Tag: Italy’

  • لینڈنگ کے دوران جہاز کے پچھلے چاروں ٹائر پھٹنے سے مسافروں پر قیامت ٹوٹ پڑی

    لینڈنگ کے دوران جہاز کے پچھلے چاروں ٹائر پھٹنے سے مسافروں پر قیامت ٹوٹ پڑی

    روم: اٹلی میں گزشتہ روز لینڈنگ کے دوران ایک طیارے کے پچھلے چاروں ٹائر پھٹ گئے، جس سے طیارے میں سوار مسافر شدید خوف میں مبتلا ہو گئے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اٹلی میں لینڈنگ کے دوران جہاز کے چاروں ٹائر پھٹ گئے، تاہم عملہ اور مسافر محفوظ رہے، اور رن وے کو نقصان پہنچا، حادثے کے بعد میلان ایئر پورٹ بند کر دیا گیا، اور تمام پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔

    پرواز میں عملے سمیت 161 مسافر سوار تھے، جن میں برطانوی مسافر بھی شامل تھے، ریان ایئر کے ٹائر پھٹنے کے بعد طیارے میں خوف اور افراتفری مچ گئی تھی۔

    یہ واقعہ یکم اکتوبر کو صبح آٹھ بجے کے قریب پیش آیا، طیارے نے بارسلونا کے ایئرپورٹ سے اڑان بھری تھی اور میلان کے قریب برگامو کے ایئرپورٹ پر اتری تھی، تاہم اس دوران پچھلے انڈر کیرج کے چاروں ٹائر اچانک پھٹ گئے۔

    سامنے آنے والی تصاویر میں دکھایا گیا ہے کہ مسافر طیارے کے ٹائر غائب ہیں اور دھاتی پہیوں نے رن وے کو نقصان پہنچایا ہے۔

  • قصبے میں کرکٹ کھیلنے پر 100 یورو جرمانہ

    قصبے میں کرکٹ کھیلنے پر 100 یورو جرمانہ

    اٹلی میں ایک خاتون میئر نے اپنے قصبے میں اجتماعی نماز اور کرکٹ پر پابندی عائد کر دی۔

    بی بی سی کے مطابق اٹلی کے ایک قصبے مونفالکون کی میئر نے کرکٹ کھیلنے پر پابندی لگا دی ہے، خلاف ورزی کرنے والوں کو 100 یورو جرمانہ ہو سکتا ہے، جس کی وجہ سے مونفالکون میں رہائش پذیر بنگلادیشی مسلمانوں کو قصبے کے مضافات میں ساحل پر چلچلاتی دھوپ میں کرکٹ کھیلنی پڑتی ہے۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق اطالوی قصبے مونفالکون کی میئر نے بنگلادیشیوں کو نشانے پر رکھ لیا ہے، میئر نے علاقے کے دو بڑے اسلامک سینٹرز میں اجتماعی نمازوں کی ادائیگی پر بھی پابندی عائد کر دی ہے۔

    انتہائی دائیں بازو کی سیاسی جماعت سے تعلق رکھنے والی میئر انا ماریہ سیسنٹ اپنے امیگریشن مخالف جذبات کی بنیاد پر اقتدار میں آئیں تھیں، مونفالکون میں رہنے والے تارکینِ وطن میں سے بڑی تعداد کا تعلق بنگلادیش سے ہے۔

    میئر کا دعویٰ ہے کہ یہاں اسلامی بنیاد پرستی پائی جاتی ہے، اور یہاں مقیم مسلمان مرد اپنی خواتین پر ظلم کرتے ہیں، میئر نے خواتین کے تحفظ کو جواز بنا کر یہ پابندیاں عائد کی ہیں۔

    بی بی سی کے مطابق کرکٹ ٹیم کے کپتان میا بپی کا کہنا تھا کہ میئر کا کہنا ہے کہ کرکٹ اٹلی کے لیے نہیں ہے، لیکن سچ یہ ہے کہ ہم غیر ملکی ہیں اس لیے پابندی لگائی گئی ہے۔ واضح رہے کہ قصبے میں نسلی معاملات خاصے نمایاں ہو چکے ہیں، یہ ایک منفرد قصبہ ہے جہاں کی آبادی صرف 30 ہزار ہے، اور ان میں سے ایک تہائی غیر ملکی ہیں جن میں سے زیادہ تر بنگلادیشی مسلمان ہیں۔ جنجوں نے 1990 کی دہائی کے آخر میں دیوہیکل کروز جہاز بنانے کے لیے آنا شروع کیا تھا۔

