Tag: Jaddah

  • سعودی عرب : سونے کی قیمت میں استحکام

    سعودی عرب : سونے کی قیمت میں استحکام

    ریاض : سعودی عرب میں گزشتہ روز کی نسبت سونے کی قیمت میں استحکام رہا امید کی جارہی ہے کہ مملکت میں سونے کی قیمتیں کم ہوجائیں۔

    سعودی ذرائع ابلاغ کی رپورٹ کے مطابق سعودی گولڈ مارکیٹ میں گزشتہ روز کاروبار کے آغاز پر سونے کے نرخوں میں استحکام دیکھنے میں آیا ہے۔

    عاجل ویب سائٹ کے مطابق21 قیراط ایک گرام سونا 211.46 ریال میں فروخت کیا جاتا رہا۔ سنیچر کو کاروبار کے اختتام پرسونے کے نرخ 211.46 ریال ریکارڈ کیے گئے تھے۔

    24 قیراط ایک گرام سونے کی قیمت 244.67 ریال، 22 قیراط ایک گرام 221.53 اور 18 قیراط 181.26ریال رہی ہے۔

    مملکت میں 21 قیراط آٹھ گرام کی گنی 2,030.06 ریال، 22 قیراط کی گنی 2,126.73 ریال جبکہ 24قیراط کی گنی 2,320.07 ریال رہی جبکہ ایک کلو گرام سونا 243,365.46 ریال میں دستیاب رہا۔

  • کامیاب آپریشن : پیٹ سے230 کیلیں اور شیشے کا ٹکڑا نکال لیا، تصاویر وائرل

    کامیاب آپریشن : پیٹ سے230 کیلیں اور شیشے کا ٹکڑا نکال لیا، تصاویر وائرل

    جدہ : سعودی عرب میں ڈاکٹروں نے بڑاکارنامہ انجام دیتے ہوئے مریض کو موت کے منہ میں جانے سے بچالیا،  کامیاب آپریشن کرکے پیٹ سے درجنوںکیلیں اور شیشہ نکال لیا۔

    سعودی عرب کے شہر جدہ میں سعودی ڈاکٹروں کی ٹیم نے ایک مریض کی زندگی بچالی، اس کے پیٹ سے 230 کیلیں اور شیشے کا ایک ٹکڑا برآمد کر لیا گیا۔

    غیر ملکی خبر  رساں ادارے کے مطابق سعودی ترجمان محکمہ صحت نے اپنے جاری بیان میں اس کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ شرق جدہ ہسپتال میں ایک ذہنی مریض علاج کے لیے لایا گیا جو شدید تکلیف میں مبتلا تھا۔طبی معائنے کے بعد انکشاف ہوا کہ اس کے پیٹ میں لاتعداد کیلیں موجود ہیں۔

    ترجمان جدہ محکمہ صحت نے میڈیا کو بتایا کہ مریض کا پیٹ پھولا ہو ا تھا اور وہ شدید درد اور چھبن محسوس کر رہا تھا، کلینیکل ٹیسٹ سے پتہ چلا کہ اس کے پیٹ میں کیلیں ہیں جس کے بعد فوری آپریشن کا فیصلہ کیا گیا۔

    ڈاکٹروں نے طویل آپریشن کے بعد اس کے پیٹ سے ایک عدد شیشے کا ایک ٹکڑا اور 230کیلیں نکال لیں، اسپتال ذرائع کے مطابق اب مریض کی حالت خطرے سے باہر بتائی جارہی ہے۔

    ترجمان کے مطابق کامیاب آپریشن کے مریض کو ذہنی مر یضوں کے وارڈ میں منتقل کردیا گیا ہے جہاں اب اس کی ذہنی بیماری کا علاج کیا جا رہا ہے۔

  • ایس او پیز کی خلاف ورزی پر سعودی حکومت کا سخت اقدام

    ایس او پیز کی خلاف ورزی پر سعودی حکومت کا سخت اقدام

    جدہ : کورونا وائرس سے متعلق ایس او پیز پر عمل درآمد نہ کرنے اور خریداروں کو سہولیات کی عدم فراہمی  پر جدہ میں واقع معروف شاپنگ سینٹر کو دوسری مرتبہ سربمہر کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق جدہ کے بلدیہ حکام نے پرنس ماجد اسٹریٹ پر واقع معروف شاپنگ سینٹر کو احتیاطی تدابیر پر عمل نہ کرنے کی وجہ سے دوبارہ سیل کردیا ہے۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق ریجنل بلدیہ کے سیکرٹری محمد الزھرانی نے کہا ہے کہ وزارت صحت کی جانب سے کورونا وائرس سے بچاؤ اور عوام الناس کو اس وائرس سے محفوظ رکھنے کے لیے متعدد ضوابط وضع کیے گئے ہیں جن پر عمل کرنا لازمی ہے۔

