Tag: ISB police

  • پولیس کی فوری مدد کیلیے 15 کے بعد ’ون انفو ایپ‘ متعارف

    پولیس کی فوری مدد کیلیے 15 کے بعد ’ون انفو ایپ‘ متعارف

    اسلام آباد پولیس نے شہریوں کی آسانی کیلئے ون انفو ایپ متعارف کروا دی ہے، شہری کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں 15 کے علاوہ اس ایپ سے بھی پولیس کی فوری مدد حاصل کر سکتے ہیں۔

    اس حوالے سے اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں ڈی جی سیف سٹی اسلام آباد شاکر حسین داوڑ نے ناظرین کو ایپ کی خصوصیات اور اس کی اہمیت سے آگاہ کیا۔

    انہوں نے بتایا کہ اسلام آباد پولیس شہریوں کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہے، ہماری ون انفو ایپ پولیس کی فوری مدد حاصل کرنے میں عوام کیلیے انتہائی مددگار ہے، اسے گوگل یا ایپل ایپ اسٹور سے باآسانی ڈاؤنلوڈ کیا جاسکتا ہے۔

    شاکر حسین داوڑ کا کہنا تھا کہ اس کے اندر آپ کو سبز اور لال رنگ کے دو بٹن نظر آئیں گے سبز بٹن پُش کرکے آپ کوئی بھی مشکوک یا کرمنل قسم کی ایکٹویٹی جو آپنے دیکھی ہو اسے بیان کرسکتے ہیں۔

    اس کے علاوہ لال بٹن دبانے سے پولیس فوراً متحرک ہوجاتی ہے اور جائے وقوعہ پر فوری کارروائی عمل میں لائی جاتی ہے۔

    info app isb

    انہوں نے بتایا کہ عوامی شکایات کا اس کی اہمیت کے پیش نظر فوری طور پر ایکشن لیا جاتا ہے یا اسے ریکارڈ کا حصہ بنا کر مناسب وقت پر کارروائی کی جاتی ہے۔

  • پتنگ اڑانے پر دھمکیاں : ایس ایچ او کو لینے کے دینے پڑگئے

    پتنگ اڑانے پر دھمکیاں : ایس ایچ او کو لینے کے دینے پڑگئے

    اسلام آباد : پتنگ اڑانے پر نامناسب الفاظ میں بچوں کو دھمکیاں دینے والے ایس ایچ او کو لینے کے دینے پڑگئے۔ اعلیٰ پولیس افسران نے انکوائری کا حکم دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں پتنگ بازوں کے خلاف کارروائیاں ناکام ہونے پر ایس ایچ او سیکرٹیرٹ اشفاق وڑائچ نے دھمکی دی تھی کہ جس بچے نے پتنگ اڑائی تو بچے کے والد کو چوک پر کھڑا کرکے جوتے ماروں گا۔

    ایس ایچ او کے اس بیان کا پولیس کے اعلیٰ حکام نے سختی سے نوٹس لیا، اس حوالے سے پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ ایس ایچ او سیکرٹریٹ کو اس قسم کے نامناسب الفاظ کے چناؤ پر چارج شیٹ کردیا گیا ہے۔ اس کیخلاف محکمانہ انکوائری بھی عمل میں لائی جارہی ہے۔

    اسلام آباد پولیس ترجمان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پتنگ بازی ایک جرم ہے جس سے سختی سے نمٹا جارہا ہے، پتنگ اڑانے کے اس خونی کھیل کیخلاف مسلسل کارروائیاں جاری ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ پتنگ بازی میں استعمال ہونے والی دھاتی ڈور انسانی جان کے لیے خطرہ ہے، جس کے سببہونے والا معصوم جانوں کا ضیاع ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔

    ترجمان اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ رواں ہفتے پتنگ سازوں، ڈسٹری بیوٹرز اور فروخت کنندگان کیخلاف کارروائیاں کی گئیں، ان کارروائیوں میں70ہزار سے زائد پتنگیں اور 10ہزار سے زائد ڈور قبضے میں لی گئیں۔

    یاد رہے کہ ایس ایچ او سیکرٹیرٹ اشفاق وڑائچ نے مسجد کے لاؤڈ اسپیکر کے ذریعے اعلان کیا تھا کہ اب کوئی بھی بچہ اگر پتنگ اڑائے گا تو اس کے باپ کو چوک پر جوتے ماروں گا اور مقدمہ بھی درج کروں گا اس نے اعلان میں یہ بھی کہا کہ اس میں ملوث بچے کا گھر بھی گرا دوں گا۔

     

  • اسلام آباد پولیس کا سب انسپکٹر مسلح افراد کی فائرنگ سے شہید

    اسلام آباد پولیس کا سب انسپکٹر مسلح افراد کی فائرنگ سے شہید

    اسلام آباد : وفاقی دارالحکومت کے تھانہ شہزاد ٹاؤن کی حدود میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے سب انسپکٹر حیدر شاہ شہید ہوگئے، جبکہ شہداد کوٹ میں ڈاکوؤں سے مقابلے کا زخمی اہلکار بھی جان کی بازی ہار گیا۔

