Tag: Islamabad

  • معاشی سطح  پر مزید خوشخبری، مہنگائی کے خلاف حکومتی اقدامات کے ثمرات سامنے آنے لگے

    معاشی سطح پر مزید خوشخبری، مہنگائی کے خلاف حکومتی اقدامات کے ثمرات سامنے آنے لگے

    اسلام آباد: معاشی سطح پر مزید خوشخبری، مہنگائی کے خلاف حکومتی اقدامات کے ثمرات سامنے آنے لگے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر مہنگائی میں کمی سے متعلق حکومتی اقدامات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ معاشی سطح پر مزید اچھی خبریں سامنے آرہی ہیں۔

    وزیراعظم نے کہا کہ مہنگائی کم کرنے کیلئے ہماری کوششوں کے نتائج سامنے آرہےہیں، حکومت کے آنے کےبعد سے افراط زر کی مجموعی شرح آج کم سطح پر ہیں۔

    وزیراعظم کا اپنے ٹوئٹ میں کہنا تھا کہ میں نے اپنی معاشی ٹیم کو چوکنا رہنے اور مہنگائی کو کنٹرول میں رکھنے کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔

    دوسری جانب وفاقی وزیر اسد عمر نے بھی ملک میں مہنگائی میں کمی سے متعلق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کیا ہے۔

    اسد عمر نے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ بنیادی افراط زر کی شرح پانچ اعشاریہ چار فیصد تک نیچے آچکی ہے، جنوری میں افراط زر حوصلہ افزا رہا، کنزیو پرائس انڈیکس اور اشیائے خورونوش کی مہنگائی مجموعی طور پر سات اعشاریہ چھ فیصد تک رہیں ۔وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی حکومت آنے سے پہلے افراط زر کی شرح سے آج کی افراط زر بہتر صورتحال میں ہے۔

    واضح رہے کہ گذشتہ ماہ بھی مہنگائی سےمتعلق ایک رپورٹ جاری ہوئی تھی، جس کے مطابق دسمبر 2019 کے مقابلے میں 2020 کے دوران مہنگائی میں نمایاں کمی ہوئی، مہنگائی کی شرح بارہ اعشاریہ چھ سےکم ہو کر سات اعشاریہ نو آئی تھی۔

    رپورٹ کے مطابق ٹیکس وصولی اور برآمدات میں ریکارڈ اضافہ دیکھا گیا، 2019 کے آخری مہینے میں مہنگائی 12.6 فی صد تھی، دسمبر 2020 میں کم ہو کر 7.9 فی صد رہ گئی۔

    دسمبر 2019 میں ٹیکس وصولی 469 ارب، دسمبر 2020 میں 508 ارب ہوئی، ملک کو ترقی دینے والی برآمدات میں بھی نمایاں اضافہ ہوا، دسمبر 2019 میں برآمدات 1993 ملین ڈالر تھیں، دسمبر 2020 میں بڑھ کر 2357 ملین ڈالر تک پہنچ گئیں تھیں۔

  • چین سے کرونا ویکسین لانے کے لئے پاک فضائیہ کی خدمات لینے کا فیصلہ

    چین سے کرونا ویکسین لانے کے لئے پاک فضائیہ کی خدمات لینے کا فیصلہ

    اسلام آباد: وفاقی حکومت نے چین سے کرونا ویکسین کو پاکستان لانے کے لئے پاک فضائیہ کی خدمات لینےکا فیصلہ کا فیصلہ کیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق پاک فضائیہ کا خصوصی طیارہ کل صبح کرونا ویکسین لینے کی غرض سے چین روانہ ہوگا، کرونا ویکسین پاک فضائیہ کے آئی ایل 78طیارے کے زریعے پاکستان لائی جائیں گی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ چینی ویکسین کو پاکستان کے حوالے کرنے سے قبل بیجنگ میں خصوصی تقریب کا اہتمام کیا جائے گا، تقریب کے مہمان خصوصی چینی وزیراعظم ہونگے، جہاں وہ کرونا ویکسین کو پاکستانی وفد کے حوالے کرینگے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ اس بات کا قوی امکان ہے کہ یکم فروری تک چین سے کرونا کی پہلی کھیپ پاکستان پہنچ جائے گی، ابتدائی کھیپ میں پانچ لاکھ ویکسین پاکستان پہنچائی جارہی ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  کرونا ویکسین: چین نے پاکستانیوں کو بڑی خوشخبری سنادی

