Tag: ishaq dar

  • ڈان لیکس: وزیر خزانہ کی طارق فاطمی کو عہدے سے ہٹانے کی تصدیق

    ڈان لیکس: وزیر خزانہ کی طارق فاطمی کو عہدے سے ہٹانے کی تصدیق

    واشنگٹن: وزیر خزانہ اسحٰق ڈار نے ڈان لیکس کے معاملے پر طارق فاطمی کو عہدے سے ہٹانے کی تصدیق کردی۔ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم کو ڈان لیکس کی رپورٹ مل گئی ہے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے ڈان لیکس سے متعلق رپورٹ وزیر اعظم کو پیش کردی تھی جس میں طارق فاطمی اور راؤ تحسین کے خلاف کارروائی کی سفارش کی گئی تھی۔

    وزیر اعظم نے دونوں کو عہدے سے ہٹانے کی منظوری دے دی تھی۔

    مزید پڑھیں: ڈان لیکس پر طارق فاطمی اور راؤ تحسین ذمے دار قرار

    دوسری جانب واشنگٹن میں موجود وزیر خزانہ اسحٰق ڈار نے اہم پریس کانفرنس میں کہا کہ ڈان لیکس رپورٹ میں طارق فاطمی کو ہٹانے کی سفارش نہیں کی گئی۔ البتہ ان کے تبادلے پر بات ہو رہی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ثابت نہیں ہوا کہ ڈان لیکس کے معاملے میں 3 افراد ملوث ہیں۔ رپورٹ کیسے لیک ہوئی، انکوائری ہونی چاہیئے۔

    پاناما لیکس پر ان کا کہنا تھا کہ جے آئی ٹی میں وزارت خزانہ کا کوئی کردار نہیں۔ اسٹیٹ بینک اور ایس ای سی پی با اختیار ہیں۔

    ادھر وزیر اعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی نے مستعفی ہونے کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈان لیکس سے میرا کوئی تعلق نہیں ہے اس لیے استعفیٰ نہیں دوں گا۔

    ذرائع کے مطابق معاون خصوصی طارق فاطمی ڈان لیکس کی رپورٹ پیش کیے جانے سے قبل سارا دن دفتری امور نمٹاتے رہے۔ وہ وزیر اعظم نواز شریف اور چوہدری نثار کے درمیان ہونے والی ملاقات میں بھی موجود تھے اور میٹنگ کے بعد اپنے معمول کے کاموں کی انجام دہی کے لیے اپنے دفتر بھی پہنچے۔

    طارق فاطمی کا مؤقف ہے کہ ڈان لیکس کی خبر سے میرا کوئی لینا دینا نہیں ہے اور نہ ہی وزیر اعظم سے ملاقات کے دوران مجھ سے استعفیٰ طلب کیا گیا۔ جب میرا کوئی تعلق ہی نہیں تو استعفیٰ دینے کا بھی کوئی جواز نہیں بنتا۔

    یاد رہے کہ ڈان لیکس کے معاملے پر وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید کو بھی ان کے عہدے سے فارغ کیا جا چکا ہے۔

  • ٹرمپ انتظامیہ سے مل کر کام کے لیے تیار ہیں، اسحاق ڈار

    ٹرمپ انتظامیہ سے مل کر کام کے لیے تیار ہیں، اسحاق ڈار

    واشنگٹن: وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ  پاک امریکا کے تعلقات کے لیے پرامید اور ٹرمپ انتظامیہ کے ساتھ مل کر کر کام کرنے کے لیے تیار ہیں، پاکستان کے جوہری ہتھیار مکمل محفوظ ہیں۔

    واشنگٹن میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ کسی بھی جاسوس یا غدار کو سفارتی رسائی نہیں دی جاتی، کلبھوشن کو دہشت گردی کی سزا ملی۔

    انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کال حل خطے میں امن و استحکام کے لیے انتہائی ضروری ہے، امید ہے ٹرمپ انتظامیہ مسئلہ کشمیر کے معاملے میں ثالثی کا کردار ادا کرے گی، امریکی اخبار میں پاکستان کے جوہری ہتھیاروں سے متعلق بے بنیاد اور گمراہ کن آرٹیکل شائع کیا گیا، حقیقت یہ ہے پاکستان کے جوہری ہتھیار مکمل محفوظ ہیں۔

    اسحاق ڈار نے کہا کہ پاک امریکا تعلقات کئی دہائیوں پر مشتمل ہیں، ہم امریکا کے ساتھ دفاع، معیشت سمیت مختلف شعبوں میں کام کرنے کے خواہش مند ہیں مگر کچھ عرصے سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات ٹھہراؤ کا شکار ہیں، ہمیں آگے بڑھنے کے لیے معمولی نوعیت کے اختلافات کو حل کر کے آگے بڑھنا چاہیے۔

    وفاقی وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان کے معاشی حالات میں مسلسل بہتری آرہی ہے، موجودہ حکومت معاشی ترقی، توانائی بحران تعلیم کے فروغ اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرامید ہے۔

    اسحاق ڈار نے کہا کہ فاٹا آپریشن کی وجہ سے 13 لاکھ افراد نے نقل مکانی کی  تاہم حالات بہتر ہونے کے بعد 75 فیصد لوگ واپس اپنے گھروں کو جاچکے ہیں جبکہ پاکستان پہلے ہی 30 لاکھ سے زائد افغان مہاجرین کا بوجھ برداشت کررہا ہے۔

  • لاہور ہائیکورٹ: وزیر خزانہ کو ضمنی بجٹ کا اختیار دینے کے خلاف درخواست

    لاہور ہائیکورٹ: وزیر خزانہ کو ضمنی بجٹ کا اختیار دینے کے خلاف درخواست

    لاہور: صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں ہائیکورٹ میں اسحٰق ڈار کو ضمنی بجٹ کا اختیار دینے کے خلاف درخواست سماعت کے لیے قبول کرلی گئی۔ وزیر خزانہ کو اہم تقرریوں اور منی بجٹ کا اختیار وزیر اعظم نے دیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ میں دائر درخواست کو قبول کرتے ہوئے عدالت نے وزارت خزانہ سے 17 اپریل کو جواب طلب کر لیا۔

    عدالت نے وزیر اعظم سے بذریعہ پرنسپل سیکریٹری جواب بھی طلب کیا ہے۔

    مزید پڑھیں: منی بجٹ آنے کا امکان

    لاہور ہائی کورٹ میں دائر درخواست کے مطابق اسحٰق ڈار کو سرکاری اداروں کے سربراہان کی تقرری کا اختیار دیا گیا جو کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کی خلاف ورزی ہے۔

    درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ ضمنی بجٹ کا اختیار وزیر خزانہ کو دینے کے اقدام کو کالعدم قرار دیا جائے۔

  • وزیراعلیٰ سندھ کا مردم شماری پر تحفظات کا اظہار

    وزیراعلیٰ سندھ کا مردم شماری پر تحفظات کا اظہار

    کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ مردم شماری کے جو قواعد و ضوابط ہمارے سامنے رکھے گئے تھے اس کے برعکس کام ہو رہا ہے، وفاقی وزیرخزانہ سے مل کر انہیں‌ مردم شماری کے حوالے سے تحفظات سے آگاہ کروں گا.

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار سے رابطہ کر کے مردم شماری کے خدشات سے آگاہ کریں گے،انہوں نے کہا کہ پہلے بھی اسحاق ڈار سے اس سلسلے میں رابطہ ہوا تھا، اس ملاقات میں ہمیں بتایا گیا تھا کہ بلڈنگ کے ہرفلیٹ کو گنا جائے گا،جبکہ اب اطلاعات ہیں کہ مردم شماری میں ہرگھرکو نہیں گنا جارہا ہے۔

    وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ہم اپنے تحفظات سے وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار کو آگاہ کریں گے اور ان سے کہیں گے کہ وہ اس قسم کے اقدامات کی فوری روک تھام کریں۔

