Tag: Israel

  • غزہ میں استعمال ہونے والے ہتھیاروں سے متعلق امریکی رپورٹ مضحکہ خیزی کا شکار

    غزہ میں استعمال ہونے والے ہتھیاروں سے متعلق امریکی رپورٹ مضحکہ خیزی کا شکار

    غزہ میں اسرائیلی فورسز نے امریکا کے فراہم کردہ جو مہلک ہتھیار استعمال کیے ہیں، ان سے متعلق امریکی محکمہ خارجہ کی رپورٹ مضحکہ خیزی کا شکار ہو گئی ہے۔

    امریکی محکمہ خارجہ نے جمعہ کے روز کانگریس میں ایک جائزہ رپورٹ جمع کرائی ہے، جس میں اس بات کا اندازہ لگایا گیا ہے کہ آیا اسرائیل کی جانب سے غزہ میں امریکی فراہم کردہ ہتھیاروں کے استعمال سے بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہوئی ہے؟

    رپورٹ میں غزہ جنگ میں ہتھیاروں کے استعال پر اسرائیل کو تنقید کا تو نشانہ بنایا گیا ہے تاہم یہ بھی کہا گیا ہے کہ چوں کہ بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزیوں کے ثبوت ناکافی ہیں اس لیے اسرائیل کو اسلحے کی ترسیل روکی نہیں جائے گی۔

    اے ایف پی کے مطابق رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل نے بین الاقوامی انسانی قانون سے مطابق نہ رکھنے والے طریقے سے ہتھیاروں کا استعمال کیا، لیکن امریکا اس سے ’حتمی نتائج‘ نہیں اخذ کر سکا۔

    اسرائیلی فورسز نے رفح میں تینوں جانب سے حملہ کر دیا

    اس رپورٹ پر بین الاقوامی کرائسز گروپ کے سینئر مشیر برائن فنوکین نے تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیلی ہتھیاروں کے بارے میں محکمہ خارجہ کی یہ رپورٹ ’خود متضاد‘ ہے، یعنی یہ اپنے آپ ہی سے متضاد ہے۔

    برائن فنوکین نے روئٹرز سے گفتگو میں رپورٹ میں سامنے آنے والی مضحکہ خیز صورت حال پر کہا کہ رپورٹ کہتی ہے کہ امریکی ہتھیاروں کا استعمال بین الاقوامی انسانی قانون کی خلاف ورزیوں کے لیے کیا گیا ہے، لیکن اس کے باوجود یہ نہیں کہتا کہ اسرائیل نے بین الاقوامی انسانی قانون کی خلاف ورزی کی ہے۔

    فنوکین نے کہا ’’کتنی مضحکہ خیز بات ہے کہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل نے غزہ میں انسانی امداد کو محدود کر دیا ہے، اور پھر کہتا ہے کہ فی الحال اسرائیل غزہ میں امریکی امداد سے چلنے والی انسانی امداد پر پابندی نہیں لگا رہا۔‘‘

    فنوکین نے اس متضاد اور ناممکن صورت حال پر ایک انگریزی محاورے کی مدد سے طنز کیا کہ ’’محکمہ خارجہ کوشش کر رہا ہے کہ کیک بھی اُن کا ہو اور کھائیں بھی وہ۔‘‘ اردو میں اس کے لیے کہاوت ہے: چِت بھی میری پَٹ بھی میری۔

  • الجزیرہ نے اسرائیلی اقدام کی مذمت کر دی

    الجزیرہ نے اسرائیلی اقدام کی مذمت کر دی

    الجزیرہ نے دفاتر بند کرنے کے اسرائیلی اقدام کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ایک ’مجرمانہ فعل‘ ہے۔

    الجزیرہ میڈیا نیٹ ورک نے اسرائیلی حکومت کی جانب سے اسرائیل میں دفاتر کی بندش کے فیصلے کی مذمت کرتے ہوئے اسے ’مجرمانہ فعل‘ قرار دے دیا ہے اور کہا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے آزاد صحافت کو دبانا ’’بین الاقوامی اور انسانی قانون کے منافی ہے۔‘‘

