Tag: Islamabad

  • اسلام آباد : سستے بازار میں خوفناک آتشزدگی، لاکھوں مالیت کا کپڑا خاکستر

    اسلام آباد : سستے بازار میں خوفناک آتشزدگی، لاکھوں مالیت کا کپڑا خاکستر

     اسلام آٓباد : وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے ہفتہ وار بازار میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، فائربریگیڈ کی 16 گاڑیاں آگ بجھانے میں مصروف تھیں، آگ پر دو گھنٹے کی کوششوں کے بعد قابو پایا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کے علاقے ایچ نائن میں واقع سستے بازار میں آگ لگ گئی، یہ بازار آج بند تھا کیونکہ مذکورہ بازار اتوار کے روز عوام کیلئے کھولا جاتا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے نمائندہ فرخ اعجاز کے مطابق بازار میں آتشزدگی کا یہ واقعہ اس جگہ پیش آیا جہاں کپڑوں کے بڑے بڑے گٹھرے رکھے ہوئے تھے جس کی وجہ سے آگ نے تیزی پکڑی۔

    دیکھتے ہی دیکھتے آگ دوسری جگہ پر بھی پھیلنے لگی آگ کے شعلے اور دھویں کے بادل تیزی سے بلند ہوتے رہے۔ تاہم فائر بریگیڈ کی گاڑیوں نے بروقت پہنچ کر آگ کو پھیلنے سے بچا لیا تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے۔

    اتوار بازار میں آتشزگی سے کپڑے کے کئی اسٹالز جل کر راکھ ہوگئے، فائر بریگیڈ کی 16 گاڑیاں اور ایک درجن سے زائد فائر فائٹرز نے 2 گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پالیا۔

    واقعے کی اطلاع ملتے ہیں ڈپٹی کمشنر اسلام آباد، اسسٹنٹ کمشنر اور دیگر افسران بھی جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔ وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے آتشزدگی کے واقعے کا نوٹس لے کر ضلعی انتظامیہ سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔

  • اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات : امیدواروں نے سرگرمیاں شروع کردیں

    اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات : امیدواروں نے سرگرمیاں شروع کردیں

    الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کی جانب سے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے اعلان کے بعد انتخابی سرگرمیوں کا آغاز ہوگیا۔

    الیکشن کمیشن کا شیڈول جاری ہونے کے بعد اسلام آباد میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ کاغذات نامزدگی جمع کروانے کا مرحلہ مکمل ہوگیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق مجموعی طور پر101یونین کونسل میں3866امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کروائے جس میں چیئرمین، وائس چیئرمین کیلئے537 امیدوار شامل ہیں۔

    جنرل ممبر کی606نشستوں کیلئے1945 امیدواروں اور خاتون ممبر کی202نشستوں کیلئے546 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کروائے۔

    اس کے علاوہ نوجوان ممبر کی101نشستوں کیلئے344 امیدواروں جبکہ مزدور، کسان ممبر کی101نشستوں کیلئے 348 امیدواروں اور غیرمسلم ممبر کی101نشستوں کیلئے146 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کروائے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ 22نومبر کو الیکشن کمیشن نے اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کا شیڈول جاری کیا تھا، جس کے مطابق انتخابات 24 دسمبر کو ہوں گے۔

    الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ کاغذات نامزدگی 7 سے 11 نومبر تک جمع کروائے جاسکتے ہیں، کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 15 سے 18 نومبر تک ہوگی۔

    الیکشن کمیشن کے مطابق کاغذات نامزدگی پر اپیلیں 21 سے 23 نومبر تک فائل کی جاسکیں گی، اپیلوں پر فیصلہ 28 نومبر تک سنایا جائے گا۔

    اس کے علاوہ کاغذات نامزدگی 30 نومبر تک واپس لیے جا سکیں گے، جبکہ امیدواروں کو انتخابی نشان یکم دسمبر کو الاٹ کیے جائیں گے۔

  • اسلام آباد میں ڈینگی کے درجنوں کیسز رپورٹ

    اسلام آباد میں ڈینگی کے درجنوں کیسز رپورٹ

    اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران 47 ڈینگی کیسز سامنے آگئے، رواں برس شہر میں ڈینگی سے 11 اموات بھی ہوچکی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران 47 ڈینگی کیسز رپورٹ ہوئے۔

    ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کا کہنا ہے کہ 31 ڈینگی کیسز دیہی اور 16 شہری علاقوں سے رپورٹ ہوئے۔

    ڈی ایچ او کا کہنا ہے کہ رواں سیزن میں 5 ہزار 26 ڈینگی کیسز سامنے آچکے ہیں، رواں سیزن دیہی علاقوں سے 2 ہزار 911 اور شہری علاقوں سے 2 ہزار 115 کیسز رپورٹ ہوئے۔

    اس دوران صرف اسلام آباد میں ڈینگی سے 11 اموات بھی ہوچکی ہیں۔

  • اسلام آباد میں ایک روز میں ڈینگی کے درجنوں کیسز رپورٹ

    اسلام آباد میں ایک روز میں ڈینگی کے درجنوں کیسز رپورٹ

    اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ڈینگی وائرس کے درجنوں کیسز رپورٹ کیے گئے، رواں سیزن میں اب تک 17 سو سے زائد کیسز سامنے آچکے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر اسلام آباد ڈاکٹر زعیم رضا کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران شہر میں 77 ڈینگی کیسز رپورٹ ہوئے، 41 کیسز دیہی اور 36 شہری علاقوں سے رپورٹ ہوئے۔

    ڈی ایچ او کا کہنا ہے کہ رواں سیزن میں 17 سو 34 ڈینگی کیسز سامنے آچکے ہیں جبکہ 5 اموات ہوچکی ہیں۔

    انہوں نے بتایا کہ اسلام آباد میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ڈینگی کے 17 مریض پمز اسپتال، 9 پولی کلینک اور 2 نجی اسپتالوں میں داخل کیے گئے ہیں۔

    علاوہ ازیں راولپنڈی کے ہولی فیملی اسپتال میں 11 اور ڈی ایچ کیو راولپنڈی میں 2 ڈینگی مریض داخل کیے گئے ہیں۔

    ڈی ایچ او کے مطابق 24 گھنٹے میں نجی لیبارٹریز سے 30 ڈینگی کیسز رپورٹ ہوئے۔

  • اسلام آباد میں ایک روز میں درجنوں ڈینگی کیسز رپورٹ

    اسلام آباد میں ایک روز میں درجنوں ڈینگی کیسز رپورٹ

    اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ڈینگی کیسز میں نمایاں اضافہ ہوگیا، رواں سیزن میں اسلام آباد میں 214 ڈینگی کیسز سامنے آچکے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں ڈینگی کیسز میں نمایاں اضافہ ہونے لگا، گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران 22 ڈینگی کیسز رپورٹ ہوئے۔

    ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر اسلام آباد کا کہنا ہے کہ 17 ڈینگی کیسز دیہی اور 5 شہری علاقوں سے رپورٹ ہوئے۔

    ڈی ایچ او کا کہنا ہے کہ رواں سیزن میں اسلام آباد میں 214 ڈینگی کیسز سامنے آچکے ہیں، دیہی علاقوں سے 163 اور شہری علاقوں سے 51 ڈینگی کیسز سامنے آئے۔

    رواں سیزن میں اب تک ڈینگی سے ایک مریض انتقال کر چکا ہے۔

  • 2 موٹر سائیکلوں میں ٹکر، ایک موٹر سائیکل دھماکے سے پھٹ گئی

    2 موٹر سائیکلوں میں ٹکر، ایک موٹر سائیکل دھماکے سے پھٹ گئی

    اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 2 موٹر سائیکلوں کے درمیان تصادم کے بعد ایک موٹر سائیکل دھماکے سے پھٹ گئی، پولیس کا کہنا ہے کہ ممکنہ طور پر موٹر سائیکل میں بارودی مواد موجود تھا۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کے علاقے بارہ کہو میں 2 موٹر سائیکلوں میں تصادم ہوا جس میں ایک موٹر سائیکل دھماکے سے پھٹ گئی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ خدشہ ہے کہ موٹر سائیکل میں بارودی مواد موجود تھا، حادثے کے قریب ڈیٹونیٹر، تاریں اور بارودی مواد ملا ہے۔

    پولیس کے مطابق حادثے میں 3 افراد شدید زخمی ہوئے، دونوں موٹر سائیکلیں قبضے میں لے کر تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔

    خیال رہے کہ اسلام آباد میں رواں سال جرائم کی شرح میں اضافہ ہوا ہے، رواں برس گزشتہ برس کے مقابلے میں سینکڑوں زائد مقدمات درج کیے گئے۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مقدمات کا زائد اندراج فری رجسٹریشن آف ایف آئی آر کو ظاہر کرتا ہے، سائلین کو ماضی کی طرح ایف آئی آر کے اندراج میں مشکلات کا سامنا نہیں کرنا پڑتا۔

  • اسلام آباد میں جرائم کی شرح میں اضافہ

    اسلام آباد میں جرائم کی شرح میں اضافہ

    اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں گزشتہ برس کی نسبت اس برس جرائم کی شرح بڑھ گئی، رواں برس سینکڑوں زائد مقدمات درج کیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں رواں سال جرائم میں اضافہ ہوا ہے، وفاقی دارالحکومت کے صنعتی علاقے میں گزشتہ سال جولائی کے مقابلے میں 100 فیصد زائد جرائم ہوئے۔

    انڈسٹریل ایریا زون میں گزشتہ سال 175 اور اس سال 350 ایف آئی آرز درج ہوئیں۔

    سٹی زون میں گزشتہ برس کے مقابلے میں 93، صدر میں 155 اور رورل زون میں 234 زائد مقدمات درج ہوئے۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مقدمات کا زائد اندراج فری رجسٹریشن آف ایف آئی آر کو ظاہر کرتا ہے، سائلین کو ماضی کی طرح ایف آئی آر کے اندراج میں مشکلات کا سامنا نہیں کرنا پڑتا۔

  • اسلام آباد میں اچانک ڈائریا کیسز میں اضافہ

    اسلام آباد میں اچانک ڈائریا کیسز میں اضافہ

    اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ڈائریا کی وبا پھیل گئی، اب تک شہر میں 2 ہزار سے زائد ڈائریا کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں ڈائریا وبائی شکل اختیار کرنے لگا، شہر میں ایک ماہ کے دوران 2 ہزار 157 ڈائریا کیسز رپورٹ کیے گئے ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں ڈائریا سے تاحال کوئی مریض جاں بحق نہیں ہوا، ڈائریا کے بیشتر کیسز پولی کلینک اسپتال میں رپورٹ ہوئے ہیں۔

    ذرائع کے مطابق پولی کلینک میں ایک ہفتے کے دوران 991 ڈائریا کیسز رپورٹ ہوئے، پولی کلینک میں ایک ہفتے کے دوران 324 بچوں میں ڈائریا کی تصدیق ہوئی۔

    گزشتہ ہفتے پمز اسپتال میں ڈائریا کے 245 کیسز رپورٹ ہوئے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈائریا کے بیشتر کیسز اسلام آباد کے دیہی علاقوں سے سامنے آرہے ہیں، 90 فیصد کیسز کو اسپتال میں داخلے کی ضرورت نہیں ہے۔

    این آئی ایچ کے مطابق رواں سیزن اسلام آباد میں ہیضے کے 21 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، ڈائریا اور ہیضہ دونوں سے تاحال اموات رپورٹ نہیں ہوئیں۔ مون سون کے دوران ہیضہ اور ڈائریا کیسز رپورٹ ہونا معمول ہے۔

  • سوتیلے بیٹے کو قتل کر کے لاش جلانے والی خاتون کو عدالت نے سزا سنا دی

    سوتیلے بیٹے کو قتل کر کے لاش جلانے والی خاتون کو عدالت نے سزا سنا دی

    اسلام آباد: کم سِن سوتیلے بیٹے کو قتل کر کے لاش جلانے والی خاتون کو عدالت نے سزا سنا دی۔

    تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ کورٹ اسلام آباد کے ایڈیشنل سیشن جج شرقی محمد سہیل شیخ نے سوتیلے بیٹے کو قتل کر کے لاش جلا کر چھپانے کے کیس کا فیصلہ سنا دیا۔

    عدالت نے قتل کا سنگین جرم ثابت ہونے پر بچے کی سوتیلی ماں انیقہ کو عمر قید اور 10 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنا دی۔

