Tag: IT

  • پرسنل ڈیٹا پروٹیکشن بل کی منظوری کے حوالے سے اہم خبر

    پرسنل ڈیٹا پروٹیکشن بل کی منظوری کے حوالے سے اہم خبر

    اسلام آباد: پرسنل ڈیٹا پروٹیکشن بل کی منظوری مزید تاخیر کا شکار ہو گئی ہے، وزارت آئی ٹی نے مسودے کو حتمی شکل دینے کے لیے مزید 14 دن کا وقت مانگ لیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزارت کی جانب سے سینیٹ کی آئی ٹی کمیٹی کو آگاہ کیا گیا ہے کہ پرسنل ڈیٹا پروٹیکشن بل کی منظوری مزید تاخیر کا شکار ہو گئی ہے۔

    وزارت آئی ٹی نے کہا ہے کہ پرسنل ڈیٹا پروٹیکشن بل کا نظر ثانی شدہ مسودہ شراکت داروں کے ساتھ شیئر کر دیا ہے، اور ان کی جانب سے ملنے والا فیڈ بیک فی الحال زیر غور ہے۔


    اسٹار لنک کی سروسز پاکستان میں کب تک دستیاب ہوں گی؟ وزارت آئی ٹی کی جانب سے اہم خبر


    وزارت کے مطابق بل کے مسودے کو حتمی شکل دینے کے لیے اہم شقوں پر مشاورت جاری ہے، دو ہفتوں میں ڈیٹا پروٹیکشن بل کے مسودے کو حتمی شکل دے دی جائے گی، اور پھر حتمی مسودے کو بین الوزارتی کمیٹی کے سامنے پیش کیا جائے گا۔

    آئی ٹی وزارت کا کہنا ہے کہ بل کو اصولی منظوری کے لیے وفاقی کابینہ اور سرکاری اسٹیک ہولڈرز کے سامنے پیش کیا جائے گا، اور تمام قانونی تقاضے اور پراسس مکمل کرتے ہوئے ڈیٹا پروٹیکشن بل کو منظور کرایا جائے گا۔

  • وزیر اعظم کی آئی ٹی برآمدات بڑھانے کے لیے ترجیحی بنیادوں پر کام کرنے کی ہدایت

    وزیر اعظم کی آئی ٹی برآمدات بڑھانے کے لیے ترجیحی بنیادوں پر کام کرنے کی ہدایت

    اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ آئی ٹی کی برآمدات بڑھانے کے لیے ترجیحی بنیادوں پر کام کیا جائے، برآمد کنندگان کے تمام مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں برآمدات کے فروغ کے لیے اجلاس منعقد ہوا۔

    وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آئی ٹی کے شعبے میں بہت زیادہ استعداد ہے جس کا فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے، جس قدر ہنر موجود ہے اس حساب سے پاکستان سے آئی ٹی کی برآمدات کافی کم ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ آئی ٹی کی برآمدات بڑھانے کے لیے ترجیحی بنیادوں پر کام کیا جائے۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ متعلقہ وزرا اور افسران، آئی ٹی برآمد کنندگان سے ایک تفصیلی ملاقات کریں، ان کے تمام مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لیے اقدامات کریں۔

    وزیر اعظم کا مزید کہنا تھا کہ یونیورسٹیز اور آئی ٹی انڈسٹری کے درمیان رابطے بہتر بنائے جائیں۔

  • پاکستانی آئی ٹی مصنوعات کی بیرون ملک مقبولیت میں اضافہ

    پاکستانی آئی ٹی مصنوعات کی بیرون ملک مقبولیت میں اضافہ

    اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی امین الحق کا کہنا ہے کہ آئی ٹی ایکسپورٹ کا حجم 2 ارب ڈالرز سے بھی تجاوز کر گیا، آئی ٹی سیکٹر سے خاطر خواہ نتائج کے لیے ٹیلی کام سیکٹرز کو ریلیف دینا ناگزیر ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی امین الحق کا کہنا ہے کہ آئی ٹی ایکسپورٹ کا حجم 2 ارب 38 کروڑ 10 لاکھ ڈالرز تک پہنچ گیا۔

