Tag: Islamabad

  • سائیکل کلچر کے فروغ کے لیے اسلام آباد میں طویل ترین سائیکلنگ ٹریک بنے گا

    سائیکل کلچر کے فروغ کے لیے اسلام آباد میں طویل ترین سائیکلنگ ٹریک بنے گا

    اسلام آباد: سائیکل کلچر کے فروغ کے لیے اسلام آباد میں طویل ترین سائیکلنگ ٹریک بنے گا۔

    چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کی ہدایت پر شہریوں کو صحت مندانہ ماحول فراہم کرنے کے لیے اسلام آباد میں سائیکل کلچر کو فروغ دیا جائے گا، مختلف سیکٹرز اور علاقوں میں شاہراہوں کے ساتھ بائی سائیکل لینز تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    سی ڈی اے کے بائی سائیکل لائنز پراجیکٹ (بی ایل پی) کے تحت اسلام آباد کے مختلف علاقوں اور سیکٹرز میں 374 کلومیٹر طویل سائیکلنگ ٹریک 18 ماہ کی مدت میں 2.4 ارب روپے کی لاگت سے تعمیر کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے، یہ سائیکلنگ ٹریک خیابان اقبال، سیکٹر G-6، G-7، G-8، گرین ڈبل لین، جناح ایونیو، ریڈ ڈبل لائن سمیت پرپل لائن میٹرو بس منصوبے سے منسلک شاہراہوں پر تعمیر کیا جائے گا۔

    میٹرو بس سے نکلنے والے مسافر سائیکلنگ ٹریک استعمال کر سکیں گے، اسی طرح اس منصوبے کے تحت اسلام آباد کے ہر سیکٹر کو سائیکلنگ ٹریک کے ذریعے منسلک کیا جائے گا۔ بائی سائیکل لائنز پراجیکٹ کے تحت 150 پارکنگ اسٹینڈ بھی تعمیر کیے جائیں گے، تاکہ شہری سستے کرائے پر بائیکس جیسی سہولیات سے بھی مفید ہو سکیں۔

    واضح رہے ہر اسٹینڈ پر 40 سے زائد الیکٹرانک بائیکس کھڑی کرنے کی گنجائش ہوگی، اور اس منصوبے کے تحت پیٹرول سے چلنے والی بائیکس کو مرحلہ وار ختم کر دیا جائے گا۔ بائی سائیکل لائنز پراجیکٹ کی افتتاحی تقریب آئندہ دنوں میں ہوگی جس کے مہمان خصوصی وزیر اعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف ہوں گے۔

    مذکورہ منصوبے کے تحت لینز میں روشنی کے مناسب انتظامات، سیکیورٹی کے انتظامات سمیت دیگر ضروری انتظامات بھی کیے جائیں گے، سی ڈی اے انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اسلام آباد شہر میں ماحولیاتی آلودگی کو ختم کرنا اور شہریوں کو صحت مندانہ ماحول فراہم کرنا ادارے کی اوّلین ترجیحات میں شامل ہے۔

  • جماعت اسلامی کا دھاندلی کیخلاف اسلام آباد میں دھرنا دینے کا اعلان

    جماعت اسلامی کا دھاندلی کیخلاف اسلام آباد میں دھرنا دینے کا اعلان

    اسلام آباد: جماعت اسلامی نے الیکشن میں دھاندلی کیخلاف جمعہ کو وفاقی دارالحکومت میں دھرنا دینے کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق جماعت اسلامی کے ترجمان قیصر شریگ نے کہا ہے کہ الیکشن کا انعقاد پرامن ہوا تاہم رات کو نتائج روک کر دھاندلی کی گئی، یہ معاملہ صرف ہار جیت کا نہیں بلکہ  ووٹ کے تقدس کا ہے۔

    ترجمان جماعت اسلامی نے کہا کہ نگراں حکومت دھاندلی کے مسئلے پر چیف جسٹس کے ذریعے عدالتی کمیشن تشکیل دے، بڑے پیمانے پر دھاندلی کے باوجود الیکشن کمیشن خاموش ہے اس لیے جماعت اسلامی دھاندلی کے خلاف جمعہ کو اسلام آباد میں دھرنادے گی۔

     ترجمان قیصر شریف نے کہا کہ حلقوں میں دھاندلی سے متعلق شکایات الیکشن کمیشن کو جمع کرائیں گے، نگران حکومت ڈھٹائی سے الیکشن کمیشن کو تحفظ فراہم کررہی ہے، کراچی میں جماعت اسلامی کا مینڈیٹ چوری ہوا، کے پی میں ہمارے امیدواروں کو دھاندلی کے ذریعے ہرایا گیا۔

