Tag: ISB high court

  • اسلام آباد ہائی کورٹ : چیف جسٹس سمیت 9 ججوں کو پراسرار خطوط موصول

    اسلام آباد ہائی کورٹ : چیف جسٹس سمیت 9 ججوں کو پراسرار خطوط موصول

    اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس سمیت دیگر 8 ججز کو مشکوک اور پراسرار خطوط موصول ہوئے ہیں جس کے بعد اسٹاف میں کھلبلی مچ گئی۔

    اس حوالے سے عدالتی ذرائع کا کہنا ہے کہ ایک جج کے اسٹاف نے خط کو کھولا تو اس میں پاؤڈر موجود تھا۔

    واقعے کی اطلاع ملتے ہی اسلام آباد پولیس اور کی ماہرین کی ٹیم اسلام آباد ہائی کورٹ پہنچ گئی اور خط میں سے برآمد ہونے والے پاؤڈر کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔

    عدالتی ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ خط میں ڈرانے دھمکانے والا نشان بھی موجود ہے، کسی نامعلوم خاتون نے بغیر ایڈریس لکھے خط ہائی کورٹ ججز کو ارسال کیے۔

    ذرائع کے مطابق یہ خط ریشم اہلیہ وقار حسین نامی خاتون نے لکھا ہے، مزید تحقیقات کیلئے اسلام آباد ہائی کورٹ نے پولیس کے اعلیٰ حکام کو طلب کرلیا ہے۔

    پراسرار خطوط پولیس حکام کے حوالے

    اسلام آباد ہائی کورٹ کے ججز کو موصول ہونے والے پراسرار خطوط پولیس حکام کے حوالے کردیے گئے، واقعے کے بعد سائفر کیس میں سزاؤں کیخلاف اپیلوں کی سماعت کل تک ملتوی کردی گئی۔

    کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس ہائی کورٹ جسٹس عامر فاروق نے خطوط موصول ہونے کا تذکرہ کرتے ہوئے بتایا کہ ہم تمام ججز کو خطوط موصول ہوئے ہیں، خطوط میں ’اینتھراکس‘ کی موجودگی کا بتایا گیا ہے۔

    چیف جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ بنیادی طور پر ہائی کورٹ کو تھریٹ کیا گیا ہے، آج کی سماعت میں تاخیر کی ایک وجہ یہی تھی۔

    مقدمہ درج کرنے کا حکم 

    ججز کو موصول ہونے والے مشکوک و پراسرار خطوط سے متعلق اہم پیشرفت سامنے آئی ہے ذرائع کا کہنا ہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کی انتظامیہ نے مقدمہ درج کرنے کا حکم دے دیا۔

    ذرائع کے مطابق مذکورہ خطوط سی ٹی ڈی کے حوالے کردیئے گئے ہیں، خط کھولنے والے عملے کی آنکھوں میں سوزش کی شکایت سامنے آئی ہے، عملے کو فوری طور پر سینیٹائز کیا گیا

    یاد رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے 6 ججز کے خط کے حوالے سے چیف جسٹس سپریم کورٹ قاضی فائز عیسیٰ نے گزشتہ روز ازخود نوٹس لیتے ہوئے 7 رکنی لارجر بینچ تشکیل دیا ہے۔

    لارجر بینچ کی سربراہ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ خود کریں گے جب کہ اس میں جسٹس منصور علی شاہ، جسٹس یحییٰ آفریدی، جسٹس جمال مندوخیل، جسٹس اطہر من اللہ، جسٹس مسرت ہلالی اور جسٹس نعیم اختر افغان شامل ہیں۔

    علاوہ ازیں اسلام آباد ہائی کورٹ کے چھ ججوں کے خط پر انکوائری کمیشن کی سربراہی کیلئے حکومت کی جانب سے نامزد کردہ جج جسٹس (ر) تصدق جیلانی نے گزشتہ روز کمیشن کی سربراہی سے معذرت کرتے ہوئے خود کو معاملے سے الگ کرلیا تھا۔

