Tag: ISB

  • پاکستان کی ہندو برادری بھارت کے خلاف سڑکوں پر نکل آئی

    پاکستان کی ہندو برادری بھارت کے خلاف سڑکوں پر نکل آئی

    اسلام آباد : پاکستان کی ہندوں برادری کی جانب سے بھارت میں پاکستانی ہندو مہاجر خاندان کے گیارہ افراد کے پراسرار قتل کے خلاف اسلام آباد میں مظاہرہ کیا گیا۔

    اس سے قبل اس خاندان کے رشتہ دار جنوبی صوبے سندھ میں بھی احتجاجی ریلیاں نکال چکے ہیں،اسلام آباد میں ان مظاہرین نے کہا کہ وہ بھارتی سفارت خانے کے باہر احتجاج کریں گے، ان مظاہرین کی جانب سے بھارتی سیکرٹ سروس پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ اس نے ان گیارہ ہندوؤں کو جودھ پور میں مشتبہ طور پر زہر دے کر ہلاک کیا۔

    یہ مظاہرین گزشتہ شب بغیر کسی اطلاع کے اسلام آباد پہنچے تھے اور انہوں نے ہمیں انصاف چاہیے جیسے نعرے لگائے۔ اس دوران مظاہرین کی ان پولیس اہلکاروں سے ہلکی جھڑپ بھی ہوئی، جو انہیں بھارتی سفارت خانے کی جانب جانے سے روک رہے تھے۔

    شرکاء نے اسلام آباد میں مودی اور بھارتی حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ گیارہ ہندوؤں کی ہلاکت کا واقعہ بھارت کے سیکولرازم چہرے پر بدنما داغ ہے، بھارتی حکومت نے سدباب اور انصاف نہ کیا تو عالمی عدالت کا دروازہ کھٹکھٹائیں گے۔

    پاکستان ہندو کاؤنسل کے سرپرست اور رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر رمیش کمار نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں گفتگو کرتے ہوئے کہا بھارت میں 11پاکستانی ہندوؤں کا قتل ہوا، واقعہ 9اگست کا ہے ، 10اگست کوواقعے پر آواز اٹھائی ،واقعے پربھارت کیخلاف احتجاج کررہے ہیں۔

    پاکستان ہندو کونسل کے سربراہ نے کہا کہ بھارت ایک طرف ڈیڑھ سال سے کشمیریوں پر مظالم کررہاہے، عالمی میڈیا مجھ سے رابطے میں ہے بھرپور احتجاج ریکارڈکرائیں گے، ہمارا مقصد ریڈ زون مین روڈ بلاک کرنے کا نہیں ہے۔

    جب تک انصاف نہیں ملے گا، دھرنا جاری رہے گا، رمیش کمار 

    واضح رہے کہ نو اگست کے بعد بھارتی میڈیا نے اپنی رپورٹوں میں کہا تھا کہ پاکستان سے نقل مکانی کر کے آنے والے اس خاندان کے افراد نے خودکشیاں کی ہیں۔ اسلام آباد حکام کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے بھارتی حکومت نے ان سے کوئی ایک رپورٹ بھی شیئر نہیں کی۔

  • ملک کے مختلف شہروں میں بارشیں، موسم سہانا ہوگیا

    ملک کے مختلف شہروں میں بارشیں، موسم سہانا ہوگیا

    راولپنڈی / کراچی : ملک کے مختلف شہروں میں رات گئے موسلادھاربارش کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا، محکمہ موسمیات نے کراچی میں آج مطلع جزوی ابر آلود رہنے اور ہلکی بارش کی پیشگوئی کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں مون سون کی بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔ اس حوالے سے موصولہ اطلاعات کے مطابق راولپنڈی اور اسلام آباد سمیت گردونواح کے علاقوں میں رات گئے موسلادھار بارش ہوئی، جس کے بعد ہلکی ہلکی ٹھنڈ نے موسم کو مزید سہانا کردیا۔

    لاہور میں بھی تیزہواؤں کے ساتھ بارش کا پانی خوب برسا، ہری پور شہر او رگردونواح میں گرج چمک کی ساتھ بارش نے جل تھل ایک کردیا۔

