Tag: Islamabad

  • اسلام آباد : بارشوں کے بعد مارگلہ ہلز کے ٹریل عوام کیلئے بند

    اسلام آباد : بارشوں کے بعد مارگلہ ہلز کے ٹریل عوام کیلئے بند

    اسلام آباد : وفاقی دارالحکومت میں حالیہ بارشوں کے بعد مارگلہ ہلز کے ٹریل عوام کیلئے بند کردیا گیا۔

    اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ کے نوٹیفکیشن کے مطابق ٹریل 2، 3، 4، 5 اور سیدپور گاؤں کے پیچھے والا ٹریل بند ہے جب کہ فیصلہ شہریوں اور ہائیکرز کی حفاظت کے پیش نظر کیا گیا ہے۔

    نوٹیفکیشن میں مزید بتایا گیا ہے کہ یکم ستمبر سے ٹریل بند اور مزید احکامات تک عوامی رسائی پر پابندی ہے، ضلعی انتظامیہ کا اقدام شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کیلئے اٹھایا گیا۔

    محکمہ موسمیات کی شدید بارش کی وارننگ کے پیش نظر ہائیکرز اور وزیٹرز کو محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ مارگلہ ہلز جانے والے شہری کل کسی بھی ٹریل پر جانے سے گریز کریں۔

  • اسلام آباد: غیر مقامی کرایہ داروں کے حوالے سے اہم ہدایت جاری

    اسلام آباد: غیر مقامی کرایہ داروں کے حوالے سے اہم ہدایت جاری

    اسلام آباد (21 اگست 2025): غیر مقامی کرایہ داروں کے حوالے سے اسلام آباد پولیس نے اہم ہدایت جاری کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ڈی آئی جی جواد طارق کی زیر صدارت جرائم کے انسداد سے متعلق اجلاس منعقد ہوا، جس میں غیر مقامی کرائے داروں کی بائیو ڈیٹا تصدیق اور رجسٹریشن یقینی بنائے جانے کی اہم ہدایت جاری کی گئی۔

    ڈی آئی جی اسلام آباد نے ہدایت کی کہ اشتہاری اور سابقہ ریکارڈ یافتہ مجرمان کی گرفتاری یقینی بنائی جائے، پٹرولنگ مؤثر بنائی جائے اور ہر افسر فیلڈ میں نظر آئے، انھوں نے ہدایت کی کہ متحرک گینگز کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جائے۔

    بھارتی جاسوس پکڑا گیا، سی ٹی ڈی نے اہم دستاویزات برآمد کرلیں

    جواد طارق نے یہ ہدایت بھی کی کہ غیر قانونی اسلحہ اور منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیوں میں تیزی لائی جائے اور جرائم کی روک تھام کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں، اس لیے افسران اپنے علاقوں میں سرچ آپریشنز جاری رکھیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ پولیس کی اوّلین ترجیح ہے۔

  • اسلام آباد فوڈ اتھارٹی کا چھاپہ، 50 گدھے اور 25 من گوشت برآمد

    اسلام آباد فوڈ اتھارٹی کا چھاپہ، 50 گدھے اور 25 من گوشت برآمد

    ترنول(27 جولائی 2025): اسلام آباد فوڈ اتھارٹی نے چھاپے کے دوران 50 سے زائد گدھے اور 25 من گدھے کا گوشت برآمد کر کے غیر ملکی شہری کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں فوڈاتھارٹی نے ترنول کے قریب ہوٹلوں کو فراہم کیا جانے والا گدھےکا 25 من گوشت اور 50 زندہ گدھے برآمد کر ایک غیر ملکی کو حراست میں لے لیا۔

    ڈائریکٹر فوڈ اتھارٹی کی ہدایت پر ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرایا جائے گا، ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ گدھے کا گوشت کن علاقوں میں فراہم کیا گیا ہے اس کی تفتیش جاری ہے۔

    کراچی میں شادی ہال سے گدھے کا گوشت ملنے کی ویڈیو وائرل

    ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ اتھارٹی نے کہا کہ موقع پر موجود ایک غیر ملکی شہری کو پولیس کے حوالےکردیا گیا،ٓ جبکہ گوشت کو غیر ملکی باشندوں کے کھانے کیلئے استعمال کرنےکی تحقیقات بھی جاری ہیں۔

    فوڈ اتھارٹی نے ملوث افراد کے خلاف فی الفور اندراج مقدمہ کا حکم دے دیا جبکہ گوشت کو تلف کردیاگیا۔

