Tag: Islamabad

  • وفاقی دارالحکومت میں مزید آئسولیشن مراکز قائم کرنے کا فیصلہ

    وفاقی دارالحکومت میں مزید آئسولیشن مراکز قائم کرنے کا فیصلہ

    اسلام آباد: کرونا وائرس کیسز میں اضافے کے پیش نظر وزارت قومی صحت نے اسلام آباد میں مزید آئسولیشن مراکز قائم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ذرایع نے بتایا ہے کہ وزارت قومی صحت نے وزیر اعظم عمران خان کو ایک مراسلہ بھیج کر اضافی فنڈز کی درخواست کی ہے۔

    ذرایع کے مابق وزارت قومی صحت نے ساڑھے 59 کروڑ کے اضافی فنڈز مانگ لیے ہیں، مراسلے میں کہا گیا ہے کہ آئسولیشن مراکز میں مریضوں کے لیے 150 اضافی بستر دستیاب ہوں گے، نئے آئسولیشن مراکز کے لیے اضافی فنڈز فراہم کیے جائیں۔

    وزارت صحت کے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ کرونا کے پیش نظر آئسولیشن اسپتال کی استعداد بڑھانے کے لیے بستروں کی تعداد 50 سے 100 بیڈ کرنے کا منصوبہ ہے، جس کے لیے 54 کروڑ کے فنڈز درکار ہیں۔

    پاکستان میں کرونا سے جاں بحق افراد کی تعداد 8 ہزار سے تجاوز

    مراسلے کے مطابق فیڈرل جنرل اسپتال میں 100 بستروں کا آئسولیشن سینٹر قائم ہوگا، ایف جی ایچ میں طبی سہولتیں بھی بہتر بنانے کی ضرورت ہے، جس کے لیے طبی آلات این ڈی ایم اے فراہم کرے گی، تاہم محکمے وزارت کو 53 ملین کے فنڈز درکار ہیں۔

    وزارت صحت نے مراسلے میں تکنیکی گرانٹ کی سمری ای سی سی بھجوانے کی تجویز بھی دی ہے، کہا گیا ہے کہ وزیر اعظم بطور انچارج سمری ای سی سی بھجوانے کی اجازت دیں۔

    واضح رہے کہ پاکستان میں کرونا وبا کی دوسری لہر نے کرونا کیسز میں بہت زیادہ اضافہ کر دیا ہے، گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک میں مزید 40 افراد کا انتقال ہوا، مجموعی اموات کی تعداد بھی 8 ہزار سے بڑھ کر 8 ہزار 25 ہو گئی۔

  • وفاقی دارالحکومت کے تمام اسکولز بند کردئیے گئے

    وفاقی دارالحکومت کے تمام اسکولز بند کردئیے گئے

    اسلام آباد: ملک بھر میں کرونا کی دوسری لہر کے باعث تعلیمی سلسلہ ایک بار پھر معطل ہونے لگا ہے، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی کرونا پھیلاؤ روکنے کے لئے تمام تعلیمی اداروں کو ایک ماہ کے لئے بند کردیا گیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے نجی اسکولز کے ساتھ مشاورت کے بعد تعطیلات کا اعلان کیا، نوٹی فیکیشن کے مطابق چھبیس نومبر سے چوبیس دسمبر تک وفاقی دارالحکومت کے تمام نجی و سرکاری تعلیمی ادارے بند رہیں گے، اس دوران ایک تہائی عملے اور اساتذہ کو اسکول آنے کی اجازت ہوگی، جبکہ طالبہ و طالبات کو آن لائن تعلیم دینے کا سلسلہ جاری رہے گا۔

    نوٹی فیکیشن کےمطابق پچیس دسمبر سے دس جنوری تک موسم سرما کی تعطیلات ہونگی۔

    دوسری جانب بلوچستان کی تمام سرکاری ونجی جامعات کو بھی ایک ماہ کے لئے بند کردیا گیا ہے، گورنر بلوچستان امان اللہ یاسین زئی نے بطور چانسلر جامعات میں تعطیل کرنے کا نوٹی فیکشن جاری کیا۔

