Tag: Italy’

  • اٹلی کا سیزنل ورک ویزا، پاکستانیوں کے لیے بڑی خوش خبری

    اٹلی کا سیزنل ورک ویزا، پاکستانیوں کے لیے بڑی خوش خبری

    اسلام آباد: اٹلی کے لیے پاکستانی سفیر جوہر سلیم نے کہا ہے کہ اٹلی نے پاکستان کو 2022 کے لیے سیزنل ورک ویزا کی لسٹ میں شامل کر لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان سفیر جوہر سلیم نے کہا ہے کہ اٹلی نے سیزنل ورک ویزا لسٹ میں پاکستان کو شامل کر لیا ہے، سیزنل ورک ویزا پاکستانی لیبر فورس کے لیے بڑی خوش خبری ہے۔

    جوہر سلیم کے مطابق کرونا وبا کے باوجود پاکستان کی اٹلی کو برآمدات میں 9.1 فی صد اضافہ ہوا ہے، پاکستان کی برآمدات گزشتہ سال 786 ملین ڈالر رہی جو بلند ترین سطح ہے، جب کہ دوسری طرف وبا کے باعث غیر یورپی ممالک سے اٹلی کی درآمدات میں 14 فی صد کمی ہوئی۔

    Image
    اٹلی کے لیے پاکستانی سفیر جوہر سلیم

    انھوں نے کہا پاکستان نے 300 ملین ڈالر کا تجارتی سرپلس ریکارڈ کیا ہے، اٹلی میں چاول کی مجموعی مارکیٹ میں پاکستان کا حصہ 37.4 فی صد ہے، پاکستانی باسمتی کو اٹلی زیادہ پسند کیا گیا ہے۔

    پاکستانی سفیر جوہر سلیم کے مطابق پاکستانی ورکرز نے بلند ترین 601 ملین ڈالر بطور ترسیلات زر بھیجے، یوں اٹلی سے پاکستان کو ترسیلات زر میں 66 فی صد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

  • انگلینڈ کو ہوم گراؤنڈ میں شکست، اٹلی یورپ کا نیا فٹبال چیمپئین بن گیا

    انگلینڈ کو ہوم گراؤنڈ میں شکست، اٹلی یورپ کا نیا فٹبال چیمپئین بن گیا

    لندن : اٹلی یورپ کا نیا فٹبال چیمپئین بن گیا، اٹلی نے انگلینڈ کوسنسنی خیزمیچ میں دو کے مقابلے تین گول سے شکست دی۔

    تفصیلات کے مطابق اٹلی انگلینڈ کو ہوم گراؤنڈ میں شکست دے کریوروکپ کا فاتح بن گیا ، یوروکپ فائنل کے سنسنی خیز فائنل میچ کا فیصلہ پنالٹی شوٹ آؤٹس پر ہوا، جو اٹلی نے دو کے مقابلہ میں تین گول سے جیت لیا۔

    ویمبلے اسٹیڈیم میں کھیلےگئے یورو کپ کےفائنل میں انگلینڈ کےلیوک شا نے میچ کے دوسرے ہی منٹ میں اٹلی کے خلاف پہلا گول داغا
    تاہم اٹلی کے لیونارڈو بونوجی نے میچ کے سڑسٹھ ویں منٹ پر جوابی گول کرکےمیچ برابرکردیا۔

    مقررہ وقت کےاختتام پر میچ ایک ایک گول سے برابر تھا، جس کے بعد میچ کو نتیجہ خیز بنانےکیلئے چھ منٹ کے اضافی وقت کےبعد ساتھ پندرہ پندرہ منٹ کےدوہاف دئے گئے ، اس دوران کوئی ٹیم گول نہ کردلی۔

    بعد ازاں پنالٹی شوٹ آؤٹس میں بہتر کارکردگی کے باعث اٹلی یوروکپ کا نیا چیمپیئین بن گیا، اٹلی کی فتح کیساتھ ہی روم میں ہزاروں افراد جشن مناتے سڑکوں پر نکل آئے اور آتش بازی کا شاندار مظاہرہ کیا۔

  • آرٹسٹ نے نظر نہ آنے والا مجسمہ لاکھوں میں فروخت کر دیا، لوگ حیران (ویڈیو دیکھیں)

