Tag: Islamabad

  • اسلام آباد میں کرونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح 1 فیصد سے بھی کم

    اسلام آباد میں کرونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح 1 فیصد سے بھی کم

    اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کرونا وائرس مثبت کیسز کی شرح 1 فیصد سے بھی کم ہوگئی، کرونا وائرس کی تیسری لہر میں یہ مثبت کیسز کی کم ترین شرح ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کرونا وائرس کیسز کی شرح کم ترین سطح پر آگئی، گزشتہ 24 گھنٹے میں اسلام آباد میں مثبت کرونا کیسز کی شرح 1 فیصد سے بھی کم ریکارڈ کی گئی۔

    ڈی ایچ او اسلام آباد کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس کی تیسری لہر میں یہ مثبت کیسز کی کم ترین شرح ہے، گزشتہ 24 گھنٹے میں 3 ہزار 463 کرونا ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 31 مثبت کیسز رپورٹ ہوئے۔

    اسلام آباد سمیت ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹے میں کرونا وائرس کے صرف 838 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جبکہ کووڈ سے گزشتہ روز 59 اموات ہوئیں۔

    ملک میں گزشتہ 24 گھنٹے میں کرونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح 2.39 فیصد رہی۔

  • اسلام آباد: سرکاری اسکول میں بجلی کی عدم فراہمی، 25 بچے بے ہوش

    اسلام آباد: سرکاری اسکول میں بجلی کی عدم فراہمی، 25 بچے بے ہوش

    اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت میں افسوسناک واقعہ رونما ہوا ہے، جہاں اسکول میں بجلی کی بندش اور شدید گرمی کے باعث بیس سے زائد بچے بے ہوش ہوگئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق واقعہ بارہ کہو کے علاقے ملپور میں پیش آیا، اسکول انتظامیہ کے مطابق صبح سے اسکول میں  بجلی غائب تھی، واپڈا کو اطلاع دی اس کے باوجود بجلی کی فراہمی نہ کی جاسکی۔

    اطلاعات کے مطابق بجلی کی عدم فراہمی اور سخت گرمی کے باوجود اسکول میں پڑھائی کاسلسلہ جاری تھا، سخت گرمی اور بجلی کی عدم فراہمی کے باعث پچیس   بچے بے ہوش ہوئے ساتھ ہی ان کی نکسیر بھی آنا شروع ہوگئی۔

    واقعے کے بعد اسکول انتظامیہ نے متاثرہ بچوں کے سروں پر پانی ڈال کر نکسیر روکنے کی کوشش کی، بعد ازاں بچوں کو طبی امداد کے لئے اسپتال منتقل کیا گیا سخت گرمی اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے باعث سکول میں چھٹی دے دی گئی۔دوسری جانب گرمی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ملک بھر میں بجلی کا شارٹ فال چار ہزار میگاواٹ تک بڑھ گیا ہے، شہروں میں پانچ سے سات جبکہ دیہات میں 8 سے 10 گھنٹے لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے۔

    ذرائع کے مطابق ملک میں بجلی کی طلب 23 ہزار 174 میگاواٹ ہے جبکہ بجلی کی پیدوار 22 ہزار 600 میگاواٹ ہے۔

    تربیلا میں پانی کے کم اخراج کے باعث 3 ہزارمیگا واٹ بجلی پیدا نہیں کی جا رہی، متعلقہ حکام کا کہنا ہے کہ آئندہ چند دنوں میں پانی اخراج میں اضافے سے بجلی پیداوار بڑھ جائے گی، ملک میں سسٹم کی حفاظت کیلئے عارضی لوڈ مینجمنٹ کی جا رہی ہے۔

  • شیخ رشید نواز شریف سے متعلق دل کی بات زبان پر لے آئے، اہم بیان دے دیا

    شیخ رشید نواز شریف سے متعلق دل کی بات زبان پر لے آئے، اہم بیان دے دیا

    اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید دل کی بات زبان پر لے آئے اور کہا کہ نوازشریف گولی دینے میں کامیاب ہوگئے، جس کا دکھ عمران خان کو زیادہ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کے جی نائن مرکز میں ویکسینیشن سینٹر کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ جوتیوں میں دال بٹ رہی ہے، اتنی نالائق، نکمی، نکھٹو اور نا اہل اپوزیشن نہیں دیکھی، ملک میں کوئی اپوزیشن نہیں۔

