Tag: Israeli embassy

  • اردن : اسرائیلی سفارت خانے کے قریب فائرنگ، ایک شخص ہلاک

    اردن : اسرائیلی سفارت خانے کے قریب فائرنگ، ایک شخص ہلاک

    عمان : اردن میں اسرائیلی سفارت خانے کے قریب فائرنگ سے 3 پولیس اہلکار زخمی جبکہ حملہ آور ہلاک ہوگیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اردن کے سرکاری میڈیا کا کہنا ہے کہ اردن کے دارالحکومت کے قریب واقع اسرائیلی سفارت خانے پر اتوار کو صبح سویرے فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے۔

    فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص گولی لگنے سے ہلاک اور سکیورٹی سروسز کے تین اہلکار زخمی ہوگئے جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا۔

    عینی شاہدین کے مطابق فائرنگ کی آواز سننے کے بعد اردنی پولیس نے سخت حفاظتی اقدامات کرتے ہوئے اسرائیلی سفارتخانے کے اطراف علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔

    رپورٹ کے مطابق عمان کے علاقے ربیعہ میں اسرائیلی سفارتخانے کے قریب ایک مسلح شخص نے گشت پر مامور پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کی تھی، جوابی فائرنگ سے حملہ آور بھی مارا گیا۔”

    واضح رہے کہ اردن کی ایک کروڑ 20 لاکھ نفوس کی آبادی میں سے اکثریت کا تعلق فلسطین ہے جو خود یا پھر ان کے والدین 1948 میں فلسطین سے بھاگ کر اردن آ گئے تھے اور یا انہیں نکال دیا گیا تھا۔ ان میں اکثر کے دریائے اردن کی اسرائیلی طرف پر رہنے والوں کے ساتھ خاندانی تعلقات ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق یہ علاقہ اکثر اسرائیل کے خلاف مظاہروں کا مرکز رہا ہے، اردن میں غزہ جنگ کے تناظر میں اسرائیل کے خلاف مظاہروں کی شدت زیادہ دیکھی گئی ہے، اور یہ مظاہرے پورے خطے میں سب سے بڑے اور پرامن شمار کیے جاتے ہیں۔

  • جنوبی افریقہ کا اسرائیل کے خلاف بڑا اقدام

    جنوبی افریقہ کا اسرائیل کے خلاف بڑا اقدام

    کیپ ٹاؤن: غزہ میں اسرائیلی جارحیت پر جنوبی افریقہ نے اسرائیل کے خلاف بڑا فیصلہ کر لیا، پارلیمنٹ نے اسرائیلی سفارت خانہ بند کرنے کی قرارداد منظور کر لی۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جنوبی افریقہ کی پارلیمنٹ نے ایک تحریک پاس کی ہے جس میں غزہ پر اسرائیلی حملے پر دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی بڑھنے کے بعد پریٹوریا میں اسرائیل کا سفارت خانہ بند کرنے اور سفارتی تعلقات کو معطل کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

    قرارداد میں کہا گیا ہے کہ جنگ بندی تک اسرائیل سے سفارتی تعلقات منقطع رہیں گے، سفارت خانے کی بندش اور جنگ بندی تک تمام سفارتی تعلقات معطل کرنے کی تحریک منگل کو حق میں 248 اور مخالفت میں 91 ووٹوں سے منظور ہوئی۔

    تاہم الجزیرہ کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی علامتی ہے کیوں کہ صدر سیرل رامافوسا کی حکومت پر منحصر ہے کہ آیا اس قرارداد پر عمل درآمد کرنا ہے یا نہیں۔

    جنوبی افریقہ کی میزبانی میں اسرائیل فلسطین تنازعہ پر برکس ممالک کا اہم قدم

    دوسری جانب اسکاٹ لینڈ کی پارلیمنٹ نے بھی غزہ میں جنگ بندی کی قرارداد منظور کر لی، قرارداد کے حق میں 90 ووٹ پڑے، فرسٹ منسٹر حمزہ یوسف نے لیبر رہنما اسٹرامار سے مطالبہ کیا کہ وہ جنگ بندی کی حمایت کریں۔