    آرٹسٹ نے نظر نہ آنے والا مجسمہ لاکھوں میں فروخت کر دیا، لوگ حیران (ویڈیو دیکھیں)

    روم: اٹلی میں ایک آرٹسٹ نے ’نادیدہ مجسمہ‘ لاکھوں روپے میں فروخت کر دیا، لوگ اس دکھائی نہ دینے والے مجسمے کی فروخت پر حیران رہ گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق اٹلی کے مشہور آرٹسٹ سالواتورے گارؤ نے ایک ایسا مجسمہ 18 ہزار ڈالرز (13 لاکھ روپے سے زائد) میں فروخت کیا ہے جو کسی کو دکھائی نہیں دیتا، دل چسپ بات یہ ہے کہ خریدار کو اس کی سندِ اعتبار بھی فراہم کی گئی ہے، جو اس بات کو ثابت کرتی ہے کہ یہ حقیقی ہے۔

    لوگ ایک غیر مرئی مجسمہ اتنا مہنگا خریدے جانے پر سر کھجا کر ہی رہ گئے، اگرچہ یہ رقم آرٹ کی دنیا میں بہت کم ہے تاہم یہی رقم بہت زیادہ لگنے لگتی ہے جب اسے ایک غیر مادی مجسمے کے لیے خرچ کیا گیا ہو۔

    یعنی کسی نے ہزاروں ڈالر ایک ایسے نظر نہ آنے والے فن پارے کے لیے پھینک دیے ہیں، جو سچ میں کسی بھی چیز سے نہیں بنا، اس فن پارے کو اطالوی میں Io Sono یعنی ’میں ہوں‘ کا عنوان دیا گیا ہے، اور اسے ایک نامعلوم شخص نے خریدا۔

    آرٹ رائٹ نامی آکشن ہاؤس نے اس غیر مرئی مجسمے کی نیلامی مئی میں شروع کی تھی، بولی کا آغاز 7 ہزار ڈالر سے ہوا، آخر کار ایک شخص نے اسے 18300 ڈالر میں خرید لیا، جس کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی ہے۔

    آرٹسٹ سالواتورے گارؤ نے اس مجسمے کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ انھیں مجسمے کو ایک خلا کے طور پر سوچنا مرغوب ہے۔ واضح رہے کہ خلا (ویکیوم) توانائی سے بھری ہوئی ایک جگہ ہوتی ہے، جرمن طبیعیات دان وارنر ہائزنبرگ کے’غیر یقینی صورت حال‘ کے اصول کے مطابق اگر اس خلا کو خالی بھی کیا جائے تو وہاں کچھ نہیں بچتا، لیکن اس کچھ نہیں کا بھی ایک وزن ہوتا ہے، لہٰذا اس خلا میں توانائی ہے جو کثیف اور ذرات میں تبدیل شدہ ہوتی ہے، اور یہ ہم میں ہوتی ہے۔

    اٹلی کے مشہور آرٹسٹ سالواتورے گارؤ

    لوگوں کی طرف سے تنقید کے بعد گارؤ نے اپنے دفاع میں کہا کہ کیا ہم نے خدا کو صورت گری نہیں کی ہے، حالاں کہ ہم نے اسے بھی کبھی نہیں دیکھا۔

    امریکی اخبار کے مطابق یہ گارؤ کا پہلا نادیدہ مجسمہ نہیں ہے، بلکہ فروری میں انھوں نے ’بدھا مراقبے میں‘ کے عنوان والا نادیدہ مجسمہ بھی شہر میلان میں ایک عوامی جگہ پر رکھ کر اس کی نمائش کرائی تھی۔

    رواں ہفتے انھوں نے ایک اور مجسمہ افروڈائٹ کے نام سے نیویارک اسٹاک ایکسچینج کے سامنے رکھ کر اس کی نمائش کرائی تھی۔

  • روس نے اٹلی کے ڈپٹی نیول اتاشی کو ملک بدر کر دیا

    روس نے اٹلی کے ڈپٹی نیول اتاشی کو ملک بدر کر دیا

    ماسکو: روس نے اٹلی کے سفارت کار کو ملک بدر کرتے ہوئے اٹلی میں تعینات اپنے سفیر کو طلب کر لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق روسی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ پیر کو ماسکو نے اطالوی نائب بحری اتاشی سی پیسیفسی کو پرسونا نان گریٹا (ناپسندیدہ شخصیت) قرار دیتے ہوئے ملک سے نکال دیا۔

