Tag: ISIS

  • شام سے امریکی فوج کا انخلا، فرانس کا مشن جاری رکھنے کا عزم

    شام سے امریکی فوج کا انخلا، فرانس کا مشن جاری رکھنے کا عزم

    پیرس: امریکا کا شام سے اپنی فوج بلانے کے اعلان کے ردعمل میں فرانس نے اپنا مشن جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق دو روز قبل امریکا نے اعلان کیا تھا کہ شام سے امریکی فوج کی واپسی کا عمل شروع ہوچکا ہے، یہ عمل سو دن میں مکمل کرلیا جائے گا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق فرانسيسی وزير دفاع فلورنس پارلی نے کہا ہے کہ امريکی افواج کے انخلاء کے باوجود بين الاقوامی عسکری اتحاد شام میں اپنا مشن جاری رکھے گا۔

    انہوں نے کہا کہ اسلامک اسٹيٹ کو مکمل طور پر شکست دينی ہے، تاکہ دہشت گردی کو خطے سے ختم کیا جاسکے اور پرامن ملک کی فضا بحال ہو۔

    فلورنس پارلی کا کہنا تھا کہ امریکی صدر نے شام سے داعش کے خاتمے کا اعلان کیا ہے مگر حقیقت اس کے برعکس ہے، عسکریت پسند اب بھی منظم ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ اگر دولت اسلامیہ کو ختم نہ کيا گيا، تو يہ گروپ دوبارہ زور پکڑ سکتا ہے، شام سے دو ہزار امريکی فوجيوں کے انخلاء کے معاملے پر اتحادی ممالک کے مابين بات چيت ہونی چاہيے۔

    صدر ٹرمپ سے اختلافات، امریکی وزیر دفاع مستعفی ہوگئے

    خیال رہے کہ دو روز قبل امریکی وائٹ ہاؤس نے اعلان کیا تھا کہ شام سے امریکی فوج کی واپسی کا عمل شروع ہوچکا ہے، اور سو دن میں یہ عمل مکمل کرلیا جائے گا۔

    اپنے بیان میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ داعش کو تاریخی شکست کے بعد شام سے فوج کی واپسی کا وقت آگیا ہے، شام میں داعش کو شکست دے کر مقصد حاصل کرلیا، دہشت گردی کے خلاف ہمیشہ کھڑے رہے۔

  • افغانستان میں داعش کے جدید سیل موجود ہیں: امریکا

    افغانستان میں داعش کے جدید سیل موجود ہیں: امریکا

    واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خصوصی نمائندے ہبریٹ میک گریک کا کہنا ہے کہ افغانستان میں داعش کے جدید سیل موجود ہیں۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے امریکی دارالحکومت واشنگٹن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا، ہبریٹ میک گریک کا کہنا تھا کہ کوشش ہے افغانستان میں داعش سے مقامی طور پر نمٹا جائے۔

    انہوں نے کہا کہ داعش کا مکمل خاتمہ ایک طویل المدتی منصوبہ ہے، عراق اور شام کو داعش نے اپنا ہیڈکوارٹرز بنا رکھا تھا، جسے ختم کیا گیا۔

    ان کا کہنا تھا کہ عراق، شام سے داعش دنیا بھر میں چھوٹے گروہوں کو ہدایات دیتی تھی، اب داعش کے نیٹ ورک سے متعلق صورت حال بالکل مختلف ہے۔

    خیال رہے کہ بریٹ میک گریک داعش کےخلاف عالمی اتحاد کے لیے صدرٹرمپ کےخصوصی مشیر ہیں۔

    انتہاپسند گروہ داعش افغانستان میں دوبارہ منظم ہورہا ہے: برطانیہ کا انتباہ

    واضح کہ رواں سال ستمبر میں برطانوی وزیر دفاع ’گیون ویلیمسن‘ نے ایک انٹرویو میں خبردار کیا تھا کہ داعش کی سرگرمیاں افغانستان میں بڑھ رہی ہیں اور وہ پھر سے افغانستان میں حملے کر سکتے ہیں۔

    انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ داعش ناصرف افغانستان بلکہ برطانیہ سمیت دیگر یورپی ملکوں کے لیے خطرہ ہے، دولت اسلامیہ کی جانب سے حملوں کی دھمکیاں بھی دی جارہی ہیں، ہمیں ان خطرات سے نمٹنے کے لیے ہرممکن اقدامات کرنے ہوں گے تاکہ ماضی میں ہونے والے داعش کے بڑے حملوں سے محفوظ رہیں۔

  • داعش کی معاونت کرنے پر امریکی فوجی کو عمر قید کی سزا

    داعش کی معاونت کرنے پر امریکی فوجی کو عمر قید کی سزا

    واشنگٹں : امریکی عدالت نے انتہا پسند تنظیم داعش کی مدد کرنے کے جرم امریکی فوجی کو 25 برس قید کی سزا سنادی۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی ریاست ہوائی کی مقامی عدالت میں منگل کے روز امریکی فوجی ایرک کانگ کے عالمی شدت پسند تنظیم داعش کے لیے نرم گوشہ رکھنے، معاونت کرنےکے کیس کی سماعت ہوئی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ عدالت نے امریکی فوجی کو داعش کی مدد کرنے کے جرم میں عمر قید کی سزا سناتے ہوئے جیل منتقل کرنے کا حکم دے دیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ عدالت میں ملزم کے خلاف پیش کیے گئے شواہد سے معلوم ہوتا ہے کہ فوجی اہلکار سنہ 2016 سے داعش کےلیے متحرک تھا اور باقاعدگی سے داعش کی فلمائی گئی ویڈیوز دیکھتاتھا۔

    عدالتی دستاویزات کے مطابق ایرک کانگ نے گذشتہ برس امریکی خفیہ ایجنسی ایف بی آئی کے خفیہ اہلکار سے داعش کے سہولت کار ہونے کا اعتراف کرتے ہوئے داعش کو افرادی قوت سمیت اسلحہ فراہم کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔

    امریکی فوجی اہلکار نے بتایا تھا کہ وہ داعشی دہشت گردوں کو متعدد اہم معلومات فراہم کرچکا ہے۔

    عدالت میں پیش کیے گئے ثبوتوں سے واضح ہوتا ہے کہ 35 سالہ امریکی فوجی عوامی مقامات سمیت فوجی پریڈ پر حملے کی تیاری کررہا تھا جبکہ مسلسل داعش کی معاونت کےلیے منصوبہ کرتا رہتا تھا۔

    دوسری جانب سے ملزم نے عدالت کے سامنے خود پر عائد الزامات کا عتراف کیا جس کی بناء پر امریکی ریاست کی مقامی عدالت نے ملزم کو عمر قید کی سزاسنا دی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ امریکی پولیس نے داعش کے سہولت کار کو تقریب کے دوران شدت پسند تنظیم میں شمولیت کا اعلان کرنے کے بعد گرفتار کیا گیا تھا۔

    امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ فوجی اہلکار ایرک کانگ کے والد ذہنی مریض ہیں اور ایرک کے اہل خانہ کے درمیان ذاتی تنازعات کے باعث جھگڑا ہوتا رہتا ہے جبکہ امریکی فوجی خود بھی پُرتشدد مزاج کا حامل ہے۔

  • شام: اہم داعش کمانڈر فضائی حملے میں ہلاک، اتحادی فورسز کا دعویٰ

    شام: اہم داعش کمانڈر فضائی حملے میں ہلاک، اتحادی فورسز کا دعویٰ

    دمشق : اتحادی افواج نے شام میں داعش کمانڈر کو فضائی حملے میں ہلاک کرنے کا دعویٰ کردیا، داعشی کمانڈرامریکی رینجر کے سابق اہلکار پیٹرکیسگ کے قتل میں ملوث تھا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی اتحادی افواج نے کئی برسوں سے شام میں برسرپیکار دہشت گرد تنظیم داعش کے سینئر کمانڈر ابوالعمریان کو فضائی حملے میں قتل کرنے دعویٰ کیا ہے۔

    امریکی اتحادی افواج کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ابو العمریان امریکی امدادی کارکن کے قتل میں ملوث تھا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہےکہ عالمی دہشت گرد تنظیم نے تاحال کمانڈر کی ہلاکت کی تصدیق یا تردید نہیں کی ہے۔