    میڈیا سے گفتگو میں وزیر داخلہ نے اعتراف کیا کہ نواز شریف گولی دینے میں کامیاب ہوئے جس کا عمران خان کو دکھ ہے، شہباز شریف کو ہم نے روک لیا اور نام ای سی ایل میں ڈالا ہے، اب ان کی وزارت داخلہ کو درخواست دینےکی مدت بھی ختم ہو گئی ہے۔

    وزیر داخلہ نے کہا کہ کووڈ نائنٹین کے خلاف ڈبلیو ایچ او نے پاکستان میں زبردست کام کیا، تمام ہیلتھ ورکز کو سلام پیش کرتا ہوں، پاکستان کے طبی عملے نے کرونا کے خلاف تاریخ رقم کی، عالمی وبا سے جاں بحق ڈاکٹرز شہادت کے رتبے پر فائز ہیں، کرونا ویکسینیشن میں چین نے بھرپور مدد کی، مڈل ایسٹ میں چینی ویکسین قبول کرنے کے معاملے کو عمران خان خود ہینڈل کررہے ہیں۔

    شیخ رشید کا کہنا تھا کہ بجٹ پر جہانگیر ترین گروپ کے تمام ووٹ عمران خان کے حق میں پڑیں گے، بجٹ آ رہا ہے مزدوروں کی تنخواہوں اور پنشن میں اضافہ ہوگا۔

  • پنجاب کے بعد اسلام آباد کے سرکاری اسکولز اور کالجز کھولنے کا فیصلہ

    پنجاب کے بعد اسلام آباد کے سرکاری اسکولز اور کالجز کھولنے کا فیصلہ

    اسلام آباد : پنجاب کے بعد اسلام آباد کے سرکاری اسکولز اور کالجز  کھولنے کا فیصلہ کرلیا گیا،  پہلی سے 8ویں کلاسز 7جون سے کھلیں گی۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی دارلحکومت اسلام آباد کے سرکاری اسکولز اور کالجز 7 جون سے کھولنے کا فیصلہ کرتے ہوئے نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا، وفاقی نظامت تعلیمات کے فیصلے کے تحت پہلی سے 8ویں کلاسز 7جون سے کھلیں گی۔

    نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کلاسز پہلے سے چل رہی ہیں، اساتذہ بچوں کاسلیبس مکمل کرانے پر توجہ دیں، پہلی سے 8ویں کلاسز کے امتحانات کاشیڈول جلد جاری ہوگا۔

    گذشتہ روز پنجاب حکومت نے صوبے بھر کے تمام اسکولز کھولنے کا اعلان کیا تھا، وزیرتعلیم پنجاب مراد راس نے ٹوئٹر پر نوٹیفکیشن شیئر کرتے ہوئے لکھا تھا کہ 7 جون بروز پیر سے ‏صوبے کے تمام سرکاری و نجی اسکولز کھول دیے جائیں گے۔

    انہوں نے کہا تھا کہ نوٹیفکیشن میں لکھی گئی ہدایات کو غور سے پڑھا جائے اور اس پر سختی سی ‏عمل کیا جائے، حکومت کی ٹیمیں صورتحال کا بغور جائزہ لیں گی۔

    محکمہ اسکول ایجوکیشن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق تعلیمی ادارے ہفتے میں 4 ‏دن کھولےجائیں، تعلیمی ادارےمیں ایک دن میں50فیصدحاضری ہوگی۔

  • اسلام آباد پولیس شہدا کے 262 بچوں کو محکمے میں مستقل کر دیا گیا

    اسلام آباد پولیس شہدا کے 262 بچوں کو محکمے میں مستقل کر دیا گیا

    اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت کی پولیس کے شہدا کے 262 بچوں کو محکمے میں مستقل کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد پولیس شہدا کے 262 بچوں کو محکمے میں مستقل کر دیا گیا ہے، آئی جی اسلام آباد قاضی جمیل الرحمٰن نے شہدا کے بچوں کو مستقل کرنے کے سرٹیفکیٹس بھی تقسیم کر دیے۔