    گزشتہ ماہ اٹلی نے 2 روسی سفارت کاروں کو ملک سے نکال دیا تھا، روس کی جانب سے اس کارروائی کو بے بنیاد قرار دے کر اس کا جواب دیا گیا، تاہم ایک اطالوی سفارت کار کی ملک بدری اس بات کا اشارہ ہو سکتی ہے کہ ماسکو اٹلی کے خلاف کوئی جارحانہ کارروائی نہیں کرنا چاہتا۔

    ماسکو کے دیگر مغربی ممالک کی نسبت اٹلی کے ساتھ زیادہ گرم جوش تعلقات استوار رہے ہیں، تاہم اطالوی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ روسی اقدام بے بنیاد اور غیر منصفانہ ہے۔

    اطالوی پولیس نے مارچ میں کہا تھا کہ انھوں نے ایک اطالوی بحریہ کپتان کو ایک روسی فوجی عہدے دار کو رقم کے بدلے خفیہ دستاویزات دیتے ہوئے پکڑا تھا۔ واضح رہے کہ یہ واقعہ حالیہ مہینوں میں یورپی ممالک میں روسیوں کے خلاف جاسوسی کے الزامات لگانے کے سلسلے میں تازہ ترین تھا۔

    متعدد سابق سوویت بلاک ممالک کی جانب سے اس ماہ یہ اعلان کیا جا چکا ہے کہ وہ روسی سفارت کاروں کو ملک بدر کر رہے ہیں، جو یقیناً ماسکو کو جوابی کارروائی پر اکسا رہے ہیں۔

    اٹلی کے خلاف جوابی کارروائی کرتے ہوئے 26 اپریل کو ماسکو میں اٹلی کے سفیر پاسکوئل ٹیرسکوئن کو روسی وزارت خارجہ طلب کیا گیا جہاں انھیں وزارت کی جانب سے ایک حکم نامہ دیا گیا، جس میں کہا گیا تھا کہ اطالوی نائب بحری اتاشی کو ناپسندیدہ شخصیت قرار دیا گیا ہے۔

    روسی وزارت خارجہ کے ایک عہدے دار نے بتایا کہ روم میں روسی سفارت خانے کے دفاعی اتاشی کے دفتر کے خلاف اٹلی کے حکام کی غیر منصفانہ اور بے بنیاد کارروائیوں کے جواب میں روس نے یہ قدم اٹھایا ہے۔

  • یورپی ملک میں کرونا کے بعد ڈرا دینے والے حالات پیدا ہو گئے

    یورپی ملک میں کرونا کے بعد ڈرا دینے والے حالات پیدا ہو گئے

    روم: کرونا وائرس کی وبا نے جہاں دنیا بھر میں ہلاکتوں کے ریکارڈ توڑے ہیں وہاں اٹلی میں ڈرا دینے والے حالات پیدا ہو گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق یورپی ملک اٹلی ایک بڑے المیے کا شکار ہو گیا ہے، کرونا وبا کے باعث یہاں شادیاں اور شرح پیدائش کم ہو گئی ہے جب کہ ملک میں جنازے زیادہ اٹھنے لگے ہیں۔

    میڈیا کا کہنا ہے کہ اٹلی میں وبا کے باعث شادیوں اور شرح پیدائش میں واضح کمی ہوئی ہے، اور جنازے بہت زیادہ ہو گئے ہیں، اس الم ناک صورت حال کے نتیجے میں ملکی آبادی میں گزشتہ برس تقریباً 4 لاکھ کی کمی ریکارڈ کی گئی۔

    بحیرہ روم کے کنارے واقع اٹلی کا شمار ان ممالک میں ہوتا ہے جہاں مجموعی آبادی کے تناسب سے کرونا کے باعث ہلاکتوں کی مجموعی شرح بہت زیادہ رہی ہے، اسی لیے اب وہاں ملکی آبادی کو ایسی صورت حال کا سامنا ہے، جسے ماہرین ’ڈرا دینے والے حالات‘ سے موسوم کر رہے ہیں۔

