Tag: issues

  • ترکی میں سعودی سفارت خانے کا اپنے شہریوں پر مسلح حملے کے بعد انتباہ

    ترکی میں سعودی سفارت خانے کا اپنے شہریوں پر مسلح حملے کے بعد انتباہ

    انقرہ /ریاض : ترکی میں سعودی عرب کے سفارت خانے نے استنبول میں نامعلوم مسلح افراد کے سعودی شہریوں کے ایک گروپ پر حملے کے بعد انتباہ جاری کیا ہے اور سعودی شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ اپنے تحفظ کے لیے حفاظتی احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کی وزارت خارجہ نے اتوار کو ایک بیان میں بتایا کہ استنبول کے علاقے سسلی ( صقلیہ) میں واقع ایک کیفے میں سعودی سیاح بیٹھے ہوئے تھے،اس دوران میں اچانک مسلح افراد نے ان پر حملہ کردیا اور ان میں سے ایک کو گولی مار دی، پھر ان کا سامان لُوٹ کر چلتے بنے۔

    وزارت کے مطابق ایک سعودی شہری گولی لگنے سے زخمی ہوگیا تھا لیکن اس نے یہ نہیں بتایا ہے کہ اس کا زخمی کتنا گہرا یا شدید ہے۔

    وزارت نے ترکی میں موجود سعودی شہریوں سے کہا کہ وہ اپنے قیام کے دوران میں حفظ ماتقدم کے طور پر تمام ضروری حفاظتی احتیاطی تدابیر اختیار کریں، وہ سسلی یا تقسیم اسکوائر میں سورج غروب ہونے کے بعد جانے سے گریز کریں۔،یہ دونوں غیر ملکی سیاحوں کی مقبول جگہیں ہیں۔

    ترکی میں سعودی سفارت خانے نے جولائی میں بھی اپنے شہریوں کو خبردار کیا تھا کہ وہ اس ملک کی سیاحت کے دوران میں اپنے سامان ومال متاع کا خود تحفظ کریں، تب استنبول میں سعودی پاسپورٹس چوری ہونے کے متعدد واقعات پیش آئے تھے۔

    سعودی وزارت خارجہ کا کہنا تھا کہ ترکی کی سیاحت کے لیے جانے والے شہریوں نے بعض علاقوں میں اپنے ساتھ ہونے والی چھینا جھپٹی کی وارداتوں کی شکایت کی تھی اور ان میں سے بعض کو ان کے پاسپورٹس اور زادِ راہ سے محروم کردیا گیا تھا۔

  • جان بولٹن کا دورہ برطانیہ، اہم امور پر تبادلہ خیال

    جان بولٹن کا دورہ برطانیہ، اہم امور پر تبادلہ خیال

    واشنگٹن/لندن :میڈیا ذرائع کا کہنا ہے کہ جان بولٹن نے دورہ برطانیہ کے دوران ایران اور چینی کمپنی ہواوے کے خلاف مزید سخت مؤقف اختیار کرنے پر زور دیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا کی قومی سلامتی کے مشیر جان بولٹن ان دنوں دورہ برطانیہ کے دوران دارالحکومت لندن میں موجود ہیں جہاں وہ برطانوی حکام سے دوطرفہ دلچسپی کے امور اور عالمی معاملات پر گفتگو کررہے ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ جان بولٹن کا دورہ برطانیہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب دو ماہ بعد برطانیہ یورپی یونین سے علیحدہ ہوجائے گا۔

    میڈیا کا کہنا تھا کہ دوسری عالمی جنگ کے بعد یہ سب سے بڑی جیوپولیٹیکل تبدیلی ہے۔

    میڈیا ذرائع کا کہنا ہے کہ بولٹن اپنے دو روزہ دورے کے دوران برطانوی حکام سے یورپی یونین سے علیحدگی، مشرق وسطیٰ میں ایرانی مداخلت اور چین کی ٹیلی کمیونیکشن کمپنی ہواوے کے حوالے بات چیت کررہے ہیں۔

