Tag: Islamabad

  • فاسٹ بولر محمد عباس نے ٹیم میں شامل ہونے کا پلان مرتب کرلیا

    فاسٹ بولر محمد عباس نے ٹیم میں شامل ہونے کا پلان مرتب کرلیا

    لندن: فاسٹ بولر محمد عباس کا کہنا ہے کہ کوشش ہے کہ فارم کے ساتھ ردھم میں آؤں اور قومی ٹیم میں کم بیک کروں۔

    تفصیلات کے مطابق ایک بیان میں فاسٹ بولر محمد عباس نے کہا کہ پاکستان میں ڈومیسٹک کرکٹ نہ ہونے کے باعث کاؤنٹی کرکٹ کا موقع مل رہا ہے، کاؤنٹی کرکٹ میچز میرے لیے بڑی اہمیت رکھتے ہیں، کوشش ہے کہ فارم کے ساتھ ردھم میں آؤں اور ٹیم میں کم بیک کروں۔

    محمد عباس نے کہا کہ خوشی ہے کہ سیزن کے آغاز میں ہی مجھے کامیابی ملی، آئندہ میچوں میں بھی میرا یہی ہدف ہے کہ اپنی کارکردگی کو برقرار رکھوں۔

    واضح رہے کہ کاؤنٹی کرکٹ میں ہیمپشائر کی نمائندگی کرنے والے محمد عباس نے مڈل ایکس کے خلاف ہونے والے میچ میں شاندار بولنگ کا مظاہرہ کیا اور میچ میں مجموعی طور پر نو وکٹیں حاصل کیں تھیں۔

    پاکستان کے فاسٹ بولر محمد عباس نے پہلی اننگز میں چھ وکٹیں لینے کے بعد دوسری اننگز میں بھی تین کھلاڑیوں کو چلتا کیا،قومی ٹیم کے فاسٹ بولر نے مڈل ایکس کے خلاف میچ میں مجموعی طور پر 31 اوورز کرائے، جن میں 6 میڈن اوور رہے، انہوں نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 31 اوورز میں محض 39 رنز دئیے جبکہ دونوں اننگز میں مجموعی طور پر نو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

    پہلی اننگز میں مڈل ایکس کے خلاف محمد عباس ڈراؤنا خواب ثابت ہوئے تھے، جہاں انہوں نے 2.5 اوورز یعنی صرف 17 گیندوں پر تین رنز دے کر پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جس میں ہیٹ ٹرک بھی شامل تھی جبکہ اس میں ایک میڈان اوور بھی شامل تھا۔

    یہ بھی پڑھیں: فاسٹ بولر محمد عباس کی کاؤنٹی کرکٹ میں شاندار کارکردگی

    واضح رہے کہ گزشتہ ماہ مارچ میں کاؤنٹی کرکٹ کلب ہیمپشائر نے محمد عباس سے معاہدہ طے کیا تھا، معاہدے کے تحت محمدعباس 7 میچز کیلئے ہیمپشائر کو دستیاب ہوں گے وہ 23 اپریل تک ہیمپشائر کرکٹ کےہمراہ ‏رہیں گے۔

    اس سےقبل محمدعباس 2 سال تک لیسٹر شائر کی نمائندگی کرچکے ہیں، پیسر لیسٹر شائر کی ‏جانب سے 2 سیزن میں 19 میچوں کے دوران 79 وکٹیں حاصل کر چکے تھے۔

  • وفاقی کابینہ نے تحریک لبیک پاکستان پر پابندی کی منظوری دے دی

    وفاقی کابینہ نے تحریک لبیک پاکستان پر پابندی کی منظوری دے دی

    اسلام آباد: وفاقی کابینہ نے تحریک لبیک پاکستان پر پابندی کی منظوری دے دی ہے، پنجاب حکومت نے تحریک لبیک پاکستان پر پابندی کی سفارش کی تھی۔

