Tag: Italy’

  • اطالوی کوسٹ گارڈ نے فلمی انداز میں 1000 سے زائد تارکین کو ریسکیو کر لیا

    اطالوی کوسٹ گارڈ نے فلمی انداز میں 1000 سے زائد تارکین کو ریسکیو کر لیا

    روم: اطالوی کوسٹ گارڈ نے فلمی انداز میں 1000 سے زائد تارکین کو ریسکیو کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق اطالوی کوسٹ گارڈ نے تارکینِ وطن کو بچانے کے لیے سمندر میں ریسکیو آپریشن کرتے ہوئے فلمی انداز میں ایک ہزار سے زائد تارکین کو بچا لیا۔

    اطالوی کوسٹ گارڈ نے کلابریا کے علاقے میں کشتیوں میں سوار سیکڑوں پناہ گزینوں کو بچانے کے لیے متعدد امدادی کارروائیاں شروع کر رکھی ہیں۔ ایک اندازے کے مطابق اٹلی کے ساحل پر اب بھی 1300 افراد خطرے میں ہیں۔

    وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ ان کارروائیوں کا آغاز اٹلی کے پناہ گزینوں کی سمندری بچاؤ کی صلاحیتوں کی جانچ پڑتال کرنا ہے۔ دو ہفتے قبل ہی اٹلی کے ساحل پر ایک کشتی تباہ ہونے کی وجہ سے کم از کم 73 افراد ڈوب کر مر گئے تھے، کشتی میں پاکستانی تارکین وطن بھی سوار تھے۔

    کوسٹ گارڈ نے جمعے کو ایک بیان میں کہا کہ بچاؤ کی کارروائیاں بہت پیچیدہ ہیں کیوں کہ جن کشتیوں پر بڑی تعداد میں لوگ سوار وہ سمندر میں ادھر ادھر بہتی جا رہی ہیں۔

    رپورٹس کے مطابق کوسٹ گارڈ کے جہاز ایک کشتی پر سوار 500 افراد کو بچانے کے لیے روانہ کیے گئے تھے، کلابریا سے تقریباً 160 کلومیٹر دور مشکل میں گرفتار دو مزید کشتیوں پر 800 افراد کو بچانے کے لیے بھی دیگر جہاز بھیجے گئے تھے۔ اس وقت مجموعی طور پر تین کشتیوں پر سوار تارکین وطن کو بچانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

    اطالوی خبر رساں ایجنسی اے این ایس اے کے مطابق کوسٹ گارڈ نے بحریہ کی پٹرول بوٹ سے اضافی مدد طلب کر لی ہے، وزارت داخلہ نے ایک بیان میں کہا کہ فوجی جہاز مطلوبہ امداد کے لیے روانہ ہو چکا ہے۔

  • اٹلی کشتی حادثے میں جاں بحق 7 پاکستانیوں کی میتیں پہنچ گئیں

    اٹلی کشتی حادثے میں جاں بحق 7 پاکستانیوں کی میتیں پہنچ گئیں

    لاہور: اٹلی کشتی حادثے میں جاں بحق پاکستانیوں کی میتیں پنجاب کے شہر لاہور پہنچ گئی ہیں۔

    اوورسیز پاکستانی فاؤنڈیشن کے مطابق اٹلی میں کشتی حادثے میں جاں بحق ہونے والے 9 پاکستانیوں میں سے 7 کے جسد خاکی لاہور پہنچ گئے۔

    لاہور پہنچنے والی میتوں میں ایک خاتون کی میت بھی شامل ہے، پاکستانی جاں بحق افراد کی میتیں تیونس سے سعودی ایئر کی پرواز ایس وی 734 کے ذریعے براستہ جدہ لاہور لائی گئی ہیں۔

    اوورسیز پاکستانی فاؤنڈیشن کے نمائندے نے میتیں وصول کر کے ورثا کے حوالے کر دیں، ساتوں افراد کی میتیں گجرات ڈویژن روانہ کی گئی ہیں۔

