Tag: Islamabad

  • سیکیورٹی فورسز کی اہم کارروائی، دہشتگرد کمانڈر "نورستان” مارا گیا، آئی ایس پی آر

    سیکیورٹی فورسز کی اہم کارروائی، دہشتگرد کمانڈر "نورستان” مارا گیا، آئی ایس پی آر

    راولپنڈی: سیکیورٹی فورسز نے جنوبی وزیرستان میں کامیاب کارروائی کرتے ہوئے پچاس سیکیورٹی اہلکاروں کو شہید کرنے والے دہشت گرد کو واصل جہنم کردیا ہے۔

    آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق جنوبی وزیرستان کے علاقے طیارزہ میں خفیہ اطلاع پر سیکیورٹی فورسز نے اہم کارروائی کی، سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں دہشتگرد کمانڈر نورستان مارا گیا۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگرد نورستان وزیرستان میں بڑی دہشتگرد کارروائیوں کا ماسٹر مائنڈ اور مارشل آرٹس کا ماہر تھا، ہلاک دہشت گرد پچاس سیکیورٹی اہلکاروں کو شہید کرنےمیں ملوث رہا۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگرد کمانڈر نورستان دو ہزار سات میں بیت اللہ محسود گروپ میں شامل ہوا،اسی سال دہشتگرد نورستان نے شوال میں ساتھیوں کیساتھ ایف سی پوسٹ پرحملہ کیا تھا، ایف سی چیک پوسٹ حملےمیں تین سیکیورٹی اہلکار شہید ہوئے تھے۔

    یہ بھی پڑھیں:  عمر نرے عرف خالد خراسانی ڈرون حملے میں‌مارا گیا، آئی ایس پی آر کی تصدیق

    آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ نورستان کے دو ہزار نو میں خسیرا میں آئی ای ڈی حملےمیں بارہ اہلکار شہید ہوئے تھے، کالعدم تنظیم کے دہشت گرد نے اسی سال شکئی کیمپ پر حملہ کیا تھا، جس کے نتیجے میں سات اہلکار شہید ہوئے تھے۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشتگرد نورستان عرف حسن بابا آئی ای ڈی کا ماہر اور ماسٹر ٹرینر تھا، نورستان کے2010میں آئی ای ڈی شکئی حملے میں 2اہلکار شہید ہوئے تھے جبکہ دہشتگرد کی جانب سے وانا میں آرمی کی ٹیم پر حملے میں 6 اہلکاروں نے جام شہادت نوش کیا تھا۔

  • "عوامی مقامات پر قبضہ کرنا وکیلوں کا کام نہیں”

    "عوامی مقامات پر قبضہ کرنا وکیلوں کا کام نہیں”

    اسلام آباد: سپریم کورٹ نے مقامی انتظامیہ کو اسلام آباد کچہری میں وکلا کےچیمبر گرانے سے روکنے کا حکم دیتے ہوئے وکلا کو اہم پیغام دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے اسلام آباد کچہری میں وکلا کےچیمبر گرانے سے متعلق دائر درخواست پر سماعت کی۔

    سماعت کے آغاز پر ہی سپریم کورٹ نے اسلام آباد بار کونسل کی اپیل سماعت کیلئے منظور کی اور اسلام آباد انتظامیہ کو وکلا کے مزید چیمبرز گرانےسے روکتے ہوئے ریمارکس دئیے کہ آئندہ سماعت تک مزید کارروائی نہ کی جائے۔

    چیف جسٹس جسٹس گلزار احمد نے سماعت کے دوران روسٹرم پر وکلا کی جانب سے مجمع لگانے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے تمام وکلا کو روسٹرم سے ہٹادیا، اس موقع پر عدالت عظمیٰ کا کہنا تھا کہ عدالت کسی کے دباؤ میں نہیں آئے گی، آپ لوگ عدالت کو دباؤ میں لانے کی کوشش نہ کریں۔چیف جسٹس نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ ہم بھی وکیل رہےہیں مگر ایسی حرکتیں کبھی نہیں کیں، کسی وکیل نے پریکٹس کرنی ہے تو اپنا دفتر خود بنائے، عوامی مقامات پر قبضہ کرنا وکیلوں کا کام نہیں ہے۔