    ایم کیوایم پاکستان کے تحفظات

    واضح رہے کہ ملک میں جاری چھٹی مردم شماری کے حوالے سے مختلف سیاسی جماعتوں کو شدید تحفظات ہیں، اسی تناظر میں متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان) سربراہ ڈاکٹر محمدفاروق ستار نے کہا تھا کہ مردم شماری میں کوئی دھاندلی نہیں ہونے دیں گے۔

    علاوہ ازیں سربراہ ایم کیوایم ڈاکٹر فاروق ستار نے اپنے تحفظات کے پیش نظریہ کہا تھا کہ غلط مردم شماری کی وجہ سے سندھ کے شہری عوام میں احساس محرومی پایا جاتا ہے، ہم نے احساس محرومی ختم کرنے کے لئے سپریم کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹایا ہے.

  • سوئٹزر لینڈ پاکستان کو خفیہ اکاؤنٹس کی تفصیلات فراہم کرنے پر راضی‘ اسحاق ڈار

    سوئٹزر لینڈ پاکستان کو خفیہ اکاؤنٹس کی تفصیلات فراہم کرنے پر راضی‘ اسحاق ڈار

    اسلام آباد: وفاقی وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ سوئزرلینڈ نے پاکستان کو معلومات فراہم کرنے پر رضا مندی کردی ہے‘ پاکستانیوں کے خفیہ سوئس اکاؤنٹس میں 200 ارب ڈالر سے زائد رقم موجود ہے۔

    تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی میں پالیسی بیان دیتے ہوئےکہا ہے کہ سوئس حکومت پاکستان کو خفیہ اکاؤنٹس کی معلومات دینے پر رضامندی ظاہر کردی تھی۔

    انہوں نے کہا کہ سوئٹزر لینڈ سے سنہ 2013 میں اس حوالے سے رابطہ کیا گیا تھا۔ سوئس حکومت کے ساتھ اس حوالے سے 21 مارچ کو معاہدے پر دستخط کیے جائیں گے جس کے بعد معلومات کا تبادلہ ممکن ہوسکے گا۔

    یاد رہے کہ یہ سمجھا جاتا ہے کہ پاکستان کے کئی اہم افراد نے سوئس بینکوں میں اپنی غیر قانونی دولت رکھی ہوئی ہے اوران معلومات کے حصول سے کئی بڑے نام بے نقاب ہوجائیں گے۔

    دوسوارب ڈالرزکی واپسی

    ماہرمعاشیات محمد سہیل کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت کے کئی لوگ اپنا غیر قانونی پیسہ ٹیکس بچانے کے لیے سوئس بینکوں میں رکھتے ہیں۔ ایک محتاط اندازے کے مطابق پاکستانیوں کے 200 ارب ڈالر سوئس بینکوں میں موجود ہیں۔

    پاکستان کی وفاقی کابینہ سنہ 2013 ستمبر میں ٹیکس معاہدے میں ترامیم کرنے کی منظوری تھی‘ سوئس حکام کے حوالے سے پہلے ہی یہ بات منظرعام پر آچکی ہے کہ پاکستانیوں کے 200ارب ڈالر سوئس بینکوں میں موجود ہیں۔

    اس وقت یہ بات بھی منظر عام پر آئی تھی کہ سوئس حکام کے مطابق سوئیزرلینڈ کے 10بڑے بینکوں میں پاکستانیوں کے 50خفیہ اکاؤنٹس کا پتہ چلاہے۔

  • فوجی عدالتوں کی توسیع کا فیصلہ اتفاق رائے سے کریں گے، اسحاق ڈار

    فوجی عدالتوں کی توسیع کا فیصلہ اتفاق رائے سے کریں گے، اسحاق ڈار

    اسلام آباد : وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ فوجی عدالتوں کی مدت ایک سال ہو یا دو سال فیصلہ مشاورت سے کریں گے۔ پیپلزپارٹی کی تجاویز مل گئیں ملٹری کورٹس پرکل یاپرسوں پھربیٹھک ہوگی۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، اسحاق ڈار نے کہا کہ اٹھائیس فروری کو تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ اجلاس میں فوجی عدالتوں سے متعلق فیصلہ ہوا تھا، اجلاس میں پیپلزپارٹی نے شرکت نہیں کی تھی۔