    ادھر دائیں بازو کی لیگ پارٹی سے تعلق رکھنے والی میئر انا ماریا کا کہنا ہے کہ غیر ملکیوں کی آمد کے نتیجے کے طور پر مونفالکون کا ثقافتی جوہر خطرے میں ہے۔ وہ امیگریشن مخالف جذبات کی بنیاد پر اقتدار میں آئی تھیں، اور اب وہ اپنے شہر کے ’’تحفظ‘‘ اور عیسائی اقدار کے دفاع کے لیے اسی قسم کے اقدامات اٹھا رہی ہیں۔

  • اطالوی سفیر چوکنڈی قبرستان پہنچ گئیں

    اطالوی سفیر چوکنڈی قبرستان پہنچ گئیں

    ریتیلے پتھروں پر شان دار نقش و نگار کے لیے مشہور تاریخی چوکنڈی قبرستان میں گھومتے ہوئے یہ احساس ہوتا ہے کہ 15 ویں سے 18 ویں صدی کے مغلیہ دورِ حکومت میں سندھ کے اس علاقے میں بھی انسانوں کی آخری آرام گاہوں کو سجانے کے لیے کتنا اہتمام کیا جاتا تھا۔

    پاکستان بھر سے سیاح جب صوبہ سندھ آتے ہیں تو مشہور مکلی قبرستان کے علاوہ چوکنڈی میں بنے مقبروں کی سیر بھی ضرور کرتے ہیں، لیکن صرف پاکستانی ہی نہیں بیرون ملک سے آنے والے سیاح بھی اس خطے کی تاریخ سے رغبت دکھاتے ہوئے ان مقبروں کا دورہ کرتے ہیں۔

    گزشتہ دنوں اٹلی کی سفیر ماریلینا آرمیلن نے اطالوی قونصل جنرل ڈینیلو کے ہمراہ چوکنڈی قبرستان کا دورہ کیا، ان میزبانی صوبائی وزیر تعلیم سندھ سردار علی شاہ اور وزیر ثقافت و سیاحت سید ذوالفقار علی شاہ کر رہے تھے۔

    اطالوی وفد نے قبرستان کی تاریخ کے حوالے سے اپنی دل چسپی کا اظہار کیا اور معلومات حاصل کیں، صوبائی وزا کی جانب سے ان کو چوکنڈی قبرستان سے متعلق معلومات دی گئیں۔

    وزیر تعلیم نے وفد کو بتایا کہ چوکنڈی قبرستان میں موجود قبروں پر جڑے نقوش اپنی ایک خاص پہچان رکھتے ہیں، مردوں کی قبروں پر گھوڑے اور عورتوں کی قبروں پر زیورات کے نقوش کندہ کیے گئے ہیں، اس طرح کی قبریں سندھ اور بلوچستان کے دیگر علاقوں میں بھی موجود ہیں۔ جب کہ وزیر ثقافت و سیاحت کا کہنا تھا کہ سندھ کے سیاحتی و ثقافتی ورثے کو محفوظ بنا کر سیاحوں کو سازگار ماحول فراہم کیا جا رہا ہے۔

    اطالوی وفد نے کہا کہ سندھ تاریخی لحاظ سے اپنی ایک منفرد حیثیت رکھتا ہے، وزرا نے مہمانوں کو سندھ کی روایتی اجرک اور موہن جو دڑو کے نوادرات کی نقول بطور تحفہ پیش کیے۔ اس موقع پر سیکریٹری کلچر خالد چاچڑ، ڈی جی سید فیاض شاہ، ڈی جی عبدالفتاح شیخ اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔

  • مصنوعی گوشت کی تیاری پر ہزاروں یورو کا جرمانہ

    مصنوعی گوشت کی تیاری پر ہزاروں یورو کا جرمانہ

    اٹلی نے مصنوعی گوشت کی تیاری پر ہزاروں یورو کا جرمانہ لگا دیا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ ہفتے اٹلی نے تجربہ گاہوں یعنی لیبارٹری میں تیار کیے جانے والے گوشت پر پابندی لگا دی ہے، خلاف وزری پر 60 ہزار یورو (تقریباً 55 لاکھ روپے) جرمانہ لگایا جا سکتا ہے۔

