Tag: #IslamabadLockDown

  • اسلام آباد پولیس کا پی ٹی آئی کے رہنما امین گنڈاپور کیخلاف مقدمہ درج

    اسلام آباد پولیس کا پی ٹی آئی کے رہنما امین گنڈاپور کیخلاف مقدمہ درج

    اسلام آباد : پولیس نے خیبرپختونخوا کے وزیر امین گنڈا پور کیخلاف مقدمہ درج کرادیا ، ایف آئی آر میں قانون کی خلاف ورزی اور ناجائز اسلحہ رکھنے کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ناجائز اسلحے رکھنے اور قانون توڑنے کے الزام میں اسلام آباد پولیس نے خیبر پختونخوا کے وزیرِمال اور پی ٹی آئی کے رہنما علی امین گنڈا پور کیخلاف مقدمہ درج کرلیا ہے، مقدمہ پولیس اہلکار یونس کی مدعیت میں تھانہ بارہ کہو میں درج کیا گیا۔

    مقدمے میں غیرقانونی اسلحے اور انسدادِ منشیات کی دفعات درج کی گئی ہیں، ایف آر میں علی امین گنڈا پور پر دفعہ ایک سو چوالیس کی خلاف ورزی کا بھی کا الزام لگایا گیا ہے۔

    ایف آر متن کے مطابق تحریک انصاف کے رہنما کو بنی گالہ کے قریب رخسانہ بنگش روڈ پر روکا گیا تو وہ پولیس کو دیکھ کر گاڑی سے اتر کر فرار ہوگئے، پولیس نے گاڑی کی تلاشی لی تو اس میں سے اسلحہ، بلٹ پروف جیکٹس اور شراب کی بوتل برآمد ہوئی تھی۔


    مزید پڑھیں : علی امین گنڈاپور کی گاڑی سے اسلحہ برآمد


    یاد رہے کہ گذشتہ روز سابق صوبائی وزیر کے پی کے اور تحریک انصاف کے رہنما علی امین گنڈا پور اپنے ساتھیوں کے ہمراہ بنی گالا جا رہے تھے کہ راستے میں کلمہ چوک پر پولیس نے ان کی گاڑی کی تلاشی لی اور گاڑی سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور شراب کی بوتلیں برآمد کر لیں۔

    دوسری جانب علی امین گنڈا پور نے پولیس کے موقف کو رد کرتے ہوئے کہا کہ میری گاڑی میں گارڈز نہیں پولیس والے تھے اور اسلحہ لائسنس یافتہ ہے اور میرے استعمال میں ہے جب کہ شہد کی بوتل کو شراب کی بوتل بنادی گئی۔

  • لاہور: تحریک انصاف کارکنان کی گرفتاریوں کے خلاف وکلا کا احتجاج

    لاہور: تحریک انصاف کارکنان کی گرفتاریوں کے خلاف وکلا کا احتجاج

    لاہور: تحریک انصاف کے کارکنوں پر پولیس تشدد اور گرفتاریوں کے خلاف تحریک انصاف لائرز ونگ کے وکلا لاہور کے مال روڈ پر نکل آئے۔ وکلا سڑک پر ٹائر جلا کر گو نواز گو کے نعرے لگاتے رہے۔

    تحریک انصاف کے وکلا نے کارکنوں پر پولیس تشدد کے خلاف لاہور ہائیکورٹ کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے جی پی او چوک میں ٹائر جلا کر مال روڈ کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا۔

    احتجاج کے دوران وکلا گو نواز گو اور حکومت مخالف نعرے لگاتے رہے۔ وکلا کے احتجاج کے باعث مال روڈ پر ٹریفک کی بندش سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

    اسلام آباد ہائی کورٹ کا شہر کے تمام راستوں سے کنٹینرز ہٹانے کا حکم *

    احتجاج کے دوران ایک شہری نے وکلا کی جانب سے لگائی گئی رکاوٹ عبور کرنا چاہی تو احتجاج کرنے والے ایک وکیل نے اسے تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔

    واضح رہے کہ تحریک انصاف کے احتجاجی دھرنے کے خلاف حکومت نے کریک ڈاؤن شروع کر دیا ہے۔ کل شام تحریک انصاف کے تقریباً 500 کارکنان کو گرفتار کیا گیا جبکہ آج مزید 55 کارکنوں کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

    دوسری جانب راولپنڈی کے کمیٹی چوک میں پولیس نے شیخ رشید کے خطاب کے دوران لاٹھی چارج اور شیلنگ شروع کردی جس کے سبب کارکنان کے بار بار منتشر ہونے اور کمیٹی چوک کے اطراف کی گلیوں میں منظم ہو کر دوبارہ کمیٹی چوک پر جمع ہونے کا سلسلہ جاری ہے۔

  • اسلام آباد: ہائی کورٹ کا شہر کے تمام راستوں سے کنٹینرز ہٹانے کا حکم

    اسلام آباد: ہائی کورٹ کا شہر کے تمام راستوں سے کنٹینرز ہٹانے کا حکم

    اسلام آباد: اسلام آباد ہائی کورٹ نے تحریک انصاف کی درخواست پر اسلام آباد کے تمام داخلی اور خارجی راستوں سے کنٹینرز ہٹانے اور کسی کو گرفتار نہ کرنے کا حکم دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے تحریک انصاف کے کارکنان کی گرفتاری کے خلاف درخواست کی سماعت کی۔

    اپنے ریمارکس میں جسٹس شوکت عزیز صدیقی کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف والوں کا سب سے بڑا مسئلہ یہ ہے کہ کسی کی سنتے نہیں۔ انہوں نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کل والےآرڈر پر تحریک انصاف نے ججز اور عدالت کی کردار کشی شروع کردی۔

    اسلام آباد میں ایک بار پھر دفعہ 144 نافذ *

    جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے کہا کہ جب عدالت کوئی حکم دیتی ہے تو اس پرعملدر آمد کروانا بھی جانتے ہیں۔ انہوں نے دریافت کیا کہ آپ شہر بند کریں گے یا پرامن احتجاج کریں گے؟ جواب میں تحریک انصاف کے وکیل نے کہا کہ ہم عدالت کا احترام کرتے ہیں اور کل والے حکم کو من و عن مانتے ہیں۔

    جسٹس شوکت عزیز نے پولیس کو گرفتار کارکنوں کی فہرست 31 اکتوبر کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے اسلام آباد کی سڑکوں سے کنٹینر ہٹانے کا حکم بھی دے دیا البتہ کوئی جرم کا مرتکب ہو تو اس کو گرفتار کیا جائے۔ عدالت کا کہنا تھا کہ 31 اکتوبر تک کوئی کنٹینر نہیں لگے گا۔

    واضح رہے کہ کل بھی اسلام آباد ہائی کورٹ نے تحریک انصاف اور ضلعی انتظامیہ کو شہر سیل کرنے سے روک دیا تھا۔ عدالت نے سیکریٹری داخلہ کو حکم دیا تھا کہ وفاقی دارالحکومت میں کوئی کنٹینر نہیں لگے گا۔ عدالت کی جانب سے ہدایت کی گئی کہ دھرنے کے لیے پریڈ گراؤنڈ کو مختص کر کے نوٹیفیکیشن جاری کیا جائے۔