    ترجمان جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ جیتی ہوئی سیٹیں ہرانے کی کوشش کی جا رہی رہی ہے، اپناحق  بچانے کے لیے تمام آئینی اور قانونی  راستے اختیار کریں گے، ملک کو آگے لے جانے کیلئے دھاندلی کی شکایات کا فی الفور ازالہ کیا جائے۔

  • اسلام آباد کی تینوں نشستوں پر کامیاب امیدواروں کا نوٹیفکیشن جاری

    اسلام آباد کی تینوں نشستوں پر کامیاب امیدواروں کا نوٹیفکیشن جاری

    اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اسلام آباد کی تینوں نشستوں پر کامیاب امیدواروں کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق این اے 46 سے ن لیگ کے انجم عقیل کامیاب قرار پائے ہیں۔

    الیکشن کمیشن کے مطابق این اے 47 سے ن لیگ کے طارق فضل چوہدری کامیاب قرار پائے، جب کہ این اے 48 سے آزاد امیدوار راجہ خرم نواز کامیاب قرار پائے ہیں۔

    گزشتہ روز الیکشن کمیشن نے فارم 47 چیلنج کیے جانے پر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سے قومی اسمبلی کی تینوں نشستوں کے ریٹرننگ افسران کو نتائج کے حتمی نوٹیفکیشن جاری کرنے سے روک دیا تھا، ان حلقوں کے غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج میں ن لیگ کے امیدوار کامیاب قرار پائے تھے۔

    غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق این اے 46 اسلام آباد سے مسلم لیگ ن کے انجم عقیل خان کامیاب اور پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ عامر مسعود دوسرے نمبر پر رہے تھے۔ این اے 47 اسلام آباد سے بھی ن لیگ کے طارق فضل چوہدری کامیاب اور پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار شعیب شاہین دوسرے نمبر پر رہے تھے، جب کہ این اے 48 سے آزاد امیدوار راجا خرم شہزاد نواز نے کامیابی حاصل کی تھی اور یہاں سے پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار سید محمد علی بخاری دوسرے نمبر پر رہے تھے اور راجا خرم شہزاد نے کامیابی کے بعد ن لیگ میں شامل ہونے کا اعلان کر دیا تھا۔

  • انڈے کی فی درجن قیمت میں 100 روپے سے زائد کمی

    انڈے کی فی درجن قیمت میں 100 روپے سے زائد کمی

    اسلام آباد: انتخابات کے ہوتے ہی وفاقی دارالحکومت میں مہنگائی میں معمولی کمی آنا شروع ہو گئی ہے۔

    مارکیٹ ذرائع کے مطابق اسلام آباد میں انڈے کی فی درجن قیمت میں 100 روپے سے زائد کمی ہوئی ہے، شہر میں انڈوں کی فی درجن قیمت 310 روپے ہو گئی ہے، اسلام آباد میں جنوری میں انڈے 420 روپے درجن تھے۔

    مارکیٹ ذرائع کے مطابق اسلام آباد میں جنوری کی نسبت فروری میں آلو 30 روپے سستا ہو گیا، جنوری میں آلو کی قیمت 110 روپے کلو تھی، اب آلو کی قیمت 70 سے 80 روپے کلو مل رہا ہے۔

    پیاز کی قیمت میں جنوری تا فروری 140 روپے کلو کمی ہو گئی ہے، جنوری میں اسلام آباد میں پیاز 320 روپے کلو تھی، جب کہ فروری کے دوسرے ہفتے میں پیاز 180 روپے کلو ہو گئی ہے، ٹماٹر کی قیمت میں 60 روپے کی کمی ہوئی ہے، جنوری میں ٹماٹر کی قیمت 180 روپے کلو تھی، مارکیٹ ذرائع کے مطابق فروری کے دوسرے ہفتے میں اسلام آباد میں ٹماٹر کی قیمت 110 روپے کلو ہے۔

  • عدالت نے ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کا ایم پی او جاری کرنے کا اختیار بحال کر دیا

    عدالت نے ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کا ایم پی او جاری کرنے کا اختیار بحال کر دیا

    اسلام آباد: عدالت نے ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کا ایم پی او جاری کرنے کا اختیار بحال کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کو ایم پی او آرڈر جاری کرنے سے روکنے کا سنگل بینچ کا فیصلہ معطل کر کے اسلام آباد ہائیکورٹ نے ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کا ایم پی او جاری کرنے کا اختیار عارضی طور پر بحال کر دیا۔

