Tag: Islamabad

  • وزیر دفاع پرویز خٹک سے مصر اور قطر کے سفیروں کی ملاقات

    وزیر دفاع پرویز خٹک سے مصر اور قطر کے سفیروں کی ملاقات

    اسلام آباد: پاکستان کے وزیر دفاع پرویز خٹک سے مصر اور قطر کے سفیروں نے ملاقات کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آج اسلام آباد میں مصر اور قطر کے سفیروں نے پرویز خٹک سے الگ الگ ملاقاتیں کیں، مصر کے سفیر تیرک دروغ نے ملاقات میں کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان دفاع میں تعاون کو مزید فروغ دینے اور مستحکم کرنے کی ضرورت ہے۔

    وزیر دفاع پرویز خٹک نے کہا کہ پاکستان مصر سے تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے، علاقائی، داخلی اور امت مسلمہ سے متعلق امور پر ہماری سوچ ایک ہے، دونوں ممالک میں مختلف شعبوں میں مل کر کام کرنے کی وسیع گنجائش موجود ہے۔

    وزیر دفاع نے مسئلہ کشمیر پر پاکستان کا ساتھ دینے پر مصر کے اصولی مؤقف کی بھی تعریف کی۔

    وزیر دفاع سے قطر کے سفیر شیخ سعود بن عبدالرحمان الثانی نے بھی ملاقات کی، قطر کے سفیر نے ملاقات میں کہا کہ ہم حکومتِ پاکستان سے ہر شعبے میں باہمی تعاون کے لیے تیار ہیں۔

    وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ پاکستان قطر کے ساتھ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے، قطر کے ساتھ پاکستان کے تعلقات باہمی احترام اور تعاون پر مبنی ہیں، دونوں ممالک کے درمیان دفاع، مشترکہ مشقوں اور منصوبوں میں تعاون بڑھانے کی ضرورت ہے۔

    وزیر دفاع پرویز خٹک نے کہا کہ پاکستان کے فوجی ادارے قطری مسلح افواج کی تربیت کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔

  • پاکستان نے 88 سے زائد دہشت گردوں پر سخت پابندیاں عائد کر دیں

    پاکستان نے 88 سے زائد دہشت گردوں پر سخت پابندیاں عائد کر دیں

    اسلام آباد: پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف بڑا اقدام اٹھاتے ہوئے 88 سے زائد دہشت گردوں پر سخت پابندیاں عائد کر دیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان نے داعش، القاعدہ، طالبان اور دیگر تنظیموں سے وابستہ 88 دہشت گردوں پر پابندی عائد کر دی ہے۔

    القاعدہ، داعش اور طالبان سے متعلق 18 اگست 2020 کو دو نوٹیفکیشنز کا اجرا کیا گیا تھا، جس میں کالعدم تنظیموں، دہشت گرد عناصر کے اثاثے اور کھاتے فی الفور منجمد کرنے کا حکم دیا گیا تھا۔

    دہشت گردی کے خلاف اقدام کے تحت پاکستان میں دہشت گردوں کے منقولہ و غیر منقولہ اثاثہ جات ضبط کر لیے گئے، بینکوں، مالیاتی اداروں سے مالیاتی خدمات کی فراہمی اور بیرون ملک سفر پر پابندی بھی عائد کی گئی۔

    کالعدم دہشت گرد تنظیموں اور افراد پر ہتھیاروں کے حصول پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے، خیال رہے کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی کمیٹی نے دہشت گردوں کی نئی فہرست کی منظوری دی تھی، اقوام متحدہ پابندیوں کی کمیٹی نے متعلقہ دہشت گرد تنظیموں اور افراد کو دہشت گردی میں ملوث قرار دیا تھا، سابق طالبان حکومت کے وزرا، گورنر اور رہنما بھی دہشت گردی کی مصدقہ فہرست میں شامل کیے گئے.