    دوران سماعت چیف جسٹس نے وکیل اسلام آبادبار کونسل سے استفسار کیا کہ بار ایسوسی ایشن کو چیمبرز لیزپر دینےکا اختیار کہاں سےآ گیا؟، ملک میں کہیں بھی گراؤنڈ میں چیمبرز نہیں بنے جس پر وکیل اسلام آباد بار کونسل نے کہا کہ ملک میں کہیں اور دکانوں میں عدالتیں بھی نہیں لگتیں۔

    بعد ازاں سپریم کورٹ نےاٹارنی جنرل،ایڈووکیٹ جنرل اسلام آبادکو نوٹس جاری کردئیے، اس موقع پر جسٹس اعجازالاحسن نے ریمارکس دئیے کہ فٹ بال گراؤنڈپر تین منزلہ چیمبرز تعمیر کیے گئے، چیمبرز وکلا کے ذاتی ملکیت تصورہوتے ہیں۔

  • اسلام آباد میں ہیلتھ ورکرز کی ویکسی نیشن سست روی کا شکار ، وزارت صحت کا عدم اطمینان کا اظہار

    اسلام آباد میں ہیلتھ ورکرز کی ویکسی نیشن سست روی کا شکار ، وزارت صحت کا عدم اطمینان کا اظہار

    اسلام آباد: وزارت صحت نے وفاق میں ہیلتھ ورکرز کی ویکسی نیشن پرعدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کی ویکسی نیشن کی شرح غیر تسلی بخش قرار دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق وزارت صحت نے وفاق میں ہیلتھ ورکرز کی ویکسی نیشن پراظہارعدم اطمینان کرتے ہوئے اسلام آباد کے سرکاری و نجی اسپتال اور لیبز کو مراسلہ جاری کردیا یے۔

    وزارت صحت کی جانب سے مراسلے میں کہا ہے کہ فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کی ویکسی نیشن کی شرح غیر تسلی بخش ہے، اسلام آباد میں ہیلتھ ورکرز کی ویکسی نیشن سست روی کا شکار ہے، نصف فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرزکی ویکسی نیشن نہیں ہوسکی۔

    مراسلے میں کہا گیا کہ احکامات کے باوجود اسلام آباد میں ویکسی نیشن شرح میں بہتری نہیں آئی، پہلے فیزمیں وفاق کے8 ہزارفرنٹ لائن ورکرز کی رجسٹریشن ہوئی، جس میں سے صرف 3200فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کی ویکسی نیشن ہوسکی ہے۔

    وزارت صحت کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں کورونا ویکسی نیشن کاؤنٹر7دن فعال رہتےہیں، فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کی ویکسینیشن وقت کی ضرورت ہے، سرکاری، نجی اسپتال، لیب عملے کی ترجیحاً ویکسی نیشن کرائیں۔

    مراسلے میں کہا گیا ہے کہ مارچ میں کوروناویکسی نیشن کےدوسرے فیز کاآغازہوگا، اسلام آباد میں ہیلتھ ورکرز کی ویکسی نیشن کےلیےحوصلہ افزائی کی جائے۔

  • وزیر قانون اور مشیر داخلہ لاپتا افراد کے دھرنے میں پہنچ گئے

    وزیر قانون اور مشیر داخلہ لاپتا افراد کے دھرنے میں پہنچ گئے

    اسلام آباد: وزیر قانون ڈاکٹر فروغ نسیم اور مشیر داخلہ شہزاد اکبر آج لاپتا افراد کے دھرنے میں پہنچ گئے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر قانون فروغ نسیم مشیر داخلہ شہزاد اکبر کے ہمراہ اسلام آباد میں دھرنے پر بیٹھے لا پتا افراد کے اہل خانہ سے ملنے پہنچے اور ان کے ساتھ مذاکرات کیے۔

    فروغ نسیم نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے اس موقع پر کہا کہ وزیر اعظم نے لا پتا افراد کی جبری گمشدگی کے خلاف قانون سازی کی ہدایت کی ہے، لا پتا افراد جلد اپنےگھروں کو پہنچیں گے۔

