اسلام آباد: امریکی نائب وزیر خارجہ ایلس ویلز کل پاکستان کے ایک روزہ دورے پر پہنچیں گی ،جہاں وہ خطے کو درپیش چیلنجز پر پاکستانی حکام سے بات چیت کریں گی۔
تفصیلات کے مطابق امریکی نائب وزیر خارجہ اور نمائندہ خصوصی برائے جنوبی ایشیا ایلس ویلز کل ایک روزہ دورے پرپاکستان پہنچیں گی۔
وہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور وزیرخزانہ اسدعمر سمیت دیگر سے اہم شخصیات کے بھی ملاقاتیں کریں گی، ملاقاتوں میں ایلس ویلز امریکا کی پالیسی برائے جنوبی ایشیا پر تبادلہ خیال کریں گی، اس کے علاوہ وزیراعظم عمران خان سے بھی ان کی ملاقات متوقع ہے۔
واضح رہے کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان چین کے چار روزہ کامیاب دورے کے بعد آج رات وچن واپس پہنچ رہے ہیں ، دورہ چین کے موقع پر پاکستان اور چین کے درمیان مختلف معاہدوں اور یاد داشتوں پر دستخط کیے گئے۔
اس سے قبل وزیراعظم عمران خان نے دورہ چین کے آخری روز شنگھائی میں چائنا ایکسپورٹ ایکسپو سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ سی پیک سے گوادر پورٹ تک رسائی اورمشرق وسطیٰ کے ممالک سے تجارت آسان ہوگی۔ سی پیک کارو باری لاگت اور فاصلے کم کرنے کا باعث بنے گا۔
اسلام آباد : برطانوی وزیراعظم تھریسامے نے نومنتخب وزیراعظم عمران خان کو ٹیلی فون کیا ہے، تھریسامے نے عمران خان کو نئی حکومت سے مکمل معاونت کی یقین دہانی کرائی۔
تفصیلات کے مطابق نومنتخب وزیراعظم عمران خان کو برطانوی وزیراعظم تھریسامے نے ٹیلی فون کیا ہے، تھریسامے نے وزیراعظم منتخب ہونے پر عمران خان کو مبارکباد دیتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
برطانوی وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پاک برطانیہ تعلقات میں مزید بہتری لانے کیلئے تیار ہیں، پاکستان کے ساتھ اشتراک عمل کی نئی راہیں کھول کر پاکستان کی نئی حکومت کی مکمل معاونت کریں گے۔
تھریسامے کی جانب سے نیک تمناؤں کے اظہار پر وزیر اعظم عمران خان نے برطانوی وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا، وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ منی لانڈرنگ ترقی پذیرممالک کیلئے ایک سنگین مسئلہ ہے، انسداد منی لانڈرنگ کیلئے برطانیہ کے ساتھ اشتراک کے خواہاں ہیں۔
برطانوی وزیر اعظم نے نومنتخب وزیر اعظم کےخیالات سے مکمل اتفاق کرتے ہوئے انسداد منی لانڈرنگ کیلئے پاکستان کے ساتھ مل کرمشترکہ اقدامات اٹھانے کا عندیہ دیا۔
اسلام آباد : نیب نے کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کیخلاف کرپشن تحقیقات شروع کردیں، سابق نااہل وزیر اعظم کے داماد پر ترقیاتی منصوبوں میں دو ارب روپے کرپشن کا الزام ہے۔
تفصیلات کے مطابق نیب خیبرپختونخوا نے نواز شریف کے داماد کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کیخلاف کرپشن کے حوالے سے تحقیقات شروع کردیں ہیں، سابق نااہل وزیر اعظم کے داماد پر ترقیاتی منصوبوں میں دو ارب روپے کرپشن کا الزام ہے۔
نیب کی پانچ رکنی ٹیم نے قومی اسمبلی کے حلقے این اے اکیس مانسہرہ میں ترقیاتی منصوبوں کو دورہ کیا۔ نیب حکام کے مطابق کیپٹن ریٹائرڈ صفدر نے حلقہ میں تین ارب روپے کا ترقیاتی کام کروایا۔