    واضح رہے کہ اٹلی کشتی حادثے میں پاکستانی ہاکی ٹیم کی خاتون کھلاڑی بھی جاں بحق ہو گئی تھیں۔

  • پاکستانی سفیر نے کشتی ڈوبنے کے واقعے میں پاکستانی شہریوں کی ہلاکت کی تردید کر دی

    پاکستانی سفیر نے کشتی ڈوبنے کے واقعے میں پاکستانی شہریوں کی ہلاکت کی تردید کر دی

    اسلام آباد: اٹلی میں تعینات پاکستانی سفیر نے کشتی ڈوبنے کے واقعے میں پاکستانی شہریوں کی ہلاکت کی تردید کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق اٹلی میں غیر قانونی تارکین وطن کی کشتی ڈوبنے کے واقعے میں اموات کی تعداد 63 ہو گئی ہے، بی بی سی سے بات کرتے ہوئے پاکستانی سفیر نے کہا کہ کشتی میں 20 پاکستانی سوار تھے، جن میں سے 16 کو بچا لیا گیا ہے اور 4 لا پتا ہیں۔

    پاکستانی سفیر نے کہا کہ لا پتا پاکستانیوں کی معلومات جلد مل جائیں گی، کشتی حادثے میں بچ جانے والے پاکستانیوں کے ساتھ پاکستانی سفارت خانے کے ایک سینئر اہل کار نے ملاقات کی ہے، ان کی حالت بہتر ہے۔

    ادھر ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستانی سفارت خانہ اطالوی حکام سے 4 لا پتا پاکستانیوں سے متعلق قریبی رابطے میں ہے۔

    اٹلی: کشتی ڈوبنے کے واقعے میں‌ 140 لاشیں نکال لی گئیں، 28 پاکستانیوں کی شناخت

    خیال رہے کہ اس سے قبل بتایا گیا تھا کہ کشتی میں تقریباً 250 افراد سوار تھے، جن میں 40 پاکستانی شامل تھے، اور ملنے والی جن لاشوں کی شناخت ہوئی تھی ان میں 28 پاکستانی بھی تھے۔

    رپورٹس کے مطابق ترکی سے روانہ ہوئی کشتی میں 200 افراد سوار تھے، کشتی اس وقت تباہ ہوئی جب اس نے اٹلی کے جنوبی علاقے کروٹون میں لنگر انداز ہونے کی کوشش کی۔

  • اٹلی: کشتی ڈوبنے کے واقعے میں‌ 140 لاشیں نکال لی گئیں، 28 پاکستانیوں کی شناخت

    اٹلی: کشتی ڈوبنے کے واقعے میں‌ 140 لاشیں نکال لی گئیں، 28 پاکستانیوں کی شناخت

    اٹلی: اطالوی ساحل کے قریب کشتی تباہ ہونے سے سو سے زائد افراد ہلاک ہو گئے ہیں، سمندر سے 140 افرد کی لاشیں نکال لی گئی ہیں، جن میں سے 28 پاکستانیوں کی بھی شناخت ہو گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اطالوی ساحلی شہر کروٹون کے جنوبی علاقے کیلابریا میں غیر قانونی تارکین وطن اور مہاجرین کو لے جانے والی ایک کشتی تباہ ہو کر ڈوبنے سے بچوں سمیت درجنوں افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

    الجزیرہ کے مطابق یہ کشتی کئی روز قبل ترکی سے افغانستان، ایران، پاکستان اور کئی دیگر ممالک کے تارکین وطن کے ساتھ روانہ ہوئی تھی اور اتوار کو طوفانی موسم میں کیلابریا کے مشرقی ساحل پر واقع ایک ساحلی تفریحی مقام کے قریب ٹوٹ کر تباہ ہو گئی۔

    حادثے میں 100 کے قریب لوگوں کو بچا لیا گیا ہے، جب کہ 140 لاشیں نکال لی گئی ہیں، کشتی میں تقریباً 250 افراد سوار تھے، جن میں 40 پاکستانی بھی شامل تھے، لاشوں میں 28 پاکستانیوں کی شناخت ہو چکی ہے۔