    واضح رہے کہ ملک بھر میں کرونا وائرس کی دوسری لہر پر قابو پانے کےلیے حکومت کی جانب سے موثر اقدامات اٹھائے جارہے ہیں، اسی سلسلے میں وفاقی وزارت تعلیم نے ملک بھر میں تعلیمی ادارے بند کرنے کی تجویز قومی رابطہ کمیٹی میں پیش کی تھی جس کی این سی سی نے توثیق کردی ہے۔این سی سی نے فیصلوں کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے، جس کے مطابق ریسٹورنٹس میں ان ڈورڈائننگ کی اجازت نہیں ہوگی جبکہ عوامی اجتماعات پر بھی پابندی کے فیصلے پر عمل درآمد کیا جائے گا۔

    یہ بھی پڑھیں:  ‘قوم کے بچے تباہ ہورہے ہیں’ اسکولوں کی بندش پر طلبہ ناخوش

    این سی سی نے ملک بھر میں ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کرانے کی ہدایت کی ہے جبکہ مساجد میں ایس او پیز پر عملدرآمد کےلیے علمائے کرام سے تعاون لینے کی ہدایت کی گئی ہے۔

    اسلام آباد میں معاونِ خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کا کہنا تھا کہ ہمارے لیے اسکول اور تعلیمی ادارے بند کرنے کا فیصلہ آسان نہیں تھا مگر بچوں کی حفاظت کے لیے یہ قدم اٹھایا، اُن کا کہنا تھا کہ ’11 جنوری کو صورت حال دیکھ کر اسکول کھولنے کا فیصلہ کریں گے۔

  • اسلام آباد میں کرونا وائرس کیسز میں اضافہ

    اسلام آباد میں کرونا وائرس کیسز میں اضافہ

    اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کرونا وائرس کیسز میں اضافہ دیکھا جارہا ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں میں 322 کیسز رپورٹ ہوئے، مثبت کیسز کی شرح 5.8 فیصد تک جا پہنچی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کرونا وائرس کیسز میں مسلسل اضافہ دیکھا جارہا ہے، ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسر کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسلام آباد میں 5 ہزار 453 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 322 مثبت آئے۔

    ڈی ایچ او کے مطابق اسلام آباد میں کرونا وائرس مثبت کیسز کی شرح 5.8 فیصد تک جا پہنچی ہے۔

    خیال رہے کہ اسلام آباد سمیت ملک بھر میں کرونا وائرس کی صورتحال تشویش ناک ہوگئی ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں میں کرونا وائرس کے 808 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ مزید 345 اموات ہوئیں۔

    ملک میں کرونا وائرس کیسز کی مجموعی تعداد 3 لاکھ 20 ہزار 849 ہوگئی ہے جبکہ فعال کیسز کی تعداد 22 ہزار 88 ہوگئی۔

    ملک میں اب تک کوویڈ 19 سے ہلاکتوں کی تعداد 7 ہزار 55 ہوگئی جبکہ 3 لاکھ 20 ہزار 849 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔

  • دفعہ 144 نافذ ، ماسک نہ پہننے پر جرمانہ ہوگا

    دفعہ 144 نافذ ، ماسک نہ پہننے پر جرمانہ ہوگا

    اسلام آباد : وفاقی دارلحکومت اسلام آباد  میں ماسک نہ پہننے پر دفعہ 144 نافذ کردی گئی، خلاف وزری پر جرمانہ اور گرفتاری ہوسکتی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں دفعہ 144 نافذ کردی گئی اور اس حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ، ڈی سی اسلام آباد کا کہنا ہے کہ دفعہ 144 کا نفاذ ماسک نہ پہننے والوں پر ہو گا۔

    اسلام آبادمیں شاپنگ مالز،دکانوں،عوامی مقامات پرماسک پہننالازمی قرار دیتے ہوئے کہا گیا کہ ماسک نہ پہننے پر جرمانہ اور پولیس کی جانب سے گرفتاری عمل میں لائی جاسکتی ہے۔

    ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ دفعہ 144کا نفاذ2 ماہ کیلئے ہو گا۔

    مزید پڑھیں : گھر سے نکلتے وقت فیس ماسک پہننا لازمی قرار

    یاد رہے این سی اوسی نے گھر سے نکلتے وقت فیس ماسک پہننا لازمی قرار دیتے ہوئے کہا تھا عوامی مقامات، رش والی جگہوں پرفیس ماسک لازمی پہنیں جبکہ سرکاری و نجی دفاتر میں ماسک لازمی پہننا ہو گا۔

