Tag: Israel

  • اسرائیلی حکام نے علاقوں پر کنٹرول کھونے، فوجیوں کی گرفتاری کی تصدیق کر دی

    اسرائیلی حکام نے علاقوں پر کنٹرول کھونے، فوجیوں کی گرفتاری کی تصدیق کر دی

    تل ابیب: اسرائیلی حکام نے غزہ پٹی کے قریبی علاقوں پر کنٹرول کھونے اور فوجیوں کی گرفتاری کی تصدیق کر دی۔

    اسرائیلی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی حکام نے کہا ہے کہ حماس نے غزہ پٹی کے قریبی علاقوں کا کنٹرول حاصل کر لیا ہے اور آپریشن کے دوران 35 اسرائیلی فوجیوں کو پکڑ لیا ہے، حماس کے راکٹ حملوں سے ایک پولیس اسٹیشن میں بھی آگ لگ گئی۔

    اسرائیلی پولیس کا کہنا ہے کہ اس وقت 14 مختلف مقامات پر 60 کے آس پاس حماس جنگجو موجود ہیں، ادھر مشرقی یروشلم کے علاقے سلوان میں فلسطینیوں نے سڑکیں بند کر دی ہیں، شہر میں تمام عوامی پناہ گاہیں کھول دی گئی ہیں۔

    اسرائیلی میڈیا کا کہنا ہے کہ آج صبح غزہ سے وسطی اور جنوبی اسرائیل کے شہروں پر تقریباً 2500 راکٹ داغے گئے ہیں، جو یروشلم تک پہنچے، اور فلسطینی جنگجوؤں نے زمینی، سمندری اور فضائی راستے سے ملک کے جنوب میں علاقوں میں دراندازی کی۔

    اسرائیل میں حماس کی پیراگلائیڈنگ کے ذریعے گھسنے کے بعد زبردست پیش قدمی، 22 اسرائیلی ہلاک، 500 زخمی، 35 فوجی گرفتار

    اسرائیل ڈیفنس فورسز (آئی ڈی ایف) نے کہا ہے کہ آج صبح حماس کی طرف سے اسرائیل کے خلاف شروع کیے گئے مشترکہ حملے کے خلاف دفاع کے لیے ایک بڑے پیمانے پر آپریشن ’سورڈ آف آئرن‘ شروع کر دیا ہے۔

    وزیر اعظم بن یامین نیتن یاہو نے ایک بیان میں کہا کہ اسرائیل حالت جنگ میں ہے، یہ کوئی نام نہاد فوجی آپریشن نہیں، لڑائی کا دوسرا دور نہیں بلکہ باقاعدہ جنگ ہے۔ نیتن یاہو نے مزید کہا ’’میں نے فورسز کو پوری طاقت کے ساتھ دشمن کو جواب دینے کا حکم دے دیا ہے، یہ جنگ ہم جیتیں گے۔‘‘

  • اسرائیل میں حماس کی پیراگلائیڈنگ کے ذریعے گھسنے کے بعد زبردست پیش قدمی

    اسرائیل میں حماس کی پیراگلائیڈنگ کے ذریعے گھسنے کے بعد زبردست پیش قدمی

    غزہ: فلسطین اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی عروج پر پہنچ گئی ہے، آج علی الصبح غزہ کی پٹی سے حماس کے جنگجوؤں نے اسرائیلی علاقوں میں زبردست راکٹ باری کی جس سے 20 اسرائیلی ہلاک 500 زخمی ہو گئے، پیراگلائیڈنگ کے ذریعے حماس کی القسام بریگیڈ کے جاں باز اسرائیلی علاقوں میں اترے، جنھوں نے 35 اسرائیلی فوجیوں کو پکڑ لیا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق حماس نے اسرائیلی فورسز کی بڑھتی جارحیت کے خلاف زمینی آپریشن شروع کر دیا، تل ابیب سمیت کئی شہروں پر ایک ساتھ حملہ کیا گیا، 2 دہائی بعد فلسطینیوں نے غزہ پٹی کے قریب باڑیں بلڈوزر سے ہٹا دی ہیں، جس کے باعث غزہ والوں پر آمد و رفت پر پابندی تھی، حماس نے غزہ پٹی کے قریب اسرائیلی فورسز کے بیس کا کنٹرول بھی حاصل کر لیا ہے۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق فلسطینی فورسز ایریز کراسنگ میں داخل ہو گئی ہیں، ایریز کراسنگ اب فلسطینیوں کے کنٹرول میں ہے، 28 سال سے اسرائیلی فورسز نے غزہ پٹی کے قریب علاقوں پر قبضہ کر رکھا تھا، حماس کے جنگجوؤں نے پینتیس اسرائیلی فوجیوں کو گرفتار کر لیا ہے، اور فوجیوں‌ سے ٹینک چھین کر نذر آتش کر دیا۔

