Tag: Jabalia

  • جبالیہ پناہ گزین کیمپ میں پھنسے رہائشیوں کا ’’قتل عام‘‘ جاری

    جبالیہ پناہ گزین کیمپ میں پھنسے رہائشیوں کا ’’قتل عام‘‘ جاری

    غزہ: صہیونی فورسز کے ہاتھوں جبالیہ پناہ گزین کیمپ میں پھنسے رہائشیوں کا ’’قتل عام‘‘ جاری ہے۔

    غزہ میں الجزیرہ کے نمائندے کا کہنا ہے کہ شمالی غزہ کا محاصرہ 12 ویں دن میں داخل ہو رہا ہے، اور جبالیہ پناہ گزین کیمپ میں پھنسے رہائشیوں کا قتل عام جاری ہے، اسرائیلی فورسز نے یہاں ’’منظم تباہی‘‘ مچائی ہے۔

    منگل کو غزہ میں اسرائیلی حملوں میں کم از کم 61 افراد شہید ہوئے ہیں، جن میں علاقے کے جنوب میں ابو تمیہ خاندان کے 10 افراد بھی شامل تھے۔

    حزب اللہ کے رہنما نعیم قاسم نے ایک ٹیلی ویژن تقریر میں اسرائیل سے کہا ہے کہ شمالی اسرائیل میں آباد کاروں کی واپسی کا حل لبنان اور غزہ میں جنگ بندی ہے۔

    ادھر الاقصیٰ اسپتال کے میدان میں بے گھر فلسطینیوں کے خیموں پر وحشیانہ بمباری کے بعد غزہ میں اپنے تیسرے طبی مشن پر برطانیہ کے ڈاکٹر محمد طاہر نے دنیا سے جنگ کے خاتمے کے لیے مزید کام کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

    یو این ادارے UNRWA کا کہنا ہے کہ تین فلسطینی پناہ گزین کیمپوں سمیت جنوبی لبنان میں انسانی ہمدردی کی بنیاد پر رسائی ’’شدید محدود‘‘ ہو گئی ہے۔ واضح رہے کہ غزہ میں اکتوبر 2023 سے اب تک اسرائیلی حملوں میں کم از کم 42,344 فلسطینی شہید اور 99,013 زخمی ہو چکے ہیں۔

  • جبالیہ میں اسرائیلی کواڈ کاپٹر نے شہریوں پر بم گرا دیا، دل دہلا دینے والی ویڈیو

    جبالیہ میں اسرائیلی کواڈ کاپٹر نے شہریوں پر بم گرا دیا، دل دہلا دینے والی ویڈیو

    غزہ کے علاقے جبالیہ میں اسرائیلی کواڈ کاپٹر نے شہریوں پر بم گرا دیا، اس واقعے کی دل دہلا دینے والی ویڈیو سامنے آ گئی ہے۔

    الجزیرہ کے مطابق ایک ویڈیو سامنے آئی ہے جس میں غزہ کے علاقے جبالیہ میں شہریوں پر اسرائیلی کواڈ کاپٹر کے بم گرانے کا ہولناک منظر ریکارڈ کیا گیا ہے۔

    یہ فوٹیج الجزیرہ عربی کے صحافیوں نے حاصل کی ہے، اور اس کی تصدیق بھی کی گئی ہے، اس میں ایک اسرائیلی کواڈ کاپٹر ڈرون کو شمالی غزہ کے جبالیہ پناہ گزین کیمپ میں بچوں سمیت فرار ہونے والے شہریوں پر دھماکا خیز مواد گراتے دیکھا جا سکتا ہے۔

    ویڈیو میں بم پھٹنے سے پہلے قریب آنے والے کواڈ کاپٹر کی آواز پر بچوں سمیت لوگوں کو بھاگتے ہوئے دکھایا گیا ہے، اور کچھ ہی دیر ایک زوردار دھماکا سنائی دیتا ہے اور لوگ چیخنے لگتے ہیں۔

    واضح رہے کہ اسرائیلی فوج نے جبالیہ کے علاقے میں زمینی کارروائی شروع کر دی ہے اور گزشتہ 8 دن سے شمالی غزہ کا محاصرہ کر رکھا ہے، جس سے دسیوں ہزار افراد خوراک اور پانی تک رسائی سے محروم ہو گئے ہیں۔

