Tag: Islamabad

  • اسلام آباد ہائیکورٹ کا سوسائٹیز کو اپنے ناموں سے’’اسلام آباد‘‘ نام ہٹانے کا حکم

    اسلام آباد ہائیکورٹ کا سوسائٹیز کو اپنے ناموں سے’’اسلام آباد‘‘ نام ہٹانے کا حکم

    اسلام آباد سے باہر واقع ہاؤسنگ سوسائٹیز کو اسلام آباد کا نام استعمال کرنے سے روک دیا گیا۔

    جسٹس ارباب محمد طاہر نے ہاؤسنگ سوسائٹیز کی رجسٹریشن منسوخی کے خلاف کیس کا فیصلہ جاری کر دیا جس میں اسلام آباد کی حدود سے باہر واقع 18 ہاؤسنگ سوسائٹیز کی رجسٹریشن منسوخی کو کالعدم قراردیا گیا ہے جبکہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے 18 ہاؤسنگ سوسائٹیز کی رجسٹریشن بحال کر دی ہے۔

    اسلام آباد میں رجسٹرڈ لیکن اسلام آباد کی حدود سے باہر سوسائٹیز کی رجسٹریشن ڈی سی نے منسوخ کی تھی، عدالت نے رجسٹریشن منسوخی کا گزشتہ سال 23 ستمبر کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دے دیا۔

    اسلام آباد ہائی کورٹ نے اس حوالے سے فیصلے میں اسلام آباد سے باہر سوسائٹیز کو نام کے ساتھ اسلام آباد کا لفظ ہٹانے کا حکم دے دیا ہے۔

    فیصلے میں کہا گیا کہ ’’اسلام آباد‘‘ نام کی تبدیلی سے تاثر ختم ہوگا یہ سوسائٹیز یہ اسلام آباد کی حدود میں واقع ہیں، سوسائٹیز کے خرچ  پر اخبارات میں اشتہار  دئیے جائیں یہ سوسائٹیز اسلام آباد کی حدود میں نہیں ہے۔

    عدالت نے کہا کہ عوامی آگاہی کے لئے اشتہارات مستقل ہاؤسنگ سوسائٹیز کی مرکزی جگہوں پر چسپاں رہیں گے، اسلام آباد نام استعمال کر کے چالاکی سے عوام کو یہ تاثر دیا جارہا ہے کہ یہ سوسائٹیز اسلام آباد میں ہیں۔

    فیصلے میں کہا گیا کہ رجسٹرار کوآپریٹو سوسائٹیز نے سوسائٹیز کی رجسٹریشن منسوخی کرتے قانونی تقاضے پورے نہیں کئے، مختلف انکوائریز کے بعد رجسٹرار سوسائٹیز قانون کے مطابق دوبارہ کارروائی کر سکیں گے۔

    عدالت نے کہا کہ رجسٹرار پہلے خود مطمئن کرے کیا سوسائٹیز نے رجسٹریشن کے ایک سال کے اندر ڈویلپمنٹ شیڈول دیا، رجسٹرار تصدیق کرے گا مقررہ وقت میں کیا سوسائٹیز نے متعلقہ صوبے میں ڈیٹا فراہم کیا اگر سوسائٹیز  نے ہاؤسنگ پراجیکٹ پر  عمل کرنے کا ڈیٹا نہیں دیا تو رجسٹرار کارروائی کر سکتا ہے۔

    فیصلے میں کہا گیا کہ رجسٹرار انکوائری کرے گا کیا سوسائٹیز  نے متعلقہ صوبوں میں پراجیکٹس بروقت مکمل کئے، پراجیکٹ کے لئے جگہ ایکوائر کی گئی اگر نہیں تو انکے فنانشل افیئرز کی رجسٹرار انکوائری کریں۔

    ’رجسٹرار یہ بھی انکوائری کرے گا ہاؤسنگ سوسائٹیز کے پاس کیا ہاؤسنگ اسکیم چلانے کی صلاحیت ہے، رجسٹرار  پنجاب کے متعلقہ ڈیپارٹمنٹ سے بھی اس حوالے سے معاونت لے سکے گا۔