    مذکورہ فہرست میں پاک افغان سرحدی علاقوں میں روپوش کالعدم تحریک طالبان کے افراد بھی شامل ہیں۔

  • میٹرو بس سروس : راولپنڈی اور اسلام آباد کے شہریوں کیلئے خوشخبری

    میٹرو بس سروس : راولپنڈی اور اسلام آباد کے شہریوں کیلئے خوشخبری

    اسلام آباد : راولپنڈی اور اسلام آباد میں میٹرو بس سروس بحال کردی گئی، ایس او پیز پر عمل درآمد کرنا لازمی ہوگا، جڑواں شہروں کے مکین پانچ ماہ بعد سفر کر سکیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق ملک کے جڑواں شہروں راولپنڈی اور اسلام آباد میں پانچ ماہ بعد میٹرو بس سروس بحال کردی گئی ہے۔ اس حوالے سے انتظامیہ نے مسافروں کیلئے انتظامیہ نے ایس اوپیزجاری کردیے ہیں۔

    جس کے مطابق میٹرو بس سروس میں کھڑے ہوکر سفر کرنے پر سختی سے پابندی ہوگی، مسافرصرف سیٹ پر بیٹھ کرسفر کرسکیں گے، مسافروں کیلئے دوران سفر ماسک پہنا لازم قرار دیا گیا ہے ۔

    خیال رہے کہ کورونا وائرس کے پھیلا کو روکنے کے لیے میٹرو بس سروس23 مارچ کو بند کی گئی تھی۔

    یاد رہے کہ میٹرو بس سروس کے ذریعے صرف جڑواں شہروں (راولپنڈی اور اسلام آباد) کے مابین ایک لاکھ پندرہ ہزار سے ایک لاکھ پچیس ہزار مسافر روزانہ سفر کرتے تھے جو کہ کورونا وائرس کے بعد کی صورتحال میں انتہائی کم ہوگئے تھے۔

  • کشمیریوں سے یک جہتی کے لیے پاکستان کا 5 اگست کو یوم استحصال منانے کا اعلان

    کشمیریوں سے یک جہتی کے لیے پاکستان کا 5 اگست کو یوم استحصال منانے کا اعلان

    اسلام آباد: پاکستان نے بھارتی فوج کے ہاتھوں بدترین ظلم کے شکار کشمیریوں سے اظہار یک جہتی کے لیے 5 اگست کو یوم استحصال منانے کا اعلان کر دیا ہے۔

    اسلام آباد میں آج وفاقی وزرا شاہ محمود قریشی، شبلی فراز اور معاون خصوصی معید یوسف نے پریس کانفرنس کی، شاہ محمود نے کہا کہ ہم حکومت پاکستان کی طرف سے کشمیریوں کو یک جہتی کا واضح پیغام دینا چاہتے ہیں، حق خود ارادیت کے مقصد کے لیے پاکستانی قوم کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہے۔

    انھوں نے کہا تحریک آزادی کے لیے کشمیری لیڈ کریں ہم ان کے پیچھے کھڑے ہیں، کشمیریوں کی ترجمانی اور ان کی آواز دنیا میں اٹھائیں گے، مایوس نہیں کریں گے، ہماری نظر سری نگر پر ہے، کشمیر ہائی وے کا نام 5 اگست سے سرینگر ہائی وے رکھ رہے ہیں، یہ شاہراہ ہمیں سرینگر تک لے کر جائے گی، نہ کشمیری جھکیں گے اور نہ پاکستانی افواج پیچھے ہٹیں گی۔

    وزیر خارجہ نے کہا کہ 5 اگست 2019 کشمیریوں کی جدوجہد کا نیا موڑ ہے، بھارت نے جموں و کشمیر کو تین حصوں میں تقسیم کیا لیکن کشمیریوں نے یہ غیر اخلاقی عمل ذہنی طور پر تسلیم نہیں کیا، 5 اگست کو بھارتی اقدام کا ایک سال مکمل ہونے پر ہم نے ایکشن پلان مرتب کیا ہے۔