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ یکم جولائی 2021 تا 30 مئی 2022 تک آئی ٹی ایکسپورٹ میں 25.45 فیصد اضافہ ہوا، گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں آئی ٹی ایکسپورٹ کا حجم 1 ارب 89 کروڑ 80 لاکھ ڈالرز تھا۔

    انہوں نے کہا کہ مئی 2022 کے دوران آئی ٹی ایکسپورٹ کا حجم 18 کروڑ 30 لاکھ ڈالرز رہا۔

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کی ہدایت پر آئی ٹی برآمدات ریکارڈ سطح پر لے جانے کے اقدامات کر رہے ہیں، آئی ٹی انڈسٹری پر ٹیکس ریلیف کا نفاذ ہونے سے معاملات بہتری کی طرف جائیں گے۔

    انہوں نےمزید کہا کہ آئی ٹی سیکٹر سے خاطر خواہ نتائج کے لیے ٹیلی کام سیکٹرز کو ریلیف دینا ناگزیر ہے، ٹیلی کام سیکٹر پر ٹیکس کم نہیں کیا گیا تو آئی ٹی سیکٹر بھی متاثر ہوگا۔

  • پاکستان میں براڈ بینڈ سروسز کے اربوں روپے کے نئے منصوبے

    پاکستان میں براڈ بینڈ سروسز کے اربوں روپے کے نئے منصوبے

    اسلام آباد: پاکستان میں برانڈ بینڈ سروسز کے اربوں روپے کے نئے منصوبے منظور کیے گئے ہیں، وزارت آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن نے آپٹیکل فائبر اور براڈ بینڈ سروسز کے لیے 8 ارب روپے کے 7 منصوبوں کا اجرا کر دیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق آئی ٹی وزارت نے آٹھ ارب کی خطیر رقم سے نئے اور بڑے منصوبوں کا آغاز کیا ہے، جن میں بلوچستان کو خصوصی ترجیح دے کر ساڑھے 3 ارب کے منصوبے شامل کیے گئے ہیں۔

    یو ایس ایف بورڈ آف ڈائریکٹرز نے ان منصوبوں کی منظوری دے دی، وفاقی وزیر سید امین الحق نے اس حوالے سے بتایا کہ موجودہ حکومت کے دور میں 52 ارب روپے سے شروع کردہ منصوبوں کی تعداد اب ریکارڈ طور پر 56 ہوگئی ہے۔

    امین الحق نے کہا حالات کچھ بھی رہے ہوں وزارت آئی ٹی اور اس کے ذیلی اداروں کی کارکردگی کا سلسلہ بدستور جاری ہے، واضح رہے کہ ان کا اشارہ ملک میں موجودہ نہایت کشیدہ سیاسی صورت حال کی طرف تھا، بالخصوص ان کی حکمراں پارٹی کو اپوزیشن کی جانب سے تحریک عدم اعتماد کی صورت میں ایک لٹکتی تلوار کا سامنا ہے۔

    انھوں نے کہا ریکارڈ منصوبوں کے اجرا پر یونیورسل سروس فنڈ اور تمام ٹیم مبارک باد کی مستحق ہے، موجودہ حکومت میں شروع کیے گئے تمام منصوبوں کی مقررہ مدت میں پورا کیا جائے گا۔

    واضح رہے کہ موجودہ پیکج میں قلعہ سیف اللہ اور ژوب کے 111 دیہاتوں میں فور جی سروسز کی فراہمی کے لیے 3 ارب 57 کروڑ روپے کا منصوبہ شامل کیا گیا ہے۔

    جھنگ، بھکر اور ٹوبہ ٹیک سنگھ کے 722 دیہاتوں میں براڈ بینڈ سروسز کی فراہمی کے لیے 2 ارب 25 کروڑ کا منصوبہ شامل ہے، ہری پور اور اسلام آباد کی 6 یونین کونسلوں میں 106 کلومیٹر آپٹیکل فائبر کیبل بچھانے کے لیے 41 کروڑ کا منصوبہ ہے۔

