Tag: islamabad airport

  • جعلی ریزیڈنٹ کارڈ پر لتھوانیا جانے والے مسافر ایئرپورٹ پر پکڑے گئے

    جعلی ریزیڈنٹ کارڈ پر لتھوانیا جانے والے مسافر ایئرپورٹ پر پکڑے گئے

    اسلام آباد: جعلی ریزیڈنٹ کارڈ پر لتھوانیا جانے والے چار مسافر اسلام آباد ایئرپورٹ پر پکڑے گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے امیگریشن نے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کارروائی کے دوران جعلی ریزیڈنٹ کارڈ پر لتھوانیا جانے کی کوشش ناکام بنا دی اور 4 مسافر آف لوڈ کر دیے۔

    ایف آئی اے کے مطابق مسافروں میں ذیشان منیر، بدر منیر، حسن جمیل اور محمد علی شامل ہیں، آف لوڈ کیے گئے مسافر آپس میں بھائی ہیں اور ان کا تعلق جہلم سے ہے، مسافروں کی جانب سے پیش کیے گئے ریزیڈنٹ کارڈ جعلی نکلے۔


    امریکی ویزا پابندیاں، پاکستانی طلبا کس طرح اس سے بچ سکتے ہیں؟ ویڈیو


    امیگریشن کلیئرنس کے دوران مسافروں کی دستاویزات کو مشکوک پایا گیا، معلوم ہوا کہ مسافروں نے سوشل میڈیا پر ایجنٹ کا اشتہار دیکھ کر اس سے رابطہ کیا تھا اور جعلی کاغذات بنوائے تھے۔

    ایف آئی اے نے ملازمت کی تلاش میں بیرون ملک جانے والے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ ایجنٹس آن لائن اشتہارات کے ذریعے شہریوں کو اپنے جال میں پھنساتے ہیں، اس لیے ان سے ہوشیار رہیں۔

  • پاکستان میں منکی پاکس کا ایک اور مشتبہ کیس رپورٹ

    پاکستان میں منکی پاکس کا ایک اور مشتبہ کیس رپورٹ

    اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر منکی پاکس کا ایک مشتبہ کیس رپورٹ ہوا ہے، مریض آزاد کشمیر کا رہائشی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ایئرپورٹ پر منکی پاکس کا ایک مشتبہ کیس رپورٹ ہوا ہے، ایم پاکس کے مشتبہ مریض کو اسلام آباد ایئرپورٹ سے پمز اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

     ذرائع نے بتایا کہ مشتبہ مریض کا تعلق آزاد کشمیر سے ہے، وہ آج صبح سعودی عرب کے شہر جدہ سے پاکستان آیا ہے، اسکریننگ کے دوران مشتبہ مریض کے سینے پر نشانات پائے گئے ہیں۔

    ذرائر نے بتایا کہ مشتبہ مریض میں ایک ہفتے سے علامات ہیں، نمونے این آئی ایچ بھجوادیے گئے ہیں جبکہ متاثرہ شخص کو پمز اسپتال میں قائم خصوصی وارڈ میں رکھا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ ملک بھر میں منکی پاکس کے 12 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں، پہلا کیس پشاور میں رپورٹ ہوا، مردان میں بھی منکی پاکس کا کیس سامنے آیا، منکی پاس کے پنجاب اور خیبرپختونخوا میں 4،4 جبکہ اسلام آباد، بلوچستان اور سندھ میں ایک ایک کیس رپورٹ ہوا ہے۔

  • اسپین سے آیا مسافر 45 لاکھ سے زائد مالیت کے زیورات سے بھرا بیگ اسکیننگ مشین پر بھول گیا

    اسپین سے آیا مسافر 45 لاکھ سے زائد مالیت کے زیورات سے بھرا بیگ اسکیننگ مشین پر بھول گیا