    سرٹیفکیٹس کی تقسیم کی تقریب پولیس لائن ہیڈ کوارٹر میں منعقد کی گئی، جس سے خطاب میں آئی جی اسلام آباد نے کہا ہم سب کے لیے بڑی خوشی کا دن ہے، میں آپ کو آپ کے خاندان اور ان افسران کو مبارک باد پیش کرتا ہوں، جن کی کاوشوں کی بدولت آپ محکمہ پولیس میں مستقل بنیادوں پر اپنے فرائض منصبی انجام دیں گے۔

    انھوں نے کہا محکمہ پولیس نے اپنے شہدا کے ساتھ کیا ہوا وعدہ پورا کر دیا ہے، جو ہمارے لیے بڑے اعزاز کی بات ہے، آپ کے والدین عظیم انسان تھے جنھوں نے ملک و قوم کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔

    آئی جی اسلام آباد نے کہا آپ اس محکمہ کی اگلی نسل ہیں آپ کو محنت اور لگن سے کام کرتے ہوئے اپنے والدین اور محکمے کا نام روشن کرنا ہے، ہم جس رینک میں بھی ہوں یا جس بھی شعبے میں ہوں، پوری ایمان داری سے محکمہ کی کامیابی کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

    قاضی جمیل الرحمٰن کا کہنا تھا شہدا ہمارا سرمایہ ہیں ان کے خاندان کا خیال رکھنا، بنیادی سہولیات فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے۔ دریں اثنا، باقاعدہ طور پر وزیر اعظم پاکستان کے شہدا پیکج کی منظوری کے بعد تقریب میں 262 بچوں کو مستقل تقرری سرٹیفکیٹس تقسیم کیے گئے۔

  • اسلام آباد کی نصف آبادی کی ویکسی نیشن کیلئے ہنگامی پلان تیار

    اسلام آباد کی نصف آبادی کی ویکسی نیشن کیلئے ہنگامی پلان تیار

    اسلام آباد : وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے شہریوں میں کورونا ویکسی نیشن مہم کیلئے ہنگامی پلان تیار کرلیا گیا، نصف آبادی کی ویکسی نیشن کیلئے دو ماہ کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں ہنگامی ویکسی نیشن پلان پر عمل درآمد کا آغاز کردیا گیا ہے، اس کے علاوہ اسلام آباد میں نئے ماس اور لوکل ویکسی نیشن سینٹرز کے قیام کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔

    اسلام آباد کے نواحی علاقوں میں ویکسی نیشن سینٹرز قائم کئے جائیں گے، ویکسی نیشن سینٹرز دیہی، بنیادی مراکز صحت میں قائم کئے جائیں گے، اسلام آباد کے سرکاری، نجی اسپتال اور مراکز صحت میں19سینٹرز قائم ہیں۔

    ذرائع کے مطابق ہنگامی پلان پرعمل درآمد کیلئے نئے ویکسی نیٹرز کی بھرتیاں مکمل کرلی گئی ہیں، اسلام آباد میں100ویکسی نیٹرز کو2 ماہ کیلئے بھرتی کیا گیا ہے۔

    عارضی طور پر بھرتی ویکسی نیٹر کو ماہانہ45ہزار تنخواہ دی جائے گی، عارضی بھرتی ہونے والے ویکسی نیٹرز نئے سینٹرز میں تعینات کئے جائیں گے، ماس ویکسی نیشن سینٹرز ایف نائن،کنونشن سینٹر میں قائم ہونگے۔

    ذرائع کے مطابق ایف نائن ماس ویکسی نیشن سینٹر رواں ہفتے فعال ہوجائے گا، کنونشن ماس ویکسی نیشن سینٹر آئندہ ہفتے فعال ہونے کا امکان ہے، کنونشن ماس سینٹر میں یومیہ10ہزار افراد کی ویکسی نیشن ہوسکے گی، اسلام آباد میں2لاکھ10ہزارسے زائد افراد کی ویکسی نیشن ہوسکی ہے۔

