Tag: ishaq dar

  • حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان مذاکرات کا دوسرا دور ختم

    حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان مذاکرات کا دوسرا دور ختم

    اسلام آباد : پنجاب اور کے پی میں انتخابات کی تاریخ کے حوالے سے حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان مذاکرات کا دوسرا دور ختم ہوگیا، بات چیت کا تیسرا مرحلہ منگل کو ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان مذاکرات کے دوسرے دور کا آغاز پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوا۔ اجلاس میں حکومت کی نمائندگی اسحٰق ڈار، یوسف رضا گیلانی، وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ اور نوید قمر نے کی جبکہ تحریک انصاف کی جانب سے شاہ محمود قریشی، فواد چوہدری اور بیرسٹر علی ظفر شامل تھے۔

    منگل کو تقریباً فائنل مذاکرات ہوں گے۔ اسحاق ڈار

    مذاکرات کی نشست کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ ہمارے درمیان یہ طے ہوا ہے کہ آج کی تمام بات چیت ہم اپنے قائدین کے ساتھ شیئر کریں گے، کوئی ڈیڈلاک نہیں ہے، مذاکرات کا تیسرا دور منگل کو11بجے ہوگا، ان کا کہنا تھا کہ دونوں طرف سے پروپوزل آئے جو قائدین کے سامنے رکھے جائیں گے، منگل کو تقریباً فائنل راؤنڈ کے مذاکرات ہونگے۔

    مذاکرات میں مناسب پیشرفت ہوئی ہے، شاہ محمود قریشی

    پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہماری نیت ہے کہ آئین و قانون کے دائرے میں رہ کر مسئلے کا حل تلاش کریں،آج مذاکرات میں مناسب پیشرفت ہوئی ہے، لاہور جائیں گے اور چیئرمین عمران خان کو پیشرفت پراعتماد میں لیں گے، مذاکرات اور گرفتاریوں سے متعلق حکومتی کمیٹی کو کہا ہے کہ یہ کیا کررہے ہیں؟

    گرفتاریاں ہونگی تو مذاکرات کا کوئی فائدہ نہیں، فواد چوہدری

    تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ گرفتاریوں کے معاملات مذاکرات کے عمل کو تباہ کردیں گے، حکومت کہتی ہے کہ ہم گرفتاریاں نہیں کررہے، گرفتاریاں کریں گے تو پھر ان مذاکرات کا کوئی فائدہ نہیں، امید ہے کہ منگل کو معاملہ کسی طرف چلا جائے گا، ماحول بہتررکھیں تو یقیناً کسی نتیجے پر پہنچ جائیں گے۔

    مذاکرات میں کوئی ڈیڈ لاک نہیں، کشور زہرہ 

    اس حوالے سے حکومتی مذاکراتی ٹیم کی رکن کشورزہرہ نے کہا کہ مذاکرات میں کوئی ڈیڈ لاک نہیں ہے، مذاکرات میں کسی کی ہار یا جیت نہیں ہوگی، حکومت،اپوزیشن دو قدم پیچھے ہٹیں گے تو درمیانی راستہ نکل آئے گا، آگے بجٹ اور معاشی چیلنجز بھی ہیں۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان مذاکرات کا پہلا دور ہوا تھا جس میں کوئی فیصلہ نہیں ہوسکا تھا تاہم دونوں کمیٹیوں نے مذاکرات جاری رکھنے اور دوبارہ بیٹھنے پر اتفاق کیا تھا۔

  • سعودی عرب اور امارات کی یقین دہانی، آئی ایم ایف سے معاہدے کی راہ ہموار

    سعودی عرب اور امارات کی یقین دہانی، آئی ایم ایف سے معاہدے کی راہ ہموار

    اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ اسحٰق ڈار کا کہنا ہے کہ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کی جانب سے فنانسنگ کی یقین دہانی کروا دی گئی ہے جس کے بعد پاکستان اور عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے درمیان اسٹاف لیول معاہدے کی تمام شرائط پوری ہوگئیں۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ اسحٰق ڈار کا کہنا ہے کہ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات نے پاکستان کو فنانسنگ کے معاملے پر عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کو آگاہ کردیا۔