    اتحادی افواج کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اتحادی فورسز کو شام کے جنوب مشرقی حصّے صحرائے بیدایاہ میں داعشی کمانڈر کی ساتھیوں کے ہمراہ موجودگی کی خفیہ اطلاع موصول ہوئی تھی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ کیسگ پیٹر کو داعش کے دہشت گردوں نے سنہ 2013 میں شامی علاقے دیر الروز سے اغواء کرکے نومبر 2014 میں سفاکانہ طریقے سے قتل کرکے ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کردی تھی۔

    برطانوی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ کیسگ پیٹر امریکی رینجرز کا اہلکار تھا جس نے سنہ 2004 میں عراق میں خدمات انجام دیں تھیں اور سنہ 2012 میں لبنان منتقل ہوگیا تھا تاکہ اسپتالوں میں ضاکارانہ طور پر شامی مہاجرین کا علاج کرسکے۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی سینٹر کمانڈ (سینٹ کام) نے پیر کے روز صحرائے بیدایاح میں متعدد داعشی دہشت گردوں کے امریکی حملے میں ہلاک ہونے کی تصدیق کی تھی۔

    سینٹ کام کا کہنا ہے کہ داعشی کمانڈر العمریان اتحادی افواج کے لیے خطرہ تھا جو امریکی شہری و سابق رینجراہلکار کیسگ پیٹر سمیت کئی مغربی شہریوں کے قتل میں ملوث تھا۔

    برطانوی میڈیا کا کہنا ہے کہ 26 سالہ کیسگ پیٹر نے سنہ 2012 میں انسانی حقوق کےلیے کام کرنے والی ایک تنظیم بنائی تھی جو شامی مہاجرین کے لیے امدادی کام کرتی تھی، بعدازاں پیٹر نے اسلام قبول کرکے اپنا نام عبدالرحمٰن رکھ لیا تھا۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ امریکی شہری نے قتل سےکچھ روز قبل اپنے اہل خانہ کو اسلام قبول کرنے سے متعلق خبر دی تھی۔

    برطانوی میڈیا کا کہنا ہے کہ داعش کی جانب سے دو قیدیوں کے سر قلم کرنے کی ویڈیوز جاری کی گئیں تھی جس میں نقاب پہنے شخص کو قیدیوں کا سر قلم کرتے ہوئے دکھایا گیا تھا۔

    پہلی ویڈیو میں ایک شخص ایلن ہیننگ کا سر قلم کیا گیا تھا جبکہ دوسرے شخص کے بارے میں امریکا نے تصدیق کی تھی کہ یہ امریکی شہری پیٹر کیسگ ہے۔

    واضح رہے کہ امریکی اتحادی فوج نے ایلن ہیننگ کا سر قلم کرنے والے داعش کمانڈر اور برطانوی شخص محمد عماوزی المعروف ’ جان جہادی‘ کو 2015ء میں رقہ میں کیے گئے ڈرون حملے میں مار دیا تھا۔

  • مصر: مسیحی برادری کی بس پر حملے میں ملوث 19 مشتبہ شدت پسند ہلاک

    مصر: مسیحی برادری کی بس پر حملے میں ملوث 19 مشتبہ شدت پسند ہلاک

    قائرہ: مصر میں مسیحی برادری کی بس پر حملے میں ملوث 19 مشتبہ شدت پسندوں کو مصری پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ہلاک کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق دو روز قبل مسیحی برادری کی بس پر حملہ کیا گیا تھا جس کے باعث 7 مسیحی ہلاک اور 14 زخمی ہوگئے تھے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق مصری پولیس کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ مذکورہ حملے میں ملوث انیس عسکریت پسندوں کو ہلاک کردیا گیا ہے۔

    حکام کا کہنا ہے کہ مشتبہ دہشت گرد مصری صوبے مِنیا کے پہاڑی علاقے ميں پوليس کی کارروائی ميں مارے گئے ہیں، جہاں انہوں نے پناہ لے رکھی تھی۔

    حکام کا مزید کہنا تھا کہ پولیس نے کارروائی شروع کی اس دوران عسکریت پسندوں نے اہلکاروں پر حملہ کردیا جبکہ جوابی فائرنگ کے نتیجے میں انیس مشتبہ حملہ آور مارے گئے۔