    وزیر خارجہ نے کہا وزیر اعظم مظفرآباد میں 5 اگست کو آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی سے خطاب کریں گے، ہماری منزل سرینگر ہے اور انشاءاللہ 5 اگست کو کشمیریوں کو پیغام دیا جائے گا، شائننگ انڈیا اب برننگ انڈیا میں تبدیل ہو چکا، 5 اگست کو پاکستان میں ایک منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی جائے گی، عالمی لیڈرز کو خطوط لکھے جائیں گے، سوشل میڈیا پر مہم چلائیں گے، پوری دنیا میں پاکستانی سفارت کاروں سے درخواست ہے کہ ہائی کمیشن میں صرف تقاریر نہیں بلکہ مقامی میڈیا پر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کریں، میں خود تمام مشنز اور سفارت کاروں کی کاوشوں کو مانیٹر کروں گا۔

    شاہ محمود نے کہا کہ لائن آف کنٹرول پر دنیا کو دکھا رہے ہیں کہ بھارت کیا حرکتیں کر رہا ہے، دنیا نے دیکھا کہ نانا کی میت پر بیٹھے معصوم بچے پر بھارتی اہل کار بندوق تانے کھڑے ہیں، اس معصوم کشمیری بچے کو دیکھ کر دل بیٹھ گیا۔

    انھوں نے کہا کہ جب میں ہیومن رائٹس کونسل جنیوا میں انسانی حقوق کے پہلو کو اجاگر کر رہا تھا تو کونسل میں ہندوستان کا مندوب منہ چھپاتا پھر رہا تھا، وزیر خارجہ نے کہا کہ میں یو این سیکریٹری جنرل کو آن ریکارڈ 9 خطوط لکھ چکا ہوں، وزارتِ خارجہ کے یہ خطوط ہماری منزل کے حصول کے لیے کردار ادا کریں گے، مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے وزیر خارجہ کا مؤقف تاریخ کا حصہ بن رہا ہے۔

  • کرپشن قوانین کا مقصد کسی کو ناجائز تنگ کرنا نہیں، شاہ محمود قریشی

    کرپشن قوانین کا مقصد کسی کو ناجائز تنگ کرنا نہیں، شاہ محمود قریشی

    اسلام آباد : وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ حکومتیں آتی جاتی رہتی ہیں جبکہ قانون سازی ایک مسلمہ عمل ہے، کرپشن قوانین کا مقصد کسی کو ناجائز تنگ کرنا نہیں ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ حکومتیں آتی جاتی رہتی ہیں جبکہ قانون سازی ایک مسلمہ عمل ہے، بعض قوانین کے حوالے سے ہمارا ایک موقف ہے جبکہ اپوزیشن کا ایک دوسرا موقف ہے.

    شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہمارے اوراپوزیشن کے درمیان نکتہ نظرکے درمیان فرق کومل بیٹھ کرطے کرنے اوربہترقانون سازی کیلئے 24 رکنی پارلیمانی کمیٹی تشکیل پا چکی ہے۔

    ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ایف اے ٹی ایف، نیشنل سیکیورٹی، نیب سے متعلقہ مسودے اپوزیشن کو بھجوا دیے، مجھے توقع ہے کہ اپوزیشن کے احباب فراخ دلی کے ساتھ ان مسودوں کو دیکھیں گے اورپھرہم مل بیٹھ کراس پرگفت وشنید کریں گے۔

    وزیرخارجہ کا مزید کہنا تھا کہ پارلیمانی کمیٹی کا ایک اجلاس ہوچکا ہے جبکہ دوسرا بھی عنقریب ہوگا، ہم اس ملک میں بہترقانون سازی کے ذریعے کرپشن کی بیخ کنی چاہتے ہیں، ہم یہ بھی چاہتے ہیں کہ کرپشن کے نام پر کسی کی عزت نہ اچھالی جائے،