    ذرائع کابینہ ڈویژن کے مطابق وفاقی کابینہ نے تحریک لبیک پاکستان پر پابندی کی منظوری دیدی ہے، وفاقی کابینہ نے انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت پابندی کی منظوری دی، وفاقی کابینہ سے منظوری سرکولیشن سمری کے ذریعے لی گئی۔

    کابینہ ڈویژن کے ذرائع کا کہنا ہے کہ سمری وزیرداخلہ کی جانب سے بھیجی گئی تھی، سمری کے مطابق پنجاب حکومت نے تحریک لبیک پاکستان پر پابندی کی سفارش کی تھی۔

    گذشتہ روز اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ تحریک لبیک پاکستان پر انسداد دہشتگردی ایکٹ کےتحت پابندی کا فیصلہ کیا ہے، ٹی ایل پی پر پابندی کی سمری کابینہ کو بھجوارہےہیں، فیصلہ اینٹی ٹیررازم ایکٹ 1997(11)بی کےتحت کیا۔

    وزیر داخلہ شیخ رشید نے ٹی ایل پی کے سوشل میڈیا چلانے والے لوگ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ سرینڈر کردیں، ان کی ایما پر تھانوں پر حملے ہوئے ، آپ نے ایمبولینسز کو روکا ہے , پولیس اہلکاروں کو اغوا کے بعد تشدد کانشانہ بنایا، پرتشدد واقعات میں دو پولیس اہلکار شہید جبکہ تین سو چالیس سے زائد زخمی ہوئے۔

    وفاقی وزیر داخلہ نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ پنجاب حکومت نے تنظیم پر پابندی کی سفارش کی ہے، ٹی ایل پی کے سیاسی حالات پر نہیں بلکہ کردار کی وجہ سے پابندی لگارہےہیں، ٹی ایل پی والوں کو کہتا ہوں کہ آپ حکومت کو مسائل سے دو چار نہیں کرسکتے۔

    وزیر داخلہ نے واضح کیا تھا کہ ختم نبوت کے قانون میں کوئی ترمیم نہیں کی گئی ہے، ہم ایسا مسودہ چاہتے ہیں جس سے نبیﷺ کا جھنڈا بلند ہو، اب قرارداد وہی آئے گی جس سے دنیا میں پیغام عاشق رسولﷺ کا جائے گا۔

    یہ بھی پڑھیں: حکومت کا تحریک لبیک پاکستان پر پابندی لگانے کا فیصلہ

    گذشتہ روز اے آر وائی نیوز کے پروگرام دی رپورٹرز میں گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے بتایا کہ ٹی ایل پی ‏سےجومعاہدہ تھا وہ اعجازشاہ نےکیا تھا ہم مسودےکےمعاملےکولیکرآگےبڑھ رہےتھے، ٹی ایل پی ‏والوں سےمسودے پر دو دن بات چیت ہوتی رہی وہ ایسا مسودہ چاہتے تھےجو کسی صورت قبول ‏نہیں کیا جاسکتاتھا۔

    شیخ رشید کا کہنا تھا کہ سڑکوں پر کیا ہو رہا تھا پوری دنی انےدیکھ لیا، صورتحال خرابی کی طرف ‏جارہےتھےپابندی لگانا ضروری تھا، عدالتوں میں فیصلے ہوتےہیں، ٹی ایل پی پرپابندی لگانےکافیصلہ ‏ضروری ہوگیاتھا اسپتالوں پرحملےکیےگئے ایمبولینسز روکی گئیں،مریضوں ‏کوآکسیجن نہیں مل رہی تھی۔

    دوسری جانب اپنے ٹوئٹ میں وفاقی وزیر فوادچوہدری کا کہنا تھا کہ لبیک جیسے شدت پسند گروہ اسلام کی شناخت کو بدلنا اور تشدد، انتہاپسندی کو ہوا دینا چاہتے ہیں،ایسے گروہ کی کوششوں کوناکام بناناہرمسلمان کافرض ہے۔