    اسحٰق ڈار کا کہنا ہے کہ سعودی عرب کی طرف سے پاکستان کو 2 ارب ڈالر فراہم کرنے جبکہ متحدہ عرب امارات کی طرف سے پاکستان کو 1 ارب ڈالر فراہم کرنے کی تصدیق کی گئی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان اسٹاف لیول معاہدے کی تمام شرائط پوری ہوگئیں، امید ہے آئی ایم ایف جلد اسٹاف لیول معاہدہ کر کے ایگزیکٹو بورڈ سے منظور کروائے گا۔

  • ’اسحاق ڈار نے نیندیں حرام کر کے بھرپور کوشش کی ہے‘

    ’اسحاق ڈار نے نیندیں حرام کر کے بھرپور کوشش کی ہے‘

    اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ اسحاق ڈار نے نیندیں حرام کر کے آئی ایم ایف معاہدے کے لیے بھرپور کوشش کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آج منگل کو وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اتحادی رہنماؤں کا اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں سپریم کورٹ میں پنجاب میں انتخابات سے متعلق امور پر گفتگو کی گئی اور جماعت اسلامی کی مذاکرات کی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    وزیر اعظم نے کہا خدا سے دعا ہے کہ آئی ایم ایف کا معاملہ حتمی نتیجے تک پہنچے، اسحاق ڈار نے نیندیں حرام کر کے اس کے لیے بھرپور کوشش کی ہے، آئی ایم ایف کی آخری شرط تھی کہ دوست ممالک سے پیسے جمع کریں، سپہ سالار نے اس سلسلے میں بے پناہ کاوشیں کیں جو بیان نہیں کر سکتا، 27 تاریخ کو چین کے وزیر اعظم سے ٹیلی فون پر گفتگو ہوگی، اتحادی حکومت میں سب اپنی جگہ محنت کر رہے ہیں۔

    انھوں نے کہا ایک قانون نے ابھی حتمی شکل اختیار نہیں کی اور عدالت کے 3 ممبر کے بینچ نے حکم امتناع دے دیا، اس انوکھے فیصلے سے آئین اور عدل کو نقصان پہنچ سکتا ہے، جو ہو رہا ہے ایسا پہلے کبھی نہیں ہوا، بار کونسلز نے بھی کہا یہ فیصلہ غلط اور انصاف کے تقاضوں کے برعکس ہے۔

    وزیر اعظم نے کہا حکومت کو ایک سال ہو گیا ہے، عمومی تاثر تھا کہ اتحاد زیادہ دیر نہیں چل سکتا، لیکن اتحادی حکومت نے چیلنجز کے ساتھ ایک سال مکمل کر لیا۔

    شہباز شریف کا کہنا تھا کہ جب اختلاف رائے ہوتا ہے تو بیٹھ کر مسئلے کا حل نکالتے ہیں، کبھی بات مانتے ہیں کبھی منواتے ہیں، اتحادی جماعتوں نے مل کر اس کشتی کو فعال رکھا ہے، سوال ہی پیدا نہیں ہوتا کہ میں اکیلا اس حکومت کو چلا سکتا، سب اتحادیوں نے مشاورت میں ہمیشہ مؤثر کردار ادا کیا۔