  • دیوار سے نکلنے والا درخت جو الٹا لٹک رہا ہے

    دیوار سے نکلنے والا درخت جو الٹا لٹک رہا ہے

    روم: اٹلی میں ایک عمارت کی محراب کے اندر ایک درخت موجود ہے جو الٹا زمین کی طرف لٹک رہا ہے، اس پر کبھی کبھار انجیر کا پھل بھی اگ آتا ہے۔

    بایائے نامی آثارِ قدیمہ میں ایک قدیم محراب بنی ہے جو رومیوں کے عہد میں تعمیر کی گئی تھی، اس غار نما محراب کی چھت کے عین درمیان میں انجیر کا یہ درخت لگا ہوا ہے اور اب بھی بڑھ رہا ہے۔

    ماہرین ہوں یا عام افراد کوئی بھی یہ بتانے سے قاصر ہے کہ یہ درخت آخر کس نے اگایا یا کس طرح نمو سے گزر رہا ہے؟ تاہم اتنا ضرور معلوم ہوا ہے کہ یہ شجر مضبوط ہورہا ہے اور کبھی کبھار اس پر انجیر بھی اگ آتی ہے۔

    بعض ماہرین کا خیال ہے کہ اینٹ گارہ بنانے کے دوران انجیر کا بیج بھی پلستر میں مل کر محراب کا حصہ بن گیا اور مناسب ماحول کی وجہ سے اگ آیا تھا۔

    واضح رہے کہ یہ انجیر کی قدیم ترین قسم بھی ہے جو دنیا میں کئی مقامات پر ملتا ہے۔ 9 ہزار 400 قبل مسیح میں اردن کی وادی میں بھی اسی قسم کی انجیر اگتی تھی جس کے رکاز (فاسل) بھی ملے ہیں۔

    انجیر کے یہ درخت خشک اور دھوپ والے مقامات پر افزائش پاتے ہیں اور پانی کی معمولی مقدار ہی ان کے لیے کافی ہوتی ہے، تاہم الٹے درخت کو دیکھنے کے لیے لوگ دور دور سے آتے ہیں جو بلاشبہ ایک نباتاتی عجوبہ ہے۔

  • وائرل ویڈیو: سمندر کی غضب ناک لہروں میں تنکے کی طرح ڈوبتا ابھرتا جہاز

    روم: اٹلی کے ایک جزیرے کے قریب سمندری طوفان میں بحری جہاز پھنسنے کی دل دہلا دینے والی ویڈیو وائرل ہوئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اٹلی کے پونزا جزیرے سے سفر کرنے والی ایک فیری سمندر کی بلند لہروں کی زد میں آ گئی، اونچی لہریں فیری کو خوف ناک طریقے سے اچھالتی رہیں۔

    وائرل ہونے والی ویڈیوز میں سمندر کی غضب ناک لہروں میں تنکے کی طرح ڈوبتے ابھرتے جہاز کو بہ خوبی دیکھا جا سکتا ہے۔

    ویڈیو دیکھ کر ایسا لگتا ہے جیسے ہالی ووڈ کی کسی فلم کا منظر ہو، جس میں بحری جہاز سمندر طوفان کی زد میں آ گیا ہو، اور کسی بھی وقت تباہ ہونے والا ہو۔

    رپورٹس کے مطابق یہ جہاز پانچ گھنٹے تک سمندری طوفان میں پھنسا رہا اور تنکے کی طرح ہچکولے کھاتا رہا، تاہم جہاز تباہ ہونے سے بچ گیا۔

  • نیمل خاور چھٹیاں گزارنے اٹلی پہنچ گئیں

    نیمل خاور چھٹیاں گزارنے اٹلی پہنچ گئیں

    معروف اداکارہ نیمل خاور تعطیلات گزارنے اٹلی پہنچ گئیں، ان کی خوبصورت تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔

    تفصیلات کے مطابق معروف پاکستانی اداکارہ نیمل خاور نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر اپنی تعطیلات کی تصاویر پوسٹ کیں۔

    نیمل اس وقت اٹلی میں موجود ہیں جہاں انہوں نے اطالوی شہر فلورینس کا دورہ کیا، اور اس کی تصاویر بھی پوسٹ کیں۔

    تصاویر میں انہیں موسم سرما کے ملبوسات اور اونی ٹوپی پہنے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

    نیمل کی تصاویر کو بے شمار مداحوں نے لائیک کیا اور اس پر تبصرے بھی کیے۔

    خیال رہے کہ نیمل خاور معروف اداکار حمزہ علی عباسی کے ساتھ سنہ 2019 میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئی تھیں۔

    شوبز انڈسٹری سے کنارہ کشی اختیار کرنے والی جوڑی حمزہ علی عباسی اور نیمل خاور عباسی کے ہاں گزشتہ برس بیٹے کی پیدائش ہوئی تھی۔

  • اس خوبصورت قصبے میں رہنے کے لیے ملیں گے 60 لاکھ روپے

    اس خوبصورت قصبے میں رہنے کے لیے ملیں گے 60 لاکھ روپے

    روم: یورپی ممالک میں بسنا ہر کسی کا خواب ہوتا ہے، اگر آپ بھی ایسی ہی خواہش رکھتے ہیں تو یہ پیشکش آپ ہی کے لیے ہے۔

    اٹلی کے جنوبی جزیرے پریسچے میں آ کر بسنے والے افراد کو 30 ہزار یورو (68 لاکھ پاکستانی روپے سے زائد) فی کس دینے کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔

    اس منصوبے کا مقصد آبادی کی کمی کے مسئلے پر قابو پانا ہے، اس مقصد کے لیے حکومت نے کروڑوں یورو کی رقم مختص کی ہے جو ہزاروں افراد کو دینے کے لیے کافی ہے۔

    پریسچے میں بسنے والوں کو یہ رقم وہاں مکان خریدنے کے لیے دی جائے گی۔ یہ خوبصورت قصبہ نیلے پانیوں اور خوبصورت ساحل کے قریب آباد ہے اور قدرتی نظاروں سے گھرا ہوا ہے۔

    اٹلی میں اس سے پہلے بھی مختلف علاقوں میں اسی طرح لوگوں کو آ کر بسنے کی ترغیب دی جاتی رہی ہے۔

    دراصل اٹلی میں معمر افراد کی آبادی میں اضافے کے بعد اس بات کی کوشش کی جارہی ہے کہ نوجوانوں کی آبادی میں بھی اضافہ ہو، اس مقصد کے لیے دنیا بھر سے لوگوں کو وہاں بسنے کی پیشکش کی جاتی ہے۔

    اٹلی کے اکثر مقامات پر ہزاروں گھر خالی پڑے ہیں جو بہت بڑا مسئلہ ہے جس کا حل اکثر مختلف قسم کی پرکشش آفرز کی شکل میں پیش کیا جاتا ہے، اس کے ساتھ مکان کی تزئین نو ایک مخصوص وقت میں کرنے کی شرط بھی عائد کی جاتی ہے۔

  • دماغ کی سرجری کے دوران مریض باجا بجاتا رہا

    دماغ کی سرجری کے دوران مریض باجا بجاتا رہا

    روم: اٹلی میں ایک مریض کے دماغ کا حیران کن طور سے آپریشن ہوا ہے، سرجری کے دوران مریض سیکسو فون بجاتا رہا۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایک ویڈیو سامنے آئی ہے جس میں اٹلی میں ایک مریض کے دماغ کی سرجری دکھائی گئی ہے، اس ویڈیو میں مریض موسیقی کا ایک آلہ سیکسوفون بجاتا دکھائی دیتا ہے۔