    تجزیہ کاروں کے مطابق سابق وزیر اعظم تھریسامے کے کچھ معاملات پر امریکا کے ساتھ تعلقات کشیدہ رہے ہیں لیکن نئے وزیر اعظم بورس جانسن امریکا کےساتھ تعلقات مزید بہتر بنانے کےلیے کوشاں ہیں۔

    فی الحال برطانیہ یورپی یونین کے اس موقف کا حامی ہے جس میں ایران کے ساتھ سنہ 2015ء کو طے پائے معاہدے کو برقرار رکھنے پر زور دیا گیا ہے، یورپی ممالک اور ایران نے ‘مشترکہ جامع ایکشن پلان’ کے عنوان سے ایک نیا پروگرام تیار کیا ہے۔

  • کراچی والے تیار ہوجائیں، ایک بارپھر ہیٹ ویو الرٹ جاری

    کراچی والے تیار ہوجائیں، ایک بارپھر ہیٹ ویو الرٹ جاری

    کراچی : محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ کراچی میں 25 سے 27 مئی تک شدید گرمی پڑے گی اور درجہ حرارت41ڈگری سینٹی گریڈتک جانے کا امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق شہرقائدمیں گرمی ایک بارپھرزوردکھانےکوتیارہے ، محکمہ موسمیات نے کراچی میں ایک بارپھرہیٹ ویوالرٹ جاری کردیا اور کہا 25 سے27مئی تک موسم شدیدگرم رہےگا، درجہ حرارت41ڈگری سینٹی گریڈتک جانےکاامکان ہے۔

    کراچی میں گرمی کی لہرکی شدت اس ہفتےاوراتوارکوسب سےزیادہ ہوگی اور ہفتے اور اتوار کو درجہ حرارت 40سے اوپر جاسکتا ہے، اس دوران سمندری ہوائیں بند ہونے سے حبس زیادہ محسوس کئےجانے کاامکان ہے۔

    کراچی شہر کا موجودہ درجہ حرارت 32 ڈگری سینٹی گریڈ ، ہوا میں نمی کا تناسب 56 فیصد ہے جبکہ 26 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوا چل رہی ہے۔

    محکمہ موسمیات نے آئندہ چوبیس گھنٹوں میں کوئٹہ،قلات،لاہور ،فیصل آباد،راولپنڈی،اسلام آباد،پشاور میں کہیں کہیں جبکہ گلگت بلتستان میں چند ایک مقامات پر گرج چمک کیساتھ باش کی پیشگوئی کی ہے جبکہ کراچی سمیت ملک کےدیگرحصوں میں موسم آج گرم اور خشک رہنے کاامکان ہے۔

    دوسری جانب لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا، محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور، راولپنڈی، اسلام آباد سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بادل مزید برسیں گےمالاکنڈ، ہزارہ،کوہاٹ،پشاور میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے ۔ گلگت بلتستان اور کشمیر میں گرج چمک کے ساتھ بادل رنگ جمائیں گے۔

    مزید پڑھیں : کراچی میں پورا ہفتے موسم کیسا رہے گا ؟ 

    گذشتہ روز محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کراچی میں پوراہفتہ موسم گرم اورمرطوب رہےگا اور درجہ حرارت چھتیس سے سینتیس ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کی امکان ہے۔

    چیف میٹرولوجسٹ عبدلرشید نے کہا تھا کہ مئی کا پورا مہینہ اسی طرح گرم رہے گا، فلحال رمضان میں ہیٹ ویو کا کوئی بھی امکان نہیں جبکہ 15 جون سے موسم میں تبدیلی آئے گی۔

