Tag: islamabad united

  • ملتان سلطانز سے  فائنل میں کون ٹکرائے گا؟ فیصلہ آج ہوگا

    ملتان سلطانز سے فائنل میں کون ٹکرائے گا؟ فیصلہ آج ہوگا

    ابوظبی: پاکستان سپر لیگ سیزن سکس اپنے اختتامی مراحل میں داخل ہوگیا ہے، شائقین کرکٹ کو تگڑے مقابلے دیکھنے کو مل رہے ہیں۔

    پی ایس ایل سیزن سکس کی ٹرافی کون سی ٹیم تھامے گی؟ اس کا فیصلہ تو چوبیس جون کو ہوگا، ملتان سلطانز کے ساتھ کون سے ٹیم فائنل کھیلے گی؟ اس کا فیصلہ آج ہوجائے گا۔

    آج دوسرے ایلی مینٹر میں اسلام آباد یونائیٹڈ اور پشاور زلمی آمنے سامنے ہونگے، میچ پاکستانی وقت کے مطابق رات نو بجے کھیلا جائے گا، ہائی وولٹیج میچ میں فتح حاصل کرنے والی ٹیم چوبیس جون کو ملتان سلطانز سے فائنل میں مقابلہ کرے گی۔

    یہ بھی پڑھیں: ملتان سلطانز پہلی بار پی ایس ایل کے فائنل میں پہنچ گئی

    گذشتہ روز پی ایس ایل سیزن کے دو اہم ترین میچ کھیلے گئے، پہلا میچ کوالیفائر تھا، جس میں ملتان سلطانز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 31 رنز سے شکست دیکر پہلی بار فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا۔

    گذشتہ شب کھیلے گئے پہلے ایلی مینیٹر میں پشاور زلمی نے کراچی کنگز کو سنسنی خیز مقابلے میں پانچ وکٹوں سے شکست دی، اسی ناکامی کے ساتھ دفاعی چیمپئن کا پی ایس ایل سیزن سکس میں سفر اختتام پزیر ہوا۔

  • پی ایس ایل6 کے آخری راؤنڈ میچ میں میں یونائیٹڈ کامیاب، ملتان سلطانز کو شکست

    پی ایس ایل6 کے آخری راؤنڈ میچ میں میں یونائیٹڈ کامیاب، ملتان سلطانز کو شکست

    ابوظبی: پاکستان سپر لیگ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ملتان سلطانز کو 4 وکٹوں سے شکست دے کر فتح کے ساتھ راؤنڈ مرحلے کا اختتام کیا ہے۔

    ابوظبی میں کھیلے گئے آخری لیگ میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا جو ابتدا میں زیادہ اچھا ثابت نہ ہوا، ملتان سلطانز کے اوپنرز شان مسعود اور محمد رضوان نے اپنی ٹیم 93 رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا خصوصاً شان بھرپور فارم میں نطر آئے اور 6 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 59 رنز بنائے۔

    اس شراکت کا خاتمہ شان مسعود کے آؤٹ ہونے کے ساتھ ہوا جو افتخار احمد کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے، اسلام آباد یونائیٹڈ کو اگلی وکٹ کے لیے زیادہ انتظار نہیں کرنا پڑا اور فواد احمد نے ایک ہی اوور میں ان فارم محمد رضوان اور صہیب مقصود کو چلتا کیا۔

    رائلی روسو ایک بار پھر بُری طرح ناکام ہوئے، صرف دو رنز بنانے کے بعد اسلام آباد کے کپتان نے ان کی وکٹ حاصل کی۔

    اس مرحلے پر جانسن چارلس کا ساتھ دینے حماد اعظم آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے پانچویں وکٹ کے لئے 27 قیمتی رنز جوڑے لیکن 137 کے اسکور پر دونوں ہی کھلاڑی یکے بعد دیگرے پویلین لوٹ گئے۔

    اسلام آباد یونائیٹڈ کے سامنے ملتان سلطانز کے ٹیل اینڈرز زیادہ مزاحمت نہ کرسکے اور پوری ٹیم 149 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔

    اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے محمد وسیم 4 وکٹوں کے ساتھ سب سے کامیاب باؤلر رہے جبکہ فواد احمد اور فہیم اشرف نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