    اسلام آباد: اسپین سے آیا مسافر 45 لاکھ سے زائد مالیت کے زیورات سے بھرا بیگ اسلام آباد ایئرپورٹ پر اسکیننگ مشین پر بھول گیا۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ایئرپورٹ پر سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) کے عملے کی فرض شناسی کے باعث ایک مسافر کو اس کا قیمتی کھویا سامان واپس مل گیا۔

    بیگ میں 45 لاکھ سے زائد مالیت کے زیورات اور دیگر سامان تھا، جو مسافر کو لوٹا دیا گیا۔

    مسافر جمعہ خان علی الصبح اسپین سے اسلام آباد ایئرپورٹ پہنچا تھا، تاہم اسکیننگ کے دوران غلطی سے بیگ مشین پر چھوڑ کر چلا گیا، جو بعد ازاں ڈیوٹی فسلیٹیشن آفیسر (آمد) نے لاوارث بیگ کو تحویل میں لے کر لوسٹ اینڈ فاؤنڈ آفس میں جمع کرا دیا تھا۔

    رابطے کے بعد ایئرپورٹ منیجر کے دفتر میں کھویا ہوا بیگ مسافر کے حوالے کیا گیا، مسافر نے کھویا سامان وصول کرتے ہوئے کہا کہ وہ اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ (آئی آئی اے پی) کے عملے کی ایمان داری اور لگن کے لیے شکرگزار ہے۔

  • حج پروازوں سے متعلق اہم خبر

    حج پروازوں سے متعلق اہم خبر

    کراچی: عازمین حج کی حجاز مقدس روانگی کے سلسلے میں اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر روڈ ٹو مکہ منصوبے کے تحت تیاریاں مکمل کر لی گئیں۔

    اسلام آباد ایئرپورٹ منیجر کے مطابق ایئرپورٹ پر سعودی امیگریشن کے لیے 8 کاؤنٹر الاٹ کر دیے گئے ہیں، جہاں سعودی امیگریشن کا عملہ عازمین کی امیگریشن کرے گا۔

    آفتاب گیلانی نے بتایا کہ سعودی امیگریشن کے عملے کے لیے کاؤنٹرز مختص کیے گئے ہیں، جس کے تحت عازمین کی امیگریشن کا عمل مکمل کیا جائے گا۔

    انھوں نے بتایا کہ اسلام آباد ایئرپورٹ سے 9 مئی سے حج پروازوں کا آغاز ہو رہا ہے، جن میں پی آئی اے، سعودی ایئر لائن، ایئر بلو، ایئر سیال، سرین ایئر کی پروازیں شامل ہیں، تمام 71 پروازیں روڈ ٹو مکہ منصوبے کے تحت مدینہ اور جدہ کے لیے آپریٹ کی جائیں گی۔

    ایئرپورٹ منیجر و چیف آپریٹنگ آفیسر آفتاب گیلانی کے مطابق مجموعی طور پر 21 ہزار عازمین حج کی روڈ ٹو مکہ منصوبے کے تحت امیگریشن اسلام آباد ایئرپورٹ پر ہی ہوگی۔

  • خاتون 20 لاکھ مالیت کی قیمتی اشیا ایئرپورٹ پر بھول گئیں

    خاتون 20 لاکھ مالیت کی قیمتی اشیا ایئرپورٹ پر بھول گئیں

    کراچی: اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر خاتون مسافر تقریباً 20 لاکھ مالیت کی قیمتی اشیا بھول گئیں، بعد ازاں سامان ان کے رشتے دار کے حوالے کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر خاتون مسافر کا 20 لاکھ روپے مالیت کا سامان اس کے رشتہ دار کے حوالے کر دیا گیا۔

    علی الصبح فلائٹ سے لندن جانے والی خاتون مسافر اپنا بیگ ایئر لائن کاؤنٹر پر بھول گئی تھی، اطلاع ملنے پر ڈی ایف او ڈیپارچر نے بیگ ڈھونڈ کر لوسٹ اینڈ فاؤنڈ میں جمع کرا دیا۔