    واضح رہے کہ اسرائیلی کابینہ نے ملک میں الجزیرہ کے آپریشنز کو بند کرنے کے لیے متفقہ طور پر ووٹ دیا ہے، وزیر مواصلات کا کہنا تھا کہ الجزیرہ نیٹ ورک کے خلاف احکامات ’’فوری طور پر نافذ العمل ہوں گے۔‘‘

    نیٹ ورک نے اتوار کو ایک بیان میں کہا ’’الجزیرہ میڈیا نیٹ ورک اس مجرمانہ فعل کی شدید مذمت اور اسے مسترد کرتا ہے جس سے انسانی حقوق اور معلومات تک رسائی کے بنیادی حق کی خلاف ورزی ہوئی ہے۔ الجزیرہ اپنے عالمی سامعین کو خبریں اور معلومات فراہم کرنا جاری رکھنے کے اپنے حق پر قائم رہے گا۔‘‘

    الجزیرہ نے کہا کہ غزہ پر جارحیت کے آغاز سے اب تک 140 سے زیادہ فلسطینی صحافی مارے جا چکے ہیں، اسرائیل کی جانب سے آزاد صحافت پر دباؤ ڈالنا دراصل غزہ کی پٹی میں اپنے اقدامات کو چھپانے کی کوشش ہے، یہ بین الاقوامی اور انسانی قانون کی خلاف ورزی ہے، صحافیوں کو براہ راست نشانہ بنانا اور قتل کرنا، گرفتاریاں اور دھمکیاں الجزیرہ کو اپنے عزم سے باز نہیں رکھ سکیں گی۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز اسرائیل نے مظلوم فلسطینیوں کی آواز دبانے کے لیے دنیا کو نیتن یاہو حکومت کی بربریت اور حقائق سے مسلسل واقف رکھنے والے قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ کو بند کرنے کا اعلان کیا تھا۔

  • اسرائیل رفح آپریشن سے قبل ہمارے خدشات سننے کو تیار ہو گیا، جان کربی

    اسرائیل رفح آپریشن سے قبل ہمارے خدشات سننے کو تیار ہو گیا، جان کربی

    واشنگٹن: امریکا نے دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیل امریکی حکام سے مشاورت کیے بغیر رفح پر حملہ نہیں کرے گا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی قومی سلامتی کے ترجمان جان کربی نے کہا ہے کہ اسرائیل امریکی حکام سے مشاورت کیے بغیر رفح پر حملہ نہیں کرے گا۔

    وائٹ ہاؤس میں پریس بریفنگ میں انھوں نے بتایا کہ اسرائیل رفح میں فوجی آپریشن شروع کرنے سے پہلے ہمارے تحفظات اور خدشات سننے کے لیے تیار ہو گیا۔

    انھوں نے کہا رفح میں آپریشن سے پہلے اسرائیل کو ایسا جامع منصوبہ اور حکمت عملی تیار کرنی ہوگی جس سے رفح میں موجود فلسطینی پناہ گزینوں اور غیر ملکی امدادی رضا کاروں کو کسی قسم کا نقصان نہ پہنچے۔

    جان کربی کا کہنا تھا کہ جب تک امریکا کے خدشات دور نہیں ہو جاتے اسرائیل نے رفح آپریشن نہ کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ رفح پر حملے سے متعلق امریکا کا مؤقف واضح ہے، اس سلسلے میں امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن اسرائیلی حکام سے ملاقات کریں گے، غزہ میں عارضی جنگ بندی انٹونی بلنکن کی اوّلین ترجیح ہے، امریکا کم از کم 6 ہفتے کی جنگ بندی چاہتا ہے۔

  • اسرائیل نے لبنان میں اپنا ڈرون مار گرائے جانے کی تصدیق کردی

    اسرائیل نے لبنان میں اپنا ڈرون مار گرائے جانے کی تصدیق کردی

    اسرائیل فوج کی جانب سے لبنان میں اپنا ڈرون مار گرائے جانے کی تصدیق کردی گئی ہے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ لبنان میں زمین سے فضا میں مار کرنے والے میزائل سے اسرائیلی ڈرون کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