    اسلام آباد ہائیکورٹ نے مزید کہا کہ 2 ماہ میں رجسٹرار کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹیز رجسٹرار ہائیکورٹ کو عمل درآمد رپورٹ دیں، عدالت کے سامنے آیا ہے رجسٹرار کوآپریٹو سوسائٹیز نےکبھی بھی قانون پر عمل نہیں کرایا۔

    جسٹس ارباب محمد طاہر نے کہا کہ عدالت کے سامنے آیا ہے رجسٹرار کوآپریٹو سوسائٹیز نے کبھی بھی قانون پر عمل نہیں کرایا، ہاؤسنگ سوسائٹیز کی ورکنگ اور ان کے فنانشل افیئرز کو کبھی مانیٹر نہیں کیاگیا، ریکارڈ پر ایسا کچھ نہیں کہ کبھی رجسٹرار نے پنجاب کے متعلقہ ڈیپارٹمنٹ سے معلومات حاصل کی ہوں۔

  • گھریلو ملازمہ پر تشدد، جج کی اہلیہ سومیہ کے خلاف ایف آئی آر درج

    گھریلو ملازمہ پر تشدد، جج کی اہلیہ سومیہ کے خلاف ایف آئی آر درج

    اسلام آباد: کم سن گھریلو ملازمہ رضوانہ پر تشدد پر وفاقی دارالحکومت کے سول جج عاصم حفیظ کی اہلیہ سومیہ کے خلاف ایف آئی آر درج کر دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق 14 سالہ گھریلو ملازمہ رضوانہ پر سول جج عاصم حفیظ کی بیوی کے مبینہ تشدد کے معاملے پر پولیس نے تھانہ ہمک میں تشدد کا مقدمہ درج کر لیا، پولیس نے متاثرہ بچی کے مبینہ الزام پر اس کے والد کی درخواست پر یہ مقدمہ درج کیا ہے۔

    مقدمہ حبس بے جا میں رکھنے اور جان سے مارنے کی دھمکیوں کی دفعات کے تحت درج کیا گیا ہے، ایف آئی آر متن کے مطابق 14 سالہ رضوانہ 10 ہزار روپے ماہانہ پر سول جج عاصم حفیظ کے گھر ملازم تھی، جہاں ان کی بیوی کے تشدد سے بچی کے دانت، بازو، ناک اور پسلیاں ٹوٹیں۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ بچی کی میڈیکو لیگل رپورٹ آنے کے بعد مقدمے میں مزید دفعات شامل کی جائیں گی۔

    دوسری طرف وفاقی پولیس نے کیس کی تحیقیقات کا آغاز کر دیا ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی پولیس کی ٹیم سرگودھا پہنچ گئی، پولیس کا کہنا ہے کہ جج کا گھر بند ہے، اہلیہ بھی گھر پر نہیں، پولیس سرگودھا میں گرفتار شخص کا بیان بھی ریکارڈ کرے گی۔

    جج کی اہلیہ کے مبینہ تشدد سے زخمی بچی کی حالت تشویشناک

    جنرل اسپتال لاہور میں زیر علاج متاثرہ بچی کے ٹیسٹ شروع کر دیے گئے ہیں، ڈائریکٹر ایمرجنسی جنرل اسپتال ڈاکٹر جعفر شاہ کا کہنا ہے کہ بچی کے سر اور جسم کے دیگر حصوں پر زخم ہیں، ریڑھ کی ہڈی بھی متاثر لگتی ہے۔

    ڈاکٹر جعفر شاہ کے مطابق آنکھوں کے زخم میں انفیکشن پھیل گیا ہے، پرانے ہونے کی وجہ سے زخم میں کیڑے بھی پڑ گئے ہیں، ابتدائی طبی معائنے کے مطابق زخم 6 ماہ پرانے ہیں، مزید ٹیسٹ کے بعد صورت حال واضح ہوگی۔