    اس حوالے سے جسٹس (ر)تصدق جیلانی نے وزیراعظم شہباز شریف کو خط لکھ کر صورتحال سے آگاہ کردیا تھا۔

     

  • مساج سینٹر چھاپہ کیس : نامزد افراد کیخلاف ایف آئی آر خارج

    مساج سینٹر چھاپہ کیس : نامزد افراد کیخلاف ایف آئی آر خارج

    اسلام آباد : نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں غیرقانونی چھاپے کا کیس میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، اسلام آباد ہائیکورٹ نے مساج سینٹر کے افراد کیخلاف ایف آئی آر خارج کردی۔

    عدالت نے متعلقہ افسران کو قانون کے مطابق طریقہ کار پر عمل درآمد کرنے کی ہدایت کی، مساج سینٹر پر غیرقانونی چھاپے کے دوران وہاں موجود لوگوں سے پونے 6لاکھ روپے لیے گئے۔

    اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس طارق محمود جہانگیری نے تحریری فیصلہ جاری کردیا، مساج سینٹر پر چھاپے کی ایف آئی آر تھانہ لوئی بھیر میں 30نومبر کو درج کی گئی تھی۔

    ایف آئی آر کے اندراج کیخلاف عمر اور انس اسحاق سمیت 8افراد نے رجوع کیا تھا، درخواستوں میں ایس ایچ او تھانہ لوئی بھیر اور ریاست کو فریق بنایا گیا تھا۔

    تحریری حکم نامہ میں کہا گیا کہ پولیس اہلکاروں نے قانون اور بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی کی، پٹیشنرز، دوسرے افراد کیخلاف بدنتی پر مبنی کارروائی مذموم مقاصد اور ہراساں کرنے کیلئے شروع کی گئی۔

    حکم نامہ میں مزید کہا گیا ہے کہ پٹیشنرز کے خلاف ایسے کوئی شواہد نہیں ہیں جس پر ان کو سزا سنائی جاسکے، پٹیشنرز کیخلاف کیس میں تفتیش، پراسکیوشن یا ٹرائل قانون کے غلط استعمال کے مترادف ہوگا۔

  • چیئرمین پی ٹی آئی کی رہائی کا روبکار جاری کردیا گیا

    چیئرمین پی ٹی آئی کی رہائی کا روبکار جاری کردیا گیا

    اسلام آباد : توشہ خانہ کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کے بعد ہائی کورٹ کے رجسٹرار آفس نے چیئرمین پی ٹی آئی کی رہائی کا روبکار جاری کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے ایک لاکھ روپے کے مچلکے آج جمع کرائے گئے، مچلکے جمع ہونے کے بعد ہائیکورٹ رجسٹرار کے دفتر نے روبکار جاری کیا۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز توشہ خانہ کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کی سزا معطل ہوئی تھی، اسلام آباد ہائی کورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی کو ضمانت پر رہا کرنے کا حکم جاری کیا تھا۔

    ہائی کورٹ کا عملہ روبکار لے کر اٹک جیل روانہ ہوگیا، روبکار کی کاپی سیشن جج ویسٹ اور اسلام آباد کے تحصیل دار کو بھی ارسال کردی گئی ہے۔

    توشہ خانہ کیس : چیئرمین پی ٹی آئی کی رہائی کا تحریری فیصلہ

    اسلام آباد ہائی کورٹ نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی توشہ خانہ فوجداری کیس میں سزا معطلی کا 8 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کردیا۔

    چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ عامر فاروق اور جسٹس طارق محمود پر مشتمل بینچ کی جانب سے گزشتہ روز محفوظ کیے گئے فیصلے میں کہا گیا کہ ٹرائل کورٹ کی جانب سے 3 سال قید اور ایک لاکھ روپے جرمانے کی سزا معطل کی جاتی ہے۔

  • عمران خان کو 10روز تک گرفتار نہ کرنے کا حکم

    عمران خان کو 10روز تک گرفتار نہ کرنے کا حکم

    اسلام آباد : عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی 10روز تک گرفتاری کرنے سے روکنے اور مقدمات کی تفصیل فراہم کرنے کا حکم دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کیخلاف اسلام آباد ہائی کورٹ میں درج مقدمات کی تفصیلات کی فراہمی اور گرفتاری سے روکنے کی درخواست پر سماعت ہوئی۔

    اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے سماعت کی، عدالت نے تمام مقدمات میں عمران خان کو 10روز تک گرفتار کرنے سے روکنے کا حکم دیتے ہوئے ہدایت دی ہے کہ مقدمات کی تمام تر تفصیلات10روز میں فراہم کی جائیں۔

    عدالت نے حکم دیا کہ آئندہ سماعت تک کچہری منتقل ہوگئی تو وہاں پیش ہوں، کچہری نہ منتقل ہونے کی صورت میں جوڈیشل کمپلیکس میں پیش ہوجائیں۔

    درخواست کی سماعت کے موقع پر 9مئی کے بعد درج ہونے والے 6مقدمات کی فہرست عدالت میں پیش کردی گئی۔

  • اسد عمر کو دو دن تک گرفتار نہ کیا جائے، عدالت کا حکم

    اسد عمر کو دو دن تک گرفتار نہ کیا جائے، عدالت کا حکم

    اسلام آباد : اسد عمر کیس میں اسلام آباد ہائی کورٹ نے تحریری فیصلہ جاری کردیا، جس میں عدالت نے رہائی ملنے کے بعد2دن تک اسد عمر کو گرفتار نہ کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔

    اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے اسد عمر کو فوری طور پر رہا کرنے کا تحریری فیصلہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے جاری کیا، اسد عمر کے خلاف درج دو ایف آئی آرز میں 2دن تک گرفتار نہ کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

    آج اسد عمرکی جانب سےدفعہ144کی خلاف ورزی نہ کرنے کا بیان حلفی دیا گیا تھا، اسد عمر کا بیان حلفی ملنے کے بعد عدالت نے تحریری فیصلہ جاری کیا۔

    اسد عمر کی جانب سے دائر2درخواست پر عدالت نے الگ الگ فیصلے جاری کیے، فیصلے میں کہا گیا ہے کہ اسد عمر کو مجسٹریٹ کی جانب سے جاری تمام احکامات پرعمل کرنا ہوگا۔

    تحریری فیصلے میں ہدایت کی گئی ہے کہ مجسٹریٹ کی جانب سے جاری کردہ احکامات پر لازمی عمل درآمد کرنا ہوگا، بیان حلفی کی خلاف ورزی کرنے پر توہین عدالت کی کارروائی کی جائے گی۔

    عدالت نے اپنے فیصلے میں 10مئی کو مجسٹریٹ کی جانب سے جاری کیے جانے والے اسد عمر کی گرفتاری کا نوٹیفکیشن غیرقانونی قرار ریتے ہوئے اسے کالعدم قرار دے دیا۔

  • عدالت کا شاہ محمود قریشی کو رہا کرنے کا حکم

    عدالت کا شاہ محمود قریشی کو رہا کرنے کا حکم

    اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور سابق وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے رہا کرنے کا حکم دے دیا۔

    شاہ محمود قریشی کی نظر بندی کے خلاف دائر درخواست پر اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے سماعت کی۔

    ذرائع کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے رہائی بیان حلفی سے مشروط کی تھی۔

    شاہ محمود قریشی کے وکلاء کی جانب سے بیان حلفی جمع کرانے کے بعد ان کی رہائی کا حکم جاری کیا گیا۔

    واضح رہے کہ پاکستان تحریکِ انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کو چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی گرفتاری کے بعد ہونے والی ہنگامہ آرائی کے الزام میں رواں ماہ 11 مئی کو اسلام آباد سے  تھری ایم پی او کے تحت گرفتار کیا گیا تھا۔

    یاد رہے کہ گزشتہ سماعت میں عدالت نے استفسار کیا تھا کہ شاہ محمود قریشی کے خلاف کون سے ایسے شواہد ہیں جن کے تحت ان کی پیشگی گرفتاری عمل میں لائی گئی ہے۔

