Tag: islamabad airport

  • اسلام آباد ایئرپورٹ پر صفائی پر مامور عملہ آپس میں لڑ پڑا، ویڈیو سامنے آ گئی

    اسلام آباد ایئرپورٹ پر صفائی پر مامور عملہ آپس میں لڑ پڑا، ویڈیو سامنے آ گئی

    اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت کے ایئر پورٹ پر صفائی پر مامور عملہ آپس میں لڑ پڑا، جس کی ویڈیو سامنے آ گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ایئر پورٹ پر جینٹورل عملے کی کمی کی وجہ سے صفائی نہ کرنے پر عملے کے ارکان آپس میں لڑ پڑے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ایئر پورٹ پر ٹھیکے داری نظام کے تحت صفائی عملے کی کام نہ کرنے پر بحث و تکرار ہوئی تھی، عملے میں تلخ کلامی گالم گلوچ کے ساتھ لڑائی تک پہنچ گئی۔

    اس واقعے کی ایک ویڈیو سامنے آئی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ صفائی کر نے والا عملہ آزادانہ لاتوں گھونسوں کا استعمال کر رہا ہے۔

    واضح رہے کہ ریٹرن شپ پر کام کرنے والے 300 ملازمین کو ملازمت سے برطرف کر دیا گیا تھا۔

  • اسلام آباد ایئرپورٹ کی آؤٹ سورسنگ کے لیے بین الاقوامی ادارے کی خدمات لینے کا فیصلہ

    اسلام آباد ایئرپورٹ کی آؤٹ سورسنگ کے لیے بین الاقوامی ادارے کی خدمات لینے کا فیصلہ

    کراچی: اسلام آباد ایئرپورٹ کی آؤٹ سورسنگ کے لیے بین الاقوامی ادارے کی خدمات لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت نے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی آؤٹ سورسنگ پر کام تیز کر دیا، آؤٹ سورسنگ سے کے لیے انٹرنیشنل فنانشل انسٹیٹیوشن کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔

    انٹرنینشل فنانشل انسٹیٹیوشن سی اے اے کے ساتھ مل کر پبلک پرائیوٹ پارٹنر شپ ایکٹ کے تحت اسلام آباد ایئر پورٹ کی آؤٹ سورسنگ سے متعلق پلان تیار کرے گی، اور ایئرپورٹ چلانے والے انٹرنیشنل آپریٹرز کو ایئرپورٹ کی آؤٹ سورسنگ کے عمل میں مدعو کیا جائے گا۔

    انٹرنیشنل فنانشل انسٹیٹیوشن کی سفارشات کے بعد ایئر پورٹ کی آؤٹ سورسنگ کے عمل پر کام شروع کر دیا جائے گا، ایئر پورٹ کی آؤٹ سورسنگ میں دل چسپی رکھنے والے انٹرنیشنل آپریٹرز کو دعوت دی جائے گی۔

    آؤٹ سورسنگ کے تحت اسلام آباد ایئر پورٹ کی ٹرمینل بلڈنگ اور کار پارکنگ حوالے کی جائے گی، سب سے زیادہ بولی لگانے والی کمپنی کو ایئر پورٹ آؤٹ سورسنگ پر دے دیا جائے گا۔

    ڈی جی سول ایوی ایشن اتھارٹی خاقان مرتضیٰ نے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو آؤٹ سورسنگ کرنے کی ای کچہری میں تصدیق کر دی ہے۔

  • لاہور سے مسافروں کو براستہ سڑک اسلام آباد ایئرپورٹ پہنچے کی ہدایت

    کراچی: شدید دھند کے باعث لاہور سے فضائی سفر کرنے والے مسافروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ سڑک کے ذریعے اسلام آباد ایئرپورٹ پہنچیں، جہاں سے ان کی شیڈول پروازیں اڑان بھریں گی۔

    تفصیلات کے مطابق پنچاب میں موسم کی خرابی، لاہور اور ملتان ایئر پورٹ پر دھند کی صورت حال کی وجہ سے فضائی آپریشن متاثر ہو چکا ہے، جس کے سبب لاہور سے مسافروں کو براستہ سڑک اسلام آباد پہنچنے کی اطلاع دے دی گئی ہے۔

    رپورٹ کے مطابق شدید دھند کی وجہ سے دمام، مدینہ، جدہ اور ابوظبی سے آنے والی پروازوں کو لاہور اترنے کی اجازت نہیں دی گئی، اس لیے بیرونی ممالک سے لاہور آنے والی 4 پروازوں کو اسلام آباد اتار دیا گیا ہے۔

