Tag: Islamabad

  • اسلام آباد میں مندر کی تعمیر ، وزیراعظم عمران خان کا بڑا فیصلہ

    اسلام آباد میں مندر کی تعمیر ، وزیراعظم عمران خان کا بڑا فیصلہ

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے اسلام آباد میں مندر کی تعمیر کے لیے فنڈ جاری کرنے کی ہدایت کردی اور کہا اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ اور یکساں مواقع کی فراہمی کو یقینی بنانا ترجیح ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کا مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے اسلام آباد میں مندرکی تعمیر کےلیےفنڈجاری کرنے کی ہدایت کردی۔

    وزیراعظم سے پی ٹی آئی کے اقلیتی برادری کےارکان قومی اسمبلی جے پرکاش، شنیلہ رتھ، لعل چند، رمیش کمار، جمشید تھامس کی ملاقات ہوئی ، ملاقات میں وزیر برائے مذہبی امور نورالحق قادری اور چیف وہپ عامر ڈوگر بھی موجودتھے۔

    ارکان نے اپنے حلقوں، خصوصا اقلیتی برادری سےمتعلقہ امور کے حوالے سے آگاہ کیا ، جس پر وزیراعظم عمران خان نے کہا اقلیتی برادری کاملکی ترقی و خوشحالی کے سفر میں کردار لائق تحسین ہے۔

    مزید پڑھیں : ملکی تاریخ میں پہلی بار اسلام آباد میں مندر کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا

    عمران خان کا کہنا تھا کہ اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ اور یکساں مواقع کی فراہمی کو یقینی بنانا ترجیح ہے، اتحاد اور مذہبی ہم آہنگی کو فروغ دے کر پاکستان کو آگے لے جانا ہے۔

    وزیراعظم عمران خان نے اقلیتوں کےحقوق کے تحفظ کیلئے قانون سازی تیز کرنے کی بھی ہدایت کی۔

    یاد رہے چند روز قبل ملکی تاریخ میں پہلی بار وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں مندر کی بنیاد رکھا گیا تھا،1947کے بعد اسلام آباد میں پہلا مندر تعمیر کیا جائے گا، سی ڈی اے کی جانب سے اسلام آباد کی ہندو پنچائت کو4مرلے کا پلاٹ الاٹ کیا گیا، پلاٹ2017میں نیشنل کمیشن فارہیومن رائٹس کےاحکامات کی روشنی میں الاٹ کیا گیا۔

  • اسلام آباد  میں منہ زور اسپتالوں اور  لیبارٹریز کو نکیل ڈالنے کا فیصلہ

    اسلام آباد میں منہ زور اسپتالوں اور لیبارٹریز کو نکیل ڈالنے کا فیصلہ

    اسلام آباد : وفاقی دارالحکومت میں منہ زور اسپتالوں اور لیبارٹریز کو نکیل ڈالنے کا فیصلہ کرلیا، جس کا مقصد شہریوں کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کو ماڈل ہیلتھ سٹی بنانے کی جانب ایک اور قدم اٹھاتے ہوئے وفاقی دارالحکومت میں منہ زوراسپتال، لیبارٹریز کونکیل ڈالنے کا فیصلہ کرلیا، اس حوالے سے ہیلتھ کیئر اتھارٹی کی جانب سے پبلک نوٹس جاری کردیا گیا ہے۔

    پبلک نوٹس میں کہا گیا اسلام آبادہیلتھ کیئراتھارٹی کاقیام عمل میں لایا جا چکاہے، مقصد شہریوں کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانا ہے، ہیلتھ اتھارٹی شہریوں کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائے گی۔

    نوٹس میں کہا گیا کہ اتھارٹی سرکاری و نجی اسپتالوں میں ہیلتھ کئیر سیفٹی کو فروغ دے گی جبکہ شہری سرکاری و نجی اداروں کے خلاف اتھارٹی کو شکایات درج کرائیں۔

    پبلک نوٹس کے مطابق شکایات کے اندراج کیلئے ٹیلی فون نمبرز، ای میل ایڈریس کا اجراء کیا گیا ہے، ہیلتھ اتھارٹی شہریوں کی شکایات پر فوری کارروائی عمل میں لائے گی۔