    مصر میں بس پر فائرنگ، 7 افراد ہلاک، متعدد زخمی

    ہلاک ہونے والے حملہ آوروں کا تعلق داعش سے ہے، بس پر حملے کی ذمہ داری بھی اسی دہشت گرد گروہ نے قبول کی تھی۔

    خیال رہے کہ جمعہ دو نومبر کو قبطی مسيحی زائرین کی ايک بس مِنيا کے سينٹ سيموئل خانقاہ کی طرف روانہ تھی کہ اُس پر مسلح شدت پسندوں نے گھات لگا کر حملہ کیا اور سات افراد کو ہلاک کر دیا تھا۔

    اس سے قبل مصر میں گذشتہ سال مئی میں مسیحی برادری پر حملہ کیا گیا تھا جس کے باعث 28 میسحی ہلاک ہوگئے تھے۔

  • داعش سے تعلق کے الزام میں برطانوی ڈاکٹر شام میں گرفتار

    داعش سے تعلق کے الزام میں برطانوی ڈاکٹر شام میں گرفتار

    لندن/دمشق : کرد فورسز نے داعش کے لیے خدمات انجام دینے والے برطانوی ڈاکٹر کو شامی صوبے دیر الزور سے گرفتار کرکے امریکا کے زیر قبضہ علاقے میں واقع جیل میں قید کردیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق مشرق وسطیٰ میں خانہ جنگی سے دوچار ملک شام میں سیکیورٹی فورسز نے صوبہ دیر الزور سے داعش سے رابطے کے شبے میں ایک شخص کو گرفتار کیا ہے جو پیشے سے ڈاکٹر اور برطانوی شہریت کا حامل ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ کرد فورسز کے ہاتھوں گرفتار ہونے والے برطانوی شہری کی شناخت انور میاں کے نام سے ہوئی جو برطانیہ کے شہر برمنگھم کا رہائشی ہے۔

    برطانوی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ داعش کے لیے خدمات انجام دینے والا شخص پیشے سے ڈاکٹر ہے جو گذشتہ چار برس سے شام میں داعش کے زیر قبضہ علاقوں کے اسپتالوں میں داعشی دہشت گردوں کے علاج میں مصروف تھا۔

    برطانوی میڈیا نے بتایا ہے کہ گرفتار ڈاکٹر کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر جاری کی گئی ہے جس میں اس نے اعتراف کیا ہے کہ وہ گذشتہ چار برس سے شام میں مقیم ہے، ڈاکٹر انور میاں کو امریکی افواج کے زیر قبضہ علاقے میں واقع جیل میں قید رکھا گیا ہے۔

    برطانوی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ شام میں موجود امریکی فورسز اور کرد ملیشیاء کی جانب سے داعش سے تعلق کے الزام میں مزید تین برطانوی شہریوں کو گرفتار کیا گیا ہے، گرفتار افراد میں سے دو لندن کے رہائشی ہیں جنہیں رواں برس جنوری میں گرفتار کیا گیا تھا۔

  • انتہاپسند گروہ داعش افغانستان میں دوبارہ منظم ہورہا ہے: برطانیہ کا انتباہ

    انتہاپسند گروہ داعش افغانستان میں دوبارہ منظم ہورہا ہے: برطانیہ کا انتباہ

    لندن: برطانوی حکام نے متنبہ کیا ہے کہ عالمی دہشت گرد تنظیم داعش عراق اور شام میں شکست کے بعد اب اپنی جڑیں افغانستان میں مضبوط رہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق برطانوی وزیر دفاع ’گیون ویلیمسن‘ نے ایک انٹرویو میں خبردار کیا ہے کہ داعش کی سرگرمیاں افغانستان میں بڑھ رہی ہیں اور وہ پھر سے افغانستان میں حملے کر سکتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ داعش ناصرف افغانستان بلکہ برطانیہ سمیت دیگر یورپی ملکوں کے لیے خطرہ ہے، دولت اسلامیہ کی جانب سے حملوں کی دھمکیاں بھی دی جارہی ہیں۔

