Tag: Itly

  • غیرقانونی تارکینِ وطن کی کشتی میں بچے کی پیدائش

    غیرقانونی تارکینِ وطن کی کشتی میں بچے کی پیدائش

    اٹلی کے قریب غیرقانونی تارکینِ وطن کی کشتی میں بچے کی پیدائش ہوئی ہے، کشتی میں سوار آٹھ ماہ کی حاملہ خاتون نے صحت مند بچے کو جنم دیا۔

    اسپین کے ایک جزیرے کینرے میں ایک غیر قانونی تارک وطن خاتون نے کشتی پر ہی ایک بچے کو جنم دیا، یہ کشتی اسپین کی طرف جا رہی تھی۔

    رپورٹ کے مطابق ریسکیو ذرائع نے بتایا ہے کہ کشتی میں67 افراد کو لیبیا سے غیرقانونی طور پر اٹلی لے جایا جا رہا تھا، جن میں 14 عورتیں، چار بچے اور پیدا ہونے والا نوزائیدہ بچہ بھی شامل تھا۔

    baby was born

    رپورٹ کے مطابق تیز ہواؤں کے باعث کشتی اپنا توازن کھو بیٹھی تھی جس کے باعث کشتی پر سوار افراد کی زندگی کو شدید خطرہ لاحق ہوگیا، اسی دوران کشتی میں بچے کی پیدائش ہوئی۔

    اس موقع پر اٹالین کوسٹ گارڈز فوری کارروائی کی اور جائے وقوعہ پر پہنچ کر کشتی میں موجود تمام افراد کو ریسکیو کرکے بحفاظت کنارے پر  لے آئے۔

    نومولود بچے اور اس کی والدہ سمیت تمام غیر قانونی تارکینِ وطن کو اٹلی کے کاتانیا جزیرے پہنچا دیا گیا، جہاں ان کا طبی معائنہ اور ضروری امداد فراہم کی گئی ہے۔

    مائیگریشن این جی او کامیناندو فرنٹیرس کی ایک حالیہ رپورٹ کے مطابق یکم جنوری2024 سے 5 دسمبر 2024 تک اسپین پہنچنے کی کوشش کے دوران کم از کم 10,457 افراد سمندر میں ہلاک یا لاپتہ ہوئے۔

    کامیناندو فرنٹیرس نے بتایا کہ یہ اموات 2023 کے مقابلے میں 50 فیصد زیادہ تھیں اور اس کی گنتی کے آغاز 2007 سے اب تک کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ اس کی بڑی وجہ ناقص کشتیوں کا استعمال، خطرناک پانی اور بچانے کے وسائل کی کمی کو قرار دیا گیا ہے۔

    یاد رہے کہ شمال مغربی افریقہ کے بحر اوقیانوس کے ساحل پر سات ہسپانوی جزیرے ہیں۔ ان جزیروں پر غیر قانونی طور پر پہنچنے والے تارکین وطن کی تعداد میں مسلسل اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق مذکورہ تارکین وطن خاص طور پر مالی، سینیگال اور مراکش سے آتے ہیں، گزشتہ سال 46,843 افراد کینیری جزائر کے اس خطرناک راستے سے پہنچے جو 2023 کے 39,910کے مقابلے میں زیادہ تھا۔ یہ اسپین میں غیر قانونی ہجرت کا 73 فیصد بنتا ہے۔

  • اٹلی : بجلی کی قیمت میں ہوشربا اضافہ : بلب کے بجائے موم بتیاں جلنے لگیں

    اٹلی : بجلی کی قیمت میں ہوشربا اضافہ : بلب کے بجائے موم بتیاں جلنے لگیں

    روم : یورپی ملک اٹلی میں توانائی کا بحران شدت اختیار کررہا ہے تیل کے ذخائر بھی کم ہوتے جا رہے ہیں، اس صورتحال میں بجلی کی قیمتیں بہت زیادہ بڑھ چکی ہیں۔

    بجلی کے گھریلو صارفین کے بلوں میں خاطر خواہ اضافہ ہوگیا ہے، روس کی جانب سے بھی اب ویسے گیس کی سپلائی جاری نہیں جیسے جنگ سے قبل کی جاتی تھی۔

    اس حوالے سے غیرملکی خبر رساں اداروں کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ یورپ میں انرجی کا بحران جاری ہے، اٹلی میں بجلی کی قیمتیں 500فیصد بڑھا دی گئی ہیں جس سے عوام شدید ذہنی اذیت کا شکارہیں۔