    لاہور میں آج صبح سویرے کالی گھٹاوں نے ڈیرے ڈال لیے، بدھ کی صبح شہر میں کالی گھٹاوں کے ساتھ تیز ہوائیں چلیں جس سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا، تیز ہواؤں کے ساتھ موسلا دھار بارش سے موسم انتہائی خوشگوار ہوگیا۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید بارش کا امکان ہے، لاہور کے علاوہ پنجاب کے دیگر شہرمریدکے، شیخوپورہ، گوجرانوالہ، سکھیکھی، سرائے عالمگیر، کالاباغ ، گجرات، قصور اور ساہیوال کے بعض علاقوں میں بارش ہوئی ان علاقوں مزید بارش کا امکان ہے۔

    راولپنڈی کے علاقوں سیدپور، بوکڑہ،پی ایم ڈی اور شمسی آ باد میں22 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ کی گئی، ایم ڈی واسا کا کہنا ہے کہ نالہ لئی میں پانی کے بہاؤ کی مسلسل نگرانی کررہے ہیں، یہاں پانی کی سطح کٹاریاں پر6فٹ، گوالمنڈی پل پر4 فٹ تک ہے، واسا کا عملہ نشیبی علاقوں سے پانی نکالنے میں مصروف ہے

    دوسری جانب موسم کا حال بتانے والوں نے کہا ہے کہ آج شہر قائد کراچی میں موسم ابر آلود رہےگا، ہلکی بارش کا بھی امکان ہے،
    صبح کے اوقات میں کراچی کا درجہ حرارت31ڈگری سینٹی گریڈریکارڈ کیا گیا جبکہ آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34ڈگری تک ریکارڈ کیے جانے کا امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں ہوا میں نمی کا تناسب73فیصد،اور رفتار12کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی۔

    اس کے علاوہ شیخوپورہ، گجرات اور فیروز والا میں بارش اور سانگلہ ہل اور اس کے گرد و نواح میں تیزآندھی کے ساتھ بوندا باندی ہوئی، محکمہ موسمیات کے مطابق لاہورمیں آئندہ3روز تک مزید بارش کی پیشگوئی ہے۔

  • پوری کوشش ہے کہ پاکستان کو ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سے نکالا جائے، حماد اظہر

    پوری کوشش ہے کہ پاکستان کو ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سے نکالا جائے، حماد اظہر

    اسلام آباد : وفاقی وزیر برائے صنعت وپیداوار حماد اظہر کا کہنا ہے کہ سخت فیصلے نہ کرتے تو دیوالیہ ہونے پر صورتحال بہت خراب ہوتی، پوری کوشش ہے کہ پاکستان کو ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سے نکالا جائے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے صنعت وپیداوار حماد اظہرنے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا آج سے ہم نے سیاسی سرگرمیوں کوایس اوپیز کے تحت بحال کیا ہے، تحریک انصاف کے نمائندوں کو ایس اوپیز کے ساتھ کھلی کچہریوں کی ہدایت کی ہے۔

    حماد اظہر کا کہنا تھا کہ ہمیں ایک دیوالیہ معیشت کو سنبھالا دینا پڑا، صنعت اورمعیشت میں بہتری کے آثار نظر آرہے ہیں، سیمنٹ کی فروخت اور مصنوعی کھادوں کی طلب بڑھ چکی ہے۔

    وفاقی وزیر برائے صنعت وپیداوار نے کہا کہ ہمارے سعودی عرب سے برادرانہ تعلقات ہیں وزیراعظم نے اقوام متحدہ میں ایک مثالی تقریر کی، ہم تمام ممالک سے اچھے تعلقات ہیں لیکن کشمیریوں کے لیے بھی جذبات ہیں، کشمیریوں کے لیے جذبات کا ہر فورم پر اظہارکرتے رہیں گے اور کشمیر پر اپنی آزادانہ رائے کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ ہمیں دوست ممالک سے رقوم شیڈول کے تحت ہی واپس کرنی ہیں، پاکستان کے قوانین اور ضوابط دیگر ممالک سے پیچھے تصورکیے جاتے تھے، حالیہ قانون سازی سے ایف اے ٹی ایف سے متعلق مدد ملے گی۔

    حماد اظہر نے کہا کہ موڈیز کے مطابق ہمیں جو معیشت ملی اس کی حالت خراب تھی، ہمیں معیشت کے حوالے سے کچھ سخت فیصلے کرنے پڑے، سخت فیصلوں اور مافیا پر ہاتھ ڈالنے کا ردعمل قیمتیں بڑھنےکی صورت سامنے آیا، اس حوالے سے مہنگائی میں اضافہ ہوا، جس کا ہمیں احساس ہے، آخری دو سال میں ان کی کارکردگی ایسی تھی جیسے ان کو حکومت نہیں ملنے والی۔