    فائرنگ کا واقعہ سب انسپکٹر حیدر علی شاہ کے گھر کے باہر پیش آیا، گولیاں لگنے بعد ان کو انتہائی تشویشناک حالت میں پولی کلینک منتقل کیا گیا مگر وہ جانبر نہ ہوسکے۔

    ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق سب انسپکٹر حیدر علی شاہ شعبہ تفتیش تھانہ انڈسٹریل ایریا میں تعینات تھے۔

    اس حوالے سے اسلام آباد پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گاڑی میں سوار مسلح ملزمان نے حیدر علی شاہ پر اندھا دھند فائرنگ کردی۔

    ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق آئی جی اسلام آباد نے متعلقہ افسران کو جلد از جلد ملزمان کو گرفتار کرنے کے احکامات جاری کردیے ہیں۔

    اسلام آباد پولیس نے فوری طور پر ملزمان کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں، واقعے کی مختلف زاویوں سے تفتیش کی جارہی ہے۔

    شہداد کوٹ : ڈاکوؤں سے مقابلے میں زخمی پولیس اہلکار شہید

    علاوہ ازیں شہداد کوٹ میں سبزی منڈی روڈ پر ڈاکوؤں سے مقابلے کا زخمی پولیس اہلکار اسپتال میں دوران علاج دم توڑ گیا۔

    شہداد کوٹ پولیس کے مطابق گولیاں لگنے سے شدید زخمی اہلکارکو تشویشناک حالت میں لاڑکانہ اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔

    شہید اہلکار گزشتہ روز تھانہ اے سیکشن کی حدود میں ڈاکوؤں سے مقابلے کے دوران زخمی ہوا تھا، شہید اہلکار گدا حسین کو پورے اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا جائے گا۔

    قبل ازیں خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں کے علاقے جانی خیل میں پولیس موبائل پر فائرنگ کے نتیجے میں اسٹیشن ہاؤس افسر (ایس ایچ او) محافظ سمیت جاں بحق ہوگئے۔

    پولیس کے مطابق ملزمان کی فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار بھی زخمی ہوا جسے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ پولیس کی ٹیم معمول کے گشت پر تھی کہ اچانک ملزمان نے فائرنگ کردی۔

  • اسلام آباد پولیس نے 70 سے زائد کارکنان کو گرفتار کرلیا، عمران خان

    اسلام آباد پولیس نے 70 سے زائد کارکنان کو گرفتار کرلیا، عمران خان

    لاہور : پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ  اسلام آباد پولیس  نے ہمارے 70 سے زائد کارکنان کو گرفتار کیا ہے جبکہ پولیس نے اس الزام کی تردید کی ہے۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ فسطائی امپورٹڈ حکومت مسلسل ہمارے رہنماؤں اور کارکنان کو نشانہ بنارہی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں ہمارے70سے زائد کارکنان کو گرفتار کرلیا گیا ہے، کارکنان کی گرفتاریاں قابل مذمت اور ناقابل قبول ہیں، ہماری کارکنان کو فوری طور پر رہا کیا جائے۔

    دوسری جانب اسلام آباد پولیس نے اپنے وضاحتی بیان میں پی ٹی آئی کے کارکنوں کی گرفتاریوں کی تردید کردی، اسلام آباد پولیس کا مؤقف ہے کہ تحریک انصاف کے کسی کارکن کوگرفتارنہیں کیا گیا۔

  • رانا ثناء اللہ کی گرفتاری : اسلام آباد پولیس کا عدالتی حکم ماننے سے انکار

    رانا ثناء اللہ کی گرفتاری : اسلام آباد پولیس کا عدالتی حکم ماننے سے انکار

    اسلام آباد : وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کے خلاف چارسوبیسی کے مقدمے میں عدالت کی جانب سے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کے معاملے پر اسلام آباد تھانہ سیکٹریٹ پولیس نے عدالتی حکم مانے سے انکار کر دیا ہے۔،

    تفصیلات کے مطابق راولپنڈی کے سینیئر سول جج کرمنل ڈویژن ماڈل ٹرائل کورٹ غلام اکبر نے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ کی ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے ہیں، رانا ثناء اللہ پر 420، 471، 109، 467، 468اور دیگر دفعات کے تحت اینٹی کرپشن سیل کو مطوب ہے۔

    اینٹی کرپشن حکام نے عدالت کو بتایا تھا کہ رانا ثناءاللہ کی گرفتاری درکار ہے کیونکہ رانا ثناءاللہ تفتیش میں تعاون نہیں کر رہا ہے، جس کے بعد عدالت نے رانا ثنا اللہ کی ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے۔

    بعد ازاں پنجاب پولیس اور اینٹی کرپشن سیل ان کی گرفتاری کے لیے راولپنڈی سے اسلام آباد تھانہ سیکٹریٹ پہنچے اس دوران وہ ایک گھنٹے تک پنجاب پولیس اور اینٹی کرپشن کے ڈپٹی ڈائریکٹر وارنٹ گرفتاری کے دستاویزات لے کر تھانے میں بیٹھے رہے۔