    یہ سرجری 9 گھنٹے طویل تھی، ڈاکٹروں نے 35 سالہ موسیقار کے دماغ میں رسولی تشخیص کی تھی، جس کی سرجری کے لیے وہ اسپتال آیا۔

    نو گھنٹے پر مشتمل دماغ کی سرجری کے دوران مریض نے 1970 کی دہائی کا مشہور گانا ’لوو اسٹوری‘ کی دھن بجائی اور ساتھ ہی وہ اٹلی کے قومی ترانے کی دھن بھی بجاتا رہا۔

    نیورو سرجن کا کہنا تھا کہ سرجری کے دوران مریض کو بے ہوش نہیں کیا گیا، تاکہ سرجنز کو یقین رہے کہ مریض کے اعصاب فعال ہیں۔

    ڈاکٹروں نے مزید بتایا کہ مریض کو سرجری کے دوران جگا کر رکھنے کی ایک بڑی وجہ درست نیورونل نیٹ ورک کا پتا لگانا تھا، جو دماغ کے مختلف فنکشنز کو کنٹرول کیے ہوئے ہیں، جن میں بولنے، دیکھنے، حرکت کرنے اور یاد رکھنے سمیت دیگر افعال شامل ہیں۔

    اسپتال انتظامیہ کے مطابق موسیقار کی دماغی سرجری کامیاب رہی، اور اب وہ ایک عام صحت مند فرد جیسی زندگی گزار سکتا ہے۔

  • اٹلی میں آتش فشاں پھٹ پڑا (ویڈیو)

    اٹلی میں آتش فشاں پھٹ پڑا (ویڈیو)

    اسٹرمبولی: اطالوی جزیرے اسٹرمبولی پر آتش فشاں پھٹ پڑا ہے جس سے لاوے کا بہاؤ سمندر تک پہنچ گیا۔

    تفصیلات کے مطابق اطالوی جزیرے اسٹرومبولی پر ایک آتش فشاں پھٹا ہے جس سے ہزاروں فٹ تک دھوئیں اور راکھ کے بادل فضا میں اڑے۔

    پہاڑ پھٹنے سے ایک پائروکلاسٹک بہاؤ اور لاوا بہہ نکلا جو پہاڑ کے کنارے سے نیچے دوڑتا ہوا ٹائرہینیئن سمندر کے پانیوں تک پہنچ گیا۔

    سسلی کے قریب جنوبی اطالوی ساحل پر واقع یہ آتش فشاں مقامی وقت کے مطابق اتوار کو پھٹا، آتش فشاں اور لاوا بہنے سے تین منٹ تک علاقے میں زلزلہ بھی ریکارڈ کیا گیا۔

    یہ آتش فشاں باقاعدہ طور پر پھٹنے اور لاوا بہنے سے قبل اس میں پہلا بڑا دھماکا 29 ستمبر کو ریکارڈ کیا گیا تھا۔

    حکام نے الرٹ جاری کر دیا ہے، اٹلی کے محکمہ شہری تحفظ نے الرٹ کو پیلے رنگ سے نارنجی کر دیا اور کہا ہے کہ آتش فشاں میں عدم توازن کی صورت حال برقرار ہے، اس لیے سخت نگرانی کی جا رہی ہے۔

    اسٹرمبولی کا جزیرہ سسلی کے شمال میں واقع ہے اور یہ اسٹرمبولی پہاڑ کا گھر ہے، جو کہ زمین پر سب سے زیادہ فعال آتش فشاؤں میں سے ایک ہے، اور یہ پچھلے 90 برس سے مسلسل پھٹ رہا ہے۔

    یہ پہاڑ سطح سمندر سے تقریباً 3 فٹ بلندی پر کھڑا ہے، اسے ’بحیرہ روم کا لائٹ ہاؤس‘ بھی کہا جاتا ہے کیوں کہ جزیرے کے کئی مقامات کے ساتھ ساتھ ارد گرد کے پانیوں سے بھی اس کے پھٹنے کا منظر اکثر دیکھا جا سکتا ہے۔