    این سی او سی اجلاس میں کہا گیا تھا کہ ملک کے 11بڑے شہروں میں کوروناکیسزمیں 80فیصد اضافہ ہوا، جن میں کوئٹہ،لاہور،راولپنڈی ، کراچی، ملتان، پشاور، حیدرآباد، اسلام آباد،گلگت ،مظفرآباد شامل ہیں۔

    این سی اوسی کا کہنا تھا کہ کورونا کے پھیلاؤ،مثبت کیسزکی شرح میں اضافہ ہواہے، بازار،شاپنگ مالز،پبلک ٹرانسپورٹ،ریسٹورنٹ میں ماسک کااستعمال لازمی کریں۔

  • ارشد خان "چائے والا” ان دنوں کہاں ہیں؟

    ارشد خان "چائے والا” ان دنوں کہاں ہیں؟

    اسلام آباد : سوشل میڈیا پر صرف ایک تصویر وائرل ہونے کے بعد شہرت کی بلندیوں پر پہنچنے والے ارشد خان چائے والا نے ایک مرتبہ پھر چائے کا کام شروع کردیا اور اپنے کیفے کا نام انہوں نے کیفے چائے والا رکھا ہے۔

    چار سال برس قبل اسلام آباد میں سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک تصویر نے ایک چائے والے کی قسمت بدل دی تھی، کنچی آنکھوں والے ارشد خان کو اس کی ایک تصویر نے شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیا تھا۔

    اسلام آباد سے تعلق رکھنے والی فوٹوگرافر جویریہ علی نے ارشد خان المعروف چائے والا کی تصویر اکتوبر2016 میں سوشل میڈیا پر شیئر کی تھی جو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگئی جس کے بعد ارشد خان کی قسمت کو چار چاند لگ گئے۔

    کوہاٹ سے تعلق رکھنے والے ارشد خان المعروف چائے والا کا کہنا ہے کہ میرے دوست آتے رہتے ہیں تو وہ کہتے ہیں کہ اپنے ہاتھ سے چائے بنا کر دو تو اس لیے میں چائے بناتا رہتا ہوں۔

    ارشد خان نے بتایا کہ اب اسلام آباد میں اپنا ایک کیفے بنالیا ہے، کچھ لوگوں نے کہا کہ آپ نے کیفے کا نام چائے والا کیوں رکھا ہے اس کا نام صرف اپنے نام سے ارشد خان کردو لیکن میں نے انہیں کہا کہ چائے والا میری پہچان ہے۔

    ان کا مزید کہنا ہے کہ میں ماڈلنگ اور اداکاری کے کیرئیر کے باوجود چائے فروخت کرنے واپس آیا ہوں اور میں اس کام کو کبھی نہیں چھوڑوں گا۔ یاد رہے کہ ارشد خان کا کیفے 10 اکتوبر سے اسلام آباد کے ڈی چوک پر بلند مرکز کے پاس کھل رہا ہے۔

  • عوامی مفاد کے لیے پارلیمانی پارٹیز کو قانون سازی میں ساتھ لے کر چلنا چاہتے ہیں: وزیر اعظم

    عوامی مفاد کے لیے پارلیمانی پارٹیز کو قانون سازی میں ساتھ لے کر چلنا چاہتے ہیں: وزیر اعظم

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ عوامی مفاد کے لیے پارلیمانی پارٹیز کو قانون سازی میں ساتھ لے کر چلنا چاہتے ہیں، قوانین میں درکار اصلاحات میں اراکین کردار ادا کرتے رہیں گے۔

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے وزیر اعظم ہاؤس میں اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے ملاقات کے دوران کیا، ملاقات میں عوامی فلاح و بہبود اور عوامی مفادات کے تحفظ کے لیے قانون سازی اور اقدامات پر گفتگو کی گئی۔

    گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ آئین و قانون کے تحت عوامی حقوق کا تحفظ کرنا مقننہ کا اہم ترین کردار ہے، قوانین میں درکار اصلاحات میں اراکین کردار ادا کرتے رہیں گے، عوامی مفاد کے لیے ہم پارلیمانی پارٹیز کو قانون سازی میں ساتھ لے کر چلنا چاہتے ہیں۔

    اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ گلگت بلتستان کے انتخابات میں شفافیت کے لیے پر عزم ہیں، شفاف انتخابات کے لیے پارلیمنٹ بھرپور کردار ادا کرنے کو تیار ہے، پارلیمانی رہنماؤں کو مشاورت کے لیے بلایا ہے، انتخابی اصلاحات پر الیکشن کمیشن سے بھی بریفنگ لی جائے گی۔

    واضح رہے کہ اسپیکر اسمبلی اسد قیصر نے پارلیمانی رہنماؤں کا اجلاس 28 ستمبر کو طلب کیا ہے، ن لیگ نے اس اجلاس کے بائیکاٹ کا اعلان کر دیا ہے، مریم اورنگ زیب کا کہنا تھا کہ اسپیکر پارلیمانی لیڈرز کا اجلاس طلب کرنے کا اختیارنہیں رکھتے، اے پی سی کے فیصلوں کو مفلوج کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

  • اے پی سی، متحدہ الائنس کی تشکیل کا امکان، نواز شریف خطاب کریں گے

    اے پی سی، متحدہ الائنس کی تشکیل کا امکان، نواز شریف خطاب کریں گے

    اسلام آباد: اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس کا مقام ایک بار پھر تبدیل کر دیا گیا ہے، کانفرنس میں متحدہ الائنس کی تشکیل کا امکان ہے، سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف بھی خطاب کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق لندن میں حسین نواز نے تصدیق کر دی ہے کہ میاں نواز شریف اے پی سی سے خطاب کریں گے، انھوں نے کہا کہ نواز شریف کی آواز کروڑوں چاہنے والوں تک پہنچنے سے روکنا نا ممکن ہے، نواز شریف کے خطاب کا سن کر حکمرانوں کی صفوں میں پریشانی نظر آ رہی ہے۔

    ذرایع کا کہنا ہے کہ نواز شریف کے خطاب کو سوشل میڈیا پر بھی نشر کرنے کے انتظامات کر لیے گئے ہیں، ان کا خطاب فیس بک، ٹویٹر اور انسٹاگرام پر براہ راست نشر ہوگا، معلوم ہوا ہے کہ نواز شریف اپنے بیٹے حسن نواز کے دفتر سے ورچوئل خطاب کریں گے، اس سلسلے میں مسلم لیگ ن برطانیہ کا سوشل میڈیا سیل متحرک ہو گیا ہے۔

    ادھر پیپلز پارٹی کے ذرایع کا کہنا ہے کہ اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس کا مقام ایک بار پھر تبدیل کر دیا گیا ہے، اب اے پی سی اسلام آباد میں آغا خان روڈ پر واقع ہوٹل میں ہوگی، شرکا کی تعداد زیادہ ہونے کی وجہ سے مقام تبدیل کیا گیا ہے۔

    لاہور میں ذرایع کا کہنا ہے کہ اے پی سی میں متحد ہ اپوزیشن کی تجویز پیش کیے جانے کا امکان ہے، امکان ہے کہ اپوزیشن الائنس میں تبدیل ہو جائے، اس سلسلے میں مسلم لیگ (ن) نے اہم اجلاس آج شام اسلام آباد میں طلب کر لیا ہے۔

    ذرایع کے مطابق نواز شریف ایک سال بعد کسی سیاسی سرگرمی میں شریک ہوں گے، نواز شریف کی آمادگی کے بعد آصف زرداری نے بھی شرکت کا فیصلہ کر لیا ہے، اپوزیشن کا کہنا ہے کہ ان کو اب مشترکہ اور مؤثر جدوجہد کے لیے حکومت مخالف اتحاد تشکیل دینا چاہیے۔

    خیال رہے کہ اے پی سی کل 20 ستمبر کو ہوگی، پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر میاں شہباز شریف اے پی سی کے لیے آج رات اسلام آباد روانہ ہوں گے، جس کی وجہ سے ان کی آج پارٹی اجلاس میں شرکت مشکوک ہے۔ دوسری طرف مریم نواز اے پی سی میں شرکت کے لیے اسلام آباد روانہ ہو چکی ہیں۔