نیب کےمطابق مذکورہ منصوبے میں دو ارب رو پے کا ہیر پھیر کیا گیا ہے، چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے کچھی کینال منصوبے میں کرپشن کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔
اس حوالے سے چئیرمین نیب کا کہنا ہے کہ منصوبے کا تخمینہ 30 ارب سے 210 ارب تک کیسے پہنچ گیا؟ انکوائری ہوگی۔
اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر ضرور شیئر کریں۔
اسلام آباد : مصر کے کھلاڑی مروان الشوربگی نے پاکستان اوپن مینز اسکواش چیمپئن شپ جیت لی، پاک فضائیہ کے سربراہ ائیرچیف مارشل سہیل امان نے کامیاب کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کے مصحف علی میر اسکواش کمپلکس میں پاکستان اوپن مینز کا فائنل مقابلہ ہوا جسے مصری کھلاڑی مروان الشوربگی نے محمد ابو الغر کو ایک دلچسپ مقابلے میں شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔
ٹاپ سیڈ مروان پہلے راؤنڈ سے ہی میں اپنے حریف پر حاوی رہے اور پہلے راؤنڈ میں 11/3سے کامیابی حاصل کی، محمد ابو الغر نے دوسرے راؤنڈ میں اچھے کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 11/7سے کامیابی حاصل کرکے میچ 1-1سے برابر کر دیا۔
تیسرے راؤنڈ میں بھی دونوں کھلاڑیوں نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا تاہم مروان نے 11/8سے یہ راؤنڈ جیت کر میچ پر اپنی گرفت مضبوط کرلی۔
چوتھے راؤنڈ میں بھی وہ اپنے حریف پر حاوی رہے اور 11/6سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے چیمپئن شپ ٹرافی حاصل کی۔
پاک فضائیہ کے سربراہ ائیرچیف مارشل سہیل امان جو کہ پاکستان اسکواش فیڈریشن کے صدر بھی ہیں اس میچ کے مہمانِ خصوصی تھے، انہوں نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔
سابق ورلڈ چیمپئنز جہانگیر خان، قمر زمان کے علاوہ اسکواش کے شائقین کی ایک بڑی تعداد نے یہ میچ دیکھا۔
واضح رہے کہ پاکستان اوپن اسکواش چیمپئن شپ جو کہ اسکواش سرکٹ میں 10سال بعد واپس آئی ہے میں 50ہزار ڈالرز کی انعامی رقم رکھی گئی تھی۔
چیمپئن شپ کے کوالیفائنگ راؤنڈ کا آغاز 17 دسمبر سے ہوا جبکہ مین راؤنڈ 19 دسمبر سے شروع ہوا، اس چیمپئن شپ میں پاکستان کے علاوہ دوسرے ممالک کے 48 بہترین کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔
واضح رہے کہ پچاس ہزار ڈالرز کی انعامی رقم کی حامل اس پاکستان اوپن انٹرنیشنل مینز اسکواش چیمپین شپ میں کوئی پاکستانی کھلاڑی کوارٹر فائنل راؤنڈ تک رسائی حاصل کرنے میں کامیاب نہ ہو سکا۔
اسلام آباد : مریم ، حسن، حسین اور کیپٹن (ر) صفدر کو وطن واپسی پر گرفتار کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا، نیب آئندہ سماعت پر ملزمان کو اشتہاری قرار دینے کی درخواست دائر کرے گی۔
تفصیلات کے مطابق پاناما لیکس مقدمے میں ملوث سابق اور نااہل وزیر اعظم نواز شریف کے بچوں مریم، حسن، حسین اور داماد کیپٹن (ر) صفدر کو لندن سے وطن واپسی پر گرفتار کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
نیب ذرائع کے مطابق تینوں ملزمان کی گرفتاری کے لیے تمام قانونی مراحل کو پورا کیا جائے گا، آئندہ سماعت پر نیب ملزمان کو اشتہاری قراردینےکی درخواست دائر کرے گی۔
یاد رہے کہ نیب عدالت نے حسین نواز، حسن نواز،مریم صفدر اور کیپٹن(ر) صفدر کو طلب کررکھا تھا، احتساب عدالت میں عدم پیشی پرعدالت ملزمان کو گرفتار کرکے پیش کرنے کا واضح حکم پہلے ہی دے چکی ہے۔
اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔
اسلام آباد: وزیر خزانہ اسحق ڈار کے تمام بینک اکاؤنٹس منجمد کردیئے گئے نیب کی ٹیم نے ان کے گھر پر چھاپہ بھی مارا، جب کہ ان کی تمام جائیداد کی خرید و فروخت اور منتقلی پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔
اے آر وائی نیوز کے نمائندے ذوالقرنین حیدر کے مطابق نیب حکام کی جانب سے مختلف شہروں میں اسحق ڈار کی تمام جائیداد کی خریدو وفروخت اور منتقلی پر پابندی کا حکم نامہ جاری کردیا گیا ساتھ ہی بینک اکاؤنٹس بھی منجمد کردیئے گئے ہیں۔
نمائندے کے مطابق نیب لاہور کی جانب سے ایک خط ایل ڈی اے، اسلام آباد اتھارٹی، ڈی ایچ اے سوسائٹی، سینیٹ کی ہاؤسنگ سوسائٹی سمیت مختلف بینکوں کو بھی لکھا گیا ہے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ وزیر خزانہ اسحق ڈار کے خلاف بدعنوانی کے مقدمات کی تحقیقات چل رہی ہے اس لیے ان کی جتنی بھی جائیداد ہے اس کی خریدو فروخت اور منتقلی پر پابندی عائد کردی جائے۔
اس حوالے سے نیب حکام کا کہنا ہے کہ اسحاق ڈار کےخلاف کیس چل رہا ہے، لہٰذا ان کی جائیداد نہ تو خریدی جاسکتی ہے اور نہ کسی کو منتقل کی جاسکتی ہے۔
نیب نے بینکوں کو ہدایت دی ہے کہ اسحق ڈار کے اکاؤنٹس میں موجود تمام رقم کہیں منتقل نہیں ہوسکتی انہیں منجمد کردیا جائے، اگر کسی ادارے نے بھی قانون کی خلاف ورزی کی تو اس کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
اطلاعات ہیں کہ بینکوں نے ان کے اکاؤنٹس اور اداروں نے ان کی جائیداد کی فروخت یا کسی اور کو منتقلی پر پابندی عائد کردی ہے۔
نیب کا خط اے آر وائی نیوز نےحاصل کرلیا، اسحاق ڈارکی جائیداد ضبط کرنے کی خبر سب سے پہلے اے آر وائی نیوز نےگزشتہ روز نشر کی تھی۔
نیب نے اسحاق ڈارکے گھر پر چھاپہ نہیں مارا، نوٹس دینے گئے، ترجمان
تازہ ترین اطلاعات کے مطابق نیب کی ٹیم نے اسحاق ڈار کے گھر پر چھاپہ مارا ہے اور ملازمین سے پوچھ گچھ کی ہے، تاہم نیب ترجمان نے خبر کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسحاق ڈار کے گھر چھاپہ نہیں مارا، ان کی رہائش گاہ پر نوٹس دینے گئے تھے۔
نیب عدالت کی جانب سے آج ہی وارنٹ جاری ہوئے ہیں اور نیب کے تفتیشی افسر کی سربراہی میں دو رکنی ٹیم نے اسی بنیاد پر آج منسٹرز انکلیو میں واقع ان کے گھر پرنوٹس ارسال کیا ہے۔
خیال رہے کہ اسحاق ڈار اس وقت ملک میں نہیں ہیں، تاہم اطلاعات ہیں کہ اسحاق ڈار نے نیب کی ٹیم کو یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ جلد وطن واپس پہنچیں گے۔
وزیرخزانہ اسحاق ڈار کے خلاف احتساب عدالت نے اثاثہ جات کیس میں وارنٹ گرفتاری وزارت داخلہ کو بھیج دیئے، اسحاق ڈار نے نیب ریفرنس پر ضمانت قبل از گرفتاری کروانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
آج بروز بدھ اسلام آباد کی احتساب عدالت میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے خلاف آمدنی سے زیادہ اثاثے بنانے کے نیب ریفرنس کی سماعت ہوئی۔ عدالت میں ان کی عدم پیشی پر برہمی کا اظہار کیا گیا، سماعت کے دوران نیب نے وفاقی وزیرِ خزانہ کے وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کی استدعا کی۔
وفاقی وزیرِ خزانہ اور مسلم لیگ ن کے اہم رہنما اسحاق ڈار کی جانب سے ان کے پروٹوکول آفیسر فضل داد احتساب عدالت کے سامنے پیش ہوئے۔