    اسرائیلی حکام نے بھی تصدیق کر دی ہے کہ حماس نے اسرائیل پر زمینی، فضائی اور سمندری راستے سے حملہ کیا ہے، ادھر حزب اللہ نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ فلسطینی قائدین سے وہ براہ راست رابطے میں ہیں، حماس کا حملہ اسرائیلی مظالم کا جواب ہے۔

    کمانڈر حماس نے اعلان کیا ہے کہ آج سے ان کی جانب سے طوفان القصیٰ کے نام سے آپریشن کا آغاز کر دیا گیا ہے، دشمنوں کے ایئر پورٹس اور فوجی تنصیبات پر پانچ ہزار سے زیادہ راکٹ داغے گئے، اور تل ابیب میں تیل کے ایک ذخیرے کو تباہ کر دیا گیا۔

    حماس نے یہ دعویٰ بھی کیا ہے کہ اس نے غزہ کے قریبی علاقوں کا کنٹرول حاصل کر لیا ہے، اور اسرائیل کے متعدد علاقوں میں حماس کی پیش قدمی جاری ہے، بہت جلد اپنے علاقوں کو واپس لے لیں گے۔ یہ بھی معلوم ہوا کہ حماس کے اہلکار پیرا گلائیڈنگ کرتے ہوئے اسرائیل میں داخل ہوئے۔

    حماس کا اسرائیل پر 5 ہزار راکٹ داغنے کا دعوٰی، بڑے آپریشن کا اعلان

    دوسری جانب اسرائیلی جنگی طیاروں نے غزہ پر بمباری شروع کر دی ہے، حماس حملہ کے بعد اسرائیل نے فورسز کو الرٹ رہنے کا حکم دے دیا تھا، اور حماس کو سنگین نتائج بھگتنے کی دھمکی دی تھی، واضح رہے کہ رواں سال اسرائیلی فورسز نے فلسطینیوں پر مظالم کی انتہا کر دی ہے، صہیونی فورسز کی جارحیت میں رواں برس 250 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، گزشتہ ہفتے سے غرب اردن میں اسرائیلی فورسز نے پرتشدد کارروائیاں کیں۔

  • اسرائیلی وزارت خارجہ کا سعودی عرب کے قومی دن پر مبارک باد کا ٹوئٹ

    اسرائیلی وزارت خارجہ کا سعودی عرب کے قومی دن پر مبارک باد کا ٹوئٹ

    لندن: اسرائیلی وزارت خارجہ کی جانب سے سعودی عرب کے قومی دن پر مبارک باد کا ٹوئٹ کیا گیا ہے۔

    عرب نیوز کے مطابق اسرائیل نے ہفتے کے روز سعودی عرب کو اس کے قومی دن کے موقع پر مبارک باد دینے والی ایک پوسٹ شیئر کی ہے۔

    اسرائیل کی وزارت خارجہ نے X پر اپنے اکاؤنٹ پر پوسٹ کیے گئے بیان میں کہا ’’ہم مملکت سعودی عرب کے بادشاہ، حکومت اور عوام کو 93 ویں قومی دن کے موقع پر اپنی مخلصانہ مبارک باد دیتے ہیں۔‘‘

    اسرائیلی وزیر خارجہ ایلی کوہن کا ایک اور میڈیا اسٹنٹ

    وزارت خارجہ اسرائیل نے اپنے انگریزی اور عربی زبان کے اکاؤنٹس پر بیان میں مزید کہا ’’اللہ آپ کو خیر و برکت، سلامتی اور خوش حالی سے نوازے، اور ہم امن، تعاون اور اچھی ہمسائیگی کی فضا کے متمنی ہیں۔‘‘ ٹوئٹ میں اسرائیلی وزارت خارجہ نے سعودی عرب کے قومی پرچم کی تصویر بھی پوسٹ کی۔