    پیپلزپارٹی نے 4 مارچ کو فوجی عدالتوں سے متعلق سیاسی جماعتوں کو اے پی سی کی دعوت دی تھی، اب میڈیا سے پتہ چلا ہے پیپلز پارٹی نے فوجی عدالتوں پر9 تجاویز دی ہیں۔

    انہوں نے بتایا کہ مسلم لیگ (ن) اورحکومت کو پیپلزپارٹی کی تجاویز مل گئی ہیں، ان کی تجاویز پر غور کیا جائے گا، ان کا کہنا تھا کہ فوجی عدالتوں کی توسیع پرتمام جماعتوں کا اتفاق رائے موجود ہے جبکہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے قوم بھی متحد ہے۔

    فوجی عدالتوں سے متعلق مشاورت کے ساتھ نئی تجاویز پرغور ہوگا اور کوشش ہوگی کہ فوجی عدالتوں کے معاملے پراتفاق رائے ہو، اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ کوشش کریں گے فوجی عدالتوں کے معاملے پر 2 دن میں اجلاس بلائیں۔

  • پیٹرول اورڈیزل کی قیمت میں ایک روپیہ فی لیٹراضافہ

    پیٹرول اورڈیزل کی قیمت میں ایک روپیہ فی لیٹراضافہ

    اسلام آباد : وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کردیا، پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں ایک ایک روپیہ اضافہ کیا گیا ہے.

    تفصیلات کے مطابق حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل تیسری بار اضافہ کرتے ہوئے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں ایک ایک روپے فی لیٹر اضافہ کردیا ہے۔

    اس حوالے سے وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اعلان کیا کہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں ایک ایک روپے فی لیٹر اضافہ کردیا گیا ہے تاہم لائٹ ڈیزل اور مٹی کے تیل کی قیمت برقرار رہے گی۔

    انہوں نے کہا کہ لائٹ ڈیزل اور مٹی کے تیل کی قیمتیں نہ بڑھانے کی وجہ سے حکومت ان مصنوعات پر 3 ارب روپے کی سبسڈی دے گی، پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہوگا۔

    یاد رہے کہ وزارت پیٹرولیم ذرائع کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 1 روپے 91 پیسے اضافے کی سفارش کی گئی تھی جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے 3 پیسے اضافہ تجویز کیا گیا تھا۔

  • بااثر افراد نے 4ارب 65 کروڑ روپے کے قرضے معاف کرالئے

    بااثر افراد نے 4ارب 65 کروڑ روپے کے قرضے معاف کرالئے

    اسلام آباد : سات سال میں بااثر افراد نے چار ارب پینسٹھ کروڑ روپے کا قرضہ معاف کرالیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے سینٹ اجلاس میں انکشاف کیا کہ بااثر افراد نے اُنیس بینکوں سے چار ارب پینسٹھ کروڑ روپے کا قرضہ معاف کرالیا۔

    اسحاق ڈار کے مطابق 34 بینکوں میں سے 19 بینکوں نے سال دو ہزار دس سے فراہم کئے گئے قرضوں میں سے 4 ارب 65 کروڑ روپے مالیت کے قرضے معاف کردیئے۔

    اس سے قبل فروری دوہزار سولہ میں وزیر خزانہ نے رکن اسمبلی جمشید دستی کی جانب سے پوچھے گئےسوال پر قومی اسمبلی کو بتایا تھا کہ موجودہ حکومت کےدورمیں اب تک 22 ارب روپے کے قرضے معاف کرائے جاچکے ہیں۔

    وزیر قانون زاہد حامد نے سینیٹ کو بتایا کہ قرضوں کی معافی میں حکومت کا کوئی ہاتھ نہیں، بینکوں کےبورڈ آف ڈائریکٹرز اسٹیٹ بینک کی گائیڈ لائینز کی روشنی میں قرض معافی کے فیصلے کرتے ہیں۔

  • پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ

    پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ

    اسلام آباد : حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کردیا، پیٹرول دو روپے 25 پیسے مہنگا کردیا گیا، حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کی مدت بھی خاموشی سے تبدیل کردی، قیمتوں میں اضافہ پندرہ روز کے لیے کیا گیا ہے،سی این جی بھی ایک ماہ میں ساڑھے 5 روپے فی کلو مہنگی کی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا اعلان کردیا جس کے تحت پیٹرول کی قیمت میں دو روپے 25 پیسے اضافہ کیا گیا ہے، 15 روزمیں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں دوسری مرتبہ اضافہ کیا گیا۔

    اضافے کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت تقریباً 71 روپے فی لیٹر ہوجائے گی، اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں دو روپے 26 پیسے فی لیٹرکا اضافہ کیا گیا ہے جبکہ مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل کی قیمتیں برقرار رہیں گی۔اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ مذکورہ قیمتوں میں اضافہ 15 دن کے لیے کیا گیا ہے۔

    مزید پڑھیں : پیٹرول اورمٹی کے تیل کی قیمت میں ہوشربا اضافے کا امکان

    یاد رہے کہ قیمتوں کےتعین کا اختیار ملنے کے بعد صوبہ سندھ میں سی این جی پمپ مالکان صرف ایک ماہ میں سی این جی ساڑھے پانچ روپےفی کلو مہنگی کرچکےہیں۔

    واضح رہے کہ رواں ماہ بھی پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیاتھا، اوگرا نے گزشتہ روز وزارت پیٹرولیم کو سمری ارسال کی تھی جس میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کی تجویز دی گئی تھی۔

  • ایکنک کا اجلاس: 1500 طلبا کو امریکا بھیجنے کی منظوری

    ایکنک کا اجلاس: 1500 طلبا کو امریکا بھیجنے کی منظوری

    اسلام آباد : حکومت نے 1500 طلباء و طالبات کو پی ایچ ڈی کے لیے امریکا بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے، اس سلسلے میں  اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں پاک امریکا نالج کوریڈور کے تحت پی ایچ ڈی پروگرام کی منظوری دے دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی (ایکنک) کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں کئی ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دی گئی، اجلاس میں پاک امریکا نالج کوریڈور کے تحت پی ایچ ڈی پروگرام کی منظوری دی گئی منصوبے کے تحت 1500 طلباء وطالبات کو پی ایچ ڈی کے لیے امریکا بھیجا جائے گا۔

    ہائرایجوکیشن کمیشن کے لیے پاک امریکا نالج کوریڈور کے تحت 18 ارب روپے کے پی ایچ ڈی پروگرام کی منظوری اور مختلف اضلاع میں سرکاری یونیورسٹیز کے ذیلی کیمپسز قائم کرنے کی بھی منظوری دی گئی جس پر 5 ارب 21 کروڑ روپے لاگت آئے گی۔

    گرین پاکستان جنگلات کا 3ارب 65 کروڑ روپے کا منصوبہ منظورکیا گیا، اس منصوبے سے پنجاب، کے پی کے، سندھ اور گلگت بلتستان میں جنگلات کو فروغ ملے گا۔ بلوکی اور حویلی بہادر شاہ میں 2450 میگا واٹ کے 2 منصوبے منظور کیے گئے جبکہ نیلم جہلم منصوبے کے لیے پالیسی رپورٹ منظور کی گئی۔

    علاوہ ازیں بلوچستان، سندھ اور کے پی کے میں متعدی امراض سے بچاﺅ کے پروگرام کی منظوری بھی دی گئی۔ بلوچستان میں بیماریوں سے بچاؤ کے لیے 5 ارب روپے، خیبرپختونخوا کے لیے ساڑھے 6 ارب روپے اور سندھ میں بیماریوں سےبچاؤ کے لیے 8 ارب کے منصوبوں کی منظوری دی گئی۔