  • اسلام آباد، گولڑہ موڑ کے قریب دیوار گر گئی، 12 افراد جاں بحق

    اسلام آباد، گولڑہ موڑ کے قریب دیوار گر گئی، 12 افراد جاں بحق

    اسلام آباد: پشاور روڈ پر گولڑہ موڑ کے قریب دیوار گرنے سے 12 مزدور جاں بحق ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد اور راولپنڈی میں موسلادھار بارش کے دوران پشاور روڈ پر گولڑہ موڑ کے قریب ایک نہایت افسوس ناک حادثہ پیش آیا ہے، دیوار گرنے کے باعث بارہ مزدور دب کر جاں بحق ہو گئے۔

    پولیس حکام کے مطابق جائے حادثہ پر امدادی ٹیموں نے مشین کی مدد سے بارہ افراد کی لاشیں نکال لی ہیں، ملبے تلے مزید افراد کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے گرنے والی دیوار تقریباً سو فٹ لمبی اور گیارہ فٹ اونچی تھی، پل کی تعمیر کے لیے موجود مزدوروں نے دیوار کی آڑ میں ٹینٹ لگا رکھا تھا۔

    ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ امدادی ٹیموں نے ملبے تلے دبے 4 مزدوروں کو زندہ نکال لیا ہے۔ پولیس حکام کے مطابق تھانہ کہنہ کے علاقے محمدی ٹاؤن میں بھی دیوار گرنے کا ایک واقعہ پیش آیا ہے، جس میں 11 سال کی ایک لڑکی جاں بحق ہو گئی ہے۔

  • اسلام آباد اور راولپنڈی میں موسلادھار بارش، نالہ لئی کی سطح بڑھنے پر خطرے کے سائرن

    اسلام آباد اور راولپنڈی میں موسلادھار بارش، نالہ لئی کی سطح بڑھنے پر خطرے کے سائرن

    راولپنڈی: جڑواں شہروں میں رات سے موسلادھار بارش جاری ہے، بارش کے باعث نالہ لئی بپھر گیا ہے اور انتظامیہ نے خطرے کے سائرن بجا دیے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد اور راولپنڈی میں رات سے موسلادھار بارش جاری ہے، اب تک 200 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے، نالہ لئی میں پانی کی سطح خطرے کے نشان تک پہنچ گئی اور خطرے کے سائرن بجا دیے گئے۔

    ایم ڈی واسا کے مطابق رواں سیزن میں ہونے والی بارشوں میں سب سے یہ بڑا اسپیل ہے، شمس آباد میں 165 ملی میٹر، بوکڑہ میں 65 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، نالہ لئی میں کٹاریاں کے مقام پر پانی کی سطح 19 فٹ، گوالمنڈی پل پر 18 فٹ ہے۔

    ایم ڈی واسا نے کہا کہ عملہ ہیوی مشینری کے ساتھ نشیبی علاقوں سے پانی نکالنے میں مصروف ہے، اسلام آباد راولپنڈی میں بارش کے بعد ریسکیو 1122 کو الرٹ کر دیا گیا ہے، ریسکیو اہلکار نالہ لئی کے اطراف تعینات کر دیے گئے ہیں۔

    انتظامیہ نے کہا ہے کہ ریسکیو کی ٹیمیں کٹاریاں، گوالمنڈی، سواں پل اور دیگر نشیبی علاقوں میں تعینات کی گئی ہیں، ریسکیو 1122 کسی بھی قسم کی صورت حال سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے، اس لیے کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں ریسکیو ہیلپ لائن پر فوری اطلاع دیں۔

  • اسلام آباد اور گرد و نواح میں زلزلے کے جھٹکے

    اسلام آباد اور گرد و نواح میں زلزلے کے جھٹکے

    اسلام آباد اور گرد و نواح میں زلزلے کے جھٹکے محسوس ہوئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد اور گرد و نواح میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس ہوئے ہیں، زلزلہ پیما مرکز کا کہنا ہے کہ زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 5.2 ریکارڈ کی گئی ہے۔

    زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی گہرائی 170 کلو میٹر زیر زمین تھی، اور زلزلے کا مرکز افغانستان تاجکستان بارڈر تھا۔

  • اسلام آباد میں بے ضابطگیوں پر 7 مراکز صحت سیل کر دیے گئے

    اسلام آباد میں بے ضابطگیوں پر 7 مراکز صحت سیل کر دیے گئے

    اسلام آباد: اسلام آباد ہیلتھ کیئر ریگولیٹری اتھارٹی نے عطائیوں کے خلاف کارروائیوں کے دوران بے ضابطگیوں پر 7 مراکز صحت سیل کر دیے۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہیلتھ کیئر ریگولیٹری اتھارٹی نے 7 مراکز صحت سیل کر دیے، مراکز صحت کو بے ضابطگیوں پر سیل کیا ہے۔

    ترجمان اسلام آباد ہیلتھ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ 2 ہفتوں کے دوران 64 مراکز صحت کا معائنہ کیا گیا، اس دوران میٹرنٹی ہوم، میڈیکل اسٹور، لیبارٹری، اور کلینکس کو سیل کیا گیا۔

    آئی ایچ آر اے کے ترجمان کے مطابق مراکز صحت کو سیل کرنے کی وجوہ میں گندگی، عملے کی کمی، عدم رجسٹریشن شامل تھی، 6 مراکز صحت کو احکامات کی عدم تعمیل پر کام سے روکا گیا، اور 42 مراکز صحت کو معمولی عدم تعمیل پر نوٹس بھجوائے گئے ہیں۔

    ترجمان نے بتایا کہ ایک مرکز صحت کی رجسٹریشن بحال کر دی گئی ہے، جب کہ مراکز صحت کی زون وار میپنگ کی جا رہی ہے، اور 2 ہفتوں کے دوران 34 مراکز صحت کی میپنگ مکمل ہو چکی ہے۔

  • بیلاروس کے وزیر خارجہ اسلام آباد پہنچ گئے

    بیلاروس کے وزیر خارجہ اسلام آباد پہنچ گئے

    اسلام آباد: بیلاروس کے وزیر خارجہ سرگئی ایلینک اسلام آباد پہنچ گئے ہیں۔

    ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بیلاروس کے وزیر خارجہ سرگئی ایلینک پاکستان کے دو روزہ سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے ہیں، ایڈیشنل سیکریٹری یورپ نے بیلاروس کے وزیر خارجہ کا استقبال کیا۔

    بیلاروس کے وزیر خارجہ پاکستان کے دو روزہ دورے پر وزیر خارجہ بلاول بھٹو کی دعوت پر پاکستان آئے ہیں، مہمان وزیر خارجہ دورے کے دوران اہم ملاقاتیں کریں گے۔

    دونوں وزرائے خارجہ دوطرفہ دل چسپی کے متعدد امور پر تفصیلی بات چیت کریں گے، اس دوران دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لیا جائے گا اور سیاسی، اقتصادی، دفاعی اور سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے امکانات پر غور کیا جائے گا۔

    بات چیت کے دوران مشترکہ اقتصادی امکانات پر خصوصی توجہ مرکوز کی جائے گی، دونوں فریق اہم معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط بھی کریں گے۔

  • شہیدوں کی بے حرمتی کرنے والے قوم کے مجرم ہیں، وزیراعظم

    شہیدوں کی بے حرمتی کرنے والے قوم کے مجرم ہیں، وزیراعظم

    اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ شہیدوں کے بےحرمتی کرنے والےاللہ اور قوم کے مجرم ہیں انہیں معاف نہیں کرینگے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نے آرمی قبرستان راولپنڈی کا دورہ کیا اور یادگار شہدا پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔

    اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ قوم کی نمائندگی کرتے ہوئےشہدا پرمحبتوں کے پھول نچھاورکرنےآیا ہوں، شہدا نےاپنے وطن کی حفاظت کیلئےبھرپورقربانیاں دی ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں: بہادر سپوتوں کی عظیم قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جاسکتا، ڈی جی اے ایس ایف