    خبر کے مطابق بجلی، پٹرول اور گیس کی قیمتیں آسمان کو چھونے لگی ہیں، مقامی ہوٹل، ریستورانوں اور گھروں میں بجلی کے بلب کے بجائے موم بتیاں جلانا شروع کردی گئی ہیں۔

    اٹلی کی وزارت ماحولیاتی منتقلی کی جانب سے جاری کردہ ایک دستاویز کے مطابق اٹلی سردیوں کے موسم میں کوئلے کے استعمال کو بڑھا کر ملک بھر میں حرارت پیدا کرنے کی کوشش کرے گا۔

    اس کے علاوہ قدرتی گیس کی کھپت میں کمی کو ہدف بنا رہا ہے چونکہ اٹلی کو توانائی کی درآمدات کے لیے ایک سال پہلے کی نسبت دگنی قیمت ادا کرنے کے امکان کا سامنا ہے۔

    اس اقدام کے تحت اٹلی کا مقصد مارچ تک گیس کی کھپت میں 8.2 بلین کیوبک میٹر کی کمی کرنا ہے تاکہ یورپی یونین کے 15 فیصد کمی کے ہدف کو پورا کیا جاسکے۔

  • آئسکریم کون پر سب سے زیادہ اسکوپس رکھنے کا عالمی ریکارڈ

    آئسکریم کون پر سب سے زیادہ اسکوپس رکھنے کا عالمی ریکارڈ

    روم : اٹلی میں ہونے ایک ٹی وی شو میں آئسکریم کون پر سب سے زیادہ اسکوپ زیادہ وقت تک رکھنے کا نیا عالمی ریکارڈ قائم کردیا گیا ہے۔

    غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق لائیو شو کے دوران اٹلی کے باشندے دیمتری پینسیرا نے آئسکریم کون پر اسکوپ رکھنے شروع کیے، تو رکنے کا نام ہی نہ لیا اور ریکارڈ قائم کر کے دم لیا۔

    دیمتری پینسیرا نامی اطالوی شخص نے اٹلی کے سالانہ آئسکریم فیسٹیول میں یہ عالمی کارنامہ انجام دیا، جس میں اس نے آئسکریم کون پر125 اسکوپس رکھ کر  سابقہ ریکارڈ توڑ دیا اور نیا گینز ورلڈ ریکارڈ قائم کردیا۔

    اس حوالے سے گینز ورلڈ ریکارڈ انتطامیہ کا کہنا ہے کہ دیمتری پینسیرا نے اصل میں یہ ریکارڈ 2013 میں حاصل کیا تھا، جب اس نے ایک ہی کون پر آئس کریم کے 85 اسکوپس کو توازن سے رکھا تھا۔ اس کے بعد یہ ریکارڈ اشریٹا فرمن نامی شخص  نے حاصل کیا تھا،جس نے 123 اسکوپس کے ساتھ کامیابی حاصل کی تھی۔

    پینسیرا نے گزشتہ روز  اٹلی کے گنیز کے ٹی وی خصوصی لائیو شو کی ریکارڈنگ کے دوران اپنا ریکارڈ دوبارہ حاصل کرلیا ہے۔ انہوں نے 125 اسکوپس کے ساتھ نیا عالمی ریکارڈ بنادیا اور سرفہرست رہے۔ ٹی وی شو کے بعد یہ آئس کریم اس خصوصی پراگرام کے منتظمین اور عملے کو پیش کی گئی۔

  • پاکستان اٹلی کو کورونا وائرس کی دوا کلورو کوئین فراہم کرے گا

    پاکستان اٹلی کو کورونا وائرس کی دوا کلورو کوئین فراہم کرے گا

    اسلام آباد : پاکستان کورونا وائرس کے علاج کیلئے استعمال کی جانے والی کلورو کوئین ٹیبلٹ اٹلی کو فراہم کرے گا، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اس حوالے سے اہم کردار ادا کررہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس کی وبا پر قابو پانے کیلئے پاکستان نے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ملک اٹلی کی مدد کا فیصلہ کیا ہے اس سلسلے میں پاکستان اٹلی کو 5 لاکھ کلورو کوئین کی ٹیبلٹس فراہم کرے گا، کلوروکوئین دوا اب تک کورونا وائرس کے علاج کیلئے مؤثر ثابت ہورہی ہے۔