عدالت نے نیب کی درخواست پر پیش رفت کرتے ہوئے اثاث جات کیس میں اسحاق ڈار کے قابلِ گرفتاری وارنٹ جاری کیے اور حکم دیا کہ انہیں 25 ستمبر کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کیا جائے۔
گرفتاری کے احکامات جاری کرنے کے ساتھ ہی عدالت نے یہ بھی قرار دیا کہ وفاقی وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار10لاکھ روپےکےمچلکوں کےعوض ضمانت کراسکتےہیں۔
ذرائع کے مطابق نیب کے بھیجے گئے وارنٹ گرفتاری وزارت خارجہ کو موصول ہوگئے ہیں، وزارت خارجہ اسحاق ڈار کے لندن کے گھر کے باہر وارنٹ چسپاں کرنے کو یقینی بنائے گی۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے نیب ریفرنس پر ضمانت قبل از گرفتاری کروانے کا فیصلہ کر لیاہے۔
یاد رہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد ڈپٹی پراسیکیوٹرجنرل نیب کی سربراہی میں نیب پراسیکیوشن ونگ نے سابق وزیراعظم نوازشریف اور ان کے بچوں ، داماد اور اسحاق ڈار کے خلاف احتساب عدالت میں ریفرنسزدائرکیے تھے۔قومی احتساب بیورو کی ٹیم نے شریف خاندان کے خلاف 3 اور وزیرخزانہ اسحاق ڈار کے خلاف 1 ریفرنس دائر کیا تھا۔
وزیرخزانہ اسحاق ڈار کے خلاف سیکشن 14 سی لگائی گئی ہے ‘جو آمدن سے زائد اثاثے رکھنے سے متعلق ہے۔ نیب کی دفعہ 14 سی کی سزا 14 سال مقرر ہے۔
یاد رہے کہ 28 جولائی کوسپریم کورٹ کے پانچ رکنی بینچ نے پاناما کیس کے فیصلے میں سابق وزیراعظم نوازشریف کو نااہل قرار دیتے ہوئے ان کے اور ان کے خاندان کے افراد کے خلاف نیب میں ریفرنس دائر کرنے کا حکم دیا تھا۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے نیب کو حکم دیا تھا کہ وہ 6 ہفتے کے اندر نوازشریف اور ان کے بچوں مریم نواز، حسین نواز، حسن نواز اور اسحاق ڈار کے خلاف ریفرنس دائر کرے اور 6 ماہ میں ان پر کارروائی مکمل کی جائے۔
کیا حکومت کو اسحاق ڈار کے سوا کوئی بندہ نہیں ملا ؟ کامل علی آغا
علاوہ ازیں سینیٹر کامل علی آغا نے کہا ہے کہ وزیرخزانہ ملک میں موجود نہیں این ایف سی پر کیا بات کریں؟ حکومت کی نااہلی ہے کہ ایسا شخص وزیر بنایا گیا جس کےوارنٹ گرفتاری نکلے ہوئے ہیں۔
وزیرخزانہ بھاگے ہوئے ہیں، اشتہاری قراردیئےجاسکتےہیں، کامل علی آغا کا کہنا تھا کہ کیا حکومت کو اور کوئی بندہ نہیں ملا اس وزارت کیلئے؟
انہوں نے پیشکش کی کہ اگرکوئی بندہ نہیں تو ہم حکومت کو شبلی فراز ادھار پر دے سکتے ہیں، یہ سنجیدہ مسئلہ ہے اس کانوٹس لیاجائے۔
اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔
اسلام آباد : وزیراعظم کے استعفے کے معاملے پر لیگی وزراء میں پھوٹ پڑ گئی، خواجہ آصف اورسعد رفیق نے وزیر اعظم کو مستعفی نہ ہونے کی تجویز دی جبکہ چوہدری نثار نے محاذآرائی سے گریز کرنے کا مشورہ دیا۔
تفصیلات کے مطابق پاناما کیس کی جے آئی ٹی رپورٹ آنے کے بعد وزیر اعظم نواز شریف نے اپنے رفقاء کے ساتھ صلاح مشورے شروع کردیئے ہیں، ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم کے مستعفی ہونے کے معاملے پر وزراء میں پھوٹ پڑ گئی ہے۔
جے آئی ٹی رپورٹ آنے کے بعد کیا کیا جائے، سیاسی شہید بنا جائے یا کوئی راہ نکالی جائے، اس حوالے سے وزیر اعظم نواز شریف اپنے رفقاء کے ساتھ سر جوڑ کر بیٹھ گئے۔