    اوپنرز نے اسلام آباد کو 39 رنز کا آغاز فراہم کر کے فتح کی راہ ہموار کی، محمد اخلاق نے 26 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی، عمر امین توقعات پر پورا نہ اتر سکے اور محمد رضوان کے شاندرا کیچ کے نتیجے میں صرف 13 رنز بنا کر شاہنواز دھانی کی دوسری وکٹ بنے۔

    اس مرحلے پر کپتان شاداب خان کا ساتھ دینے حسین طلعت آئے اور دونوں نے مل کر اسکور کو 92 تک پہنچا دیا، شاداب 35 رنز بنانے کے بعد وکٹ گنوا بیٹھے۔

    آصف علی نے روایتی جارحانہ انداز اپنایا اور حسین طلعت کے ساتھ مل کر 41 رنز جوڑ کر اپنی ٹیم کو فتح کی دہلیز پر پہنچا دیا، انہوں نے 25 رنز بنائے جبکہ برینڈن کنگ پانچ رنز بنا سکے۔

    اننگز کے آخری اوور میں حسین طلعت کی 34 رنز کی اننگز بھی تمام ہوئی لیکن یونائیٹڈ نے اعصاب قابو میں رکھتے ہوئے دو گیندوں قبل میچ میں فتح حاصل کر لی، شاندار بولنگ کرنے پر یونائیٹڈ کے محمد وسیم کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا.

    اس کے ساتھ ہی پی ایس ایل کے چھٹے ایڈیشن کے راؤنڈ میچز کا اختتام ہوا ، ایونٹ میں یونائیٹڈ 8 فتوحات کے ساتھ 16 پوائنٹس لے کر سرفہرست جبکہ سلطانز دوسرے نمبر پر ہیں۔

  • دفاعی چیمپئن کراچی کنگز آج اہم میچ میں اسلام آباد کے مد مقابل

    دفاعی چیمپئن کراچی کنگز آج اہم میچ میں اسلام آباد کے مد مقابل

    دبئی: پاکستان سپرلیگ سیزن سکس کا میلہ دبئی میں آب وتاب کے ساتھ جاری ہے، آج دفاعی چیمپئن کراچی کنگز اسلام آباد یونائیٹڈ سے اہم میچ میں مدمقابل ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق دفاعی چیمپئن کراچی کنگز اپنے اہم ترین میچ اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف کھیلے گی، میچ پاکستانی وقت کے مطابق رات نو بجے کھیلا جائے گا۔

    اسلام آباد یونائیٹڈ نے گذشتہ رات کھیلے گئے میچ میں لاہور قلندرز کو اٹھائیس رنز سے شکست دیکر پوائنٹس ٹیبل کی پہلی پوزیشن پر قبضہ کیا جبکہ لاہور قلندرز شکست کے بعد دوسرے نمبر پر چلی گئی۔

    دفاعی چیمپئن کراچی کنگز کو گذشتہ میچ میں ملتان سلطانز نے 12 رنز سے شکست دی تھی، دلوں کی چیمپئن کراچی کنگز اس وقت پوائنٹس ٹیبل پر چوتھے نمبر پر موجود ہے۔

  • یونائیٹڈ نے قلندرز کو ڈھیر کر دیا

    یونائیٹڈ نے قلندرز کو ڈھیر کر دیا

    پی ایس ایل سکس کے بیسویں میچ میں عمدہ بولنگ کی بدولت اسلام آباد یونائیٹڈ نے لاہور قلندرز کو 28 رنز سے شکست دے دی۔

    یونائیٹڈ کے 153 رنز کے جواب میں قلندرز کی پوری ٹیم 124 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ فخرزمان اور کپتان سہیل اختر کے سوا کوئی بیٹسمین زیادہ مزاحمت نہ کر سکا جب کہ 8 بیٹسمین ڈبل فیگرز میں داخل نہ ہوسکے۔

    فخر زمان 4 چوکوں اور 2 چھکوں کی بدولت 44 جبکہ سہیل اختر 6 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 34 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ گیارہویں نمبر پر بیٹنگ کے لیے میدان میں اترنے والے حارث رؤف نے 17 رنز بنائے۔