    وفاقی وزیر قانون نے بلوچستان میں لا پتا افراد کے اہل خانہ سے کہا آپ لوگ دھرنا ختم کر دیں، تاہم مظاہرین نے جواب دیا کہ ہم بلوچستان سے اپنے لا پتا افراد بازیاب کرانے آئے ہیں، واپس جانے نہیں۔

    مذاکرات کے بعد لا پتا افراد کے اہل خانہ نے دھرنا ختم کرنے سے انکار کر دیا، مظاہرین نے ڈاکٹر فروغ نسیم سے سوال کیا کہ آپ آئے ہیں وزیر اعظم یہاں کیوں نہیں آتے؟

    وزیر قانون نے کہا کہ آپ لوگوں سے جو مذاکرات ہوئے اس میں مجھے آنے کا کہا گیا، وزیر اعظم لا پتا افراد کی بازیابی کے لیے فکر مند ہیں، کاش میں آپ کو آج لا پتا افراد کے مسئلے پر کابینہ میں ہوئی بحث سنا سکتا۔

    فروغ نسیم کا کہنا تھا ہم لا پتا افراد کی بازیابی کے لیے پورا زور لگا رہے ہیں، کاش جو مطالبہ کیا جا رہا ہے، وہ میرے بس میں ہوتا تو فوری پورا کر دیتا۔

  • پاکستان اور ترکی کی مشترکہ  فوجی مشقوں کا آغاز ، آئی ایس پی آر

    پاکستان اور ترکی کی مشترکہ فوجی مشقوں کا آغاز ، آئی ایس پی آر

    راولپنڈی: پاکستان اور ترکی کی مشترکہ فوجی مشقیں” اتاترک الیون” کا آغاز ہوگیا ہے، تربیتی مشقیں تین ہفتے تک جاری رہیں گی۔

    تفصیلات کے مطابق ٓئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پاکستان اور ترکی کی مشترکہ فوجی مشقیں جنہیں اتاترک الیون 2021ء کا نام دیا گیا ہے، مشقوں کی افتتاحی تقریب اسپیشل سروسز گروپ ہیڈ کوارٹرز تربیلہ میں منعقد ہوئی۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق ترک اسپیشل فورسز اور ایس ایس جی ٹروپس تین ہفتوں پر محیط مشترکہ مشقوں میں حصہ لیں گے، ان مشقوں میں انسداد دہشت گردی، کلوزکوارٹر بیٹل، کارڈن اینڈ سرچ، ریپلنگ، فائر اینڈ موو، ہیلی کاپٹر ریپلنگ، کمپاونڈ کلیئرنس، فری فال اور یرغمالی رہا کرانے کے حوالے سے ٹیکنیکس شامل ہوں گی۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق مشترکہ مشقیں دونوں برادر اقوام کے رشتے کو مزید مضبوط کریں گی اور ان مشقوں سے جدید فوجی رجحانات اختیار کرنے اور تعاون میں مدد ملےگی۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق گذشتہ روز آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کھاریاں گیریژن کا دورہ کیا، اس موقع پر کمانڈر سینٹرل کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل شاہین مظہر نے ان کا استقبال کیا۔

    ترجمان پاک فوج کے مطابق آرمی چیف نے سینٹرل کمانڈ کے زیر اہتمام فوجی مشقوں کا جائزہ لیا اور ملکی دفاع کے حوالے سے مختلف حکمت عملی کی تعریف کی۔

    یہ بھی پڑھیں: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کھاریاں گیریژن کا دورہ

    آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے افسران سے اظہار خیال کرتے ہوئے پیشہ ورانہ صلاحیتوں، تیاریوں کی تعریف کی۔

    آرمی چیف نے روایتی، غیر روایتی خطرات سے نمٹنے کے لیے افسران کے عزم کی تعریف کی اور مادرن وطن کے دفاع کے لیے آپریشن تیاریوں کے عزم کو سراہا۔

  • اسلام آباد : قبضہ مافیا کے 5 بڑے سرغنہ گرفتار

    اسلام آباد : قبضہ مافیا کے 5 بڑے سرغنہ گرفتار

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان کے حکم پر قبضہ مافیا کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن شروع کردیا گیا، کارروائی کے دوران اسلام آباد میں سرگرم قبضہ مافیا کے5بڑے سرغنہ گرفتار کرلیے گئے۔