    ڈپٹی ڈائریکٹر اینٹی کرپشن نے میڈیا کو بتایا کہ عدالت کے حکم پر راولپنڈی پولیس اور اینٹی کرپشن ٹیم نے عدالتی احکامات کی تعمیل کرانے کے لئے متعلقہ تھانہ سیکٹریٹ آئے تھے۔

    انہوں نے بتایا کہ پولیس ضابطے کے مطابق مقامی پولیس کو اطلاع دے کر رانا ثناءاللہ کی گرفتاری کے احکامات پر عمل کرنا تھا، جس کیلیے ڈپٹی ڈائریکٹر اینٹی کرپشن ٹیم نے گرفتاری کے لئے عدالتی حکم کے لئے تعمیل کرانے کے لئے معونت طلب کی۔

    ڈپٹی ڈائریکٹر اینٹی کرپشن کا کہنا تھا کہ رانا ثناءاللہ کی گرفتاری کے لئے قانونی تقاضے پورے ہیں، عدالتی حکم ہے کہ رانا ثنا االلہ کو گرفتار کرکے عدالت پیش کریں، جس کیلئے تھانہ سیکٹریٹ نے کوئی تعاون نہیں کیا۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ تھانہ سیکٹریٹ نے اینٹی کرپشن ٹیم کی آمد اور روانگی بھی روزنامچہ میں درج نہیں کی، تھانہ سیکٹریٹ حکام کو چاہئے تھا کہ عدالتی حکم پر عمل درآمد کراتے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ اس کیس میں تھانہ سیکرٹریٹ کے اہلکاروں کے کردار کے حوالے سے عدالت کو آئندہ سماعت پر تفصیل سے آگاہ کریں گے، تھانہ سیکٹریٹ حکام نے عدالت کی حکم عدولی کی۔

  • ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ سے زخمی نجی کمپنی کا منیجر جاں بحق

    ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ سے زخمی نجی کمپنی کا منیجر جاں بحق

    اسلام آباد کے ایف نائن پارک میں گزشتہ دنوں دوران ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ سے فوڈ ڈلیوری کمپنی کا بزنس ڈویلپمنٹ منیجر دوران علاج جاں بحق ہوگیا۔

    مقتول قاسم اعوان لمس ہونیورسٹی سے گریجویٹ اور والدین کا اکلوتا بیٹا تھا، واقعہ کا مقدمہ مقتول کے ساتھی کی مدعیت میں تھانہ مارگلہ میں درج کرلیا گیا۔

    اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں، جلد ملزمان کو گرفتار کرلیں گے۔

    مدعی مقدمہ کے مطابق مقتول قاسم اعوان لاہور کا رہائشی اور گزشتہ ایک سال سے اسلام آباد میں پرائیویٹ کمپنی میں ملازمت کررہا تھا۔

    مسعی کے مطابق قاسم اعوان5 جون کو رات 8 بجے واک کے لیے پارک میں گیا، 8 بجکر57 منٹ پر کال آئی کہ اسے گولی لگی ہے، ایف نائن پارک کے ایف ٹین گیٹ سے اندر داخل ہوا تودائیں طرف قاسم زخمی حالت میں پڑا ہوا تھا۔

     

  • عیدالفطر کے سکیورٹی انتظامات مکمل : پولیس افسران کی ڈیوٹیاں لگ گئیں

    عیدالفطر کے سکیورٹی انتظامات مکمل : پولیس افسران کی ڈیوٹیاں لگ گئیں

    اسلام آباد پولیس نے عیدالفطر کے لئے سکیورٹی انتظامات کو حتمی شکل دے دی ہے، عید کے دوران 1500 سے زائد پولیس افسران و جوان فرائض سر انجام دیں گے۔

    رپورٹ کے مطابق1032مساجد، 28 امام بارگاہوں کیلئے نماز عید پر خصوصی سیکیورٹی انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں، عید کی چھٹیوں کے دوران اسپیشل پٹرولنگ پلان بھی تشکیل دے دیا گیا ہے۔

    اس حوالے سے ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ پبلک مقامات، پارکس اور دیگر مقامات پراضافی نفری تعینات رہے گی، چھٹیوں کے دوران سیکٹرز میں گشت اور چیکنگ میں اضافہ کردیا گیا۔

    ترجمان پولیس کے مطابق زونل افسران کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ خود علاقوں میں موجود رہیں، ایس ایس پی آپریشنز تمام سکیورٹی انتظامات کی خود نگرانی کریں گے۔

    ایمرجنسی میں فوری ریسپانڈ کیلئے سیف سٹی پر کنٹرول روم بھی قائم کردیے گئے ہیں، سیکٹرزکی گلیوں میں تعینات سیکیورٹی گارڈز کو بھی چیک اور بریف کیا جائے گا۔

    ترجمان پولیس کا مزید کہنا ہے کہ اسلام آباد پولیس شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کیلئے ہمہ وقت تیار ہے۔۔