Tag: Israeli strikes in Gaza

  • غزہ: اسرائیلی فوج کا ظلم جاری، 71 فلسطینی شہید

    غزہ: اسرائیلی فوج کا ظلم جاری، 71 فلسطینی شہید

    غزہ (23 اگست 2025): غزہ میں اسرائیلی فوج کی جانب سے خون کی ہولی کھیلنے کا سلسلہ جاری ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں میں 71 فلسطینی شہید ہوگئے۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق اسرائیلی فوج کے حملوں میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 71 فلسطینی شہید ہوئے جن میں 4 معصوم بچے بھی شامل ہیں۔

    غزہ کی وزارت صحت کے مطابق غزہ میں شدید قحط سے اموات کا سلسلہ بھی جاری ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 2 مزید افراد جان کی بازی ہار گئے۔

    وزارتِ صحت نے بتایا کہ غزہ میں 273 افراد غذائی کمی کی وجہ سے انتقال کر گئے، جن میں 112 بچے بھی شامل ہیں۔

    بچوں کے تحفظ کے لیے کام کرنے والے اقوام متحدہ کے ادارے یونیسیف نے کہا ہے کہ غزہ میں قحط کی وجہ سے بچے شدید مشکل حالات کا شکار ہیں۔

    نیتن یاہو نے غزہ میں قحط سے متعلق رپورٹ کو ’جھوٹا‘ قرار دے دیا

    اسرائیلی وزیرِاعظم بنیامین نیتن یاہو نے جاری ایک بیان میں کہا کہ ’اسرائیل کی پالیسی میں کسی کو خوراک سے محروم کرنا نہیں ہے بلکہ ہماری کوشش تو ایسی مُشکل سے لوگوں کو نکالنا ہے۔‘

    اسرائیلی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اکتوبر 2023 سے اب تک اسرائیل نے ’دو ملین ٹن امداد غزہ کی پٹی میں داخل ہونے دی ہے، یعنی فی کس ایک ٹن سے زائد امداد۔‘

    نیتن یاہو نے کہا کہ غزہ میں کھانے پینے کی اشیا کی قیمتیں اسرائیل کی جانب سے انسانی امداد میں اضافے کی وجہ سے گر گئی ہیں۔ انھوں نے آئی پی سی پر الزام لگایا کہ ’اس رپورٹ میں قیمتوں میں کمی کا کوئی ذکر نہیں ہے۔‘

    روسی صدر نے یوکرین جنگ کے خاتمے کیلئے شرائط رکھ دیں

    بیان میں اسرائیلی وزیرِ اعظم کا کہنا تھا کہ ’آئی پی سی کی گزشتہ تمام رپورٹس کی طرح اس رپورٹ میں بھی اسرائیل کی انسانی ہمدردی کی کوششوں اور حماس کی مذموم کارروائیوں کو نظر انداز کیا گیا ہے۔

  • غزہ میں اسرائیلی فوج کی بربریت، بچوں سمیت مزید 105 فلسطینی شہید

    غزہ میں اسرائیلی فوج کی بربریت، بچوں سمیت مزید 105 فلسطینی شہید

    غزہ میں اسرائیلی فوج کی بربریت کا سلسلہ تاحال جاری ہے، 24 گھنٹوں کے دوران اسرائیلی فضائی حملوں میں کم از کم 105 افراد شہید جبکہ 530 سے زائد زخمی ہوگئے، شہید ہونے والوں میں بچے بھی شامل ہیں۔

    عرب خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج کے غزہ پر حملے صبح سویرے سے جاری ہیں۔ صرف شاتی کیمپ میں ایک حملے میں 8 افراد شہید ہوگئے، دیر البلح میں ایک گھر پر بمباری سے 2 افراد اور خان یونس میں خیموں پر ڈرون حملے میں مزید 2 افراد شہید ہوئے۔