    کرپشن قوانین کا مقصد کسی کو ناجائز تنگ کرنا نہیں ہے، لیکن وہ لوگ جنہوں نے اس ملک کو بیدردی سے لوٹا ہے انہیں کٹہرے میں لایا جانا چاہیے۔

  • عید تعطیلات تک اسلام آباد میں مختلف مقامات بند کر دیے گئے

    عید تعطیلات تک اسلام آباد میں مختلف مقامات بند کر دیے گئے

    اسلام آباد: ‏کرونا کے پھیلاؤ کو کنٹرول کرنے کے لیے آج سے وفاقی دارالحکومت میں عید تعطیلات تک مختلف مقامات کو بند کر دیا گیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق آج سے اسلام آباد میں عید تعطیلات تک مختلف مقامات کو بند کر دیا گیا ہے، ڈی سی اسلام آباد کا کہنا ہے کہ مری ایکسپریس وے، مارگلہ، پارکس، تفریحی مقامات، ہوٹلز، پکنک کے مقامات اور ہل اسٹیشن بند رہیں گے۔

    ڈی سی اسلام آباد حمزہ شفقات نے عوام سے گزارش کی ہے کہ وہ فی الحال سیاحت اور گھومنے پھرنے کا پلان نہ بنائیں، اور سیاحتی مقامات کا رخ نہ کریں۔

    ان کا کہنا تھا کہ انسانی جان زیادہ قیمتی ہے اس لیے تھوڑی سی تکلیف اٹھا لینی چاہیے، اگر لوگ عید کی تعطیلات تک تفریحی مقامات پر جانے سے گریز کریں تو کرونا کی روک تھام میں مزید مدد مل سکتی ہے۔

    عید الاضحیٰ پر پنجاب میں اسمارٹ لاک ڈاؤن کا فیصلہ

    واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے عید الاضحیٰ پر صوبے میں اسمارٹ لاک ڈاؤن کی منظوری دی تھی، عید سے قبل اسمارٹ لاک ڈاؤن پیشگی اعلان کی بجائے اچانک ہوگا، چیف سیکریٹری پنجاب کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پنجاب میں بازار، مارکیٹس اور پلازے عید سے دو تین روز قبل بند کر دیے جائیں گے۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ عید الفطر سے قبل مارکیٹیں بند نہ کرنے سے وبا میں اضافہ ہوا تھا لہٰذا مذکورہ فیصلہ اسی کو مد نظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے، حکومت کی جانب سے مویشی منڈیوں میں ایس او پیز اور سیکورٹی انتظامات سخت کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے، جب کہ اسمارٹ لاک ڈاؤن کا نوٹیفکیشن کسی بھی وقت جاری ہو سکتا ہے۔

  • اسلام آباد میں ڈیڑھ سال میں بچوں سے زیادتی کے 55 واقعات

    اسلام آباد میں ڈیڑھ سال میں بچوں سے زیادتی کے 55 واقعات

    اسلام آباد : وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں ڈیڑھ سال میں بچوں سے زیادتی کے 55 واقعات پیش آئے ، جنسی درندوں نے ایک سے 5 سال کےبچوں پربھی رحم نہ کیا۔

    چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی زیر صدارت سینیٹ کےاجلاس ہوا، وقفہ سوالات کےدوران وفاقی وزیر داخلہ نے سینیٹ میں تحریری جواب کرایا۔

    تحریری جواب میں بتایا گیا کہ اسلام آباد میں ڈیڑھ سال میں بچوں سے زیادتی کے 55 واقعات ہوئے، جنسی درندوں نے ایک سے 5 سال کےبچوں پربھی رحم نہ کیا۔

    وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ ایک سے پانچ سال عمر کی دو بچیوں اور ایک بچے کے ساتھ زیادتی ہوئی جبکہ اسلام آبادمیں 6سے 17سال کے 52 بچوں کیساتھ زیادتی کے واقعات ہوئے۔