    کرونا وبا کے باعث اب تک اٹلی میں 1 لاکھ 7 ہزار 636 افراد ہلاک ہو چکے ہیں، جس کی وجہ سے آبادی میں کمی کا تیز رفتار رجحان سامنے آیا ہے۔

    اٹلی میں مجموعی آبادی میں کمی کا رجحان یوں تو 2015 سے جاری ہے مگر قومی شماریاتی ادارے کے مطابق 2020 میں یکم جنوری سے لے کر 31 دسمبر تک کے عرصے میں شادیوں اور بچوں کی پیدائش میں واضح کمی ہوئی، دوسری طرف بے تحاشا انسانی اموات کے باعث ملکی آبادی میں 3 لاکھ 84 ہزار کی کمی ہوئی۔ یہ تعداد مشہور شہر فلورنس کی کُل آبادی کے تقریباﹰ برابر بنتی ہے۔

    دنیا کے سات صنعتی ترقی یافتہ ممالک میں شمار ہونے والے ملک اٹلی کی مجموعی آبادی 60 ملین کی نفسیاتی طور پر اہم حد سے نیچے آ گئی ہے، ماہرین کے مطابق ملک کی کُل آبادی اب 59.3 ملین کے قریب بنتی ہے۔

    دوسری طرف دوہرا المیہ یہ ہے کہ گزشتہ برس ملک میں بچوں کی شرح پیدائش میں بھی کمی کا ایک نیا ریکارڈ دیکھنے میں آیا، 2019 میں اٹلی میں 4 لاکھ 20 ہزار بچے پیدا ہوئے تھے، مگر 2020 میں یہ تعداد 4 لاکھ 4 ہزار رہ گئی، جب کہ پچھلے سال سالانہ اوسط سے نصف سے بھی کم تعداد میں شادیاں ہوئی تھیں۔

    گ‍زشتہ برس اٹلی میں سالانہ بنیادوں پر شہری اموات کی تعداد میں 2019 کے مقابلے میں تقریباﹰ 17 فی صد اضافہ ہوا، اور 1 لاکھ 12 ہزار شہری انتقال کر گئے۔

  • اسپتال کے باہر زمین دھنس گئی، کووڈ 19 کے مریضوں کا ہنگامی اخراج

    اسپتال کے باہر زمین دھنس گئی، کووڈ 19 کے مریضوں کا ہنگامی اخراج

    اٹلی میں ایک اسپتال کے باہر زمین اچانک دھنس گئی اور ایک گہرا گڑھا پڑ گیا، اسپتال میں موجود کووڈ مریضوں کو ہنگامی طور پر اسپتال سے باہر نکالا گیا۔

    یہ واقعہ اٹلی کے شہر نیپلز میں پیش آیا جہاں صبح 6 بجے کے قریب ایک اسپتال کے باہر پارکنگ ایریا کی زمین اچانک دھنس گئی اور ایک گہرا گڑھا پڑگیا۔

    22 ہزار اسکوائر فٹ پر محیط یہ گڑھا 66 فٹ گہرا تھا، زمین دھنسنے سے وہاں موجود سینکڑوں گاڑیاں گڑھے میں گر گئیں، خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان رپورٹ نہیں ہوا۔

    مذکورہ مقام کے قریب اسپتال کا کووڈ وارڈ تھا جہاں سے کرونا مریضوں کو فوری طور پر باہر نکالا گیا، زمین دھنسنے سے علاقے کی فراہمی آب اور بجلی بھی معطل ہوگئی۔

    مقامی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یہ زمین کے نیچے کسی ارضیاتی گڑبڑ کی وجہ سے ہوسکتا ہے، مقامی مجسٹریٹ کی ہدایت پر یہاں تکنیکی ماہرین کو طلب کیا گیا ہے تاکہ اندازہ لگایا جاسکے حادثے کا سبب کیا تھا۔

    انتظامیہ کے مطابق شہر میں دو ہفتے قبل موسلا دھار بارشیں ہوئی تھیں اور اس کے باعث زمین کے نیچے پانی کی سطح میں اضافہ اس حادثے کا سبب ہوسکتا ہے۔