  • شیخ خلیفہ بن زاید النہیان نے دو خواتین کو وفاقی عدالت میں جج تعینات کردیا

    شیخ خلیفہ بن زاید النہیان نے دو خواتین کو وفاقی عدالت میں جج تعینات کردیا

    ابوظبی : متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ خلیفہ بن زاید النہیان اماراتی تاریخ میں پہلی مرتبہ دو خواتین کو وفاقی عدالت میں جج تعینات کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کے صدر و ابوظبی کے حاکم شیخ خلیفہ بن زاید النہیان نے 2019 کا 27 واں وفاقی حکم نامہ جاری کرتے ہوئے دو خاتون قانون دان خدیجہ اور سلامہ راشد کو وفاقی عدالت میں جج لگا دیا۔

    اماراتی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ جج خدیجہ خامس خلیفہ المالاس اور سلامہ راشد الکتبی متحدہ عرب امارات کی پہلی خواتین ہیں جنہیں وفاقی عدالت میں جج کے فرائض سونپے گئے ہیں۔

    View this post on Instagram

    . أصدر صاحب السمو الشيخ #خليفة_بن_زايد آل نهيان رئيس الدولة "حفظه الله” المرسوم الاتحادي رقم 27 لسنة 2019 بتعيين القاضي خديجة خميس خليفة الملص، والقاضي سلامة راشد سالم الكتبي في القضاء الاتحادي. . ونص القرار على تعيين خديجة خميس خليفة الملص في وظيفة قاضي استئناف، وسلامة راشد سالم الكتبي في وظيفة قاضي ابتدائي وذلك في المحاكم الاتحادية. . #الإمارات #رؤية_الإمارات #عين_في_كل_مكان

    A post shared by رؤية الإمارات Emirates Vision (@evisionmn) on

    مقامی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ متحدہ عرب امارات کی حکومت کی جانب سے خواتین ججز کی وفاقی عدالت میں تعینات کا مقصد خواتین کو بااختیار کرنا ہے تاکہ مملکت کی تعمیر و ترقی میں لازمی و کامل کردار ادا کرسکیں۔

    متحدہ عرب امارات کے نائب صدر و وزیر اعظم شیخ محمد بن راشد المکتوم نے اماراتی خواتین کی کامیابیوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اس کا مقصد وفاقی عدالتی نظام میں خواتین کی تعداد کو بڑھانا ہے۔

  • اماراتی حکام نے دبئی میں الیکٹرک اسکوٹر پر پابندی لگادی

    اماراتی حکام نے دبئی میں الیکٹرک اسکوٹر پر پابندی لگادی

    دبئی : اماراتی حکام کا کہنا ہے کہ الیکٹرک اسکوٹرز شاہراہوں پر چلانے کےلیے موٹر سائیکل کے زمرے میں شامل کرکے لائسنس جاری کرنے ہوں گے، بغیر لائسنس سٹرکوں پر برقی اسکوٹر چلانے پر پابندی ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کی روڈ اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی (آڑ ٹی اے) نے دبئی کی شاہراہوں پر برقی اسکوٹرز چلانے پر پابندی عائد کردی تاہم گلی محلوں میں  الیکٹرک اسکوٹر چلانے پر کوئی پابندی نہیں ہوگی۔

    آر ٹی اے حکام کا کہنا تھا کہ متعلقہ حکام الیکٹرک اسکوٹرز سے متعلق نئے قوانین وضح کرنے پر غور کررہے ہیں، بشمول برقی اسکوٹرز کو موٹرسائیکل کی کیٹگری میں شامل کرکے لائسنس جاری کرنے پر بھی غور کیا جارہا ہے‘۔

    آر ٹی اے کے ڈائریکٹر لائسنس ایجنسی موسیٰ الریئسی کا کہنا تھا کہ جب تک برقی اسکوٹرز کےلیے لائسنس جاری نہیں کیے جاتے اس وقت تک انہیں شاہراہوں پر چلانا غیر قانونی ہوگا لیکن الیکٹرک اسکوٹرز کو علاقوں کے اندر اور پارکس میں چلایا جا سکتا ہے۔

    آر ٹی اے کے چیئرمین اور ڈائریکٹر مٹر الطیار نے مذکورہ اسکوٹر پابندی عائد کرنے سے متعلق الیکٹرک اسکوٹرز تیار کرنے والی کمپنی کے سربراہان سے ملاقات کی اور انہیں حکومتی اقدامات سے آگاہ کیا۔