    اسرائیلی فوج کے مطابق لبنان میں ڈرون کے تباہ ہونے کے بعد اسرائیلی فضائیہ نے میزائل لانچ سائٹ پر حملہ کیا۔

    واضح رہے کہ حزب اللّٰہ نے اس سے کچھ دیر قبل اسرائیلی ڈرون مار گرانے کا دعویٰ کیا تھا۔

    اسرائیل کی جانب سے ہفتے کے روز بھی شام کی جنوبی سرحدوں پر بشار الاسد فورسز کے فضائی دفاعی نظاموں والے علاقے کے متعدد مقامات پر راکٹ حملے کئے گئے تھے۔

    شامی خبر رساں ایجنسی SANA کے مطابق رات 2 بج کر 55 منٹ پر ملک کے جنوبی علاقے کے بعض مقامات کو اسرائیلی فورسز نے راکٹوں سے نشانہ بنایا۔

    غزہ پر اسرائیلی ظلم کا سلسلہ جاری، حاملہ خاتون شہید

    رپورٹ کے مطابق اسرائیل نے فلسطین کے شمال سے شام کے جنوبی علاقے میں نصب فضائی دفاعی نظاموں پر راکٹ حملہ کیا۔ حملے کے باعث مادّی نقصان ہونے کی اطلاعات سامنے آئیں تھیں۔

  • اسرائیلی درندگی، شہید فلسطینیوں کی تعداد 34 ہزار سے تجاوز کر گئی

    اسرائیلی درندگی، شہید فلسطینیوں کی تعداد 34 ہزار سے تجاوز کر گئی

    غزہ: مقبوضہ فلسطین کے محصور علاقے غزہ میں 7 اکتوبر 2023 سے جاری اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں شہید ہونے والوں کی تعداد 34 ہزار سے تجاوز کر گئی۔

    الجزیرہ اور فلسطینی وزارت صحت کے مطابق 7 اکتوبر سے غزہ پر اسرائیلی حملوں میں کم از کم 34,012 فلسطینی شہید اور 76,833 زخمی ہو چکے ہیں۔

    غزہ کی وزارت صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسرائیلی حملوں کی زد میں آ کر 42 افراد شہید اور 63 زخمی ہوئے، الجزیرہ کے نمائندے کے مطابق اسرائیلی فورسز نے مقبوضہ مغربی کنارے کے تلکرم میں نور شمس پناہ گزین کیمپ پر دوسرے روز بھی چھاپا مار کارروائی جاری رکھی، جس میں ایک نوجوان سمیت کم از کم پانچ فلسطینی شہید ہوئے۔

    غزہ میں 14 ہزار فلسطینی موذی مرض کا شکار ہو گئے

    وفا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق جنوبی غزہ کے علاقے رفح میں رہائشی مکانات پر اسرائیلی حملوں میں کم از کم 8 فلسطینی شہید ہو گئے ہیں، جن میں زیادہ تر خواتین اور بچے ہیں۔ مجموعی شہادتوں میں بھی بڑی تعداد خواتین اور بچوں کی ہے۔

    ادھر اسرائیلی فورسز نے رفح سے ملحقہ علاقوں میں مزید فوج تعینات کر دی ہے اور ضلع کے مشرقی علاقوں میں زرعی اراضی کو تباہ کر دیا ہے۔

  • اسرائیل نے ایرانی میزائل کے دیو قامت فیول ٹینک کی ویڈیو جاری کر دی

    اسرائیل نے ایرانی میزائل کے دیو قامت فیول ٹینک کی ویڈیو جاری کر دی

    اسرائیل نے ایرانی میزائل کے دیو قامت فیول ٹینک کی ویڈیو جاری کی ہے۔

    اسرائیل نے ایران کے مبینہ فائر کردہ بیلسٹک میزائل کا حصہ میڈیا کے سامنے پیش کیا ہے، اسرائیلی فوج کا دعویٰ ہے کہ ایران کے کروز میزائلوں، راکٹوں اور ڈرونز کے ساتھ ساتھ 110 بیلسٹیک میزائل بھی اسرائیل پر فائر کیے گئے تھے۔