وزیر اعظم ہاؤس میں ہونے والے اجلاس میں وفاقی وزراء خواجہ آصف اور خواجہ سعد رفیق نے نواز شریف کو مشورہ دیا ہے کہ استعفیٰ کسی صورت نہیں دیں اورحالات کا ڈٹ کر مقابلہ کریں، اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار نے وزراء کو محاذ آرائی سے گریز کرنے کا مشورہ دیا، اس پر کابینہ کے ارکان میں پھوٹ پڑ گئی۔
چوہدری نثار نے اس حکمت عملی سے متعلق مکمل لاتعلقی کا اعلان کیا اور آئندہ ایسے کسی اجلاس میں شرکت سے بھی معذرت کرلی ہے۔
اے آر وائی نیوز کے بیورو چیف اسلام آباد صابر شاکر کے مطابق چوہدری نثارعلی خان کا کہنا ہے کہ آئین اورقانون کے مطابق سیاسی فیصلہ کرتے ہوئے معاملے کو آگے بڑھایا جائے۔
چوہدری نثار نے یہ بھی تجویز دی کہ آپ نیا لیڈر آف دی ہاؤس لے آئیں اور پارٹی کو بچائیں اور اداروں سے کسی قسم کی محاذ آرائی نہ کی جائے لیکن ان کی ان تجاویز کو یکسر مسترد کردیا گیا۔
ذرائع کے مطابق نواز شریف نے اس مشورے کو پسند کیا کہ مظلوم بنا جائے، علاوہ ازیں نمائندہ اسلام آباد اظہر فاروق کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم نواز شریف نے بھی یی فیصلہ کیا ہے کہ وہ عہدے سے کسی بھی صورت مستعفی نہیں ہوں گے۔
اسلام آباد: حکومت آئندہ مالی سال کےبجٹ میں ترسیلات زرپربھی ٹیکس لگانے کاارادہ رکھتی ہے۔بجٹ میں دس فیصدتک ودہولڈنگ ٹیکس لگائے جانےپرغورکیاجارہاہے۔
حکومت آئندہ مالی سال سےترسیلات زر پردس فیصدٹیکس لگانےکاارادہ رکھتی ہے، ذرائع کےمطابق ٹیکس کےمراعاتی نظام کوختم کرنے کے مرحلہ وارسلسلےکےتحت یہ اقدامات لئےجانےکاامکان ہے۔
حکومتی ذرائع کے مطابق ایف بی آرکےتحت جاری کئے گئےایک تہائی ایس آراوز آئندہ بجٹ میں ختم کئےجائیں گے۔ آئی ایم ایف نے اپنے قرض پروگرام میں ایس آراوز کےخاتمے کیلئے شرط عائدکر رکھی ہے۔
اسلام آباد: حکومت نے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں زیرو ریٹیڈ شعبہ جات پر سیلز ٹیکس میں اضافے کا عندیہ دے دیا۔
زرائع کے مطابق پانچ زیرو ریٹیڈ برآمدی سیکٹرز پر سیلز ٹیکس میں تین فیصد تک اضافہ کئے جانے کا خدشہ ہے، ان سیکٹرز میں ٹیکسٹائل، گارمینٹس، چمڑے کی مصنوعات اور کھیل کا ساز وسامان شامل ہے ۔
ان شعبہ جات سے وابستہ افراد کا کہنا ہےکہ حکومت کے اس اقدام سےبرامدات میں کمی متوقع ہے۔
زیرو ریٹیڈ سیکٹرز کے مطابق تمام شعبے مقامی فروخت پر سیلز ٹیکس کی ادائیگیاں پہلے ہی کر رہےہیں۔
اسلام آباد : کالا باغ ڈیم کی تعمیرمیں تاخیر سے ملک و قوم کا مستقبل داؤ پر لگا ہوا ہے،سیاستدان قومی مفادکو پس پشت ڈالتے ہوئے سیاسی مفادات کو ترجیح نہ دیں۔
ان خیالات کا اظہار اسلام آباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز کے سرپرست ڈاکٹر شاہد رشید بٹ نے آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن کے سابق چیئرمین پرویز خان خٹک سمیت دیگر نمائندہ تنظیموں کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ ڈیم کے بغیرنہ تو ملک کا کوئی مستقبل ہے نہ آنے والی نسلوں کا،اس ڈیم کی غیر موجودگی میں پاکستان کو ریگستان بننے سے کوئی نہیں بچا سکتا ۔
جس کے بعد بھوک، پیاس ، غربت، عدم استحکام اور تنازعات بیس کروڑ عوام کا مقدر بن جائیں گے،شاہد رشید بٹ نے زور دیا کہ کالا باغ ڈیم کے مخالفین کو ملک کے مفاد میں اپنے موقف پر نظر الثانی کرنے کی ضرورت ہے۔