    عدالت نے بچے کی لاش چھپانے کے جرم میں بھی 5 سال قید اور 25 ہزار روپے کی سزا سنائی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق 18 دسمبر 2020 کو خاتون انیقہ نے اپنے 5 سالہ سوتیلے بیٹے اکرام کو پھندا لگا کر قتل کر دیا تھا، قتل کرنے کے بعد لاش کو جلا کر بوری میں بند کر کے گھر کے زیر تعمیر کمرے میں چھپا دیا تھا۔

    پولیس رپورٹ کے مطابق کمسن اکرام خاتون کے دوسرے شوہر کی اولاد تھا اور اپنے والد کے ساتھ ہی رہائش پذیر تھا۔

    پولیس نے اس کیس میں خاتون کے سسر کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا تھا، انھوں نے بتایا کہ ان کے چھوٹے بیٹے انوار نے واقعے سے پانچ چھ ماہ قبل ہی انیقہ دختر محمد عمران سے دوسری شادی کی تھی، جب کہ انوار کی پہلی بیوی اقصیٰ یوسف سے 4 بچے تھے، جن میں اکرام سب سے چھوٹا 5 سال کا تھا۔

    سسر کے بیان کے مطابق دونوں میاں بیوی میں بچے اکرام کو ساتھ رکھنے پر جھگڑا ہوتا تھا، وہ بچے کو ساتھ رکھنے پر خوش نہیں تھی، 18 دسمبر کو جب شوہر اپنی موبائل شاپ پر گیا تھا، انیقہ نے پھندا لگا کر بچے کو مار دیا اور پھر لاش جلا کر بوری میں ڈال دی۔

    بیان میں کہا گیا تھا کہ شام پانچ بجے انھیں اطلاع ملی کہ بچہ نہیں مل رہا ہے، تو جب گھر کی تلاشی لی گئی تو بچے کی جلی ہوئی لاش زیر تعمیر کمرے سے بوری میں بند مل گئی۔

    واضح رہے کہ عدالت نے دسمبر 2020 سے لے کر جولائی 2022 تک 18 ماہ کے دورانیے میں کیس کا ٹرائیل مکمل کیا۔

  • اسلام آباد: خاتون بیچ سڑک پر ہراسانی کا شکار

    اسلام آباد: خاتون بیچ سڑک پر ہراسانی کا شکار

    اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت میں جنسی درندے آزاد، بیچ سڑک پر خاتون کو ہراساں کر ڈالا، فوٹیج بھی منظر عام پر آگئی۔

    ملک بھر میں جنسی زیادتی کے واقعات میں تیزی کے ساتھ اضافے ہوتا جارہا ہے، یہ عفریت اب وفاقی دارالحکومت میں بھی جاپہنچی ہے، جہاں دفتر سے گھر جانے والی خاتون کو بیچ سڑک پر جنسی طور پر ہراساں کیا گیا ہے۔

    اوباش نوجوان کی خباثت کی ویڈیو منظر عام پر آچکی ہے، جسے دیکھ کر عوام میں شدید غم وغصہ پایا جاتا ہے اور انہوں نے فوری طور پر جنسی درندے کو گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

    اسلام آباد پولیس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق واقعہ تیرہ جولائی کو اسلام آباد کے سیکٹر آئی ٹین میں رونما ہوا، جہاں نامعلوم اوباش شخص نے دفتر سےگھر واپس آتی خاتون کوہراساں کیا۔

    متاثرہ خاتون کی درخواست پر تھانہ سبزی منڈی میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے اور اوباش نوجوان کی شناخت کا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے، سی سی ٹی وی فوٹیج کو نادرا بھی بھجوادیا گیا ہے تاکہ ملزم کی شناخت میں آسانی ہوسکے۔

    یاد رہے کہ گذشتہ سال اسلام آباد سے ہی سوشل میڈیا پر ایک خاتون اور ایک مرد کو تشدد کا نشانہ بنانے اور برہنہ کرنے کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی، بعد ازاں یہ کیس عثمان مرزا کیس کے نام پر سامنے آیا تھا۔

    سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں عثمان مرزا سمیت پانچ سے چھ افراد نے مرد و خاتون کو ایک کمرے میں حبسِ بیجا میں رکھ کر بندوق کے زور پر برہنہ کیا اور انہیں ڈرا دھمکا کر فحش حرکات بھی کرتے رہے۔