    لاہور کے بعد اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے بھی قبضہ مافیا کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کرتے ہوئے ان گروپوں کے 80افرادکی فہرست تیار کی ہے۔ قبضہ مافیا کے خلاف کریک ڈاون کے لیے خصوصی کمیٹی بھی تشکیل دی گئی ہے۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ جن ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے ان میں غوری ٹاؤن کے ملک راجہ عبدالرحمان، راجہ رضا سمیت 5اہم افراد شامل ہیں، ان بااثر شخصیات کو تھری ایم پی او کے تحت گرفتار کیا گیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق گرفتارافراد کوتھری ایم پی او کے تحت90دن تک حراست میں رکھا جاسکتا ہے، اس حوالے سے 30کے قریب شخصیات کی فہرست مرتب کی گئی ہے۔

    قبضہ مافیا کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن کے دوران ان کا اسلحہ اور گاڑیاں بھی ضبط کی جارہی ہیں، کریک ڈاؤن وفاقی پولیس اور ضلعی انتظامیہ کے افسران کی زیر نگرانی کیا جارہا ہے۔ ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ رات گئے مزید اہم گرفتاریوں کا بھی امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔

    ڈپٹی کمشنر اسلام آباد حمزہ شفقات کے مطابق مذکورہ کمیٹی سرکاری اراضی پر قبضے کو فوری واگزار کروا کر قانونی کارروائی عمل ميں لائے گی۔ قبضہ مافيا کے منظم گروہ اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف قانونی کارروائی عمل ميں لا کر انہیں عوام کے سامنے بے نقاب کيا جائے گا۔

  • راولپنڈی ٹیسٹ کے لئے 17 رکنی ٹیسٹ اسکواڈ کا اعلان

    راولپنڈی ٹیسٹ کے لئے 17 رکنی ٹیسٹ اسکواڈ کا اعلان

    راولپنڈی: پاکستان نے جنوبی افریقہ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کے لیے 17رکنی ٹیسٹ اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے، سیریز کا آخری ٹیسٹ کل سے شروع ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق جنوبی افریقہ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کے لیے 17رکنی ٹیسٹ اسکواڈ کا اعلان کیا گیا ہے، کراچی ٹیسٹ کا 17 رکنی اسکواڈ ہی دوسرے ٹیسٹ میچ میں برقرار رکھا گیا ہے۔

    پریس ریلیز کے مطابق بابراعظم کپتانی کے فرائض سرانجام دینگے، دیگر کھلاڑیوں میں عابدعلی، عمران بٹ،اظہرعلی ،فوادعالم اورسعود شکیل شامل ہیں، اس کے علاوہ فہیم اشرف، محمدنواز، محمدرضوان، سرفرازاحمد، نعمان علی،ساجدخان، یاسرشاہ،حارث رؤف،حسن علی،شاہین شاہ آفریدی اورتابش خان شامل ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  فواد عالم نے اپنی بیٹنگ کے گُر بتا دیئے، ویڈیو وائرل

    پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان دو میچوں پر مشتمل سیریز کا آخری میچ کل سے راولپنڈی اسٹیڈیم میں شروع ہورہا ہے، میزبان پاکستان کو سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔

    پاکستان نے جنوبی افریقہ کو کراچی ٹیسٹ میں سات وکٹوں سے شکست دیکر سات سال بعد ٹیسٹ میں پروٹیز کے خلاف کامیابی حاصل کی تھی۔

     

  • کرونا وبا: جنوری امریکا کے لیےمہلک ترین مہینہ قرار، ریکارڈ ہلاکتیں

    کرونا وبا: جنوری امریکا کے لیےمہلک ترین مہینہ قرار، ریکارڈ ہلاکتیں

    واشنگٹن: امریکا میں کرونا ویکسی نیشن کے باوجود عالمی وبا کرونا سے ہلاکتوں کی تعداد میں دن بدن اضافہ ہورہا ہے، ایسے میں امریکی میڈیا کی جانب سے جاری رپورٹ نے کھبلی مچادی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ سال دوہزار اکیس کا پہلا مہینہ جنوری امریکا کےلیےمہلک ترین ثابت ہوا، جنوری میں امریکا میں وائرس سے95ہزار 245 افرادجان سےگئے، جس کے بعد امریکا میں کرونا سےاموات کی تعداد 4 لاکھ 54 ہزار ہوگئی ہے۔