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ خطےکےدیگرممالک میں ایسے پیکج نظرنہیں آئے جو ہم نے دیے، آنے والے دنوں میں ہمیں قیمتوں میں بہتری نظر آئے گی، پوری کوشش ہے کہ پاکستان کو گرے لسٹ سے نکالا جائے، سخت فیصلے نہ کرتے تو دیوالیہ ہونے پر صورتحال بہت خراب ہوتی۔

    انھوں نے مزید کہا کہ موڈیزنے پاکستان کی ریٹنگ میں بہتری ظاہر کی، پاکستان گرے لسٹ میں ن لیگ کے دور میں گیا ، ایف اے ٹی ایف کے 27 میں سے 14 ایکشن آئٹم مکمل کرلیے ہیں۔

  • وفاقی کابینہ کا اجلاس آج ہوگا، 12نکاتی ایجنڈا جاری کردیا گیا

    وفاقی کابینہ کا اجلاس آج ہوگا، 12نکاتی ایجنڈا جاری کردیا گیا

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کااجلاس آج ہوگا، گزشتہ روز کابینہ کا اجلاس اسمبلی سیشن کے باعث مؤخر ہوگیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی کابینہ کااجلاس وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت آج اسلام آباد میں ہوگا، وفاقی کابینہ کےاجلاس کا12نکاتی ایجنڈا جاری کردیا گیا ہے۔

    ایجنبڈے کے مطابق وفاقی کابینہ کے اجلاس میں ملکی معاشی سیاسی صورتحال سمیت کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال سمیت پارٹی امور پر بھی غور ہوگا، اس کے علاوہ وزارت داخلہ کی جانب سے ممنوعہ اسلحہ لائسنس کے اجرا کا معاملہ بھی ایجنڈے میں شامل ہے۔

    ایجنڈا میں کہا گیا ہے کہ ای او بی آئی پنشنرز کی پنشن میں اضافے کا فیصلہ وفاقی کابینہ کرے گی، ایران، عراق ودیگر ممالک کیلئے زائرین پالیسی ریگولیٹری فریم ورک پیش کیا جائیگا، متروکہ وقف املاک کی شہری آبادی کے تعلیم، صحت پر پالیسی میں تبدیلی بھی ایجنڈے کا حصہ ہے۔

    اجلاس میں وفاقی میڈیکل ٹیچنگ انسٹیٹیوٹ بل پرنیشنل ہیلتھ ریفارمز ٹاسک فورس بریفنگ دی جائے گی، پاکستان سافٹ وئیر ایکسپورٹ بورڈ کے ایم ڈی کی تعیناتی اور ای سی سی اور کابینہ کی توانائی کمیٹیوں کے فیصلوں کی توثیق بھی ایجنڈے میں شامل ہے۔

    اس کے علاوہ اجلاس میں ایس ای سی پی کے مالی سال2020کے آڈیٹرز کی منظوری اور ایس ڈی گولز کے حصول سے متعلق گائیڈ لائنز میں ردوبدل پر بھی غور کیا جائے گا، مرغزار چڑیا گھر کا انتظامی کنٹرول وزارت ماحولیاتی تبدیلی کو دینے یا نہ دینے کا فیصلہ ہوگا۔

    ریونیو ڈویژن کی جانب سے پینل سر چارج کی معافی کا معاملہ اور پی آئی اے پائلٹس کے جعلی لائسنس کا معاملہ بھی وفاقی کابینہ کے ایجنڈے میں شامل کرلیا گیا ہے، وفاقی کابینہ پائلٹس کے جعلی لائسنس کو منسوخ کرنے کی منظوری دے گی۔

  • احسن اقبال صاحب !! ابھی غم بانٹنے کا وقت ہے اللہ آپ کو عقل دے”شہباز گل

    احسن اقبال صاحب !! ابھی غم بانٹنے کا وقت ہے اللہ آپ کو عقل دے”شہباز گل

    اسلام آباد : پی ٹی آئی کے رہنما ڈاکٹر شہباز گل نے مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما احسن اقبال کو کہا ہے کہ "احسن اقبال صاحب !! سیکڑوں گھرعید پر غم میں ڈوب گئے، آپ کو سیاست کی پڑی ہے”