    واضح رہے کہ یہ پہلا موقع تھا جب اسرائیلی وزارت خارجہ نے انگریزی زبان میں سعودی عرب کے قومی دن پر پیغام شیئر کیا، تاہم عربی میں یہ پہلی بار نہیں تھا۔ اس ہفتے کے شروع میں ولئ عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا تھا کہ ’’ہم ہر روز سعودی عرب اور اسرائیل کے درمیان معمول پر آنے والے معاہدے کے قریب تر ہوتے جا رہے ہیں۔‘‘

    جمعہ کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب میں اسرائیلی وزیر اعظم بن یامین نیتن یاہو نے کہا تھا کہ مشرق وسطیٰ ’’تاریخی امن کے دہانے پر ہے۔‘‘

  • اسرائیلی فورسز نے گولی مارنے کے بعد فلسطینی لڑکی کو اسپتال لے جانے نہیں دیا، گھر کی دہلیز پر شہید

    اسرائیلی فورسز نے گولی مارنے کے بعد فلسطینی لڑکی کو اسپتال لے جانے نہیں دیا، گھر کی دہلیز پر شہید

    جنین: مقبوضہ مغربی کنارے کے پناہ گزین کیمپ میں آج بھی صہیونی فورسز نے مزید 6 فلسطینیوں کو شہید کر دیا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق نہتے فلسطینیوں پر اسرائیلی ظلم و ستم کا نہ رکنے والا سلسلہ جاری ہے، صہیونی فورسز نے بربریت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک فلسطینی لڑکی کو گولی مارنے کے بعد اسے اسپتال لے جانے نہیں دیا، اور وہ گھر کی دہلیز پر شہید ہو گئی۔

    اسرائیل سے فلسطینیوں کے حق میں عالمی بینک نے بڑا مطالبہ کر دیا

    قابض سیکیورٹی فورسز نے مقبوضہ مغربی کنارے میں پناہ گزین کیمپ جنین اور غزہ کی پٹی کو نشانے پر رکھ لیا ہے، فلسطینی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج کی تازہ کارروائی میں 6 فلسطینی مزید شہید ہو گئے ہیں۔ گولیاں لگنے سے ایک 22 سالہ لڑکی زخمی ہو گئی تھی لیکن صہیونی فورسز نے ایمبولینس کو اسپتال نہیں جانے دیا، جس کی وجہ سے اس نے گھر کی دہلیز پر تڑپ تڑپ کر جان دے دی۔

    اسرائیلی فورسز نے نہتے فلسطینیوں پر ڈرون حملے شروع کر دیے، 4 شہید

    یاد رہے کہ اسرائیلی فوج نے گزشتہ روز جنین میں 4 فلسطینیوں کو شہید کیا تھا۔

  • اسرائیل سے فلسطینیوں کے حق میں عالمی بینک نے بڑا مطالبہ کر دیا

    اسرائیل سے فلسطینیوں کے حق میں عالمی بینک نے بڑا مطالبہ کر دیا

    جنیوا: عالمی بینک نے اسرائیل سے فلسطینیوں پر عائد معاشی پابندیاں اٹھانے کا مطالبہ کر دیا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ورلڈ بینک نے اسرائیل کی طرف سے فلسطینی معیشت پر عائد کردہ پابندیوں کی مذمت کرتے ہوئے فلسطینی معیشت پر تباہ کن پابندیاں اٹھانے کا مطالبہ کیا ہے۔

    عالمی بینک کی طرف سے جاری ایک رپورٹ ’ریسنگ اگینسٹ ٹائم‘ میں کہا گیا ہے کہ ہر 4 فلسطینیوں میں سے ایک فلسطینی اسرائیلی پابندیوں کی وجہ سے غربت کی لکیر سے نیچے زندگی بسر کر رہا ہے، آئندہ برسوں میں فلسطینی معیشت اور نیچے چلی جائے گی۔