    لاڑکانہ، قمبر شہداد کوٹ کی 62 یونین کونسلوں میں 555 کلو میٹر آپٹیکل فائبر کے لیے ایک ارب 61 کروڑ کا منصوبہ شامل ہے، جب کہ ہکلہ ڈی آئی خان موٹر وے کے 95 کلو میٹر حصے پر 37 کروڑ 53 لاکھ کی لاگت سے براڈ بینڈ سروسز کا منصوبہ شامل کیا گیا ہے۔

  • آئی ٹی برآمدات میں 47 فیصد اضافہ

    آئی ٹی برآمدات میں 47 فیصد اضافہ

    اسلام آباد: وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کا کہنا ہے کہ گزشتہ 1 سال میں آئی ٹی برآمدات میں 47 فیصد اضافہ ہوا، 20 یونیورسٹیز کے ساتھ مل کر ایچ آر اسکلز پروگرام پر کام کر رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی نے کمیٹی کو بریفنگ دی۔

    بریفنگ میں بتایا گیا کہ گزشتہ 1 سال میں آئی ٹی برآمدات میں 47 فیصد اضافہ ہوا، آئی ٹی ایکسپورٹ بڑھنے سے ایچ آر اسکلز کی ڈیمانڈ بڑھ گئی۔

    وزارت کا کہنا تھا کہ سیلری کی ڈیمانڈ بڑھنے سے کمپنیوں کو ایچ آر ہائرنگ میں مشکلات ہیں، 20 یونیورسٹیز کے ساتھ مل کر ایچ آر اسکلز پروگرام پر کام کر رہے ہیں۔

    بریفنگ کے مطابق 6 ہزار کے قریب آئی ٹی اسٹوڈنٹس کو تربیت دے رہے ہیں۔ پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ نے ایک پورٹل تشکیل دیا ہے۔

    وزارت کا مزید کہنا تھا کہ اس وقت ملک میں 5 سے 6 لاکھ جانے پہچانے فری لانسرز ہیں، اسٹیٹ بینک ان فری لانسرز کو سہولت دے گا جو سافٹ ویئر رجسٹرڈ ہوں گے۔

  • 6 ماہ کے دوران سب سے زیادہ آئی ٹی برآمدات کا سنگ میل عبور

    6 ماہ کے دوران سب سے زیادہ آئی ٹی برآمدات کا سنگ میل عبور

    اسلام آباد: سینیٹر فیصل جاوید کا کہنا ہے کہ پاکستان نے 6 ماہ کے عرصے میں سب سے زیادہ آئی ٹی برآمدات کا سنگ میل عبور کرلیا، 6 ماہ میں 1.302 ارب ڈالر کی برآمدات ہوئیں۔

    تفصیلات کے مطابق سینیٹر فیصل جاوید نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ پاکستان نے 6 ماہ کے عرصے میں سب سے زیادہ آئی ٹی برآمدات کا سنگ میل عبور کرلیا۔

    فیصل جاوید کا کہنا تھا کہ مالی سال 22-21 کے دوران اب تک ہماری آئی ٹی برآمدات 1.302 ارب ڈالر کی ہوئیں۔ 21-2020 کی اسی مدت کے دوران 959 ملین ڈالر کی برآمدات ہوئی تھیں۔

    انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال اسی عرصے کے مقابلے میں یہ 36 فیصد کا نمایاں اضافہ ہے، امید ہے کہ ہم اس مالی سال کے دوران 3.5 ارب ڈالر کا ہندسہ عبور کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔

    فیصل جاوید کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان کی توجہ اقتصادی ترقی کو تیز کرنے کے لیے برآمدات بڑھانے پر ہے، 2 سال میں آئی ٹی انڈسٹری کو دوگنا کیا جائے گا۔

    انہوں نے مزید کہا کہ روزگار پیدا کرنے اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کے لیے ٹیک زونز قائم کیے جا رہے ہیں، آج ہم دنیا کی تیسری بڑی گیگ اکانومی ہیں۔

  • وزیر اعظم کی آئی ٹی کے شعبے میں سرمایہ کاروں کے لیے اقدامات کی ہدایت

    وزیر اعظم کی آئی ٹی کے شعبے میں سرمایہ کاروں کے لیے اقدامات کی ہدایت

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ ٹیکنالوجی انڈسٹری سے زر مبادلہ کمایا جاسکتا ہے، حکام آئی ٹی کے شعبے میں سرمایہ کاروں کی سہولت کے لیے اقدامات کریں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت اسپیشل ٹیکنالوجی زون اتھارٹی کے بورڈ آف گورنرز کا اجلاس ہوا۔

    وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی امین الحق، چیئرمین اسپیشل ٹیکنالوجی زون اتھارٹی عامر ہاشمی، مشیر خزانہ شوکت ترین، ڈاکٹر ثانیہ نشتر اور دیگر سرکاری حکام اجلاس میں شریک ہوئے۔

    اجلاس کے دوران بریفنگ میں بتایا گیا کہ غیر ملکی سرمایہ کاروں نے 520 ملین ڈالرز کی سرمایہ کاری کا وعدہ کیا ہے، سرمایہ کاری اسلام آباد، کراچی اور لاہور کے ٹیکنالوجی زون میں ہوگی۔

    اجلاس میں وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ٹیکنالوجی کی حقیقی صلاحیت سے فائدہ اٹھانے پر توجہ مرکوز کر رہے ہیں، ٹیکنالوجی سے زر مبادلہ کمایا جاسکتا ہے اور اس سے کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ کم ہوسکے گا۔

    انہوں نے کہا کہ حکام آئی ٹی شعبے میں سرمایہ کاروں کی سہولت کے لیے اقدامات کریں، غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لیے کام تیز کیا جائے۔

  • 2 سال میں ہزاروں بچوں کو آئی ٹی کی جدید ٹریننگ دیں گے: صوبائی وزیر

    2 سال میں ہزاروں بچوں کو آئی ٹی کی جدید ٹریننگ دیں گے: صوبائی وزیر

    پشاور: صوبہ خیبر پختونخواہ کے وزیر عاطف خان کا کہنا ہے آئندہ 2 سال میں 25 ہزار بچوں کو آئی ٹی کی جدید ٹریننگ دیں گے، وفاقی ادارے نے سیاحتی مقامات پر انٹرنیٹ سروس کے لیے رضا مندی ظاہر کر دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ خیبر پختونخواہ کے وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی عاطف خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کاروبار کے میدان میں خواتین کو آگے لانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

    عاطف خان کا کہنا تھا کہ کاروباری سرگرمیوں کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا حصول ناگزیر ہے، صوبے میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کو مزید مستحکم کرنے کی ضرورت ہے۔ عالمی سطح پر آئی ٹی کے شعبے میں پاکستان کو آگے لانے کی ضرورت ہے۔

    انہوں نے کہا کہ آئندہ 2 سال میں 25 ہزار بچوں کو آئی ٹی کی جدید ٹریننگ دیں گے، ٹریننگ پر 3 ارب روپے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔ پشاور سمیت صوبے کے مختلف اضلاع میں آئی ٹی زونز بنانے جا رہے ہیں۔

    عاطف خان کا کہنا تھا کہ سرکاری دفاتروں کو ڈیجیٹلائز کرنا ضروری ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ صوبے میں رواں سیزن ہزاروں لوگ سیاحتی مقامات پر آئے، رواں سیزن میں 66 بلین روپے کا کاروبار ہوا۔ وفاقی ادارے نے سیاحتی مقامات پر انٹرنیٹ سروس کے لیے رضا مندی ظاہر کر دی ہے۔

  • آئی ٹی منصوبوں کے لیے اربوں روپے کا فنڈ منظور

    آئی ٹی منصوبوں کے لیے اربوں روپے کا فنڈ منظور

    اسلام آباد: ملک بھر میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے 30 مختلف منصوبوں کے لیے 18 ارب سے زائد کے فنڈز کی منظوری دے دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق آج وفاقی وزیر آئی ٹی امین الحق کی زیر صدارت اجلاس میں وزارت آئی ٹی کی پالیسی کمیٹی نے مختلف منصوبوں کی مد میں اٹھارہ ارب روپے سے زائد کے فنڈز جاری کرنے کی منظوری دے دی۔

    اجلاس میں سیکریٹری ڈاکٹر سہیل راجپوت، ممبر ٹیلی کام محمد عمر ملک، کیبنٹ اور فنانس ڈویژن کے نمائندگان شریک ہوئے، اجلاس میں وفاقی وزیر سید امین الحق نے کہا کہ یو ایس ایف کے قیام سے اب تک 100 فی صد اضافے کے ساتھ حکومت کے 3 برسوں میں 43 منصوبے شروع ہوئے۔