    دوسری طرف لاہور سے اندرون و بیرون جانے والی 5 پروازوں کو اسلام آباد منتقل کر دیا گیا ہے، یہ پانچوں پروازیں اب لاہور کی بجائے اسلام آباد سے روانہ ہوں گی۔

    استنبول، ابوظبی، مدینہ، کوئٹہ اور جدہ کی پرواز کی روانگی کا مقام لاہور سے اسلام آباد منتقل کیا گیا ہے۔

    لاہور سے تاخیر کا شکار پروازوں میں اتحاد ای وائے 242 لاہور۔ ابوظبی، سیرین ای ار 821 لاہور- جدہ، سعودی ایئرلائنز ایس وی 735 لاہور- جدہ شامل ہیں۔ ڈائیورٹڈ پروازوں میں پی کے 322 لاہور- کوئٹہ، پی کے 760 لاہور- جدہ شامل ہیں۔ فیصل آباد سے اسلام آباد کی طرف موڑی گئی پروازوں میں پی کے 248 (پی آئی اے) دمام سے لاہور، پی کے 224 دبئی سے فیصل آباد، پی کے 716 مدینہ سے لاہور براستہ کراچی، پی کے 244 دمام سے سیالکوٹ شامل ہیں۔

  • اسلام آباد ایئرپورٹ پر پروازوں اور مسافروں کا رش، سی اے اے نے وضاحت جاری کردی

    اسلام آباد ایئرپورٹ پر پروازوں اور مسافروں کے رش کے حوالے سے سول ایوی ایشن اتھارٹی نے وضاحت جاری کر دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سی اے اے نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر فوگ کے باعث ڈائیورٹڈ فلائٹس کا دباؤ ہے، جس کی وجہ سے رش ہونا فطری بات ہے۔

    سی اے اے ترجمان نے کہا کہ ایئرپورٹ پر ناقص انتظامات کی وجہ سے مسافروں کو مشکلات کا سامنا جیسی خبروں میں صداقت نہیں ہے، اس وقت ایئرپورٹ ڈائیورٹڈ اور شیڈولڈ فلائٹس دونوں آپریٹ کر رہا ہے، اور فوگ کے باعث فلائٹس ڈائیورژن، تاخیر اور مؤخری سے غیر معمولی حالات پیدا ہوئے ہیں۔

    ترجمان نے کہا ڈائیورٹڈ ڈیپارچر اور ارائیول فلائٹس آپریٹ ہونے کے باعث رش کا ہونا ایک فطری عمل ہے، تاہم ایئرپورٹ انتظامیہ قدرے مشکل حالات سے منصوبہ بندی کے تحت نمٹ رہی ہے، اور ایئرپورٹ ہر طرح کی صورت حال سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔

    واضح رہے کہ پنجاب میں دھند کے باعث اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر مسافروں کا غیر معمولی رش لگا ہوا ہے، دیکھا گیا کہ دھند کی وجہ سے پروازوں کا رخ اسلام آباد ہونے کے باجود مسافروں کے لیے خاطر خواہ انتظامات نہیں کیے جا سکے، جس کی وجہ سے ایئرپورٹ کے بیرون اور اندرون ملک روانگی و آمد کے لاؤنجز میں مسافروں کا غیر معمولی رش لگ گیا۔

    ملتان اور لاہور میں شدید دھند، فضائی آپریشن شدید متاثر

    مسافروں کو سامان کے بروقت حصول میں مشکلات پیش آ رہی ہیں، کنوینئر بیلٹ پر سامان تاخیر سے لوڈ ہونے کی شکایات بھی سامنے آئیں، جدہ، ریاض اور دوحا سمیت مختلف ملکوں سے آنے والے مسافر ایئرپورٹ پر انتظار کی سولی پر لٹک کر رہ گئے، دوسری طرف مسافروں کو لینے کے لیے آنے والے افراد کا بھی رش لگ گیا۔

    تاہم ترجمان سی اے اے کا کہنا ہے کہ خراب موسم کے باعث دیگر ایئر پورٹس سے اسلام آباد پہنچنے والی پروازوں کے باعث دباؤ کا سامنا ہے، اور اس صورت حال سے بہتر انداز سے نمٹنے کے انتظامات کیے جا چکے ہیں۔