    عدالت نے شاہ محمود کو بیان حلفی جمع کروانے کا حکم دیتے ہوئے ہدایت کی تھی کہ وہ کسی ایسی کارروائی میں شریک نہیں ہوں گے جس میں پرتشدد سرگرمی ہوسکتی ہے یا وہ کسی کو تشدد پر نہیں اکسائیں گے۔

  • میں خبردار کرتا رہا کہ ملک کو اس طرف نہ لے کر جاؤ، عمران خان

    میں خبردار کرتا رہا کہ ملک کو اس طرف نہ لے کر جاؤ، عمران خان

    اسلام آباد : تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ میں خبردار کرتا رہا کہ ملک کو اس طرف نہ لے کر جاؤ ورنہ معاملہ ہاتھ سے نکل جائے گا۔

    یہ بات انہوں نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے کمرہ عدالت میں صحافیوں نے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہی، انہوں نے کہا کہ میں عدلیہ کا جتنا شکریہ ادا کروں کم ہے لیکن باہر جنگل کاقانون ہے۔

    عمران خان نے کہا کہ جب لیڈر کے بغیر ہجوم نکلتا ہے تو وہ کسی کے کنٹرول میں نہیں ہوتا، میں پہلے بھی خبردار کرتا رہا کہ ملک کو اس طرف نہ لے کر جاؤ کہ یہ سری لنکا بن جائے۔ کئی بار کہا کہ اگر خدانخواستہ پاکستان سری لنکا بنا تو پھر معاملہ سب کے ہاتھ سے نکل جائے گا۔

    چئرمین پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ میری حقیقی آزادی کیلئے جنگ جاری رہے گی، کیا میں حقیقی آزادی کے نعرے سے پیچھے ہٹ جاؤں؟

    ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی کسی کا پیغام لے کر نہیں آئے تھے اور نہ ہی کوئی ڈیل ہوئی ہے،عارف علوی صدر مملکت، میرے دوست اور پارٹی رکن بھی ہیں۔

    واضح رہے کہ تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے اسلام آباد ہائیکورٹ سے لاہور آنے کا فیصلہ کرلیا۔ ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان اسلام آباد میں قیام کی بجائے زمان پارک لاہور میں قیام کریں گے۔ وہ کارکنوں کے ہمراہ اسلام آباد سے لاہور پہنچیں گے۔

  • عمران خان کی عدالت حاضری سے استثنیٰ کی درخواست

    عمران خان کی عدالت حاضری سے استثنیٰ کی درخواست

    اسلام آباد : چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں حاضری سے استثنیٰ کی درخواستیں دائر کردیں، جس میں سیکیورٹی کے خدشات کو وجہ قرار دیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ میں سابق وزیراعظم عمران خان نے8مقدمات میں حاضری سے استثنیٰ کیلئے 8الگ، الگ درخواستیں دائر کردیں۔

    متفرق درخواستوں میں کہا گیا ہے کہ عمران خان کیخلاف 70سےزائد مقدمات پنجاب کی عدالتوں میں زیر سماعت ہیں، اور انہی لاہور ہائی کورٹ کے ڈویژن بینچ میں بھی پیش ہونا ہے۔

    عمران خان نے اپنی درخواست میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ سیکیورٹی کے خدشات کے پیش نظر اسلام آباد ہائی کورٹ نہیں آسکتا۔ لہٰذا استدعا ہے کہ آج حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کی جائے۔

    چیف جسٹس عامر فاروق، جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب ڈھائی بجے درخواست کی سماعت کریں گے۔

    خیال رہے کہ عمران خان نے 8 کیسوں میں عبوری ضمانت پر ہیں۔سابق وزیراعظم نے سیکیورٹی واپس لینے پربھی عدالت عالیہ سے رجوع کررکھا ہے۔