  • اسلام آباد میں لاک ڈاؤن میں 31 مئی تک توسیع کا نوٹیفکیشن جاری

    اسلام آباد میں لاک ڈاؤن میں 31 مئی تک توسیع کا نوٹیفکیشن جاری

    اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت میں بھی لاک ڈاؤن میں 31 مئی تک توسیع کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز پنجاب حکومت نے صوبے بھر میں ہونے والے لاک ڈاؤن میں 31 مئی تک توسیع کر دی تھی، آج اسلام آباد میں بھی توسیع سے متعلق نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔

    نوٹیفکیشن کے مطابق اسلام آباد میں پہلے مرحلے میں تعمیراتی سیکٹر کو کھول دیا گیا ہے، اسٹیل، پلاسٹک پائپ، الیکٹرونک آلات، پینٹ انڈسٹری کھولی گئی، سینٹری ورکس اور ہارڈ ویئر کی دکانیں بھی کھلی رہیں گی۔

    چھوٹی مارکیٹوں میں ایس او پیز کے ساتھ دکانیں کھولی جا سکیں گی، دکانیں ہفتے کے 5 دن کھولنے کی اجازت ہوگی، پارکس، پولو کلب، ٹینس کورٹ کو بھی ایس او پیز پر عمل درآمد کرتے ہوئے کھولنے کی اجازت مل گئی۔

    طبی ماہرین کی وزیراعظم سے لاک ڈاؤن میں نرمی کے فیصلے پر نظر ثانی کی اپیل

    جنرل اسٹورز، بیکریز، آٹا چکی، ڈیری شاپس پورا ہفتہ کھلی رکھنے کی اجازت دی گئی ہے، گوشت، فروٹ شاپس، اور تندور بھی ہفتے کے سات دن کھلے رہیں گے، دکانیں صبح 9 سے شام 5 بجے تک کھولنے کی اجازت ہوگی، ٹائر پنکچر شاپس، ڈرائیور ہوٹل، پٹرول پمپ، ریسٹورنٹس 24 گھنٹے کھولے جا سکتے ہیں، پوسٹل کورئیرز، پک اینڈ ڈراپ سروس صبح 9 سے شام 5 بجے تک کھولنے کی اجازت ہوگی۔

    شہر کے تمام بڑے تجارتی مراکز بند رہیں گے، روات، بہارکہو اور ترنول میں بھی بڑی مارکیٹس بند رہیں گی، تعلیمی ادارے اور شاپنگ مال بند رہیں گے، بڑے ریسٹورنٹ اور ہوٹلز بھی بند ہوں گے، ہایئر سیلون اور باربر شاپس بھی بند رکھے جائیں گے، ٹائیگر فورس اور رضا کاروں کوایس او پیز کے ساتھ کام کرنے کی اجازت ہوگی۔

  • طوفانی جھکڑ، ایئرپورٹ کے شیشے ٹوٹ کر بکھر گئے

    طوفانی جھکڑ، ایئرپورٹ کے شیشے ٹوٹ کر بکھر گئے

    اسلام آباد: وفاقی دار الحکومت میں طوفانی ہواؤں اور جھکڑوں کی وجہ سے ایئر پورٹ کے شیشے ٹوٹ گئے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق اسلام آباد میں طوفانی جھکڑوں سے اسلام آباد ایئرپورٹ کے داخلی دروازوں کو شدید نقصان پہنچا ہے، تیز جھکڑوں کی وجہ سے داخلی راستوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے۔

    تیز ہواؤں نے ایئر پورٹ پر لگی فار سیلنگ کو بھی نقصان پہنچایا، اور فار سیلنگ کی چھت گر گئی، تاہم کسی کے زخمی ہو نے کی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔

    اس واقعے سے ایئرپورٹ کی ناقص تعمیر کا پول ایک بار پھر کھل گیا ہے، تیز ہواؤں سے ڈومیسٹک ڈپارچر لاؤنج کے اسموکنگ زون پر لگا شیشہ بھی ٹوٹ گیا، ناقص سیلنگ تیز ہواؤں کا زور برداشت نہ کر سکی ، سی ون ریموٹ ایریا کی چھت کی سیلنگ بھی نیچھے آ گری۔

