لبنان اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی میں شدت آ گئی، اسرائیلی فوج نے لبنان پر طاقت ور بموں سے حملے شروع کر دیے ہیں۔
الجزیرہ کے مطابق اسرائیلی فوج نے لبنان پر حملے تیز کر دیے ہیں، اسرائیل کے طاقت ور بم حملوں کے نتیجے میں لبنان میں خوف ناک دھماکے ہوئے ہیں، حملوں میں مشرقی اور جنوبی لبنان کے قصبوں کو نشانہ بنایا گیا۔
اسرائیلی فضائیہ نے جنوبی لبنان کی بیکا وادی پر شدید بم باری کی، جب کہ ثور اور نبطیہ کے علاقوں میں بھی زور دار دھماکے ہوئے ہیں، اسرائیل کی جانب سے حزب اللّٰہ کے اہداف پر حملوں کا دعویٰ کیا گیا ہے، جب کہ بم باری کے بعد اسرائیلی فوج کے ترجمان نے لبنانی عوام کو حزب اللّٰہ کی پوسٹوں سے دور رہنے کا مشورہ دے دیا ہے۔
لبنان کی سرکاری نیشنل نیوز ایجنسی (این این اے) نے اطلاع دی ہے کہ مشرقی اور جنوبی لبنان کو نشانہ بنانے والے اسرائیلی فضائی حملوں کی نئی لہر میں کم از کم ایک شہری ہلاک جب کہ ایک چرواہا اور اس کے خاندان کے دو افراد زخمی ہو گئے۔ دشمن کے جنگی طیاروں نے آدھے گھنٹے میں 80 سے زیادہ فضائی حملے کیے، جس میں جنوبی لبنان کے ضلع نبطیہ اور طائر کو نشانہ بنایا گیا۔
ہم نہیں سمجھتے کہ لبنان کے ساتھ کشیدگی بڑھانا اسرائیل کے بہترین مفاد میں ہے، جان کربی
اسرائیلی فوج کے ترجمان ڈینیئل ہگاری نے صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ لبنانی شہریوں سے ہم کہتے ہیں کہ وہ حزب اللہ کے زیر استعمال عمارتوں اور علاقوں سے نکل جائیں، یہ ان کی حفاظت کے لیے ہے۔
خبر رساں ادارے روئٹرز نے رپورٹ کیا ہے کہ جب صحافیوں نے لبنان میں ممکنہ زمینی دراندازی کے بارے میں سوال کیا تو اسرائیلی فوجی ترجمان نے کہا کہ ’’ہم شمالی اسرائیل سے بے دخل کیے گئے مکینوں کی بہ حفاظت اپنے گھروں کو واپسی کو یقینی بنانے کے لیے جو کچھ بھی ہو سکا وہ کریں گے۔‘‘