    اٹلی کو ادویات عطیہ کرنے کا باضابطہ فیصلہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور اٹلی کے سفیر کے درمیان ملاقات میں کیا گیا جب وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اٹلی سفارت خانے کا دورہ کیا اور کرونا وائرس کے حوالے سے اٹلی کی صورتحال پر اس مشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ ہونے کا یقین دلایا۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا اٹلی کو کلوروکوئین کی فراہمی میں اہم کردار ہے
    اطالوی حکام کا کہنا ہے کہ مشکل کی اس گھڑی میں پاکستان کی جانب سے اٹلی کی مدد بہت بڑا فیصلہ اور کلیدی قدم ہے۔ اٹلی پاکستان کے اس جذبہ ایثار کو کبھی فراموش نہیں کرے گا۔

    واضح رہے کہ کلوروکوئین نامی دوا ملیریا کے علاج کے لیے استعمال کی جاتی ہے۔ کچھ روز قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ امریکہ میں کرونا وائرس کے علاج کے لیے ملیریا سے لڑنے والی دوا کلوروکوئین کا استعمال ہوگا۔

    جس کے بعد دنیا بھر میں اس دوا کی مانگ میں اضافہ ہوا تھا اور کرونا وائرس کے مریضوں پر اس دوا کا خاطر خواہ اثر بھی نظر آیا۔

  • دنیا بھر میں کرونا وائرس سے اموات کی تعداد 14 ہزار 655 ہوگئی

    دنیا بھر میں کرونا وائرس سے اموات کی تعداد 14 ہزار 655 ہوگئی

    کراچی : دنیا بھر میں کرونا وائرس کے باعث اموات 14 ہزار 655 ہوگئیں، جان لیوا جرثومے سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 3 لاکھ37ہزار سے زائد ہے جبکہ 98ہزار884افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق دنیا بھر میں کورونا وائرس سے اموات کا سلسلہ رکنے کا نام نہیں لے رہا، کورونا وائرس سے عالمی سطح پر 14ہزار 655 افراد موت کے منہ میں جاچکے ہیں۔

    سب سے متاثر ہونے والا ملک اٹلی ہے جس نے چین کو بھی پیچھے چھوڑ دیا،اٹلی میں اس جان لیوا کورونا سے مرنے والوں کی تعداد5ہزار 476ہوگئی جبکہ46 ہزار افراد اب بھی اسپتالوں میں داخل ہیں۔ چین میں وائرس سے3270افراد ہلاک ہوئے جبکہ 5120افراد متاثر ہیں۔

    ایران میں کورونا کے باعث اموات کی تعداد1685ہوگئی،12ہزار متاثر ہوئے، برطانیہ میں281افراد کورونا کے باعث موت کے منہ میں چلے گئے،5ہزار متاثر ہیں، بیلجیئم میں 75، جاپان میں41افراد اور ترکی میں کورونا وائرس سے اموات کی تعداد30ہوگئی

    اس کے علاوہ اسپین میں کورونا وائرس سے1772اموات ہوئیں اور 25 ہزار سے زائد افراد متاثر ہیں، امریکا میں کورونا وائرس سے419افراد لقمہ اجل بن گئے، امریکہ کے اسپتالوں میں32 ہزار سے زائد مریض زیر علاج ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق فرانس میں674 افراد موت کا شکار ہوئے اور وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد14ہزارہوگئی ہے، سعودی عرب میں 350 افراد کرونا وائرس سے متاثر ہوئے۔

    انڈونیشیا میں کورونا کے48 نئے کیس رپورٹ ہوئے ہیں یہاں اموات کی تعداد 33 ہوگئی، ملائیشیا میں مہلک کورونا وائرس کے130 نئے کیس رپورٹ ہو چکے ہیں یہاں پر متاثرہ مریضوں کی تعداد ایک ہزار 34 تک جا پہنچی ہے۔

    بھارت میں کورونا کیسز کی تعداد 268 ہوگئی جبکہ6 افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاعات ہیں، اس کے علاوہ دنیا بھر میں کورونا وائرس کا شکار ہوکر بیمار ہونے والے98ہزار884افراد صحت یاب ہوکر اپنے گھروں کو لوٹ چکے ہیں۔

  • کرونا وائرس کے شکار میاں بیوی ایک ہی دن چل بسے

    کرونا وائرس کے شکار میاں بیوی ایک ہی دن چل بسے

    روم : کرونا وائرس کے شکار میاں بیوی ایک ہی دن موت کے منہ میں چلے گئے، ان کے بیٹے کا کہنا ہے کہ میں آخری دم تک ان کو گلے سے بھی نہ لگا سکا۔

