Tag: Islamabad

  • اسلام آباد میں ڈانس پارٹی میں زہریلی شراب پینے سے دو خواتین سمیت 3 ہلاک

    اسلام آباد میں ڈانس پارٹی میں زہریلی شراب پینے سے دو خواتین سمیت 3 ہلاک

    اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت میں ایک ڈانس پارٹی میں مبینہ طور پر زہریلی شراب پینے سے دو خواتین سمیت 3 افراد ہلاک ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ رات اسلام آباد کے تھانہ شالیمار کے علاقے ایف الیون ٹو میں مبینہ طور پر زہریلی شراب پینے سے 2 خواتین اور ایک مرد ہلاک ہو گئے۔

    ذرائع کے مطابق ایف الیون ٹو میں واقع الصفا ہائٹس میں دو خواتین اور ایک لڑکے نے ڈانس پارٹی کی تھی، پارٹی کے دوران غیر معیاری شراب پینے کے سبب لڑکا اور ایک لڑکی کی موت واقع ہو گئی، جس پر نادیہ نامی خاتون نے الصفا ہائٹس کے اسٹاف کو اطلاع دے دی، جس کی اپنی حالت خراب ہو گئی تھی۔

    پولیس کو واقعے کی اطلاع دی گئی تو تھانہ شالیمار کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے، پولیس نے نادیہ نامی لڑکی کو تشویش ناک حالت میں پمز اسپتال منتقل کیا، جہاں اس کی بھی موت واقع ہو گئی۔

    مرنے والے لڑکے کی شناخت زابت والد عبد السبحان کے نام سے ہوئی ہے، جب کہ ایک خاتون کی شناخت تاحال نہیں کی جا سکی ہے۔ پولیس حکام نے واقعے کے سلسلے میں تحقیقات شروع کر دی ہے۔

  • پولیس اہلکاروں نے ضبط شدہ 60 موٹر سائیکلیں فروخت کر دیں

    پولیس اہلکاروں نے ضبط شدہ 60 موٹر سائیکلیں فروخت کر دیں

    اسلام آباد: تھانوں میں پڑی ضبط شدہ موٹر سائیکلیں فروخت کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں تھانہ ترنول کے اہلکاروں نے ضبط شدہ 60 موٹر سائیکلیں فروخت کر دیں، انکشاف ہونے پر ایس ایس پی ارسلان شاہزیب نے صورت حال کا نوٹس لیا اور ملوث 2 اہلکاروں کو نوکری سے برطرف کر دیا۔

    برطرف ہونے والوں میں تھانہ ترنول کا مال خانہ محرر حق نواز اور کمپیوٹر آپریٹر مقبول شاہ شامل ہیں، دوران انکوائری ان پولیس اہلکاروں پر الزامات ثابت ہو گئے تھے، جس کے بعد ایس ایس پی کی جانب سے برطرفی کے احکامات جاری کیے گئے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزمان نے 60 کے قریب موٹر سائیکلیں فروخت کی تھیں، ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ ملزمان کے خلاف کوئی اور کارروائی نہیں کی گئی، محکمانہ کارروائی کے تحت نوکری سے برطرفی کے ذریعے مزید کسی کارروائی سے بچا لیا گیا۔

    نوکری سے برطرفی کے حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ مال خانہ محرر کرپشن اور خورد برد میں بھی ملوث پایا گیا۔

  • اسلام آباد میں کمرشل پلاٹوں کی نیلامی میں اربوں روپے کی بے ضابطگیوں کا انکشاف

    اسلام آباد میں کمرشل پلاٹوں کی نیلامی میں اربوں روپے کی بے ضابطگیوں کا انکشاف

    اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت میں کمرشل پلاٹوں کی نیلامی میں اربوں روپے کی بے ضابطگیوں کا انکشاف ہوا ہے، اس سلسلے میں آڈٹ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ نیلامی میں غیر شفافیت سے قومی خزانے کو 37 ارب 82 کروڑ روپے سے زائد کا نقصان پہنچایا گیا ہے۔