  • عمران خان آج اسلام آباد ہائیکورٹ میں پیش نہیں ہوں گے

    عمران خان آج اسلام آباد ہائیکورٹ میں پیش نہیں ہوں گے

    اسلام آباد : چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی آج اسلام آباد ہائیکورٹ میں پیشی تھی، تاہم ان کے وکیل کا کہنا ہے کہ سابق وزیر اعظم سیکیورٹی خطرات کے پیش نظر آج عدالت میں پیش نہیں ہونگے۔

    تفصیلات کے مطابق عمران خان کی8مقدمات میں عبوری ضمانت آج ختم ہورہی ہے ان کی ضمانت قبل ازگرفتاری کی درخواستوں پر سماعت مقرر تھی۔

    اس حوالے سے عمران خان کے وکیل بیرسٹرگوہرعلی نے عدالت کو بتایا کہ عمران خان سیکیورٹی خطرات کے پیش نظر آج عدالت میں پیش نہیں ہونگے۔

    بیرسٹرگوہرعلی کا کہنا تھا کہ عمران خان کے پاس مطلوبہ سیکیورٹی کے انتظامات موجود نہیں حاضری سے استثنیٰ کی درخواست آج ہائیکورٹ میں داخل کریں گے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ آج اسلام آباد کی تین مختلف عدالتوں میں عمران خان کے کیس مقرر ہیں، عمران خان کی حاضری سےاستثنیٰ کی درخواستیں مختلف عدالتوں میں دائرکی جائیں گی۔

    سابق وزیراعظم کی استثنیٰ کی درخواستیں سکیورٹی وجوہات اور سیاسی نوعیت کے مقدمات کے باعث دائر کی جائیں گی۔

    اس سے قبل اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے آئی جی اور ضلع انتظامیہ کو سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کی ہدایت کی گئی تھی۔ جس کے مطابق کمرہ عدالت میں صرف مخصوص پاس کے ذریعے ہی رسائی ممکن ہوگی۔

    اس کے علاوہ زمان پارک کے اطراف سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے، ریسکیو اورجیمر گاڑیاں بھی زمان پارک پہنچ گئی تھیں۔

  • رانا ثناءاللہ کا دماغ خراب ہوگیا ہے، شیخ رشید

    رانا ثناءاللہ کا دماغ خراب ہوگیا ہے، شیخ رشید

    اسلام آباد : عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے وفاقی وزیر داخلہ پر شدید تنقید کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ کو اجرتی قاتل قرار دیا ہے ان کا کہنا ہے کہ اس کا انجام برا ہوگا۔

    اسلام آباد ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ رانا ثنا اللہ کا دماغ خراب ہوگیا ہے اس کا انجام برا ہوگا، وہ جس طرح للکار رہا ہے پیشہ ور بدمعاش اور اجرتی قاتل ہے، جو اس نے منہاج القرآن میں کیا وہ اپنے انجام کو پہنچے ہوگا۔

    ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ خان صاحب کے خلاف سینکڑوں کیسز بنے ہوئے ہیں اور میرے خلاف بھی مقدمات ہیں، عمران خان اور میں اپنے کیسز کا دفاع کررہے ہیں۔ اس ملک میں بدمعاشی غنڈہ گردی فسطائیت ہورہی ہے۔

    شیخ رشید کا کہنا تھا کہ میٹنگ میں انہیں بتادیا گیا ہے کہ عمران خان71فیصد ووٹوں سے جیت رہا ہے، رپورٹ دی گئی کہ پہلے وہ65فیصد سے جیت رہاتھااب71فیصد سےجیت رہا ہے،

    اس موقع پر شیخ رشید نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے باہر تعینات ایف سی اہلکاروں سے مصافحہ کیا اور کہا کہ یہ نوجوان پٹھان بھی ہمارے ساتھ ہیں۔

    شیخ رشید کا مزید کہنا تھا کہ ہم لڑائی نہیں چاہتے صرف الیکشن چاہتے ہیں، 13جماعتوں کے لٹیرے ریاست پر قبضہ کرنے والے ہیں، اس حکومت کو کوئی بھی ملک سپورٹ نہیں کر رہا، یہ الیکشن سے بھاگ رہے ہیں، ہم نے ان کو ہرا دیا ہے۔