    اے پی سی میں شہباز شریف کی قیادت میں ن لیگ کا 13 رکنی وفد شرکت کرے گا، جس میں مریم نواز، شاہد خاقان عباسی، احسن اقبال، خواجہ آصف اور رانا ثنا اللہ شامل ہوں گے، ذرایع کے مطابق مریم نواز اپنے والد کی ہدایت پر شریک ہو رہی ہیں۔

    مریم نواز نے آج ایک ٹویٹ میں کہا کہ جب نواز شریف بولنے لگا ہے تو کیوں جان پر بن گئی؟ ان کی آواز اب گھر گھر گونجے گی، روک سکو تو روک لو۔

  • دنیا بھر میں پاکستانی سفارت خانوں میں من پسند تقرریوں اور تبادلوں کا انکشاف

    دنیا بھر میں پاکستانی سفارت خانوں میں من پسند تقرریوں اور تبادلوں کا انکشاف

    اسلام آباد: دنیا بھر میں پاکستانی سفارت خانوں میں بڑے پیمانے پر غیر قانونی، من پسند تقرریوں اور تبادلوں کا انکشاف ہوا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بیرون ملک پاکستانی سفارت خانوں میں من پسند تقرریوں اور تبادلوں سے متعلق اسلام آباد ہائی کورٹ میں ایک درخواست دائر کی گئی ہے۔

    اسلام آباد ہائی کورٹ میں وزارتِ خارجہ میں غیر قانونی تعیناتیوں کے خلاف درخواست سماعت کے لیے مقرر ہو گئی ہے، ہائی کورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگ زیب کل اس کیس کی سماعت کریں گے۔

    یہ درخواست عدالت میں ڈائریکٹر پبلک ڈپلومیسی ماجد خان لودھی نے بیرسٹر ظفر اللہ کے ذریعے دائر کی ہے۔ درخواست میں وفاقی حکومت کو بذریعہ سیکریٹری، وزارتِ خارجہ اور سیکریٹری امور خارجہ فریق بنایا گیا ہے۔

    نیوزی لینڈ، آذربائیجان کے لیے نامزد پاکستانی سفرا کی وزیر خارجہ سے ملاقات

    درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ وزارتِ خارجہ کے ذریعے دنیا بھر میں پاکستانی سفارت خانوں میں بڑے پیمانے پر غیر قانونی اور من پسند تقرریاں کی جا رہی ہیں۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز وزارت خارجہ نے افغانستان کے لیے منصور احمد خان کو سفیر نامزد کیا ہے، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے انھیں مبارک باد دیتے ہوئے کہا تھا کہ آپ کو ذمہ داریاں آپ کے شان دار سروس ریکارڈ کو پیش نظر رکھتے ہوئے سونپی گئی ہیں۔ منصور احمد خان اس سے قبل ویانا میں بطور سفیر اپنی خدمات سر انجام دے چکے ہیں۔

    گزشتہ ہفتے نیوزی لینڈ اور آذربائیجان کے لیے بھی سفیر نامزد کیے گئے تھے، نیوزی لینڈ کے لیے مراد اشرف جنجوعہ اور آذربائیجان کے لیے بلال حئی کو سفیر نامزد کیا گیا تھا۔

  • اسلام آباد ایئر پورٹ کی چھتیں ناقص مٹیریل کے باعث بارش میں ٹپکنے لگیں

    اسلام آباد ایئر پورٹ کی چھتیں ناقص مٹیریل کے باعث بارش میں ٹپکنے لگیں

    کراچی: اسلام آباد میں موسلا دھار بارش کے دوران ایک بار پھر سی اے اے کی کارکردگی کا پول کھل گیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ڈی جی سی اے اے کا نوٹس لینا بھی کام نہ آیا، اسلام آباد ایئر پورٹ کی فارسلنگ چھتیں ناقص مٹیریل کے باعث بارش میں ٹپکنے لگیں۔

    بارش کے باعث بین الاقوامی آمد اور روانگی کے وزٹنگ ایریاز میں پانی جمع ہو گیا ہے، سول ایوی ایشن اتھارٹی نے اسلام آباد ایئر پورٹ پر جہاں سے چھتیں ٹپک رہی تھیں وہاں پانی فرش پر پھیلنے سے روکنے کے لیے ڈسٹ بِن رکھوا دیے۔