  • اسلام آباد: گاڑی میں سوار باپ بیٹی کی تلاش کیلئے ریسکیو آپریشن دوبارہ شروع

    اسلام آباد: گاڑی میں سوار باپ بیٹی کی تلاش کیلئے ریسکیو آپریشن دوبارہ شروع

    اسلام آباد( 23 جولائی 2025): نجی سوسائٹی میں سیلابی ریلے میں ڈوبے والی گاڑی میں سوار باپ بیٹی کی تلاش کیلئے ریسکیو آپریشن دوبارہ شروع کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز اسلام ہاؤسنگ سوسائٹی میں گاڑی آبی ریلے میں بہہ گئی تھی، اس گاڑی میں کرنل(ر)اسحاق اور انکی بیٹی سوار تھے۔

    عینی شاہدین نے اس حوالے سے بتایا تھا کہ گاڑی میں باپ بیٹی سوار تھے، کار سوار افراد نے برساتی نالے کے قریب سے گاڑی گزارنے کی کوشش کی لیکن پانی کابہاؤ تیز ہونے کی وجہ سے دونوں افراد کار سمیت پانی میں بہہ گئے۔

    رات گئے تک اسلام آباد انتظامیہ کی جانب سے ریسکیو آپریشن جاری رکھا گیا لیکن دریائے سواں اور نالہ لئی میں طغیانی کے باعث ریسکیو آپریشن میں مشکلات کا سامنا رہا۔

    اسلام آباد : گاڑی میں سوار باپ ، بیٹی سیلابی ریلے میں بہنے کی ویڈیو سامنے آگئی

    تاہم اب روشنی ہوتے ہی راولپنڈی کی حدود میں دریائے سواں میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا، ریسکیو ٹیمیں کشتیوں، ماہرین اور جدید آلات کی مدد سے آپریشن کر رہے ہیں۔

    واضح رہے کہ اسلام آباد اور گردونواح میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری ہے، نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو گیا ہے، ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

  • پارلیمنٹیرینز کے بعد ڈاکٹرز بھی تنخواہوں میں اضافے کے لیے میدان میں آ گئے

    پارلیمنٹیرینز کے بعد ڈاکٹرز بھی تنخواہوں میں اضافے کے لیے میدان میں آ گئے

    اسلام آباد: پارلیمنٹیرینز کے بعد ڈاکٹرز بھی تنخواہوں میں اضافہ کے لیے میدان میں آ گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت کے اسپتالوں کے ڈاکٹروں نے تنخواہوں میں اضافہ کا مطالبہ کر دیا ہے، اس سلسلے میں ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے مطالبے پر سربراہ پمز نے وزارت صحت کو خط لکھا ہے۔

    سیکریٹری صحت کے نام مراسلے میں پمز کے سربراہ پروفیسر عمران سکندر نے اسپتال کے زیر تربیت ڈاکٹروں کے کم ماہانہ اعزازیہ پر اظہار تشویش کیا اور کہا کہ پوسٹ گریجویٹ ریزیڈنٹس اور ایچ اوز کا اعزازیہ بڑھانے کا مطالبہ جائز ہے۔

    سربراہ پمز کا کہنا تھا کہ اسپتال کے پوسٹ گریجویٹ ریزیڈنٹس اور ہاؤس آفیسرز کا اعزازیہ کم ہے، ٹرینی ڈاکٹرز ماہانہ ایک لاکھ 4390 اعزازیہ وصول کر رہے ہیں، یہ اعزازیہ پنجاب، کے پی، آزاد کشمیر سے کم ہے، جہاں انھیں ڈیڑھ لاکھ اعزازیہ دیا جاتا ہے۔

    انھوں نے مراسلے میں لکھا کہ وفاقی اسپتالوں کے ٹرینی ڈاکٹرز کا اعزازیہ 2020 کے بعد نہیں بڑھایا گیا ہے، مہنگائی اور روپے کی قدر میں کمی کے باعث اب اعزازیے میں اضافہ ناگزیر ہے۔


    سروائیکل کینسر سے بچاؤ کی ویکسین کے حوالے سے بڑی خبر


    ان کا کہنا تھا کہ پمز کے پی جیز اور ایچ اوز کا مریضوں کی دیکھ بھال میں اہم کردار ہے، یہ اسپتال کے فعال نظام کا اہم جزو ہیں، یہ طویل اور آن کال ڈیوٹی کرتے ہیں، اب یہ کم اعزازیے پر اضطراب کا شکار ہیں، اور ڈاکٹروں کے مورال میں کمی سے پیشنٹ کیئر سروسز متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