    ایسے ادارے اور شاپنگ سینٹرز جہاں مقررہ ایس او پیز پر عمل نہیں کیاجاتا ان کے خلاف فوری کارروائی کی جاتی ہے تاکہ لوگوں کو محفوظ رکھا جائے۔

    مذکورہ شاپنگ سینٹر میں قائم ہائیپر مارکیٹ کے حوالے سے الزھرانی کا کہنا تھا کہ مارکیٹ میں ایس او پیز کی خلاف ورزی ریکارڈ کی گئی جس کی وجہ سے اسے دوسری بار بند کیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ بلدیہ کے امور صحت کے ادارے کی جانب سے مقررہ قواعد وضوابط پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے مختلف ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں ۔

    مذکورہ ٹیمیں شہر میں موجود تجارتی اداروں اور مارکیٹس کا دورہ کرکے اپنی رپورٹ اور سفارشات متعلقہ ادارے کو ارسال کرتی ہیں جن کی روشنی میں بلدیہ کی مخصوص ادارہ فوری کارروائی کرتے ہوئے مارکیٹ یا تجارتی مرکز کے خلاف تادیبی کارروائی کرتا ہے۔

  • سعودی عرب : خاتون سے زیادتی کرنے والے تین افراد کو عبرتناک سزا

    سعودی عرب : خاتون سے زیادتی کرنے والے تین افراد کو عبرتناک سزا

    جدہ : سعودی عدالت نے خاتون سے زیادتی کے مرتکب تین ملزمان کو سزائے موت سنادی تینوں مجرمان کا گزشتہ روز سر قلم کردیا گیا، جن میں دو سعودی اور ایک پاکستانی شامل ہے۔

    تفصیلات کے مطابق شراب کے نشے میں گھر میں گھس کر خاتون کو زیادتی کا نشانہ بنانے والے تین مجرمان کا عدالت کے حکم پر سرتن سے جدا کردیا گیا، ملزمان دیگر سنگین وارداتوں میں بھی ملوث تھے۔

    سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق وزارت داخلہ نے بتایا ہے کہ سعودی شہری ھتان بن سراج بن سلطان الحربی، سلطان بن سراج بن سلطان الحربی اور پاکستانی شہری محمد عمر محمد لئیق جمالی شراب پی کر جدہ کے ایک گھر میں زبردستی داخل ہوگئے تھے۔

    ملزمان سیکیورٹی فورس کے بھیس میں گھر میں داخل ہوئے، ملزمان نے خنجر کے بل پر ایک خاتون کو زیادتی کا نشانہ بنایا اور گھر کے ایک اور کمرے کا دروازہ توڑ کر دوسری خاتون کے ساتھ بھی زیادتی کی، ملزمان واردات کرکے با آسانی فرار ہوگئے تھے۔

    بعد ازاں سیکیورٹی فورس کے اہلکاروں نے انہیں گرفتار کرلیا، تفتیش کے بعد تینوں ملزمان پر پر فرد جرم عائد کردی گئی تھی، ملزمان نے عدالت کے روبرو اعتراف جرم بھی کرلیا۔

    فوجداری کی عدالت نے الزام ثابت ہونے پر تینوں کو (حد الحرابہ) کی سزا سنائی تھی، حد الحرابہ اسلامی قانون جرم و سزا کے تحت ایسے جرم کی سزا ہے جو ملک میں بدامنی انارکی اور خلفشار پھیلانے پر دی جاتی ہے۔

    اپیل کورٹ اور پھر سپریم کورٹ نے تینوں کو سر قلم کرنے کی جو سزا سنائی گئی تھی اس کی توثیق کردی تھی، ایوان شاہی سے عدالتی فیصلے پر عملدرآمد کا فرمان جاری کردیا گیا تھا۔

  • سعودی عرب : افریقی باشندہ خودکشی کرنے کیلئے سائن بورڈ پر چڑھ گیا

    سعودی عرب : افریقی باشندہ خودکشی کرنے کیلئے سائن بورڈ پر چڑھ گیا

    جدہ : خود کشی کے ارادے سے سائن بورڈ پر چڑھنے والے افریقی باشندے کو شہری دفاع کے اہلکاروں نے بحفاظت زمین پر اتار لیا۔