    دیگر بلے بازوں میں ذیشان اشرف 1، محمد حفیظ 8، بین ڈنک 1، ٹم ڈیوڈ 3، راشد خان 4، جیمز فالکنر 1 اور شاہین شاہ آفریدی بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔ احمد دانیال 6 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

    ابوظہبی کے شیخ زید اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں اسلام آبادیونائیٹڈ نے لاہورقلندرز کیخلاف ٹاس جیت کربیٹنگ کا فیصلہ کیا تو قلندرز کے بولرز نے یونائیٹڈ کے پرخچے اڑا دیے۔

    شاہین آفریدی نے پہلے ہی اوور میں عثمان خواجہ کو صفر پر چلتا کیا۔ ابتدائی نقصان کے بعد یونائیٹڈ کی بیٹنگ لائن ڈگمگاگئی اور صرف 20 کے مجموعے پر آدھی ٹیم پویلین لوٹ گئی۔

    کولن منرو 4، روحیل نذیر ایک، حسین طلعت 8 اور کپتان شاداب خان 5 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔ مڈل آڈر کی ناکامی کے بعد جارح مزاج آصف علی اور افتخار احمد نے ٹیم کو سہارا دیا، دونوں بلے بازوں نے بولرز کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور میدان کے چاروں جانب دلکش اسٹروکس کھیلے۔

    آصف علی اور افتخار کے مابین قیمتی 123 رنز کی پارٹنرشپ ہوئی جس نے مجموعے کو 150 تک پہنچایا۔ آصف علی نے تیزی سے اسکور میں اضافہ کیا اور ٹیم کو دباؤ سے نکالا۔ انہوں نے صرف 43 گیندوں پر 75 رنز بنائے جس میں 5 شاندار چھکے اور نصف چوکے شامل تھے۔

    افتخار احمد آخری میں اوور میں چھکا لگا کر نصف سنچری بنانے کی کوشش میں کیچ تھما بیٹھے وہ ایک اسکور کی دوری سے ففٹی مکمل نہ کر سکے اور 49 رنز پر چلتے بنے۔

    اسلام آباد یونائیٹڈ نے 7 وکٹوں کے نقصان پر 152 رنز بنائے۔ محمد وسیم 4 اور محمد موسیٰ صفر پر ناٹ آؤٹ رہے۔ قلندرز کی جانب سے سب سے کامیاب بولر جیمز فالکنر رہے جنہوں نے 3 وکٹیں حاصل کیں جب کہ شاہین آفریدی اور حارث رؤف نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

    ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے اسلام آبادیونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان کا کہنا تھا کہ ٹاپ چھ بلے باز مکمل اوورز کھیلیں تو اچھی پوزیشن میں ہونگے،آج کے میچ میں حسن علی اورفہیم اشرف کومِس کریں گے۔

    کپتان لاہور قلندرز سہیل اختر نے ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے، فیضان کی جگہ ذیشان اشرف کو شامل کیا گیا ہے۔

    سہیل اختر نے کہا کہ اسلام آباد کی اچھی ٹیم ہے، کوشش کریں گےکم ٹوٹل پر آؤٹ کریں، انہوں نے مزید کہا کہ ہماری ٹیم کا کمبی نیشن بہت اچھا بنا ہوا ہے۔

    اس وقت پوائنٹس ٹیبل پر لاہور قلندرز سرفہرست ہے، اسلام آباد یونائیٹڈ کو ہراکر قلندرز اپنی پوزیشن مزید مستحکم کرنے کا خواہاں ہیں، یونائیٹڈز نےآج میدان مارا تولاہور سے پہلی پوزیشن چھین لیں گے۔

    ملتان سلطانز نے پی ایس ایل کے بقیہ میچز کا آغاز کامیابی کیساتھ کیا تھا، جہاں انہوں نے دفاعی چیمپئن کراچی کنگز کو ہرا کر دو اہم پوائنٹس حاصل کئے تھے، اس کے باوجود ملتان کو پلے آف مرحلے میں جانے کیلئےکامیابی کا تسلسل برقرار رکھنا ہوگا۔

    دوسرا میچ میں پشاور زلمی اور ملتان سلطانز کے درمیان رات گیارہ بجے مقابلہ ہوگا۔

  • سرفراز الیون آج اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف بقا کی جنگ لڑے گی