  • اسحٰق ڈار کی ایشیائی ترقیاتی بینک کے عہدے داران سے میٹنگ ہوگی

    اسحٰق ڈار کی ایشیائی ترقیاتی بینک کے عہدے داران سے میٹنگ ہوگی

    اسلام آباد: وزیر خزانہ اسحٰق ڈار آج ایشیائی ترقیاتی بینک کے عہدے داران سے میٹنگ کریں گے، میٹنگ میں پاکستان کی معاشی صورتحال اور اصلاحات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خزانہ اسحٰق ڈار آج شام ایشیائی ترقیاتی بینک کے صدر جین لیکون سے ورچوئل میٹنگ کریں گے، اسحٰق ڈار کی عالمی بینک کے نائب صدر جنوبی ایشیا مارٹن ریزر سے بھی میٹنگ ہوگی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر مملکت خزانہ عائشہ غوث پاشا سمیت معاشی ٹیم کے دیگر ارکان بھی میٹنگ میں شرکت کریں گے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ میٹنگ میں پاکستان کی معاشی صورتحال اور اصلاحات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا، وزیر خزانہ آئی ایم ایف کے ساتھ اسٹاف لیول معاہدے کے لیے پیش رفت سے بھی آگاہ کریں گے۔

  • قومی اسمبلی میں الیکشن اخراجات کا بل پیش

    قومی اسمبلی میں الیکشن اخراجات کا بل پیش

    اسلام آباد : وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے الیکشن اخراجات سے متعلق بل قومی اسمبلی میں پیش کردیا، ان کا کہنا تھا کہ انتخابات کا فوری انعقاد ملکی مفاد میں نہیں، قومی اسمبلی فنڈز کی فراہمی کا فیصلہ جمعرات کو دیکھے گی، اسپیکر نے مذکورہ بل قائمہ کمیٹی کو بھجوا دیا۔

    تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکر راجہ پرویز اشرف کی زیر صدارت ہوا، اجلاس میں وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے الیکشن اخراجات کا بل 2023پیش کردیا، سپریم کورٹ نے آج کی تاریخ میں فنڈز الیکشن کمیشن کو فراہم کرنے کی ڈیڈلائن دی تھی۔

    اطلاعات کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے الیکشن اخراجات بل متعلقہ قائمہ کمیٹی کو بھجوا دیا ہے، اب قومی اسمبلی فنڈز کی فراہمی کا فیصلہ جمعرات کو دیکھے گی۔

    اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے سابقہ پی ٹی آئی حکومت اور عمران خان پر شدید تنقید کرتے ہوئے موجودہ معاشی حالات کا ذمہ قرار دیا۔

    نون لیگ کے دور حکومت میں پاکستان خوشحال تھا،اسحاق ڈار 

    اسحاق ڈار نے مسلم لیگ نون کے گزشتہ دور حکومت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت پاکستان خوشحالی کی جانب گامزن تھا، دنیا کی 24ویں بڑی معیشت بن چکا تھا۔ شرح نمو اور پالیسی ریٹ6 فیصد اور زرمبادلہ کے ذخائر24ارب ڈالرسے زیادہ تھے۔ نوازشریف دور میں ملک میں مہنگائی کی شرح صرف2فیصد تھی۔

    اسحاق ڈار نے بتایا کہ پھر سال 2018میں عمران خان کی غیرمنتخب حکومت کو مسلط کیا گیا، عمران خان نے پونے4سال کے مختصر عرصے میں ملک کو تباہی کے دہانے پر لاکھڑا کیا، موجودہ حکومت کو تباہ شدہ معیشت ورثے میں ملی، ملک ڈیفالٹ ہونے کے قریب تھا، ہم نے سیاست کے بجائے ریاست کو بچانے کا فیصلہ کیا۔

    تمام اسمبلیوں کے انتخابات ایک ساتھ کرانا چاہتے ہیں

    انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں تمام اسمبلیوں کے انتخابات ایک ساتھ کرانا چاہتے ہیں، موجودہ حکومت پارلیمنٹ کی بالا دستی آئین اور قانون کی حکمرانی پریقین رکھتی ہے، پی ٹی آئی نے آئین اور قانون کی دھجیاں اڑائی ہیں، ان کابنیادی مقصد وطن عزیز میں افراتفری پیدا کرنا ہے، پی ٹی آئی چاہتی ہے آئی ایم ایف معاہدہ نہ ہو، یہ ناکامی کے بعد ملک دشمنی پر اتر آئے ہیں۔

    اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی حکومت نےآئی ایم ایف معاہدے کو توڑا اور اس کے برعکس کام کیے، سیلاب کی تباہ کاریوں نے معیشت پرناقابل برداشت بوجھ ڈالا، ہماری حکومت نے مشکل حالات میں ریاست کو سیاست پر ترجیح دی اور بڑے مشکل فیصلے کیے، موجودہ ملکی معاشی صورتحال پی ٹی آئی کی ناقص پالیسیوں کانتیجہ ہے، عالمی سطح پر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں بے پناہ اضافہ ہوچکا ہے۔

    وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت مہنگائی پر قابو پانے کی ہرممکن کوشش کررہی ہے، بی آئی ایس پی مفت آٹا اور یوٹیلٹی اسٹورز پر سبسڈی دے رہی ہے، کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ 17 ارب ڈالر سے کم کرکے 3ارب ڈالر پر لے آئے، اتحادی حکومت نے زرمبادلہ کے ذحائر کی گراوٹ کو روکا، گزشتہ سال غیرملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں 6 ارب ڈالر سے زائد گراوٹ آئی، حکومت 12 کھرب روپے کے غیر ملکی قرض ادا کرچکی، بدترین تنزلی کے باوجود غیرملکی ادائیگیاں بروقت کیں۔

    بعد ازاں اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے قومی اسمبلی اجلاس 13 اپریل 2 بجے تک ملتوی کردیا، یاد رہے کہ اس سے قبل وفاقی کابینہ کے اجلاس میں وزیراعظم شہبازشریف انتخابات کیلئے الیکشن کمیشن کو 21 ارب روپے فنڈز کی فراہمی کا معاملہ قومی اسمبلی میں لے جانے کی منظوری دی۔

  • وزیر خزانہ نے امریکی سفیر سے آئی ایم ایف معاہدے کے لیے تعاون کی درخواست کر دی

    وزیر خزانہ نے امریکی سفیر سے آئی ایم ایف معاہدے کے لیے تعاون کی درخواست کر دی

    اسلام آباد: وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے امریکی سفیر سے آئی ایم ایف معاہدے کے لیے تعاون کی درخواست کر دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم کی ملاقات ہوئی ہے، جس میں اسحاق ڈار نے آئی ایم ایف معاہدے کے لیے امریکی سفیر سے بات چیت کی۔

    ذرائع وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ امریکی سفیر سے اسحاق ڈار نے درخواست کی کہ آئی ایم ایف سے معاہدہ کرنے کے لیے کردار ادا کریں۔

    وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے امریکی سفیر کو معاشی صورت حال اور آئی ایم ایف معاہدے کے حوالے سے پیش رفت سے آگاہ کیا، انھوں نے امریکی سفیر کو سعودی عرب سے 2 ارب ڈالر فنانسنگ پر بھی آگاہی دی۔

    ذرائع کے مطابق اسحاق ڈار نے ڈونلڈ بلوم کو بتایا کہ متحدہ عرب امارات سے بھی 1 ارب ڈالر فنانسنگ کے حوالے سے بات چیت جاری ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ امریکی سفیر نے آئی ایم ایف معاہدے کے سلسلے میں کردار ادا کرنے اور امریکی تعاون بڑھانے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

  • آئی ایم ایف معاہدے کیلئے معمول سے ہٹ کر بہت سخت شرائط رکھ رہا ہے،  اسحاق ڈار

    آئی ایم ایف معاہدے کیلئے معمول سے ہٹ کر بہت سخت شرائط رکھ رہا ہے، اسحاق ڈار

    اسلام آباد : وزیر خزانہ اساق ڈار کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف معاہدے کیلئے معمول سے ہٹ کر بہت سخت شرائط رکھ رہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے سینیٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ کوئی بھی طاقت ایٹمی میزائل ٹیکنالوجی سمیت اسٹریٹجک اثاثوں پر فیصلہ لینے پر مجبور نہیں کرسکتی۔

    اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ اپنی قومی سلامتی کے تحفظ کی اہمیت اور ذامہ داری سے مکمل آگاہ ہیں، آئی ایم ایف کیساتھ جب اسٹاف لیول معاہدہ طے پا جائے گا قوم کو ہرچیز سے آگاہ کریں گے۔

    آئی ایم ایف سے مذاکرات کے حوالے سے وزیر خزانہ نے کہا کہ آئی ایم ایف معمول سے ہٹ کر معاہدے کیلئے بہت سخت شرائط رکھ رہا ہے، حکومت نے آئی ایم ایف معاہدے کے حوالے سے کوئی چیز قوم سے نہیں چھپائی۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ معاہدہ سابقہ حکومت نے 2019 میں آئی ایم ایف کے ساتھ کیا تھا ، بطور وزیرخزانہ معاہدے کو حکومتی ویب سائٹ پر اپ لوٹ کیا، کوئی بھی شہری معاہدے کے مندرجات پڑھ سکتا ہے۔

  • گورنر سندھ نے اسحاق ڈار کو آئی ایم ایف سے مذاکرات کے لیے باڈی بلڈرز ساتھ لے جانے کا مشورہ کیوں دیا؟

    گورنر سندھ نے اسحاق ڈار کو آئی ایم ایف سے مذاکرات کے لیے باڈی بلڈرز ساتھ لے جانے کا مشورہ کیوں دیا؟

    کراچی: گورنر سندھ نے اسحاق ڈار کو آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات کے لیے باڈی بلڈرز ساتھ لے جانے کا مشورہ دے دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آج پیر کو گورنر سندھ کامران ٹیسوری باڈی بلڈنگ کے مقابلے دیکھنے کے لیے کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج پہنچے، کے ایم ڈی سی میں منعقدہ تن سازی مقابلے میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

    گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے اس موقع پر دل چسپ گفتگو کی، انھوں نے کہا ’’میں مشورہ دوں گا اسحاق ڈار صاحب کو کہ آئندہ جب جائیں آئی ایم ایف سے مذاکرات کے لیے، تو ان باڈی بلڈر میں سے دو سے تین لے جائیں۔‘‘

    کامران ٹیسوری نے ازراہ تفنن تن ساز ساتھ لے جانے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ ’’یقین کریں ایسا کرنے سے مایوسی نہیں ہوگی اور مذاکرات کامیاب ہو جائیں گے۔‘‘ واضح رہے کہ آئی ایم ایف کے ساتھ قرض کے حصول کے لیے کئی مہینوں سے وزارت خزانہ کی جانب سے کوششیں جاری ہیں، لیکن مانیٹری فنڈ پاکستانی عوام کے لیے نہایت تشویش ناک اور سخت شرائط کے اطلاق کے باوجود تاحال قرض دینے پر راضی نہیں ہوا ہے۔

    گورنر سندھ نے کہا کہ پاکستان معاشی اور معاشرتی مسائل میں گھرا ہوا ہے، ہم میں ایک دوسرے کو برداشت کرنے کی عادت نہیں رہی، ہمارے سیاست دانوں کے پاس وقت نہیں ہے کہ ہم پر توجہ دے سکیں۔

    انھوں نے ملکی حالات پر تبصرہ کرتے ہوئے مزید کہا ’’کوئی مسیحا نہیں آئے گا البتہ نعرہ ضرور آئے گا، کراچی کو پیرس بنانے کا منصوبہ تھا لیکن یہاں نہ بجلی ہے نہ گیس، بے روزگاری بڑھتی جا رہی ہے، جو سیاست میں آتا ہے خود ارب پتی ہو جاتا ہے عوام غریب ہو جاتی ہے، ایسے ماحول میں ان کھیلوں کا انعقاد خوش آئند عمل ہے۔