    تحریری جواب میں کہا گیا کہ 73ملزمان نامزد جبکہ 71 کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور 36 ملزمان کو چالان کے بعد جیل بھیج دیا گیا ہے۔

    یاد رہے گورنر سندھ عمران  اسماعیل نے کہا  تھا کہ بچوں سے زیادتی کے مجرمان کو سزائے موت کے لیے قانون سازی کی گئی ہے، مجرمان کو سزائے موت دینے کا نفاذ جلد ہوگا۔

    خیال رہے وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے بچوں سے زیادتی کے مجرمان کو سرعام پھانسی دینے پر اپوزیشن کے اعتراض کو مسترد کرتے ہوئے ریفرنڈم کروانے کی تجویز پیش کی تھی۔

  • اسلام آباد : کورونا وائرس کو شکست دینے والے مریضوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ

    اسلام آباد : کورونا وائرس کو شکست دینے والے مریضوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ

    اسلام آباد : وفاقی دارالحکومت میں کورونا وائرس میں مبتلا 80فیصد مریض صحت یاب ہوگئے، جس کے بعد وبا سے صحتیاب افراد کی تعداد11ہزار 332 ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا وائرس کو شکست دینے والوں کی تعداد میں حیرت انگیز اضافہ ہوا ہے، وائرس سے متاثرہ 80فیصد مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔

    ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر (ڈی ایچ او) کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں کورونا مریض تیزی سے صحت یاب ہونے لگے ہیں، ڈی ایچ او اسلام آباد نے کورونا کیسز کے بارے میں تفصیلات جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ اسلام آباد میں 80 فیصد کورونا مریض صحتیاب ہو چکے ہیں۔

    ڈی ایچ او اسلام آباد کے مطابق  رواں سال24جون کے بعد صحتیاب افراد کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، اسلام آباد میں کورونا کیسز کی کل تعداد 14ہزار 202 ہے جس میں سے اب تک11 ہزار 332 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔

    ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں کورونا کے ایکٹو کیسز کی تعداد2 ہزار 717 ہے،24گھنٹے میں 94 نئے کیس سامنے آئے ہیں،24گھنٹے میں اسلام آباد میں 222 مریض ڈسچارج ہوئے اسلام آباد میں کورونا سے 155 مریض جاں بحق ہو چکے ہیں۔

  • اسلام آباد میں ہندوﺅں کیلئے مندر کی تعمیر کا اقدام عدالت میں چیلنج

    اسلام آباد میں ہندوﺅں کیلئے مندر کی تعمیر کا اقدام عدالت میں چیلنج

    لاہور : اسلام آباد میں ہندوﺅں کیلئے مندر کی تعمیر کا اقدام لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا گیا، جس میں کہا گیا ہے کہ اسلامی جمہوریہ پاکستان میں ہندو اپنی تعلیمات کا پرچار نہیں کر سکتے،مندر کی تعمیر کیلئے جگہ فراہم کرنے کا مراسلہ غیر آئینی قرار دے کر کالعدم کیا جائے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ میں اسلام آباد میں ہندوﺅں کیلئے مندر کی تعمیر رکوانے کیلئے درخواست دائر کردی گئی ، درخواست گزار محمد عاکف کی جانب سے دائر درخواست میں وزیر اعظم کے پرنسپل سیکرٹری، سی ڈی اے اور سیکرٹری داخلہ سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔

    درخواست گزار نے موقف اختیار کیا ہے کہ پاکستان اسلامی جمہوریہ ہے جس میں اسلامی اصولوں سے ہٹ کر کوئی اقدام نہیں اٹھایا جا سکتا، کیپل ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے بائی لاز میں ہندوﺅں کے لئے مندر کی تعمیر کی کوئی شق موجود نہیں۔

