سیکیورٹی فورسز نے ژوب میں پاک افغان سرحد کے قریب کامیاب کارروائی کرتے ہوئے دراندازی کی کوشش کرنے والے 5 خوارج مارے گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق خوارج کے ایک گروپ کی 18 اور 19 جنوری کی رات پاک افغان سرحد پر ضلع ژوب کے علاقے سمبازہ کے قریب نقل و حرکت دیکھی گئی جس پر سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرکے دراندازی کی یہ کوشش ناکام بنادی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی سے جہاں دراندازی کی یہ کوشش ناکام بنا دی گئی، وہیں 5 خوارج بھی مارے گئے۔
ترجمان کے مطابق پاکستان بارھا عبوری افغان حکومت سے کہتا رہا ہے کہ وہ سرحد پر اپنی اطراف میں موثر بارڈر مینجمنٹ کو یقینی بنائے، توقع ہے کہ عبوری افغان حکومت اپنی ذمہ داریاں پوری کرے گی اور خوارج کی جانب سے پاکستان کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں کو جاری رکھنے کے لیے افغان سرزمین کے استعمال سے روکے گی۔
آئی ایس پی آر کے ترجمان کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز اپنی سرحدوں کو محفوظ بنانے اور ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔
ترجمان پاک فوج نے بھارتی آرمی چیف کے من گھڑت بیان پر منہ توڑ جواب دیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاکستان کو دہشتگردی کا مرکز قرار دینا بھارتی آرمی چیف کا بے بنیاد، بھونڈا الزام ہے، بھارتی آرمی چیف کا پاکستان کو دہشت گردی کا مرکز قرارد دینا حقائق کے منافی ہے۔
ترجمان پاک فوج نے کہا کہ ب بھارتی آرمی چیف کے الزامات مردہ گھوڑے میں جان ڈالنے کی کوشش ہے، پاکستان بھارت کے بے بنیاد الزامات کو سختی سے مسترد کرتا ہے۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ پاکستان پر دہشتگردی کی سرپرستی کا الزام دوغلی پالیسی کا منہ بولتا ثبوت ہے، بھارتی آرمی چیف کے بیانات سیاسی مقاصد کے تحت دیے گئے ہیں،کشمیری عوام کے حق خودارادیت کو دبانے کی بھارتی کوششیں ناکام ہوگی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بھارت میں اقلیتوں پر ظلم، نفرت انگیز بیانیے عالمی برادری سمیت سب پر عیاں ہیں، بھارتی الزامات مقبوضہ کشمیر میں ظلم وستم سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہے، بھارتی آرمی چیف مقبوضہ کشمیر میں بدترین ظلم وستم کا مظاہرہ کرچکے ہیں۔
پاک فوج کے ترجمان نے کہا کہ ایسے بیانات سے بھارتی فوج کی سیاسی معاملات میں گہری مداخلت واضح ہے، دنیا بھارتی قیادت کے مسلم کش ہندوتوا نظریات سے بخوبی واقف ہے۔
پاک فوج کے کورٹس آف اپیل نے سانحہ 9 مئی 2023 کے 19 مجرمان کی سزاؤں میں معافی کا اعلان کردیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کے مطابق سانحہ 9 مئی 2023 کے 19 مجرموں کو معاف کردیا گیا ہے، سزاؤں پر عملدرآمد کے دوران مجرمان نے قانونی حق استعمال کرتے ہوئے رحم اور معافی کی پٹیشنز دائر کیں، مجرموں کو ضابطے کی کارروائی مکمل ہونے کے بعد رہا کیا جا رہا ہے۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ سانحہ 9 مئی کے مجموعی طور پر67 مجرمان نے رحم کی پٹیشنز دائر کیں، جس میں سے 48 پٹیشنز کو قانونی کارروائی کیلئے کورٹس آف اپیل میں نظر ثانی کیلئے ارسال کیا گیا ان میں سے 19 مجرموں کی پٹیشنز کو خالصتاً انسانی بنیاد پر قانون کے مطابق منظور کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ دائر کی گئی دیگر رحم کی پٹیشنز پر عمل درآمد مقررہ مدت میں قانون کے مطابق ہوگا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کورٹ آف اپیل سے معافی پانے والوں میں محمد ایاز ولد صاحبزادہ خان، سمیع اللہ والد میر داد خان، لئیق احمد ولد منظور احمد، امجد علی ولد منظور احمد، یاسر نواز ولد امیر نواز خان، سعید عالم ولد معاذ اللہ خان، سعید عالم ودل معاذ اللہ خان، زاہد خان ولد محمد نبی، محمد سلیمان ولد سعید غنی جان، حمزہ شریف ولد محمد اعظم اور محمد سلمان ولد زاہد نثار شامل ہیں۔
اس کے علاوہ م اشعر بٹ، محمد وقاص، سفیان ادریس، منیب احمد، محمد احمد، محمد نواز، محمد علی، محمد بلاول، محمد الیاس کی سزا معاف کی گئی ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ مجرمان کو ضابطے کی کارروائی مکمل ہونے کے بعد رہا کیا جا رہا ہے، دیگر تمام مجرمان کے پاس بھی اپیل، قانون وآئین کے مطابق حقوق برقرار ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سزاؤں کی معافی ہمارے منصفافہ قانونی عمل، انصاف کی مضبوطی کا ثبوت ہے، ہمارا نظام ہمدردی، رحم کے اصولوں کو مدنظر رکھ کر انصاف کی فراہمی کو یقینی بناتا ہے۔
ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) انٹر سروسز پبلک ریلیشن (آئی ایس پی آر) لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ گورننس میں جو خرابیاں ہیں انھیں ہم اپنے خون سے ادا کررہے ہیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں دہشتگردی کے تانے بانے اور شواہد افغانستان میں دہشتگردوں کے ٹھکانوں تک جاتے ہیں، پاکستان دہشت گردوں کا نیٹ ورک ختم کرنے اور اپنے شہریوں کو تحفظ فراہم کرنے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھے گا۔
انہوں نے کہا کہ آرمی چیف کا واضح موقف ہے کہ پاکستان کو دہشت گردی کارروائیوں کیلئے افغان سرزمین کے استعمال پرتحفظات ہیں، افغان سرزمین سے خوارج اور دیگر دہشت گرد مسلسل پاکستان میں کارروائیاں کررہے ہیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمدشریف چوہدری کہتے ہیں بارہا نشاندہی کے باوجود افغانستان کی سرزمین سے فتنہ الخوارج اور دیگر دہشتگرد مسلسل پاکستان میں دہشت گردی کرتے آرہے ہیں، افغانستان خارجیوں اور دہشتگردوں کو پاکستان پر فوقیت نہ دے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ آرمی چیف نے کہا ہے کہ دہشتگردی کیخلاف ہر پاکستانی سپاہی ہے، گورننس میں خرابیوں کو روزانہ کی بنیاد پر شہدا کی قربانیوں سے پر کررہے ہیں، پاکستانی شہریوں کا خون بہایا جائے تو کیا ہم بیٹھ کر تماشا دیکھتے رہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ جو فیصلے جن کا ہم خمیازہ بھگت رہے ہیں ہمارے جوان اپنے فیصلوں کی لکھائی اپنے خون سے دھورہے ہیں، 2021 میں فتنہ الخوارج کی کمر توڑ دی تھی، کس کے فیصلے سے فتنہ الخوارج کو واپس راستہ دیا گیا؟
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ ایسی شخصیت جو اپنی غلطی نہ سمجھے ایسے رویوں کی قیمت پوری قوم اپنے خون سے چکاتی ہے، تکرار یہ بات واضح کرتی ہے کہ 2021 میں کس کی ضد تھی کہ ان سے بات چیت کرکے ان کو سیٹل کیاجائے، ایسی نام نہاد پالیسیوں کی قیمت آج ہم بھگت رہے ہیں، اس ضد کی جو قیمت ہے وہ پاکستان اور کےپی ادا کررہا ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ کےپی میں گڈ گورننس پر توجہ دینی چاہیے، گڈ گورننس میں جو خرابیاں ہیں انھیں ہم اپنے خون سے ادا کررہے ہیں، وقت آگیا ہے کہ متحد ہو کر کہیں کہ دہشتگردی پر مزید سیاست نہیں ہوگی، قربانی دینا اور جان دینا مسلمانوں کیلئے فخر ہوتا ہے، اپنے ایمان اور وطن پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔
پاک فوج انڈیا کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہے
ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری کا کہنا ہے بھارت کے خطے میں اپنی اجارہ داری کے لیے اقدامات سے بخوبی واقف ہیں، تمام فالس فلیگ آپریشنز کی اطلاع را سے جڑے فیک اکاؤنٹس سے دی جاتی ہے۔ پاک فوج انڈیا کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک کی سالمیت اور خودمختاری کیلئے ہر قربانی دینے کو تیار ہیں، رواں سال سیز فائر کی خلاف ورزی کے 25 واقعات ہوئے، بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں ظلم کا بازار گرم کر رکھا ہے، بھارتی حکومت ریاستی دہشت گردی کا کھلم کھلا ارتکاب بھی کر رہی ہے، بھارت میں مسلمانوں، اقلیتوں کی عبادت گاہوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔
دہشتگردی کے خلاف آپریشنز
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج دہشت گردوں کیخلاف طویل اور مشکل جنگ لڑ رہی ہیں، رواں سال 59 ہزار 775 آپریشنز کیے گئے، خوارج سمیت 925 دہشت گردوں اور خوارج کو واصل جہنم کیا گیا، سیکڑوں کو گرفتار کیا گیا، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سیکیورٹی فورسز نے دشمن کے نیٹ ورک پکڑنے اور دشمنوں کو کیفر کردار تک پہنچانے میں اہم کامیابیاں ملیں۔
سیکیورٹی فورسز نے جنوبی وزیرستان میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کر کے 13 خوارجیوں کو جہنم واصل کر دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے 24 اور 25 دسمبر کے دوران جنوبی وزیرستان کے علاقے سراروغہ میں خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران سیکیورٹی اہلکاروں نے خوارج کے ٹھکانے کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا، آپریشن کے نتیجے میں 13 خوارج مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک خوارج سیکورٹی فورسز کے خلاف متعدد دہشت گردی کی کارروائیوں سمیت بے گناہ شہریوں کے قتل میں بھی ملوث تھے، علاقے میں پائے جانے والے کسی ممکنہ خارجی کو ختم کرنے کے لئے سینیٹائزیشن آپریشن بھی کیا گیا۔
ترجمان کے مطابق سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لئے پرعزم ہیں۔
دوسری جانب وزیرداخلہ محسن نقوی نے جنوبی وزیرستان میں کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو مبارکباد دی اور کہا کہ 13 خوارجی دہشتگرد کو ہلاک کرنے پر فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی فورسز نے آپریشن کر کے دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو خاک میں ملایا، بہادر سکیورٹی فورسز پر قوم کو ناز ہے، سکیورٹی فورسز نے خوارجی دہشتگردوں کیخلاف نمایاں کامیابیاں سمیٹی ہیں۔