    واضح رہے کہ یکم مئی 2018 کو اس وقت کے وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئر پورٹ کا افتتاح کیا تھا، یہ پاکستان میں سب سے بڑا اور جدید ترین ایئرپورٹ ہے۔

    خیال رہے کہ گزشتہ رات سے اسلام آباد اور گرد و نواح میں تیز جھکڑوں کے ساتھ موسلا دھار بارش کا سلسلہ شروع ہوا ہے، ہری پور، راولپنڈی، میرپور آزاد کشمیر، کوئٹہ، جہلم، مستونگ، گجرات، جلالپور بھٹیاں میں بھی تیز بارش ہو رہی ہے۔

    چلاس اور گرد و نواح میں بھی رات گئے بارش سے موسم خوش گوار ہو گیا ہے، دیامر کے تینوں تحصیلوں میں بارش کے ساتھ پہاڑوں پر برف باری بھی شروع ہو گئی ہے، مضافاتی علاقوں میں سیلابی ریلے سے رابطہ سڑکیں متاثر ہو گئیں، بارشوں کے باعث دیامر، کوہستان میں شاہر اہ قراقرم پر لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خدشہ ہے۔

  • پٹرول کی قیمتوں میں کمی کے بعد عوام کیلئے ایک اور بڑا ریلیف

    پٹرول کی قیمتوں میں کمی کے بعد عوام کیلئے ایک اور بڑا ریلیف

    اسلام آباد : پنجاب اوراسلام آباد میں سی این جی کی قیمتوں میں 12 روپے 50 پیسے کمی کردی گئی جبکہ سندھ اور بلوچستان کے شہری اس فائدے سے محروم ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق عالمی مارکیٹ میں ایل این جی کی قیمت میں کمی کے مقامی مارکیٹ پرثمرات ںظر آنے لگے ، پنجاب اوراسلام آباد میں سی این جی کی قیمتوں میں کمی کردی گئی۔

    صدرآل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن کے مطابق سی این جی کی قیمت میں 12روپے 50 پیسےکمی کے بعد فی لیٹرسی این جی 72 روپے ہوگئی، نئی قیمتوں کااطلاق آج سے ہوگیا جبکہ سندھ اور بلوچستان کے شہری اس فائدے سےمحروم ہیں۔

    صدرآل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن غیاث پراچہ نے کہا کہ کہ حکومت سندھ، خیبرپختونخواہ اور بلوچستان میں جی ڈی آئی سی ختم کریں، جس سے دیگر صوبوں کے شہریوں کو بھی سی این جی سستی ملے، اس وقت سندھ اوربلوچستان میں قیمت 123 روپے فی کلو ہے۔

    اوگرا نے مئی کیلئے ایل پی جی کی قیمت میں اکیس روپے پینسٹھ پیسے فی کلواضافےکانوٹیفکیشن جاری کردیا، ایل پی جی سلنڈر 255 روپے 51 پیسے مہنگا ہوگیا جبکہ گریلو سلنڈرکی نئی قیمت ایک ہزار322 روپے90 پیسے ہوگئی ہے۔

    یاد رہے حکومت کی جانب سے مئی کے لیے پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں15 روپےکمی کا اعلان کیا، جس کے بعد نئی قیمت 81 روپے 58 پیسے تک پہنچ گئی۔ اسی طرح ہائی اسپیڈڈیزل میں 27روپے 15 پیسے کی کمی کا اعلان کیا گیا جس کے بعد فی لیٹر قیمت 80روپے 10 پیسے تک پہنچ گئی۔

    اعلان کے مطابق مٹی کا تیل 30روپےسستا ہوگیا جس کے بعد نئی قیمت 47روپے44پیسےہوگئی، اسی طرح لائٹ ڈیزل 15 روپےسستاہوکر 47 روپے 51 پیسے فی لیٹر تک پہنچ گیا۔

  • پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات کی جڑیں بہت گہری ہیں، عارف علوی

    پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات کی جڑیں بہت گہری ہیں، عارف علوی

    اسلام آباد : صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات کی جڑیں بہت گہری ہیں، ان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور ہرسطح پر تعاون کو فروغ دینے کے خواہاں ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کے صدر ڈاکٹرعارف علوی سے گزشتہ روز اسلام آباد میں سعودی عرب کے سفیرنواف بن سعید المالکی نے ملاقات کی۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ صدرعارف علوی نے ملاقات کے دوران پاکستان اور سعودی عرب کے مابین برادرانہ تعلقات کو سراہا اور کہا کہ دونوں ملکوں کے تعلقات کی جڑیں گہری اور مشترکہ مذہبی اور ثقافتی اقدار پر مبنی ہیں۔

    انہوں نے شاہ سلمان کی قیادت میں سلامتی،علاقائی اور عالمی استحکام کے فروغ کے لیے سعودی عرب کے اہم کردار کو سراہا اور مسلم ممالک میں اس کے خصوصی مقام کی ستائش کی۔

    صدرعارف علوی نے کہا کہ پاکستان مملکت کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور ان تعلقات کو مزید مضبوط بنانےاور ہرسطح پر تعاون کو فروغ دینے کا خواہاں ہے، انہوں نے پاکستان کی حکومت اور عوام کی طرف سے مختلف مواقع پر حمایت کو بھی سراہا۔

    پاکستان میں سعودی سفیر المالکی نے اس موقع پر کہا کہ سعودی عرب کی قیادت پاکستان کے ساتھ تعلقات کو بہت اہمیت دیتی ہے اور وہ پاکستان اور اس کے عوام کی حمایت کی خواہش رکھتی ہے، ایک کامیاب اور مستحکم ملک بننے کے لیے اس کے ساتھ کھڑے ہیں۔

    مزید پڑھیں : صدر مملکت نے ذخیرہ اندوزی سےمتعلق آرڈیننس پر دستخط کر دیے

    واضح رہے کہ وفاقی کابینہ کی جانب سے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف آرڈیننس کی منظوری کے بعد صدرِ پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے بھی ذخیرہ اندوزی سے متعلق آرڈیننس پر دستخط کر دیے۔

    جس کے بعد ذخیرہ اندوزی کےخلاف آرڈیننس فوری طور پر نافذ العمل ہوگا۔ آرڈیننس کے مطابق ذخیرہ اندوزی میں ملوث افراد کو 3 سال کی سزا دی جائےگی۔ذخیرہ اندوزی کے خلاف سخت سزاؤں پر مشتمل آرڈیننس کا اطلاق اسلام آباد کی حدود میں ہوگا۔

  • پاک فضائیہ کا لڑاکا طیارہ ایف – 16  گر کر تباہ، ونگ کمانڈرنعمان اکرم  شہید

    پاک فضائیہ کا لڑاکا طیارہ ایف – 16 گر کر تباہ، ونگ کمانڈرنعمان اکرم شہید

    اسلام آباد : یوم پاکستان کی ریہرسل کے دوران پاک فضائیہ کا لڑاکا طیارہ ایف – 16 گر کر تباہ ہوگیا ،  طیارہ حادثے میں ونگ کمانڈرنعمان اکرم شہید ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں شکرپڑیاں کے قریب پاک فضائیہ کا لڑاکا طیارہ ایف -16گر کر تباہ ہوگیا ، ترجمان پاک فضائیہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاک فضائیہ کا لڑاکا طیارہ ایف – 16 یوم پاکستان (23 مارچ) کی ریہرسل کے دوران گر کر تباہ ہوا، حادثے میں ونگ کمانڈر نعمان اکرم شہید ہوگئے۔

    ترجمان کے مطابق طیارہ حادثے کے حقائق جاننے کیلئے ایئرہیڈکوارٹرمیں تحقیقاتی ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے۔