    ذرائع محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ چین سےکرونا ویکسین خصوصی کنٹینرز میں پاکستان لائی جائےگی،پاکستان پہنچنے کے بعد ویکسین کو ای پی آئی کے مرکزی کولڈ اسٹور میں ذخیرہ کیا جائے گا، ای پی آئی مرکز سےکرونا ویکسین کو صوبوں کی جانب روانہ کیا جائے گا۔

    ویکسین کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لئے ،این ڈی ایم اے کنٹینر،کولڈباکسز،ڈرائی آئس فراہم کرےگی۔

  • دہائیوں پرانے "مسئلہ کشمیر”کا کوئی فوجی حل نہیں، سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ

    دہائیوں پرانے "مسئلہ کشمیر”کا کوئی فوجی حل نہیں، سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ

    نیویارک: اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کا کہنا ہے کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کےحل کے بیان پر قائم ہوں۔

    تفصیلات کے مطابق اپنے بیان میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے کہا کہ دہائیوں پرانے مسئلہ کشمیر کا کوئی فوجی حل نہیں، فوجی تصادم دونوں ممالک سمیت دنیا کیلئے بھی تباہ کن ہوگا، پاکستان اور بھارت مسئلہ کشمیر کےحل کیلئے اکٹھے ہوں۔

    انتونیو گوتریس نے کہا کہ وہ کشمیر کے حوالے سے اپنے اگست میں دیئے گئے بیان پر قائم ہیں اور پُرامن تصفیے کے لیے اپنی خدمات پیش کرنے کے لیے تیار ہیں۔

    ایک سوال کے جواب میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں چیزیں درست سمت میں نہیں جارہی ہیں، انسانی حقوق کا احترام بے حد ضروری ہے اور اختیار و طاقت رکھنے والی انتظامیہ پر ہی شہریوں کو ان کے بنیادی حقوق کی فراہمی کی ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔دوسری جانب اقوام متحدہ میں پاکستان نے ایک بار پھر بھارت کے اس جھوٹے دعوے کو ایک بار پھر مسترد کردیا ہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر اس کا اٹوٹ انگ ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  اقوام متحدہ کے جنرل سیکرٹری نے کورونا ویکسین لگوا لی

    اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے پاکستان کے مندوب جواد علی نے کہاکہ بھارت کا جموں و کشمیر کے ساتھ قابض ہونے کے علاوہ کوئی تعلق نہیں، وہ پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم کی طرف سے بھارت کے غیرقانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو بے نقاب کرنے اور پاکستان کیخلاف بھارتیہ جنتا پارٹی اور آر ایس ایس کے انتہا پسندوں کے مذموم عزائم کو بے نقاب کرنے پر بھارتی مندوب کے ردعمل پر جواب دے رہے تھے۔

  • اوپن بیلٹ کے ذریعے سینیٹ الیکشن، فافن نے خبردار کر دیا

    اوپن بیلٹ کے ذریعے سینیٹ الیکشن، فافن نے خبردار کر دیا

    اسلام آباد: پاکستانی ادارے فری اینڈ فیئر الیکشن نیٹ ورک (فافن) نے سینیٹ الیکشن طریقہ کار میں تبدیلی کے لیے عجلت میں قانون سازی نہ کرنے کا مشورہ دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق فافن نے کہا ہے کہ سینیٹ الیکشن کے طریقہ کار میں تبدیلی کے لیے عجلت میں قانون سازی نہ کی جائے، جلد بازی کی بجائے تفصیلی مشاورت سے متفقہ اور جامع لائحہ عمل تشکیل دیا جائے۔

    فافن کا کہنا ہے کہ تفصیلی بحث کے بغیر اوپن بیلٹ کے لیے آئینی ترمیم غیر مفید ثابت ہو سکتی ہے، اس لیے حکومت کی مجوزہ آئینی ترمیم کا اس پہلو سے بغور جائزہ لینے کی ضرورت ہے کہ ترمیم سے سینیٹ الیکشن میں ووٹوں کی خرید و فروخت کا خاتمہ ممکن ہو بھی سکے گا یا نہیں؟

    اوپن بیلٹ: سپریم کورٹ نے صدارتی ریفرنس سماعت کے لیے مقرر کر دیا

    فافن نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی زیر التوا ترمیمی بل کے ذریعے آئین کی شق نمبر 226،59 میں ترامیم تجویز کی گئی ہے، لیکن پارٹی ہدایات کے خلاف ووٹ ڈالنے والے اراکین کے لیے کسی قسم کی سزا کا تعین نہیں کیا گیا، موجودہ حالت میں یہ ترمیم ووٹوں کی خرید و فروخت کی بیخ کنی میں زیادہ مفید نہیں ہوگی۔

