اسلام آباد : اے ایس ایف اہلکاروں کی نیو اسلام آباد ائیرپورٹ پر مسافروں سے بد اخلاقی پر منیجر اور ڈیوٹی ٹرمینل منیجر کو معطل کردیا گیا، وزیرِاعظم عمران خان کے نوٹس لینے پر انتظامیہ کی دوڑیں لگ گئیں۔
تفصیلات کے مطابق نیواسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر اے ایس ایف اہلکاروں کی جانب سے مسافروں سے بد اخلاقی کے واقعے پر وزیرِ اعظم عمران خان نے سخت نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ افسران کے خلاف سخت ایکشن لینے کی ہدایت کی تھی۔
اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ پشاور فلائٹ واقعے کی عبوری رپورٹ موصول ہونے پر ہوابازی ڈویژن کو متعلقہ افسران کے خلاف سخت ایکشن لینے کی ہدایت دی گئی تھی۔
جس کے بعد ائیرپورٹ منیجر طاہرسکندر، ڈیوٹی ٹرمینل منیجر ظہور اورملک اکرم کو فوری طور پر معطل کرنے کا حکم دے دیا گیا۔

اس کے علاوہ صورتحال کو پیشہ وارانہ انداز سے نمٹنے میں ناکامی پر مذکورہ افسران کے خلاف انضباطی کاروائی کا حکم بھی دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق اسٹیشن منیجر پی آئی اے اسلام آباد پرویز نصیر اور ان کی پوری ٹیم کو معطل کرنے اور ان کے خلاف انضباطی کاروائی شروع کرنے کا حکم جاری کردیا گیا ہے۔
واقعے کی تحقیقات کیلئے بریگیڈئیرعرفان ظفر کی سربراہی میں بورڈ آف انکوائری تشکیل دے دیا گیا، انکوائری بورڈ پاکستان آرمی ایکٹ 1952کے تحت واقعے میں ملوث اے ایس ایف اہلکاروں کے خلاف کاروائی کرے گا۔
بورڈ آف انکوائری دس دنوں میں کاروائی مکمل کر کے رپورٹ پیش کرے گا۔ واضح رہے کہ سول ایوی ایشن، پی آئی اے اور اے ایس ایف کو فوری طور پر وزیرِ اعظم کے حکم پر عمل درآمد کرنے کی ہدایت دے دی گئی ہے۔
یاد رہے کہ چند روز قبل ریاض سے پشاور آنے والی پی آئی اے کی پرواز موسم کی خرابی کے باعث اسلام آباد ائیرپورٹ پر اتار لی گئی تھی۔
اے ایس ایف اہلکاروں کی بدتمیزی: واقعے پر تحقیقات کیلیے انکوائری کمیٹی قائم
موسم کی خرابی کے باعث پرواز کی روانگی میں کئی گھنٹے تاخیر پر مسافروں نے احتجاج کیا جس کو روکنے کے لیے اے ایس ایف اہلکاروں کو طلب کیا گیا۔
اے ایس ایف اہلکاروں نے معاملہ حل کرنے کے بجائے مسافروں پر تھپڑ اور گھونسوں کی بارش کردی لیکن واقعے کے بعد اے ایس ایف اور سی اے اے کی جانب سے کوئی ایکشن نہیں لیا گیا جس کے بعد ہنگامے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