    یہ بات انہوں نے احسن اقبال کے ٹوئٹ کے جواب میں اپنے ردعمل میں کہی، شہباز گل نے لیگی رہنما کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ یار کیسے بے حس لوگ ہیں آپ؟ ملک میں اتنا بڑا سانحہ ہوگیا، سیکڑوں گھر عید پر غم میں ڈوب گئے ہیں لیکن آپ کو چرب زبانی سے فرصت نہیں۔

    ڈاکٹرشہبازگل نے کہا کہ آپ کی سب باتوں کاجواب ہمارے ہاس ہے لیکن یہ موقع نہیں جواب دینے کا، کہیں نہیں جاتی آپ کی سیاست، پھر کرلیجیے گا،ابھی دلاسہ دینے کاوقت ہے، غم بانٹنے کا لمحہ ہے اللہ آپ کو عقل دے۔

    واضح رہے کہ ن لیگ کے رہنما احسن اقبال نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا تھا کہ جب سے تبدیلی سرکارآئی ہے ایک بھی خیر کی خبر نہیں، معیشت، کرنسی، صنعت، زراعت، برآمدات، ریلوے، طیارے کریش، کشمیر، سی پیک، امن عامہ، گورننس، سمندر کی گیس بھی کریش، جس حکومت کی بنیاد جھوٹ، بہتان، نفرت، تکبر پر ہوگی وہ کریش ہی ہوگی۔

  • نندی پور ریفرنس : راجہ پرویز اشرف دیگر کی بریت کی درخواستیں مسترد

    نندی پور ریفرنس : راجہ پرویز اشرف دیگر کی بریت کی درخواستیں مسترد

    اسلام آباد : احتساب عدالت نے نندی پور ریفرنس میں سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف سمیت دیگر شریک ملزمان کی بریت کی درخواستیں مسترد کردیں،عدالت نے قرار دیا کہ ملزمان نیب ترمیمی آرڈیننس کے تحت ریلیف کے مستحق نہیں۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج اعظم خان نے نندی پور ریفرنس کے ملزمان راجا پرویز اشرف، شمائلہ  محمود، ریاض کیانی اور مسعود چشتی کی نیب ترمیمی آرڈیننس کے تحت بریت کی درخواستوں پر فیصلہ سنایا۔

    عدالت نے سابق وزیراعظم سمیت دیگر ملزمان کی بریت کی درخواست مسترد کرتے ہوئے نندی پور ریفرنس کا ٹرائل جاری رکھنے کا فیصلہ دیا۔ نیب ترمیمی آرڈیننس کے تحت راجہ پرویز اشرف نے نندی پور ریفرنس سے بری کرنے کی استدعا کی تھی۔

    فیصلے میں قرار دیا گیا کہ نیب ترمیمی آرڈیننس کی بنیاد پر ملزمان ریلیف کے مستحق نہیں۔ نیب نے ملزمان کو نیب ترمیمی آرڈی نینس کے تحت بری کرنے کی مخالفت کی تھی۔

    سابق وفاقی وزیر بابر اعوان کی درخواست بریت ترمیمی آرڈی نینس سے قبل منظور کی جاچکی ہے، نندی پور پاور پراجیکٹ میں تاخیر سے قومی خزانے کو اربوں روپے نقصان پہنچانے پر ریفرنس دائر کیا گیا تھا۔

    واضح رہے کہ لاہور کی احتساب عدالت نے راجہ پرویز اشرف کو جعلی بھرتیوں کے کیس میں بری کر دیا تھا، نیب نے گیپکو میں غیر قانونی بھرتیوں کے کرپشن ریفرنس  میں راجہ پرویزاشرف سمیت 8 ملزمان کو نامزد کر رکھا تھا۔

  • عدالت نے حق مہر کے مقدمے میں خاتون کے حق میں فیصلہ دے دیا

    عدالت نے حق مہر کے مقدمے میں خاتون کے حق میں فیصلہ دے دیا

    اسلام آباد : سپریم کورٹ نے حق مہر کے مقدمے میں خاتون کے حق میں فیصلہ دے دیا، ساڑھے12تولے سونا اور آدھا گھر بطور حق مہر دینے کا حکم جاری کردیا، عدالت کا اپنے ریمارکس میں کہنا تھا کہ اگر حق مہر نہیں دے سکتے تو پھر شادی نہیں کرنی تھی۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں ہائیکورٹ کے فیصلے پر نظر ثانی کی درخواست پر سماعت ہوئی، جسٹس قاضی فائز کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔

    سپریم کورٹ کا حق مہر کے مقدمے میں خاتون فلک نگار کے حق میں فیصلہ دیتے ہوئے فلک نگار نامی خاتون کو ساڑھے 12تولے سونا اور آدھا گھر بطور حق مہر دینے کا حکم جاری کردیا۔

    سماعت کے دوران جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ عدالت فیملی مقدمات کو تسلی سے سن کر فیصلہ کرتی ہے، اگر حق مہر نہیں دے سکتے تو پھر شادی نہیں کرنی تھی، حق مہر نہ دے کرعدالت کی مشکلات بڑھا دی جاتی ہیں،۔

    عدالت نے قرآنی آیات کو دیکھ کر فیصلہ دیا، قرآن کی آیات سے کوئی کیسے اختلاف کرسکتا ہے، کہہ دیں کہ شوہر اجمل کی بیوی فلک نگارمسلمان نہیں۔

    واضح رہے کہ فیملی کورٹ نے خاتون کو سوات میں گھر25تولے سونا حق مہر میں دینے کا حکم دیا تھا، ہائیکورٹ نے فیملی کورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا تھا، محمد اجمل نے سوات میں فلک نگار سے نکاح کیا تھا۔

  • عمران خان سونامی مہم کے تحت  کنڈیاں جنگل کی بحالی کا آغاز کریں گے، ملک امین اسلم

    عمران خان سونامی مہم کے تحت کنڈیاں جنگل کی بحالی کا آغاز کریں گے، ملک امین اسلم

    اسلام آباد : وزیراعظم کے مشیر برائے ماحولیات ملک امین اسلم نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان سونامی مہم کے تحت کنڈیاں جنگل کی بحالی کا آغاز کریں گے۔ یہ بات انہوں نے اپنے ایک ویڈیو پیغام میں کہی۔

    ملک امین اسلم نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی ماحولیاتی تحفظ کے لئے کوششیں جاری ہیں، وزیراعظم کل جنگلات کی بحالی کے بڑے منصوبے کا آغاز کریں گے، انگریز دور میں بنایا گیا میانوالی کا کنڈیاں جنگل پھر سے آباد کرنے کی تیاریاں کی جارہی ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ وزیراعظم سونامی مہم کے تحت کنڈیاں جنگل کی بحالی کا آغاز کریں گے،4سال میں 10 ہزار ایکڑ بنجر رقبے پر جنگل پھر سے آباد ہوگا، بڑے پلانٹیشن فاریسٹ سے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے، گرین جابز کے لئے مقامی افراد سمیت نجی سیکٹر کو شراکت دار بنائیں گے۔

    ملک امین اسلم نے بتایا کہ رواں سیزن50ہزار، اگلے4سال15لاکھ ملازمیتیں حاصل ہونگیں، سونامی مہم کے تحت4 سال میں ساڑھے3ارب درخت لگائے جائیں گے۔

    رواں موسم بہار کے دوران ملک بھرمیں25کروڑ درخت لگائے جائیں گے، وزیراعظم کا پاکستان کو ہرا بھرا رکھنے کا ویژن ضرور پورا کیا جائے گا۔

  • اسلام آباد میں سافٹ ویئر سٹی بنانے کا فیصلہ

    اسلام آباد میں سافٹ ویئر سٹی بنانے کا فیصلہ

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت انفارمیشن ٹیکنالوجی سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں سافٹ ویئر سٹی بنانے سمیت اہم فیصلے کیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت انفارمیشن ٹیکنالوجی سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں خطے کے دیگر ممالک کی طرح پاکستان کو آئی ٹی سیکٹر میں مضبوط کرنے کا عزم کیا گیا۔

    اجلاس میں پاکستان سے آئی ٹی سافٹ ویئرز کی ایکسپورٹس بڑھانے کے لیے اقدامات پر بھی غور کیا گیا۔ ملک بھر میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کا نیٹ ورک بڑھانے کے لیے اہم فیصلے کیے گئے، ٹیلی فون ٹاورز کے ذریعے شہروں کی ڈیجیٹلائز کنیکٹیوٹی کی منظوری بھی دی گئی۔

    اجلاس میں بینڈوتھ اور فائبر آپٹک کا عمل فوری مکمل کرنے، ملک کی سافٹ ویئر ایکسپورٹس کو 10 بلین ڈالرز تک لے جانے اور چھوٹے سافٹ ویئر ایکسپورٹرز کے لیے ریلیف پیکج متعارف کروانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