    غزہ کی سول ڈیفنس ایجنسی کے ترجمان محمود بصل کے مطابق ایک فضائی حملہ آدھی رات کے بعد خان یونس میں بے گھر افراد کے خیمے پر کیا گیا، جب کہ دوسرا حملہ کچھ دیر بعد شمالی غزہ کے ایک کیمپ پر کیا گیا۔

    رپورٹس کے مطابق غزہ میں اموات کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، جب کہ شہریوں کو امداد، تحفظ اور طبی سہولیات تک رسائی میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

    واضح رہے کہ ترجمان امریکی محکمہ خارجہ ٹیمی بروس نے کہا ہے کہ صدر ٹرمپ غزہ میں جنگ بندی کے حوالے سے پرامید ہیں۔

    واشنگٹن میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ صدر ٹرمپ اور نیتن یاہو کی آج شام ملاقات ہورہی ہے۔

    اس موقع پر ٹیمی بروس نے غزہ میں پیشرفت سے متعلق اسٹیو وٹکوف کا بیان بھی پڑھ کر سنایا، انہوں نے کہا کہ ہماری توجہ اس وقت غزہ میں جنگ بندی پر ہے۔

    ترجمان امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق صدر ٹرمپ کی قیادت میں انتظامیہ ملکی مفاد اورعالمی امن کیلئے کام کر رہی ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ وزیر خارجہ روبیو نے کابینہ اجلاس میں کہا ہے کہ امریکا نے پاکستان بھارت کی جنگ رکوائی، آرمینیا اور آذربائیجان کے درمیان امن معاہدے کی کوشش ہورہی ہے۔

    ایک سوال کے جواب میں ٹیمی بروس نے کہا کہ امریکی وزیرخارجہ بن کر مختلف سفیروں سے بات کرنے والے بہروپیے کی بھی تحقیقات کررہے ہیں۔

    ترجمان نے واضح کیا کہ مارکو روبیو کہہ چکے ہیں کہ حماس کا غزہ میں حکومتی انتظام سنبھالنے میں کوئی کردار نہیں ہوگا، متعدد ممالک غزہ میں مستقبل کا انتظام سنبھالنے سے متعلق بات چیت کررہے ہیں۔

    سعودی ولی عہد سے ایرانی وزیر خارجہ کی جدہ میں اہم ملاقات

    ٹیمی بروس کامزید کہنا تھا کہ امریکی صدر ٹرمپ غزہ سے متعلق نئی تجاویز سن رہے ہیں، صدر ٹرمپ کہہ چکے ہیں کہ یوکرین کی مدد جاری رکھیں گے، ٹرمپ چاہتے ہیں ایران معمول کے ملکوں کی فہرست میں آجائے۔

  • غزہ میں اسرائیلی فوج کی بمباری، مزید 80 فلسطینی شہید

    غزہ میں اسرائیلی فوج کی بمباری، مزید 80 فلسطینی شہید

    غزہ میں اسرائیلی فوج کی جانب سے خون کی ہولی کھیلنے کا سلسلہ جاری ہے، تازہ حملوں میں مزید 80 سے زائد فلسطینی شہید ہوگئے۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق گزشتہ روز غزہ میں اسرائیلی فوج نے امداد کے لیے جمع لوگوں پر فائرنگ اور گولہ باری کی جبکہ بے گھر فلسطینیوں پر بم برسائے۔

    غزہ کے اسپتالوں میں موجود طبی ذرائع کے مطابق اسرائیلی فورسز اور ڈرونز نے غزہ میں منگل کی صبح سے اب تک کم از کم 86 فلسطینیوں کو شہید کر دیا، جن میں 56 بے گھر افراد تھے جو امداد حاصل کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔

    خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ غزہ کے جنوب میں کم از کم 25 افراد شہید جبکہ 140 سے زائد افراد زخمی ہوئے، جن میں 62 کی حالت تشویشناک ہے۔