  • کراچی: عید خریداری کا آخری روز، شہریوں کو ایک اور مشکل کا سامنا

    کراچی: عید خریداری کا آخری روز، شہریوں کو ایک اور مشکل کا سامنا

    کراچی: مرکزی بینک کی ہدایات نظر انداز، عید الفطر سے قبل ہی متعدد بینکوں کی اے ٹی ایم مشینیں خالی ہوگئیں ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق شہر قائد سمیت سندھ بھر میں عید خریداری کا آج آخری روز ہے، مارکیٹوں میں بے ہنگم رش کے ساتھ ساتھ خریداروں کو ایک اور مشکل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، شہر قائد میں اکثر اے ٹی ایم مشینیں کیش سے خالی ہوگئیں ہیں۔

    اطلاعات کے مطابق کئی مشینیں آؤٹ آف سروس کا میسج دینےلگی ہیں، جس کے باعث شہریوں کو کیش کےحصول میں شدید مشکلات کا سامناہے، شہری کیش حاصل کرنےکیلئے ایک سے دوسرے بینک کی اےٹی ایم کےچکر لگا رہےہیں۔

    یہ بھی پڑھیں: حکومت کا 15 اور ساڑھے 7 ہزار کا انعامی بانڈ ختم کرنے کا فیصلہ

    واضح رہے کہ مرکزی بینک نے تمام بینکوں کو ہدایت کی تھی کہ عید الفطر کی تعطیلات کے دوران اپنی اے ٹی ایم مشینوں میں کیش کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے اقدامات کریں تاکہ عوام کو کسی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

    یاد رہے کہ کرونا ایس اوپیز پر پہلےہی بینک 50 فیصد برانچوں کےساتھ کام کررہےہیں۔

  • خادمین حرمین شریفین نے اسلام آباد میں جامع مسجد تعمیر کرانے کی منظوری دے دی

    خادمین حرمین شریفین نے اسلام آباد میں جامع مسجد تعمیر کرانے کی منظوری دے دی

    اسلام آباد: خادمین حرمین شریفین نے اسلام آباد میں جامع مسجد تعمیر کرانے کی منظوری دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے بین الاقوامی اسلامی یونی ورسٹی اسلام آباد میں مسجد سلمان بن عبدالعزیز تعمیر کرانے کی منظوری دی ہے۔

    جامع مسجد اسلامک یونی ورسٹی کے کیمپس ایچ ٹین سیکٹر  میں تعمیر کی جائے گی، جس میں 4 ہزار افراد نماز ادا کر سکیں گے، مسجد کے خارجی صحنوں میں 6 ہزار افراد نماز پڑھ سکیں گے۔

    مسجد میں خواتین کے لیے بھی خاص مصلہ تعمیر کیا جائے گا جس میں 2 ہزار نمازیوں کی گنجائش ہوگی۔

    اس منصوبے کے تحت خادم حرمین شریفین لائبریری، خادم حرمین شریفین عجائب گھر، امیر محمد بن سلمان کانفرنس ہال، دفتری خدمات زون اور پارکنگ لاٹس بھی ہوں گی۔

    سعودی عرب فیصل مسجد اسلام آباد کی طرح بین الاقوامی اسلامی یونی ورسٹی میں 80 کنال پر محیط مسجد سلمان بن عبدالعزیز تعمیر کرے گا۔

  • زیادتی کے مقدمات کی سماعت کن عدالتوں میں ہوگی؟ فیصلہ ہوگیا

    زیادتی کے مقدمات کی سماعت کن عدالتوں میں ہوگی؟ فیصلہ ہوگیا

    اسلام آباد: ریپ مقدمات کو جلد انجام تک پہنچانے کی کوششوں میں بڑی پیش رفت ہوئی ہے، صدر مملکت عارف علوی نے اس سلسلے میں آرڈیننس جاری کردیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سیشن عدالتوں کو ریپ مقدمات کی خصوصی عدالتوں کا درجہ دے دیا گیا ہے، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی جانب سے سیشن عدالتوں کو خصوصی عدالتوں کا درجہ انسداد ریپ آرڈیننس کےتحت دیاگیا ہے۔