    مٹر الطیار کا کمپنی سربراہان سے کہنا تھا کہ جب تک متعلقہ حکام الیکٹرک اسکوٹرز سے متعلق نئے قوانین وضح نہیں کرلیتی اس وقت تک مذکورہ ادارے برقی اسکوٹر کی تیاری رُوک دیں۔

    اماراتی خبر رساں ادارے کے مطابق الیکٹرک اسکوٹر تیار کرنے والی معروف کمپنی کا کہنا ہے کہ برقی اسکوٹرز پر پابندی ’غیر ذمہ دارانہ ڈائیورنگ کرنے والے افراد کی وجہ سے لگ رہی ہے‘۔

  • امریکا کا ایران پر مزید دباؤ، عالمی برادری سے پابندیوں کا مطالبہ

    امریکا کا ایران پر مزید دباؤ، عالمی برادری سے پابندیوں کا مطالبہ

    واشنگٹن: امریکا نے ایران پر مزید دباؤ بڑھاتے ہوئے یورپی ممالک سمیت عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس پر مزید پابندیاں عائد کریں۔

    تفصیلات کے مطابق ایران کی جانب سے کروز میزائل کے کامیاب تجربے کے بعد امریکا نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ ایران پر غیر معمولی پابندیاں لگائی جائیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی وزیرخارجہ مائیک پومپیو کا کہنا ہے کہ ایران کا نئے میزائل کا تجربہ اس بات کا ثبوت ہے کہ وہ میزائل پروگرام ترک نہیں کررہا۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ ایران بیلسٹک میزائلوں کے میدان میں اپنی صلاحیتوں میں اضافے پر کام کر کے سلامتی کونسل کو چیلنج کر رہا ہے، ان اقدامات پر بین الاقوامی سخت پابندیاں عائد ہونی چاہئیں۔

    یورپ ایران کو میزائلوں سے غیر مسلح کرنے کی کوشش نہ کرے، ایران

    دوسری جانب ایرانی کمانڈر میجر جنرل محمد علی نے انکشاف کیا ہے کہ ایران نے ایک ہزار کلو میٹر تک مار کرنے والا نیا بیلسٹک میزائل تیار کیا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ایران اپنی دفاعی صلاحیتوں میں اضافے سے متعلق کوئی سمجھوتا نہیں کرے گا، خطے کی سلامتی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

    یاد رہے کہ چند روز قبل امریکی خفیہ ادارے سی آئی اے کی سربراہ جینا ہیسپل کا کہنا تھا کہ امریکا کے جوہری معاہدے سے الگ ہونے کے باوجود ایران اس ڈیل پر عمل پیرا ہے۔

    جینا ہیسپل کا مزید کہنا تھا کہ ایرانی حکام ایسی تیاریاں کر رہے ہیں جس سے ان کے لیے اس معاہدے سے الگ ہونے کی صورت میں آسانیاں پیدا ہوں۔

  • پشاور ہائی کورٹ نے دواؤں کی قیمتوں میں اضافے پر حکم امتناع  جاری کردیا

    پشاور ہائی کورٹ نے دواؤں کی قیمتوں میں اضافے پر حکم امتناع جاری کردیا

    پشاور : پشاور ہائی کورٹ نے دواؤں کی قیمتوں میں اضافے پر حکم امتناع جاری کردیا اور کہا لوگ مر رہے ہیں آپ دواؤں کی قیمت بڑھا رہے ہیں، دوائیں شارٹ کرنیوالوں کے اسٹورز کو سیل کردیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق پشاور ہائی کورٹ دواؤں کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف دائر درخواست پر سماعت ہوئی ، عدالت نے ادویہ کی قیمتوں میں اضافےپرحکم امتناع جاری کردیا۔