    فافن کا کہنا ہے کہ ترمیم میں پارٹی ہدایت کے خلاف ووٹ ڈالنے پر سزا کا تعین کر کے اسے بامقصد بنایا جا سکتا ہے۔

    واضح رہے کہ آج سپریم کورٹ نے سینیٹ الیکشن اوپن بیلٹ پیپر کے ذریعے کرانے سے متعلق صدارتی ریفرنس کو سماعت کے لیے مقرر کر دیا ہے، کیس کی سماعت چیف جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں 5 رکنی لارجر بینچ 2 فروری کو کرے گا۔

  • نیب ریفرنس: 3 سال قید بھگتنے والی کاروباری شخصیت عدالت میں بری

    نیب ریفرنس: 3 سال قید بھگتنے والی کاروباری شخصیت عدالت میں بری

    اسلام آباد: احتساب عدالت نے کاروباری شخصیت چوہدری عارف کو کرپشن ریفرنس میں بری کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے آج قرض خورد برد نیب ریفرنس کا فیصلہ سنا دیا، اسلام آباد کی کاروباری شخصیت کو بری کر دیا گیا۔

    عدالت نے کہا نیب راولپنڈی چوہدری عارف کے خلاف کرپشن ریفرنس ثابت نہ کر سکا، جس پر چوہدری عارف کو بری کیا جاتا ہے۔

    واضح رہے کہ قومی احتساب بیورو نے چوہدری عارف کوگرفتار کر کے 3 سال جیل میں بھی رکھا تھا، نیب نے چوہدری عارف کے خلاف 30 کروڑ کا قرض خورد برد ریفرنس دائر کیا تھا۔

    ریفرنس سے بری ہونے کے بعد چوہدری عارف نے میڈیا سے گفتگو میں کہا میں کاروباری آدمی ہوں، مجھ پر نیب نے بے بنیاد ریفرنس بنایا تھا، نیب نے مجھے دفتر بلا کر گرفتار کیا اور 3 سال جیل میں رکھا۔

    چوہدری عارف نے کہا میں نے بینک سے 19 کروڑ کا قرض لیا تھا، جس میں سے 12 کروڑ واپس کر دیے تھے، لیکن بینک نے بھاری جرمانہ لگایا، جس پر ایک کیس عدالت میں زیر سماعت تھا، لیکن نیب نے اس دوران ہی مجھے پکڑ لیا۔

    خیال رہے کہ نیب کو اس وقت ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مانڈوی والا سمیت اپوزیشن کی جانب سے شدید تنقید کا سامنا ہے۔

  • فواد چوہدری نااہلی کیس سماعت کیلئے مقرر

    فواد چوہدری نااہلی کیس سماعت کیلئے مقرر

    اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری کو نااہل قرار دئیے جانے کی درخواست سماعت کے لئے مقرر کردی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ رجسٹرار آفس نے آئندہ ہفتے کی کاز لسٹ جاری کی ہے، جس میں وفاقی وزیر فواد چوہدری نااہلی کیس کو سماعت کیلئے مقرر کردیا گیا ہے۔

    کاز لسٹ کے مطابق چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ اطہر من اللہ پیر کو درخواست پر سماعت کریں گے۔

    عدالت عالیہ پہلے ہی نااہلی سے متعلق کیس میں فواد چوہدری اور الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کرچکی ہے، درخواست میں وفاقی وزیر فواد چوہدری پر اثاثے چھپانے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔

    فواد چوہدری کی نااہلی کی درخواست سمیع ابراہیم نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر کی ہے، دائر درخواست میں کہا گیا ہے کہ فواد چوہدری نے جہلم کی زمین کو گوشواروں میں ظاہر نہیں کیا، اثاثہ جات چھپانے پر فواد چوہدری صادق اور امین نہیں رہے ،لہذا انہیں آئین کے آرٹیکل 62 ون ایف کے تحت نااہل قرار دیا جائے۔واضح رہے کہ وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا کے نااہلی کے خلاف بھی اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر ہے، پاکستان پیپلز پارٹی نے بھی اس کیس میں اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کررکھا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  فیصل واوڈا کی نااہلی کیس کی کارروائی فوری روکنے کی استدعا مسترد