    تفصیلات کے مطابق جدہ کے علاقے الاندلس میں حالات سے پریشان ایک افریقی باشندہ خودکشی کی نیت سے ایکی اونچے سائن بورڈ پر چڑھ گیا۔

    اس دوران سعودی محکمہ شہری دفاع کو ہنگامی سینٹر911 سے اطلاع موصول ہوئی کہ ایک شخص خود کشی کرنے کے ارادے سے 12میٹر بلند سائن بورڈ پر چڑھا ہوا ہے۔

    شہری دفاع کے اہلکار فوری طور پر جائے وقوعہ پہنچے اور سائن بورڈ پر چڑھنے والے افریقی باشندے کو اس عمل سے  باز رکھنے کی ہرممکن کوشش کی ۔

    فوری کارروائی کرتے ہوئے  شہری دفاع کے اہلکاروں نے احتیاطی طور پر بورڈ کے نیچے ہوائی گدا بھی بچھا دیا تاکہ اس شخص کی جانب سے انتہائی اقدام کی صورت میں کوئی سانحہ رونما نہ ہو۔

    سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق شہری دفاع کے اہلکار خودکشی کے ارادے سے سائن بورڈ پر چرھ جانے والے افریقی کو اس کے ارادے سے بازرکھنے میں کامیاب ہو گئے اور اسے حفاظت سے اسنارکل کے ذریعے نیچے اتار لیا گیا۔

  • جدہ میں غیر ملکی شخص نے پھندے سے لٹک کر خود کشی کرلی

    جدہ میں غیر ملکی شخص نے پھندے سے لٹک کر خود کشی کرلی

    جدہ : بھارت سے تعلق رکھنے والے شخص نے حالات سے تنگ آکر زندگی کا خاتمہ کرلیا، چھت سے پھندا لگا کر خود کشی کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق جدہ کے علاقے الجوہرة محلے میں ایک گھر سے بھارتی باشندے کی لاش ملی ہے، اطلاع ملتے ہی متعلقہ پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر لاش کو تحویل میں لے لیا۔

    ابتدائی طور پر پولیس نے قانونی کارروائی کیلئے لاش اسپتال منتقل کردی ہے، پولیس کے مطابق مرنے والے شخص کا تعلق بھارت سے ہے اور وہ روزگار کی غرض سے سعودی عرب آیا تھا، اس کی لاش ٹین کے شیڈ کی چھت سے لٹکی ہوئی ملی ہے۔

    پولیس کے مطابق غالب گمان یہی ہے کہ متوفی نے خود کشی کی ہے تاہم یہ قتل کا کیس نہیں لگ رہا، مختلف زاویوں سے تحقیقات کر رہے ہیں۔

  • سعودی عرب میں پاکستانیوں کی گرفتاری سے متعلق وضاحت جاری

    سعودی عرب میں پاکستانیوں کی گرفتاری سے متعلق وضاحت جاری

    جدہ : پاکستان قونصلیٹ نے واضح کیا ہے کہ سعودی عرب میں پاکستانیوں کی گرفتاری اور ملک بدری کی خبروں میں کسی قسم کی صداقت نہیں، ایسی افواہیں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو خراب کرنے کی کوشش ہے۔

    تفصیلات کے مطابق جدہ میں پاکستانی قونصلیٹ نے سوشل میڈیا پر چلنے والی خبروں کی سختی سے تردید کی ہے، جس میں یہ کہا گیا ہے کہ سعودی حکام نے مکہ مکرمہ گورنر کے علاقے سے پکرے جانے والے پاکستانیوں کو قید اور جلاوطن کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    تحریری بیان میں کہا گیا ہے کہ قونصلیٹ کو متعلقہ سعودی حکام سے رابطہ کرنے پر بتایا گیا ہے کہ سعودی حکام تمام قومیتوں کے غیرقانونی تارکین وطن کو گرفتار کرکے انہیں ملک بدر کرتے ہیں۔

    یہ سلسہ سال بھر میں مختلف اوقات میں جاری رہتا ہے۔ تاہم قونصلیٹ نے واضح کیا ہے کہ حالیہ مہم کا آغاز ایسے افراد کے خلاف کیا گیا ہے جو اقامے پر لکھے گئے پیشے کی جگہ دیگر شعبوں میں کام کر رہے ہیں اور یوں قانون شکنی کے مرتکب ہو رہے ہیں۔

