Tag: Islamabad

  • ملک بھر میں سہ روزہ انسدا پولیو مہم کل سے شروع ہوگی

    ملک بھر میں سہ روزہ انسدا پولیو مہم کل سے شروع ہوگی

    اسلام آباد : ملک بھر میں پولیو کے خاتمے کیلئے انسدا پولیو مہم کل سے شروع ہوگی، 39.4 ملین بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیںگے، رواں برس ملک میں پولیو کے 17کیسز سامنے آچکے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ملک گیر قومی انسداد پولیو مہم کا آغاز کل سے ہوگا، اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی انسداد پولیو مہم 17تا 21 فروری تک جاری رہے گی، ملک بھرمیں 39.4 ملین بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔

    حساس علاقوں میں انسداد پولیو مہم سات روز چلائی جائے گی، ملک گیر مہم کے دوران 2لاکھ 65ہزار پولیو ورکرز حصہ لیں گے، پنجاب میں19.9ملین بچوں کو پولیو ویکسین پلائی جائےگی، سندھ میں 9.26ملین بچوں کوپولیو ویکسین پلائی جائے گی۔

    خیبر پختونخوامیں 6.75 ملین بچوں کو پولیو ویکسین پلائی جائے گی، بلوچستان میں2.46 ملین بچوں کو پولیو ویکسین پلائی جائے گی، آزاد کشمیر میں 6لاکھ 90 ہزار بچوں کو پولیو ویکسین پلائی جائے گی۔

    گلگت بلتستان میں2 لاکھ 40 ہزار بچوں کو پولیو ویکسین پلائی جائے گی، اسلام آباد میں3لاکھ56ہزار بچوں کو پولیو ویکسین پلائی جائے گی، سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ 18 فروری کو لاہورمیں پولیو مہم میں شریک ہوں گے۔

    اس حوالے سے ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا ہے کہ حکومت ملک سے پولیو کے خاتمےکیلئے اقدامات کر رہی ہے، والدین بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے ضرور پلوائیں، رواں برس ملک میں پولیو کے 17کیسز سامنے آچکے ہیں۔

  • پاکستان ترقی کی جانب گامزن ہے، مستقبل میں بھی پاکستان کا بھرپور ساتھ دیں گے: ترک صدر

    پاکستان ترقی کی جانب گامزن ہے، مستقبل میں بھی پاکستان کا بھرپور ساتھ دیں گے: ترک صدر

    اسلام آباد: ترکی کے صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ پاکستان میں کبھی اجنبی محسوس نہیں کرتا، پاکستان اور ترکی کے تعلقات قابل رشک ہیں، خلافت عثمانیہ کے لیے برصغیر کے مسلمانوں کا کردار فراموش نہیں کر سکتے، خواتین نے اپنے زیور اور جمع پونجی عطا کی، مولانا محمد علی جوہر اور شوکت علی جوہر کو کیسے فراموش کر سکتے ہیں۔

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے پاکستانی پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب میں کیا، قبل ازیں، ترک صدر رجب طیب اردوان کی پارلیمنٹ ہاؤس آمد پر شان دار استقبال کیا گیا، ارکان پارلیمنٹ اپنی نشستوں پر کھڑے ہو گئے، اور ترک صدر کا ڈیسک بجا کر استقبال کیا گیا، مشترکہ اجلاس میں پاکستان اور ترکی کے قومی ترانے بھی بجائے گئے۔

    اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ترک صدر نے کہا کہ پرتپاک استقبال اور مہمان نوازی پر پاکستان کا شکرگزار ہوں، پاکستان اور ترکی کے تعلقات مذہب اور ثقافت پر مشتمل ہیں، دونوں ملکوں کی قیادت کو یک جا کرنے پر اللہ کا شکر ادا کرتا ہوں، ترک قوم کی جدوجہد کے وقت لاہور میں حمایتی جلسوں کو ہم نہیں بھول سکتے، عوام نے اپنا پیٹ کاٹ کر ترک عوام کی مدد کی، لاہور جلسے میں علامہ اقبال نے بھی خطاب کیا، پاکستان کے شاعر علامہ اقبال ترک عوام کے لیے انتہائی قابل احترام ہیں، کشمیر ہمارے لیے اسی طرح ہے جیسے آپ کے لیے، ہم آپ سے محبت نہیں کریں گے تو کس سے کریں گے، پاکستان کی کامیابی ترکی کی کامیابی ہے۔