    پولیس کتوں کی مدد سے مذکورہ مقام کا جائزہ لے رہی کہ کہیں کوئی شخص اس جگہ پھنسا ہوا نہ ہو۔

    نیپلز کا مذکورہ اسپتال کرونا وائرس کی پہلی لہر کے دوران کووڈ 19 کے مریضوں کے علاج کا اہم مرکز تھا تاہم اس وقت یہاں کووڈ کے صرف 6 مریض زیر علاج ہیں۔

  • اٹلی کا خوبصورت قصبہ جہاں رہنے کے لیے حکومت گھر اور خطیر رقم فراہم کرے گی

    اٹلی کا خوبصورت قصبہ جہاں رہنے کے لیے حکومت گھر اور خطیر رقم فراہم کرے گی

    اٹلی میں معمر افراد کی آبادی میں اضافے کے بعد اس بات کی کوشش کی جارہی ہے کہ نوجوانوں کی آبادی میں بھی اضافہ ہو، اس مقصد کے لیے دنیا بھر سے لوگوں کو ایک یورو میں خالی مکانات دینے کی پیشکش کی جاتی ہے، جس کا مقصد وہاں کی آبادیوں میں اضافہ کرنا ہے۔

    اٹلی کے اکثر مقامات پر ہزاروں گھر خالی پڑے ہیں جو بہت بڑا مسئلہ ہے جس کا حل اکثر مختلف قسم کی پرکشش آفرز کی شکل میں پیش کیا جاتا ہے، اس کے ساتھ مکان کی تزئین نو ایک مخصوص وقت میں کرنے کی شرط بھی عائد کی جاتی ہے۔

    سنہ 2017 میں اٹلی کے خطے پولیا میں واقع قصبے کینڈیلا میں لوگوں کو بسنے پر 2 ہزار یورو دینے کی پیشکش کی گئی۔

    اب اس سے بھی بہتر پیشکش آبروزو میں واقع گاؤں سانتو اسٹیفنو ڈی سیشنو کی جانب سے کی گئی ہے، جو وہاں بسنے اور کاروبار شروع کرنے والے افراد کو رقم دینے کے ساتھ رہنے کے مکانات کے کرائے میں بھی معاونت فراہم کرے گا۔

    وہاں کے میئر فابیو سانٹاویسا کا کہنا ہے کہ ہم کسی کو کچھ بھی نہیں فروخت کر رہے، یہ کوئی کاروباری قدم نہیں، ہم بس اپنے گاؤں کی رونق بحال کرنا چاہتے ہیں۔

    اس کی شرط ہے کہ خواہشمند افراد کو اٹلی کا شہری ہونا چاہیئے یا شہری بننے کی قانونی اہلیت ہو اور 40 سال یا اس سے کم عمر ہو۔

    یہ پہاڑی گاؤں سطح سمندر سے 1250 فٹ بلندی پر واقع ہے، جہاں اس وقت صرف 115 افراد مقیم ہیں، جن میں سے نصف معمر جبکہ محض 20 سے کم 13 سال سے کم عمر ہیں۔

    ٹاؤن کونس کی جانب سے وہاں منتقل ہونے والے نئے رہائشیوں کو 3 سال تک ہر ماہ ایک مخصوص رقم دی جائے گی۔

    مجموعی طور پر ہر سال 8 ہزار یورو (15 لاکھ پاکستانی روپے سے زائد) دیئے جائیں گے، جبکہ کاروبار کے لیے 20 ہزار یورو (37 لاکھ پاکستانی روپے سے زائد) یکمشت دیے جائیں گے۔

    ان کو رہائش کے لیے ایک جائیداد بھی ملے گی جس کا علامتی کرایہ لیا جائے گا، تاہم یہ علامتی کرایہ کتنا ہوگا، اس بارے میں ابھی کچھ واضح نہیں۔ میئر کے مطابق تمام درخواستوں کا تجزیہ کرنے کے بعد مالیاتی تفصیلات کا تعین کیا جائے گا۔

    اب تک ڈیڑھ ہزار سے زائد افراد نے اس کے لیے درخواستیں دی ہیں مگر کونسل فی الحال صرف 5 جوڑوں کو منتخب کرے گی اور بتدریج اس تعداد میں اضافہ کیا جائے گا۔