    اجلاس کے شرکا نے وفاقی دارالحکومت میں 40 ایکڑ پر مشتمل سافٹ ویئر سٹی بنانے کا فیصلہ کیا، سافٹ ویئر سٹی میں لوکل سافٹ ویئر کمپنیوں کو سہولتیں ملیں گی۔

    اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پاکستانی ادارے لوکل کمپنیوں سے سافٹ ویئر خریدیں گے۔

    علاوہ ازیں صوبائی اور وفاق کی جانب سے عائد ڈبل ٹیکس ختم کرنے، راولپنڈی اور اسلام آباد کی یونیورسٹیز کو انٹر کنیکٹ کر کے ڈیجیٹلائز کرنے اور ایکسپورٹرز کو ڈالر کا ایکسچینج ریٹ مارکیٹ سے بہتر دینے کا فیصلہ کیا گیا تاکہ ایکسپورٹرز رسیو ایبل رقم کے مساوی قرض حاصل کر سکیں۔

    اس موقع پر وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی ملک کا مستقبل ہے، آئی ٹی سیکٹر کا فروغ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ پاکستان کے نوجوانوں میں آئی ٹی سیکٹر میں بے پناہ صلاحیت ہے۔ حکومت قابل نوجوانوں کی ہر ممکن طریقے سے سہولت کاری کے لیے پرعزم ہے۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کو فری لانس سہولتیں اور مراعات فراہم کریں گے، لاکھوں نوجوانوں کی صلاحیتیں بروئے کار لائی جائیں گی اور نوکریوں کے مواقع میسر آئیں گے۔

    انہوں نے ہدایات دیں کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے فروغ میں حائل تمام رکاوٹوں کو دور کیا جائے، اسپیشل ٹیکنالوجی زونز کے قیام اور 5 جی اسپیکٹرم کے اجرا پر کام تیز کریں اور بڑے شہروں میں فائبرائزیشن کے ذریعے ٹاورز کو ملانے کا کام مکمل کریں۔

    وزیر اعظم نے اس حوالے سے ٹائم لائنز پر مبنی مفصل روڈ میپ بھی ایک ہفتے میں طلب کر لیا۔

  • عمران فاروق کی موت چہرے اور سر پر زخموں کے باعث ہوئی، ڈاکٹر کا بیان

    عمران فاروق کی موت چہرے اور سر پر زخموں کے باعث ہوئی، ڈاکٹر کا بیان

    اسلام آباد : ایم کیو ایم کے رہنما ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس میں عمران فاروق کا پوسٹ مارٹم کرنے والے ڈاکٹر نے اپنا بیان ریکارڈ کرادیا، عدالت میں تینوں ملزمان خالد شمیم، معظم علی اور محسن علی بھی موجود تھے۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی کی عدالت میں عمران فاروق قتل کیس کی سماعت ہوئی، جج شاہ رخ ارجمند نے کیس کی سماعت کی۔

    اس موقع پر متحدہ کے سابق رہنما کے قتل میں ملوث تینوں ملزمان خالد شمیم، معظم علی اور محسن علی بھی عدالت کے روبرو پیش ہوئے، دوران سماعت فرانزک ایکسپرٹ رابرٹ چارلس نے ویڈیو لنک کے ذریعے برطانیہ کی عدالت سے بیان ریکارڈ کروایا۔

    ایف آئی اے پراسیکیوٹر، برطانوی ہائی کمیشن کے وکیل ٹو بی کیڈمین بھی عددالت میں موجود تھے، ڈاکٹر عمران فاروق کی لاش کا پوسٹ مارٹم کرنے والے ڈاکٹر رابرٹ چیپ مین نے اپنا بیان قلمبند کراتے ہوئے کہا کہ مقتول عمران فاروق کی موت چہرے اور سر پر زخموں کے باعث ہوئی۔

    مزید پڑھیں: عمران فاروق قتل کیس ’معظم ایم کیو ایم سیکریٹریٹ سے باہر نکلا تو کانپ رہا تھا‘

    یاد رہے کہ اس سے قبل کیس میں ڈاکٹر عمران فاروق کی اہلیہ شمائلہ عمران، اسکاٹ لینڈ یارڈ کے پولیس اہلکار بھی اپنے بیانات ریکارڈ کراچکے ہیں۔