    رجب طیب اردوان نے کہا کہ پاکستان ترقی اور خوش حالی کے سفر کی جانب رواں دواں ہے، ماضی کی طرح مستقبل میں بھی پاکستان کا بھرپور ساتھ دیں گے، ایف اے ٹی ایف میں پاکستان کی بھرپور حمایت کا پختہ یقین دلاتے ہیں، میں اپنے تجارتی وفد کے ہم راہ پاکستان آیا ہوں، تجارت سے لے کر بنیادی ڈھانچے اور سیاحت کے لیے ایک روڈ میپ بنائیں گے، 2009 میں قائم اعلیٰ اسٹریٹجک تعلقات پر چھٹا اجلاس کرنے جا رہے ہیں۔

    ترک صدر کا کہنا تھا کہ مومن آپس میں بھائی بھائی ہیں، کوئی بھی فاصلہ یا سرحد مسلمانوں کے درمیان دیوار حائل نہیں کر سکتی، پاکستان نے پاک ترک اسکولوں کا نظام ہمارے حوالے کر کے حقیقی دوست کا ثبوت دیا، ہم شام کے 40 لاکھ پناہ گزینوں کی مہمان نوازی کر رہے ہیں، فلسطین، قبرص اور کشمیر کے مسلمانوں کے لیے دعا گو ہیں، شام میں ہماری موجودگی کا مقصد مظلوم مسلمانوں کو جابرانہ حملوں سے بچانا ہے، امریکی صدر ٹرمپ کا مشرق وسطیٰ میں امن کا نہیں بلکہ قبضے کا منصوبہ ہے۔

    ترک صدر کا کہنا تھا کہ پاکستانی حکومت کے مثبت اقدامات سے سرمایہ کاری کا ماحول بن رہا ہے، اقتصادی ترقی چند دنوں میں نہیں ملتی، مسلسل محنت اور جدوجہد کرنا پڑتی ہے، کوشش ہوگی پاکستان کے ساتھ اقتصادی تعلقات کو بھرپور فروغ دیا جائے۔

  • تمام اسکولوں اور مدارس میں کولڈ ڈرنکس پر پابندی عائد

    تمام اسکولوں اور مدارس میں کولڈ ڈرنکس پر پابندی عائد

    اسلام آباد: ضلعی انتظامیہ نے وفاقی دارلحکومت کے تمام اسکولوں اور مدارس میں کولڈ ڈرنکس پر پابندی عائد کر دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ڈی سی اسلام آباد کی جانب سے شہر کے تمام اسکولوں اور مدارس میں 2 ماہ کے لیے کولڈ ڈرنکس پر پابندی عائد کر دی گئی ہے، اس پابندی کا اطلاق سرکاری اور نجی اسکولوں کے ساتھ ساتھ مدارس پر بھی ہوگا۔

    پابندی کے سلسلے میں جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ کولڈ ڈرنکس پر پابندی کے حوالے سے دفعہ 144 کا نفاذ کر دیا گیا ہے۔

    ڈپٹی کمشنر اسلام آباد حمزہ شفقات کا کہنا تھا کہ پابندی سے قبل سوشل میڈیا پر پول کرایا گیا تھا، 90 فی صد حق میں رائے آئی، سروے کے تحت لوگوں کی رائے کو مد نظر رکھتے ہوئے پابندی عائد کی گئی، اس سے قبل سافٹ ڈرنکس پر پنجاب میں بھی پابندی عائد کی گئی تھی۔

    حمزہ شفاقت نے کہا کہ عالمی ادارہ صحت کی رپورٹس کے مطابق بھی کولڈ ڈرنکس بچوں کے لیے مضر صحت ہیں، ہیلتھ ڈپارٹمنٹ کی تجاویز پر اسلام آباد میں بھی ان پر پابندی لگانے کا فیصلہ کیا گیا تھا، پابندی سے متعلق اور عوامی آگاہی کے لیے جلد تشہیر کا بھی آغاز کیا جائے گا، انتظامیہ کی جانب سے اس سلسلے میں قانون سازی کے لیے بھی جلد تجویز وفاقی حکومت کے سامنے پیش کی جائیں گی۔