    یورپ میں ایسا پہلی مرتبہ ہوا ہے جب لیبارٹری میں تیار مصنوعی گوشت پر پابندی لگائی گئی ہے، اس کے لیے اٹلی کی پارلیمنٹ میں ووٹنگ کی گئی۔

    159 اراکین پارلیمنٹ مصنوعی گوشت کی تیاری پر پابندی کی حمایت کی، جب کہ 53 اراکین نے اس کے خلاف ووٹ دیا۔ دل چسپ بات یہ ہے کہ اس وقت دنیا کے صرف دو ملک امریکا اور سنگاپور میں لوگوں کو لیبارٹری میں تیار شدہ گوشت کھانے کی اجازت ہے۔

    میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ اس پابندی سے متعلق اٹلی کا کہنا ہے کہ ملک میں کھانے کی ثقافت کو خطرہ تھا اس لیے یہ قدم اٹھانا پڑا۔ واضح رہے کہ اٹلی وہ یورپی ملک ہے جس کا مغربی ثقافت اور کھانوں پر بہت گہرا اثر ہے۔

    اٹلی میں کسانوں کی لابی بھی بہت مضبوط ہے اور وہ طویل مدت سے مصنوعی گوشت پر پابندی لگانے کا مطالبہ کر رہے تھے، اس لیے پابندی کے فیصلے پر انھوں نے خوشی کا اظہار کیا ہے تاہم دوسری طرف ایسی تنظیموں کو شدید صدمہ ہوا ہے مویشیوں کی بہبود کے لیے آواز اٹھاتی ہیں۔

  • یورپی ملک کی ایئر لائن کی جانب سے خوش خبری

    یورپی ملک کی ایئر لائن کی جانب سے خوش خبری

    کراچی: اٹلی کی ایئر لائن نیوس نے پاکستان میں فلائٹ آپریشن شروع کرنے میں دل چسپی کا اظہار کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ہوا بازی کی صنعت کے لیے اچھی خبر ہے کہ یورپی ملک اٹلی کی ایئر لائن نے پاکستان کے لیے فلائٹ آپریشن شروع کرنے کے لیے اقدامات شروع کر دیے ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ نیوس ایئر لائن نے پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی سے رابطہ کیا ہے، نیوس ایئر لائن اٹلی سے پاکستان کے لیے براہ راست فضائی آپریشن شروع کرے گی۔

    سی سی اے ذرائع کے مطابق اطالوی نیوس ایئر پہلے مر حلے میں لاہور کے لیے ہفتہ وار پرواز شروع کرے گی، کراچی اور اسلام آباد کے لیے فلائٹس چلانے کے لیے بھی ایئرلائن نے دل چسپی ظاہر کر دی ہے۔

    سی اے اے سے اجازت ملتے ہی اطالوی ایئر لائن پاکستان کے لیے فضائی آپریشن شروع کر دے گی، یورپی ملک کی نئی ایئر لائن آنے سے مسافروں کو براہ راست سفری سہولیات کے ساتھ تجارت کو فروغ اور زرمبادلہ میں بھی اضافہ ہوگا۔

  • مسافروں سے بھری بس پُل سے نیچے بجلی کے تاروں پر جا گری، 21 افراد ہلاک

    مسافروں سے بھری بس پُل سے نیچے بجلی کے تاروں پر جا گری، 21 افراد ہلاک

    وینس: اٹلی کے شہر وینس میں سیاحوں کی بس پُل سے نیچے گر گئی، خوف ناک حادثے میں 21 افراد ہلاک اور 20 زخمی ہو گئے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق مقامی حکام نے بتایا ہے کہ شمالی اٹلی میں وینس کے قریب غیر ملکی سیاحوں کو لے جانے والی ایک بس اوور پاس سے بے قابو ہو کر تقریباً 15 میٹر (50 فٹ) نیچے گر گئی اور آگ لگنے سے اکیس افراد ہلاک اور بیس زخمی ہو گئے، جب کہ 5 افراد تاحال لاپتا ہیں۔

    بس منگل کی شام کو پُل پر گزرتے ہوئے ایک بیریئر سے ٹکرا گئی، اور نیچے بجلی کے تاروں پر جا گری، جس سے بس میں آگ لگ گئی، اس خوف ناک حادثے کی وجہ واضح نہیں ہو سکی ہے۔