    اسلام آباد ایئر پورٹ کی چھت ٹپکنے کی وجہ سے مسافروں کو مشکلات کا سامنا ہے، یاد رہے کہ گزشتہ دنوں ہونے والی بارشوں کی وجہ سے فار سلنگ کی چھتیں گر گئی تھیں، اے آر وائی نیوز کی خبر پر ڈی جی سی اے اے نے اس کا نوٹس لیا تھا۔

    نئے اسلام آباد ایئرپورٹ پر بارش سے گرتی سیلنگ کی ویڈیو منظر عام پر

    دوسری طرف ایئر پورٹ منیجر کا کہنا ہے کہ کچھ جگہوں سے پانی ٹپکا ہے، جس پر مرمتی کام جاری ہے۔

    گزشتہ ہفتے بارش کے بعد نیو اسلام آباد ایئر پورٹ پر سیلنگ نیچے آ گری تھی، انٹرنیشنل ڈیپارچر اور ڈومیسٹک ڈیپارچر کی سیلنگ گرنے کی ویڈیو بھی منظر عام پر آ گئی تھی، سیلنگ گرتے ہی بارش کا پانی بھی لاؤنجز میں داخل ہو گیا تھا، واقعے کے بعد ایئر پورٹ پر سیلنگ کی ٹائلوں کا ڈھیر لگ گیا۔

    واضح رہے کہ اسلام آباد ایئر پورٹ کی ناقص تعمیرات کی انکوائری 2 سالوں سے جاری ہے، لیکن تاحال کوئی نتیجہ خیز کارروائی سامنے نہیں آئی۔

  • این سی او سی کی محرم میں ایس او پیز پر عمل درآمد کے لیے اقدامات تیز کرنے کی ہدایت

    این سی او سی کی محرم میں ایس او پیز پر عمل درآمد کے لیے اقدامات تیز کرنے کی ہدایت

    اسلام آباد: نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے محرم میں ایس او پیز پر عمل درآمد کے لیے صوبوں کو اقدامات تیز کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آج وفاقی وزیر اسد عمر کی زیر صدارت نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں وفاقی وزیر حماد اظہر اور ڈاکٹر فیصل سلطان نے بھی شرکت کی، جب کہ صوبائی حکام نے ویڈیو لنک پر کرونا صورت حال سے متعلق اقدامات پر بریفنگ دی، اور این سی او سی کو ملک بھر میں مجالس اور جلوسوں کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔

    این سی او سی نے ہدایت کی کہ مجالس اور جلوسوں میں حفاظتی خطوط یقینی بنانے کے لیے اقدامات کیے جائیں، اور اس سلسلے میں مذہبی فرقوں، علمائے کرام اور اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیا جائے۔

    اجلاس میں اسد عمر نے کوئٹہ، اسلام آباد اور لاہور میں ایس او پیز پر سختی سے پابندی کو سراہا، انھوں نے محرم کی مجالس اور جلوسوں میں عوام کے حفاظتی طرز عمل کی تعریف کی، اور صوبوں کو ہدایت کی کہ محرم میں ایس او پیز کی سختی سے نگرانی کی جائے۔

    محرم الحرام ، پنجاب کے سرکاری اسپتالوں میں الرٹ جاری، عملے کی چھٹیاں منسوخ

    اسد عمر نے کہا وبائی مرض پر قابو پانے کے لیے صحت کے رہنما اصولوں کو یقینی بنایا جائے، مجالس کے داخلی راستوں پر ماسک، سینی ٹائزر اور اسکینرز لازم کیے گئے ہیں، ایس او پیز کے ساتھ سماجی فاصلوں کا خیال برقرار رکھنا بھی اہم ہے۔

    وفاقی وزیر نے کہ کسی بھی قسم کی کوتاہی کی صورت میں کرونا صورت حال بگڑ سکتی ہے، عوام کے تعاون سے ہی اس وبا پر قابو پایا جا سکتا ہے۔

    دریں اثنا، صوبائی چیف سکریٹریز نے ویڈیو لنک کے ذریعے این سی او سی کو اقدامات سے آگاہ کیا اور بریفنگ میں کہا کہ صوبائی انتظامیہ کی مرکزی توجہ محرم کے حوالے سے انتظامات پر مرکوز ہے۔