    سربراہ پمز نے مطالبہ کیا کہ اسپتال کے پی جیز اور ہاؤس افسران کا اعزازیہ دیگر صوبوں کے برابر کیا جائے، اعزازیہ بڑھنے سے ڈاکٹرز کو بنیادی ضروریات پورا کرنے میں آسانی ہوگی۔ دریں اثنا، ذرائع کا کہنا ہے کہ اسلام آباد کے اسپتالوں میں پی جیز اور ایچ اوز ڈاکٹرز 1 ہزار سے زائد ہیں۔

  • محرم پر رین ایمرجنسی، راولپنڈی اسلام آباد میں موسلادھار بارش

    محرم پر رین ایمرجنسی، راولپنڈی اسلام آباد میں موسلادھار بارش

    راولپنڈی: راولپنڈی اور اسلام آباد میں وقفے وقفے سے موسلادھار بارش ہو رہی ہے، محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے بعد واسا راولپنڈی نے رین ایمرجنسی نافذ کر دی ہے۔

    ترجمان واسا نے کہا ہے کہ تمام عملہ اور مشینری ہائی الرٹ ہے، اور انھیں نشیبی علاقوں میں تعینات کر دیا گیا ہے، بارش شروع ہوتے ہی کمیٹی چوک انڈر پاس اور مری روڈ پر مشینری پہنچا دی گئی ہے۔

    ترجمان کے مطابق سید پور کے مقام پر ایک گھنٹے میں 80 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، پی ایم ڈی میں 40، شمس آباد میں 20، پیر ودھائی میں 15 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، نالہ لئی کے کیچمنٹ ایریا سید پور میں شدید بارش کے بعد صورت حال کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔


    15 جولائی کے بعد …….. محکمہ موسمیات نے کراچی والوں کو خبردار کردیا


    واسا ترجمان نے کہا کہ نالہ لئی میں پانی کا بہاؤ اس وقت معمول کے مطابق ہے، کٹاریاں کے مقام پر پانی کی سطح 5 فٹ تک پہنچ چکی ہے، گوالمنڈی پل پر نالہ لئی کی سطح 4 فٹ ریکارڈ کی گئی ہے۔

    خیال رہے کہ پی ڈی ایم اے پنجاب نے عاشورہ پر بارشوں کا الرٹ جاری کیا ہے، ترجمان نے بتایا کہ 10 محرم کے دن پنجاب کے بیش تر اضلاع میں شدید بارشوں کی پیشگوئی ہے، جن میں راولپنڈی، گوجرانوالہ، گجرات، لاہور، سیالکوٹ، سرگودھا اور فیصل آباد شامل ہیں۔

    ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے تمام اضلاع کو مؤثر اور بروقت اقدامات کی ہدایات جاری کی ہے، اور کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے پیشِ نظر تمام متعلقہ محکمے الرٹ رہیں، موسمی صورت حال کے پیش نظر جلوسوں کے لیے خصوصی انتظامات اور ضلعی ایمرجنسی آپریشن سینٹرز میں 24 گھنٹے عملے کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے۔

  • اسلام آباد کی مصروف شاہراہوں پر ڈرون کیمرے اڑائے جائیں گے، سی ٹی او

    اسلام آباد کی مصروف شاہراہوں پر ڈرون کیمرے اڑائے جائیں گے، سی ٹی او

    اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت کی مصروف شاہراہوں پر ٹریفک پولیس کی جانب سے ڈرون ٹیکنالوجی کا استعمال شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کی شاہراہوں پر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی اب ناممکن ہو جائے گی، وفاقی دارالحکومت میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیاں روکنے کے لیے جدید ٹیکنالوجی استعمال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    اسلام آباد ٹریفک پولیس ڈرون کیمروں کی مدد سے ٹریفک قوانین پر عمل درآمد یقینی بنائے گی، سی ٹی او کیپٹن (ر) ذیشان حیدر کا کہنا ہے کہ مصروف شاہراہوں پر ڈرون کیمرے اڑائے جائیں گے، جن کی مدد سے خلاف ورزی کی نشان دہی اور فی الفور چالان ہوگا۔