    این اے 249 سے پیپلز پارٹی کے ٹکٹ پر الیکشن لڑنے والے امیدوار قادر خان مندوخیل نے فیصل واوڈا نااہلی کیس میں فریق بننے کیلئے درخواست جمع کراتے ہوئے موقف اپنایا تھا کہ فیصل واوڈا نے عام انتخابات سے قبل کاغذات نامزدگی جمع کراتے وقت جھوٹا بیان حلفی دیا اور امریکی شہریت چھپائی ، جھوٹ بولنے پر فیصل واؤڈا صادق اور امین نہیں رہے، آئین کے آرٹیکل 62،63 کے تحت نااہل قرار دیا جائے۔

  • الیکشن کمیشن کو ایک ہفتے میں بلدیاتی الیکشن کی تاریخیں مقرر کرنے کا حکم

    الیکشن کمیشن کو ایک ہفتے میں بلدیاتی الیکشن کی تاریخیں مقرر کرنے کا حکم

    اسلام آباد: سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کو ایک ہفتے میں بلدیاتی الیکشن کی تاریخیں مقرر کرنےکا حکم دیتے ہوئے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر آپ الیکشن نہیں کرا سکتے تو مستعفی ہوجائیں۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں چاروں صوبوں میں بلدیاتی الیکشن کرانے سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی، چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے سماعت کی۔

    سماعت کے موقع پر چیف الیکشن کمشنر سمیت اعلیٰ حکام عدالت میں پیش ہوئے، سماعت کے آغاز پر چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے پنجاب میں بلدیاتی اداروں کی تحلیل کو غیر آئینی قرار دیتے ہوئے سپریم کورٹ کو آگاہ کیا کہ موجودہ پنجاب حکومت نے بلدیاتی حکومتوں کو تحلیل کردیا تھا، پنجاب کی صوبائی حکومت کا یہ اقدام غیر قانونی تھا۔

    اس موقع پر جسٹس فائز عیسیٰ نے استفسار کیا کہ الیکشن کمیشن نے پنجاب حکومت کیخلاف غیرآئینی اقدام پر کیا کارروائی کی؟،آپ آئین پر عمل نہیں کراسکتےتو صاف بتادیں، جس پر چیف الیکشن کمشنر نے عدالت عظمیٰ کو بتایا کہ پنجاب حکومت نےنیا بلدیاتی قانون بنالیا ہے۔اس موقع پر چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ کیا ہرباربلدیاتی انتخاب کے لیےنئے رولز بننےچاہئیں؟، اگرخیبرپختونخوا نےنئے رولز نہیں بنائےتو موجودہ رولزپر الیکشن کیوں نہیں کرائے جارہے، کیا صوبےقانون سازی موخر کرکے الیکشن کمشنر کو بے بس کرسکتےہیں؟۔

    دوران سماعت جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نےخیبرپختونخوا کو "کےپی” کہنےپر چیف الیکشن کمشنر کو جھاڑ پلادی اور ریمارکس دئیے کہ آپ آئینی عہدیدارہیں، صوبےکا نام "خیبرپختونخوا” کیوں نہیں لیتے؟، صوبے کے عوام میں نفرتیں نہ پھیلائیں۔

    دوران سماعت آرٹیکل 6 کا حوالہ

    سپریم کورٹ میں بلدیاتی الیکشن کرانے سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران جسٹس فائز عیسیٰ نے آرٹیکل 6 کا حوالہ دیتے ہوئے ریمارکس دئیے کہ آئین پر عمل میں رکاوٹ ڈالنے والے سنگین غداری کےمرتکب ہورہے ہیں، پنجاب،ب لوچستان آئین پر عمل نہیں کررہےتو انکے خلاف غداری کا مقدمہ چلنا چاہیے،  لگتا ہے کہ الیکشن کمیشن آئین سے نہیں کہیں اور سےہدایات لے رہاہے۔

    اس موقع پر جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے چیف الیکشن کمشنر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ الیکشن نہیں کرا سکتے تو مستعفی ہوجائیں، جس کے جواب میں چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے کہا کہ ہم نے کرونا کے باوجود ضمنی انتخابات کرائے۔