    غزہ کی وزارت صحت کے سربراہ ڈاکٹر منیر البرش نے کہا کہ اسرائیل کی جانب سے پٹی کے شمالی حصے کے محاصرے میں گزشتہ ہفتے کے دوران کم از کم 200 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔

  • مکینوں کا انخلا سے انکار، اسرائیل کا امریکی تحفظ میں جبالیہ میں ’قتل عام‘

    مکینوں کا انخلا سے انکار، اسرائیل کا امریکی تحفظ میں جبالیہ میں ’قتل عام‘

    غزہ کے علاقے جبالیہ کیمپ میں صہیونی فوج کی بربریت کے مظاہرے جاری ہیں، تاہم انخلا کے احکامات ملنے کے با وجود مکینوں نے علاقہ چھوڑنے سے انکار کر دیا ہے۔

    الجزیرہ کے مطابق حماس نے اسرائیلی فوج پر شمالی غزہ کے جبالیہ علاقے میں ’’قتل عام‘‘ کا الزام عائد کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ یہ حملے ’’امریکی تحفظ میں نہتے شہریوں کے خلاف انتقامی کارروائی‘‘ کے طور پر کیے جا رہے ہیں۔

    حماس کی جانب سے ہفتے کے روز ایک بیان میں اسرائیلی کارروائیوں کو ’نازیوں کی طرف سے قتل عام‘ قرار دیا، کیوں کہ جمعہ کو رات گئے اسرائیلی فوج نے جبالیہ میں ایک رہائشی علاقے کو نشانہ بنایا، جس میں کم از کم 22 افراد جاں بحق اور 90 سے زائد زخمی ہوئے۔

    حماس نے کہا کہ یہ قتل عام ہمارے لوگوں کے خلاف جاری مجرمانہ نسل کشی کا تسلسل ہے، جسے امریکا کی جانب سے تحفظ حاصل ہے، اور شہریوں پر بڑھتے ہوئے یہ حملے دراصل آبادی کو اس بات کی سزا دینا ہے کہ انھوں نے نقل مکانی کو مسترد کر دیا۔

    حماس نے کہا نازی دہشت گردوں کے جرائم اب دوسرے سال میں داخل ہو گئے ہیں اور دنیا پر واضح ہو گیا ہے کہ یہ بدمعاش، فاشسٹ اور خوں خوار ملک ہے، جو غزہ اور لبنانی آبادی میں ہمارے لوگوں کے خلاف مزید نسل کشی کے ذریعے بدلہ لینا چاہتا ہے۔

    الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق جنگ کے پہلے ہی دن سے یہ اسرائیل کا منصوبہ تھا کہ غزہ سٹی سمیت شمالی غزہ کو خالی کرایا جائے، لیکن اب تک فلسطینی بالخصوص پٹی کے شمالی علاقوں میں لوگوں نے اپنا گھر بار چھوڑنے سے انکار کیا ہے۔

    اسپین کا بین الاقوامی برادری سے اسرائیل کو اسلحے کی فراہمی بند کرنے کا مطالبہ

    جبالیہ میں مسلسل آٹھویں روز سے خوں ریز آپریشن جاری ہے، اسرائیلی فورسز نے آج صبح D-5 کے علاقے سے انخلا کا ایک اور حکم جاری کیا، لیکن لوگوں نے بہت مشکلات کا سامنا کرنے کے باوجود وہاں سے نکلنے سے انکار کر دیا۔

    جبالیہ میں اسرائیلی فوج کی یہ پہلی زمینی کارروائی نہیں ہے۔ فلسطینیوں کا کہنا ہے کہ وہ اپنے گھروں میں مرنے کو ترجیح دیتے ہیں، کیوں کہ ان کا ماننا ہے کہ غزہ کی پٹی میں کوئی جگہ محفوظ نہیں ہے، اس لیے اگر وہ وہاں سے نکل جاتے ہیں تو وہ راستے میں ہی مارے جا سکتے ہیں۔