    دوسری جانب حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز نے غزہ میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے 7 اسرائیلی فوجیوں کو ہلاک کر دیا جس کی فوٹیج بھی جاری کر دی گئی۔

    ٹائمز آف اسرائیل نے اپنی رپورٹ میں 7 فوجیوں کی ہلاکت کی تصدیق کی جن کا تعلق 605ویں کمبیٹ انجینئرنگ بٹالین سے تھا، 6 فوجیوں کی شناخت ظاہر کر دی گئی جبکہ 7ویں کی تلاش کا عمل جاری ہے۔

    اسرائیلی دفاع فورسز (آئی ڈی ایف) کی ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہوا کہ حماس کی القسام بریگیڈز نے خان یونس میں فوجیوں سے بھری بکتر بند گاڑی کو دھماکا خیز مواد نصب کر کے اڑا دیا۔

    دھماکے سے سی ای وی میں آگ لگ گئی اور اسے بجھانے کی کوششیں ناکام رہیں۔ اندر موجود تمام فوجی آگ سے جھلس کر ہلاک ہوئے، بکتر بند کی باقیات کو غزہ سے اسرائیل منتقل کر دیا گیا۔

    القسام بریگیڈز نے اسرائیلی فوجیوں سے بھرے گھر کو بارودی مواد سے تباہ کر دیا؛ ہلاکتیں

    قبل ازیں خان یونس میں القسام بریگیڈز کی ایک اور اہم کارروائی میں 605ویں بٹالین کے دو فوجیوں کو مقابلے میں شدید زخمی کیا گیا جن میں سے ایک کی حالت انتہائی تشویشناک ہے۔

  • غزہ میں رہائشی عمارتوں پر اسرائیلی بمباری، مزید 31 فلسطینی شہید

    غزہ میں رہائشی عمارتوں پر اسرائیلی بمباری، مزید 31 فلسطینی شہید

    غزہ میں رہائشی عمارتوں پر اسرائیلی بمباری کا سلسلہ تاحال جاری ہے، تازہ حملوں میں مزید 31 فلسطینی جام شہادت نوش کرگئے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق شمالی غزہ کی پٹی میں جبالیہ البلد میں شدید فضائی حملے کیے گئے جس کے نتیجے میں مزید 31 فلسطینی شہید ہوگئے۔ صیہونی فوج کے طیاروں نے غزہ میں رہائشی عمارتوں کو نشانہ بنایا۔

    رپورٹس کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسرائیلی حملوں میں 92 فلسطینی جام شہادت نوش کرچکے ہیں، اقوام متحدہ اور دیگر عالمی اداروں کی جانب سے غزہ کی صورتحال پر شدید تحفظات کا اظہار کیا گیا ہے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز بھی امداد کے منتظر فلسطینیوں پر اسرائیلی بمباری سے 31 فلسطینی شہید ہوگئے تھے۔

    دوسری جانب نوبیل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی اور متعدد اداکاروں، کھلاڑیوں اور ڈاکٹروں نے ایک خط پر دستخط کیے ہیں جس میں برطانیہ سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ غزہ میں ہونے والے جرائم میں اپنی شرکت ختم کردے۔

    اس خط پر نوبیل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی کے علاوہ برطانیہ کی مشہور اداکارہ جوڈی ڈینچ نے بھی دستخط کیے ہیں جو جیمز بونڈ فلموں میں M کا کردار ادا کرنے کے لیے معروف ہیں۔

    اسرائیلی فوج کا حزب اللّٰہ کے انفرااسٹرکچر سائٹ کو نشانہ بنانے کا دعویٰ

    خط میں تحریر کیا گیا ہے کہ جب تک برطانیہ کی جانب سے اسرائیل کو اسلحے کی فراہمی نہیں روکی جائے گی، غزہ تک انسانی امداد کی فراہمی ممکن نہیں بنائی جا سکتی۔