    امین الحق کا کہنا تھا یونیورسل سروس فنڈ کی تیز ترین اور شان دار کارکردگی پر ادارے کے افسران و ٹیکنکل اسٹاف مبارک باد کے مستحق ہیں، شان دار کارکردگی کو شفافیت، معیار اور منصوبوں کی بروقت تکمیل، اور مانیٹرنگ نظام کے ساتھ برقرار رکھا جائے۔

    انھوں نے ہدایت کی کہ وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت کے تحت اہم سیاحتی مقامات پر براڈ بینڈ سروسز کی فراہمی کے منصوبوں کا فوری آغاز کیا جائے، اور آئندہ سیزن تک سیاحوں کے لیے شمالی علاقہ جات میں براڈ بینڈ سروسز کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔

    امین الحق کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں یونین کونسلز کی سطح تک آپٹیکل فائبر کیبل پہنچانے کے مجوزہ منصوبے قابل اطمینان ہیں، ملک کی شاہراہوں پر بلاتعطل موبائل سروسز کی فراہمی اور فائیو جی سروسز کے لیے فائبر آپٹک نیٹ ورک ضروری ہے۔

    وفاقی وزیر نے کہا چاروں صوبوں کے دور دراز علاقوں میں براڈ بینڈ اور آپٹیکل فائبر کے منصوبے ڈیجیٹل پاکستان ویژن کی تکمیل کے لیے کلید ہیں۔

  • وزارت آئی ٹی کی جانب سے چاروں صوبوں کے رہائشیوں کے لیے اچھی خبر

    وزارت آئی ٹی کی جانب سے چاروں صوبوں کے رہائشیوں کے لیے اچھی خبر

    اسلام آباد: انفارمیشن ٹیکنالوجی کی وزارت نے براڈ بینڈ اور آپٹیکل فائبر کے 8 ارب روپے کے منصوبے منظور کر لیے۔

    تفصیلات کے مطابق سیکریٹری آئی ٹی و چیئرمین بورڈ شعیب صدیقی کی صدارت میں منعقدہ اجلاس میں آج اہم ترین فیصلے کیے گئے، یونیورسل سروس فنڈ بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس میں 9 اہم پراجیکٹس پیش کیے گیے۔

    ان منصوبوں کی تکمیل سے چاروں صوبوں کے مختلف اضلاع کے 75 لاکھ رہائشیوں کو سہولیات کی فراہمی ہوں گی، اضلاع میں براڈ بینڈ سروسز پر 2 ارب 60 کروڑ، جب کہ آپٹیکل فائبر کے لیے 4 ارب 98 کروڑ خرچ ہوں گے۔

    منصوبوں سے 37 ہزار 730 مربع کلو میٹر کے علاقے مستفید ہوں گے اور ان کے تحت 16 سو 32 کلو میٹر فائبر بچھائی جائے گی، شمالی علاقہ جات اور اہم سیاحتی مقامات کے لیے خصوصی منصوبوں کی منظوری دی گئی ہے۔

    وفاقی وزیر آئی ٹی امین الحق نے اس سلسلے میں کہا کہ بابوسر ٹاپ، جھیل سیف الملوک، کمراٹ ویلی میں کنیکٹویٹی فراہم ہوگی، وزیر اعظم کے سیاحت کے فروغ اور ڈیجیٹل پاکستان وژن کی تکمیل کی جانب یہ اہم قدم ہوگا۔

    انھوں نے کہا نئے منصوبوں سے سیاحتی مقامات پر ہنگامی بنیادوں پر موبائل رابطوں اور ہائی اسپیڈ انٹرنیٹ کی فراہمی ہوگی۔

    امین الحق کا کہنا تھا کہ یو ایس ایف کے تحت 31 ماہ میں 30 ارب کے منصوبے شروع کیے گئے ہیں، ان تمام منصوبوں کی تکمیل سے عوام کو ان کی دہلیز پر ڈیجیٹل سہولیات فراہم ہوں گی۔