Tag: Islamabad

  • وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں فوج بلا لی گئی

    وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں فوج بلا لی گئی

    اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں فوج بلا لی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں فوج کو تعینات کر دیا گیا ہے، فوجی کی تعیناتی چیف کمشنر اسلام آباد کی درخواست پر عمل میں لائی گئی ہے۔

    فوج کا آئین کے آرٹیکل 245 کے تحت وفاق میں تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا، نوٹیفکیشن کی کاپیاں چیف کمشنر، آئی جی اسلام آباد سمیت تمام متعلقہ محکموں کو ارسال کر دی گئی ہیں۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز وفاقی کابینہ نے پنجاب، کے پی اور اسلام آباد میں پاک فوج کی تعیناتی کی منظوری دے دی تھی، وفاقی کابینہ نے مختلف شہروں میں پرتشدد واقعات اور عمران خان کی جانب سے اداروں اور قیادت کونشانہ بنانے کی شدید مذمت کی۔

  • ریلی کی اجازت نہ دینے پر ڈی سی اسلام آباد کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر

    ریلی کی اجازت نہ دینے پر ڈی سی اسلام آباد کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر

    اسلام آباد: پی ٹی آئی نے ریلی کی اجازت نہ دینے پر ڈی سی اسلام آباد کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ میں تحریک انصاف نے ڈی سی اسلام آباد کے خلاف ریلی کی اجازت نہ دینے پر توہین عدالت کی درخواست دائر کر دی ہے۔

    درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ چیف جسٹس سے اظہار یک جہتی کے لیے آج ریلی نکالی جانی تھی، لیکن اس کی اجازت نہیں دی گئی، جو عدالتی حکم کی توہین ہے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس بابر ستار نے ڈی سی اسلام آباد کو پی ٹی آئی کی ریلی کی درخواست پر فیصلہ کرنے کا حکم دیا تھا، تاہم ڈی سی ریلی کی اجازت نہیں دی۔

    پی ٹی آئی کو اسلام آباد میں ریلی کی اجازت نہیں مل سکی

    جسٹس بابر ستار نے یہ بھی کہا تھا کہ پی ٹی آئی کی درخواست بنیادی حقوق کے حوالے سے ہے، اس لیے اس پر قانون کے مطابق فیصلہ کیا جائے۔ پی ٹی آئی کا مؤقف ہے کہ ڈی سی اسلام آباد نے ریلی سے متعلق فیصلہ قانون کے مطابق نہیں کیا، جس پر اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کر لیا ہے۔

  • پی ٹی آئی کو اسلام آباد میں ریلی کی اجازت نہیں مل سکی

    پی ٹی آئی کو اسلام آباد میں ریلی کی اجازت نہیں مل سکی

    اسلام آباد: پی ٹی آئی کو اسلام آباد میں ریلی کی اجازت نہیں مل سکی، ضلعی انتظامیہ نے پی ٹی آئی کو ریلی کی اجازت دینے سے معذرت کر لی۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے پاکستان تحریک انصاف کو ریلی کے حوالے سے آگاہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ زیرو پوائنٹ سے ایف نائن تک ریلی نکالنے کی اجازت نہیں مل سکتی۔

    ضلعی انتظامیہ کا مؤقف تھا کہ اسلام آباد اورگرد و نواح میں دفعہ 144 نافذ ہے، جس کی وجہ سے پی ٹی آئی کو ریلی کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

    ضلعی انتظامیہ نے تحریک انصاف کو بھی اس معاملے سے آگاہ کر دیا ہے۔

  • وفاقی دارالحکومت میں رینجرز کی تعیناتی میں مزید توسیع کا فیصلہ

    وفاقی دارالحکومت میں رینجرز کی تعیناتی میں مزید توسیع کا فیصلہ

    اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں رینجرز کی تعیناتی میں مزید توسیع کا فیصلہ کیا گیا ہے اور اس حوالے سے وزارت داخلہ کو خط لکھ دیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد انتظامیہ نے وفاقی دارالحکومت میں رینجرز کی تعیناتی میں مزید توسیع کا فیصلہ کیا ہے۔

    ضلعی انتظامیہ نے وزارت داخلہ کو رینجرز تعیناتی میں توسیع کی تحریری سفارش کردی ہے، مراسلے میں ریڈ زون کے لیے 300 رینجرز اہلکار، کوئیک رسپانس فورس میں تعینات کرنے کی سفار ش کی گئی ہے۔

    اپنے مراسلے میں ضلعی انتظامیہ نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں مزید 6 ماہ کے لیے رینجرز تعینات کی جائے، وفاقی دارالحکومت میں 2523 رینجرز فورس پہلے ہی تعینات ہے۔

    رینجرز کی تعیناتی میں توسیع کا فیصلہ وفاقی دارالحکومت کی سیکیورٹی مزید سخت کرنے کے پیش نظر کیا گیا ہے۔

