Tag: IT Exports

  • جولائی 2024 سے پاکستان میں آئی ٹی کی برآمدات میں سالانہ 34 فی صد اضافہ

    جولائی 2024 سے پاکستان میں آئی ٹی کی برآمدات میں سالانہ 34 فی صد اضافہ

    کراچی: رواں مالی سال کے پہلے مہینے میں آئی ٹی برآمدات کی ترسیلات 286 ملین ڈالرز تک پہنچ گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے مہینے میں آئی ٹی برآمدات کی ترسیلات 286 ملین ڈالرز تک پہنچ گئیں، جولائی 2024 سے پاکستان میں آئی ٹی کی برآمدات میں سالانہ 34 فی صد اضافہ ہوا۔

    اعداد و شمار کے مطابق جولائی 2024 میں آئی ٹی کی برآمدات گزشتہ 12 ماہ کی اوسط 269 ملین ڈالرز سے زیادہ ہیں، آئی ٹی کی برآمدات میں اضافے کی وجہ برآمد کنندگان کے خصوصی غیر ملکی کرنسی اکاوٴنٹس کی حد کو 35 فی صد سے بڑھا کر 50 فی صد کرنے اور پاکستانی روپے کا استحکام شامل ہیں۔

    مالی سال کے پہلے ماہ کی مجموعی برآمدات میں آئی ٹی کا حصہ 46 فی صد ہے، ممکنہ طور پر مالی سال 2025 کے لیے آئی ٹی سیکٹر کی برآمدات 3.5 بلین ڈالرز سے زیادہ ہونے کا امکان ہے۔

    موجودہ حکومت کی ہدایت اور ایس آئی ایف سی کی معاونت سے وزارت آئی ٹی اور پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ آئی ٹی برآمدات میں اضافے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔

    واضح رہے کہ پاکستان میں کئی ماہ سے انٹرنیٹ کی رفتار سست پڑنے کی وجہ سے آن لائن کاروبار کرنے والی کمپنیاں شدید نقصان سے دوچار ہیں، اور یہ کمپنیاں اب تک اربوں ڈالرز کا نقصان اٹھا چکی ہیں، حکومت کی جانب سے اس سنگین معاملے پر کوئی سنجیدہ رویہ تاحال سامنے نہیں آ سکا ہے۔

  • وزیر اعظم کی آئی ٹی برآمدات بڑھانے کے لیے ترجیحی بنیادوں پر کام کرنے کی ہدایت

    وزیر اعظم کی آئی ٹی برآمدات بڑھانے کے لیے ترجیحی بنیادوں پر کام کرنے کی ہدایت

    اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ آئی ٹی کی برآمدات بڑھانے کے لیے ترجیحی بنیادوں پر کام کیا جائے، برآمد کنندگان کے تمام مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں برآمدات کے فروغ کے لیے اجلاس منعقد ہوا۔

    وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آئی ٹی کے شعبے میں بہت زیادہ استعداد ہے جس کا فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے، جس قدر ہنر موجود ہے اس حساب سے پاکستان سے آئی ٹی کی برآمدات کافی کم ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ آئی ٹی کی برآمدات بڑھانے کے لیے ترجیحی بنیادوں پر کام کیا جائے۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ متعلقہ وزرا اور افسران، آئی ٹی برآمد کنندگان سے ایک تفصیلی ملاقات کریں، ان کے تمام مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لیے اقدامات کریں۔

    وزیر اعظم کا مزید کہنا تھا کہ یونیورسٹیز اور آئی ٹی انڈسٹری کے درمیان رابطے بہتر بنائے جائیں۔

  • آئی ٹی انڈسٹری کی ایکسپورٹ میں 47 فیصد اضافہ

    آئی ٹی انڈسٹری کی ایکسپورٹ میں 47 فیصد اضافہ

    فیصل آباد: مشیر برائے تجارت عبد الرزاق داؤد کا کہنا ہے کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کی انڈسٹری میں ایکسپورٹ میں 47 فیصد اضافہ ہوا، آنے والے دنوں میں ایکسپورٹ میں مزید بہتری ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق داؤد نے پاکستان اکنامک کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگلے ہفتے سے پاکستان، ازبکستان سے نئے تجارتی معاہدے کر رہا ہے۔

    رزاق داؤد کا کہنا ہے کہ سینٹرل ایشیا کی تجارت پوری دنیا میں اہمیت کی حامل ہے، جب تک ملک میں انڈسٹریلائزیشن نہیں ہوگی ہم ترقی نہیں کر سکتے۔

    انہوں نے کہا کہ پوری دنیا میں سب سے سستا مال ایشیا میں مل رہا ہے، ہمارے بزنس مین زیادہ دیر تک باہر رہنا پسند نہیں کرتے۔ پوری دنیا کے تاجر جب نکلتے ہیں تو پورا پورا سال باہر رہتے ہیں۔

    مشیر تجارت کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف سے ہم تب ہی نکلیں جب ہمارے ملک میں انڈسٹری لگے گی، انفارمیشن ٹیکنالوجی کی انڈسٹری میں ایکسپورٹ میں 47 فیصد اضافہ ہوا۔ اسلام آباد کے حالات بالکل ٹھیک رہیں گے، ان حالات کا ملکی ایکسپورٹ پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔

    انہوں نے مزید کہا کہ آنے والے دنوں میں ایکسپورٹ میں مزید بہتری ہوگی، ہمیں پروڈکٹ میں مزید جدت لے کر آنی چاہیئے۔

  • 6 ماہ کے دوران سب سے زیادہ آئی ٹی برآمدات کا سنگ میل عبور

    6 ماہ کے دوران سب سے زیادہ آئی ٹی برآمدات کا سنگ میل عبور

    اسلام آباد: سینیٹر فیصل جاوید کا کہنا ہے کہ پاکستان نے 6 ماہ کے عرصے میں سب سے زیادہ آئی ٹی برآمدات کا سنگ میل عبور کرلیا، 6 ماہ میں 1.302 ارب ڈالر کی برآمدات ہوئیں۔