    برطانوی وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ ہمیں ان خطرات سے نمٹنے کے لیے ہرممکن اقدامات کرنے ہوں گے تاکہ ماضی میں ہونے والے داعش کے بڑے حملوں سے محفوظ رہیں۔

    برطانیہ میں داعش کی کم عمر ترین خاتون دہشت گرد کو سزا

    گیون ویلیمسن کا کہنا تھا کہ افغانستان میں دہشت گروہوں پر نظر رکھے ہوئے ہیں، اور ان کے متعدد حملوں سے متعلق شواہد بھی موجود ہیں۔

    خیال رہے کہ رواں سال اگست میں برطانوی عدالت میں دہشت گردی کیس کی سماعت کرتے ہوئے دہشت گردی کی منصوبہ کرنے کے جرم میں کم عمر ترین برطانوی شہری کو عمر قید کی سزا سناتے ہوئے جیل منتقل کرنے کا حکم سنایا تھا۔

    واضح رہے کہ برطانوی شہری 18 سالہ صفا بولار پر الزام تھا کہ اس نے دو برس قبل اپنی بہن اور والدہ کے ہمراہ لندن میں عالمی دہشت گرد تنظیم داعش کا خواتین سیل قائم کیا تھا، جس میں داعش کے نظریات سے متاثرہ خواتین کام کرتی تھی۔

  • فرانس میں چاقو کا حملہ، ماں بیٹی زخمی، دہشت گرد جوابی کارروائی میں ہلاک

    فرانس میں چاقو کا حملہ، ماں بیٹی زخمی، دہشت گرد جوابی کارروائی میں ہلاک

    پیرس: فرانس کے دارالحکومت میں چاقو بردار شخص نے حملہ کر کے ماں بیٹی کو زخمی کردیا، پولیس نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے حملہ آور کو ہلاک کردیا۔

    فرانسیسی خبررساں ادارے کے مطابق پیرس کی مصروف ترین شاہراہ پر ایک شخص نے سڑک پر پیدل چلنے والی ماں بیٹی پر چاقو سے حملہ کیا جس کے نتیجے میں وہ دونوں زخمی ہوگئیں۔

    چاقو بردار شخص حملے کے بعد نامعلوم مقام پر روپوش ہوگیا تھا مگر پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج سے اُسے تلاش کیا اور گرفتار کرنے کی کوشش بھی کی مگر یکطرفہ فائرنگ ہوئی جس کے بعد پولیس نے جوابی فائرنگ کی تو حملہ آور ہلاک ہوا۔

    مزید پڑھیں: فرانس: سپر مارکیٹ میں خاتون کا چاقو سے حملہ، دو افراد زخمی

    فرانس کے وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ ’مذکورہ حملہ دہشت گردی کا واقعہ ہے جس کی ذمہ داری شدت پسند اسلامی تنظیم داعش نے قبول کرلی ہے، حملہ آور نے کارروائی کے وقت اسلامی نعرہ بھی بلند کیا‘۔

    تفتیشی افسر کا کولمب کا کہنا تھا کہ ’حملہ آور بظاہر دماغی مریض لگتا ہے البتہ اس حوالے سے مزید تحقیقات جاری ہے‘۔

    یہ بھی پڑھیں: پیرس میں چاقو بردار شخص کا حملہ، داعش نے ذمہ داری قبول کرلی

    واضح رہے کہ خوشبو کی سرزمین فرانس گزشتہ تین برس سے دہشت گردی کی زد میں ہے، شدت پسندوں کے حملے میں اب تک متعدد افراد  بشمول بچے اور خواتین ہلاک ہوچکے ہیں۔

  • آسٹریلیا: داعش سے تعلقات، 5 افراد کی شہریت منسوخ

    آسٹریلیا: داعش سے تعلقات، 5 افراد کی شہریت منسوخ

    کینبرا: آسٹریلیا میں عالمی دہشت گرد تنظیم داعش سے تعلقات کے شبہے میں دہری شہریت کے حامل پانچ افراد کی شہریت منسوخ کردی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق شہریت منسوخ کیے جانے افراد پر داعش سے تعلقات کا الزام ہے جس کے باعث آسٹریلوی حکام نے منسوخی سے متعلق فیصلہ کیا، پانچوں افراد کے پاس دہرے شہریت تھی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق مذکورہ پانچوں افراد کی شناخت ظاہر نہیں کی گئ، تاہم حکام کی جانب سے آسٹریلوی شہریت منسوخ کی گئی ہے۔