    تفصیلات کے مطابق اٹلی کے صوبے برگامو کا رہائشی جوڑا 60سال تک ساتھ رہنے کے بعد ایک ہی روز میں دنیا چھوڑ گیا،82سالہ سییرا بیلوٹی اور 86 سالہ لومبارڈی گشتہ کئی روز سے کرونا وائرس میں مبتلا تھے  اور انہوں نے ایک ہفتے سے خود کو اپنے گھر کے ایک کمرے میں محدود کردیا تھا۔

    اس حوالے سے ان کے بیٹے کریرا نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں کہا کہ جب انہیں گھر سے اسپتال منتقل کیا گیا تو انہیں 102بخار تھا، اسپتال میں دونوں کو ایک ہپی وارڈ میں رکھا گیا تھا، تاہم چند گھنٹوں بعد ہی ان کی موت واقع ہوگئی۔

    انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں ہونے کے باعث میں اور میری بہن ان سے ملاقات بھی نہ کرسکے، بیٹے کا مزید کہنا تھا کہ یہ بات انتہائی تکلیف دہ ہے کہ جب ہمارے اپنے کسی تکلیف میں ہوں اور ہم انہیں گلے سے لگا کر تسلی بھی نہیں دے سکتے۔

    واضح رہے کہ اٹلی میں کرونا وائرس کے مریضوں میں اضافے کے باعث چھ کروڑ افراد کو گھروں تک محدود کردیا گیا ہے اور حکومت کی جانب سے ہر قسم کی تقریبات پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔

    گزشتہ برس 19 دسمبر کو چین میں کورونا وائرس کا پہلا مریض سامنے آیا تھا اور یہ وائرس اب تک دنیا کے 108 ممالک میں پھیل چکا ہے جس سے متاثرین کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 10 ہزار سے زائد ہوگئی ہے۔

  • پی آئی اے کا قطر کے بعد اب اٹلی کیلئے بھی  فضائی آپریشن منسوخ

    پی آئی اے کا قطر کے بعد اب اٹلی کیلئے بھی فضائی آپریشن منسوخ

    کراچی : قومی ایئرلائن (پی آئی اے) نے قطر کے بعد اب اٹلی کیلئے بھی اپنا فضائی آپریشن منسوخ کردیا ہے، کرونا وائرس کے خدشے کے پیش نظر پروازیں 31مارچ تک منسوخ رہیں گی۔

    تفصیلات کے مطابق قومی ایئرلائن (پی آئی اے) نے اٹلی کے شہر میلان کیلئے فلائٹ آپریشن عارضی طور پر منسوخ کردیا، ایئرپورٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ پی آئی اے کی اٹلی کیلئے تمام پروازیں 31 مارچ تک منسوخ رہیں گی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ لاہور اور اسلام آباد سے میلان کے لیے پروازیں آپریٹ کی جاتی ہیں، پی آئی اے کا پیرس اور یورپ کیلئے فضائی آپریشن جاری ہے، انتظامیہ کی جانب سے میلان کیلئے بک ریزرویشن 31مارچ تک منسوخ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

    پی آئی اے نے قطر کیلئے فلائٹ آپریشن عارضی طور پر معطل کردیا

    اس سے قبل پی آئی اے نے قطر کیلئے اپنا فضائی آپریشن 31 مارچ تک معطل کردیا تھا ، قطر نے بھی پاکستان سمیت چودہ ممالک کے مسافروں کے داخلے پر پابندی عائد کی ہے، قطری حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدام کروناوائرس کے پھیلاؤ کو محدود کرنے کی کوشش ہے۔

  • دہشت گردی پوری دنیا کیلئے خطرہ ہے، راحیل شریف

    دہشت گردی پوری دنیا کیلئے خطرہ ہے، راحیل شریف

    راولپنڈی :آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کو کہیں بھی دوبارہ منظم ہونے کی اجازت نہیں دیں گے، افغانستان میں قیام امن کیلئے پاکستان اپنا بھرپور کردار ادا کرتا رہے گا، کوئی بھی پاکستان اور افغانستان کو ایک دوسرے سے علیحدہ نہیں ہو کرسکتا۔

    آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے اٹلی میں سینٹر آف انٹرنیشنل اسٹڈی روم میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کے خاتمے کیلئے آپریشن ضرب عضب شروع کیا گیا جس کے حوصلہ افزاء نتائج ملے ہیں،دہشت گردوں کے چند باقی رہ جانے والے ٹھکانے کلیئر کرائے جا رہے ہیں، دہشت گردوں کو کہیں بھی دوبارہ منظم نہیں ہونے دیا جائے گا، پاکستان بیرون دنیا میں بھی امن کو یقینی بنائے گا۔

    آرمی چیف کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان اور افغانستان ایک دوسرے سے علیحدہ نہیں رہ سکتے، دونوں ممالک کا امن و استحکام ایک دوسرے سے منسلک ہے، پاکستان اور افغانستان کی منزل ایک ہے۔ آرمی چیف کی جانب سے ایک بار پھر اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ پاکستان اور خطے کو دہشت گردی سے ہر صورت پاک کریں گے۔

    جنرل راحیل نے کا کہنا تھا کہ پاکستان افغانستان میں قیام امن کیلئے کردار ادا کرتا رہے گا اور پڑوسی ملک میں امن کیلئے پر امید ہیں، عالمی برادری بھی افغان امن عمل میں پاکستانی کردار کو سراہتی ہے جب کہ پائیدار امن کے لئے مشترکا کوششوں کی ضرورت ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی پوری دنیا کیلئے خطرہ ہے، دہشت گردی کے خلاف جنگ کو منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے سب مل کر کام کریں اور اس کیلئے پاک فوج دشمنوں کے ناپاک عزائم کو شکست دینے کیلئے پرعزم ہیں۔

     

    اس موقع پر خطاب کے دوران آرمی چیف نے بین الاقوامی سلامتی سے متعلق پاکستان کا نقطہ نظر پیش کیا، حاضرین نے آرمی چیف کے خطاب کو سراہا اور مؤقف تسلیم کیا۔

    آرمی چیف کا کہنا تھا کہ مصالحتی کوششوں کو دنیا کی انٹیلی جنس کمیونٹی تسلیم کرتی ہے، تاہم پائیدار امن کیلئے مشترکا کوششوں کی ضرورت ہے،عالمی برادری قیام امن کیلئے پاکستان کی کوششوں کو تسلیم کرے، دہشت گردی کے خلاف جنگ دنیا کیلئے ایک کشمکش پاکستان کیلئے بقا کی جنگ ہے۔

  • دہشت گردوں کومنظم ہونےکاموقع نہیں دیاجائےگا، راحیل شریف

    دہشت گردوں کومنظم ہونےکاموقع نہیں دیاجائےگا، راحیل شریف

    روم: آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ خطے میں استحکام کیلئے نےکہاخطےمیں دہشت گردوں کومنظم ہونےکاموقع نہیں دیاجائےگا۔

    اٹلی کے دارالحکومت روم میں اطالوی فوجی ادارے میں خطاب کرتے ہوئے جنرل راحیل شریف نےکہا کہ دہشتگردوں نے پاکستان اور افغانستان کی مشترکہ اقدار پر حملہ کیاہے۔

    جنرل راحیل شریف نےکہا کہ ثالثی کاعمل خراب کرنیوالےسازشی عناصرسےبچنے کی ضرورت ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ عالمی برادری نے بیرونی ممالک اورافغانستا میں ثالثی کیلئے پاکستان کےکردارکوسراہا ہے،آرمی چیف نے کہا کہ افغانستان اور پاکستان میں امن ضروری ہے۔

  • آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی اٹلی کے ہم منصب سے ملاقات

    آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی اٹلی کے ہم منصب سے ملاقات

    روم / راولپنڈی : آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے اٹلی کے آرمی ہیڈ کوارٹرکادورہ کیا اور اپنے ہم منصب سے ملاقات کی۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر نے اپنے ٹویٹ میں بتایا کہ آرمی چیف کی اٹلی کے ہم منصب سے ملاقات مثبت رہی، جس میں باہمی دفاعی اور فوجی تربیت کے امور پرتبادلہ خیال کیا گیا۔  

     

    ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ اطالوی آرمی چیف نے خطے میں قیام امن کیلئے پاک فوج کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا اور امید ظاہر کی کہ پاک فوج امن کیلئے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔

    اس موقع پر انہوں نے اپنے بھرپور تعاون کی بھی یقین دہانی کرائی۔