    ترجمان سی اے اے کے مطابق بیگ میں موجود 8 تولہ سونا، ایک لاکھ روپے، لیڈیز سوٹس اور دیگر اشیا کی کل قیمت تقریباً 20 لاکھ روپے تھی، رابط کرنے پر ایئرپورٹ منیجر کے دفتر میں بیگ خاتون مسافر کے بھتیجے کے حوالے کر دیا گیا۔

  • اسلام آباد ایئرپورٹ انتظامیہ نے ٹریفک اہلکاروں کے خلاف راولپنڈی پولیس کو خط لکھ دیا

    اسلام آباد ایئرپورٹ انتظامیہ نے ٹریفک اہلکاروں کے خلاف راولپنڈی پولیس کو خط لکھ دیا

    کراچی: اسلام آباد ایئرپورٹ انتظامیہ نے ٹریفک اہلکاروں کے خلاف راولپنڈی پولیس کو خط لکھ دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ٹریفک پولیس کی جانب سے مسافروں کو ہراساں کرنے کے معاملے پر سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ایکشن لے لیا ہے۔

    اسلام آباد ایئرپورٹ کی انتظامیہ نے روالپنڈی ٹریفک پولیس کو خط لکھ کر کہا ہے کہ انٹری اور ایگزٹ پر ٹریفک اہلکار مسافروں کو ہراساں کر رہے ہیں۔ ایئرپورٹ انتظامیہ نے انٹری و ایگزٹ گیٹ کے قریب راولپنڈی سٹی ٹریفک پولیس کی تعیناتی پر تحفظات کا اظہار کیا۔

    اسلام آباد ایئرپورٹ کے چیف آپریٹنگ آفیسر آفتاب احمد گیلانی نے راولپنڈی ٹریفک پولیس کے نام خط لکھ کر کہا ایئرپورٹ پر ملکی اور غیر ملکی مسافروں کی آمد و روانگی رہتی ہے، لیکن ٹریفک پولیس انھیں ہراساں کرتی ہے، ٹریفک پولیس اہلکار انٹری اور ایگزٹ گیٹ پر گاڑیوں کو روکتے ہیں اور مسافروں کو تنگ کیا جاتا ہے۔

    خط میں کہا گیا ہے کہ راولپنڈی ٹریفک پولیس کے اہلکاروں کو ایئرپورٹ پر مسافروں کے ساتھ الجھتے بھی دیکھا گیا ہے، انٹری اور ایگزٹ گیٹ پر گاڑیاں روک لینے سے رش لگ جاتا ہے اور مسافروں کو مشکلات پیش آتی ہیں، متعدد مسافروں سے ایئرپورٹ سے نکلتے ہی روک کر تنگ کرنے کی شکایات موصول ہوئی ہیں۔

    خط میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ ٹریفک پولیس اہلکاروں کو ایئرپورٹ کے انٹری اور ایگزٹ گیٹ سے دور تعینات کیا جائے تاکہ مسافروں کو کسی قسم کی پریشانی نہ ہو۔

  • اسلام آباد ایئرپورٹ کے عملے نے ایمان داری کی نئی مثال قائم کر دی

    اسلام آباد ایئرپورٹ کے عملے نے ایمان داری کی نئی مثال قائم کر دی

    اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت کے ایئرپورٹ پر عملے نے ایمان داری کی نئی مثال قائم کر دی، ایک مسافر کا کھویا ہوا لاکھوں کا سامان اس کے حوالے کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق 8 فروری کو دبئی کے راستے امریکا سے پاکستان پہنچنے والے مسافر ندیم اکرم کا بیگ کھو گیا تھا، جس میں تقریباً 15 لاکھ روپے مالیت کی اشیا موجود تھیں، عملے نے بیگ رابطہ کرنے پر مسافر کے حوالے کر دیا۔