    وزیراعظم نے کہا کہ شہدا کی قربانیوں کی توہین نو مئی کی تاریخ کو دہرانےنہیں دیں گے، شہیدوں کےبےحرمتی کرنےوالےاللہ اورقوم کےمجرم ہیں معاف نہیں کرینگے۔

    وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ قرآن کریم نے شہیدوں کو زندہ اور ان کی تکریم کا درس دیا ہے، ہم شہیدوں اورغازیوں کی تکریم پرآنچ نہیں آنےدیں گے، دہشت گردی کےخاتمےاورملکی استحکام کیلئےحکومت اورعوام پاک فوج کیساتھ ہیں۔

  • اسلام آباد سے گرفتار تحریک انصاف کارکنان پر مزید 8 مقدمات درج

    اسلام آباد سے گرفتار تحریک انصاف کارکنان پر مزید 8 مقدمات درج

    اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی گرفتاری کے خلاف احتجاج کرنے والے، پارٹی کے اسلام آباد سے گرفتار کارکنان پر مزید 8 مقدمات درج کرلیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعظم عمران خان کی گرفتاری کے خلاف احتجاج کرنے والے تحریک انصاف کارکنان پر مزید 8 مقدمات درج کرلیے گئے۔

    کارکنان پر تھانہ رمنا، ایس پی انڈسٹریل ایریا کے دفتر پر حملے کے مقدمات دہشت گردی دفعات کے تحت درج کیے گئے ہیں، تھانے پر حملے اور توڑ پھوڑ کا مقدمہ رمنا اور ایس پی آفس کا مقدمہ تھانہ شمس کالونی میں درج کیا گیا ہے۔

    مقدمے کے متن میں کہا گیا ہے کہ ملزمان نے 4 لیپ ٹاپس، 8 کمپیوٹرز، 5 پرنٹرز، 12 موٹر سائیکلیں و دیگر سامان لوٹا اور آگ لگائی، ملزمان نے ایس پی دفتر میں 30 لاکھ مالیت کے جنریٹر کو بھی آگ لگائی۔

    سرکار کی مدعیت میں درج مقدمات میں دہشت گردی سمیت 12 سنگین دفعات شامل ہیں۔

    ایس پی آفس پر حملے میں تحریک انصاف کے ضلعی رہنما عامر مغل سمیت 10 ملزمان کو نامزد کیا گیا ہے، دونوں مقدمات میں 500 کے قریب نامعلوم ملزمان شامل ہیں۔

    خیال رہے کہ 9 مئی کو پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان کو گرفتار کرلیا گیا تھا جس کے بعد سے ملک بھر میں احتجاج اور مظاہروں کا سلسلہ شروع ہوگیا۔

    3 روز میں ملک بھر میں پارٹی کے متعدد رہنماؤں اور سینکڑوں کارکنان کو گرفتار کیا گیا، صرف اسلام آباد سے 9 سے 12 مئی کے دوران 493 مظاہرین کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔

  • اسلام آباد میں سیکیورٹی صورتحال: پولیس کی اہم ہدایت

    اسلام آباد میں سیکیورٹی صورتحال: پولیس کی اہم ہدایت

    اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں دفعہ 144 نافذ العمل ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ شہری جی 10 کی جانب غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ وفاقی دارالحکومت میں دفعہ 144 نافذ العمل ہے، کسی بھی ریلی، اجتماع یا خطاب کی اجازت نہیں ہے۔

    ترجمان پولیس کی جانب سے کہا گیا ہے کہ شہری جی 10 کی جانب غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔

    خیال رہے کہ 9 مئی کو پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان کو گرفتار کرلیا گیا تھا جس کے بعد سے ملک بھر میں احتجاج اور مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔

    اب تک ملک بھر میں پارٹی کے متعدد رہنماؤں اور سینکڑوں کارکنان کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔

    وفاقی دارالحکومت میں دہشت گردی کے خدشات کے پیش نظر سیکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی تھی جبکہ دفعہ 144 بھی نافذ کردی گئی تھی۔