    سنگل بینچ جسٹس بابر ستار نے ڈی سی اسلام آباد کا ایم پی او جاری کرنے کا اختیار غیر قانونی قرار دیا تھا، اس فیصلے کے خلاف چیف کمشنر اور سیکریٹری داخلہ نے انٹرا کورٹ اپیل دائر کر رکھی ہے۔

    اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس طارق محمود جہانگیری کے دو رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کرتے ہوئے سنگل بینچ فیصلے کے خلاف چیف کمشنر و دیگر کی اپیل پر فریقین کو نوٹس جاری کر دیا۔

    بینچ نے احکامات جاری کرتے ہوئے حکم امتناع کی درخواست پر ڈی سی اسلام آباد کا ایم پی او جاری کرنے کا اختیار عارضی طور پر بحال کر دیا۔

  • وفاقی دارالحکومت کے تعلیمی اداروں میں حملوں کا خدشہ، تھریٹ الرٹ جاری

    وفاقی دارالحکومت کے تعلیمی اداروں میں حملوں کا خدشہ، تھریٹ الرٹ جاری

    اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت کے تعلیمی اداروں میں حملوں کا خدشہ ہے جس کے پیش نظر تھریٹ الرٹ جاری کردیا گیا۔

    زرائع کے مطابق حملوں کی منصوبہ بندی کالعدم تنظیم کی جانب سے کی گئی ہے، اسلام آباد کے بڑے تعلیمی اداروں میں حملہ کیا جاسکتا ہے۔

    ذرائع کا بتانا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے تھریٹ الرٹ جاری کیا گیا ہے، حملے کے لئے خاتون خود کش بمبار کا استعمال کیا جاسکتا ہے۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ اسلام آباد کی متعدد یونیورسٹیاں اور اسکول بند کر دئیے گئے، حملے 22 سے 24 جنوری کے دوران کیے جاسکتے ہیں۔

    حملے کے اس تھریٹ کے بعد اسلام آباد میں 4 یونیورسٹیوں کو غیر معینہ مدت کیلئے بند کر دیا گیا ہے۔

    دوسری جانب اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی انتظامات سخت ہیں، انتخابی ریلیوں، جلوسوں میں احتیاط کی ضرورت ہے، پولیس اپنی طرف سے تمام اقدامات کر رہی ہے۔

  • اسلام آباد میں احتجاج کرنے والے تمام 290 مظاہرین کو رہا کر دیا گیا

    اسلام آباد میں احتجاج کرنے والے تمام 290 مظاہرین کو رہا کر دیا گیا

    اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت میں احتجاج کرنے والے تمام 290 مظاہرین کو رہا کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ کمیٹی کے مذاکرات اور عدالت کے فیصلے کی روشنی میں احتجاج کرنے والے تمام افراد کو رہا کر دیا گیا ہے۔

    ترجمان وزارت داخلہ کے مطابق پولیس تحویل اور جیل سے مجموعی طور پر 290 مظاہرین کو رہا کیا گیا ہے، ترجمان نے کہا پرامن احتجاج ہر کسی کا حق ہے لیکن کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں ہے۔

    ترجمان نے کہا ریڈ زون میں آئینی ادارے اور ڈپلومیٹک انکلیو موجود ہے، اس لیے ریڈ زون کی سیکیورٹی ہر صورت یقینی بنائی جاتی ہے۔ ترجمان کے مطابق اسلام آباد پولیس کی جانب سے خصوصی مدد سینٹر قائم کیا گیا تھا جس نے رہائی کے سلسلے میں کام مکمل کیا۔

  • اسلام آباد میں خوف ناک کار حادثے میں 4 افراد جاں بحق، پانچ زخمی

    اسلام آباد میں خوف ناک کار حادثے میں 4 افراد جاں بحق، پانچ زخمی

    اسلام آباد: ایکسپریس وے اسلام آباد پر ڈھوک کالا خان کے قریب کار اور موٹر سائیکل کی ٹکر سے 4 افراد جاں بحق اور 5 زخمی ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ایکسپریس وے پر ڈھوک کالا خان کے قریب ٹریفک حادثے میں چار افراد جاں بحق اور پانچ زخمی ہو گئے ہیں، ریسکیو حکام کے مطابق یہ افسوس ناک حادثہ کار اور موٹر سائیکل کی ٹکر کے باعث پیش آیا۔