    سرکاری آڈٹ رپورٹ کے مطابق سی ڈی اے نے 29 کمرشل پلاٹ نیلامی کے لیے آفر کیے تھے، جس میں 23 پلاٹوں کے لیے 37 ارب 82 کروڑ روپے سے زائد بڈ پرائس قبول کی گئی، جب کہ بولیاں موصول نہ ہونے سے 5 کمرشل پلاٹوں کی نیلامی مؤخر کی گئی، اور قانونی پیچیدگیوں کے باعث ایک پلاٹ کی نیلامی روک دی گئی۔

    آڈٹ دستاویز کے مطابق ان پلاٹوں کا بیک اپ ریکارڈ اور نیلامی کی قیمت کا ریکارڈ ہی دستیاب نہیں ہے، زمین کی قیمتوں کا مارکیٹ ٹرینڈ ریزرو پرائس کے تخمینہ کا ریکارڈ بھی نہیں ہے، جب کہ مؤخر کیے جانے والے 5 پلاٹوں کا ریکارڈ فائلوں سے غائب ہے، اور سی ڈی اے فائلوں میں قانونی پیچیدگیوں کے باعث روکے گئے پلاٹ کا ریکارڈ بھی نہیں ہے۔

    آڈٹ حکام نے کہا ہے کہ خواہش مند بولی دہندگان سے لیے جانے والے پے آرڈرز بینک میں جمع نہیں کرائے گئے، اور بینکوں سے پے آرڈرز کی تصدیق نہیں کرائی گئی، اس لیے ان پے آرڈرز کے جعلی ہونے کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔

    حکام کے مطابق سی ڈی اے میں ناقص مالی کنٹرول سے اربوں روپے کی بے ضابطگی ہوئی ہے، سی ڈی اے کی جانب سے اعتراضات کا جواب بھی نہیں دیا گیا ہے، آڈیٹر جنرل نے رپورٹ میں تحقیقات کرنے اور ذمہ داروں کا تعین کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

  • طلباء کے لیے خوشخبری

    طلباء کے لیے خوشخبری

    وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے بلوچستان کے طلباء کے لیے خوشخبری سنادی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کوئٹہ میں پریس کانفرنس میں کہا کہ بلوچستان کے 500 طلبا کو اسلام آباد میں تعلیم دی جائے گی، مزدور کا بیٹا تعلیم حاصل کر کے پاکستان اور لوگوں کی خدمت کریگا اس کے علاوہ بلوچستان میں گریجویٹس کے لئے پروگرام لے کر آرہے ہیں۔

    سرفرازبگٹی نے کہا کہ بلوچستان کے ہر ضلعی ہیڈکوارٹر میں یوم آزادی بھر پور منایا گیا، مختلف تحصیلوں میں نادرا کے 21 سینٹرز کا گزشتہ روز افتتاح کیا گیا۔

    انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں احتجاج کے نام پر بدامنی پیدا کرنے کی کوشش ہورہی ہے، ڈی سی پنجگور ذاکر بلوچ کا قتل منظم سازش کے تحت ہوا، ریاست کیخلاف منظم سازش کے تحت واقعات ہورہے ہیں۔

    کوئٹہ میں پریس کانفرنس میں کہنا تھا پاکستان ٹوٹنے کیلئے نہیں بنا، نہ ہی یہ ارض مقدس کوئی کیک ہے کہ جس نے چاہا کاٹ کے لے گیا، مسنگ پرسنز ایشو حل کرنے کیلئے تیار ہیں لیکن کسی علیحدگی پسند تنظیم کو کسی صورت بھی برداشت نہیں کیا جائے گا۔

    وزیراعلیٰ کا کہنا تھا بلوچ یکجہتی کمیٹی کے ساتھ 3 بار مذاکرات کے راونڈز ہوئے، ہر بار خلاف ورزی بی وائی سی نے ہی کی، بلوچ نوجوانوں سے کہتا ہوں غیروں کی باتوں میں نہ آئیں۔

    چمن ایشو کے حوالے سے سوال پر میر سرفراز بگٹی نے کہا چمن کے رہائشیوں کو فری پاسپورٹ اجرا شروع کردیا ہے، بارڈرز مینجمنٹ ہمارا حق ہے اور ہم اپنی انٹرنیشنل بارڈرز کو مینج کریں گے۔