    چیف ٹریفک آفیسر نے بتایا کہ ابتدائی طور پر ڈرون ٹیکنالوجی کا استعمال ایکسپریس وے اور سری نگر ہائی وے پر ہوگا، اگلے مرحلے میں تمام سیکٹرز اور دیگر شاہراہوں پر بھی یہ ٹیکنالوجی استعمال ہوگی۔


    اسلام آباد میں نوجوان نے ٹک ٹاکر خاتون کو قتل کر دیا


    انھوں نے کہا ڈرون کی مدد سے رش والے مقامات کی بھی نشان دہی کی جا سکے گی، جس کے بعد خصوصی ٹیم فوری طور پر ریسپانس یقینی بنائے گی، ان کا کہنا تھا کہ جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ٹریفک قوانین کی پاسداری یقینی بنائی جا سکے گی۔

  • اسلام آباد میں کنویں کے مالک کے خلاف قتل کے مقدمے کی درخواست

    اسلام آباد میں کنویں کے مالک کے خلاف قتل کے مقدمے کی درخواست

    اسلام آباد: ملک کے دارالحکومت اسلام آباد کے تھانہ کھنہ کی حدود میں کنویں کی صفائی کے دوران ایک مزدور جاں بحق ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں کنویں کی صفائی کے دوران ایک مزدور کی جان چلی گئی، ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ مزدور کنویں کی صفائی کے دوران زہریلی گیس کا شکار ہوا۔

    نور زاد گل کی لاش کنویں سے نکال کر پمز اسپتال منتقل کر دی گئی ہے، مزدور کے لواحقین نے کنویں کے مالک کے خلاف قتل کے مقدمے کی درخواست دے دی۔

    درخواست میں کہا گیا ہے کہ کنویں کے مالک کو علم تھا کہ کنویں میں گیس ہے، مگر اس نے یہ بات چھپائی، واضح رہے کہ پچھلے سال بھی کنوئیں کی صفائی کے وقت گیس سے ایک مزدور انتقال کر گیا تھا۔


    اسلام آباد ائیرپورٹ کو شہید بے نظیر بھٹو کے نام سے منسوب کرنے کی قرارداد منظور


    ادھر شیخوپورہ میں ایک نجی پیپر فیکٹری میں زہریلی گیس پھیلنے سے 4 مزدور جاں بحق ہو گئے ہیں، ریسکیوحکام کے مطابق زہریلی گیس کے باعث 5 مزدوروں کی حالت غیر ہے جنھیں ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کیا گیا ہے، جاں بحق مزدوروں میں 40 سالہ عباس، 19 سالہ بلال، 30 سالہ علی حیدر، اور 20 سالہ شعیب شامل ہیں۔

    ایک اور افسوس ناک حادثے میں قصور کے علاقے الہ آباد میں ایک بچہ نہر میں نہاتے ہوئے ڈوب کر جاں بحق ہو گیا، مقامی افراد نے طلحہ کی لاش کو نہر سے تلاش کر کے نکالا، محنت کش عبدالجبار کا بیٹا طلحہ تیسری کلاس کا طالب علم تھا، واضح رہے کہ حکومت کی جانب سے ضلع قصور میں نہر میں نہانے پر دفعہ ایک سو چوالیس نافذ ہے لیکن اس پرعمل درآمد نہیں کرایا جاتا۔

  • جماعت اسلامی کا غزہ مارچ، اسلام آباد میں ریڈ زون سیل

    جماعت اسلامی کا غزہ مارچ، اسلام آباد میں ریڈ زون سیل

    جماعت اسلامی کے فلسطین مارچ کے موقع پر وفاقی دارالحکومت میں آج سیکیورٹی کے غیر معمولی سکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں جبکہ ریڈ زون کو سیل کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق جماعت اسلامی نے اسرائیلی دہشت گردی کا شکار غزہ کے مظلوم مسلمانوں کی حمایت میں آج اسلام آباد میں یکجہتی غزہ مارچ منعقد کرنے کا اعلان کیا ہے۔

    تاہم ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت نے جماعت اسلامی کے غزہ مارچ کے شرکا سے سختی سے نمٹنے کا فیصلہ کیا ہے، اسلام آباد میں ریڈ زون اور توسیع شدہ ریڈ زون سیل کر دیا گیا ہے۔

    دوسری جانب ریڈ زون جانے والے راستے ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دیے گئے ہیں، مارچ کے پیش نظر فیض آباد کو بھی سیل کر دیا گیا، فیض آباد میں ڈبل لہرز میں کنٹینرز لگا دیئے گئے۔