    میڈیا کے سامنے پیش کردہ بیلسٹک میزائل کا فیول ٹینک 11 میٹر لمبا ہے، یہ فیول ٹینک اسرائیلی ملٹری کے دعوے کے مطابق بحیرہ مردار سے نکالا گیا ہے۔ اسکائی نیوز نے رپورٹ کیا کہ اتوار کی صبح جب گرائے گئے ایرانی راکٹوں کی پہلی تصاویر سامنے آئیں تو انھیں حقیقی نہیں سمجھا گیا، یہاں تک کہ تجربہ کار فوجی ترجمان پیٹر لرنر بھی بے وقوف بن گئے اور انھوں نے کہا ’میں نے سوچا کہ یہ جعلی خبر ہے۔‘

    بیلسٹک میزائلوں کے ٹکڑے بحیرہ مردار اور اسرائیل میں کئی جگہ بکھرے دکھائی دیے، اسرائیلی فوج نے ساحل کے قریب ایک فوجی اڈے میں ایرانی میزائل ’عماد‘ کے فیول ٹینک کی نمائش کرائی جو گیارہ میٹر لمبا ہے، تاہم چوں کہ لانچ کے وقت اس کے ساتھ ایک چھوٹی کار کے سائز کا وار ہیڈ بھی ہوتا ہے، اس لیے یہ اور بھی بڑا ہوتا ہے۔

    دورہ امریکا ، ایرانی وزیر خارجہ کی نیو یارک میں نقل و حرکت محدود کرنے کا فیصلہ

    اس میزائل کی رینج 1,000 میل ہے، اور یہ آدھے ٹن دھماکا خیز مواد کے پے لوڈ کے ساتھ ہوتا ہے، اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ اگر کوئی سمجھتا ہے کہ ایرانی حملہ علامتی تھا تو یہ مضحکہ خیز ہے، کیوں کہ ان میں سے ایک بیلسٹک میزائل بھی اگر اسرائیلی آبادی کے مرکز تک پہنچ جاتا تو تباہی مچ جاتی، اور خطے میں خطرناک نتائج برآمد ہوتے۔

    اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ ایران کو ایسا واضح پیغام دینے کی ضرورت کہ ایران دورباہ ایسا کرنے کے بارے میں سوچے بھی نہیں، اسرائیل ایرانی حملے کا جواب اپنے منتخب کردہ طریقہ کار اور وقت کے مطابق دے گا۔


  • ڈیوڈ کیمرون کا اسرائیل آمد کا امکان، وجہ سامنے آگئی؟

    ڈیوڈ کیمرون کا اسرائیل آمد کا امکان، وجہ سامنے آگئی؟

    برطانوی وزیر خارجہ ڈیوڈ کیمرون کی آج رات اسرائیل آمد کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔

    اسرائیلی اخبار کے مطابق برطانوی وزیر خارجہ ڈیوڈ کیمرون، نیتن یاہو اور دیگر اسرائیلی حکام سے ملاقاتیں کریں گے۔

    ڈیوڈ کیمرون رام اللّٰہ میں فلسطینی اتھارٹی کے حکام سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔ اس کے علاوہ غزہ میں امداد بڑھانے، یرغمالیوں کی رہائی اور ایرانی حملے پر تبادلہ خیال کریں گے۔

    دوسری جانب روس کے صدر پیوٹن نے ایرانی ہم منصب رئیسی کو کشیدگی میں اضافے پر تحمل سے کام لینے پر زور دیا ہے۔

    پیوٹن نے یہ بات منگل کو ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کے ساتھ فون پر گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

    رہنماؤں نے اس بات پر تبادلہ خیال کیا جسے کریملن نے یکم اپریل کو شام کے دارالحکومت دمشق میں ایرانی قونصل خانے پر اسرائیلی حملے کے بعد ”ایران کی طرف سے اٹھائے گئے انتقامی اقدامات“کا نام دیا۔