    عالمی بینک کے مطابق اسرائیلی مالی رکاوٹوں اور پابندیوں کے باعث فلسطینی ہیلتھ سروسز تک رسائی سے محروم ہو گئے ہیں، جس کے آبادی پر منفی اثرات مرتب ہوں گے، خاص طور پر غزہ کی پٹی میں جو کئی سال سے محاصرے کا شکار ہے۔

    اس رپورٹ میں فلسطینی علاقوں کو درپیش اقتصادی چیلنجز پر روشنی ڈالی گئی ہے اور صحت کی خدمات کو متاثر کرنے والی رکاوٹوں کو بیان کیا گیا ہے۔ مغربی کنارے اور غزہ کی پٹی میں عالمی بینک کے ڈائریکٹر اسٹیفن ایمبلڈ نے کہا کہ پچھلے پانچ سالوں میں فلسطینی معیشت بنیادی طور پر جمود کا شکار رہی ہے اور اس میں بہتری کی توقع نہیں کی جا سکتی، جب تک کہ زمینی پالیسیاں تبدیل نہیں ہوتیں۔

    سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 2022 میں فلسطین کی مجموعی گھریلو پیداوار تقریباً 18 ارب ڈالر تھی جب کہ اسرائیل میں اسی عرصے کے دوران یہ تقریباً 430 ارب ڈالر تک پہنچ گئی۔ ایمبلڈ نے کہا کہ اسرائیل میں فی کس آمدنی کی سطح اب فلسطینی علاقوں میں فی کس آمدنی سے 14 سے 15 گنا زیادہ ہے۔

    عالمی بینک کی رپورٹ کے مطابق مغربی کنارے میں نقل و حرکت اور تجارت پر اسرائیلی پابندیوں، غزہ کی پٹی کے محاصرے اور مغربی کنارے کے درمیان اندرونی تقسیم فلسطینی معیشت کے لیے تباہ کن ثابت ہوئی ہے۔

  • فلسطینیوں پر اسرائیلی مظالم کے حوالے سے اقوام متحدہ نے رپورٹ جاری کر دی

    فلسطینیوں پر اسرائیلی مظالم کے حوالے سے اقوام متحدہ نے رپورٹ جاری کر دی

    فلسطینیوں پر اسرائیلی مظالم کے حوالے سے اقوام متحدہ نے رپورٹ جاری کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق صہیونی فورسز نے فلسطینیوں پر ظلم اور بربریت کے پہاڑ تور دیے، اقوامِ متحدہ نے ایک رپورٹ جاری کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی فورسز کے حملوں اور پُرتشدد کارروائیوں کی تعداد 600 سے زائد ہو گئی ہے۔

    اقوامِ متحدہ کی رپورٹ کے مطابق 2023 کی پہلی ششماہی میں مظلوم فلسطینیوں کے خلاف مذموم 591 پُرتشدد واقعات ریکارڈ ہوئے، سال 2022 کے مقابلے میں ان کارروائیوں میں 39 فی صد اضافہ ہوا۔

    واضح رہے کہ فلسطین میں اسرائیلی فورسز کی ظالمانہ کارروائیاں تواتر کے ساتھ جاری ہیں، گزشتہ روز بھی مقامی میڈیا اور فلسطینی وزارت صحت کے مطابق اسرائیلی فورسز نے مقبوضہ مغربی کنارے میں اپنے معمول کے چھاپوں کے دوران ایک فلسطینی نوجوان کو گولی مار کر شہید کر دیا۔

    اس سے قبل ایک اور واقعے میں آبادکاروں کے ہاتھوں ایک فلسطینی شہید ہوا، فلسطین کی وزارت صحت نے جمعہ کو بتایا کہ 19 سالہ قصی جمال معتان کو رام اللہ کے مشرق میں واقع گاؤں برقۃ میں آباد کاروں نے گولی مار کر شہید کیا۔