    عدالت نے ریمارکس میں کہا لوگ مررہےہیں اورآپ دواؤں کی قیمتوں میں اضافہ کررہےہیں تو سرکاری وکیل نے کہا مارکیٹ میں دواؤں کی قیمت میں کمی سے دواؤں کی قلت ہوجائے گی۔

    جس پر جسٹس اکرام نے وارننگ دی جس نے دوائی شارٹ کی ، احتجاج کیا اسے لے آئیں، دوائیں شارٹ کرنیوالوں کے اسٹورز کو سیل کردیں گے۔

    عدالت نےاٹارنی جنرل وایڈووکیٹ جنرل کونوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔

    مزید پڑھیں : ملک بھر میں دواؤں کی قیمتوں میں 9 سے 15 فیصد اضافہ

    یاد رہے11 جنوری کو اد رہے ڈرگز ریگولیٹری اتھارٹی نے دواؤں کی قیمت میں پندرہ فیصد تک اضافہ کیا،ان دواؤں میں شوگر کی دوا،پین کلرز، فرسٹ ایڈ بینڈیج، نیبولائرز، اینٹی بایئوٹکس، پیٹ اور کھانسی کی دوائیں شامل ہیں۔

    جس کے بعد ڈرگز ریگولیٹری اتھارٹی نے دواؤں کی قیمتوں میں اضافے کی وضاحت کرتے ہوئے کہا تھا دوائیں سرمایہ کاری،مریضوں،ملک کے وسیع تر مفاد میں مہنگی کیں، انڈسٹری کی بقا کے لئے دوائیں مہنگی کرناضروری تھا۔

  • وزیراعظم عمران خان سے ملیحہ لودھی کی ملاقات، عالمی ایشوز پر بریفنگ

    وزیراعظم عمران خان سے ملیحہ لودھی کی ملاقات، عالمی ایشوز پر بریفنگ

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان سے اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے ملاقات کی اور وزیراعظم کو عالمی ایشوز پر بریفنگ دی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستانی مندوب ملیحہ لودھی اور وزیراعظم عمران خان کے درمیان ملاقات کے دوران عالمی سطح پر امن مشن میں پاکستان کے کردار پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    ملاقات میں اقوام متحدہ امن مشن میں پاکستان کے کردار پر تفصیلی گفتگو ہوئی، وزیراعظم نے علاقائی اور عالمی امن میں پاکستان کاکردار اجاگر کرنے کی ہدایت کی۔

    دنیا مان گئی ہےکہ افغان مسئلےکاحل فوجی مہم جوئی میں نہیں، ملیحہ لودھی

    خیال رہے کہ گذشتہ ہفتے پاکستانی مندوب ملیحہ لودھی نے کہا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے ہمیشہ افغان مسئلے کے سیاسی حل کی بات کی۔

    انہوں نے کہا تھا کہ دنیا مان گئی ہےکہ افغان مسئلےکاحل فوجی مہم جوئی میں نہیں، امریکی صدرنے پاکستانی وزیراعظم سے امن عمل میں مدد کی درخواست کی۔

    ملیحہ لودھی نے یہ بھی کہا تھا کہ پاک امریکا تعلقات کے حوالے سے پاکستانی سفیر کا کہنا تھا کہ امریکی صدر نے پاکستانی وزیراعظم سے امن عمل میں مدد کی درخواست کی، وزیراعظم عمران خان نےٹرمپ کے خط کا مثبت جواب دیا، قطر میں امریکہ کی طالبان سے بات چیت خوش آئند پیشرفت ہے۔

  • نیب نے سابق وزیر بلدیات جام خان شورو کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے

    نیب نے سابق وزیر بلدیات جام خان شورو کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے

    لاہور :قومی احتساب بیورو نیب نے رکن سندھ اسمبلی جام خان شورو کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے، ان پر کروڑوں کے پلاٹوں کی غیرقانونی الاٹمنٹس کا الزام ہے۔

    تفصیلات کے مطابق قومی احتساب بیورو( نیب) نےرکن سندھ اسمبلی اور سابق وزیربلدیات جام خان شورو کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے ، چیئرمین نیب کے جانب سے گرفتاری کے احکامات موصول ہوئے۔

    نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق وزیربلدیات جام خان شورو پرغیرقانونی الاٹمنٹس کا الزام ہے، انھوں نے کروڑوں کے پلاٹوں کی غیرقانونی الاٹمنٹ کی۔

    ذرائع کے مطابق جام خان شورو گرفتاری کی خبر ملتے ہی روپوش ہوگئے جبکہ سابق وزیربلدیات کی گرفتاری کے لیے ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے۔

    نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ جام خان شورو نےکےڈی اے کے 19پلاٹ غیرقانونی فروخت کیے، جس سے سرکاری خزانے کو کروڑوں کا نقصان پہنچا۔

    دوسری جانب سابق صوبائی وزیرجام خان شورونے ضمانت قبل ازگرفتاری کیلئے سندھ ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی، درخواست میں کہا گیا ہے لہ انکوائری میں تعاون کریں گے، نیب کوگرفتارکرنے سے روکا جائے، جام خان شورو پر محکمہ بلدیات میں کروڑوں کی کرپشن کا الزام ہے۔

    خیال رہے کہ 2017  میں نیب نے سابق صوبائی وزیر کے خلاف سرکاری زمینوں پر قبضے کی بھی تحقیقات شروع کی تھیں۔

  • امریکا نے ایران پر ایک مرتبہ پھر اقتصادی پابندیاں عائد کردیں

    امریکا نے ایران پر ایک مرتبہ پھر اقتصادی پابندیاں عائد کردیں

    تہران/واشنگٹن : امریکی حکام نے جوہری معاہدہ ختم کرنے کے بعد ایران کے ملت اور مہر بینک سمیت کئی کمپنیوں پر نئی اقتصادی پابندیاں عائد کردی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی حکومت کی جانب سے رواں برس جوہری معاہدے سے نکلنے کے بعد ایک مرتبہ پھر ایران پر اقتصاد پابندیاں عائد کردی ہیں جن اداروں پر پابندیاں لگائی گئی ہیں ان میں ایران کا مہر اور ملت بینک بھی شامل ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ایران کی ٹریکٹر ساز کمپنی، سپاہ پاسداران کی مالی معاونت کرنے والا بڑا مالیاتی ادارہ اور ایک بینک کو ایرانی پابندیوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا تھا کہ مالیاتی ادارے پر ایرانی سپاہ پاسداران کے پیراملٹری گروپ کی معاونت کا الزام عائد کیا ہے، جو کم عمر بچوں کو فوجی تربیت فراہم کرتے ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ امریکا نے ایران کے ملت بینک پر بسیج فورس کے مہر بینک سے تعاون کرنے کا الزام عائد کرکے قدغنیں لگائی ہیں جبکہ مہر اقتصاد بینک کے زیر انتظام کام کرنے والی کمپنیوں پر پابندیوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔

    خیال رہے کہ امریکا کی جانب سے ایران پر اقتصادی پابندیاں عائد کرنے کے بعد رواں سال جون میں عالمی طیارہ ساز کمپنی نے بھی ایران کو جہاز کی فروخت روک دی تھی۔

    امریکا نے عالمی جوہری معاہدے سے دست برداری کے بعد ایران پر اقتصادی پابندیاں عائد کردی ہیں جس کے باعث امریکی ڈالر کے مقابلے میں ایرانی ریال کی قدر میں ریکارڈ کمی دیکھنے میں آئی۔

    واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران سے جوہری معاہدہ ختم کرنے کے بعد اس ملک پر ماضی میں لگائی جانے والی اقتصادی پابندیاں دوبارہ بحال کردی ہیں۔

    یاد رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے رواں سال مئی میں ایران سے جوہری معاہدہ ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایران پر سخت پابندیاں لگائیں گے، ایران سے جوہری تعاون کرنے والی ریاست پر بھی پابندیاں لگائیں گے۔