    کریملن نے کہا کہ پیوٹن نے تمام فریقین پر زور دیا کہ وہ ایسی کارروائیوں سے گریز کریں جس سے ایک نیا تصادم شروع ہو جس کے مشرق وسطیٰ کے لیے تباہ کن نتائج ہوں گے۔

    ایران نے دمشق میں اسرائیلی حملے کے جواب میں ہفتے کے روز دیر گئے اسرائیل پر سیکڑوں ڈرون اور میزائل داغے، جس میں دو جنرلوں سمیت پاسداران انقلاب اسلامی کے سات اہلکار جان سے گئے تھے۔

    ٹرمپ نے بائیڈن کو قصور وار ٹھہرادیا۔۔؟

    پیوٹن نے ایران کے حملے پر اپنے پہلے عوامی طور پر نشر کیے گئے تبصروں میں کہا کہ مشرق وسطیٰ میں موجودہ عدم استحکام کی بنیادی وجہ اسرائیل فلسطین تنازعہ ہے۔

  • اسرائیل کو دل نہیں دماغ سے سوچنا چاہیے، برطانوی وزیر خارجہ

    اسرائیل کو دل نہیں دماغ سے سوچنا چاہیے، برطانوی وزیر خارجہ

    لندن: برطانوی وزیر خارجہ ڈیوڈ کیمرون نے اسرائیل کو دل کی جگہ دماغ سے سوچنے کا مشورہ دے دیا۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق برطانوی وزیر خارجہ ڈیوڈ کیمرون نے کہا ہے کہ اسرائیل کو اپنے دل نہیں دماغ سے سوچنا چاہیے، اسرائیل کے پاس دفاع کا حق ہے تاہم برطانیہ نے اسرائیل کو جوابی کارروائی کا مشورہ نہیں دیا۔

    کیمرون نے دعویٰ کیا کہ ایران کو دوہری ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ہے، حملوں سے اسرائیل کو کوئی نقصان نہیں ہوا، پتا چل گیا کہ خطے میں ایران کا بُرا تاثر ہے۔ کیمرون کا کہنا تھا کہ اسرائیل نے کامیابی سے ایرانی ڈرونز مار گرائے، اگر ایسا نہ ہوتا تو ہزاروں اموات ہو سکتی تھیں۔

    برطانوی رکن پارلیمنٹ کا غزہ پر وزیر اعظم رشی سوناک سے چُھبتا سوال

    واضح رہے کہ اسکائی نیوز کے ساتھ ایک انٹرویو میں برطانیہ کے سیکریٹری خارجہ ڈیوڈ کیمرون کے تبصرے پر انھیں آن لائن تنقید کا سامنا ہے، ڈیوڈ کیمرون سے پوچھا گیا کہ اگر کسی دوسرے ملک نے اس کے قونصل خانے پر حملہ کیا تو برطانیہ کیا کرے گا؟ تو انھوں نے کہا کہ وہ جواب میں سخت کارروائی کریں گے۔ ہر ملک کو اس وقت جواب دینے کا حق ہے جب وہ محسوس کرے کہ اسے جارحیت کا سامنا ہے۔

    اسکائی نیوز کے پریزنٹر کی برلی نے اس پر کہا ’’اور ایران کہے گا کہ اس نے بھی ایسا ہی کیا۔‘‘ جس پر کیمرون نے پینترا بدلتے ہوئے کہا کہ ایران کا حملہ بڑے پیمانے پر تھا اور یہ پیمانہ ’توقع سے کہیں زیادہ‘ تھا۔

  • ڈاؤننگ اسٹریٹ کی عید ملن پارٹی تنازعے کا شکار ہو گئی

    ڈاؤننگ اسٹریٹ کی عید ملن پارٹی تنازعے کا شکار ہو گئی

    لندن: اسرائیل کی حمایت پر برطانیہ میں ڈاؤننگ اسٹریٹ کی عید ملن پارٹی تنازعے کا شکار ہو گئی۔