    یاد رہے کہ تین سال قبل پنجاب فوڈ اتھارٹی نے صوبے کے اسکولوں، کالجوں میں انرجی ڈرنکس، سوڈا ڈرنکس اور ٹھنڈے مشروبات پر پابندی لگا دی تھی، نوٹیفکیشن میں کہا گیا تھا کہ صوبہ بھر کے اسکولوں اور کالجوں میں 100 میٹر کے احاطے میں سوڈے والے ٹھنڈے مشروبات کی فروخت پر پابندی ہوگی۔

  • اسلام آباد میں سافٹ ویئر سٹی بنانے کا فیصلہ

    اسلام آباد میں سافٹ ویئر سٹی بنانے کا فیصلہ

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت انفارمیشن ٹیکنالوجی سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں سافٹ ویئر سٹی بنانے سمیت اہم فیصلے کیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت انفارمیشن ٹیکنالوجی سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں خطے کے دیگر ممالک کی طرح پاکستان کو آئی ٹی سیکٹر میں مضبوط کرنے کا عزم کیا گیا۔

    اجلاس میں پاکستان سے آئی ٹی سافٹ ویئرز کی ایکسپورٹس بڑھانے کے لیے اقدامات پر بھی غور کیا گیا۔ ملک بھر میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کا نیٹ ورک بڑھانے کے لیے اہم فیصلے کیے گئے، ٹیلی فون ٹاورز کے ذریعے شہروں کی ڈیجیٹلائز کنیکٹیوٹی کی منظوری بھی دی گئی۔

    اجلاس میں بینڈوتھ اور فائبر آپٹک کا عمل فوری مکمل کرنے، ملک کی سافٹ ویئر ایکسپورٹس کو 10 بلین ڈالرز تک لے جانے اور چھوٹے سافٹ ویئر ایکسپورٹرز کے لیے ریلیف پیکج متعارف کروانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

    اجلاس کے شرکا نے وفاقی دارالحکومت میں 40 ایکڑ پر مشتمل سافٹ ویئر سٹی بنانے کا فیصلہ کیا، سافٹ ویئر سٹی میں لوکل سافٹ ویئر کمپنیوں کو سہولتیں ملیں گی۔

    اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پاکستانی ادارے لوکل کمپنیوں سے سافٹ ویئر خریدیں گے۔

    علاوہ ازیں صوبائی اور وفاق کی جانب سے عائد ڈبل ٹیکس ختم کرنے، راولپنڈی اور اسلام آباد کی یونیورسٹیز کو انٹر کنیکٹ کر کے ڈیجیٹلائز کرنے اور ایکسپورٹرز کو ڈالر کا ایکسچینج ریٹ مارکیٹ سے بہتر دینے کا فیصلہ کیا گیا تاکہ ایکسپورٹرز رسیو ایبل رقم کے مساوی قرض حاصل کر سکیں۔

    اس موقع پر وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی ملک کا مستقبل ہے، آئی ٹی سیکٹر کا فروغ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ پاکستان کے نوجوانوں میں آئی ٹی سیکٹر میں بے پناہ صلاحیت ہے۔ حکومت قابل نوجوانوں کی ہر ممکن طریقے سے سہولت کاری کے لیے پرعزم ہے۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کو فری لانس سہولتیں اور مراعات فراہم کریں گے، لاکھوں نوجوانوں کی صلاحیتیں بروئے کار لائی جائیں گی اور نوکریوں کے مواقع میسر آئیں گے۔

    انہوں نے ہدایات دیں کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے فروغ میں حائل تمام رکاوٹوں کو دور کیا جائے، اسپیشل ٹیکنالوجی زونز کے قیام اور 5 جی اسپیکٹرم کے اجرا پر کام تیز کریں اور بڑے شہروں میں فائبرائزیشن کے ذریعے ٹاورز کو ملانے کا کام مکمل کریں۔