  • اسلام آباد میں بائیکیا موٹرسائیکل چھیننے والا ’موٹا گینگ‘ پکڑا گیا

    اسلام آباد میں بائیکیا موٹرسائیکل چھیننے والا ’موٹا گینگ‘ پکڑا گیا

    اسلام آباد: وفاقی دارلحکومت میں بائیکیا موٹرسائیکل چھیننے والا موٹا نامی گینگ پکڑا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں شہزاد ٹاؤن پولیس نے بائیکیا موٹر سائیکلیں چھیننے والے ایک گینگ کے سرغنہ کو اس کے دو ساتھیوں سمیت پکڑ لیا۔

    گرفتار ملزمان سے چھینی گئی 7 موٹر سائیکلیں اور نقدی برآمد کی گئی ہے، ملزمان بائیکیا رائیڈر کو ویرانے کی جانب لے جاتے اور واردات کرتے۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ موٹا نامی گینگ کورال، بنی گالہ، اور کھنّہ کے علاقوں میں وارداتیں کر رہا تھا۔ گرفتار ملزمان میں صدام، خالد، عقیل اور سیف علی شامل ہیں

  • زلزلے کے بعد اسلام آباد میں تمام عمارتوں کے سروے کے احکامات

    زلزلے کے بعد اسلام آباد میں تمام عمارتوں کے سروے کے احکامات

    اسلام آباد: چیئرمین سی ڈی اے نے زلزلے کے بعد اسلام آباد میں تمام عمارتوں کا سروے کرنے کے احکامات جاری کر دیے۔

    تفصیلات کے مطابق کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے چیئرمین نے زلزلے کے بعد وفاقی دارالحکومت کی تمام عمارتوں کا سروے کرنے کا حکم جاری کر دیا ہے۔

    چیئرمین نے بلڈنگ کنٹرول ایجنسی کو ہدایت کی ہے کہ زلزلے سے متاثرہ عمارتوں کی نشان دہی کی جائے، انھوں نے کہا کہ سیکٹر ای 11 میں موجود ایسی عمارتوں کی نشان دہی کی جائے جن کو نقصان پہنچا۔

    چیئرمین سی ڈی اے نے رپورٹ 24 گھنٹوں میں پیش کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ رات آنے والے شدید زلزلے سے اسلام آباد اور راولپنڈی میں عمارتوں میں دراڑیں پڑ گئی ہیں، ڈی سی راولپنڈی نے بھی متاثرہ 6 عمارتوں کے اسٹرکچر کے جائزے کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔

    کمیٹی میں آر ڈی اے میونسپل کارپوریشن اور بلڈنگ ڈپارٹمنٹ کے ماہرین شامل ہیں، یہ کمیٹی 2 دنوں میں ڈی سی کو رپورٹ دے گی، اور اس کے بعد متاثرہ عمارتوں کے مستقبل کا فیصلہ کیا جائے گا۔

  • اسلام آباد میں مساج سینٹر پر پولیس، مجسٹریٹ کی مبینہ ملی بھگت سے غیر قانونی چھاپے کا انکشاف

    اسلام آباد میں مساج سینٹر پر پولیس، مجسٹریٹ کی مبینہ ملی بھگت سے غیر قانونی چھاپے کا انکشاف

    اسلام آباد: پولیس اور مجسٹریٹ کی مبینہ ملی بھگت سے اسلام آباد میں ایک مساج سینٹر پر جعلی صحافیوں کے غیر قانونی چھاپے کا انکشاف ہوا ہے، اسلام آباد ہائیکورٹ نے اس پر پولیس اور انتظامیہ پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔

    تفصیلات کے مطابق آج پیر کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں ایک مساج سینٹر پر جعلی صحافیوں کے چھاپے اور رقم بٹورنے کے خلاف مقدمہ اندراج کی درخواست پر سماعت ہوئی، ہائی کورٹ کے جسٹس طارق محمود جہانگیری نے شہری شاہ فیصل کی درخواست پر سماعت کی۔

    ہائیکورٹ نے تمام ذمہ داروں کیخلاف پرچہ درج کرنے کا حکم دے دیا، جسٹس طارق محمود جہانگیری نے ریمارکس میں کہا کہ اسلام آباد کو درہ آدم خیل نہ بنائیں، غیر قانونی چھاپے میں مجسٹریٹ ملوث تھے توان کے خلاف بھی کارروئی کی جائے۔

    عدالت نے کہا کہ اگر پولیس نے شفاف تحقیقات نہ کیں تو کیس ایف آئی اے اور آئی ایس آئی یا نیب کو دے دیں گے، ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کر کے دس دن میں رپورٹ پیش کی جائے۔

    درخواست گزار نے عدالت سے کہا تھا کہ پرائیویٹ میڈیا پرسنز نے چھاپا مار کر 5 لاکھ 75 ہزار روپے وصول کیے، چھاپا مار ٹیم کے ہمراہ پولیس اہل کار یا مجسٹریٹ موجود نہیں تھے، تاہم واقعے کی شکایت پر پولیس مقدمہ درج نہیں کر رہی ہے، بلکہ رقم واپسی کے تقاضے پر واقعے کا مقدمہ درج کر لیا گیا۔