  • شدید مظاہروں کے باوجود اسرائیل میں متنازع عدالتی اصلاحات کا بل منظور

    شدید مظاہروں کے باوجود اسرائیل میں متنازع عدالتی اصلاحات کا بل منظور

    تل ابیب: شدید مظاہروں اور مخالفت کے باوجود اسرائیل میں متنازع عدالتی اصلاحات کا بل منظور ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق اسرائیلی پارلیمنٹ نے شدید مظاہروں اور مخالفت کے باوجود عدالتی اصلاحات کا بل منظور کر لیا، بل کے حق میں حکومتی اتحاد کے 64 اراکین نے ووٹ دیا، جب کہ اپوزیشن کی جانب سے ترمیم کا بائیکاٹ کیا گیا۔

    بل پاس ہونے سے انتہائی دائیں بازو کے بنجمن نیتن یاہو کو کھلی چھوٹ مل گئی ہے، الجزیرہ کے مطابق فلسطینیوں کا کہنا ہے کہ اس قانون کی مدد سے اسرائیلی حکومت کے لیے ایسی پالیسیوں کو آگے بڑھانا آسان ہو جائے گا جو اس کے ’’دائیں بازو‘‘ کے ایجنڈے کو پورا کرتی ہیں۔

    اسرائیلی سپریم کورٹ انتہا پسند حکومت کے بعض فیصلوں کو ’غیر معقول‘ ہونے کی بنیاد پر کالعدم کر دیتی تھی، اب ایسا نہیں ہو پائے گا کیوں اس قانون سے سپریم کورٹ کے اختیارات محدود ہو گئے ہیں۔

    اسرائیل میں متنازعہ عدالتی اصلاحات کے خلاف تل ابیب سمیت مختلف شہروں میں ہنگامے پھوٹ پڑے ہیں، پُر امن مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے اسرائیلی فورسز اور پولیس نے طاقت کا بھر پور استعمال کیا۔

    فلسطینی بچے نے قابض اسرائیلی فورسز کو آئینہ دکھا دیا، بلاخوف مکالمے کی ویڈیو وائرل

    ادھر وائٹ ہاؤس نے متنازعہ عدالتی اصلاحات کو بدقسمتی قرار دے دیا ہے، واضح رہے کہ متنازع عدالتی اصلاحات کے ترمیمی بل کی منظوری سے سپریم کورٹ کے چند اختیارات کو محدود کر دیا گیا ہے، عدالتی نظام میں تبدیلیوں کے بل کی منظوری پر اسرائیل میں ڈاکٹرز ایسوسی ایشن نے بھی ہڑتال کا اعلان کر دیا ہے۔

  • حکومتی اصلاحات کے خلاف اسرائیلیوں کا یوم الغضب اور یوم مزاحمت منانے اعلان

    حکومتی اصلاحات کے خلاف اسرائیلیوں کا یوم الغضب اور یوم مزاحمت منانے اعلان

    تل ابیب: اسرائیلی عوام نے آج حکومتی عدالتی اصلاحات کے خلاف یوم الغضب اور یوم مزاحمت منانے اعلان کر دیا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیل میں سپریم کورٹ کے اختیارات کو محدود کرنے کے لیے بِل کے خلاف ہزاروں مظاہرین اسرائیلی پرچم لہراتے ہوئے اور اصلاحات کے خلاف نعروں والے بینرز اٹھائے سڑکوں پر نکل آئے اور شدید احتجاج کیا۔

    مظاہرین نے بِن گوریان ہوائی اڈے کی طرف جانے والے راستے بلاک کر دیے، اسرائیلی پولیس نے مظاہرین کو پیچھے دھکیلنے کے لیے واٹر کینن کا بھرپور استعمال کیا، اور متعدد لوگوں کو حراست میں لے لیا۔

    سراپا احتجاج ااسرائیلی عوام بھی پولیس کے سامنے ڈٹ گئی، مظاہرین نے آج یوم الغضب اور مزاحمت منانے کا بھی اعلان کیا، جواب میں اسرائیلی پولیس نے ملک بھر میں یومِ مزاحمت کے موقع پر ہائی الرٹ جاری کرتے ہوئے تمام اہم مقامات پر پولیس کی نفری بڑھا دی۔

    روئٹرز کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو کے سخت گیر اتحاد کی جانب سے عدالتی اختیارات محدود کرنے والے بل کے ساتھ آگے بڑھنے کے فیصلے نے اسرائیل میں ایک گہری تقسیم کا در کھول دیا ہے۔