راولپنڈی : بیلا روس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو نے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر سے ملاقات کی ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق الیگزینڈر لوکاشینکو نے آج اسلام آباد میں چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔
اس موقع پر دونوں شخصیات نے باہمی دلچسپی کے امور، دفاعی تعاون کے امکانات اور علاقائی سلامتی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے عالمی اور علاقائی امور میں بیلا روس کے کردار کو سراہا، آرمی چیف نے باہمی تعاون اور دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا۔
بیلاروس کے صدر لوکاشینکو نے دہشت گردی کیخلاف جنگ میں مسلح افواج کی قربانیوں کا اعتراف کرتے ہوئے مسلح افواج کے اہم کردار کو سراہا۔
سیکیورٹی فورسز کی شمالی وزیرستان کے علاقے میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران 6 خواج ہلاک ہوگئے جبک 6 زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق سیکورٹی فورسز نے خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر شمالی وزیرستان کے علاقے اسپن وام میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا، آپریشن کے دوران 6 خوارج مارے گئے جبکہ چھ خوارج زخمی ہوئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران ہلاک خوارج کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا، ہلاک خوارج سیکیورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں سمیت معصوم شہریوں کے قتل میں بھی ملوث تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں پائے جانے والے کسی ممکنہ خارجی کے خاتمے کے لئے سینیٹائزیشن آپریشن بھی کیا گیا، سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لئے پرعزم ہیں۔
راولپنڈی : آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے ریاض میں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات کی، اس موقع پر دفاعی اور مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے جاری کردہ بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سعودی عرب کے سرکاری دورے پر ہیں۔
آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کا رائل پیلس آمد پر پُرتپاک استقبال کیا گیا، اس موقع پر انہوں نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اس موقع پر آرمی چیف اور سعودی ولی عہد نے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا، ملاقات میں عسکری ودفاعی تعاون، علاقائی اورعالمی مسائل پربات چیت کی گئی۔
آرمی چیف نے پاکستان کی حمایت پر سعودی ولی عہد سے اظہار تشکر کیا، آرمی چیف نے خطےمیں امن وامان کے لیے ولی عہد کی کوششوں کی تعریف کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اس کے علاوہ آرمی چیف نے سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان سے بھی خصوصی ملاقات کی، ملاقات میں دفاعی اور سیکیورٹی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا، ملاقاتوں میں سعودی عسکری قیادت بھی موجود تھی۔
راولپنڈی : بلوچستان میں سیکیورٹی اہلکاروں اور دہشت گردوں کے درمیان جھڑپ کے نتیجے میں ایک دہشت گرد ہلاک ہوا جس کے قبضے سے اسلحہ اورگولہ بارود برآمد ہوا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق سیکیورٹی فورسز بلوچستان کے امن اور ترقی کو سبوتاژ کرنے کی کوششیں ناکام بنانے کیلئے پُرعزم ہیں۔
اس سلسلے میں ضلع نوشکی میں سیکیورٹی اہلکاروں اور دہشت گردوں کے درمیان جھڑپ ہوئی اس دوران دونوں جانب سے ہونے والی فائرنگ میں کے تبادلے میں ایک دہشت گرد ہلاک ہوگیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشت گرد کے قبضے سے بھاری تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ مذکورہ علاقے میں ممکنہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے سینی ٹائزیشن آپریشن جاری رہے گا۔
راولپنڈی : سیکیورٹی فورسز نے جنوبی وزیرستان میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران 4 خوارج جہنم واصل کردیے۔
پاک فوج کے محکمہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر جنوبی وزیرستان کے علاقے سرواکئی میں کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق جنوبی وزیرستان میں انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر آپریشن کیا گیا اور فائرنگ کے تبادلے میں سیکیورٹی فورسز نے 4 خوارج کو جہنم واصل کردیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں ممکنہ خوارج کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے، سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنےکے لیے پرعزم ہیں، بہادر سپاہیوں کے کارنامے ہمارے عزم کو مزید مستحکم کرتے ہیں۔