Tag: Islamic calendar

  • قمری کیلنڈر اپنی جگہ لیکن قرآن و حدیث میں عید و رمضان کا اعلان چاند دیکھ کر ہوتا ہے،قبلہ ایاز

    قمری کیلنڈر اپنی جگہ لیکن قرآن و حدیث میں عید و رمضان کا اعلان چاند دیکھ کر ہوتا ہے،قبلہ ایاز

    اسلام آباد : چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل قبلہ ایاز نے واضح کیا ہے کہ قمری کیلنڈر اپنی جگہ لیکن قرآن و حدیث کے مطابق عید و رمضان کا اعلان چاند دیکھ کر ہوتا ہے، قمری کیلنڈر کی شرعی حیثیت کا فیصلہ عید کے بعد ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق قمری کیلنڈرپروزیرسائنس ٹیکنالوجی اور علما کا اختلاف برقرار ہے، چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل قبلہ ایاز نے کہا قمری کلینڈر اسلامی نظریاتی کونسل کو مل گیا ہے اور اسلامی نظریاتی کونسل کا شعبہ تحقیق اس پر کام کررہا ہے۔

    قبلہ ایاز کا کہنا تھا حکومت نے جو کلینڈر بھیجا ہے اس سے پتہ چلے گا کہ چاند کب اور کہاں نکلے گا، دنیا میں ابھی تک کہیں بھی عید کا اعلان نہیں ہوا، طریقے کے تحت رویت کا باقاعدہ اہتمام ہونا چاہیے، قرآن و حدیث کے مطابق عید اور رمضان کا اعلان چاند کو دیکھ کر کرنا ہوتا ہے اور رویت کے ساتھ جدید آلات کا استعمال میں بھی کیا جاسکتا ہے۔

    قمری کیلنڈر کی شرعی حیثیت کا فیصلہ عید کے بعد ہوگا

    چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل نے کہاکہ عید کےچانداورروزے کیلئےرویت ضروری ہے، قمری کیلنڈر کی شرعی حیثیت کا فیصلہ عید کے بعد ہوگا ، شعبہ تحقیق اور علماء کی رائے کے باعث عید سے پہلے فیصلہ ممکن نہیں، طلب معاملہ ہے علماء کی رائے کے بغیر حتمی رائے نہیں دے سکتے۔

    چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل نے کہاکہ کیا حکومت نے رویت ہلال کمیٹی کو ختم کردیا ہے؟ کیا حکومت نے اس بات کی اجازت دیدی ہے کہ عید کا اعلان وزارت سائنس وٹیکنالوجی کرے گی؟

    یاد رہے کہ گزشتہ دنوں وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری قمری کلینڈر میدان میں لے آئے تھے اور ساتھ ہی اگلے 5 سال کی عیدوں کا اعلان بھی کیا تھا۔

    انہوں نے کہا تھا کہ 5 سالہ قمری کلینڈر اسلامی نظریاتی کونسل کو بھجوا دیا ہے اور اسلامی نظریاتی کونسل اب تک ہمارے کام سے مطمئن ہے۔ایک سوال کے جواب میں فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ اسلامی نظریاتی کونسل نے مفتی منیب الرحمان اور مفتی شہاب الدین پوپلزئی کو بھی دعوت دی ہے۔

  • آئندہ 5 سال کا اسلامی کلینڈر تیار ہوگیا

    آئندہ 5 سال کا اسلامی کلینڈر تیار ہوگیا

    اسلام آباد : وزارت سائنس و ٹیکنالوجی نے قمری کیلنڈر تیار کرلیا ہے ،اس کلینڈر میں 2019 تا 2024 عید الفطر، عید الاضحی، رمضان المبارک اور دیگر اسلامی مہینوں کے چاند نظر آنے کی تاریخیں طے کی گئی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزارت سائنس و ٹیکنالوجی نے قمری کیلنڈر تیار کر لیا، وزارت سائنس، اسپارکو، محکمہ موسمیات کے ماہرین نے قمری کیلنڈر تیار کیا گیا ہے۔

    قمری کلینڈر 2019 تا 2024 کے دوران اسلامی مہینوں کے چاند نظر آنے کی تاریخوں سے متعلق تفصیلات پر مشتمل ہے، جس کے مطابق رواں برس عید الفطر 5 جون اور عید الاضحی 12 اگست کو ہونے کا امکان ہے۔

    قمری کیلنڈر میں بتایا گیا 2020میں یکم رمضان المبارک25 اپریل ، عید الفطر 24مئی اور عید الاضحی 31جولائی کو ہونے کا امکان ہے۔

    مزید پڑھیں : شوال کا چاند 4جون کو نظر آنے کا امکان ہے، فوادچوہدری

    2021 میں یکم رمضان المبارک 14اپریل ، عید الفطر 14مئی اور عیدالاضحی 21جولائی کو متوقع ہے جبکہ 2022 میں یکم رمضان المبارک 3 اپریل ، عید الفطر 3مئی اور عید الاضحی 10 جولائی کو ہوسکتی ہیں۔

    2023 میں یکم رمضان المبارک 23 مارچ کو ہونے کا امکان ہے جبکہ عید الفطر22اپریل اور عید الاضحی 29جون کو متوقع ہے۔

    اسی طرح 2024 میں یکم رمضان المبارک 12 مارچ کو ہوسکتی ہے جبکہ عیدالفطر 10اپریل اور عید الاضحی 17جون کو ہونے کا امکان ہے۔

    یاد رہے وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے تیار کردہ قمری کیلنڈراسلامی نظریاتی کونسل کوبھجوادیا ، اسلامی نظریاتی کونسل سے 5 دن میں رائے مانگی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ قمری کیلنڈر کونسل کی رائے کے بعد وفاقی کابینہ بھجوائیں گے۔ قمری کیلنڈر جاری کرنے سے قبل مفتی منیب الرحمن اور مفتی شہاب الدین پوپلزئی سے مشاورت کی جائے گی۔

    واضح رہے کہ فواد چوہدری نے قمری کیلنڈر بنانے کےلئے پانچ رکنی کمیٹی قائم کی تھی، جس میں اسپارکو، محکمہ موسمیات اور سائنس اور ٹیکنالوجی کے ماہرین شامل تھے۔

    فواد چوہدری نے دعویٰ کیا تھا کہ پندرہویں روزے تک قمری کلینڈر بن جائےگا اور چاند دیکھنے کے لئے ایپ تیار کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا پاکستان میں سائنس اور ٹیکنالوجی کو توجہ کی ضرورت ہے ، ٹیکنالوجی میں ہم آگے جاکر اور کام کرنے والے ہیں۔