    عدالت نے ریمارکس میں کہا کہ فوٹیج کے مطابق پرائیویٹ افراد نے چھاپا مارا، دروازوں پر دستک دے کر لوگوں کو باہر نکالا گیا اور مار پیٹ کی گئی۔

    عدالتی ریمارکس کے مطابق ان افراد نے وائرلیس تھام رکھے تھے اور کاؤنٹرز سے رقم بھی وصول کی، عدالت نے ڈی آئی جی آپریشنز کو انکوائری کر کے ذمہ داران کے تعین کا حکم دیا۔

  • لیفٹیننٹ جنرل (ر) امجد شعیب کو اسلام آباد پولیس نے گرفتار کر لیا

    لیفٹیننٹ جنرل (ر) امجد شعیب کو اسلام آباد پولیس نے گرفتار کر لیا

    اسلام آباد: لیفٹیننٹ جنرل (ر) امجد شعیب کو اسلام آباد پولیس نے گرفتار کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق اداروں کے خلاف اکسانے کے کیس میں لیفیٹننٹ جنرل (ر) امجد شعیب کو گرفتار کر لیا گیا، امجد شعیب کو تھانہ رمنا پولیس نے گرفتار کیا۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ لیفٹیننٹ جنرل (ر) امجد شعیب کے خلاف تھانہ رمنہ میں مقدمہ درج ہے، ان پر اداروں کے خلاف اکسانے کا الزام ہے، ان کے خلاف مجسٹریٹ اویس خان کی مدعیت میں 153 اے، 505 پی پی سی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

    لیفٹیننٹ جنرل (ر) امجد شعیب کو علی الصبح گرفتار کیا گیا، پولیس کا کہنا ہے کہ امجد شعیب کو جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا جائے گا، پولیس کی جانب سے ان کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی جائے گی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ لیفٹیننٹ جنرل (ر) امجد شعیب کو ان کی رہائش گاہ سے گرفتار کیا گیا تھا۔

  • تعمیراتی منصوبوں پر 24 گھنٹے کام کیا جائے: وزیر اعظم کی ہدایت

    تعمیراتی منصوبوں پر 24 گھنٹے کام کیا جائے: وزیر اعظم کی ہدایت

    اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے وفاقی دارالحکومت میں جاری ترقیاتی منصوبوں کو فوری مکمل کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا ہے کہ 24 گھنٹے کام یقینی بنایا جائے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے اسلام آباد میں منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے کے لیے جائزہ کمیٹی قائم کردی۔

    وزیر اعظم نے بارہ کہو بائی پاس کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے جبکہ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے مربوط نظام کے حوالے سے کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) سے رپورٹ طلب کرلی۔

    وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ دارالحکومت کے دیہی علاقوں کے رہائشیوں کو بہترین سہولیات فراہم کی جائیں، دیہی علاقوں کی ترقی پر حکومت 10 ارب روپے خرچ کرے گی۔

    انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں جاری ترقیاتی کاموں پر 24 گھنٹے کام یقینی بنایا جائے۔

    وزیر اعظم نے اسلام آباد میں پبلک ٹرانسپورٹ منصوبوں پر کام کو تیز کرنے اور پارکنگ کے مسائل فوری طور پر حل کرنے کی ہدایت بھی کی۔

    انہوں نے سمندر پار پاکستانیوں کے لیے منصوبوں کو تیز رفتاری سے مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سمندر پار پاکستانیوں کے لیے جاری منصوبوں کو بین الاقوامی معیار پر تعمیر کیا جائے اور منصوبوں کو شفاف اور ان کا طریقہ کار آن لائن بنایا جائے۔

  • ایف نائن پارک زیادتی کیس کے ملزمان پولیس فائرنگ سے ہلاک

    ایف نائن پارک زیادتی کیس کے ملزمان پولیس فائرنگ سے ہلاک

    اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت میں ایف نائن پارک زیادتی کیس کے ملزمان پولیس فائرنگ سے ہلاک ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کے سیکٹر ڈی 12 میں پولیس مقابلہ ہوا، 2 موٹر سائیکل سوار ملزمان نے ناکے پر فائرنگ کی، پولیس کی جوابی فائرنگ سے ملزمان مارے گئے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ہلاک ملزمان ایف نائن پارک زیادتی کیس میں مطلوب تھے۔

    ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ ناکے پر گاڑیوں کی چیکنگ کی جا رہی تھی کہ مسلح نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے پولیس کو دیکھتے ہی فائرنگ شروع کر دی تاہم پولیس اہل کار فائرنگ سے محفوظ رہے تاہم جوابی فائرنگ سے دونوں ہلاک ہو گئے۔

    دونوں ملزمان کی نعشیں اسپتال منتقل کر دی گئی ہیں، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان کی شناخت کر لی گئی ہے، ہلاک ہونے والے دونوں ملزمان ایف نائن پارک زیادتی کیس میں ملوث تھے۔

    ایک ملزم صوابی اور ایک کا تعلق پشاور سے ہے، ملزمان گزشتہ 8 سال سے جرائم کی وارداتوں میں ملوث تھے، ایک ملزم ڈکیتی کے دوران قتل کے مقدمہ میں اشتہاری بھی تھا۔