    تفصیلات کے مطابق سینیٹر فیصل جاوید نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ پاکستان نے 6 ماہ کے عرصے میں سب سے زیادہ آئی ٹی برآمدات کا سنگ میل عبور کرلیا۔

    فیصل جاوید کا کہنا تھا کہ مالی سال 22-21 کے دوران اب تک ہماری آئی ٹی برآمدات 1.302 ارب ڈالر کی ہوئیں۔ 21-2020 کی اسی مدت کے دوران 959 ملین ڈالر کی برآمدات ہوئی تھیں۔

    انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال اسی عرصے کے مقابلے میں یہ 36 فیصد کا نمایاں اضافہ ہے، امید ہے کہ ہم اس مالی سال کے دوران 3.5 ارب ڈالر کا ہندسہ عبور کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔

    فیصل جاوید کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان کی توجہ اقتصادی ترقی کو تیز کرنے کے لیے برآمدات بڑھانے پر ہے، 2 سال میں آئی ٹی انڈسٹری کو دوگنا کیا جائے گا۔

    انہوں نے مزید کہا کہ روزگار پیدا کرنے اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کے لیے ٹیک زونز قائم کیے جا رہے ہیں، آج ہم دنیا کی تیسری بڑی گیگ اکانومی ہیں۔

  • وزارت آئی ٹی نے ایک اور سنگ میل عبور کرلیا

    وزارت آئی ٹی نے ایک اور سنگ میل عبور کرلیا

    کراچی : وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی امین الحق کا کہنا ہے کہ آئی ٹی برآمدات نے 30 جون تک 2 ارب ڈالرز کاہدف عبور کرلیا ، جس کے بعد برآمدات 2 ارب 12 کروڑ 30 لاکھ روپے تک پہنچ گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزارت آئی ٹی نے ایک اور سنگ میل عبور کرلیا ، وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی امین الحق کی جانب سے کہا گیا کہ آئی ٹی برآمدات کا 30 جون تک 2 ارب ڈالرز کے ہدف کو عبور کرلیا گیا ہے ، جس کے بعد آئی ٹی برآمدات 2 ارب 12 کروڑ 30 لاکھ روپے تک پہنچ گئیں۔

    سید امین الحق کا کہنا تھا کہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے کے دوران برآمدات 1 ارب 44 کروڑ ڈالرز تھیں، آئی ٹی برآمدات میں 47 اعشاریہ چار تین فیصد کا ریکارڈ اضافہ ہوا، انشاء اللہ 2023 تک آئی ٹی برآمدات کا 5 ارب ڈالرز کا ہدف پورا کرلیں گے۔

    وفاقی وزیر آئی ٹی نے مزید کہا کہ آئی ٹی برآمدات میں تاریخی اضافے پر سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ اور آئی ٹی کمپنیاں مبادکباد کی مستحق ہیں، اس میں کوئی شک نہیں کہ پاکستان کی معیشت کے استحکام اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں آئی ٹی سیکٹر بنیادی حیثیت کا حامل ہے۔

  • آئی ٹی برآمدات میں 51 فیصد اضافہ، برآمدات 76 کروڑ 30 لاکھ ڈالر تک پہنچ گئیں

    آئی ٹی برآمدات میں 51 فیصد اضافہ، برآمدات 76 کروڑ 30 لاکھ ڈالر تک پہنچ گئیں

    اسلام آباد: اسٹیٹ بینک آف پاکستان کا کہنا ہے کہ نومبر 2020 میں آئی ٹی برآمدات میں 51 فیصد اضافہ ہوا ہے، رواں برس جولائی تا نومبر آئی ٹی برآمدات 76 کروڑ 30 لاکھ ڈالر تک پہنچ گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ بینک آف پاکستان کا کہنا ہے کہ نومبر 2020 میں آئی ٹی برآمدات میں 51 فیصد اضافہ ہوا ہے، مالی سال کے 5 ماہ میں آئی ٹی برآمدات 39 فیصد بڑھ گئیں۔

    اسٹیٹ بینک کے مطابق جولائی تا نومبر آئی ٹی برآمدات 76 کروڑ 30 لاکھ ڈالر تک پہنچ گئیں۔

    دوسری جانب ماہر معاشیات سمیع اللہ طارق کا کہنا ہے کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) سیکٹر کو فعال کیا جائے تو ایکسپورٹ بڑھ سکتی ہے، معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے مگر تھوڑا وقت لگے گا۔

    سمیع اللہ طارق کا کہنا تھا کہ بیرونی ادائیگی کے توازن میں بہتری آئی ہے، ایکسپورٹ میں بہتری آئی جبکہ رمیٹنس میں بھی 5 ماہ میں اضافہ ہوا ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ نومبر میں آئی ٹی ایکسپورٹ میں 51 فیصد اضافہ ہوا، وفاقی حکومت کی اس وقت توجہ 4 سیکٹرز پر ہے، ان میں ٹیکسٹائل، کنسٹرکشن، الیکٹرک وہیکل اور موبائل مینو فیکچرنگ شامل ہیں۔

    سمیع اللہ طارق کا کہنا تھا کہ معیشت کی صورتحال مستحکم ہے مگر راستہ ابھی طویل ہے، معاشی اشاریے درست سمت میں جا رہے ہیں۔ آئی ٹی ایکسپورٹ بذریعہ بینک فارمولائز ہونے سے فائدہ ہوگا جبکہ اس سے ایکسپورٹ اور آمدنی دونوں بڑھیں گی۔