    سول ایوی ایشن کے مطابق مسافر نے بیگ گمشدگی کی رپورٹ اُسی دن ہی جمع کرا دی تھی، مسافر کے بہ قول وہ اپنا بیگ ارائیول بیلٹ ایریا کے قریب کہیں بھول گیا تھا، بیگ میں 2 ہزار امریکی ڈالر، 50 ہزار روپے، ایک عدد آئی فون پندرہ پروو میکس اور دیگر اشیا موجود تھیں۔

    کھویا ہوا یہ بیگ ڈیوٹی فیسلٹیشن آفیسر (ڈی ایف او) کو ملا جس نے اسے ’لاسٹ اینڈ فاؤنڈ‘ میں جمع کرا دیا تھا، بعد ازاں سی او او اور ایئرپورٹ منیجر نے بیگ مالک کے حوالے کر دیا۔

    مسافر ندیم اکرم نے سامان کی واپسی پر ایئرپورٹ انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔

  • اسلام آباد ایئرپورٹ پر بلا معاوضہ مساج کرسیاں نصب

    اسلام آباد ایئرپورٹ پر بلا معاوضہ مساج کرسیاں نصب

    کراچی: اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر بزرگ اور بیمار مسافروں کی سہولت کے لیے بلامعاوضہ مساج کرسیاں نصب کی گئی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ایئرپورٹ پر ایسی مساج کرسیاں نصب کی گئی ہیں جنھیں بزرگ اور بیمار مسافر بلا معاوضہ استعمال کر سکیں گے۔

    ایئرپورٹ منیجر آفتاب خان گیلانی نے بتایا کہ ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل ڈیپارچر لاؤنجز میں نصب کی گئی ان مساج کرسیوں کا مقصد مسافروں کے لیے سہولت فراہم کرنا ہے۔

    انھوں نے کہا ہم ہوائی اڈوں پر مسافروں کے لیے انتہائی سہولت اور اطمینان کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہیں، دنیا بھر کے دیگر ہوائی اڈوں کے برعکس سی اے اے نے بلا معاوضہ سروس متعارف کرائی ہے۔

    منیجر ایئرپورٹ نے کہا کہ سول ایوی ایشن کی جانب سے ہم اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر مزید دلکش ماحول کے ساتھ لاؤنجز کی خوب صورتی کو بڑھانا چاہتے ہیں۔

  • طیارے سے جنگلی جانور ٹکرا گیا، پائلٹ نے حاضر دماغی سے ایمرجنسی بریک لگا دیے

    طیارے سے جنگلی جانور ٹکرا گیا، پائلٹ نے حاضر دماغی سے ایمرجنسی بریک لگا دیے

    اسلام آباد: سول ایوی ایشن اتھارٹی کے عملے کی مبینہ غفلت کے باعث اسلام آباد ایئرپورٹ پر لینڈنگ کے دوران ایک جنگلی جانور طیارے سے ٹکرا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ایئرپورٹ پر سی اے اے کے عملے کی مبینہ غفلت کی وجہ سے رن وے پر جنگلی جانور داخل ہو گیا، ایئرپورٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ دوران لینڈنگ جنگلی جانور طیارے سے ٹکرا گیا تاہم پائلٹ نے حاضر دماغی سے کام لیتے ہوئے ایمرجنسی بریک لگا دیے۔

    نجی ایئر لائن کی پرواز ای آر 702 دبئی سے اسلام آباد پہنچی تھی، لینڈنگ کے دوران اچانک جنگلی جانور رن وے پر آ گیا، کپتان کے ایمرجنسی بریک لگانے کے دوران جانور طیارے سے ٹکرا گیا، حادثے کے بعد کپتان نے واقعے سے متعلق سول ایوی ایشن اتھارٹی کو اطلاع دے دی، جس پر انجنیئرنگ عملے نے جہاز کا معائنہ کیا۔