    فیض آباد سے اسلام آباد جانے والی اہم شاہراہ کو بھی بند کر دیا گیا، ذرائع کا کہنا ہے کہ جماعت اسلامی کے قافلوں کو روکنے کے لیے پولیس کی بھاری نفری تعینات رہے گی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ احتجاج کرنے یا احتجاج پر اکسانے والوں کو فوری گرفتار کر کے پیس فل اسمبلی اور پبلک ایکٹ کے تحت مقدمات درج کئے جائیں گے۔

    مارچ کے شرکا سے نمٹنے کیلئے ریڈ زون میں اضافی نفری تعینات کر دی گئی جبکہ دیگر صوبوں سے اضافی نفری بھی منگوائی گئی ہے۔

    اس ضمن میں جماعت اسلامی کے ترجمان شکیل ترابی نے غزہ مارچ پر حکومتی رویہ کو افسوس ناک قرار دے دیا ہے۔

    جماعت اسلامی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اسلام آباد کے شہریوں کے لیے رکاوٹیں نہ کھڑی کی جائیں، راستے کھولے جائیں راستوں کی بندش ہمارے حوصلے پست نہیں کر سکتی، غزہ مارچ کے راستے روکنا حکومت کی فلسطین سے محبت کا نقاب اتار رہی ہے حکومت امریکی خوشنودی کے لیے مارچ کا راستہ روک رہی ہے۔

    جماعت اسلامی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ مارچ کی تیاریاں مکمل ہیں، اسلام آباد کی ہر گلی سے لوگ نکلیں گے، دیگر شہروں سے آنے والے قافلوں کو اسلام آباد میں خوش آمدید کہتے ہیں۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by ARY News (@arynewstv)

  • اسلام آباد اور گرد و نواح میں دن کا درجہ حرارت معمول سے 4 سے 6 ڈگری زیادہ

    اسلام آباد اور گرد و نواح میں دن کا درجہ حرارت معمول سے 4 سے 6 ڈگری زیادہ

    اسلام آباد: ملک کے دارالحکومت اور اس کے گرد و نواح میں آج دن کا درجہ حرارت معمول سے 4 سے 6 ڈگری زیادہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق آج منگل کو ملک کے بیش تر علاقوں میں موسم گرم اور خشک، جنوبی علاقوں میں شدید گرمی کا امکان ہے، سندھ، جنوبی پنجاب اور بلوچستان میں درجہ حرارت معمول سے 6 سے 8 ڈگری سینٹی گریڈ زائد رہنے کا امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ بالائی علاقوں میں درجہ حرارت معمول سے 4 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ زائد رہے گا، کے پی کے جنوبی اضلاع میں بعد از دوپہر تیز ہواؤں کی توقع ہے، اور درجہ حرارت 4 سے 6 ڈگری زائد رہے گا۔

    پنجاب کے جنوبی اضلاع میں شدید گرمی، میدانی علاقوں میں تیز ہوائیں، درجہ حرارت 6 سے 8 ڈگری زیادہ رہنے کا امکان ہے، سندھ کے بالائی و وسطی اضلاع میں شدید گرمی، بعد از دوپہر تیز ہوائیں، درجہ حرارت 6 سے 8 ڈگری زائد رہنے کی توقع ہے۔

    بلوچستان کے بیش تر اضلاع میں گرم و خشک موسم، جنوبی اضلاع میں تیز ہوائیں، درجہ حرارت 6 سے 8 ڈگری زائد، کشمیر اور جی بی میں خشک موسم، شام و رات جزوی ابر آلود ہونے کا امکان ہے، کشمیر اور جی بی میں درجہ حرارت 2 سے 4 ڈگری زائد رہنے کی پیش گوئی ہے۔

    گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیش تر علاقوں میں شدید گرم اور خشک موسم رہا، ادھر کراچی کا مطلع جزوی ابر آلود ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے موسم بہتر محسوس کیا جا رہا ہے، کراچی میں آج بھی موسم کچھ گرم اور مرطوب رہنے کے ساتھ تیز ہوائیں چلیں گی۔

    موسمیات کے مطابق دن میں 25 سے 30 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل سکتی ہیں، تیز دھوپ کے ساتھ درجہ حرارت 37 ڈگری سینٹی گریڈ تک ریکارڈ کیا جا سکتا ہے، ہوا میں نمی کا تناسب 88 فیصد ہے، مغربی سمت سے 9 سے 12 ناٹیکل مائل کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