    اس سلسلے میں گزشتہ تین روز میں 400 کے قریب پاکستانیوں کو شمیسی ڈیپورٹیشن مرکز لایا گیا ہے۔ قونصل خانے نے کہا ہے کہ پکڑ دھکڑ کی حالیہ مہم کسی خاص ملک کے شہریوں کے خلاف نہیں نہ ہی اس کا ہدف پاکستانی شہری ہیں۔ یہ کہنا کہ یہ مہم صرف پاکستانیوں کے لیے مخصوص ہے، بالکل غلط ہے۔

  • اسپیکرقومی اسمبلی اسد قیصر وفد کے ہمراہ سرکاری دورے پر جدہ پہنچ گئے

    اسپیکرقومی اسمبلی اسد قیصر وفد کے ہمراہ سرکاری دورے پر جدہ پہنچ گئے

    جدہ : اسپیکرقومی اسمبلی اسد قیصر پارلیمانی وفد کے ہمراہ سعودی مجلس شوریٰ چیئرمین کی دعوت پرجدہ پہنچ گئے، پاکستانی وفد خادم الحرامین الشریفین سمیت دیگر رہنماؤں سے ملاقاتیں کرے گا۔

    تفصیلات کے مطابق اسپیکرقومی اسمبلی اسد قیصر پارلیمانی وفد کے ہمراہ سعودی عرب کے سرکاری دورے پر روانہ ہوگئے ہیں، اُن کی غیر موجودگی میں ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری اسپیکر کے فرائض انجام دیں گے، اس حوالے سے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔

    جدہ ایئرپورٹ پر اسد قیصر کا سعودی مجلس شوریٰ کے چیئرمین شیخ عبداللہ نے پرتپاک استقبال کیا، دورہ سعودی عرب کے دوران اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر خادم حرمین شریفین شاہ سلمان سے بھی ملاقات کریں گے۔

    ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور زیر غور آئیں گے، اس موقع پر مجلس شوریٰ اور پاکستانی پارلیمنٹ میں مختلف یاد داشتوں پردستخط بھی کئے جائیں گے۔

    اس کے علاوہ دورہ کے دوران اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر پارلیمانی وفد کے ہمراہ عمرہ بھی ادا کریں گے۔

    ذرائع کے مطابق پارلیمانی وفد کا یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ سرمایہ کاری، تجارت اور معیشت کو مزید مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

    پارلیمانی وفد سعودی عرب کی اعلیٰ قیادت، تجارتی برادری اور سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں سے بھی ملاقاتیں کرے گا۔

  • پنکچر کی دکان پر مدد کرنے والا پراسرار شخص کون تھا ؟

    پنکچر کی دکان پر مدد کرنے والا پراسرار شخص کون تھا ؟

    جدہ : کہتے ہیں کہ نیکی ایک ہاتھ سے اس طرح کرو کہ دوسرے ہاتھ کو اس کی خبر نہ ہو، ایک ایسا ہی واقعہ جدہ، مکہ مکرمہ ہائی وے پر پیش آیا، جب ایک طالب علم کی مدد ایسے شخص نے جس کی وہ شکل بھی نہ دیکھ سکا۔

    انسان ہی انسان کے کام آتا ہے جبکہ سب کا رب ایک ہے، یہ وہ جملہ ہے جو اس واقعے پر کہا گیا اور پھر ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈ بن گیا۔

    جدہ کی یونیورسٹی میں امتحان دینے کے لیے جانے والے سعودی طالب علم کی گاڑی کا ٹائر جدہ، مکہ مکرمہ ہائی وے پر پنکچر ہوگیا۔

    انسان، انسان کے کام آتا ہے جبکہ سب کا رب ایک ہے۔ یہ وہ جملہ ہے جو اس واقعے پر کہا گیا اور پھر ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈ بن گیا۔

    یہ واقعہ جدہ، مکہ مکرمہ ہائی وے پر ایک پنکچر کی دکان میں پیش آیا۔ یہ واقعہ طالب علم نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر پوسٹ کیا جو دیکھتے ہی دیکھتے ٹاپ ٹرینڈ بن گیا۔

    ہوا یوں کہ ایک سعودی طالب علم مکہ مکرمہ سے جدہ کی یونیورسٹی میں امتحان دینے کے لیے آرہا تھا کہ راستے میں گاڑی کا ٹائر پنکچر ہوگیا۔

    طالب علم کا کہنا تھا کہ تھوڑی دیر بعد ہی مجھے خیال آیا کہ شاید میری جیب میں پیسے نہیں ہیں اور ایسا ہی ہوا جب میں نے اپنا بٹوہ نکال کر دیکھا تو میرے ہوش اڑ گئے کیونکہ وہ بالکل خالی تھا۔