    وزیر اعظم نے اس حوالے سے ٹائم لائنز پر مبنی مفصل روڈ میپ بھی ایک ہفتے میں طلب کر لیا۔

  • اسلام آباد کو ہر لحاظ سے ماڈل سٹی ہونا چاہیے، عمران خان

    اسلام آباد کو ہر لحاظ سے ماڈل سٹی ہونا چاہیے، عمران خان

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اسلام آباد کو ہر لحاظ سے ماڈل سٹی ہونا چاہیے، بڑے جرائم پیشہ عناصر اور قبضہ مافیا کے گرد مزید گھیرا تنگ کیا جائے۔

    یہ بات انہوں نے اسلام آباد میں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت اجلاس ہوا۔

    اجلاس میں اسلام آباد میں امن امان کی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے ، ترقیاتی امور اور شہریوں کو بہترین سہولتوں کی فراہمی پر غور و خوص کیا گیا۔

    اس موقع پر وزیر اعظم نے متعلقہ حکام کو ماحولیات کے تحفظ اور قدرتی حسن کو برقرار رکھنے پرتوجہ دینے کی ہدایت   بھی کی، وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ سی ڈی اے میں اصلاحات کا مقصد لوگوں کا معیار زندگی بہتر کرنے کیلئے ہے۔

    انہوں نے کہا کہ حکومت کی اولین ترجیح ہے کہ اسلام آباد کو ہرلحاظ سے ایک ماڈل سٹی ہونا چاہیے، وزیراعظم نے کمزور طبقے کے تحفظ کو یقینی بنانے کی اہمیت پرزور دیا۔

    ان کا کہنا تھا کہ بڑے جرائم پیشہ عناصر اور قبضہ مافیا کے گرد مزید گھیرا تنگ کیا جائے، شہریوں کے جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنانا ریاست کی ذمہ داری ہے، کمزور اور غریب طبقے کا تحفظ ہرصورت ممکن بنایا جائے۔

  • اسلام آباد پولیس کا شہریوں کے لیے ایک اور تحفہ

    اسلام آباد پولیس کا شہریوں کے لیے ایک اور تحفہ

    اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی پولیس کو شہریوں کی فوری شناخت کے لیے فنگر پرنٹ ٹیکنالوجی فراہم کر دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنرل (آئی جی) اسلام آباد عامر ذوالفقار کی خصوصی ہدایت پر پولیس ناکوں کے لیے جدید سافٹ ویئر تیار کرلیا گیا، پولیس اصلاحات کے تحت ناکوں پر فنگر پرنٹ سافٹ ویئر متعارف کروا دیا گیا۔

    عامر ذوالفقار کا کہنا ہے کہ بائیو میٹرک نظام کی مدد سے ہر شہری کا ریکارڈ ناکوں پر میسر ہوگا، پولیس کو تصدیق کے لیے کسی شخص کو تھانے لے جانے کی ضرورت نہیں ہوگی۔

    انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی سے ناکے کو مزید بہتر سے بہتر بنایا جارہا ہے، شہریوں کے جان و مال کا تحفظ کرنا ہمارا اولین فرض ہے۔

    خیال رہے کہ اسلام آباد پولیس نے حال ہی میں یونیفارم پر لگے کیمروں کا استعمال بھی شروع کردیا ہے۔ یہ کیمرے ناکے پر تعینات پولیس اہلکاروں نے مکمل ٹریننگ کے بعد استعمال کرنے شروع کیے ہیں۔

    اہلکاروں کی وردی پر نصب شدہ ویڈیو کیمرے اندھیرے میں بھی ویڈیو بنانے کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں جبکہ یہ کیمرے شہریوں اور ڈیوٹی پر مامور پولیس اہلکار کے درمیان ہونے والی گفتگو ریکارڈ کریں گے۔