    برطانوی وزیر اعظم رشی سونک نے آج ٹین ڈاؤننگ اسٹریٹ میں عید ملن کی تقریب منعقد کی ہے، تاہم حکمران جماعت کنزرویٹو پارٹی کے رہنماؤں سمیت کاروباری لیڈرز نے بھی عید ملن پارٹی کا بائیکاٹ کر دیا ہے۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق بیرونس سعیدہ وارثی سمیت دو دیگر ٹوری اراکین پارلیمنٹ بھی عید ملن پارٹی کے بائیکاٹ کا ارادہ رکھتے ہیں، بی بی سی کا کہنا ہے کہ ڈاؤننگ اسٹریٹ کی عید ملن پارٹی کا بائیکاٹ حکومت کی طرف سے اسرائیل کی حمایت کرنے کے سبب کیا گیا ہے۔

    یہ سالانہ تقریب وزیر اعظم رشی سنک کی میزبانی میں آج پیر کو ڈاؤننگ اسٹریٹ میں ہونے والی ہے، ایک حکومتی ترجمان نے کہا ہے کہ وہ غزہ کے حوالے سے انسانی خدشات کو سمجھتے ہیں، استقبالیہ کا بائیکاٹ کرنے والوں کی ممکنہ تعداد کے حوالے سے ڈاؤننگ اسٹریٹ کے ذرائع نے نجی طور پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

    امریکا، برطانیہ اور فرانس کا رویہ منافقانہ ہے، ایران

    واضح رہے کہ بیرونس وارثی نے 2014 میں ڈیوڈ کیمرون کی کابینہ میں وزیر خارجہ کے عہدے سے یہ کہتے ہوئے استعفیٰ دے دیا تھا کہ غزہ سے متعلق حکومت کی پالیسی ’’اخلاقی طور پر ناقابل دفاع‘‘ ہے۔

  • ایرانی میزائل روکنے پر اسرائیل کے کتنے ارب ڈالر خرچ ہوئے؟

    ایرانی میزائل روکنے پر اسرائیل کے کتنے ارب ڈالر خرچ ہوئے؟

    اسرائیل نے ایرانی حملہ روک تو لیا لیکن راتوں رات ہونے والا یہ ہولناک حملہ اسرائیل کو کتنا مہنگا پڑا ہے، یہ جان کر آپ حیران رہ جائیں گے۔

    اسرائیلی میڈیا نے اتوار کے روز رپورٹس میں کہا ہے کہ اسرائیل کو دو روز قبل ایران کی جانب سے داغے گئے میزائل اور ڈرونز مار گرانا بہت مہنگا پڑا ہے، ایران کا حملہ روکنے کی کوشش میں اسرائیل کے 5 بلین شیکل (ایک ارب 35 کروڑ ڈالر) خرچ ہو گئے۔

    وال اسٹریٹ جنرل کے مطابق ڈرون حملہ ناکام بنانے والے ایک ایرومیز میزائل کی قیمت 35 لاکھ ڈالر اور فضائی حملہ ناکام بنانے والے میجک وانڈ میزائل کی قیمت 10 لاکھ ڈالر ہے۔

    حملے کو ناکام بنانے والے طیاروں کا خرچ بھی اس رقم میں شامل ہے، پاکستانی کرنسی میں اسرائیل کو ایرانی حملہ ناکام بنانے میں 378 ارب روپے خرچ ہوئے۔

    ایرانی حملوں کے بعد جی سیون ممالک کو ہوش آگیا

    واضح رہے کہ ایران نے دو روز قبل 300 سے زائد ڈرونز اور میزائلوں کے ساتھ اسرائیل پر حملہ کیا تھا۔ اتوار کو اسرائیلی اخبار ہاریٹز نے اسرائیلی فوج کے ترجمان ڈینیئل ہاگری کے حوالے سے بتایا تھا کہ ایران کی جانب سے اسرائیل پر 350 کے قریب میزائل اور ڈرون داغے گئے جن میں سے بیش تر کو روک دیا گیا۔

    ترجمان نے مزید کہا کہ 30 میں سے 25 کروز میزائلوں کو روکا گیا اور 120 سے زیادہ بیلسٹک میزائلوں میں سے صرف چند ہی اسرائیلی حدود میں داخل ہوئے اور نیواتیم ایئر بیس پر گرے، جس سے معمولی نقصان ہوا۔