  • وزیر خزانہ کی حج انتظامات کے لیے تعاون کی یقین دہانی

    وزیر خزانہ کی حج انتظامات کے لیے تعاون کی یقین دہانی

    اسلام آباد: وزیر مذہبی امور مفتی عبد الشکور کی وزیر خزانہ اسحٰق ڈار سے ملاقات ہوئی، وزیر خزانہ نے حج انتظامات کے لیے وزارت مذہبی امور کو تعاون کی یقین دہانی کروا دی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر مذہبی امور مفتی عبد الشکور کی وزیر خزانہ اسحٰق ڈار سے ملاقات ہوئی، ملاقات میں حج پالیسی، اسپانسر شپ اسکیم، سعودیہ میں رقوم کی ادائیگی اور فاٹا اصلاحات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    وزیر خزانہ نے معاشی صورتحال کے باوجود حجاج کے لیے زر مبادلہ کے انتظام کا عندیہ دے دیا، انہوں نے کہا کہ سابقہ حکومت کے آئی ایم ایف سے معاہدے کے باعث ہمارے ہاتھ بندھے ہوئے ہیں۔

    اسحٰق ڈار کا کہنا تھا کہ اللہ کے مہمانوں کی آسانی اور سہولت کے لیے حکومت ہر ممکن اقدام کرے گی۔

    وزیر خزانہ نے حج انتظامات کے لیے وزارت مذہبی امور کو تعاون کی یقین دہانی بھی کروا دی۔

    ذرائع کے مطابق حج اسپانسر شپ اسکیم صرف بیرون ملک مقیم پاکستانیوں یا ان کے عزیز و اقارب کے لیے ہے، غیر ملکی زرمبادلہ بھجوانے والے پاکستانی اس اسکیم سے فائدہ اٹھا سکیں گے، اسپانسر شپ اسکیم میں شمولیت کے لیے پاکستانی پاسپورٹ لازم ہوگا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ اسپانسر شپ حج اسکیم کا کوٹہ 50 فیصد مقرر کرنے کا اصولی فیصلہ کیا جا چکا ہے، دیگر 50 فیصد حج کوٹہ سرکاری اور نجی حج اسکیم کے لیے مختص کیا جانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق ریگولر حج اسکیم کے تحت پاکستانی نامزد بینکوں میں حسب سابق حج درخواستیں جمع ہوں گی، ڈالر ریٹ کے حساب سے حج اخراجات کا تخمینہ 11 سے 12 لاکھ روپے کے درمیان ہے۔

    وزیر مذہبی امور اگلے ہفتے کابینہ سے منظوری ملتے ہی حج درخواستوں کی وصولی کا اعلان کریں گے، سرکاری حج اسکیم کی درخواست کی وصولی 13 مارچ سے شروع کرنے کا امکان ہے۔

  • چین سے 70 کروڑ ڈالر کا قرضہ منظور

    چین سے 70 کروڑ ڈالر کا قرضہ منظور

    اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ اسحٰق ڈار نے چین سے 700 ملین (70 کروڑ) ڈالر ملنے کا مژدہ سنا دیا، رقم آئندہ ہفتے اسٹیٹ بینک کو موصول ہونے کا امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ اسحٰق ڈار نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ چینی ترقیاتی بینک کے بورڈ نے پاکستان کو 700 ملین (70کروڑ) ڈالر کی منظوری دے دی۔

    وزیر خزانہ کا کہنا ہے کہ ضابطے کے مطابق چین کے ترقیاتی بینک کے ساتھ معاملات طے پا گئے ہیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ چین سے آئندہ ہفتے اسٹیٹ بینک کو رقم موصول ہونے کا امکان ہے، اسٹیٹ بینک میں رقم جمع ہونے سے زرمبادلہ ذخائر میں اضافہ ہوگا۔