  • اسرائیل کی ریاستی دہشت گردی پر برطانوی وزیر اعظم خاموش نہ رہ سکے

    اسرائیل کی ریاستی دہشت گردی پر برطانوی وزیر اعظم خاموش نہ رہ سکے

    لندن: اسرائیل کی ریاستی دہشت گردی پر برطانوی وزیر اعظم بھی خاموش نہ رہ سکے۔

    العربیہ نیوز کے مطابق برطانوی وزیر اعظم رشی سوناک نے یہودی آباد کاری کو غیر قانونی اور امن کی راہ میں رکاوٹ قرار دے دیا ہے۔

    جنین میں اسرائیلی افواج کی جانب سے برسوں میں سب سے بڑے آپریشن پر رد عمل میں برطانوی وزیر اعظم رشی سناک نے منگل کو اسرائیل پر زور دیا کہ وہ فلسطینی شہریوں کی حفاظت کرے۔

    انھوں نے کہا غزہ اور مغربی کنارے میں تشدد کو روکنا چاہیے، فوجی آپریشن میں شہریوں کے تحفظ کو ترجیح دی جانی چاہیے، اور ہم آئی ڈی ایف پر زور دیتے ہیں کہ وہ اپنی کارروائی میں تحمل کا مظاہرہ کرے اور فریقین مغربی کنارے اور غزہ میں مزید کشیدگی سے بچیں۔

  • فلسطینیوں کی زمینوں پر قبضے کا نیا اسرائیلی پلان سامنے آ گیا

    فلسطینیوں کی زمینوں پر قبضے کا نیا اسرائیلی پلان سامنے آ گیا

    مغربی کنارہ: فلسطینیوں کی زمینوں پر قبضے کا نیا اسرائیلی پلان سامنے آ گیا۔

    تفصیلات کے مطابق اسرائیل کی انتہا پسند حکومت کی فلسطینیوں کی زمینوں پر قبضے کا نیا پلان سامنے آیا ہے، مقبوضہ مغربی کنارے میں ہزاروں یہودی آباد کاروں کو مکانات تعمیر کرنے کا منصوبہ تیار کر لیا گیا۔

    الجزیرہ کے مطابق اسرائیل کی سخت گیر اتحادی حکومت نے مقبوضہ مغربی کنارے میں ہزاروں نئے ہاؤسنگ یونٹس کے منصوبوں کی منظوری دے دی ہے اور انتہائی دائیں بازو کے وزیر خزانہ کو 27 سال سے موجود اصولوں کو نظر انداز کرتے ہوئے غیر قانونی بستیوں کی تعمیر میں تیزی لانے کے لیے وسیع اختیارات دے دیے۔

    اتوار کے روز وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو نے کابینہ میں اس اقدام کی توثیق کر دی، جس سے آبادکاروں کے حامی وزیر خزانہ بیزلیل سموٹریچ کو بستیوں کی تعمیر کے لیے ’چھ مراحل والے طریقہ کار‘ کو نظر انداز کرنے کی اجازت مل گئی ہے، جسے بین الاقوامی قانون کے تحت غیر قانونی سمجھا جاتا ہے۔

    سموٹریچ نے کہا ہم آبادکاری کے منصوبے کو ترقی دینا جاری رکھیں گے اور علاقے پر اسرائیلی کنٹرول کو مضبوط کریں گے۔ واضح رہے کہ مغربی کنارے کے مختلف علاقوں میں 4,560 ہاؤسنگ یونٹس کی منظوری کا منصوبہ اسرائیل کی سپریم پلاننگ کونسل کے اجلاس کے ایجنڈے میں شامل ہے جو اگلے ہفتے منعقد ہونے والا ہے۔

    مختلف دھڑوں نے اس پر گہرے خدشات کا اظہار کیا ہے کہ اس اقدام سے پورا مغربی کنارہ جلد ہی اسرائیلی کنٹرول میں آ سکتا ہے، فلسطینی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ آبادکاری کی سرگرمیوں کی منظوری ’’مغربی کنارے کے الحاق کو مکمل کرنے کے لیے ایک خطرناک اضافہ‘‘ ہے۔