    اپنے پیغام میں فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ برصغیر میں اسلام درگاہوں اور اولیائے کرام کی تبلیغ بزرگان دین کی محبت اور انسانیت کےدرس کی مضبوط بنیادوں پراستوار ہوا ہے۔

  • جسٹس قاضی فائز کیس: سماعت کی براہ راست کوریج سے متعلق سپریم کورٹ نے فیصلہ سنادیا

    جسٹس قاضی فائز کیس: سماعت کی براہ راست کوریج سے متعلق سپریم کورٹ نے فیصلہ سنادیا

    اسلام آباد: جسٹس قاضی فائزعیسیٰ کی براہ راست کوریج کی درخواست پر سپریم کورٹ نے اپنا فیصلہ سنادیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی براہ راست کوریج کی درخواست پر سپریم کورٹ نے فیصلہ سنادیا ہے، جسٹس عمر عطابندیال کی سربراہی میں دس رکنی بینچ نے فیصلہ سنایا، جسٹس عمر عطابندیال نے کیس کا مختصر فیصلہ پڑھ کر سنایا، دس میں سے چار ججز نے نظرثانی درخواست کے فیصلے سے اختلاف کیا۔

    جسٹس عمر عطابندیال نے مختصر فیصلہ جاری کرتے ہوئے جسٹس قاضی فائزعیسیٰ کی براہ راست کوریج کی درخواست کو مسترد کردیا، عدالت عظمیٰ کی جانب سے جاری مختصر فیصلے میں کہا گیا کہ معلومات تک رسائی عوام کا بنیادی حق ہے، معلومات تک کس انداز میں رسائی دینی ہے یہ انتظامی معاملہ ہے۔

    اس موقع پر جسٹس قاضی فائز نے کہا کہ فیصلے تحریر اور اختلاف کرنیوالےججز کےنام جانناچاہتاہوں، جس پر جسٹس عمر عطابندیال نے کہا کہ فیصلہ پڑھیں گےتوآپ کو ناموں کا اندازہ ہوجائےگا۔

    چار ججز کی جانب سے اختلافی نوٹ لکھا گیا، اختلافی نوٹ میں براہ راست نشریات کی استدعا منظور کی گئی اور کہا گیا کہ عوامی مفاد کا کیس ہے، ویب سائٹ پربراہ راست دکھایا جائے، اختلافی نوٹ میں یہ بھی کہا گیا کہ عدالتی کارروائی کی آڈیو ریکارڈنگ ویب سائٹ پر ڈالی جائے، بعد ازاں جسٹس قاضی فائز عیسیٰ ریفرنس نظرثانی درخواست کی سماعت کل تک ملتوی کردی گئی۔

    جسٹس مقبول باقر، جسٹس منظور احمد ملک ، جسٹس مظہر عالم میاں خیل ،جسٹس منصور علی شاہ نے فیصلے سے اختلاف کیا۔

    مختصر فیصلے کے بعد کمرہ عدالت میں اہلیہ جسٹس قاضی فائز عیسٰی نے کہا کہ یہاں ایک وزیر اعظم خط نہ لکھنے پر نااہل ہو جاتا ہے، ایک وزیر کو تو عدالت کا نوٹس بھی نہیں دیا جاتا، فواد چوہدری نے ایک جج کی توہین کی مگرنوٹس نہیں لیا گیا۔

    جس پر جسٹس عمرعطابندیال نے کہا کہ آپ کی دو درخواستیں ہمارے سامنے فکس نہیں ہوئیں، جس پر جسٹس قاضی فائزعیسیٰ نے استفسار کیا کہ د رخواستیں اب تک کیوں سماعت کیلئےمقرر نہیں ہوئیں؟ کیا ججز رجسٹرار کے تابع ہیں؟ رجسٹرار کے خلاف میں نے حلفیہ الزامات عائد کئے ہیں۔

    واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے گذشتہ ماہ اٹھارہ مارچ کو جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی نظرثانی درخواست کی سماعت براہ راست نشر کرنے سے متعلق فیصلہ محفوظ کیا تھا۔

    عدالت کا کہنا تھا کہ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کیس کی براہ راست نشریات سے متعلق مختصر فیصلہ دیا جائے گا۔

  • مسئلہ کشمیر پر وزیراعظم کا بھارت کو کرارا جواب

    مسئلہ کشمیر پر وزیراعظم کا بھارت کو کرارا جواب

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے مسئلہ کشمیر پر دو ٹوک موقف دیتے ہوئے کہا کہ یقین دلاتا ہوں جب تک بھارت پانچ اگست کا اقدام واپس نہیں لیتا حالات معمول پر نہیں آئیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق "آپ کا وزیراعظم آپ کے ساتھ” کے عنوان سے ٹیلی فون پر عوام سے براہ راست بات چیت کے دوران وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ جس طرح ہم نے کشمیر کا مقدمہ لڑا، چیلنج کرتا ہوں پچھلے پچاس سال میں کبھی کسی حکومت نے نہیں لڑا۔

    آزاد جموں و کشمیر سے ایک کالر کے سوال کے جواب میں وزیراعظم عمران خان نے واضح کیا کہ بھارت کے ساتھ تعلقات تب تک معمول پر نہیں آسکتے جب تک وہ پانچ اگست دوہزار انیس کو مقبوضہ جموں و کشمیر کے حوالے سے اٹھائے گئے اپنے غیر قانونی اقدامات کو واپس نہیں لیتا۔

    وزیراعظم نے کہا کہ صرف ایمرجنسی کی وجہ سے چینی اور کاٹن کی تجویز آئی تھی لیکن کابینہ نے فیصلہ کیا کہ ایسا کوئی کام نہیں ہوگا جس سےکشمیری بھائیوں کو لگے کہ ہم بھارت سے تعلقات معمول پر لا رہے ہیں، مسئلہ کشمیر پر بھارت لچک نہیں دکھاتا تو ہم نارملائزیشن میں نہیں جاسکتے۔

    واضح رہے کہ دو اپریل کو وزیراعظم عمران خان نے بھارت سے تجارتی روابط بڑھانے کے حوالے سے کابینہ کا انتہائی اہم مشاورتی اجلاس طلب کیا تھا، وزیراعظم نے اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کی سفارشات کابینہ کے سامنے پیش کر کے اس پر مشاورت کی۔

    یہ بھی پڑھیں:  بھارت سے تجارت ہوگی یا نہیں؟ وزیراعظم نے واشگاف الفاظ میں واضح‌ کردیا

    بعد ازاں مشاورتی اجلاس کے شرکا نے ای سی سی کی سفارشات کو مشاورت کے بعد مسترد کردیا، اہم اجلاس میں وزیراعظم نے دو ٹوک انداز میں کہا کہ ’پاکستان موجودہ حالات میں بھارت سےکوئی تجارت نہیں کرے گا‘، وزیراعظم نےحکومتی معاشی ٹیم کو کپاس اور چینی کی درآمدات کے متبادل ذرائع تلاش کرنے کی ہدایت بھی کی۔

    وزیراعظم عمران خان خان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا ہمیشہ ایک ہی مؤقف رہا کہ بھارت خطے کے ماحول کو پرامن اور سازگار بنائے، جس کے لیے اُسے پانچ اگست کے غیر قانونی اقدام پر نظر ثانی کرنا ہے جو اُس نے کشمیر میں نافذ کیے۔

    یاد رہے کہ ای سی سی کی جانب سے کمرشل نقطہ نگاہ سےبھارت سے کپاس اور چینی درآمدکی سفارشات دی گئی تھیں مگر وزیراعظم نے اسے مسترد کردیا تھا۔