    مقام حکام کا کہنا ہے کہ مرنے والوں میں پانچ یوکرینی، ایک جرمن اور اطالوی ڈرائیور شامل ہیں، جب کہ بس میں 40 مسافر سوار تھے، مرنے والوں میں 4 بچے بھی شامل ہیں۔

    وینس کے میئر نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں متاثرین کی یاد میں سرکاری سوگ کا اعلان کیا۔ بی بی سی کے مطابق کچھ رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ بس میتھین گیس سے چل رہی تھی اور بجلی کے تاروں پر گرنے سے اس میں آگ لگ گئی۔

  • وینس آنے والے سیاحوں کو کتنی فیس ادا کرنا ہوگی؟

    وینس آنے والے سیاحوں کو کتنی فیس ادا کرنا ہوگی؟

    روم : اٹلی کے شہر وینس کی انتظامیہ نے آئندہ سال سے یہاں آنے والے غیرملکیوں کے لیے داخلہ فیس کو لازمی قرار دیا ہے تاکہ یہاں آنے والے سیاحوں کی تعداد پر قابو پایا جاسکے۔

    اٹلی کے ٹورازم کراؤن میں واقع وینس جانے والے سیاحوں کو جنوری 2024 سے 5 یورو (ڈالر5.35)داخلہ فیس ادا کرنا ہوگی، سٹی کونسل کے اس اقدام کا مقصد ملک میں سیاحت کے نظام کو منظم کرنا ہے۔

    نہروں کے شہر وینس میں سیاحوں سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ اپنا بہترین طرز عمل دکھائیں گے۔ برسوں سے یہ شمالی اطالوی شہر بڑے پیمانے پر سیاحت کے منفی پہلوؤں سے نبردآزما ہے اور اسی حوالے سے اس موسم گرما میں تعطیلات گزارنے والوں کے لیے سخت قوانین نافذ کیے جا رہے ہیں۔

    غیرملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق مذکورہ فیس آزمائشی بنیادوں پر اگلے سال 30 دنوں کے لیے لاگو کی جائے گی، 14 سال سے زیادہ عمر کے تمام زائرین اسے ادا کرنے کے پابند ہوں گے۔

    اٹلی

    وینس کے سیاحتی کونسلر سیمون وینٹورینی نے کہا کہ یہ کام پیسہ کمانے کے مقصد کے تحت نہیں کیا جارہا بلکہ یہ فیس صرف اسکیم کے انتظامات کی لاگت کو پورا کرنے کیلئے ہے۔

    شہری حکومت کا مقصد وینس میں داخل ہونے والے افراد کی تعداد کو بھی محدود کرنا ہے۔ 2019 میں وینس میں 5.5 ملین سیاح آئے جو شہر کی آبادی سے 100 گنا زیادہ ہے۔

    یاد رہے کہ یہ منصوبہ پہلے 2019 میں پیش کیا گیا تھا جسے کوویڈ19 کی وجہ سے ملتوی کر دیا گیا تھا، جس نے سیاحوں کو اٹلی سے دور کر رکھا تھا اور اس کی کچھ تکنیکی وجوہات بھی تھیں۔

    وینس

    رواں سال جولائی میں یونیسکو کے ماہرین نے سفارش کی تھی کہ وینس اور اس کی جھیل کو خطرے کے پیش نظر عالمی ثقافتی ورثہ کی فہرست میں شامل کیا جائے اور یہ دعویٰ کیا کہ اٹلی اس شہر کو موسمیاتی تبدیلیوں اور بڑے پیمانے پر سیاحت کے اثرات سے بچانے کے لیے خاطر خواہ اقدامات نہیں کررہا ہے۔

  • خاتون نے 900 روپے کے عوض خوبصورت ترین شہر میں 3 مکانات خرید لیے

    خاتون نے 900 روپے کے عوض خوبصورت ترین شہر میں 3 مکانات خرید لیے

    امریکا سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون نے اٹلی میں صرف 931 روپے میں تین شاندار مکان خرید لیے۔

    اٹلی کافی عرصے سے اپنے پرانے قصبوں کے متروک مکانات کوڑیوں کے دام فروخت کر رہا ہے، اس کا مقصد ان قصبوں میں پھر سے رونقیں بحال کرنا ہے۔

