Tag: Islamabad

  • شہریوں سے کروڑوں روپے فراڈ کرنے والی خاتون کراچی سے گرفتار

    شہریوں سے کروڑوں روپے فراڈ کرنے والی خاتون کراچی سے گرفتار

    اسلام آباد: پولیس نے شہریوں سے کروڑوں روپے فراڈ کرنے والی خاتون عافیہ قلندر کو کراچی سے گرفتار کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق روحانی حساب کتاب کا دھوکا دے کر لوگوں سے جائیدادیں فروخت کروا کر فراڈ کرنے والے میاں بیوی کے خلاف تھانہ کوہسار میں مقدمہ درج ہو گیا، پولیس نے عافیہ کو کراچی سے گرفتار کر کے اسلام آباد منتقل کر دیا۔

    عافیہ قلندر نامی خاتون اپنے شوہر قلندر انجم اشفاق کے ساتھ مل کر فراڈ کیا کرتی تھی، ٹائر کا کاروبار کرنے والے بحریہ ٹاؤن کے رہائشی مخدوم مرتضیٰ حسین کے ساتھ بھی کروڑوں روپے کا فراڈ کیا اور پھر فرار ہو گئے۔

    رپورٹس کے مطابق میاں بیوی نے جعلی دستاویزات پر مختلف بینکوں میں اکاؤنٹس کھلوائے، عافیہ قلندر کا 56 ممالک کے دوروں کا بھی انکشاف ہوا، ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ ملزمان نے شہری سے 32 کروڑ مختلف طریقوں سے وصول کیا۔

    کہسار پولیس نے اشتہاری ہونے پر کراچی میں کارروائی کی اور خاتون کو گرفتار کر لیا، پولیس حکام کے مطابق ملزمان اور بھی لوگوں سے فراڈ میں ملوث ہیں۔

    متاثرہ شہری مخدوم مرتضیٰ حسین کا کہنا تھا کہ یہ دونوں میاں بیوی دو سال قبل 2019 میں ان کی دکان پر گاڑی کا ٹائر بدلوانے آئے تھے اور پھر انھیں روحانی علاج اور روحانی علم کے نام پر شیشے میں اتار لیا۔

    شہری کی درخواست کے مطابق فراڈ میاں بیوی نے بعد میں مرتضیٰ حسین سے کہا کہ وہ رحیم یار خان میں اپنی زرعی زمین اور آبائی مکان فروخت کر کے اسلام آباد منتقل ہو جائے ورنہ اس کی جان کو خطرہ ہے، مرتضیٰ حسین ان کی باتوں میں آکر ساری جائیدادیں فروخت کر کے اسلام آباد آ گئے اور ان کے فراڈ کا شکار ہو گئے۔

    مرتضیٰ حسین کا کہنا تھا کہ ان سے فراڈ میاں بیوی نے مجموعی طور پر 22 کروڑ 59 لاکھ روپے سے زائد کی رقم بٹوری، اور پھر جان کی دھمکیاں بھی دیتے رہے۔

  • ‘عمران خان کا ساتھ چھوڑنا غداری ہوگی’

    ‘عمران خان کا ساتھ چھوڑنا غداری ہوگی’

    اسلام آباد: عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ عمران خان پر اس وقت مشکل وقت ہے، ایسے میں ساتھ چھوڑنا غداری ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ عمران خان سے ملکر آرہا ہوں وہ ایسا کوئی کام نہیں کرےگا جس سے ملک کو نقصان ہو، عمران خان ملک کے منافی کوئی قدم نہیں اٹھائے گا۔

    شیخ رشید نے کہا کہ میں سیاست سے ریٹائر ہونےجارہا تھا، اس وقت عمران خان پر کڑا وقت ہے،ساتھ چھوڑنا غداری ہوگی۔

    انہوں نے واضح کیا کہ ہماری کسی ادارے سے کوئی لڑائی نہیں ہے مگر جس طرح عمران خان کو دیوار سے لگایا گیا وہ بھی غلط ہے، ہر آدمی یہ سمجھتا ہے عمران خان سے زیادتی ہوئی ہے، میں کوشش کررہا ہوں کہ عمران خان کو واپس لایا جائے۔

    شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ملک کی سیاسی صورتحال کو شدیدخطرات ہیں، موجودہ صورتحال میں خاموش تماشائی بن کرنہیں رہا جاسکتا، سب کو واضح طور پر کہہ رہا ہوں کہ اگر عمران خان نہیں ہےتو پھر آپ بھی نہیں ہونگے، تم لوگ ہمیں سلیکٹڈ کہتے تھے اور اب خود امپورٹڈ ہوگئے ہو۔