    سرفراز الیون آج اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف بقا کی جنگ لڑے گی

    پاکستان سُپر لیگ میں آج سرفراز احمد کی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا مقابلہ اسلام آباد یونائیٹڈ سے ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق ابوظبی کے گرم موسم میں پی ایس ایل کے بقیہ میچز کا میدان سجا ہوا ہے، اور بہترین مقابلے دیکھنے کو مل رہے ہیں۔

    آج کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور اسلام آباد یو نائیٹڈ کے درمیان اہم مقابلہ ہوگا، پاکستانی وقت کے مطابق میچ رات نو بجے شروع ہوگا، یہ میچ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کیلئے ڈو اور ڈائی ہوگا۔کراچی میں ہونے والے پی ایس ایل کے پہلے مرحلے میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم پانچ میں سے اپنےچار میچ ہار چکی ہے، شکست کی صورت میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز مزید مشکلات کا شکار ہوجائے گی۔

    ایونٹ میں دونوں ٹیموں کے درمیان یہ دوسرامیچ ہے، اسلام آباد یونائیٹڈ نے پہلے میچ میں گلیڈی ایٹرز کو چھ وکٹوں سے شکست دی تھی، ہیڈ ٹوہیڈ مقابلوں میں گلیڈی ایٹرز کو برتری حاصل ہے، دونوں ٹیموں نے اب تک بارہ میچز کھیلے ہیں، جن میں سے کوئٹہ نے سات میں فتح سمیٹی جبکہ پانچ میں ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا۔

    گذشتہ روز پی ایس ایل سکس میں دو میچز کا فیصلہ ہوا، پہلے میچ میں ملتان سلطانز نے دفاعی چیممپئن کراچی کنگز کو 12 رنز سے شکست دی جبکہ دوسرے میچ میں لاہور قلندرز نے پشاور زلمی کو 10 رنز سے شکست دیکر پوائنٹس ٹیبل پر اپنے پوزیشن کو مزید مستحکم کیا۔

  • انتظار کی گھڑیاں ختم، پی ایس ایل 6 کے بقیہ میچز آج سے شروع ہورہے ہیں

    انتظار کی گھڑیاں ختم، پی ایس ایل 6 کے بقیہ میچز آج سے شروع ہورہے ہیں

    دبئی: شائقین کرکٹ کا انتظار ختم ہوا، پی ایس ایل کا ڈنکا بج گیا، آج اسلام آباد یونائٹیڈ اور لاہور قلندرز دبئی کے گرم موسم میں آمنے سامنے ہونگے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان سپر لیگ کے چھٹے ایڈیشن کے بقیہ میچز آج سے شروع ہورہے ہیں، آج اسلام آباد یونائیٹڈ اور لاہور قلندرز آمنے سامنے ہوں گے، میچ ابوظبی میں پاکستانی وقت کے مطابق رات نو بجے شروع ہوگا۔

    کراچی کنگز پی ایس ایل فائیو کی فاتح ہے، دفاعی چیمپیئن کراچی کنگز کل ملتان سلطان سے مقابلہ کرے گی۔پاکستان سپر لیگ میں مجموعی طور پر 34 میچز کھیلے جانے ہیں، کرونا کے باعث ملتوی ہونے سے قبل لیگ کے کراچی میں 14 میچز کھیلے گئے تھے، کراچی کنگز،پشاور زلمی، ملتان سلطانز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 5، پانچ میچز کھیلے جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈ اور لاہور قلندرز نے 4، چار میچز کھیلے۔

    پی ایس ایل سکس پوائنٹس ٹیبل

    دفاعی چیمپئن کراچی کنگز پانچ میچز کھیل کر 6 پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست ہے، پی ایس ایل کی مشہور ومعروف ٹیم نے تین میچز جیت رکھے ہیں، پشاور زلمی دوسرے، اسلام آباد یونائیٹڈ تیسرے، لاہور قلندرزچوتھے، ملتان سلطانز پانچویں جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز چھٹے اور آخری نمبر پر موجود ہیں۔