    جسٹس قاضی فائزعیسیٰ کے سخت اور اہم ریمارکس

    جس پر جسٹس قاضی فائزعیسیٰ نے سخت ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ ضمنی الیکشن کرا کر آپ نے قوم پر احسان نہیں کیا، کیا ضمنی الیکشن کرانے پر قوم آپ کوخراج تحسین پیش کرے؟ الیکشن کمیشن کا وجود ہی انتخابات کروانے کے لیے ہے، قوم پر بہت ظلم ہوچکا، مزید نہیں ہونا چاہیے۔

    بعد ازاں سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کو ایک ہفتےمیں بلدیاتی الیکشن کی تاریخیں مقرر کرنےکا حکم دیا، کیس کی سماعت میں اہم ریمارکس دیتے ہوئے جسٹس فائزعیسیٰ نے کہا کہ اگر ہم آئین پر عمل نہیں کرتے تو ہم اپنے دشمن خود ہیں، ہمیں کسی بیرونی دشمن کی ضرورت نہیں۔جسٹس فائز عیسیٰ نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ عوام میں مقبول حکومتیں بلدیاتی انتخابات فوراً کراتی ہیں جبکہ غیر مقبول حکومتیں بہانے تلاش کرتی ہیں۔

    کیس کی مزید سماعت ایک ہفتے کے لئے ملتوی کرتے ہوئے سپریم کورٹ نے جمعرات کو الیکشن کمیشن میں ہوئی میٹنگ کے منٹس اور پیش رفت رپورٹ طلب کرلی۔

  • کرونا ویکسین: چین نے پاکستانیوں کو بڑی خوشخبری سنادی

    کرونا ویکسین: چین نے پاکستانیوں کو بڑی خوشخبری سنادی

    اسلام آباد: معاون خصوصی صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے قوم کو خوشخبری سنادی ہے کہ چین نے حکومت پاکستان کو کرونا ویکسین کا عطیہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں این سی او سی کے خصوصی اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر فیصل سلطان نے بتایا کہ پاکستان کے دیرینہ دوست چین نے حکومت پاکستان کو پانچ لاکھ کرونا ویکسین کا عطیہ کیا ہے، چین کی جانب سے عطیہ کی گئی ویکسین جلد پاکستان آجائیں گی۔

    معاون خصوصی برائے صحت نے بتایا کہ جو ویکسین سرکاری ذرائع سے حاصل کی جائیگی وہ مفت فراہم کی جائیگی، صحت سے متعلق عوام کو درست آگاہی دینا ہمارا فرض ہے۔

    ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا تھا کہ کرونا ویکسی نیشن کیلئے ملک بھر سے چار لاکھ ہیلتھ ورکرز رجسٹرڈ ہوچکےہیں۔

    اس سے قبل بیس جنوری کو معاون خصوصی صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے نیوز کانفرنس میں اعلان کیا تھا کہ حکومت کی جانب سے ویکسین بغیر کسی چارج کے مفت فراہم کی جائے گی، پہلے مرحلے میں طبی عملے اور 60 سال کی عمر سے زائد افراد کو ویکسین لگائی جائے گی۔

    یہ بھی پڑھیں:  بڑی خوش خبری، حکومت نے کرونا ویکسین مفت لگانے کا اعلان کر دیا

    معاون خصوصی برائے صحت کا کہنا تھا کہ سائنو فارم اور کنسائنو نامی کمپنیوں سے کرونا ویکسین کی فراہمی کے لیے گفتگو جاری ہے، ویکسین کی خریداری کے ساتھ اس کی نقل و حرکت اور ذخیرے کے لیے اقدامات بھی ضروری ہیں، ویکسین فراہم کرنے کا طریقہ کار بنایا جا رہا ہے، حکومت کی جانب سے ہر ممکن اقدام کیا جا رہا ہے۔

    ڈاکٹر فیصل کا کہنا تھا ڈریپ نے 2 کرونا ویکسینز کی منظوری دی ہے، کرونا ویکسین سائنو فارم کی افادیت 80 فی صد ہے، سائنو فارم یو اے ای سمیت کئی ممالک میں استعمال کی جا رہی ہے، پاکستان میں ویکسین ٹرائلز میں 17500 افراد نے حصہ لیا تھا، کرونا ویکسین کی بڑی ڈیمانڈ ہے، حکومت کی تمام مشینری ویکسین کے لیے فعال کر دی گئی ہے۔