  • اسلام آباد ایئرپورٹ پر مشق کے دوران سیسنا جہاز کی فرضی کریش لینڈنگ

    اسلام آباد ایئرپورٹ پر مشق کے دوران سیسنا جہاز کی فرضی کریش لینڈنگ

    اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت کے ایئر پورٹ پر مشق کے دوران سیسنا جہاز کی فرضی کریش لینڈنگ کی گئی، جس میں ریسکیو اہل کاروں کا رسپانس ٹائم نوٹ کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر رات کے وقت رونما ہونے والے فرضی فضائی حادثے سے نمٹنے کی مشق کی گئی، جس میں رات کے آپریشن کے دوران ہوائی جہاز کریش ہونے کی منظر کشی کی گئی تھی۔

    مشق میں سیسنا جہاز کی فرضی کریش لینڈنگ ہوئی، ایک گڑھے میں ایندھن جلا کر جائے حادثہ کی منظر کشی کی گئی، اور پھر فائر سیفٹی پیمانوں کے مطابق ریسپانس ٹائم کے ساتھ اس حادثے سے نمٹا گیا۔

    مشق کے دوران ریسکیو آپریشن میں فرضی زخمیوں کو فوری طبی امداد پہنچانے کے لیے ہنگامی طور پر جگہ کا انتخاب اور انتظامات کیے گئے۔

    ایئرپورٹ منیجر کے مطابق جس وقت مشق کی گئی، اس وقت ایئرپورٹ پر جہازوں کی کوئی ٹیک آف یا لینڈنگ نہیں ہو رہی تھی، مشق میں ریسکیو اینڈ فائرفائٹنگ سروس (آر ایف ایف ایس) نے بھرپور شرکت کی، میڈیکل، ایئر سائیڈ، ویجیلنس اور ای اینڈ ایم عملے نے بھی حصہ لیا، جب کہ چیف فائر ریسکیو آفیسر نے آن سین کمانڈر کا کردار ادا کیا۔

    ایئر پورٹ منیجر سید آفتاب گیلانی نے ریسکیو اور فائر فائٹنگ عملے کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا، انھوں نے کہا رسپانس ٹائم قیمتی انسانی جانوں کو بچانے میں بہت اہمیت رکھتا ہے۔

  • شہید ارشد شریف کی میت پاکستان پہنچا دی گئی

    شہید ارشد شریف کی میت پاکستان پہنچا دی گئی

    اسلام آباد : شہید صحافی ارشد شریف کا جسد خاکی لے کر نجی ایئرلائن کا طیارہ اسلام آباد میں لینڈ کرگیا

    تفصیلات کے مطابق ارشد شریف کا جسد خاکی وصول کرنے کیلئے شہید کے اہل خانہ ایئرپورٹ پر موجود ہیں۔

    اس کے علاوہ اسلام آباد ایئرپورٹ پر اےآروائی نیوز کی ٹیم، مراد سعید اور فوادچوہدری بھی موجود ہیں۔

    شہید ارشد شریف کی بیوہ جویریہ صدیق کے مطابق سینئر صحافی ارشد شریف کی تدفین جمعرات کے روز وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے ایچ الیون قبرستان میں کی جائے گی۔

    واضح رہے کہ سینئر صحافی اور اینکر پرسن ارشد شریف کینیا کے دارالحکومت نیروبی میں پولیس فائرنگ سے شہید ہوگئے تھے۔

     

  • اسلام آباد ایئرپورٹ، منہدم بورڈنگ برج پر کام شروع

    اسلام آباد ایئرپورٹ، منہدم بورڈنگ برج پر کام شروع

    کراچی: اسلام آباد ایئرپورٹ پر منہدم پسنجر بورڈنگ برج پر کام شروع ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر گرنے والے پسنجر بورڈنگ برج کی جگہ 4 برس بعد نئے برج کی تنصیب کا آغاز کر دیا گیا۔

    پرانا بورڈنگ برج 9 اکتوبر 2018 میں گر گیا تھا، متبادل پسنجرز بورڈنگ برج کی تنصیب ایئر کرافٹ اسٹینڈ برج نمبر 5 پر عمل میں لائی جا رہی ہے۔

    ایئر پورٹ حکام کا کہنا ہے کہ نئے پسنجر بورڈنگ برج کی تنصیب چند روز میں مکمل کر لی جائے گی۔

    یاد رہے کہ حادثے کی تحقیقات کے بعد ڈی جی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے بورڈنگ برج کے ٹھیکے دار ایڈلٹے کمپنی کے خلاف کارروائی کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ کمپنی بغیر اضافی معاوضے کے برج کو دوبارہ تعمیر کرے گی۔

    پسنجر بورڈنگ برج اچانک گرنے کا واقعہ اس وقت پیش آیا تھا جب ایک غیر ملکی ایئر لائن کے طیارے کے ساتھ پسنجر برج لگایا جا رہا تھا، جس کے نتیجے میں آپریٹر زخمی ہو گیا تھا۔