    امریکی میڈیا کے مطابق امریکا میں کرونا سے بچاؤ کے لئے ویکسی نیشن کا عمل بھی جاری ہے اور اس کے نتیجے میں کرونا میں مبتلا ہونے والے افراد کی تعداد میں کچھ کمی واقع ہوئی ہے اور اسپتالوں میں کرونا سے متاثرہ مریضوں کی تعداد بھی کچھ کم ہوئی ہے، مگر اس کے باوجود جنوری میں 95 ہزار ہلاکتیں ہونا لمحہ فکریہ ہے۔

    امریکی میڈیا کے مطابق اس وقت امریکا میں عالمی وبا سے روزانہ کی بنیاد پر ہلاکتوں کی اوسط 3150 ہے جبکہ عالمی وبا سے متاثر ین کی تعداد 2 کروڑ 69 لاکھ ہوگئی ہے۔دوسری جانب بھار ت میں بھی کرونا سے متاثرین کی تعداد ایک کروڑ سے تجاوز کرگئی ہے، بھارت میں ایک گھنٹے کے دوران 8 ہزار سے زائد کیس رپورٹ ہوئے جبکہ بھارت میں کرونا وائرس سے اموات کی تعداد ایک لاکھ 54 ہزار تک جاپہنچی ہے۔

    دوسری جانب وائٹ ہاؤس کی ترجمان جین پساکی نے چند روز قبل اپنے بیان میں کہا تھا کہ لازمی ہے کہ ہم اس بات کی تہہ تک پہنچیں کہ کرونا وائرس کس طرح ظاہر ہوا اور پوری دنیا میں پھیل گیا، حقائق جاننے کے لیے بائیڈن انتظامیہ تمام وسائل بروئے کار لانے کے لیے پُر عزم ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  کرونا کس طرح پھیلا، امریکا کا تہہ تک پہنچنے کا فیصلہ

    ترجمان وائٹ ہاؤس کا کہنا تھا کہ وائرس کے پھیلاؤ سے متعلق عالمی ادارہ صحت کی رپورٹ پر انحصار نہیں کیا جائے گا۔

    واضح رہے کہ جنوبی افریقا میں پائی جانے والی کرونا کی نئی قسم اب امریکا بھی پہنچ گئی ہے، امریکا میں جنوبی افریقی نوعیت کے نئے وائرس کے 2 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، کرونا کی اس نئی اور زیادہ متعدی قسم کی پہلی بار امریکا میں تصدیق ہوئی ہے۔

  • تیز رفتارگاڑی  کی ٹکر سے 4 افراد کی موت کا مقدمہ درج، کشمالہ طارق  کا بیٹا اذلان  نامزد

    تیز رفتارگاڑی کی ٹکر سے 4 افراد کی موت کا مقدمہ درج، کشمالہ طارق کا بیٹا اذلان نامزد

    اسلام آباد : تیز رفتارگاڑی کی ٹکر سے 4 افراد کی موت کا مقدمہ درج کرلیا گیا ، ایف آئی آر میں کشمالہ طارق کے بیٹے اذلان کو بھی نامزد کیا گیا ہے، جاں بحق نوجوان مانسہرہ سے اے این ایف کا ٹیسٹ دینے آئے تھے۔

    تفصیلات کے مطابق سری نگر ہائی وے پر تیز رفتارگاڑی نے 6 افراد کوکچل دیا، ریسکیوذرائع کا کہنا ہے کہ حادثے میں 4افرادجاں بحق اور 2زخمی ہوگئے جبکہ کارسوارفرار ہوگیا۔

    تین جاں بحق افراد مانسہرہ کے رہنے والےہیں اور ان کی امیرشکیل،فاروق اورحیدرعلی کے نام سے شناخت ہوئی ، ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ ڈبلیو ایکس077  پراڈو گاڑی نے دیگرگاڑیوں کوہٹ کیاہے، ایک گاڑی کا نمبرجی اے ایچ 555ٹویوٹا فارچیونر ہے، سی سی ٹی وی کیمروں سےفوٹیج حاصل کی جارہی ہیں۔