    Image

    پی ایس ایل سکس کامیاب بلے باز

    پی ایس ایل سکس میں ملتان سلطانز کے وکٹ کپیر بلے باز محمد رضوان اب تک ٹورنامنٹ کے سب سے کامیاب بلے باز رہے، انہوں نے پانچ میچز میں 297 رنز بنائے، کراچی کنگز کے مایہ ناز بلے باز بابر اعظم 258 رنز کے ساتھ دوسرے ، کراچی کنگز کے جارح مزاج بلے باز شرجیل خان 200 رنز کے ساتھ تیسرے ، لاہور قلندرز کے فخر زمان 189 رنز کے ساتھ چوتھے جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان اور وکٹ کیپر سرفراز احمد 185 رنز کے ساتھ پانچویں نمبر پر براجمان ہیں۔

    Image

    پی ایس ایل 6 میں اب تک کس بولر نے کتنی وکٹیں اڑائیں؟

    پی ایس ایل سکس میں اب تک پشاور زلمی کے ثاقب محمود 12 وکٹیں لیکر کامیاب تریب بولر رہے ہیں، لاہور قلندرز کے شاہین شاہ آفریدی9 وکٹوں کے ساتھ دوسرے ملتان سلطانز کے شاہنواز ڈاھانی 9 وکٹوں کے ساتھ تیسرے پشاور زلمی کے وہاب ریاض چوتھے جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈ کے حسن علی 6 وکٹوں کے ساتھ پانچویں نمبر پر براجمان ہیں۔

    Image

    موسم کی صورت حال

    یو اے ای میں سخت موسم کھلاڑیوں کا امتحان لے گا، دن کے وقت ابوظبی میں درجہ حرارت 47 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے تاہم رات کو گرمی میں کمی اور اوس پڑنے کا خدشہ ہے، کھلاڑیوں کو گرمی اور حبس سے بچانے کے لئے آئس جیکٹ اور آئس کالر دئیے جائیں گے جبکہ انہیں ناریل پانی بھی دیا جائے گا۔

    خیال رہے کہ پاکستان سپر لیگ کے میچز رواں سال مارچ میں اس وقت مؤخر کر دیئے گئے تھے جب کھلاڑیوں اور سپورٹنگ اسٹاف میں کرونا کے کیسز سامنے آئے تھے اور لیگ کو دوبارہ ملک کے اندر شروع کرنے کی کوششوں کو وبا کی تیسری لہر میں شدت کے باعث ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔

     

  • اسلام آباد یونائیٹڈ کے لئے برُی خبر، نیوزی لینڈ کے کھلاڑی کا اہم اعلان

    اسلام آباد یونائیٹڈ کے لئے برُی خبر، نیوزی لینڈ کے کھلاڑی کا اہم اعلان

    کراچی: پاکستان سپر لیگ سے قبل اسلام آباد یونائیٹڈ کی نمائندگی کرنے والے نیوزی لینڈ کے کولن منرو نے اہم اعلان کردیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ کے کولن منرو نے اعلان کیا ہے کہ وہ اس ماہ کے آخر میں شروع ہونے والے پی ایس ایل کے چھٹے ایڈیشن میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی نمائندگی نہیں کرسکیں گے۔

     کولن منرو نے اپنے بیان میں کہا کہ پی ایس ایل نہ کھیلنا میرے لئے بڑی مایوسی کی بات ہے، کیونکہ اسلام آبادیونائیٹڈ نے یہ جانتے ہوئے مجھے اپنی اسکواڈ میں برقرار رکھا کہ بگ بیش سیزن کے بعد میں نیوزی لینڈ چلا جاؤں گا لیکن میں وہاں کوئی قرنطین نہیں بک کراسکتا۔

    نیوزی لینڈ بلے باز کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل کا اختتام اگلے ماہ کی 23 تاریخ تک ہوجانا تھا، اور میں اپنے ملک مئی کے وسط تک جاسکتا تھا، یہ دو ہفتے میری لئے نہایت مشکل رہتے، مگر جس طرح دنیا کا نظام چل رہا ہے، ہمیں بھی اس طرح چلنا ہوگا، اور یہی "امید کی کرن ” ہے، اپنا قیمتی وقت گھر اور فیملی سے ساتھ گزاریں اور جو کچھ بھی حالات ہو، اس کے لئے تیار رہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  شائقین کو اسٹیڈیم لانے کیلیے پی سی بی کی کوششیں تیز