  • اے این ایف کی اسلام آباد ایئرپورٹ پر بڑی کارروائی

    اے این ایف کی اسلام آباد ایئرپورٹ پر بڑی کارروائی

    اے این ایف نے خفیہ اطلاع پر اسلام آباد ایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے دستانوں میں چھپا کر ہیروئن اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنادی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق اے این ایف نے خفیہ اطلاع پراسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے گارمنٹس، کراکری اور دستانوں پر مشتمل کارگو سے بھاری مقدار میں ہیروئن برآمد کرلی۔

    ذرائع کے مطابق پکڑی گئی ہیروئن بیس کلوگرام ہے جو دستانوں میں بڑی مہارت سے چھپائے گئے تھے۔

    ترجمان اے این ایف کے مطابق مذکورہ کارگو کراچی کی ایک کمپنی کی جانب سے برطانیہ کیلیے بک کروایا گیا تھا، اے این ایف کے عملے نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی۔

    ترجمان کے مطابق ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

    علاوہ ازیں اےاین ایف انٹیلی جنس اوراےاین ایف کوئٹہ کی مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے پشین میں کار سے60کلوگرام چرس آمد کرکے 2ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔

  • اسلام آباد  ائیرپورٹ سے برطانیہ منشیات اسمگل کرنے کی کوشش ناکام

    اسلام آباد ائیرپورٹ سے برطانیہ منشیات اسمگل کرنے کی کوشش ناکام

    اسلام آباد : اینٹی نارکوٹکس فورس نے اسلام آباد ایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے برطانیہ منشیات اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی اور ملزم کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق اینٹی نارکوٹکس فورس نے برطانیہ منشیات کی اسمگلنگ ناکام بنادی اور کارروائی کرتے ہوئے اسلام آبادایئرپورٹ پرشپمنٹ سے4 کلوگرام منشیات برآمد کرکے ملزم کو گرفتار کرلیا۔

    ائیرپورٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ سیالکوٹ سےبک ہونیوالاکاٹن قطرسے لندن جاناتھا، اے این ایف نےکاٹن کی تلاشی کےدوران منشیات برآمدکی ، شیمنٹ سےمجموعی طور پر61کاٹن بک کروائےتھے۔

    یاد رہے گذشتہ ماہ کسٹمز حکام نے گوادر میں بڑے پیمانے پر منشیات اندرون ملک اسمگلنگ کی کوشش کو ناکام بنا دیا تھا ، چیف کلیکٹر کسٹمز بلوچستان کا کہنا تھا کہ ملزمان سے برآمد ہونے والی چرس کی قیمت 18 کروڑ روپے بنتی ہے، کارروائی کے دوران برآمد ہونے والی چرس خفیہ خانوں میں چھپائی گئی تھی جو یورپ اسمگل ہونا تھی۔

  • اسلام آباد سے دوحہ جانیوالے مسافر سے 28 پاکستانی پاسپورٹ برآمد

    اسلام آباد سے دوحہ جانیوالے مسافر سے 28 پاکستانی پاسپورٹ برآمد

    اسلام آباد : اے ایس ایف حکام نے اسلام آباد سے دوحہ جانیوالے مسافر سے28پاکستانی پاسپورٹ برآمد کرکے ایف آئی اے ایمی گریشن کے حوالے کردیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد انٹر نیشنل ایئرپورٹ پر اے ایس ایف نے کارروائی کرتے دوحہ جانیوالے مسافر سے پاکستانی پاسپورٹس برآمد کرلئے ، مسافر قطر ایئر ویز کی پرواز کیو آر 633کے ذریعے دوحہ جانا چاہتا تھا۔

    کارروائی کے دوران اے ایس ایف نے مسافرکے سامان کی تلاشی لی تو 28پاسپورٹ برآمد ہوئے، جس کے بعد مسافر کو ایف آئی اے ایمی گریشن کے حوالے کردیا ہے۔

    دوسری جانب اے ایس ایف نے اسلام آباد انٹر نیشنل ایئرپورٹ کی چیک پوسٹ پرکارروائی کرتے ہوئے دوران سرچنگ ایک پستول ،نائن ایم ایم کے 2میگزین،15گولیاں برآمد کرلیں۔

    حکام کا کہنا ہے کہ مسافرکی گاڑی کی تلاشی پر بغیرلائسنس کااسلحہ برآمد ہوا ، جس کے بعد مسافر کو مقامی پولیس کے حوالے کردیا۔