  • جرائم میں واضح کمی، اسلام آباد نے ترقی یافتہ شہروں کو پیچھے چھوڑ دیا

    جرائم میں واضح کمی، اسلام آباد نے ترقی یافتہ شہروں کو پیچھے چھوڑ دیا

    اسلام آباد : جرائم کی شرح میں چار فیصد کمی کے بعد اسلام آباد دنیا کے محفوظ ترین شہروں میں شامل ہوگیا، اسلام آباد نے سڈنی، برلن، ماسکو، لندن، پیرس اور شنگھائی کو مات دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق ورلڈ کرائم انڈیکس میں وفاقی پولیس کی رینکنگ میں بہتری آئی ہے، اس حوالے سے عالمی ادارے نمبیو کی جانب سے ایک رپورٹ جاری کی گئی ہے۔

    مذکورہ رپورٹ دنیا بھر کے374شہروں میں سروے کے بعد جاری کی گئی۔ نمبیو کی رپورٹ کے مطابق اسلام آباد میں کرائم انڈیکس کم ہو کر28.63 پوائنٹس پر پہنچ گیا ہے۔

    اسلام آباد نے محفوظ ترین شہر کے حوالے سے سڈنی، برلن، ماسکو، لندن، پیرس اور شنگھائی کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔

    گزشتہ سال ورلڈ کرائم انڈیکس میں اسلام آباد232ویں نمبر پر تھا، گزشتہ سال وفاقی دارالحکومت میں جرائم کی شرح 32.88فیصد تھی۔

    رپورٹ کے مطابق کراچی 22 درجے بہتری کے بعد 66 ویں نمبر سے 88ویں نمبر پر پہنچ گیا جبکہ لاہور 28 درجے بہتری کے بعد 174ویں نمبر سے 202 پر پہنچ گیا۔

  • فواد چوہدری نے وزیر اعظم کو اہم خط لکھ دیا

    فواد چوہدری نے وزیر اعظم کو اہم خط لکھ دیا

    اسلام آباد: وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے وزیر اعظم عمران خان کے نام ایک اہم خط لکھ کر اہم حکومتی معاملات پر نوٹس لینے کی اپیل کر دی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے وزیر اعظم عمران خان کو خط لکھ کر پنجاب کے ترقیاتی منصوبوں کے سلسلے میں وسائل کی بہتر تقسیم کے لیے تجاویز پیش کیں، انھوں نے خط میں لکھا کہ صوبے میں ترقیاتی عمل تیز کرنے کے لیے بجٹ ریلیز کیا جائے۔

    خط میں انھوں نے لکھا کہ پنجاب فنانس ایوارڈ اضلاع تک پہنچایا جائے، اور اختیارات نچلی سطح تک منتقل کیے جائیں، اس سے صوبے کے مسائل حل ہوں گے، فواد چوہدری نے اہم معاملات پر وزیر اعظم سے نوٹس لینے کی بھی اپیل کی، وفاقی وزیر نے خط میں آئین کے آرٹیکل 140 اے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہر صوبہ انتظامی، مالی ذمہ داریاں مقامی حکومتوں کو منتقل کرنے کا پابند ہے۔

    خط میں ان کا کہنا تھا کہ صوبے مسلسل آئین کے آرٹیکل 140 کی خلاف ورزی کر رہے ہیں، اضلاع کی سطح پر فنڈز کی منتقلی نہیں کی جا رہی، پنجاب میں شہباز شریف نے اپنے دور حکومت میں صوبائی فنانس کمیشن ایوارڈ نہیں دیا، شہباز شریف کے دور میں آرٹیکل 140 کی بھرپور خلاف ورزی کی گئی، بد قسمتی سے پی ٹی آئی حکومت نے بھی پی ایف سی ایوارڈ کا ابھی تک اعلان نہیں کیا۔

    خط کے متن میں فواد چوہدری نے کہا ہے کہ آرٹیکل 140 پر عمل درامد نہ ہونے کے باعث اضلاع کو ان کا صحیح شیئر نہیں مل رہا، جس کی وجہ سے ضلعی سطح پر مسائل بڑھ رہے ہیں، عمران خان صاحب آپ ہمیشہ سے مضبوط لوکل گورنمنٹ سسٹم پر زور دیتے رہے ہیں، مگر یہ اس وقت تک ممکن نہیں جب تک صوبائی فنانس کمیشن ایوارڈ کا اجرا نہیں ہوگا، آپ سے گزارش ہے کہ آرٹیکل 140 کی خلاف ورزی کا نوٹس لیں۔