  • نادرا کے واجبات کی ادائیگی کے بعد اسلام آباد میں اہم سروس بحال

    نادرا کے واجبات کی ادائیگی کے بعد اسلام آباد میں اہم سروس بحال

    اسلام آباد: نادرا نے وفاقی دارالحکومت میں ڈیتھ اینڈ برتھ رجسٹریشن سروسز بحال کر دیں۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں ڈیتھ اینڈ برتھ رجسٹریشن سروسز کی معطلی پر چیف کمشنر و چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے سخت نوٹس لیتے ہوئے چیئرمین نادرا سے رابطہ کیا۔

    میونسپل کارپوریشن اسلام آباد نے نادرا کے تمام واجبات فوری ادا کر دیے، چیف کمشنر اسلام آباد کی ہدایات کے بعد شہریوں کو ایم سی آئی سروسز بھی فوری طور پر بحال کر دی گئیں۔

    محمد علی رندھاوا نے حکام کو آئندہ نادرا کے واجبات ادا کرنے کے لیے مستقل اقدامات کی ہدایت کی، انھوں ڈی ایم اے کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد کے شہریوں کو دی جانے والی سہولیات میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

  • اسلام آباد میں ریڑھی بانوں کے خلاف اقدامات پر ہائیکورٹ نے اہم حکم جاری کر دیا

    اسلام آباد میں ریڑھی بانوں کے خلاف اقدامات پر ہائیکورٹ نے اہم حکم جاری کر دیا

    اسلام آباد: ہائیکورٹ نے ایم سی آئی کو ریڑھی بانوں کے خلاف سخت اقدامات سے روک دیا۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان نے میٹروپولیٹن کارپوریشن اسلام آباد کو ریڑھی بانوں کے خلاف سخت اقدامات سے روکنے کے لیے تحریری حکم نامہ جاری کر دیا۔

    حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ تمام فریقین کی جانب سے آئندہ سماعت پر معاملے سے متعلق معلومات رکھنے والے افسران عدالت پیش ہوں، اور اس دوران ریڑھی بانوں کے خلاف کسی قسم کے بھی سخت اقدامات سے اجتناب کیا جائے۔

    حکم نامے میں کہا گیا کہ درخواست گزار وکیل کے مطابق ریڑھی بانوں کے لائسنسز کی تجدید نہیں کی جا رہی، کئی ریڑھی بانوں کو لائسنسز ہی جاری نہیں کیے جا رہے۔

    عدالت نے کہا کہ وکیل کے مطابق احساس ریڑھی بان پروگرام کے تحت ریڑھی بانوں کو بینکوں کی طرف سے قرضہ دیا گیا تھا، ریڑھی بانوں کے لائسنسز کی تجدید نہ ہونے کے باعث وہ قرضہ واپس لوٹانے سے قاصر ہیں، بادی النظر میں کیس بنتا ہے، اس لیے درخواست سماعت کے لیے منظور کی جاتی ہے۔

    عدالت نے کہا کہ کیس کو 8 جولائی کو آئندہ سماعت کے لیے مقرر کیا جائے۔

    واضح رہے کہ اسلام آباد کے ریڑھی بانوں نے لائسنسز کے اجرا، ایم سی آئی کی جانب سے ہراساں کرنے کے خلاف اسلام اباد ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا، درخواست میں ایم سی آئی، سی ڈی اے، ضلعی انتظامیہ، حکومت اور آئی جی اسلام آباد کو فریق بنایا گیا تھا۔

  • 10 کلو آٹے کا تھیلا 270 روپے سستا ہو گیا

    10 کلو آٹے کا تھیلا 270 روپے سستا ہو گیا

    اسلام آباد: ملک کے دارالحکومت میں 10 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت میں‌ بڑی کمی آ گئی ہے۔

    مارکیٹ ذرائع کے مطابق اسلام آباد میں 10 کلو آٹے کا تھیلا 270 روپے سستا ہو گیا ہے، 1470 سے کم ہو کر دس کلو آٹے کا تھیلا 1200 کا ہو گیا۔

    15 کلو آٹا 2250 سے کم ہو کر 1650 روپے کا ہو گیا، قیمت میں 600 روپے کمی ہوئی، 20 کلو آٹا 2880 سے کم ہو کر 2250 روپے کا ہو گیا ہے، بیس کلو آٹے کا تھیلا 630 روپے سستا ہو گیا ہے۔