  • مولانافضل الرحمان کی طبیعت تاحال ناساز

    مولانافضل الرحمان کی طبیعت تاحال ناساز

    اسلام آباد: سربراہ پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمان کی طبیعت تاحال ناساز ہے، ڈاکٹرز نے مکمل آرام کا مشورہ دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کئی دنوں سے علیل پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ کے سربراہ کی طبیعت ناساز ہے، اسلام آباد میں ان کی رہائش گاہ پر علاج بھی جاری ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمان کو مسلسل بخار کے باعث ڈرپ لگائی گئی، ڈاکٹرز نے مولانافضل الرحمان کو مکمل آرام کا مشورہ دیا ہے۔

    واضح رہے کہ گذشتہ ماہ کی اٹھائیس تاریخ سے جمعیت علمائے اسلام (ف) اور پاکستان ڈیموکریٹک موؤمنٹ کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی طبیعت خراب ہے، انہوں نے اپنا کرونا ٹیسٹ کرایا تھا جس کی رپورٹ منفی آئی تھی۔

    فضل الرحمان نے ناسازی طبع کی وجہ سے سیاسی سرگرمیاں معطل کررکھی ہیں۔

    اس سے ایک روز قبل نائب صدر مسلم لیگ (ن) مریم نواز کی بھی طبیعت ناساز ہوگئی تھی ، اور انہوں نے اپنی تمام سیاسی سرگرمیاں منسوخ کردی تھیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  مریم نواز کی طبیعت ناساز، سیاسی سرگرمیاں منسوخ

    ترجمان ن لیگ مریم اورنگزیب کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ مریم نواز کی طبیعت ناساز ہے، انہیں تیز بخار اور گلے میں شدید درد ہے، مریم نواز نے اپنا کرونا ٹیسٹ بھی کرایا ہے، جس کی رپورٹ منفی آئی ہے۔

    مریم اورنگزیب نے بتایا کہ مریم نواز شریف طبیعت کی ناسازی کے باوجود لاہور ہائی کورٹ بھی گئیں تھی۔

    دوسری جانب نواز شریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان بھی لندن سے لاہور پہنچ چکے ہیں انہوں نے مریم نواز کا طبی معائنہ کیا اور کچھ ضروری ٹیسٹ بھی کرائے ہیں۔

  • وزیراعظم کے مشیر کا کرونا ٹیسٹ مثبت آگیا

    وزیراعظم کے مشیر کا کرونا ٹیسٹ مثبت آگیا

    اسلام آباد: وزیراعظم کےمشیربابر اعوان کا کرونا ٹیسٹ مثبت آگیا ہے تاہم عمران خان کورونا کو شکست دے چکے۔

    وفاقی دارالحکومت سمیت پنجاب کے کئی شہر اس وقت کرونا وبا کی تیسری لہر کی زد میں ہیں، برطانیہ سے آئی کرونا کی تیسری لہر کا خوفناک عنصر یہ ہے کہ اس سے بچے بھی شدید متاثر ہورہے ہیں۔

    گذشتہ ماہ وزیراعظم عمران خان، صدر مملکت عارف علوی سمیت دیگر اہم شخصیات کرونا میں مبتلا ہوئے، وزیراعظم عمران خان تو کرونا وبا کو شکست دے چکے تاہم صدرپاکستان ان دنوں قرنطینہ میں ہیں تاہم وہ مکمل طور پر تندرست ہیں۔

    کروناوبا کی نئی لہر کے باعث آج وزیراعظم کے مشیر برائے پارلیمانی امور بابر اعوان بھی کرونا وبا میں مبتلا ہوگئے ہیں۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں بابر اعوان نے بتایا کہ کرونا کی ہلکی علامت ہیں، ٹیسٹ مثبت آنےکےبعد خود کو قرنطینہ کرلیا ہے، گھر سےہی کام جاری رکھوں گا۔