    آسٹریلوی شہریت جن کی منسوخ کی گئی ہے ان میں تین مرد اور دو خواتین شامل ہیں، ان افراد نے داعش کا ساتھ دینے کے لیے شام اور عراق کا سفر بھی کیا تھا۔

    خیال رہے کہ 2015 میں آسٹریلیا میں قانون میں تبدیلی کے بعد اب تک کل چھ افراد کی شہریت منسوخ کی جا چکی ہے، اور اس پر آگے بھی عمل درآمد کیا جائے گا۔


    شام: داعش میں شامل 2آسٹریلوی شہریوں نے 4 خواتین کواغواء کرلیا


    تبدیل کیے گئے قانون کے تحت ایسے آسٹریلوی شہریوں کی شہریت ختم کی جا سکے گی جو کسی دہشت گرد تنظیم کی معاونت کر رہے ہوں یا اس کے لیے دہشت گردی کی کارروائیوں میں شریک رہے ہوں۔

    آسٹریلوی حکام کے مطابق اگر کوئی شخص کسی دہشت گرد تنظیم کے لیے کام کرنے کے جرم میں سزا پائےگا تو اس کی آسٹریلوی شہریت خود بخود ختم تصور کی جائے گی۔

    یاد رہے کہ آسٹریلیا میں بیرون ملک جا کر لڑنے کی منصوبہ بندی کے شک میں پاسپورٹ ضبط کرنے کا قانون پہلے ہی موجود ہے، اسی قانون کے تحت 100 سے زائد پاسپورٹ قومی سلامتی کی بنیاد پر منسوخ کیے جا چکے ہیں۔

  • عراق: داعش سے تعلقات، جرمن اور فرنسیسی شہری کو عمر قید کی سزا

    عراق: داعش سے تعلقات، جرمن اور فرنسیسی شہری کو عمر قید کی سزا

    دمشق: عالمی دہشت گرد تنظیم داعش سے تعلق رکھنے والے جرمن اور فرانسیسی شہری کو عراق میں عمر قید کی سزا سنا دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق فرانسیسی اور جرمن شہری دونوں شدت پسند تنظیم دولت اسلامیہ کے رکن تھے، جنہیں عراق میں عمر قید کی سزا سنائی گئی ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق عدالت نے بائیس سالہ جرمن اور ایک پچپن سالہ فرانسیسی شہری کو عمر قید سزا سنائی ہے، ماضی میں دونوں داعش کے سرگرم رکن تھے۔

    قبل ازیں شام میں بری طرح شکست کھانے کے بعد دولت اسلامیہ کے دہشت گردوں نے دیگر ملکوں کو رخ کیا ہے، عراق پہنچنے والے داعش کے رکن کی تعداد زیادہ ہے۔


    جرمنی: داعش سے تعلق کے شبے میں خاتون گرفتار


    سزا پانے والے مغربی شہریوں میں سے جرمن شہری عراق میں غیر قانونی داخلے پر گزشتہ ایک برس سے جیل میں ہی قید تھا، شام میں اس دہشت گرد تنظیم کی پسپائی کے بعد داعش کے متعدد ارکان عراق پہنچے، ان میں مغربی ممالک کے شہریوں کی ایک بڑی تعداد بھی شامل ہے۔

    خیال رہے کہ گذشتہ ماہ جرمنی کے شہر کارلسرؤے میں پولیس نے خفیہ اطلاعات پر کارروائی کرتے ہوئے عالمی دہشت گرد تنظیم داعش کی ایک خاتون رکن کو گرفتار کیا تھا جو شام میں حکومت کے خلاف دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث رہی تھی۔

    واضح رہے کہ مذکورہ گرفتار خاتون کا شوہر شدت پسندانہ کارروائیوں کے دوران ہلاک ہوگیا تھا، پولیس نے دعویٰ کیا تھا کہ خاتون نے شوہر کی ہلاکت کے بعد ایک اور شادی کی تھی اور داعش کی جانب سے کیے جانے والے خودکش حملوں میں بھی ملوث تھی۔