  • اطالوی وزیر اعظم کا کرونا کے حوالے سے اہم اعلان

    اطالوی وزیر اعظم کا کرونا کے حوالے سے اہم اعلان

    اٹلی: کرونا وائرس کی دوسری لہر میں اٹلی میں نئے کیسز کی تعداد بڑھتی جا رہی ہے، اطالوی وزیر اعظم نے آج سے ملک بھر میں اسمارٹ لاک ڈاؤن کا اعلان کر دیا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق اٹلی میں کو وِڈ 19 کے نئے کیسز کی تعداد 20 ہزار تک جا پہنچی ہے، وبا کی روک تھام کے لیے اطالوی وزیر اعظم کو ملک میں آج سے اسمارٹ لاک ڈاؤن کا نفاذ کرنا پڑا۔

    اٹلی میں صبح 5 بجے سے شام 6 بجے تک دکانیں اور کاروبار کھلے رہیں گے، شہری صرف ایمرجنسی میں فارم پُر کر کے اسے اپنے ساتھ رکھ کر باہر جا سکیں گے۔

    شام 6 بجے کے بعد ریسٹورنٹ، بارز، اور فاسٹ فوڈز کھانا ٹیک اوے کر سکیں گے، کھیلوں کے میدان، پارک، جم، کلچرل سینٹر، تھیٹر 26 اکتوبر تا 24 نومبر بند رہیں گے۔

    اٹلی میں پبلک ٹرانسپورٹ، بسیں، ریل گاڑیوں اور میٹرو کی تعداد بھی کم کر دی گئی، اطالوی حکومت نے اکتوبر، نومبر میں کام کے کرائسز کے باعث عوام کی امداد کی یقین دہانی بھی کرا دی ہے۔

    واضح رہے کہ اٹلی کرونا کیسز کی تعداد کے لحاظ سے دنیا کے 215 ممالک میں 14 ویں نمبر پر ہے، جہاں کیسز 5 لاکھ 25 ہزار سے تجاوز کر چکے ہیں، جب کہ کرونا سے اب تک اموات کی تعداد 37 ہزار 300 ہے۔

  • اٹلی کا  بزنس ویزا ، پاکستانی صنعت کاروں کیلئے بڑی خبر

    اٹلی کا بزنس ویزا ، پاکستانی صنعت کاروں کیلئے بڑی خبر

    کراچی : اٹلی کے نئے قونصل جنرل نے گورنرسندھ عمران اسماعیل سے ملاقات میں کہا کہ اٹلی نے پاکستانی صنعت کاروں کو بزنس ویزا دینا شروع کردیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق گورنرسندھ عمران اسماعیل سے اٹلی کے نئے قونصل جنرل کی ملاقات ہوئی، ملاقات میں دوطرفہ تجارتی و سفارتی تعلقات اور دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اور صوبہ میں سماجی شعبہ کی ترقی میں اٹلی کے تعاون پر بات چیت کی گئی۔

    گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا پاک اٹلی دوطرفہ تعلقات میں مزید اضافہ وقت کی ضرورت ہے ، سندھ میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔

    اس موقع پر اٹلی کے نئے قونصل جنرل کا کہنا تھا کہ اٹلی نے پاکستانی صنعت کاروں کو بزنس ویزادینا شروع کردیا ہے۔

    یاد رہے پاکستانی سفیر جوہر سلیم نے کہا تھا اٹلی نے پاکستانی ورکرز کے لیے ورک ویزے کی اجازت دے دی ہے، اٹلی رواں سال 30 ہزار ورک ویزے جاری کرے گا۔

    جوہر سلیم کا کہنا تھا کہ 2 سال کی کوششوں کے بعد پاکستان دوبارہ ورک ویزا لسٹ میں شامل ہوا ہے، اٹلی میں مقیم پاکستانیوں کا بھی مطالبہ تھا کہ پاکستانی ورکرز کو ویزا دیا جائے، ورک ویزوں کے اس موقع سے شعبہ زراعت، سیاحت، تعمیرات اور فریٹ سے منسلک لوگ فائدہ اٹھا سکتے ہیں، ہماری کوشش ہوگی کہ پاکستانی ورکرز اس موقع سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔

  • کبوتر کی کھوپڑی میں سوئی آر پار پھنس گئی، جان بچانے کے لیے پیچیدہ آپریشن

    کبوتر کی کھوپڑی میں سوئی آر پار پھنس گئی، جان بچانے کے لیے پیچیدہ آپریشن

    لمبارڈی: اٹلی کے علاقے لمبارڈی کے شہر مونزا میں ایک کبوتر کی کھوپڑی میں سرنج کی سوئی آر پار پھنس گئی تھی، جس کا آپریشن کر کے کبوتر کو بچا لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ڈارڈو نامی نر کبوتر کے بارے میں یہ اندازا لگایا گیا ہے کہ وہ کسی ظالم شخص کے ظلم کا تختہ مشق بنا تھا، جس نے اس کے سر میں سرنج کی 3 انچ لمبی سوئی چھبو دی تھی جو آر پار ہو گئی تاہم کبوتر کی خوش قسمتی تھی کہ ایک نازک آپریشن کے بعد سوئی نکال کر اسے بچا لیا گیا۔

    یہ کبوتر لمبارڈی کے شہر مونزا کے ویلا ریئل پارک میں دیکھا گیا تھا، لیکن دس دنوں تک پکڑے جانے سے بچا رہا، آخر کار بڑی کوششوں کے بعد مراکش سے تعلق رکھنے والے کتوں کے ایک ٹرینر سعید بائد نے اسے دو اور ساتھیوں کے ساتھ مل کر پکڑ لیا۔

    کبوتر کو آکسیجن ماسک لگایا جا رہا ہے، سر میں آر پار گھسی ہوئی سوئی بھی واضح نظر آ رہی ہے

    سعید بائد نے مقامی اخبار کو بتایا کہ وہ روزانہ صبح 7 بجے پارک کھلنے پر وہاں پہنچ جاتے ہیں، انھوں نے کئی دنوں تک کبوتروں کے دو گروپس کی حرکات و سکنات نوٹ کیں، جس کبوتر کی کھوپڑی میں سوئی پھنسی تھی وہ دن میں تین مرتبہ خوراک کے لیے درخت سے نیچے اترتا تھا، اور دوسرے گروپ سے دور رہتا تھا، ہو سکتا ہے اس خوف کی وجہ سے کہ کوئی اس کے سر کو چھو نہ لے۔

    پیچیدہ آپریشن کے بعد کبوتر کی کھوپڑی سے نکالی گئی سرنج کی سوئی

    سعید کا کہنا تھا کہ انھوں نے بہت احتیاط کے ساتھ کئی دن تک کبوتر کو پکڑنے کی کوشش کی، آس پاس دوسرے لوگ بھی یہ مشن سمجھ گئے تھے، آخر کار پکڑے جانے کے بعد کبوتر کو جانوروں کے کلینک سرجری کے لیے لے جایا گیا۔

    اٹلی کے شہر میں رہائش پذیر، مراکش سے تعلق رکھنے والے کتوں کے ٹرینر سعید بائد

    انھوں نے بتایا کہ خوش قسمتی سے سوئی نے کبوتر کی آنکھ کو کوئی نقصان نہیں پہنچایا تھا، یقیناً یہ سوئی کسی ظالم شخص نے اس کے سر میں قصداً چھبوئی ہوگی۔ کبوتر کا آپریشن کر کے سوئی نکالنے والے ویٹرنری ڈاکٹر ولیریا پیلیگرینو کا کہنا تھا کہ جب کبوتر ان کے پاس لایا گیا تو سوئی اس کی کھوپڑی کی سامنے والی ہڈی میں گھس کر پچھلی ہڈی سے باہر نکلی ہوئی تھی تاہم دماغ محفوظ رہا تھا۔

    ڈاکٹر نے کبوتر کے سر کے ایکسرے کے بعد پیچیدہ سرجری کی اور کامیابی کے ساتھ سوئی کو نکال لیا۔ ڈاکٹر کا کہنا تھا کہ دکھ کی بات یہ ہے کہ یہ پہلا واقعہ نہیں ہے، ایسے واقعات پہلے بھی ہوتے رہے ہیں۔