    ٹوئٹر پر جاری اپنے پیغام میں وزیراعظم کے مشیر نے قوم سے اپیل کی کہ ماسک پہنیں اور سماجی فاصلہ رکھیں، اللہ تعالیٰ ہم سب کو سلامت رکھے۔

  • خطرناک صورتحال ، اسلام آباد میں  5 ہزار 497 بچے کورونا کا شکار

    خطرناک صورتحال ، اسلام آباد میں 5 ہزار 497 بچے کورونا کا شکار

    اسلام آباد: وفاقی دارلحکومت میں کورونا تشویشناک صورتحال اختیار کرنے لگا، 10 سال کے 5 ہزار 497 بچے کورونا کا شکار ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق کورونا کے بچوں پر بھی تیزی سے وار جاری ہے ، وفاقی دارلحکومت اسلام آباد میں 10 سال کے 5 ہزار 497 بچے کورونا پازیٹو ہوچکے ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں 11 تا 20سال عمرکے 5 ہزار 186 ، 21 تا 30 سال عمر کے 11 ہزار 148 افراد میں کورونا کی تصدیق ہوئی۔

    ذرائع کے مطابق وفاقی دارلحکومت میں31 تا 45سال کے 15 ہزار 993 افراد ، 46 تا 60 سال کے 10 ہزار 796 افراد ، 61تا80سال کے 5 ہزار 738 اور 81 سال سےزائدعمر کے 525 افراد کوروناپازیٹو ہوئے۔

    یاد رہے اسلام آباد میں مثبت کورونا کیسز کی شرح ریکارڈ سطح 15.9 فیصد پر پہنچ گئی ہے ، ڈی ایچ او ڈاکٹر زعیم ضیا کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں 24 گھنٹے میں 856کورونا کیسز رپورٹ ہوئے ، اب تک مجموعی طور پر 56 ہزار 460 کیسز اور 561 اموات ہوچکی ہیں۔

    ڈاکٹر زعیم ضیا کا کہنا تھا کہ 24 گھنٹے میں کورونا کے 2مریض جاں بحق ہوئے جبکہ کورونا کیلئے مختص 64 فیصد وینٹی لیٹرز زیر استعمال ہیں۔

  • کرونا کیسز میں اضافہ: اسلام آباد کے متعدد علاقوں میں لاک ڈاؤن

    کرونا کیسز میں اضافہ: اسلام آباد کے متعدد علاقوں میں لاک ڈاؤن

    اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کرونا وائرس کے کیسز میں اضافے کے پیش نظر متعدد علاقوں میں اسمارٹ اور مکمل لاک ڈاؤن نافذ کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کرونا وائرس کے کیسز میں اضافہ دیکھا جارہا ہے جس کے بعد وفاقی انتظامیہ نے شہر کے مختلف علاقوں میں لاک ڈاؤن کا فیصلہ کیا ہے۔

    اسمارٹ لاک ڈاؤن جی نائن 2، جی ٹین 3، جی ٹین 2، جی الیون 2، جی الیون 1 اور آئی ایٹ 3 میں نافذ کیا گیا ہے۔

    علاوہ ازیں ڈی ایچ اے ٹو، سوہان گارڈن، پی ڈبلیو ڈی، بہارہ کہو اور بنی گالہ میں مکمل لاک ڈاؤن کردیا گیا ہے۔ جزوی اور مکمل لاک ڈاؤن کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔

    یاد رہے کہ ملک میں کرونا وائرس کی تیسری لہر خطرناک ثابت ہورہی ہے، صرف گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ساڑھے 4 ہزار نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

    اب تک ملک میں کرونا وائرس کے مجموعی کیسز کی تعداد 6 لاکھ 59 ہزار 116 ہوچکی ہے جن میں سے فعال کیسز کی تعداد 46 ہزار 663 ہے۔