    پنجاب حکومت کا رویہ ناقابل برداشت ہو گیا، کسان جمعہ کو نیا لائحہ عمل طے کریں گے

    چھوٹی اور بڑی ڈبل روٹی کی قیمت بھی 10 سے 20 روپے کم ہو گئی ہے، چھوٹی ڈبل روٹی 130 سے کم ہو کر 120 روپے ہو گئی، بڑی ڈبل روٹی 240 سے کم ہو کر 230 اور 220 روپے ہو گئی۔

    درجہ اول چکی آٹا 170 سے کم ہو کر 160 روپے کلو ہو گیا، درجہ دوم چکی آٹا 160 سے کم ہو کر 150 روپے کلو ہو گیا، اسلام آباد کے مضافات میں چکی آٹا 150 سے کم ہو کر 140 روپے کلو ہو گیا ہے۔

  • اسلام آباد سے سعودی شہری اغوا، ایف آئی آر درج

    اسلام آباد سے سعودی شہری اغوا، ایف آئی آر درج

    اسلام آباد کے سیکٹر ایف 8 سے سعودی شہری کو مبینہ طور پر اغوا کر لیا گیا جس کا مقدمہ بھی درج کرلیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق عبدالوحد شاہد نامی ملزم نے سعودی شہری حنان عبداللہ البشر کو ایف ایٹ سے اغواء کیا گیا، ‏ مارگلہ پولیس اسٹیشن نے سعودی سفارت خانے کے اہلکار کی درخواست پر ایف آئی آر درج کر لی ہے۔

     سعودی سفارت خانے نے درخواست کی ہے کہ غیر ملکی شہری کو اغواء کار سے فوری بازیاب کرایا جائے، تھانہ مارگلہ پولیس نے سعودی سفارت خانے کی درخواست پر ایف آئی آر درج کر لی۔

  • اسلام آباد، راولپنڈی اور پشاور میں زلزلے کے جھٹکے

    اسلام آباد، راولپنڈی اور پشاور میں زلزلے کے جھٹکے

    اسلام آباد، راولپنڈی اور پشاور میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پشاور اور مضافات میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، اسی طرح اسلام آباد میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔

    اس کے علاوہ کوہاٹ، لوئر دیر، چترال اور گردونواح میں بھی شدید زلزلہ محسوس کیا گیا، زلزلہ کے باعث لوگ خوفزدہ ہو کر گھروں سے باہر نکل آئے۔

    اس کے علاوہ پشاور، شانگلہ، بونیر، ملاکنڈ، سوات اور گردونواح میں بھی زلزلے کے جھٹکے سے لرز اٹھے۔

    ذرائع کے مطابق زلزلے کے بعد لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور وہ کلمۂ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے باہر آگئے، ذرائع کا یہ بھی بتانا ہے کہ کسی بھی شہر سے جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے۔

  • کالعدم ٹی ٹی پی کا اسلام آباد کی خاتون سے ایک ارب روپے بھتے کا مطالبہ

    کالعدم ٹی ٹی پی کا اسلام آباد کی خاتون سے ایک ارب روپے بھتے کا مطالبہ

    اسلام آباد: کالعدم تنظیم تحریکِ طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) نے اسلام آباد کی رہائشی خاتون سے ایک ارب روپے بھتے کا مطالبہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کالعدم تنظیم نے اسلام آباد سیکٹر ڈی 12/2 کی رہائشی خاتون کو کال کی اور اُن  سے ایک ارب روپے بھتے کا مطالبہ کیا۔

    ذرائع نے بتایا کہ گولڑہ پولیس نے واقعے کا مقدمہ متاثرہ خاتون کی مدعیت میں درج کر لیا، مقدمے کے متن کے مطابق کالعدم تنظیم کی جانب سے کال  کرنے والوں نے 2 نمبر استعمال کیے۔

    ذرائع کے مطابق پہلی کال کا تعلق افغانستان اور دوسری کا تعلق ایران سے ہے، کال کرنیوالوں نے خاتون اور اسکی بیٹی کے گھر کی تصویریں بھیج کر خوفزدہ کیا۔

    دوسری جانب اسلام آباد پولیس نے مقدمہ درج کر کے واقعے کی تحقیقات شروع کر دیں۔