    وفاقی وزیر نے خط میں اپیل کی کہ وزیر اعظم صاحب آپ صوبوں، بالخصوص پنجاب کو صوبائی فنانس کمیشن ایوارڈ کے اجرا کا حکم جاری کریں۔

  • اسلام آباد کے مختلف مقامات پر دفعہ 144 نافذ، نوٹیفکیشن جاری

    اسلام آباد کے مختلف مقامات پر دفعہ 144 نافذ، نوٹیفکیشن جاری

    اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے مختلف مقامات پر دفعہ 144 نافذ کردی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کے مختلف مقامات پر دفعہ 144 نافذ کردی گئی جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔

    نوٹیفکیشن کے مطابق مخصوص مقامات بشمول ریڈ زون میں 5 یا اس سے زائد افراد کے اکٹھے ہونے پر پابندی ہوگی۔

    دفعہ 144 کا نفاذ اسلام آباد کے علاقوں خیابان سہروردی، تھرڈ ایونیو، فورتھ ایونیو، اور سرینہ چوک میں بھی ہوگا، 2 ماہ تک نجی ہاؤسنگ سوسائٹیز کی تشہیر پر بھی پابندی عائد ہوگی۔

    نوٹیفکیشن کے مطابق خطبہ اور جمعہ کی نماز کے علاوہ لاؤڈ اسپیکر کے استعمال پر پابندی عائد ہوگی۔

    اسلام آباد کے گردونواح میں بارودی کان کنی اور آتشبازی پر بھی پابندی ہوگی جبکہ سرکاری اہلکاروں کے علاوہ اسلحے کی نمائش پر مکمل پابندی عائد ہوگی۔

  • اے ٹی ایم سے متعلق شکایت پر وزیر اعظم آفس کا بڑا ایکشن

    اے ٹی ایم سے متعلق شکایت پر وزیر اعظم آفس کا بڑا ایکشن

    اسلام آباد: شہری کا اے ٹی ایم کارڈ بینک مشین میں پھنسنے کے معاملے پر وزیر اعظم آفس نے بڑا ایکشن لے لیا۔

    تفصیلات کے مطابق اے ٹی ایم کارڈ پھنسنے سے متعلق اسلام آباد کے شہری کی شکایت پر وزیر اعظم آفس نے ایکشن لے لیا، 3 ماہ تک صارف کی بات نہ سننے والے بینک حکام 30 منٹ میں لائن پر آ گئے۔

    متاثرہ شہری کا کہنا تھا کہ تین ماہ قبل انھوں نے اے ٹی ایم استعمال کیا تو بینک کی اے ٹی ایم مشین سے کارڈ واپس نکلا نہ پیسے، پیسے نہ ملنے کے باوجود بینک نے اکاؤنٹ سے رقم کاٹ لی، متعدد بار بینک حکام سے رابطہ کیا لیکن شنوائی نہیں ہوئی۔

    شہری کے بیان کے مطابق 3 ماہ تک معاملے کی شنوائی نہ ہونے کے بعد آخر کار انھوں نے وزیر اعظم کے سٹیزن پورٹل پر شکایت درج کرائی، شکایت کے اندراج کے ڈیڑھ گھنٹے میں اسٹیٹ بینک سے کال آ گئی، اور بینک حکام نے 30 منٹ میں پیسے واپس کر دیے۔

    وزیراعظم سٹیزن پورٹل کی بڑی کامیابی ، 91 فیصد سے زائد شکایات کا ازالہ

    شہری کا کہنا تھا کہ مذکورہ بینک نے ان سے سٹیزن پورٹل سے شکایت واپس لینے کی درخواست بھی کی۔

    خیال رہے سال 2019 میں پاکستان سٹیزن پورٹل کی صورت میں وزیر اعظم عمران خان کے ویژن کو زبردست کام یابی ملی، اس سلسلے میں مرتب کردہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سال 2019 میں سٹیزن پورٹل پر 16 لاکھ سے زائد شکایات موصول ہوئیں جن میں 91 فی صد سے زائد شکایات کا ازالہ کیا گیا۔