    واضح رہے کہ گذشتہ سال دسمبر میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ملک میں ریپ کے واقعات کی روک تھام اور اس سے متعلق کیسز کو جلد منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے اینٹی ریپ (انویسٹگیشن اینڈ ٹرائل) آرڈیننس 2020 کی باضابطہ منظوری دے دی۔اس آرڈیننس کے ابتدائی مسودے میں ریپ کے مجرمان کو نامرد بنانے سے قبل ان کی رضامندی حاصل کرنے کی شرط شامل کی گئی تھی جسے حتمی مسودے میں ختم کردیا گیا۔

    یاد رہے کہ ملک میں ریپ کے واقعات کی روک تھام کے لیے وفاقی کابینہ نے گذشتہ سال 25 نومبر کو دو انسداد ریپ آرڈیننسز کی اصولی منظوری دی تھی۔

    آرڈیننس کے اہم نکات

    آرڈیننس کے مطابق ریپ کے ملزمان کے خلاف مقدمات کی تیزی سے سماعت اور انہیں جلد از جلد نمٹانے کے لیے ملک بھر میں خصوصی عدالتیں قائم کی جائیں گی جو چار ماہ میں اس نوعیت کے مقدمات کو نمٹائیں گی۔

    اس آرڈیننس میں ریپ کے مجرم کو نامرد بنانے سے قبل اس کی رضامندی حاصل کرنے کی شرط ختم کردی گئی ہے۔

    وزیراعظم اینٹی ریپ کرائسس سیل قائم کریں گے جو وقوعہ کے بعد چھ گھنٹے کے اندر اندر میڈیکو لیگل معائنہ کرانے کا مجاز ہوگا۔

    نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کی مدد سے قومی سطح پر جنسی زیادتی کے مجرمان کا رجسٹر تیار کیا جائے گا۔

    آرڈیننس میں جنسی زیادتی کے متاثرین کی شناخت ظاہر کرنے پر پابندی عائد کرنے کے علاوہ اسے قابلِ سزا جرم قرار دے دیا گیا۔

    آرڈیننس کے تحت تحقیقات میں کوتاہی برتنے پر پولیس و سرکاری ملازم کو 3 سال قید کی سزا اور جرمانہ عائد کیا جائے گا جبکہ غلط معلومات فراہم کرنے والے پولیس اور سرکاری ملازم کو بھی سزا کا سامنا کرنا پڑے گا۔

    نوٹیفائیڈ بورڈ کے ذریعے مجرم کو کیمیکل یا ادویات کے ذریعے نامرد بنایا جائے گا۔

     

  • بھارتی ناظم الامور کی دفتر خارجہ طلبی، جنگ بندی کی خلاف ورزی پر شدید احتجاج

    بھارتی ناظم الامور کی دفتر خارجہ طلبی، جنگ بندی کی خلاف ورزی پر شدید احتجاج

    اسلام آباد: بھارت میں کرونا وبا قہر ڈھارہی ہے، ایسی نازک صورت حال میں بھی بھارت نے پاکستان کی سرحدی حدود پر اشتعال انگیزی کی ہے۔

    ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق بھارت نے سرحدوں پر فائربندی معاہدےکی خلاف ورزی کی اور ورکنگ باؤنڈری پر فائرنگ کی ہے، بھارت کی جانب سے سرحد پر اشتعال انگیزی پر بھارتی ناظم الامور کو وزارت خارجہ طلب کیا گیا اور ورکنگ باؤنڈری پر اشتعال انگیز پر ان سے شدید احتجاج کیا گیا، بھارتی ناظم الامور کی دفتر خارجہ طلبی پر انہیں احتجاجی مراسلہ بھی دیا گیا ۔ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت 2003 کی جنگ بندی کے معاہدے کا احترام یقینی بنائے، بھارت اپنی افواج کو جنگ بندی پر کاربند کرکے عمل کی ہدایت کرے، اور سرحدوں پر معاہدے کی حقیقی روح کے مطابق امن برقرار رکھے۔

    ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ کے مطابق گزشتہ روز بھارتی فوج نے ورکنگ باؤنڈری کے چارواہ سیکٹرپر بلااشتعال فائرنگ کی تھی۔