  • انسداد کورونا مہم ، ویکسی نیشن مراکز کی تعداد بڑھانے کا فیصلہ

    انسداد کورونا مہم ، ویکسی نیشن مراکز کی تعداد بڑھانے کا فیصلہ

    اسلام آباد : وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ویکسی نیشن مراکز کی تعداد بڑھانے کا فیصلہ کرتے ہوئے کورونا ویکسی نیشن مراکز کی تعداد 14 کر دی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق انسداد کورونا مہم کے پہلے فیز کے لیے تیاریاں جاری ہے ، وفاقی دارالحکومت میں ویکسی نیشن مراکز کی تعداد بڑھانے کا فیصلہ کرلیا گیا ، اسلام آبادمیں کورونا ویکسی نیشن مراکزکی تعداد 14 کر دی گئی ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ویکسی نیشن مراکزکی تعداد میں اضافےکافیصلہ عوامی سہولت کےپیش نظرکیاگیا، اسلام آباد کے شہری اور دیہی علاقوں میں ویکسی نیشن مراکزقائم ہیں، اسلام آباد کے 6سرکاری اسپتالوں میں ویکسی نیشن مراکز قائم کیے گئے ہیں، جن میں پمز ،سی ڈی اے اسپتال ، پولی کلینک، فیڈرل گورنمنٹ اسپتال ، سوشل سیکورٹی اور نرم اسپتال شامل ہیں۔

    اسلام آباد کے 5دیہی ، بنیادی مراکز صحت میں ویکسی نیشن ہوگی، بہارہ کہو،سہالہ،ترلائی کے دیہی، شاہ اللہ دتہ، تمیر کے مراکز صحت سمیت سی ڈی اے کےآئی 8 اور ایف 11 میڈیکل سینٹرز میں ویکسی نیشن کی جائے گی۔

    اسلام آباد کےکورونا ویکسی نیشن مراکزکے عملے کی تربیت مکمل ہو چکی ہے، ہرکورونا ویکسی نیشن مراکز پر 3رکنی عملہ تعینات ہو گا ، وفاقی کورونا ویکسی نیشن مراکز کی نگرانی وزارت صحت کرے گی۔

  • کرونا کے وار جاری، مزید 48 افراد لقمہ اجل بن گئے

    کرونا کے وار جاری، مزید 48 افراد لقمہ اجل بن گئے

    اسلام آباد : پاکستان میں کورونا وائرس کے باعث مزید 48 افراد انتقال کر گئے ، جس سے اموات کی کل تعداد 11 ہزار 295 ہوگئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق نیشنل کمانڈاینڈآپریشن سینٹر سے کورونا کیسز کے تازہ ترین اعداد و شمارجاری کئے گئے ، جس میں بتایا گیا کہ 24 گھنٹے میں مزید48 کرونا مریضوں کا انتقال ہوگیا ، جس سے مجموعی اموات11ہزار295ہوگئیں۔

    این سی او سی نے بتایا کہ 24گھنٹےمیں40ہزار285ٹیسٹ کئے گئے ، جس میں سے ایک ہزار594نئےکیسزرپورٹ ہوئے ، جس کے بعد ملک میں کروناوائرس کے فعال کیسزکی تعداد 34 ہزار628 اور متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 5 لاکھ 32 ہزار 412 تک پہنچ گئی ہے۔

    نیشنل کمانڈاینڈ آپریشن سینٹر کا کہنا تھا کہ ملک میں 24گھنٹےمیں کرونا وائرس کےٹیسٹ مثبت آنےکی شرح 3.95فیصد ہے اور ملک میں کرونا4 لاکھ 86 ہزار 489 افراد صحتیاب ہو چکے ہیں۔

    این سی او سی کا کہنا ہے کہ پاکستان میں اب تک کورونا سے سب سے زیادہ اموات پنجاب میں ہوئی ہیں ، جہاں 4 ہزار 523 افراد جان سے گئے جبکہ سندھ میں 3 ہزار855، خیبر پختونخوا میں ایک ہزار 823، اسلام آباد461، گلگت بلتستان میں 102، بلوچستان میں 192 اور آزاد کشمیر میں 248 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔

    پاکستان کے مختلف شہروں کی صورتحال کے مطابق سندھ میں کورونا مریضوں کی تعداد 2 لاکھ 39 ہزار186، پنجاب میں ایک لاکھ 52 ہزار158، بلوچستان میں 18 ہزار 696، خیبر پختونخوا میں 64 ہزار651 ، اسلام آباد میں کورونا کیسزکی تعداد 40 ہزار548 آزاد کشمیر میں 8 ہزار 753 اور گلگت بلتستان میں 4 ہزار 899 افراد کورونا سے متاثر ہوچکے ہیں۔