    سول ایوی ایشن کے ترجمان کے مطابق لینڈنگ کے بعد پائلٹ نے رن وے پر لینڈنگ رول کے دوران نوز وہیل پر جانور ٹکرانے کی اطلاع دی، رن وے کا معائنہ پر ٹیکسی وے سی اور ایف کے درمیان مردہ جانور کی باقیات بھی پائی گئیں، تاہم متعلقہ ایئر لائن کے انجینئرنگ شعبے نے ہوائی جہاز کو کوئی نقصان نہ پہنچنے کی اطلاع دی۔

    ترجمان نے کہا کہ اسلام آباد ایئر پورٹ پر پیش آئے واقعے کو جہاز کو حادثہ کہنا قطعی درست نہیں، وائلڈ لائف کو ایئر پورٹس سے دور رکھنے کے ہر ممکن انتظامات کیے جاتے ہیں، متعلقہ حکام واقعے کے محرکات کا جائزہ لے رہے ہیں۔

  • سوڈان میں پھنسے مزید 149 پاکستانی اسلام آباد ایئرپورٹ پہنچ گئے

    سوڈان میں پھنسے مزید 149 پاکستانی اسلام آباد ایئرپورٹ پہنچ گئے

    اسلام آباد: سوڈان میں پھنسے مزید 149 پاکستانی اسلام آباد ایئر پورٹ پہنچ گئے۔

    تفصیلات کے مطابق سوڈان میں خانہ جنگی اور دو افواج میں کشیدگی کے باعث پاکستانیوں کا انخلا جاری ہے، مزید ایک سو انچاس پاکستانی وطن بہ حفاظت پہنچ گئے ہیں، اس سے قبل اب تک 636 پھنسے پاکستانی وطن واپس پہنچ چکے ہیں۔

    ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اس سے پہلے پاکستانی پاک فضائیہ کی 5 پروازوں کے ذریعے سوڈان سے براستہ جدہ کراچی پہنچے تھے، آئندہ 24 سے 48 گھنٹوں میں سوڈان سے مزید تقریباً 1000 پاکستانیوں کو لایا جائے گا۔

    آج سعودی دفترِ خارجہ نے بھی ایک ٹوئٹ میں بتایا تھا کہ رائل سعودی طیارہ 45 سعودی اور 36 پاکستانی شہریوں کو لے کر آج جدہ پہنچا، طیارے میں برادر اور دوست ممالک کے 52 شہری سوار تھے، دفتر خارجہ پاکستان نے ٹوئٹ میں کہا کہ اس مشکل گھڑی میں پاکستانیوں کی مدد پر برادر ملک سعودی عرب کے شکرگزار ہیں۔

    ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے آج ہفتہ وار پریس کانفرنس میں بتایا کہ آج صبح 149 پاکستانیوں کو لے کر طیارہ اسلام آباد پہنچا، سوڈان سے جدہ پہنچنے والے پاکستانیوں کو بھی پاکستان لایا جا رہا ہے، دو مزید طیارے 200 پاکستانیوں کو لے کر آج سوڈان سے پہنچیں گے۔

    ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستانیوں کو محفوظ طریقے سے پاکستان لانے کا ہمارا منصوبہ کام کر رہا ہے، خرطوم میں پاکستانی سفیر اور سفارتی عملہ پاکستانیوں کو نکالنے کے لیے ان تھک محنت کر رہا ہے۔

    پاکستان کا دیرینہ دوست چین بھی پاکستانی شہریوں کے انخلا میں پیش پیش ہے، ترجمان نے بتایا کہ چین کی بحریہ نے پورٹ سوڈان پر موجود 216 پاکستانیوں کو بہ حفاظت سعودی عرب پہنچا دیا ہے، چین کی پیپلز لبریشن آرمی نیوی کے بحری جہاز ویشنہو نے پاکستانیوں کو جدہ پہنچایا، ہم اس دوستی اور تعاون کے جذبے پر چینی دوستوں کے شکر گزار ہیں۔