    میں نے اس صورتحال سے دکاندار کو آگاہ کیا تو وہ ادھار پر پنکچر لگانے کو کسی صورت تیار نہیں ہوا حالانکہ میں نے اس سے التجا کی کہ کہ وہ مہربانی کرکے پنکچر لگادے اس کی اجرت میں پہلی فرصت میں اسے دینے آؤں گا۔

    میں قسمیں کھاتا رہا، اپنی مجبوریاں بتاتا رہا، اس کے پاس اپنے سرکاری اور شناختی دستاویزات گروی رکھنے کے لیے پیش کرتا رہا اور بالآخر اپنا موبائل تک پیش کردیا لیکن دکاندار نے یہ کہہ کر صاف انکار کردیا کہ کہ وہ ایک ملازم ہے اور مالک کی اجازت کے بغیر ادھار پر کام نہیں کرسکتا۔

    ہر طرح سے مایوس ہونے کے بعد میں کچھ دوستوں سے رابطہ کیا لیکن عجیب اتفاق تھا کہ کسی سے بھی رابطہ نہیں ہوسکا۔

    اسی پریشانی کے دوران میں نے دیکھا کہ دکاندار میری گاڑی کے ٹائر کو پنکچر لگا رہا تھا، میں نے کہا کہ صبر کرو ابھی پیسوں کا انتظام نہیں ہوا جس پر دکاندار نے ایک شخص کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اس آدمی نے پیسے دے دیئے ہیں۔

    جب میں نے اس طرف دیکھا تو ایک ادھیڑ عمر شخص جس کی پیٹھ میری طرف تھی جارہا تھا۔ میں نے آواز دی اور کہا کہ اے شخص تمہاری مہربانی، اللہ تمہیں جزا دے۔

    اس شخص نے میری طرف دیکھے بغیر بس اتنا کہا کہ انسان، انسان کے کام آتا ہے جبکہ سب کا رب ایک ہے، اس موقع پر طالب علم نے اس شخص کی تصویر اپنے موبائل سے بنالی لی اور پورا واقعہ تصویر کے ساتھ ٹوئٹر پر شیئر کردیا۔

    طالب علم نے پوسٹ کے ساتھ ہیش ٹیگ دیا کہ ’انسان، انسان کے کام آتا ہے جبکہ سب کا رب ایک ہے۔ چند دنوں کے اندر اس پوسٹ پر 800سے زائد افراد نے کمنٹ کیا جبکہ7 ہزار افراد نے اسے ریٹویٹ کیا۔

    بعد ازاں معلوم ہوا کہ وہ مہربان شخص 52 سالہ ریٹائرڈ نیشنل گارڈ ہے اور اس کا نام رجا بن مبروک ہے۔

  • اب ملک قرضوں کے سہارے نہیں چلائیں گے،  فردوس عاشق اعوان

    اب ملک قرضوں کے سہارے نہیں چلائیں گے، فردوس عاشق اعوان

    جدہ : معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ فیصلہ کرچکے ہیں ملک قرضوں کے سہارے نہیں چلائیں گے، معیشت درست سمت میں گامزن ہے۔

    یہ بات انہوں نے جدہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ سیاحت کے فروغ کیلئے شمالی علاقوں پر حکومت کی خصوصی توجہ ہے، سیاحوں کیلئے شمالی علاقہ جات میں عالمی معیار کے ہوٹلز تعمیر کیے جارہے ہیں، ہمیں مقامی صنعت کو فروغ دینا چاہیے۔

    فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ملکی معیشت درست سمت کی جانب گامزن ہے، تاہم مقامی صنعت کو وقتی طور پر چیلنجز کا سامنا ہے، بیمار یونٹس کو وزیراعظم کی ہدایت پر فعال کیا جارہا ہے، حکومت فیصلہ کرچکی ہے کہ اب ملک قرضوں کے سہارے نہیں چلائیں گے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ اوآئی سی کے زیراہتمام ایک الگ ٹی وی چینل ہونا چاہیے، پاک سعودیہ میڈیا تعلقات سے متعلق2020اہم ہوگا، اسلام کے تشخص کو صحیح اندازمیں پیش کرنے کی ضرورت ہے۔

    خیال رہے کہ معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان (او آئی سی) کے قیام کی گولڈن جوبلی تقریبات میں شرکت کے لیے 2 روزہ دورے پر سعودی عرب میں موجود ہیں، وہ گولڈن جوبلی کی تقریبات میں پاکستان کی نمائندگی کریں گی۔