    ملک میں وبا سے جاں بحق افراد کی تعداد 14 ہزار 256 ہوچکی ہے جبکہ اب تک 5 لاکھ 98 ہزار 197 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔

  • کورونا وائرس : صوبوں کو ایس او پیز پر سختی سے عمل کرانے کی ہدایت

    کورونا وائرس : صوبوں کو ایس او پیز پر سختی سے عمل کرانے کی ہدایت

    اسلام آباد : نیشنل آپریشن اینڈ کمانڈ سینٹر (این سی او سی) نے چاروں صوبوں کو ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کرانے کی ہدایت کردی۔

    اسلام آباد میں وفاقی وزیر اسدعمرکی زیرصدارت این سی اوسی کا خصوصی اجلاس ہوا جس میں کے پی اور  پنجاب کے وزرائے اعلیٰ اور صوبائی وزرائے صحت نے شرکت کی۔

    اجلاس میں مثبت کورونا کیسز کی شرح اور ایس او پیز پرعملدرآمد کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی، این سی اوسی عہدیداران نے ملک میں کورونا کے پھیلاؤ پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔

    اجلاس میں این سی اوسی نے صوبوں کو ایس او پیز پرسختی سے عمل درآمد کرانے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ صوبے ایس اوپیز پرعملدرآمد کیلئےسخت انتظامی اقدامات کریں۔

    اس کے علاوہ این سی اوسی نے کورونا کے مزید پھیلاؤ کو روکنے کیلئے مزید ممکنہ اقدامات پر غور کیا، این سی اوسی کے مطابق کورونا صورتحال پر چیف سیکرٹریز کا اجلاس کل ہوگا۔

    اس حوالے سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ چیف سیکرٹریز کےاجلاس میں ممکنہ اضافی اقدامات پرغور کیا جائے گا۔ اجلاس میں این سی او سی نے ویکسی نیشن کی رفتار کم ہونے پر تحفظات کا اظہار کیا۔

  • وفاقی دارالحکومت میں کورونا کیسز میں ریکارڈ اضافہ جاری

    وفاقی دارالحکومت میں کورونا کیسز میں ریکارڈ اضافہ جاری

    اسلام آباد: وفاقی دارلحکومت میں مثبت کورونا کیسز کی شرح 10 فیصد سے تجاوز کر گئی، ایک دن میں 709 کیسز رپورٹ ہوئے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں کورونا کیسز میں ریکارڈا ضافہ جاری ہے، ڈی ایچ اواسلام آباد ڈاکٹرزعیم ضیا نے کہا گزشتہ24گھنٹےمیں709کوروناکیس سامنے آئے ہیں، جس کے بعد اسلام آباد میں مثبت کورونا کیسز کی شرح10 فیصد سے تجاوز کر گئی۔

    ڈاکٹرزعیم ضیا کا کہنا تھا کہ گزشتہ24گھنٹےمیں مثبت کیسزکی شرح10.7فیصدرہی، مجموعی کیسز کی تعداد 55 ہزار 056 اور 557 اموات ہوچکی ہیں۔

    ڈی ایچ او نے بتایا 24گھنٹےمیں کوروناکے2مریض انتقال کرگئے اور کورونا کیلئے مختص 62 فیصد وینٹی لیٹرز زیر استعمال ہیں۔

    این سی اوسی کا کہنا تھا کہ صوبے کورونا کا پھیلاؤ روکنے کیلئےسخت اقدامات کریں اور ایس اوپیز کی خلاف ورزی کرنیوالوں کے خلاف سخت ایکشن لیں۔

    خیال رہے ملک میں کورونا کی تیسری لہر کے وار جاری ہے ، کورونا مثبت آنے کی شرح 10.09 ریکارڈ کی گئی، چوبیس گھنٹوں میں مزید چارہزار 468 کیس رپورٹ اور 67 مریضوں کاانتقال ہوا۔