    حادثے میں جاں بحق افراد کی نعشیں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والوں کا تعلق مسیحی برادری سے ہے جو کرسمس کی تیاریوں کے سلسلے میں کہیں جا رہے تھے۔

    ریسکیو ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ کار اس وقت حادثے کا شکار ہوئی جب اس نے سامنے سے آنے والی موٹر سائیکل کو بچانے کی کوشش کی، تاہم دونوں ہی حادثے کا شکار ہو گئے۔

    ادھر پنجاب کے شہر پھالیہ میں لاکھا کدھر پل کے قریب ریسکیو کی گاڑی ٹرالی سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں ریسکیو ڈرائیور جاں بحق، اور 2 افراد زخمی ہو گئے، ریسکیو کی گاڑی ایمرجنسی پر قادر آباد جا رہی تھی۔

  • حساس اداروں کے ہمراہ پولیس کا افغان باشندوں کے خلاف بڑا آپریشن، 800 گرفتار

    حساس اداروں کے ہمراہ پولیس کا افغان باشندوں کے خلاف بڑا آپریشن، 800 گرفتار

    اسلام آباد: حساس اداروں کے ہمراہ سی ٹی ڈی پولیس نے افغان باشندوں کے خلاف بڑا آپریشن کرتے ہوئے 800 افغانوں کو گرفتار کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں کاؤنٹر ٹیررزم ڈپارٹمنٹ نے حساس اداروں کے ہمراہ سرچ آپریشن کیا، ان علاقوں میں بارہ کہو، ترنول، مہر آبادیاں، گولڑہ اور شمس کالونی شامل تھے۔

    آپریشن کے دوران 800 افغان باشندوں کو گرفتار کیا گیا، تاہم گرفتار افغان باشندوں میں 400 کو پروف آف ریزیڈنس ہونے پر رہا کر دیا گیا، جب کہ 375 افغان باشندوں کے پاس شناختی دستاویزات موجود نہیں تھیں، اور 25 افغان باشندوں کی دستاویزات کی تصدیق تک ان کو حراست میں رکھا گیا ہے۔

    سی ٹی ڈی پولیس کے مطابق آپریشن سے قبل خفیہ معلومات کی بنا پر لسٹیں بھی مرتب کی گئی تھیں، اور کئی جرائم پیشہ افغان باشندوں کی نشان دہی بھی ہوئی ہے۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ آنے والے دنوں میں آپریشن میں مزید تیزی آئے گی، جب کہ گرفتار 375 افغانیوں کو ڈی پورٹ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

  • اسلام آباد کے چاروں سرکاری اسپتال ایم آر آئی کی سہولت سے محروم

    اسلام آباد کے چاروں سرکاری اسپتال ایم آر آئی کی سہولت سے محروم

    اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی 24 لاکھ آبادی مفت ایم آر آئی ٹیسٹ کی سہولت سے محروم ہو گئی ہے، ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ شہر کے کسی سرکاری اسپتال میں ایم آر آئی کی سہولت دستیاب نہیں ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، بلوچستان کا کوئی دورہ افتادہ قصبہ بنا نظر آنے لگا ہے، شہر کے کسی سرکاری اسپتال میں ایم آر آئی کی سہولت دستیاب نہیں، اسلام آباد کے چاروں سرکاری اسپتال ایم آر آئی کی سہولت سے محروم ہیں۔

    ذرائع وزارت صحت کا کہنا ہے کہ اسلام آباد کے پمز، این آئی آر ایم اسپتال میں ایم آر آئی موجود تھی، تاہم پمز اسپتال کی مشین 2021 سے خراب پڑی ہوئی ہے، پمز انتظامیہ نے ستمبر 2020 میں ایم آر آئی مشین خریداری کے لیے آرڈر دیا تھا، پمز ذرائع کے مطابق ایل سی اپریل 2021 میں کھولی گئی، تاہم کرونا وبا کے باعث کمپنی نے ایم آر آئی ڈلیوری میں تاخیر کی۔

    دوسری طرف این آئی آر ایم کی ایم آر آئی 3 ماہ قبل خراب ہوئی ہے، قومی ادارہ بحالی معذوراں میں ایم آر آئی 1996 میں نصب ہوئی تھی، جو اب اپنی عمر پوری کر چکی ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ اس ادارے کے لیے ایم آر آئی مشین خریدی جا رہی ہے، اور متعلقہ فرم کو سپلائی آرڈر بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

    ادھر پولی کلینک اسپتال کے لیے بھی ایم آر آئی میشن کی خریداری کا عمل جاری ہے، اسے جاپانی امداد سے خریدا جا رہا ہے۔