک چلانے والے 3ملزمان کو اسلام آباد ایئر پورٹ سے حراست میں لیا ہے۔
اس حوالے سے ترجمان اےاین ایف کا کہنا ہے کہ ایئر پورٹ کے داخلی راستے پر دوران تلاشی جارج نامی ملزم سے2 کلو600گرام ہیروئن برآمد ہوئی تھی۔
ترجمان کے مطابق ملزم نے ہیروئن مہارت سے ٹرالی بیگ میں چھپا رکھی تھی، ملزم کی نشاندہی پر مزید2 ملزمان الیاس اور رضوان سہیل بھی گرفتار
دوران تفتیش ملزمان نے ماضی میں بھی بیرون ملک منشیات اسمگلنگ کا اعتراف کرلیا، ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا۔
اس کے علاوہ اے این ایف انٹیلی جنس کی ٹیم نے اسلام آباد ایئر پورٹ پر دوسری کارروائی کی جس میں کوریئر آفس کے ذریعے ہیروئن اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔
تفصیلات بیان کرتے ہوئے ترجمان نے بتایا کہ برطانیہ بھیجے جانے والے پارسل سے 2 کلو 770 گرام ہیروئن برآمد ہوئی ہے۔
ترجمان اےاین ایف کا کہنا ہے کہ ہیروئن 20 لیڈیز سوٹ میں مہارت سے چھپائی گئی تھی، پارسل سیالکوٹ کے رہائشی لیاقت علی کی جانب سے بک کرایا گیا تھا۔
مذکورہ پارسل برطانیہ میں مقیم طارق محمود نامی شخص کو موصول ہونا تھا، پارسل کو قبضے میں لے کر مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
کراچی : برٹش ایئرویز نے آپریشنل وجوہات کی بنیاد پر15جون سے30جون2022 تک اسلام آباد کے لیے پروازیں معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
برٹش ایئرویز کے اسٹیشن منیجر نے منیجر اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو آگاہ کیا کہ اسلام آباد کے لیے پروازیں 15 جون تک جاری رہیں گی۔
اس حوالے سے ترجمان سی اے اے کا کہنا ہے کہ پروازوں کی معطلی صرف برٹش ایئرویز کی آپریشنل وجوہات کی بنا پر ہے۔
ترجمان کے مطابق اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایندھن کی عدم دستیابی کے باعث برٹش ایئرویز کی پروازیں معطل کرنے سے متعلق سوشل میڈیا میں گردش کرنے والی خبریں بے بنیاد ہیں۔
پی سی اے اے نے اسلام آباد ایئرپورٹ پر ایوی ایشن فیول فراہم کرنے والے سے بھی رپورٹ لی ہے جس نے تصدیق کی ہے کہ ایندھن کی کوئی کمی نہیں ہے اور فیول اسٹوریج ٹینک فل ہیں۔
برٹش ایئرویز جلد ہی اس حوالے سے وضاحت جاری کرے گی، اسلام آباد میں برٹش ایئرویز کی مقامی انتظامیہ منیجر اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے ساتھ رابطہ میں ہے۔
کراچی : پاکستان سے بھاری مقدار میں منشیات بحرین اسمگل کرنے کی کوشش کو ناکام بنادیا گیا، ملزم نے انتہائی چالاکی اور مہارت سے منشیات کو چھپایا ہوا تھا۔
تفصیلات کے مطابق اے ایس ایف کے عملے نے اسلام آباد ایئرپورٹ پر کامیاب کارروائی کرتے ہوئے منشیات کی بحرین اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنادی اور مسافر کو حراست میں لے لیا گیا۔
اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ حضرت بلال نامی مسافر غیرملکی ایئرلائن کی پرواز کے ذریعے اسلام آباد سے بحرین جارہا تھا۔
اے ایس ایف کے عملے نے بحرین جانے والے مسافر کے بیگ کی تلاشی لی تو اس میں سے524گرام ہیروئن برآمد ہوئی،
برآمد کی جانے والی ہیروئن ٹرالی بیگ کے اندر شیمپو کی بوتل میں 65 کیپسولز کی صورت میں مہارت سے چھپا کر رکھی گئی تھی۔
ترجمان اے ایس ایف کا کہنا ہے کہ ملزم حضرت بلال کو ابتدائی تفتیش کے بعد برآمد شدہ منشیات سمیت مزید قانونی کارروائی کے لئے اے این ایف حکام کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ کچھ ماہ قبل بھی پاکستان کسٹمز نے کارروائی کرتے ہوئے گوادر کے کھلے سمندر میں غیر ملکی شراب پکڑی تھی، برآمد شدہ شراب کی قیمت 7 کروڑ روپے تھی۔
کسٹم حکام کا کہنا تھا کہ لسبیلہ ساحلی علاقے وندر ڈام کے کھلے سمندر میں کشتی سے 4 ہزار 600 غیرملکی شراب کی بوتلیں برآمد کی گئیں جبکہ کارروائی میں پانچ اسمگلرز بھی گرفتار کرلیے گئے ہیں۔
اسلام آباد : ائیرپورٹ سیکورٹی فورس (اے ایس ایف) نے بڑی مقدار میں منشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام بناتے ہوئے ملزم کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا۔
اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ائیرپورٹ سیکورٹی فورس نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے منشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنادی۔
اسملگلنگ کے الزام میں مسافر کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، اے ایس ایف کے عملے نے بحرین جانے والے مسافر سے 3.054 کلو گرام آئس ہیروئن برآمد کی۔
مسافر محمد خالد نے ہیروئن بیگ کی تہہ میں مہارت سے چھپا رکھی تھی تاہم اے ایس ایف کے عملے نے سامان کی تلاشی کے دوران منشیات برآمد کر کے اسمگلنگ کی کوششں ناکام بنا دی۔
ملزم کو ابتدائی تفتیش کے بعد برآمد شدہ منشیات سمیت مزید قانونی کارروائی کے لئے اے این ایف حکام کے حوالے کردیا گیا۔
واقعے کے حوالے سے مزید تحقیقات کی جارہی ہیں، انتظامیہ نے دیگر مسافروں کے سامان کی بھی نگرانی مزید سخت کردی، ملزم سے مزید تفتیش کی جارہی ہے۔