    عینی شاہدین نے بتایا کہ تیز رفتارگاڑی ایک نوجوان چلارہاتھا، گاڑی بیسٹ ویسٹرن کےمالک کی ہے اور بیسٹ ویسٹرن کےمالک کشمالہ طارق کے شوہر بتائے جاتے ہیں۔

    ذرائع کے مطابق وفاقی محتسب کشمالہ طارق کابیٹااذلان خان بھی گاڑی میں موجودتھا تاہم حادثےکامعاملہ ہوٹل مالک کےڈرائیورپرڈالنےکی کوشش کی جارہی ہے اور پولیس کو معلومات دی جارہی ہیں کہ گاڑی ڈرائیوروقاص چلارہاتھا۔

    ایس پی سرفرازورک کا کہنا ہے کہ گاڑی کاڈرائیورفیاض حراست میں لےلیاگیا، بیسٹ ویسٹرن ہوٹل کامالک وقاص بھی گاڑی میں موجودتھا، وقاص کے چہرے پر چوٹ آئی ہے کسی اسپتال گیا ہے ، تلاش جاری ہے جبکہ گاڑی کوبھی تحویل میں لےلیاگیاہے۔

    دوسری جانب جی الیون میں ٹریفک حادثےمیں4 افراد کی موت کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے ، زخمی شہری کی مدعیت میں مقدمہ تھانہ رمنامیں درج کیاگیا، ایف آئی آر میں کشمالہ طارق کا بیٹا اذلان بھی نامزد ہے۔

    ایف آئی آر کے متن میں کہا گیا کہ حادثےمیں 4دوست جاں بحق ہوئے، جاں بحق نوجوان مانسہرہ سےاےاین ایف کاٹیسٹ دینےآئےتھے، سفید رنگ کی جیپ نمبر ڈبلیووائی077نےٹکرماری، جیپ کی ٹکرسےگاڑی سوار4نوجوان جاں بحق اور موٹرسائیکل سوارزخمی ہوا۔

  • کرونا وائرس ویکسین کی پہلی کھیپ پاکستان پہنچ گئی

    کرونا وائرس ویکسین کی پہلی کھیپ پاکستان پہنچ گئی

    اسلام آباد: چین سے بطور تحفہ دی جانے والی کرونا وائرس ویکسین کی پہلی کھیپ پاکستان پہنچ گئی، اگلے چند دنوں میں ملک بھر میں ویکسی نیشن کا عمل شروع کردیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق پاک فضائیہ کا خصوصی طیارہ چین سے کرونا وائرس ویکسین لے کر نور خان ایئر بیس پہنچ گیا، پہلی کھیپ میں کرونا ویکسین کی 5 لاکھ خوراکیں لائی گئی ہیں۔

    اس موقع پر وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے صحت فیصل سلطان بھی نور خان ایئر بیس پہنچے، بعد ازاں سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ الحمد اللہ، سائینو فارم ویکسین کی پہلی کھیپ پاکستان پہنچ گئی۔

    ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا تھا کہ چین اور ان سب کے شکر گزار ہیں جنہوں نے اس عمل کو ممکن بنایا، این سی او سی اور صوبوں نے کرونا وائرس کنٹرول کرنے میں کردار ادا کیا۔

    انہوں نے کہا کہ تمام فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کو سلام پیش کرتا ہوں، فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کو سب سے پہلے ویکسین لگائی جائے گی۔

    دوسری جانب این سی او سی پہلے ہی ایک مربوط اور جامع حکمت عملی مرتب کرچکی ہے، ملک بھر میں ویکسین کی ترسیل کے تمام انتظامات کو مکمل کرلیا گیا ہے، سندھ اور بلوچستان میں کرونا ویکسین بذریعہ ہوائی جہاز بھجوائی جائے گی۔

    ویکسین کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے این ڈی ایم اے کنٹینرز، کولڈ باکسز اور ڈرائی آئس فراہم کرےگی۔ این سی او سی میں خصوصی ویکسین نرو سینٹر قائم کردیا گیا ہے جبکہ صوبائی اور ضلعی سطح پر ویکسین مراکز قائم ہوں گے۔

    این سی او سی کے مطابق اگلے چند دنوں میں ملک بھر میں ویکسی نیشن کا عمل شروع کردیا جائے گا۔