    مسجدنبوی ﷺ واقعے پر عوامی مسلم لیگ کے سربراہ کا کہنا تھا کہ مسجدنبوی ﷺمیں جو کچھ ہوا نہیں ہوناچاہیے تھا مگر ان لوگوں کی شکلوں سے ہی لوگ نفرت کرتے ہیں، یہ لندن یا دنیا میں کہیں جائیں گےتوان کو انڈے،ٹماٹر پڑیں گے پہلے سے خبردار کررہا ہوں بعد میں نہ کہنا کہ شیخ رشید نے ایسا بولا تھا۔

    شیخ رشید کا مزید کہنا تھا کہ میں اردو میڈیم ہوں، مداخلت اور ساز ش میں کیا فرق ہے؟ اچھی طرح جانتا ہوں، میرے نزدیک مداخلت سازش سےبھی زیادہ خطرناک ہے۔

  • قومی ایئر لائن کے بیڑے میں اضافہ

    قومی ایئر لائن کے بیڑے میں اضافہ

    اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے ریلوے اور ایوی ایشن خواجہ سعد رفیق کا کہنا ہے کہ قومی ایئر لائن کے بیڑے میں اضافہ ہوا ہے، ایئر بس 320 یہاں پہنچ گئی ہے جبکہ مزید 3 طیارے چند ماہ میں پی آئی اے کے بیڑے کا حصہ بنیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے ریلوے اور ایوی ایشن خواجہ سعد رفیق نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ ایئر بس 320 اسلام آباد پہنچ گئی جس کے بعد قومی ایئر لائن کے بیڑے میں اضافہ ہوا ہے۔

    سعد رفیق کا کہنا تھا کہ لیز پر حاصل شدہ ایئر بس 170 نشستوں پر مشتمل ہے اور 4 برس پہلے بنائی گئی۔

    انہوں نے کہا کہ عید کے بعد پی آئی اے کے انسگنیا کے ساتھ آپریشنز شروع ہوں گے۔

    وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ مزید 3 طیارے چند ماہ میں پی آئی اے کے بیڑے کا حصہ بنیں گے، نئے طیاروں کی شمولیت سے قومی ایئر لائن کے آپریشن مزید ہموار ہوں گے۔

  • قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کون ہوگا؟ دلچسپ صورت حال

    قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کون ہوگا؟ دلچسپ صورت حال

    پاکستان تحریک انصاف قومی اسمبلی سے مستعفی ہوچکی، اب ایوان زیریں میں اپوزیشن لیڈر کس کا ہوگا؟ فیصلہ ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کی تقرری کے لئے ق لیگ نے اسپیکر کو درخواست دے دی ہے اور ق لیگ کی جانب سے حسین الہٰی کو اپوزیشن لیڈر کےلئے نامزد کردیا گیا ہے۔

    مسلم لیگ ق کے رہنما اور اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہٰی کے صاحبزادے حسین الہٰی نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ انہوں نے اپوزیشن لیڈر کیلئے کاغذات ان خبروں کے بعد جمع کرائے ہیں جن میں کہا گیا تھا کہ اتحادی حکومت اور پی ٹی آئی کے منحرف ارکان ساز باز سے اپوزیشن لیڈر لانے کی تیاری کر رہے ہیں۔

    حسین الہٰی نے کہا کہ وہ امپورٹڈ حکومت کو تسلیم نہیں کرتے اور نہ ہی امپورٹڈ اپوزیشن کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔

    دل چسپ امر یہ ہے کہ موجودہ سیاسی صورت حال میں مسلم لیگ ق بھی دو حصوں میں تقسیم ہوچکی ہے۔

    چوہدری شجاعت حسین کے صاحبزادے چوہدری سالک حسین حکومتی اتحاد کا حصہ بننے کے بعد وفاقی وزیر بن چکے ہیں جب کہ چوہدی پرویز الہٰی تحریک انصاف کے ساتھ کھڑے ہیں۔

    گزشتہ روز تحریک انصاف کے جلسے میں پرویز الہٰی کے صاحبزادے مونس الہٰی نے بھی خطاب کیا تھا۔

  • وزیر اعظم شہباز شریف سے آرمی چیف کی ملاقات

    وزیر اعظم شہباز شریف سے آرمی چیف کی ملاقات

    اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف سے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی ملاقات ہوئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم بننے کے بعد آج منگل کو شہباز شریف اور پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کے مابین ملاقات ہوئی ہے۔

    ملاقات میں قومی سلامتی، باہمی دل چسپی اور پیشہ ورانہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

  • الیکشن کمیشن میں ‘اچانک’ اہم تبدیلیاں

    الیکشن کمیشن میں ‘اچانک’ اہم تبدیلیاں

    کراچی: وفاقی حکومت کی تبدیلی کے ساتھ ہی الیکشن کمیشن میں بھی بڑے چہرے تبدیل کردئیے گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ اور پنجاب کےالیکشن کمشنرز کو تبدیل کردیا گیا ہے جبکہ خیبرپختونخوا میں نگراں افسر تعینات کردیا گیا ہے۔

    ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق اعجازانور چوہان ایک بار پھر الیکشن کمشنر سندھ تعینات کردئیے گئے جبکہ سعیدگل کو قائم قام الیکشن کمشنر پنجاب تعینات کردیا گیا ہے

    سعیدگل قائم قام الیکشن کمشنر سندھ کےطور پرخدمات انجام دے رہےتھے جبکہ سعید گل کی سربراہی میں الیکشن کمیشن نے ڈسکہ الیکشن دھاندلی انکوائری کی تھی۔

    اس کے علاوہ فرید آفریدی خیبرپختونخوامیں الیکشن امور کی نگرانی کریں گے۔

    دوسری جانب سندھ میں بلدیاتی الیکشن کے پہلے مرحلے میں 26 جون کو 14 اضلاع میں الیکشن ہونگے، اس سلسلے میں الیکشن کمیشن نے جن 14 اضلاع میں الیکشن ہونے ہیں وہاں ترقیاتی منصوبوں کے اعلان پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔

    اس کے علاوہ سندھ میں تمام صوبائی محکموں، خودمختار کارپوریشنز، اتھارٹیز میں تبادلوں پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے۔

    الیکشن کے پہلے مرحلے کے حوالے سے ہی الیکشن کمیشن، ریٹرننگ، ڈسڑکٹ ریٹرننگ افسران کے دفاتر میں ہفتہ وارتعطیلات بھی ختم کردی گئی ہیں اور 14 اضلاع میں افسران وعملے کی عمومی چھٹیاں الیکشن کمیشن کی پیشگی اجازت سے مشروط کردی گئی ہیں۔

  • فنڈز کی عدم دستیابی، الیکشن کمیشن کا اہم فیصلہ

    فنڈز کی عدم دستیابی، الیکشن کمیشن کا اہم فیصلہ

    اسلام آباد: فنڈز کی کمی اور دیگر مسائل کے باعث الیکشن کمیشن نے انتخابات میں مزید تاخیر کا عندیہ دے دیا۔

    ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق چیف الیکشن کمشنر کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا، اجلاس میں چاروں صوبائی کمشنر سمیت اعلیٰ حکام نے شرکت کی، اجلاس میں انکشاف ہوا کہ آئینی وقانونی ذمہ داریوں میں مشکلات پیدا کی جارہی ہیں جس کے باعث اہم آئینی امور مجوزہ بالا انتخابات کے انعقاد کے لئےمتاثرہورہےہیں۔

    الیکشن کمیشن کے مطابق عام انتخابات میں مطلوبہ فنڈز کی فراہمی کےلئے مسلسل مسائل کا سامنا ہے، بلدیاتی الیکشن پر سپریم کورٹ کےاحکامات کی بھی خلاف ورزی کی جاری ہے، سنگین معاملے پر رجسٹرار سپریم کورٹ کو بھی صورتحال سےآگاہ کرنےکا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    الیکشن کمیشن کے ترجمان نے بتایا کہ تمام اقدامات کے نتیجے میں پنجاب، بلوچستان،سندھ اور اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات میں مشکلات ہیں اور اس بات کا قوی امکان ہے کہ بلدیاتی الیکشن تاخیر کا شکار ہوجائیں۔

    اجلاس میں سیکریٹری ای سی کو ہدایت کی گئی کہ سیکرٹری خزانہ، متعلقہ چیف سیکرٹریز سے بات کریں اور معاملات فوری حل کیےجائیں۔

  • پارلیمنٹ ہاؤس اور ریڈ زون میں سخت سیکیورٹی انتظامات

    پارلیمنٹ ہاؤس اور ریڈ زون میں سخت سیکیورٹی انتظامات

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ کے لیے پارلیمنٹ ہاؤس اور ریڈ زون کے ارد گرد سخت سیکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ کے لیے پارلیمنٹ ہاؤس اور ریڈ زون میں فول پروف سیکیورٹی کی گئی ہے۔

    ریڈ زون کےارد گرد پولیس کی بھاری نفری تعینات کردی گئی ہے، پارلیمنٹ ہاؤس اور دیگر عمارتوں کی سیکیورٹی رینجرز اور ایف سی کے سپرد کردی گئی ہے۔

    ریڈ زون میں بھی رینجرز اور ایف سی اہلکار تعینات کردیے گئے ہیں۔

  • وفاقی دارالحکومت میں دفعہ 144 کا نفاذ، میٹرو سروس بھی بند

    وفاقی دارالحکومت میں دفعہ 144 کا نفاذ، میٹرو سروس بھی بند

    اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے امن و امان کی ممکنہ خراب صورت حال کے پیش نظر اہم فیصلے کرلئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی داراحکومت میں فوری طور پر دفعہ 144 نافذ کردی گئی ہے اور ریڈ زون میں دو یا اس سے زائد افراد کے جمع ہونے پر پابندی عائد کردی ہے، ضلعی انتظامیہ کی جانب سے نوٹی فیکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔

    ضلعی انتظامیہ کے مطابق اسلام آباد میں 2 روز کے لئےموٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کردی گئی ہے، پابندی کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہو گا، جس کا نوٹی فیکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔

    نوٹی فیکیشن کے مطابق میٹرو سروس کو بھی فوری طور پر بند کردیا گیا ہے، فیصلہ امن او امان کی صورتحال ممکنہ طو رپر خراب ہونے کے خدشے کے پیش نظر کیا گیا ہے۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ریڈ زون میں فول پروف سیکیورٹی کے حوالے سے  ووٹنگ والے دن کسی کو بھی ریڈ زون میں احتجاج کی اجازت نہیں ہوگی اور نہ کسی کو داخلے کی اجازت دی جائے گی۔

    پولیس حکام کے مطابق ریڈ زون داخلہ کے لئے صرف مارگلہ روڈ کا راستہ استعمال کیا جا سکے گا جبکہ ریڈ زون جانے والے تمام راستوں پر کنٹینرز نصب کئے جائیں گے۔

    حکام نے بتایا ہے کہ اتوار کو راولپنڈی سے سیاسی جماعتوں کی ریلیوں کو بھی اسلام آباد نہیں جانے دیا جائے گا اور اس دن دو مختلف شفٹوں میں مجموعی طور پر 8 ہزار اہلکار سیکورٹی ڈیوٹی پر تعینات ہونگے۔

    یہ بھی پڑھیں: سیاسی صورت حال: ڈی چوک پر کیا ہونے جارہا ہے؟

    سیکیورٹی کے لئے تین ہزار اہلکار پنجاب پولیس، ایک ہزار ایف سی پہلے سے اسلام آباد میں موجود ہیں جبکہ سیکیورٹی انتظامات میں رینجرز کی معاونت بھی حاصل کی جائے گی۔

    خیال رہے کہ پولیس نے پارلیمنٹ لاجز میں آج سے آنے والے وزٹرز کا ڈیٹا بھی حاصل کرلیا ہے جبکہ اراکین اسمبلی کے ساتھ غیر ضروری افراد کو لانے سے روکنے کے لئے اسپیکر اسمبلی سے گذارش کی جائے گی۔

  • ابھی تک کسی پارٹی ممبر یا اتحادیوں کو کال نہیں آئی کہ یہ نہ کریں: شہباز شریف

    ابھی تک کسی پارٹی ممبر یا اتحادیوں کو کال نہیں آئی کہ یہ نہ کریں: شہباز شریف

    اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ اللہ کے فضل سے ہم نے کرپشن کے خاتمے کا کبھی ڈھنڈورا نہیں پیٹا، ہم نے عوام کے منصوبوں میں کئی اربوں کی بچت کی لیکن پیسے بچانے پر کبھی ڈھنڈورا نہیں کیا۔

    اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا متحدہ اپوزیشن نے مجھے وزارت عظمیٰ کا عہدہ سونپا تو یہ مہربانی ہے، متحدہ اپوزیشن کی حکومت آئی تو سب سے پہلے غریب کی زندگی بہتر کریں گے۔

    شہباز شریف نے کہا ابھی تک کسی پارٹی ممبر یا اتحادیوں کو کال نہیں آئی کہ یہ نہ کریں، انتظامیہ اور پولیس کو کہا ہے ووٹنگ کے دن سپریم کورٹ فیصلے پر عمل نہ کیا تو ہم سب کو ذمہ دار ٹھہرائیں گے، ممبرز کو پرامن ووٹنگ میں رکاوٹ ہوئی تو ہم خط لکھیں گے۔

    انھوں نے کہا آج عمران نیازی کی حالت ڈوبتے کو تنکے کا سہارا جیسی ہے، سلامتی کمیٹی کے اعلامیے میں ایک لفظ سازش کا نہیں ہے، آج کل عمران بھارتی پالیسی کی تعریف کر رہے ہیں، بھارت سے متعلق نیوٹرل کی الگ اور اپنوں کی نیوٹرل کی تشریح کچھ کرتے ہیں۔

    دریں اثنا، پریس کانفرنس کے دوران ہی شہباز شریف کو نواز شریف کا فون آ گیا، انھوں نے فون پر بات سنی پھر کہا پریس کانفرنس کے بعد اتحادیوں سے مشاورت کروں گا، بعد ازاں صحافیوں کے سوال کے جواب میں شہباز شریف نے کہا نواز شریف اپنے علاج کے بعد جلد از جلد پاکستان آئیں گے۔