    درخواست میں کہا گیا الیکشن کمیشن کے ریکارڈ کے مطابق اسلام آباد میں صرف 178 ہندو آباد ہیں، اسلام آباد میں رہائش پذیر ہندوﺅں کی اپنی عبادگاہیں موجود ہیں، نئی عبادگاہ کا قیام غیر ضروری ہے۔ اسلامی جمہوریہ پاکستان میں ہندو اپنی تعلیمات کا پرچار نہیں کر سکتے۔

    درخواست گزار نے کہا مندر کی تعمیر کیلئے 100 ملین روپے کی لاگت سے زمین کی فراہمی شہریوں کے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہو گی،استدعا ہے کہ اسلام آباد میں مندر کی تعمیر کیلئے جگہ فراہم کرنے کا مراسلہ غیر آئینی قرار دے کر کالعدم کیا جائے۔

  • حکومت نے ترقیاتی کاموں کیلئے کتنے فنڈ جاری کیے؟ تفصیلات منظر عام پر

    حکومت نے ترقیاتی کاموں کیلئے کتنے فنڈ جاری کیے؟ تفصیلات منظر عام پر

    اسلام آباد : وفاقی ترقیاتی پروگرام کے رواں مالی سال کے ریلیز فنڈز کی تفصیلات جاری کردی گئیں، جس کے تحت رواں مالی سال پی ایس ڈی پی کی مد میں644ارب 31 کروڑ روپے سے زائد فنڈز کا اجرا کیا گیا۔

    جاری دستاویز کے مطابق حکومت نے وزارتوں اور ڈویژنز کیلئے296ارب65کروڑ سے زائد کے فنڈز جاری کئے، نیشنل ہائی ویز اتھارٹی کے ترقیاتی منصوبوں کیلئے174ارب سے زائد کی رقم جاری کی گئی۔

    دستاویز میں بتایا گیا ہے کہ سیکیورٹی کی بہتری کیلئے49 ارب 73 کروڑ روپے سے زائد کے فنڈز جاری کئے گئے، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان کے ترقیاتی منصوبوں کیلئے43ارب86کروڑ سےزائدرقم جاری کی گئی۔

    اس کے علاوہ کابینہ ڈویژن کیلئے35ارب16کروڑ روپے سے زائد کے فنڈز جاری کئے گئے، ہائیر ایجوکیشن کمیشن کیلئے28ارب29کروڑ روپےسے زائد رقم جاری کی گئی۔

    دستاویز کے مطابق آبی وسائل ترقیاتی منصوبوں کیلئے110 ارب 30 کروڑ روپے سے زائد کے فنڈز جاری کئےگئے، ریلوے ڈویژن کیلئے 10 ارب روپے سے زائد کے فنڈز کا اجراکیا گیا۔

    دستاویز میں بتایا گیا ہے کہ کے پی میں ضم شدہ اضلاع کے10 سالہ ترقیاتی پلان کیلئے23ارب روپے جاری کئے گئے، ضم شدہ اضلاع کے دیگرمنصوبوں کیلئے15 ارب 40 کروڑ روپے جاری کئے گئے۔

    دستاویز کے مطابق این ٹی ڈی سی، پیپکو کے ترقیاتی منصوبوں کیلئے22 ارب روپے سے زائد فنڈز جاری کئے گئے، مذہبی امور کے ترقیاتی منصوبوں کیلئے16ارب28کروڑ روپےسے زائد رقم جاری کی گئی، وزارت ریلوے کیلئے10 ارب روپے سے زائد کے ترقیاتی فنڈز کا اجراء کیا گیا۔

    اس کے علاوہ وزارت خزانہ ترقیاتی منصوبوں کیلئے 8 ارب روپے 42 کروڑ روپے جاری کئےگئے، وزارت قومی تحفظ خوراک کے لئے8ارب روپے سے زائد کی رقم جاری کی گئی، قومی صحت کے منصوبوں کیلئے7 ارب 64 کروڑ روپے سے زائد کی رقم جاری کی گئی۔