    طیارہ گرنےکے بعد آسمان میں دھوئیں کے بادل اٹھتے دکھائی دیئے، واقعے کے فوری بعد سیکیورٹی اور ریسکیو کا عملہ جائے وقوعہ پر پہنچا اور امدادی کارروائیاں شروع کردیں۔

    مزید پڑھیں : پاک فضائیہ کا ایک اور تربیتی طیارہ گر کر تباہ

    گذشتہ ماہ 12 فروری کو پاک فضائیہ کا طیارہ مردان کے علاقے تخت بھائی کے قریب گرکرتباہ ہوا تھا، تربیتی طیارہ معمول کے تربیتی مشن پر تھا، حادثے کے نتیجے میں پائلٹ جہاز محفوظ رہا تھا۔

    یاد رہے 7 فروری کو پاک فضائیہ کا طیارہ شورکوٹ کے قریب گرکرتباہ ہوگیا تھا ، حادثے کے نتیجے میں پائلٹ جہاز سے بحفاظت اترنے میں کامیاب رہا تھا تاہم زمین پرجانی ومالی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ملی تھی۔

    اس سے قبل 7 جنوری کو پاک فضائیہ کا طیارہ تربیتی پرواز کے دوران میانوالی کے قریب گر کر تباہ ہوگیا تھا اور حادثے کے نتیجے میں طیارے ایف ٹی سیون میں سوار دونوں پائلٹ شہید ہوگئے تھے، جن کے نام اسکواڈرن لیڈر حارث بن خالد اور فلائنگ آفیسر عبادالرحمان تھے۔

  • اسلام آباد میں نیا کمرشل شہر آباد کرنے کا منصوبہ تیار،  وزیراعظم نے منظوری دے دی

    اسلام آباد میں نیا کمرشل شہر آباد کرنے کا منصوبہ تیار، وزیراعظم نے منظوری دے دی

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے وفاقی دارالحکومت میں نیا کمرشل شہر "نیو بلیو ایریا” منصوبے کی منظوری دے دی ہے ، منصوبے کے لئے 170 کنال اراضی مختص کی گئی ہے، منصوبےسےابتدائی طورپرحکومت کو 25 سے 30ارب روپےملیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں نیا کمرشل شہر آباد کرنے کا منصوبہ تیار کرلیا گیا، وزیراعظم عمران خان نے”نیو بلیو ایریا” منصوبے کی منظوری دے دی ہے، ایف9پارک کے سامنے منصوبے کے لئے 170 کنال اراضی مختص کی گئی ہے۔

    حکومت کی جانب سے فیصلہ کیا گیا کہ اسلام آباد میں پہلی مرتبہ کمرشل اسپیس دگنی کردی جائے گی اور جدید تعمیرات پرمبنی کمرشل سٹی عالمی طرزپر تعمیر کیا جائے گا، منصوبےسےابتدائی طورپرحکومت کو 25 سے 30ارب روپےملیں گے۔

    حکومت منصوبے سے آمدنی کا کچھ حصہ نیاپاکستان ہاؤسنگ پراجیکٹ میں استعمال کرے گی اور بےگھراورغریب افرادکیلئے سستے گھروں کی تعمیر پر بھی رقم خرچ کی جائے گی، جس سے وفاقی دارالحکومت میں معاشی سرگرمیوں کونمایاں فروغ ملے گا۔

    نئےکمرشل شہر میں بنیادی سہولتوں کی فراہمی کوبھی بہترکیا جائے گا اور شہرسےروزگاراورتعمیراتی انڈسٹری کوفروغ دیاجائےگا۔

  • یوم پاکستان کی آمد ، اسلام آباد میں   10مختلف سرگرمیوں پر پابندی عائد،  دفعہ 144 نافذ

    یوم پاکستان کی آمد ، اسلام آباد میں 10مختلف سرگرمیوں پر پابندی عائد، دفعہ 144 نافذ

    اسلام آباد : ڈپٹی کمشنراسلام آباد نے 23 مارچ کی آمد کے پیش نظر 10مختلف سرگرمیوں پرپابندی عائد کرتے ہوئے تمام سرگرمیوں پردفعہ 144 نافذکر دی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق 23 مارچ یوم پاکستان کی آمد پر انتظامیہ اورقانون نافذکرنےوالے اداروں کی تیاریاں روز و شور سے جاری ہے ، ڈپٹی کمشنراسلام آبادنے10مختلف سرگرمیوں پرپابندی عائد کرتے ہوئے نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔

    نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ تمام سرگرمیوں پر دفعہ 144 نافذکر دی ہے ، پتنگ بازی،مجالس،جلسےجلوسوں پر پابندی ہوگی جبکہ غیررجسٹرڈہاؤسنگ اسکیموں کی ایڈورٹائزنگ ، ہینڈبل، پمفلٹ، وال چاکنگ ، لاؤڈسپیکر،ایمپلی فائراورآتش بازی کےسامان کی خریدوفروخت پرپابندی عائد کی گئی ہے۔

    جاری نوٹیفکیشن کے مطابق اسٹون کرشنگ اورکبوتربازی پربھی پابندی عائد کردی گئی ہے اور خلاف ورزی پردفعہ 144 کےتحت کارروائی کی جائے گی۔

    خیال رہے 23 مارچ 1940 ء کو لاہور میں واقع منٹو پارک موجودہ اقبال پارک میں قرار داد پاکستان منظور ہوئی ،23 مارچ کی تاریخی اہمیت کو مد نظر رکھتے ہوئے ہر سال 23 مارچ کو یوم پاکستان منانے کا اعلان سرکاری طور پر کیا جاتا ہے۔

    یوم پاکستان کے حوالے سے ہرسال مرکزی تقریب پریڈ ایونیو میں ہوتی ہے، جہاں مسلح افواج کی روایتی پریڈ کرتی ہے، جس کو تاریخ میں کلیدی حیثیت حاصل ہے۔ تقریب میں صدر مملکت، وزیر اعظم اور مسلح افواج کے سربراہان شریک ہوتے ہیں۔

    یوم پاکستان کی مناسبت سے سیاسی وسماجی تنظیموں کی جانب سے خصوصی پروگرام ترتیب دیئے جاتے ہیں، ملک بھرمیں ریلیوں کا بھی اہتمام کیا جاتا ہے۔

  • یو این سیکریٹری جنرل کا بہادر پاکستانی خواتین کو خراج تحسین

    یو این سیکریٹری جنرل کا بہادر پاکستانی خواتین کو خراج تحسین

    اسلام آباد: اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے بہادر پاکستانی خواتین اور مردوں کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق سیکریٹری جنرل یو این انتونیو گوتریس نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ یو این امن مشنز میں پاکستان سب سے بڑا شراکت دار ہے۔

    سیکریٹری جنرل کا کہنا تھا کہ انھوں نے اس امن مشن میں خدمات انجام دینے والے کچھ بہادر پاکستانی خواتین اور مردوں کے ساتھ ملاقات کی، جو متاثر کن رہی۔ انتونیو گوتریس نے پاکستانی بہادر خواتین اور مردوں کی قربانی اور خدمات کے لیے ان کا شکریہ بھی ادا کیا۔

    پاکستان کے دستے امن کے لیے بہترین کام کر رہےہیں: انتونیو گوتریس

    خیال رہے کہ انتونیو گوتریس پاکستان میں افغان مہاجرین کے لیے منعقدہ کانفرنس میں شرکت کے لیے پانچ روزہ دورے پر آئے ہیں، گزشتہ روز انھوں نے وزیر اعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے بھی ملاقاتیں کیں۔

    سیکریٹری جنرل نے گزشتہ روز نسٹ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستانی دستوں نے دوسروں کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، پاکستان کے دستے امن کے لیے بہترین کام کر رہے ہیں، پاکستان کے ایک لاکھ 50 ہزار سے زائد جوانوں نے امن مشنز میں کام کیا، پاکستانی افسران امن مشن میں فرسٹ کمانڈر کے طور پر کام کر رہے ہیں، امن مشنز میں پاکستانی افواج کے 157 جوانوں نے شہادت پائی، پاکستانی افواج ، پولیس اور سویلینز کا عزم امن مشن کے لیے شان دار ہے۔