    یاد رہے کہ عالمی وبا کرونا سے نمٹنے کے لئے نیوزی لینڈ حکومت نے پالیسی اپنائی ہے کہ نیوزی واپس آنے والے ملکی و غیر ملکی پہلے اپنا قرنطینہ سسٹم بک کرائیں، اس میں تاخیر ہونے کے باعث منرو مئی کے وسط میں انتظار کرنا پڑتا، اسی لئے انہوں نے پی ایس ایل کی قربانی دینے کا فیصلہ کیا۔

     واضح رہے کہ کولن منرو نے پی ایس ایل فائیو میں اسلام آباد یونائٹیڈ کی نمائندگی کرتے ہوئے 35.42 کی اوسط سے 248 رنز اسکور کئے تھے، جہاں ان کا اسٹرائیک ریٹ 147.61 تھا۔

  • پی ایس ایل 5: کراچی کنگز آج اسلام آباد یونائیٹڈ سے ٹکرائیں گے

    پی ایس ایل 5: کراچی کنگز آج اسلام آباد یونائیٹڈ سے ٹکرائیں گے

    راولپنڈی: پاکستان سپر لیگ سیزن 5 میں آج کراچی کنگز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیمیں ٹکرائیں گی، میچ شام 7 بجے شروع ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل 5 میں آج کراچی کنگز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیمیں راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں ٹکرائیں گی۔

    کراچی کنگز اب تک 3 میچز کھیل چکی ہے جن میں سے ایک میں فتحیاب اور 2 میں شکست کھا چکی ہے۔ پوائنٹس ٹیبل پر کراچی کنگر کے 2 پوائنٹس ہیں۔

    اسلام آباد یونائیٹڈ 5 میچز کھیل چکی ہے جن میں سے 2 میں جیت اور 2 میں شکست اس کا مقدر بنی۔ ایک میچ منسوخ ہونے کی وجہ سے پوائنٹس ٹیبل پر اسلام آباد یونائیٹڈ 5 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔

    اسکواڈ:

    آج کے میچ میں کراچی کنگز کے اسکواڈ میں عماد وسیم (کپتان)، بابر اعظم، محمد رضوان، افتخار احمد، محمد عامر، عامر یامین، اسامہ میر، عمر خان، الیکس ہیلز، کرس جورڈن، شرجیل خان، کیمرون ڈلپورٹ، علی خان، عمید آصف، مچل مک کلینگھن، چاڈ وک والٹن، اویس ضیا اور ارشد اقبال شامل ہیں۔

    اسلام آباد یونائیٹڈ کے اسکواڈ میں شاداب خان (کپتان)، لیوک رونچی، احمد بٹ، فہیم اشرف، آصف علی، حسین طلعت، محمد موسیٰ، ڈیل اسٹین، کولن انگرام، کولن منرو، رومان رئیس، ظفر گوہر، فل سالٹ، عاکف جاوید، ڈیوڈ ملان، رضوان حسین، سیف بدر اور احمد صفی عبداللہ شامل ہیں۔

  • شاداب خان کپتان مقرر

    شاداب خان کپتان مقرر

    کراچی: پی ایس ایل فائیو کے لیے اسلام آباد یونائیٹڈ نے شاداب خان کو کپتان مقرر کردیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پی ایس ایل سیزن فائیو کے لیے اسلام آباد یونائیٹڈ نے شاداب خان کو کپتان مقرر کردیا، اس سے قبل محمد سمیع اسلام آباد یونائیٹڈ کی کپتانی کے فرائض انجام دے رہے تھے۔

    اسلام آباد یونائیٹڈ کے مالک علی نقوی نے کہا کہ شاداب خان کی قیادت میں ٹیم ایک مرتبہ پھر ٹرافی جیتنے میں ضرور کامیاب ہوگی، شاداب کو کپتان بنانے کا فیصلہ متفقہ ہے۔

    قومی ٹیم کے لیگ اسپنر شاداب خان کا کہنا ہے کہ اسلام آباد یونائیٹڈ کی قیادت کرنا میرے لیے اعزاز کی بات ہے، کوشش ہوگی تیسری مرتبہ بھی اپنی ٹیم کو کامیابی سے ہمکنار کرائیں۔

    واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ سیزن فائیو کا آغاز آئندہ ماہ فروری سے ہورہا ہے اور پی ایس ایل کے تمام میچز پاکستان میں کھیلے جائیں گے۔

  • کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی

    کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی

    دبئی: پی ایس سیزن فور کے چھٹے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 7 وکٹوں سے باآسانی شکست دے دی، شین واٹسن کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو جیت کے لیے 158 رنز کا ہدف دیا گیا تھا جسے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 3 وکٹوں کے نقصان پر باآسانی حاصل کرلیا، شین واٹسن نے شاندار نصف سنچری اسکور کی۔

    ہدف کے تعاقب میں کوئٹہ نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو احمد شہزاد پہلے میچ کی طرح دوسرے میچ میں بھی کچھ نہ کرسکے اور صرف 2 رنز بنا کر پٹیل کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے۔

    شین واٹسن نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ناقابل شکست 81 رنز کی اننگز کھیلی، روسو صرف 10 رنز بنا کر رومن رئیس کی گیند پر محمد سمیع کو کیچ دے بیٹھے۔

    عمر اکمل نے جارحانہ انداز میں اپناتے ہوئے 28 گیندوں پر 44 رنز کی اننگز کھیلی، کپتان سرفراز احمد 15 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

    اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے پٹیل، رومن رئیس اور ڈیلپورٹ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

    قبل ازیں پی ایس ایل سیزن فور کے چھٹے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 157 رنز بنائے اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو جیت کے لیے 158 رنز کا ہدف دے دیا۔

    سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا، سہیل تنویر نے اپنے پہلے ہی اوور میں لک رونکی اورشاداب خان کو سہیل تنویر نے پویلین کی راہ دکھائی۔

    رونکی اور شاداب خان بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے جبکہ رضوان حسین 5 رنز بنا کر محمد نواز کی گیند پر انہی کو کیچ دے بیٹھے، فواد احمد 19 رنز بنا کر ڈیلپورٹ کا نشانہ بنے۔

    حسین طلعت کو فواد احمد نے 30 رنز پر بولڈ کیا، آصف علی 36، فہیم اشرف 1 جبکہ پارنیل نے 41 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔

    کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے سہیل تنویر نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں، فواد احمد نے تین اور محمد نواز کے حصے میں ایک وکٹ آئی۔

    پاکستان سپر لیگ کے چوتھے سیزن میں آج 2 میچز کھیلے جائیں گے۔ دبئی کے اسٹیڈیم میں پہلا میچ اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا ہوگا، میچ مقامی وقت کے مطابق ساڑھے 4 بجے شروع ہوگا۔

    ایونٹ کا دوسرا میچ پشاورزلمی اور لاہور قلندرز کے درمیان رات 9 بجے کھیلا جائے گا۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز پاکستان سپرلیگ کے پانچویں میچ میں لاہور قلندرز نے کراچی کنگز کو 22 رنز سے شکست دی تھی۔

    لاہور قلندرز نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر138 رنز بنائے، جواب میں کراچی کنگز کی ٹیم 19.5 اوورز میں 116 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی۔

    لاہور قلندرز نے کراچی کنگز کو 22 رنز سے شکست دے دی

    واضح رہے کہ پی ایس ایل 4 میں 6 ٹیموں کے درمیان 34 مقابلے ہوں گے، ابتدائی 26 میچ متحدہ عرب امارات میں کھیلے جائیں گے، ابوظہبی پہلی مرتبہ پی ایس ایل میچز کی میزبانی کرے گا۔

    پی ایس ایل 4 کے آخری 8 میچز پاکستان میں کھیلے جائیں گے۔ 7 سے 17 مارچ تک میچز لاہور اور کراچی میں ہوں گے، لاہور میں 9، 10 اور 12 مارچ کو میچز کھیلے جائیں گے۔

    بعد ازاں کراچی میں 7، 10، 13، 15 اور 17 مارچ کو میچز کھیلے جائیں گے، 17 مارچ کو لیگ کا فائنل بھی کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