    ان مکانات کو خریدنے والے اس بات کے پابند ہوتے ہیں کہ وہ ان کی تزئین و آرائش کریں گے جس کے خاصے اخراجات ہیں تقریباً 24 ہزار ڈالر (67 لاکھ پاکستانی روپے)، اور پھر ان میں رہائش اختیار کریں یا کاروباری سرگرمیاں شروع کریں گے۔

    اب امریکی ریاست کیلیفورنیا سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون نے وہاں پر 3 مکانات نہایت معمولی قیمت پر خریدے ہیں۔

    ربیعہ ڈینیلز نامی ان خاتون کا کہنا ہے کہ جب انہوں نے انٹرنیٹ پر ان مکانات کی فروخت کا اشتہار دیکھا تو انہوں نے یہاں سرمایہ کاری کا سوچا۔

    ان کے مطابق انہیں 3 دن لگے حتمی فیصلہ کرنے، ٹکٹ بک کرنے اور پھر روم کی فلائٹ لینے میں، انہوں نے صرف 3.30 ڈالرز یعنی 931 پاکستانی روپے میں یہ مکانات خریدے ہیں۔

    ان کے خریدے گئے مکانات جزیرہ سسلی کے قریب ایک چھوٹے سے قصبے میں ہیں اور اس قصبے کی آبادی 10 ہزار افراد پر مشتمل ہے۔

    ربیعہ کا کہنا ہے کہ وہ ایک گھر میں آرٹ گیلری قائم کریں گی جبکہ دوسرے میں ویل نیس سینٹر بنائیں گی۔

  • بے نظیر پروگرام: اٹلی 50 کروڑ ڈالر کی امداد دے گا

    بے نظیر پروگرام: اٹلی 50 کروڑ ڈالر کی امداد دے گا

    اسلام آباد: پاکستان، بے نظیر نشونما پروگرام کے لیے اٹلی سے 50 کروڑ ڈالر کی امداد وصول کرے گا، رقم شیر خوار بچوں اور ماؤں کی صحت اور غذائیت سے بھرپور خوراک فراہم کرنے پر خرچ کی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق وزارت اقتصادی امور کا کہنا ہے کہ پاکستان اور اٹلی کے درمیان 50 کروڑ ڈالر کا معاہدہ ہوا ہے، اٹلی پاکستان کو 50 کروڑ ڈالر کی رقم فراہم کرے گا۔

    وزارت اقتصادی امور کا کہنا ہے کہ رقم پاکستان میں بے نظیر نشونما پروگرام کے لیے خرچ کی جائے گی۔

    وزارت کے مطابق اٹلی 2 سال سے کم عمر 16 ہزار بچوں کے لیے غذائیت سے بھرپور خوراک فراہم کرے گا، رقم سے بلوچستان میں 2 سال سے کم عمر بچوں کی ماؤں کے لیے صحت کا پروگرام بھی شروع ہوگا۔

  • اٹلی کی جعلی اسٹیمپ، عمرے کے لیے جانے والے 2 مسافر پرواز سے آف لوڈ

    اٹلی کی جعلی اسٹیمپ، عمرے کے لیے جانے والے 2 مسافر پرواز سے آف لوڈ

    کراچی: پاسپورٹ پر اٹلی روانگی کی جعلی اسٹیمپ والے 2 مسافروں کو لاہور ایئرپورٹ پر پرواز سے آف لوڈ کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے امیگریشن نے لاہور ایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے عمرے کی غرض سے جانے والے 2 مسافروں کو آف لوڈ کر دیا۔

    مسافر فلائٹ نمبر ER821 کے ذریعے جدہ جا رہے تھے، تاہم ان کے پاسپورٹ پر اٹلی روانگی کی جعلی اسٹیمپ لگی ہوئی تھی، مسافروں کی آمد و روانگی کے حوالے سے بھی سسٹم میں کوئی ریکارڈ موجود نہ تھا۔

    ایف آئی اے ترجمان کا کہنا تھا کہ ابتدائی تفتیش سے معلوم ہوا کہ ملزمان نے مجموعی طور پر 6 لاکھ روپے کے عوض ایجنٹ سے ویزے حاصل کیے تھے۔

    ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزمان کو قانونی کارروائی کے لیے اینٹی ہیومن ٹریفیکنگ سرکل لاہور منتقل کر دیا گیا ہے۔